صفیہ الصلوٰة یعنی نماز کے مطابق عملدارآمد حضرت مسیح موعودؑ
فتاویٰ حضرت مسیح موعود علیہ السلام
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
(۱۰۷) صفة الصلوۃ یعنی طریق نماز مطابق عملدرآمد حضرت مسیح موعود
حسب تحریر سید محمد سرور شاہ صاحب کہ جب ( حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ) صلوۃ پڑھتے
ہیں تو کعبہ کی طرف رخ کر کے اللہ اکبر کہتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو اوپر اٹھاتے ہیں یہاں تک کہ
انگلیاں دونوں کانوں کے برابر ہو جاتی ہیں اور پھر دونوں کو نیچے لا کر سینہ یعنی دونوں پستانوں کے اوپر یا
ان کے متصل نیچے اس طور پر باندھ دیتے ہیں کہ بایاں ہاتھ نیچے اور دایاں اوپر ہوتا ہے اور عموماً ایسا ہوتا
ہے کہ دہنے ہاتھ کی تینوں درمیانی انگلیوں کے سرے بائیں کہنی تک یا اس سے کچھ پیچھے ہٹے ہوئے
ہوتے ہیں اور انگوٹھے اور کنارے کی انگلی سے پکڑا ہوتا ہے اور اگر اس کے خلاف او پر یا نیچے یا آگے
بڑھا کر یا پیچھے ہٹا کر یا ساری انگلیوں سے کوئی پکڑ کر ہاتھ باندھتا ہے تو کوئی اس پر اعتراض نہیں کرتا۔
ہاتھ باندھ کر سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ وَتَبَارَكَ اسْمُكَ وَتَعَالَى جَدُّكَ وَلَا إِلهُ
غَيْرُكَ يَا اللَّهُمَّ يَا عِدْ بَيْنِي وَبَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ اللَّهُمَّ
نَقِّنِي مِنْ خَطَايَايَ كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْأَبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ اللَّهُمَّ اغْسِلُ خَطَايَايَ بِالْمَاءِ
وَالثَّلْجِ وَالْبَرْدِ اس کے بعد اَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَنِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ مَلِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ
نَسْتَعِينُ اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ
وَلَا الضَّالِّينَ - آمین ۔ اور اس کے بعد کوئی سورت یا قرآن مجید کی کچھ آیتیں پڑھتے ہیں اور فاتحہ میں
جو اهْدِنَا کی دعا ہے اس کو بہت توجہ سے اور بعض دفعہ بار بار پڑھتے ہیں اور فاتحہ کے اول یا بعد سورۃ
کے پہلے یا پیچھے غرض کھڑے ہوتے ہوئے اپنی زبان میں یا عربی زبان میں علاوہ فاتحہ کے اور دعائیں
بڑی عاجزی وزاری اور توجہ سے مانگتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جاتے ہیں اور دونوں
ہاتھوں سے اپنے دونوں گھٹنوں کو انگلیاں پھیلا کر پکڑتے ہیں اور دونوں بازؤں کو سیدھا رکھتے ہیں اور
پیٹھ اور سر کو برابر رکھتے ہیں اور سُبْحَانَ رَبِّيَ العَظِیم یا سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي تین یا تین سے زیادہ دفعہ پڑھتے ہیں اور رکوع کی حالت میں اپنی زبان میں یا عربی
زبان میں جو دعا کرنا چاہیں کرتے ہیں اس کے بعد سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَہ کہتے ہوئے سیدھے
کھڑے ہو جاتے ہیں اور کھڑے کھڑے رَبَّنَا لَكَ الْحَمد يَا اللَّهُمَّ رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدِ حَمْدًا
كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيْهِ كَمَا يُحِبُّ رَبُّنَا وَيَرْضَى یا اس کے سوا اور کوئی ماثور کلمات کہتے ہیں اور
اس کے بعد جو دعا کرنی چاہتے ہیں اپنی زبان میں یا عربی زبان میں کرتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے
ہوئے نیچے جاتے ہیں اور پہلے گھٹنے اور پھر ہاتھ اور پھر ناک اور پیشانی یا پہلے ہاتھ اور پھر گھٹنے اور پھر
ناک اور پیشانی زمین پر رکھ کر سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى یا سُبُحْنَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي کم سے کم تین دفعہ یا اس سے زیادہ طاق پڑھتے ہیں اور چونکہ صحیح حدیثوں میں آیا ہے
کہ سجدہ میں بندہ اپنے رب سے بہت قریب ہوتا ہے اور یہ بھی آیا ہے کہ سجدہ میں دعا بہت قبول ہوتی
ہے لہذا سجدہ میں اپنی زبان یا عربی زبان میں بہت دعائیں کرتے ہیں اور سجدہ کی حالت میں اپنے
دونوں پاؤں کو کھڑا رکھتے ہیں اور ان کی انگلیوں کو قبلہ کی طرف متوجہ رکھتے ہیں اور دونوں ہاتھوں کے
درمیان سر رکھتے ہیں اور دونوں بازؤوں کو اپنے دونوں پہلوؤں سے جدا کر کے اور دونوں کہنیوں کو
زمین سے اُٹھا کر رکھتے ہیں ہاں جب لمبا سجدہ کرتے ہوئے تھک جاتے ہیں تو اپنی دونوں کہنیوں کو
دونوں گھٹنوں پر رکھ کر سہارا لے لیتے ہیں۔ اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے سر اٹھا کر گھٹنوں کے بل
بیٹھ جاتے ہیں اس طور پر کہ داہنا پاؤں کھڑا رکھتے ہیں اور بایاں پاؤں بچھا کر اس کے اوپر بیٹھ جاتے
ہیں اور اپنے دونوں ہاتھوں کو اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھ لیتے ہیں اور بیٹھ کر اللَّهُمَّ اغْفِرُ لِی وَارْحَمْنِی
وَاهْدِنِي وَارْفَعْنِي وَاجْبُرُنِي وَارْزُقْنِي يَا اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِی تین دفعہ پڑھتے ہیں۔ اس کے علاوہ
اپنی زبان میں یا عربی زبان میں جو دعا چاہتے ہیں مانگتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے پہلے سجدہ کی
مانند سجدہ کرتے ہیں اور پہلے سجدہ کی مانند اس میں بھی وہی کچھ پڑھتے ہیں جو کہ پہلے سجدہ میں پڑھا تھا
اور دوسرے سجدہ میں بھی دعائیں مانگتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے کھڑے ہو جاتے ہیں اور سوائے
پہلے تکبیر اور سبحانک اللہ اور اعوذ باللہ کے بعینہ پہلی رکعت کی مانند دوسری رکعت پڑھتے ہیں
اور دونوں سجدوں کے بعد اس طرح بیٹھ جاتے ہیں جیسا کہ دو سجدوں کے درمیان بیٹھا کرتے ہیں ہاں
اس قدر فرق ہوتا ہے کہ پہلے سجدہ کے بعد جب بیٹھتے ہیں تو دونوں ہاتھوں کو دونوں گھٹنوں پر اس طور پر
رکھتے ہیں کہ دونوں ہاتھ کھلے ہوتے ہیں اور دونوں کی انگلیاں قبلہ کی طرف سیدھی ہوتی ہیں اور دوسری
رکعت کے دونوں سجدوں کے بعد جب بیٹھتے ہیں تو اپنے بائیں ہاتھ کو تو ویسا ہی رکھتے ہیں اور دائیں
ہاتھ کی تین انگلیوں کو ہتھیلی سے ملا لیتے ہیں اور درمیانی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ باندھ لیتے ہیں اور ان
دونوں کے درمیان کی انگلی کو سیدھا رکھتے ہیں اور پھر التحیات پڑھتے ہیں اور وہ یہ ہے التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ
وَالصَّلَواتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ السَّلَامُ عَلَيْنَا
وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلهَ إِلَّا اللهُ ( اور یہ کہتے ہوئے اس انگلی کو اٹھا کر اشارہ
کرتے ہیں اور پھر ویسی ہی رکھ دیتے ہیں جیسی کہ پہلے رکھی ہوئی تھی ) وَأَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ
وَرَسُولُهُ - پس اگر تین چار رکعتیں پڑھنی ہوتی ہیں تو اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے اُٹھ کھڑے
ہوتے ہیں اور پھر باقی رکعتوں کو ویسا ہی پڑھتے ہیں جیسا کہ دوسری رکعت کو پڑھا تھا اور پھر ان کو ختم کر
کے اخیر میں پھر اسی طریق سے یاد ہنے پاؤں کو کھڑا کر کے اور بائیں پاؤں کو داہنے طرف باہر نکال کر
زمین پر بیٹھ جاتے ہیں اور یہی التحیات پڑھتے ہیں۔ اور اگر دو ہی رکعت والی نماز ہوئی تو یہی آخری
بیٹھنا ہوتا ہے اور آخری بیٹھنے میں التحیات مذکورہ کے بعد پڑھتے ہیں اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ و
عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ اللَّهُمَّ
بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ
إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ۔ اس کے بعد پھر کوئی دعا مقر ر نہیں بلکہ جو چاہتے ہیں وہ دعا مانگتے ہیں اور ضرور
مانگتے ہیں۔ اس کے بعد دہنے طرف منہ پھیر کر کہتے ہیں ۔ السَّلامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ الله اور پھر
بائیں طرف بھی اسی طرح منہ پھیر کر کہتے ہیں اَلسَّلامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ الله - پس اللہ اکبر سے نماز
شروع ہوتی ہے اور السلام علیکم ورحمۃ اللہ پر ختم ہو جاتی ہے۔ یہ وہ نماز ہے جو کہ حضرت مسیح موعود علیہ
السلام اور ان کے اہل علم اور مخلص مہاجر اور رات دن ساتھ رہنے والے اصحاب پڑھتے ہیں۔
رسالہ تعلیم الاسلام جلد 1 نمبر 5 صفحہ 171 و 176 تا 180 مطبوعہ قادیان جولائی 1906ء)