حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا طریق نماز

فقہ المسیح

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا طریق نماز
حضرت مفتی محمد صادق صاحب تحریر کرتے ہیں :
شروع میں جب قادیان میں نماز کے وقت تین چار آدمی سے زیادہ نہ ہوا کرتے تھے۔
مسجد مبارک میں حافظ معین الدین صاحب مرحوم اور مسجد اقصیٰ میں میاں جان محمد صاحب
کشمیری نماز کے پیش امام ہوا کرتے تھے ۔ سنا گیا ہے کہ کبھی کبھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام
خود بھی نماز میں پیش امام ہوتے تھے مگر یہ میرے یہاں آجانے سے قبل ہوا۔ زندگی کے
آخری سالوں میں جبکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام عموما با ہر تشریف نہ لا سکتے تھے۔
اس وقت اندر عورتوں میں نماز مغرب اور عشاء جمع کر کے پڑھایا کرتے تھے ۔ حضور امامت
کے وقت بسم اللہ بالجبر نہ پڑھا کرتے تھے اور رفع یدین بھی نہ کرتے تھے۔ مگر ہاتھ سینہ پر
باندھتے تھے۔اور تشہد میں سبابہ کی انگلی اُٹھاتے تھے۔ باقی نماز ظاہری طریق میں حنفیوں کے
طرز پر ہوتی تھی ۔
حضرت مولوی عبدالکریم صاحب مرحوم ہمیشہ نماز میں بسم اللہ بالجبر پڑھتے تھے اور
آخری رکعت میں بعد رکوع کھڑے ہو کر بآواز بلند دعائیں (قنوت) کرتے تھے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام اور دیگر بزرگانِ دین نے سالہا سال حضرت مولوی
عبدالکریم صاحب مرحوم کی اقتداء میں نمازیں پڑھیں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت کے بعض
اصحاب جیسا کہ صوفی غلام محمد صاحب واعظ ماریشس ابتک یہی رویہ رکھتے ہیں ۔“
( ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحب صفحہ 24 )
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مجھ سے مولوی شیر علی صاحب
نے بیان کیا کہ جب میں شروع شروع میں قادیان آیا تھا تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نماز

کے وقت پہلی صف میں دوسرے مقتدیوں کے ساتھ مل کر کھڑے ہوا کرتے تھے۔ لیکن پھر
بعض باتیں ایسی ہوئیں کہ آپ ۔ پ نے اندر حجرہ میں امام کے ساتھ کھڑا ہونا شروع کر دیا نے
اور جب حجرہ گرا کر تمام مسجد ایک کی گئی تو پھر بھی آپ بدستور امام کے ساتھ ہی کھڑے
ہوتے رہے۔
خاکسار عرض کرتا ہے کہ اوائل میں مسجد مبارک بہت چھوٹی ہوتی تھی اور لمبی قلمدان کی
صورت میں تھی جس کے غربی حصہ میں ایک چھوٹا حجرہ تھا۔ جو مسجد کا حصہ ہی تھا لیکن درمیانی
دیوار کی وجہ سے علیحدہ صورت میں تھا۔ امام اس حجرہ کے اندر کھڑا ہوتا تھا اور مقتدی پیچھے
بڑے حصہ میں ہوتے تھے ۔ بعد میں جب مسجد کی توسیع کی گئی تو اس غربی حجرہ کی دیوار اڑا کر
اسے مسجد کے ساتھ ایک کر دیا گیا۔
(سیرت المہدی جلد 1 صفحہ 270 ، 271)
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ ڈاکٹر میر محمد اسمعیل صاحب
نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں پانچ وقت کی نماز اور جمعہ کی
نماز تو مولوی عبد الکریم صاحب پڑھاتے تھے ۔ مگر عیدین کی نماز ہمیشہ حضرت مولوی نورالدین
صاحب پڑھایا کرتے تھے ۔ الا ماشاء اللہ اور جنازوں کی نماز عموما حضرت مسیح موعود علیہ السلام
خود پڑھاتے تھے ۔
(سیرت المہدی جلد 1 صفحہ 440)
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ بیان کیا مجھ سے
حضرت والدہ صاحبہ نے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فریضہ نماز کی ابتدائی سنتیں گھر میں ادا
کرتے تھے اور بعد کی سنتیں بھی عموماً گھر میں اور کبھی کبھی مسجد میں پڑھتے تھے۔ خاکسار نے
دریافت کیا کہ حضرت صاحب نماز کو لمبا کرتے تھے یا خفیف ؟ والدہ صاحبہ نے فرمایا کہ عموما
خفیف پڑھتے تھے ۔
( سیرت المہدی جلد 1 صفحہ 4، 5)

حضرت منشی برکت علی صاحب شملوی روایت کرتے ہیں
ایک دفعہ مجھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کرنے کا
موقعہ ملا ۔ جمعہ کی نماز غالبا حضرت مولوی نورالدین صاحب خلیفہ مسیح اول نے پڑھائی
تھی ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام قبر کے قریب بیٹھ گئے ۔ میں بھی موقعہ غنیمت سمجھتے ہوئے
آپ کے پاس بیٹھ گیا اور دیکھتا رہا کہ حضور کس طرح نماز ادا فرماتے ہیں ۔ میں نے دیکھا
کہ آپ نے اس طرح سینہ پر ہاتھ باندھے کہ انگلیاں کہنی تک نہیں پہنچتی تھیں ۔ آپ کی
گردن ذرا دائیں طرف جھکی رہتی تھی ۔ جب آپ قعدے میں ہوتے تو دا دائیں ائیں ہاتھ کی
انگلیاں بند رکھتے اور جب کلمہ شہادت پڑھتے تو شہادت کی انگلی کھڑی کرتے ۔ جہاں تک
مجھے یاد ہے۔ آپ آمین بالجبر کرتے تھے۔
اسی دن دوسری بات یہ پیش آئی کہ جب نماز جمعہ پڑھ چکے غالبا موسم اچھا
نہیں تھا۔ یا اور کوئی بات تھی ۔ تو یہ سوال پیدا ہوا کہ آیا عصر کی نماز جمعہ کے ساتھ جمع ہو سکتی
ہے یا نہیں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے حضرت مولوی نورالدین صاحب سے دریافت
فرمایا۔ آپ نے کیا جواب دیا۔ وہ مجھے یاد نہیں رہا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا
کہ عصر کی نماز جمع کر کے پڑھ لو۔ چنانچہ وہ دونوں نمازیں جمع کر کے ادا کی گئیں ۔
روایت حضرت منشی برکت علی صاحب شملوی اصحاب احمد جلد 3 صفحہ 192 ، 193)
حضرت بھائی عبدالرحمن صاحب قادیانی روایت کرتے ہیں
سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نماز با جماعت کے علاوہ سنن ونوافل
اندرون خانہ ادا کرتے تھے۔ پہلی سنتیں عموما گھر سے پڑھ کر تشریف لاتے اور پچھلی سنتیں گھر
میں تشریف لے جا کر ادا فرماتے تھے۔ البتہ ابتدائی زمانہ میں جبکہ حضور شام کی نماز کے بعد عشاء
کی نماز تک مسجد ہی میں تشریف فرمایا کرتے تھے۔ حضور شام کی نماز کی سنتیں مسجد ہی میں ادا

کرتے تھے۔ دوسنت ادا فرماتے تھے جو ہلکی ہوتی تھیں مگر سنوار کر پڑھی جاتی تھیں ۔ کوئی جلدی یا
تیزی ان میں نہ ہوتی تھی۔ بلکہ ایک اطمینان ہوتا تھا مگر وہ زیادہ لمبی نماز نہ ہوتی تھی۔
ان کے علاوہ بھی کبھی کبھار حضور کو مسجد مبارک میں سنت ادا کرتے دیکھا مگر ہمیشہ
حضور کی نماز آسان اور ہلکی ہوا کرتی تھی ۔ چند مرتبہ حضور کی اقتداء میں نماز با جماعت ادا
کرنے کا شرف ملا ہے اور اس کے لئے ابتدائی زمانہ میں ہی ہمیں خاص اہتمام کی ضرورت
پڑا کرتی تھی اور ہم میں سے اکثر کی یہ خواہش ہوتی تھی کہ حضور کے ساتھ مل کر کھڑے
ہونے کی جگہ حاصل کریں ۔
حضور کو میں نے نماز میں کبھی بھی رفع یدین کرتے نہیں دیکھا۔ اور نہ ہی آمین بالجبر
کرتے سنا۔ تشہد میں حضور شہادت کی انگلی سے اشارہ ضرور کیا کرتے تھے مگر میں نے کبھی نہ
دیکھا کہ حضور نے انگلی کو اکڑا یا یا پھرایا ہو ۔ صرف ہلکا سا اشارہ ہوتا تھا جو عموما ایک ہی مرتبہ
اور بعض اوقات دو مرتبہ بھی ہوتا تھا۔ جو میرے خیال میں امام کے تشہد کو لمبا کرنے کی وجہ سے
حضور کلمہ شہادت دوہراتے ہوئے کیا کرتے ہوں گے۔
حضور نماز میں ہاتھ ہمیشہ سینہ پر باندھتے تھے۔ زیر ناف بلکہ ناف پر بھی میں نے کبھی
حضور کو ہاتھ باندھے نماز ادا کرتے نہیں دیکھا۔
حضور پر نور خود امام نہ بنا کرتے تھے بلکہ حضرت مولوی عبدالکریم صاحب مرحوم و
مغفور کو حضور نے نمازوں کی امامت کا منصب عطا فرمایا ہوا تھا۔ نماز جمعہ بھی حضور خود نہ پڑھاتے
تھے بلکہ عموما مولوی صاحب موصوف ہی پڑھایا کرتے تھے اور شاذ و نادر حضرت خلیفہ اول
رضی اللہ تعالی عنہ پڑھایا کرتے تھے اور کبھی کبھی مولوی سید محمد احسن صاحب امروہی بھی
پڑھاتے تھے۔ ایک زمانہ میں دو جگہ جمعہ کی نماز ہوتی تھی۔ مسجد اقصیٰ میں بھی جو کہ جامع مسجد
ہے اور مسجد مبارک میں بھی ۔ مگر دونوں جگہ امام الصلواۃ حضور نہ ہوتے تھے ۔ عیدین کی نماز بھی

سوائے شاذ کے حضور خود نہ پڑھاتے تھے۔ نماز جنازہ عمومًا حضور خود پڑھاتے تھے۔ اور حضور کو
میں نے نماز جنازہ کسی کے پیچھے پڑھتے نہیں دیکھا یا کم از کم میری یاد میں نہیں ۔
( روایت حضرت بھائی عبدالرحمن صاحب قادیانی اصحاب احمد جلد 9 صفحہ 155 ، 156 نیا ایڈیشن )
حضرت مسیح موعود کی نماز کا تفصیلی نقشہ
حضرت سید محمد سرور شاہ صاحب رسالہ تعلیم الاسلام میں حضرت مسیح موعود کی نماز کی
ادائیگی کی تفصیل بیان کرتے ہوئے تحریر کرتے ہیں :
یہاں پر میں اس قدر بیان کروں گا کہ خدا کا برگزیدہ اس عبادت کو اس طریق پر ادا کرتا ہے
تا کہ یہ طریق عقل مندوں کے نزدیک اثبات کے لئے کافی اور رفع نزاع کے لئے وافی ہو اور
بجائے اس کے کہ میں ہر ایک مسئلہ کے ساتھ یہ لکھوں کہ حضرت اقدس کا یہی معمول بھا ہے۔
ابتدا ہی میں میں یہ بتا دیتا ہوں کہ صلوٰۃ کی جو کیفیت میں یہاں پر لکھوں گا وہ حضرت اقدس کے
عمل کے مطابق ہوگی ۔
اور وہ یہ ہے کہ جب صلوۃ پڑھتے ہیں تو کعبہ کی طرف رخ کر کے اللہ اکبر کہتے ہوئے
دونوں ہاتھوں کو اوپر اُٹھاتے ہیں یہاں تک کہ انگلیاں دونوں کانوں کے برابر ہو جاتی ہیں
اور پھر دونوں کو نیچے لا کر سینہ یعنی دونوں پستانوں کے اوپر یا ان کے متصل نیچے اس طور پر
باندھ دیتے ہیں کہ بایاں ہاتھ نیچے اور دایاں اوپر ہوتا ہے اور عموما ایسا ہوتا ہے کہ داہنے ہاتھ
کی تینوں درمیانی انگلیوں کے سرے بائیں کہنی تک یا اس سے کچھ پیچھے ہٹے ہوئے ہوتے ہیں
اور انگوٹھے اور کنارے کی انگلی سے پکڑا ہوتا ہے اور اگر اس کے خلاف اوپر یا نیچے یا آگے
بڑھا کر یا پیچھے ہٹا کر یا ساری انگلیوں سے کوئی پکڑ کر ہاتھ باندھتا ہے تو کوئی اس پر
اعتراض نہیں کرتا ۔

ہاتھ باندھ کر سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ وَتَبَارَكَ اسْمُكَ وَتَعَالَى
جَدُّكَ وَلَا إِلَهَ غَيْرُكَ ۔۔۔۔ يا اَللَّهُمَّ بَاعِدُ بَيْنِي وَ بَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ
الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ اللَّهُمَّ نَقِنِي مِنْ خَطَايَايَ كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْأَبْيَضُ مِنَ
الدَّنَسِ اللَّهُمَّ اغْسِلُ خَطَايَايَ بِالْمَاءِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرَدِ ۔۔۔۔۔ (اس کے بعد اَعُوذُ
بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّحِيمِ تا وَلَا الضَّالِّينَ ۔ پڑھنے کا ذکر کر کے لکھتے ہیں ۔ ناقل )
اس کے بعد کوئی سورۃ یا قرآن مجید کی کچھ آیتیں پڑھتے ہیں اور فاتحہ میں جو اهْدِنَا کی دعا ہے
اس کو بہت توجہ سے اور بعض دفعہ بار بار پڑھتے ہیں اور فاتحہ کے اوّل یا بعد سورۃ کے پہلے یا
پیچھے۔ غرض کھڑے ہوتے ہوئے اپنی زبان میں یا عربی زبان میں علاوہ فاتحہ کے اور اور
دعائیں بڑی عاجزی وزاری اور توجہ سے مانگتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جاتے
ہیں اور دونوں ہاتھوں سے اپنے دونوں گھٹنوں کو انگلیاں پھیلا کر پکڑتے ہیں اور دونوں بازوؤں
کو سیدھا رکھتے ہیں اور پیٹھ اور سر کو برابر رکھتے ہیں اور سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيمِ ۔۔۔۔ يا
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَ بِحَمْدِكَ اللَّهُمَّ اغْفِرُ لِي ۔۔۔۔۔ تین یا تین سے زیادہ دفعہ
پڑھتے ہیں اور رکوع کی حالت میں اپنی زبان میں یا عربی زبان میں جو دعا کرنا چاہیں کرتے ہیں
اس کے بعد سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ ۔۔۔۔۔۔ کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جاتے ہیں
اور کھڑے کھڑے رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ ۔۔۔۔ يا اَللَّهُمَّ رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ ۔۔۔۔ يَا اللَّهُمَّ
رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ حَمْدًا كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيهِ كَمَا يُحِبُّ رَبُّنَا وَيَرْضَى یا اس کے
سوا اور کوئی ماثور کلمات کہتے ہیں۔ اس کے بعد جو دعا کرنی چاہتے ہیں اپنی زبان میں یا عربی
زبان میں کرتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے نیچے جاتے ہیں اور پہلے گھٹنے اور پھر ہاتھ اور پھر

ناک اور پیشانی یا پہلے ہاتھ اور پھر گھٹنے اور پھر ناک اور پیشانی زمین پر رکھ کر سُبْحَانَ رَبِّي
الأعلى ۔۔۔۔ يا سُبحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَ بِحَمْدِكَ اللَّهُمَّ اغْفِرُ لِي ۔۔۔۔ کم سے کم تین
دفعہ یا اس سے زیادہ طاق پڑھتے ہیں اور چونکہ صحیح حدیثوں میں آیا ہے کہ سجدہ میں بندہ اپنے
رب سے بہت قریب ہوتا ہے اور یہ بھی آیا ہے کہ سجدہ میں دعا بہت قبول ہوتی ہے۔ لہذا سجدہ
میں اپنی زبان یا عربی زبان میں بہت دعائیں کرتے ہیں اور سجدہ کی حالت میں اپنے دونوں
پاؤں کو کھڑا رکھتے ہیں اور ان کی انگلیوں کو قبلہ کی طرف متوجہ رکھتے ہیں اور دونوں ہاتھوں کے
درمیان سر رکھتے ہیں اور دونوں بازوؤں کو اپنے دونوں پہلوؤں سے جدا کر کے اور دونوں
کہنیوں کو زمین سے اٹھا کر رکھتے ہیں ۔ ہاں جب لمبا سجدہ کرتے ہوئے تھک جاتے ہیں تو اپنی
دونوں کہنیوں کو دونوں گھٹنوں پر رکھ کر سہارا لے لیتے ہیں۔
اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے سر اٹھا کر گھٹنوں کے بل بیٹھ جاتے ہیں۔ اس طور پر
کہ داہناں پاؤں کھڑا رکھتے ہیں اور بایاں پاؤں بچھا کر اس کے اوپر بیٹھ جاتے ہیں اور اپنے
دونوں ہاتھوں کو اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھ لیتے ہیں اور بیٹھ کر اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي وَارْحَمْنِي
وَاهْدِنِي وَعَافِنِي وَارْفَعْنِي وَاجْبُرُنِي وَارْزُقْنِي ۔۔۔۔ يا اللَّهُمَّ اغْفِرُ لِي تین دفعہ
پڑھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی زبان میں یا عربی زبان میں جو دعا چاہتے ہیں دعا مانگتے ہیں
اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے پہلے سجدہ کی مانند سجدہ کرتے ہیں اور پہلے سجدہ کی مانند اس میں وہی
کچھ پڑھتے ہیں ۔۔۔۔ اور دوسرے سجدہ میں بھی دعائیں مانگتے ہیں اور پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے
کھڑے ہو جاتے ہیں اور سوائے پہلی تکبیر اور سُبْحَانَكَ اللهُ اور اَعُوذُ بِاللَّهِ کے بعینہ
پہلی رکعت کی مانند دوسری رکعت پڑھتے ہیں اور دونوں سجدوں کے بعد اس طرح بیٹھ جاتے ہیں

جیسا کہ دو سجدوں کے درمیان بیٹھا کرتے ہیں ۔ ہاں اس قدر فرق ہوتا ہے کہ پہلے سجدہ کے بعد
جب بیٹھتے ہیں تو دونوں ہاتھوں کو دونوں گھٹنوں پر اس طور پر رکھتے ہیں کہ دونوں ہاتھ کھلے ہوتے
ہیں اور دونوں کی انگلیاں قبلہ کی طرف سیدھی ہوتی ہیں اور دوسری رکعت کے دونوں سجدوں کے
بعد جب بیٹھتے ہیں تو اپنے بائیں ہاتھ کو تو ویسا ہی رکھتے ہیں اور دائیں ہاتھ کی تین انگلیوں کو
ہتھیلی سے ملا لیتے ہیں اور درمیانی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ باندھ لیتے ہیں اور ان دونوں کے
درمیان کی انگلی کو سیدھا رکھتے ہیں اور پھر التَّحِيَّات پڑھتے ہیں اور وہ یہ ہے التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ
وَالصَّلَواتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَ رَحْمَةُ اللَّهِ وَ بَرَكَاتُهُ السَّلَامُ
عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللهِ الصَّالِحِيْنَ اَشْهَدُ اَنْ لَّا إِلَهَ إِلَّا اللهُ (اور یہ کہتے ہوئے اس
انگلی کو اُٹھا کر اشارہ کرتے ہیں اور پھر ویسی ہی رکھ دیتے ہیں جیسی کہ پہلے رکھی ہوئی تھی )
وَاشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ
پس اگر تین چار رکعتیں پڑھنی ہوتی ہیں تو اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے اُٹھ کھڑے
ہوتے ہیں اور پھر باقی رکعتوں کو ویسا ہی پڑھتے ہیں جیسا کہ دوسری رکعت کو پڑھا تھا اور پھر ان کو
ختم کر کے اخیر میں پھر اسی طریق سے یا داہنے پاؤں کو کھڑا کر کے اور بائیں پاؤں کو داہنے کی
طرف نکال کر زمین پر بیٹھ جاتے ہیں اور یہی التحیات پڑھتے ہیں اور اگر دو ہی رکعت والی نماز
ہوئی تو یہی آخری بیٹھنا ہوتا ہے اور آخری بیٹھنے میں اَلتَّحِيَّات مذکورہ کے بعد پڑھتے ہیں
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَ عَلَى آلِ
إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا
بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ ۔۔۔ اس کے بعد پھر
کوئی دعا مقرر نہیں بلکہ جو چاہتے ہیں وہ دعا مانگتے ہیں اور ضرور ما نگتے ہیں اس کے بعد داہنے

طرف منہ پھیر کر کہتے ہیں اَلسَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ ۔۔۔۔ اور پھر بائیں طرف بھی اسی
طرح منہ پھیر کر کہتے ہیں اَلسَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللَّهِ -
پس اللہ اکبر سے نماز شروع ہوتی ہے اور السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ پرختم
ہو جاتی ہے یہ وہ نماز ہے جو کہ حضرت مسیح موعود اور ان کے اہل علم اور مخلص مہاجر اور رات دن
ساتھ رہنے والے اصحاب پڑھتے ہیں جیسا میں نے بیان کیا ہے کہ ہاتھ باندھنے میں اختلاف
ہے اور حضرت مسیح موعود اور ان کے مذکورہ بالا خدام فلاں طرز پر باندھتے ہیں ۔ اسی طرح یہ
بھی جاننا چاہئے کہ رفع یدین میں بھی اختلاف ہے۔ (یعنی رکوع کو جاتے ہوئے اور اُٹھنے کے
بعد نیچے جاتے ہوئے اور دوسری رکعت کے بعد بیٹھ کر پھر اُٹھتے ہوئے تکبیر کہتے ہوئے کانوں
تک ہاتھوں کو اس طرح اُٹھانا جیسا کہ پہلی تکبیر کے وقت اُٹھاتے ہیں ) اور اختلاف یہ ہے کہ
بعض ان مقاموں پر ہاتھ اُٹھاتے ہیں اور بعض نہیں اُٹھاتے اور حضرت مسیح موعود اور ان کے
مذکورہ بالا خدام ان مقاموں پر رفع یدین نہیں کرتے ۔ ہاں اگر کوئی ان کے سامنے کرے تو
اس پر اعتراض بھی نہیں کرتے ۔۔۔۔۔
امام کے ساتھ نماز پڑھنے کی حالت میں ایک اور مسئلہ میں بھی بہت کچھ نزاع ہے
اور وہ ہے بلند آواز سے آمین کہنے کا لیکن حضرت مسیح موعود کا عمل درآمد ( جو کہ ترجیح اور ثبوت
کے لئے حجت قاطعہ ہے اور حجت قاطعہ بھی ایسی کہ جس پر ہر ایک عقل مند مومن حلف کھا سکتا
ہے کہ خدائے علیم کو یہ پسند ہے ) یہی ہے کہ آپ بلند آواز سے آمین نہیں کہتے اور نہ کسی کہنے
والے پر کوئی اعتراض کرتا ہے
( رسالہ تعلیم الاسلام قادیان ماہ جولائی 1906ء جلد 1 نمبر 5 صفحہ 171 تا 182)

آج 10 میں سے 10 باقی