جہاد کی حقیقت

فقہ المسیح, حصہ 2

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

دیکھا ہوگا۔ اب وہی بتائیں کہ سکھوں کے عہد میں مسلمانوں اور اسلام کا کیا حال تھا۔ ایک
ضروری شعار اسلام کا جو بانگ نماز ہے وہی ایک جرم کی صورت میں سمجھا گیا تھا۔ کیا مجال
تھی کہ کوئی اونچی آواز سے بانگ کہتا اور پھر سکھوں کے برچھوں اور نیزوں سے بچ رہتا۔
تو اب کیا خدا نے یہ بُرا کام کیا جو سکھوں کی بے جا دست اندازیوں سے مسلمانوں کو چھڑایا
اور گورنمنٹ انگریزی کی امن بخش حکومت میں داخل کیا اور اس گورنمنٹ کے آتے ہی گویا
نئے سرے پنجاب کے مسلمان مشرف باسلام ہوئے۔ چونکہ احسان کا عوض احسان ہے اس
لئے نہیں چاہئے کہ ہم اس خدا کی نعمت کو جو ہزاروں دعاؤں کے بعد سکھوں کے زمانہ کے
عوض ہم کو ملی ہے یوں ہی رد کر دیں ۔“
اپنی جماعت کو نصیحت
اور میں اس وقت اپنی جماعت کو جو مجھے مسیح موعود مانتی ہے خاص طور پر سمجھاتا
ہوں کہ وہ ہمیشہ ان ناپاک عادتوں سے پر ہیز کریں ۔ مجھے خدا نے جو مسیح موعود کر کے بھیجا
ہے اور حضرت مسیح ابن مریم کا جامہ مجھے پہنا دیا ہے اس لئے میں نصیحت کرتا ہوں کہ شر سے
پر ہیز کرو اور نوع انسان کے ساتھ حق ہمدردی بجالاؤ ۔ اپنے دلوں کو بغضوں اور کینوں سے
پاک کرو کہ اس عادت سے تم فرشتوں کی طرح ہو جاؤ گے ۔ کیا ہی گندہ اور نا پاک وہ مذہب
ہے جس میں انسان کی ہمدردی نہیں اور کیا ہی نا پاک وہ راہ ہے جو نفسانی بغض کے کانٹوں
سے بھرا ہے۔ سو تم جو میرے ساتھ ہوا ایسے مت ہو۔ تم سوچو کہ مذہب سے حاصل کیا ہے کیا
یہی کہ ہر وقت مردم آزاری تمہا را شیوہ ہو؟ نہیں بلکہ مذہب اُس زندگی کے حاصل کرنے
کے لئے ہے جو خدا میں ہے اور وہ زندگی نہ کسی کو حاصل ہوئی اور نہ آئندہ ہو گی بجز اس کے
کہ خدائی صفات انسان کے اندر داخل ہو جائیں ۔ خدا کے لئے سب پر رحم کرو تا آسمان
سے تم پر رحم ہو ۔ آؤ میں تمہیں ایک ایسی راہ سکھاتا ہوں جس سے تمہارا نور تمام نوروں پر

غالب رہے اور وہ یہ ہے کہ تم تمام سفلی کینوں اور حسدوں کو چھوڑ دو اور ہمدرد نوع انسان ہو جاؤ
اور خدا میں کھوئے جاؤ اور اس کے ساتھ اعلیٰ درجہ کی صفائی حاصل کرو کہ یہی وہ طریق ہے جس
سے کرامتیں صادر ہوتی ہیں اور دعائیں قبول ہوتی ہیں اور فرشتے مدد کے لئے اُترتے ہیں۔ مگر
یہ ایک دن کا کام نہیں ترقی کرو تر قی کرو۔ اُس دھوبی سے سبق سیکھو جو کپڑوں کو اول بھٹی میں
جوش دیتا ہے اور دیئے جاتا ہے یہاں تک کہ آخر آگ کی تاثیریں تمام میل اور چرک کو کپڑوں
سے علیحدہ کر دیتی ہیں۔ تب صبح اٹھتا ہے اور پانی پر پہنچتا ہے اور پانی میں کپڑوں کو تر کرتا ہے اور
بار بار پتھروں پر مارتا ہے تب وہ میل جو کپڑوں کے اندر تھی اور اُن کا جز بن گئی تھی کچھ آگ سے
صدمات اٹھا کر اور کچھ پانی میں دھوبی کے بازو سے مار کھا کر یکدفعہ جدا ہونی شروع ہو جاتی
ہے یہاں تک کہ کپڑے ایسے سفید ہو جاتے ہیں جیسے ابتدا میں تھے۔ یہی انسانی نفس کے سفید
ہونے کی تدبیر ہے اور تمہاری ساری نجات اس سفیدی پر موقوف ہے۔ یہی وہ بات ہے جو
قرآن شریف میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے : - قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَكَّهَا (الشمس: 10) یعنی وہ نفس
نجات پا گیا جو طرح طرح کے میلوں اور چرکوں سے پاک کیا گیا ۔“
اب سے تلوار کے جہاد کا خاتمہ ہے
” دیکھو میں ایک حکم لے کر آپ لوگوں کے پاس آیا ہوں وہ یہ ہے کہ اب سے تلوار کے
جہاد کا خاتمہ ہے مگر اپنے نفسوں کے پاک کرنے کا جہاد باقی ہے۔ اور یہ بات میں نے اپنی
طرف سے نہیں کہی بلکہ خدا کا یہی ارادہ ہے صحیح بخاری کی اُس حدیث کو سوچو جہاں مسیح موعود
کی تعریف میں لکھا ہے کہ یضع الحرب یعنی مسیح جب آئے گا تو دینی جنگوں کا خاتمہ کر
دے گا۔ سو میں حکم دیتا ہوں کہ جو میری فوج میں داخل ہیں وہ ان خیالات کے مقام سے
پیچھے ہٹ جائیں ۔ دلوں کو پاک کریں اور اپنے انسانی رحم کو ترقی دیں اور دردمندوں کے
ہمدرد بنیں ۔ زمین پر صلح پھیلا دیں کہ اس سے اُن کا دین پھیلے گا اور اس سے تعجب مت کریں

کہ ایسا کیونکر ہوگا ۔ کیونکہ جیسا کہ خدا نے بغیر توسط معمولی اسباب کے جسمانی ضرورتوں
کے لئے حال کی نئی ایجادوں میں زمین کے عناصر اور زمین کی تمام چیزوں سے کام لیا ہے
اور ریل گاڑیوں کو گھوڑوں سے بھی بہت زیادہ دوڑا کر دکھلایا ہے ایسا ہی اب وہ روحانی
ضرورتوں کے لئے بغیر توسط انسانی ہاتھوں کے آسمان کے فرشتوں سے کام لے گا ۔ بڑے
بڑے آسمانی نشان ظاہر ہوں گے اور بہت سی چمکیں پیدا ہوں گی جن سے بہت سی آنکھیں
کھل جائیں گی ۔ تب آخر میں لوگ سمجھ جائیں گے کہ جو خدا کے سوا انسانوں اور دوسری
چیزوں کو خدا بنایا گیا تھا یہ سب غلطیاں تھیں ۔ سو تم صبر سے دیکھتے رہو کیونکہ خدا اپنی توحید
کے لئے تم سے زیادہ غیرتمند ہے اور دُعا میں لگے رہو ایسا نہ ہو کہ نافرمانوں میں لکھے جاؤ۔
اے حق کے بھو کو اور پیا سو سُن لو کہ یہ وہ دن ہیں جن کا ابتدا سے وعدہ تھا ۔ خدا ان قصوں کو
بہت لمبا نہیں کرے گا اور جس طرح تم دیکھتے ہو کہ جب ایک بلند مینار پر چراغ رکھا جائے تو
دور دور تک اس کی روشنی پھیل جاتی ہے اور یا جب آسمان کے ایک طرف بجلی چمکتی ہے تو
سب طرفیں ساتھ ہی روشن ہو جاتی ہیں ۔ ایسا ہی ان دنوں میں ہوگا کیونکہ خدا نے اپنی اس
پیشگوئی کے پورا کرنے کے لئے کہ مسیح کی منادی بجلی کی طرح دنیا میں پھر جائے گی یا بلند
مینار کے چراغ کی طرح دنیا کے چار گوشہ میں پھیلے گی زمین پر ہر ایک سامان مہیا کر دیا ہے
اور ریل اور تار اور اگن بوٹ اور ڈاک کے احسن انتظاموں اور سیر و سیاحت کے سہل
طریقوں کو کامل طور پر جاری فرما دیا ہے۔ سو یہ سب کچھ پیدا کیا گیا تا وہ بات پوری ہو کہ مسیح
موعود کی دعوت بجلی کی طرح ہر ایک کنارہ کو روشن کرے گی اور مسیح کا منارہ جس کا حدیثوں
میں ذکر ہے دراصل اُس کی بھی یہی حقیقت ہے کہ مسیح کی ندا اور روشنی ایسی جلد دنیا میں پھیلے
گی جیسے اونچے منارہ پر سے آواز اور روشنی دور تک جاتی ہے ۔ اس لئے ریل اور تار او را گن

بوٹ اور ڈاک اور تمام اسباب سہولت تبلیغ اور سہولت سفر مسیح کے زمانہ کی ایک خاص علامت
ہے جس کو اکثر نبیوں نے ذکر کیا ہے۔ اور قرآن بھی کہتا ہے وَإِذَا الْعِشَارُ عَطِلَتْ
(التكوير : 5) یعنی عام دعوت کا زمانہ جو مسیح موعود کا زمانہ ہے ۔ ( حاشیہ: میں بار بار لکھ
چکا ہوں کہ مسیح موعود اسرئیلی نبی نہیں ہے بلکہ اس کی خُو اور طبیعت پر آیا ہے جبکہ توریت
میں ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو مثیل موسیٰ قرار دیا گیا ہے تو ضرور تھا کہ موسوی سلسلہ کی
مانند محمدی سلسلہ کے اخیر پر بھی ایک مسیح ہو ۔ منہ ) وہ ہے جب کہ اونٹ بے کا ر ہو جائیں
گے یعنی کوئی ایسی نئی سواری پیدا ہو جائے گی جو اونٹوں کی حاجت نہیں پڑے گی اور حدیث میں
بھی ہے کہ يُتْرَكُ الْقِلَاصُ فَلَا يُسْعَى عَلَيْهَا یعنی اس زمانہ میں اونٹ بے کا ر ہو جائیں
گے اور یہ علامت کسی اور نبی کے زمانہ کو نہیں دی گئی ۔ سو شکر کرو کہ آس سمان پر نور پھیلانے کے
لئے طیاریاں ہیں ۔ زمین میں زمینی برکات کا ایک جوش ہے یعنی سفر اور حضر میں اور ہر ایک
بات میں وہ آرام تم دیکھ رہے ہو جو تمہارے باپ دادوں نے نہیں دیکھے گویا دنیا نئی ہو گئی
بے بہار کے میوے ایک ہی وقت میں مل سکتے ہیں ۔ چھ مہینے کا سفر چند روز میں ہو سکتا ہے ۔
ہزاروں کوسوں کی خبریں ایک ساعت میں آسکتی ہیں ہر ایک کام کی سہولت کے لئے مشینیں اور
کلیں موجود ہیں ۔ اگر چاہو تو ریل میں یوں سفر کر سکتے ہو جیسے گھر کے ایک بستان سرائے میں ۔
پس کیا زمین پر ایک انقلاب نہیں آیا ؟ پس جبکہ زمین میں ایک انجو بہ نما انقلاب پیدا ہو گیا اس
لئے خدائے قادر چاہتا ہے کہ آسمان میں بھی ایک اعجوبہ نما انقلاب پیدا ہو جائے اور یہ دونوں
مسیح کے زمانہ کی نشانیاں ہیں ۔ انہی نشانیوں کی طرف اشارہ ہے جو میری کتاب براہین احمدیہ
کے ایک الہام میں جو آج سے بیس برس پہلے لکھا گیا پائی جاتی ہیں اور وہ یہ ہے
أَنَّ السَّمواتِ وَالْأَرْضَ كَانَتَا رَتْقًا فَفَتَقْتُهما یعنی زمین اور آسمان دونوں ایک

گٹھڑی کی طرح بندھے ہوئے تھے جن کے جو ہر مخفی تھے ہم نے مسیح کے زمانہ میں وہ دونوں
گٹھڑیاں کھول دیں اور دونوں کے جو ہر ظاہر کر دیئے ۔ *
(حاشیہ: کیا یہ سچ نہیں کہ اس زمانہ میں زمین کی گٹھڑی ایسی کھلی ہے کہ ہزار ہا نئی
حقیقتیں اور خواص اور کلیں ظاہر ہوتی جاتی ہیں ۔ پھر آسمانی گٹھڑی کیوں بند رہے۔ آسمانی
گٹھڑی کی نسبت گذشتہ نبیوں نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ بچے اور عورتیں بھی خدا کا الہام
پائیں گی اور وہ مسیح موعود کا زمانہ ہوگا ۔ منہ )
مسلمان حکمران علماء کے ذریعہ اپنے عوام کو سمجھائیں
بالآخر یاد رہے کہ اگر چہ ہم نے اس اشتہار میں مفصل طور پر لکھ دیا ہے کہ یہ
موجودہ طریق غیر مذہب کے لوگوں پر حملہ کرنے کا جو مسلمانوں میں پایا جاتا ہے جس کا نام
وہ جہاد رکھتے ہیں یہ شرعی جہاد نہیں ہے بلکہ صریح خدا اور رسول کے حکم کے مخالف اور سخت
معصیت ہے لیکن چونکہ اس طریق پر پابند ہونے کی بعض اسلامی قوموں میں پرانی عادت
ہو گئی ہے اس لئے اُن کے لئے اس عادت کو چھوڑنا آسانی سے ممکن نہیں بلکہ ممکن ہے کہ جو چھوڑنا آسانی سے ممکن نہیں کام ممکن
شخص ایسی نصیحت کرے اسی کے دشمن جانی ہو جائیں اور غازیا نہ جوش سے اُس کا قصہ بھی
تمام کرنا چاہیں ہاں ایک طریق میرے دل میں گذرتا ہے اور وہ یہ ہے کہ اگر امیر صاحب
والی کا بل جن کا رعب افغانوں کی قوموں پر اس قدر ہے کہ شاید اس کی نظیر کسی پہلے افغانی
امیر میں نہیں ملے گی نامی علماء کو جمع کر کے اس مسئلہ جہاد کو معرض بحث میں لاویں اور پھر علماء
کے ذریعہ سے عوام کو اُن کی غلطیوں پر متنبہ کریں بلکہ اس ملک کے علماء سے چند رسالے پشتو
زبان میں تالیف کرا کر عام طور پر شائع کرائیں تو یقین ہے کہ اس قسم کی کارروائی کا لوگوں
پر بہت اثر پڑے گا اور وہ جوش جو نادان ملاعوام میں پھیلاتے ہیں رفتہ رفتہ کم ہو جائے گا
اور یقینا امیر صاحب کی رعایا کی بڑی بد قسمتی ہو گی اگر اس ضروری اصلاح کی طرف امیر

صاحب توجہ نہیں کریں گے اور آخری نتیجہ اس کا اُس گورنمنٹ کے لئے خود زحمتیں ہیں جو
ملاؤں کے ایسے فتووں پر خاموش بیٹھی رہے کیونکہ آج کل ان ملاؤں اور مولویوں کی یہ
عادت ہے کہ ایک ادنی اختلاف مذہبی کی وجہ سے ایک شخص یا ایک فرقہ کو کا فرٹھہرا دیتے ہیں
اور پھر جو کافروں کی نسبت اُن کے فتوے جہاد وغیرہ کے ہیں وہی فتوے ان کی نسبت بھی
جاری کئے جاتے ہیں ۔ پس اس صورت میں امیر صاحب بھی ان فتووں سے محفوظ نہیں رہ
سکتے ۔ ممکن ہے کہ کسی وقت یہ ملا لوگ کسی جزوی بات پر امیر صاحب پر ناراض ہو کر اُن کو
بھی دائرہ اسلام سے خارج کر دیں اور پھر اُن کے لئے بھی وہی جہاد کے فتوے لکھے جائیں
جو کفار کے لئے وہ لکھا کرتے ہیں پس بلا شبہ وہ لوگ جن کے ہاتھ میں مومن یا کافر بنانا اور
پھر اس پر جہاد کا فتویٰ لکھنا ہے ایک خطرناک قوم ہے جن سے امیر صاحب کو بھی بے فکر
نہیں بیٹھنا چاہئے اور بلا شبہ ہر ایک گورنمنٹ کے لئے بغاوت کا سر چشمہ یہی لوگ ہیں ۔ عوام
بے چارے ان لوگوں کے قابو میں ہیں اور ان کے دلوں کی کل ان کے ہاتھ میں ہے جس
طرف چاہیں پھیر دیں اور ایک دم میں قیامت برپا کر دیں۔ پس یہ گناہ کی بات نہیں ہے کہ
عوام کو ان کے پنجہ سے چھڑا دیا جائے اور خود ان کو نرمی سے جہاد کے مسئلہ کی اصل حقیقت
سمجھا دی جائے۔ اسلام ہرگز یہ تعلیم نہیں دیتا کہ مسلمان رہزنوں اور ڈاکوؤں کی طرح بن جائیں
اور جہاد کے بہانہ سے اپنے نفس کی خواہشیں پوری کریں اور چونکہ اسلام میں بغیر بادشاہ کے
حکم کے کسی طرح جہاد درست نہیں اور اس کو عوام بھی جانتے ہیں ۔ اس لئے یہ بھی اندیشہ ہے
کہ وہ لوگ جو حقیقت سے بے خبر ہیں اپنے دلوں میں امیر صاحب پر یہ الزام لگاویں کہ اُنہی
کے اشارہ سے یہ سب کچھ ہوتا ہے۔ لہٰذا امیر صاحب کا ضرور یہ فرض ہے کہ جہاں تک ممکن ہو
اس غلط فتوے کو روکنے کے لئے جہد بلیغ فرماویں کہ اس صورت میں امیر صاحب کی بریت
بھی آفتاب کی طرح چمک اٹھے گی اور ثواب بھی ہوگا کیونکہ حقوق عباد پر نظر کر کے اس سے

بڑھ کر اور کوئی نیکی نہیں کہ مظلوموں کی گردنوں کو ظالموں کی تلوار سے چھڑایا جائے اور چونکہ
ایسے کام کرنے والے اور غازی بننے کی نیت سے تلوار چلانے والے اکثر افغان ہی ہیں جن
کا امیر صاحب کے ملک میں ایک معتد بہ حصہ ہے اس لئے امیر صاحب کو خدا تعالیٰ نے یہ
موقع دیا ہے کہ وہ اپنی امارت کے کارنامہ میں اس اصلاح عظیم کا تذکرہ چھوڑ جائیں اور یہ
وحشیانہ عادات جو اسلام کی بدنام کنندہ ہیں جہاں تک اُن کے لئے ممکن ہو قوم افغان سے
چھڑا دیں ورنہ اب دور مسیح موعود آ گیا ہے ۔ اب بہر حال خدا تعالیٰ آسمان سے ایسے اسباب
پیدا کر دے گا کہ جیسا کہ زمین ظلم اور ناحق کی خون ریزی سے پر تھی اب عدل اور امن اور صلح
کاری سے پُر ہو جائے گی ۔ اور مبارک وہ امیر اور بادشاہ ہیں جو اس سے کچھ حصہ لیں ۔“
محسن گورنمنٹ کی خدمت میں گزارش
ان تمام تحریروں کے بعد ایک خاص طور پر اپنی محسن گورنمنٹ کی خدمت میں کچھ
گزارش کرنا چاہتا ہوں اور گو یہ جانتا ہوں کہ ہماری یہ گورنمنٹ ایک عاقل اور زیرک
گورنمنٹ ہے لیکن ہمارا بھی فرض ہے کہ اگر کوئی نیک تجویز جس میں گورنمنٹ اور عامہ
خلائق کی بھلائی ہو خیال میں گزرے تو اُسے پیش کریں۔ اور وہ یہ ہے کہ میرے نزدیک یہ
واقعی اور یقینی امر ہے کہ یہ وحشیانہ عادت جو سرحدی افغانوں میں پائی جاتی ہے اور آئے دن
کوئی نہ کوئی کسی بے گناہ کا خون کیا جاتا ہے اِس کے اسباب جیسا کہ میں بیان کر چکا ہوں دو
ہیں (1) اول وہ مولوی جن کے عقائد میں یہ بات داخل ہے کہ غیر مذہب کے لوگوں اور
خاص کر عیسائیوں کو قتل کرنا موجب ثواب عظیم ہے اور اس سے بہشت کی وہ عظیم الشان
نعمتیں ملیں گی کہ وہ نہ نماز سے مل سکتی ہیں نہ حج سے نہ زکوٰۃ سے اور نہ کسی اور نیکی کے کام
سے۔ مجھے خوب معلوم ہے کہ یہ لوگ در پردہ عوام الناس کے کان میں ایسے وعظ پہنچاتے
رہتے ہیں ۔ آخر دن رات ایسے وعظوں کو سن کر ان لوگوں کے دلوں پر جو حیوانات میں اور

ان میں کچھ تھوڑا ہی فرق ہے بہت بڑا اثر ہوتا ہے اور وہ درندے ہو جاتے ہیں اور ان میں
ایک ذرہ رحم باقی نہیں رہتا اور ایسی بے رحمی سے خون ریزیاں کرتے ہیں جن سے بدن کا نپتا
ہے اور اگر چہ سرحدی اور افغانی ملکوں میں اس قسم کے مولوی بکثرت بھرے پڑے ہیں جو
ایسے ایسے وعظ کیا کرتے ہیں مگر میری رائے تو یہ ہے کہ پنجاب اور ہندوستان بھی ایسے
مولویوں سے خالی نہیں ۔ اگر گورنمنٹ عالیہ نے یہ یقین کر لیا ہے کہ اس ملک کے تمام مولوی
اس قسم کے خیالات سے پاک اور مبرا ہیں تو یہ یقین بے شک نظر ثانی کے لائق ہے۔ میرے
نزد یک اکثر مسجد نشین نادان مغلوب الغضب ملا ایسے ہیں کہ ان گندے خیالات سے بری
نہیں ہیں اگر وہ ایسے خیالات خدا تعالیٰ کی پاک کلام کی ہدایت کے موافق کرتے تو میں
ان کو معذور سمجھتا کیونکہ در حقیقت انسان اعتقادی امور میں ایک طور پر معذور ہوتا ہے لیکن
میں سچ سچ کہتا ہوں کہ جیسا کہ وہ گورنمنٹ کے احسانات کو فراموش کر کے اس عادل
گورنمنٹ کے چھپے ہوئے دشمن ہیں ایسا ہی وہ خدا تعالیٰ کے بھی مجرم اور نافرمان ہیں ۔
کیونکہ میں مفصل بیان کر چکا ہوں کہ خدا تعالیٰ کا کلام ہرگز نہیں سکھلاتا کہ ہم اس طرح پر
بے گناہوں کے خون کیا کریں اور جس نے ایسا سمجھا ہے وہ اسلام سے برگشتہ ہے ۔
(2) دوسرا سبب ان مجرمانہ خون ریزیوں کا جو غازی بننے کے بہانہ سے کی جاتی ہیں میری
رائے میں وہ پادری صاحبان بھی ہیں جنہوں نے حد سے زیادہ اس بات پر زور دیا کہ اسلام
میں جہاد فرض ہے اور دوسری قوموں کو قتل کرنا مسلمانوں کے مذہب میں بہت ثواب کی بات
ہے۔ میرے خیال میں سرحدی لوگوں کو جہاد کے مسئلہ کی خبر بھی نہیں تھی یہ تو پادری صاحبوں
نے یاد دلایا میرے پاس اس خیال کی تائید میں دلیل یہ ہے کہ جب تک پادری صاحبوں کی
طرف سے ایسے اخبار اور رسالے اور کتابیں سرحدی ملکوں میں شائع نہیں ہوئے تھے اس
وقت تک ایسی وارداتیں بہت ہی کم سنی جاتی تھیں یا یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ بالکل نہیں
تھیں بلکہ جب سکھوں کی سلطنت اس ملک سے اُٹھ گئی اور اُن کی جگہ انگریز آئے تو عام

مسلمانوں کو اس انقلاب سے بڑی خوشی تھی اور سرحدی لوگ بھی بہت خوش تھے ۔ پھر جب
پادری فنڈل صاحب نے 1849ء میں کتاب میزان الحق تالیف کر کے ہندوستان اور
پنجاب اور سرحدی ملکوں میں شائع کی اور نہ فقط اسلام اور پیغمبر اسلام علیہ السلام کی نسبت
توہین کے کلمے استعمال کئے بلکہ لاکھوں انسانوں میں یہ شہرت دی کہ اسلام میں غیر مذہب
کے لوگوں کو قتل کرنا صرف جائز ہی نہیں بلکہ بڑا ثواب ہے۔ ان باتوں کو سُن کر سرحدی
حیوانات جن کو اپنے دین کی کچھ بھی خبر نہیں جاگ اُٹھے اور یقین کر بیٹھے کہ در حقیقت
ہمارے مذہب میں غیر مذہب کے لوگوں کو قتل کرنا بڑے ثواب کی بات ہے۔ میں نے غور
کر کے سوچا ہے کہ اکثر سرحدی وارداتیں اور پُر جوش عداوت جو سرحدی لوگوں میں پیدا
ہوئی اس کا سبب پادری صاحبوں کی وہ کتابیں ہیں جن میں وہ تیز زبانی اور بار بار جہاد
کا ذکر لوگوں کو سنانے میں حد سے زیادہ گزر گئے یہاں تک کہ آخر میزان الحق کی عام شہرت
اور اس کے زہریلے اثر کے بعد ہماری گورنمنٹ کو 1867ء میں ایکٹ نمبر 23 ، 67ء
سرحدی اقوام کے غازیانہ خیالات کے روکنے کے لئے جاری کرنا پڑا ۔ یہ قانون سرحد کی چھ
قوموں کے لئے شائع ہوا تھا اور بڑی امید تھی کہ اس سے وارداتیں رک جائیں گی لیکن
افسوس کہ بعد اس کے پادری عمادالدین امرتسری اور چند دوسرے بد زبان پادریوں کی تیز
اور گندی تحریروں نے ملک کی اندرونی محبت اور مصالحت کو بڑا نقصان پہنچایا اور ایسا ہی اور
پادری صاحبوں کی کتابوں نے جن کی تفصیل کی ضرورت نہیں دلوں میں عداوت کا تخم ہونے
میں کمی نہیں کی ۔ غرض یہ لوگ گورنمنٹ عالیہ کی مصلحت کے سخت خارج ہوئے ۔ ہماری
گورنمنٹ کی طرف سے یہ کارروائی نہایت قابل تحسین ہوئی کہ مسلمانوں کو ایسی کتابوں کے
جواب لکھنے سے منع نہیں کیا اور اس تیزی کے مقابل پر مسلمانوں کی طرف سے بھی کسی قدر
تیز کلامی ہوئی مگر وہ تیزی گورنمنٹ کی کشادہ دلی پر دلیل روشن بن گئی اور ہتک آمیز کتابوں
کی وجہ سے جن فسادوں کی توقع تھی وہ اس گورنمنٹ عالیہ کی نیک نیتی اور عادلانہ طریق

ثابت ہو جانے کی وجہ سے اندر ہی اندر دب گئے ۔ پس اگر چہ ہمیں اسلام کے ملاؤں کی
نسبت افسوس سے اقرار کرنا پڑتا ہے کہ انہوں نے ایک غلط مسئلہ جہاد کی پیروی کر کے
سرحدی اقوام کو یہ سبق دیا کہ تا وہ ایک محسن گورنمنٹ کے معزز افسروں کے خون سے اپنی
تلواروں کو سرخ کیا کریں اور اس طرح ناحق اپنی محسن گورنمنٹ کو ایذا پہنچایا کریں مگر ساتھ
ہی یورپ کے ملاؤں پر بھی جو پادری ہیں ہمیں افسوس ہے کہ انہوں نے ناحق تیز اور خلاف
واقعہ تحریروں سے نادانوں کو جوش دلائے ہزاروں دفعہ جہاد کا اعتراض پیش کر کے وحشی
مسلمانوں کے دلوں میں یہ جما دیا کہ اُن کے مذہب میں جہاد ایک ایسا طریق ہے جس سے
جلد بہشت مل جاتا ہے اگر ان پادری صاحبوں کے دلوں میں کوئی بد نیتی نہیں تھی تو چاہیے تھا
کہ حضرت موسیٰ اور حضرت یوشع کے جہادوں کا ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جہاد سے
مقابلہ کر کے اندر ہی اندر سمجھ جاتے اور چُپ رہتے ۔ اگر ہم فرض کر لیں کہ اس فتنہ عوام کے
جوش دلانے کے بڑے محرک اسلامی مولوی ہیں تا ہم ہمارا انصاف ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم
اقرار کریں کہ کسی قدر اس فتنہ انگیزی میں پادریوں کی وہ تحریر میں بھی حصہ دار ہیں جن سے
آئے دن مسلمان شاکی نظر آتے ہیں ۔ افسوس کہ بعض جاہل ایک حرکت کر کے الگ ہو
جاتے ہیں اور گورنمنٹ انگلشیہ کو مشکلات پیش آتی ہیں ان مشکلات کے رفع کرنے کے
لئے میرے نزدیک احسن تجویز وہی ہے جو حال میں رومی گورنمنٹ نے اختیار کی ہے اور وہ
یہ کہ امتحاناً چند سال کے لئے ہر ایک فرقہ کو قطعاً روک دیا جائے کہ وہ اپنی تحریروں میں اور
نیز زبانی تقریروں میں ہرگز ہرگز کسی دوسرے مذہب کا صراحةً یا اشارہ ذکر نہ کرے ہاں
اختیار ہے کہ جس قدر چاہے اپنے مذہب کی خوبیاں بیان کیا کرے اس صورت میں نئے
نئے کینوں کی تخم ریزی موقوف ہو جائے گی اور پرانے قصے بھول جائیں گے اور لوگ باہمی
محبت اور مصالحت کی طرف رجوع کریں گے اور جب سرحد کے وحشی لوگ دیکھیں گے کہ
قوموں میں اس قدر با ہم انس اور محبت پیدا ہو گیا ہے تو آخر وہ بھی متاثر ہو کر عیسائیوں کی

ایسی ہی ہمدردی کریں گے جیسا کہ ایک مسلمان اپنے بھائی کی کرتا ہے اور دوسری تدبیر یہ
ہے کہ اگر پنجاب اور ہندوستان کے مولوی در حقیقت مسئلہ جہاد کے مخالف ہیں تو وہ اس
بارے میں رسالے تالیف کر کے اور پشتو میں ان کا ترجمہ کرا کر سرحدی اقوام میں مشتہر کریں
بلا شبہ اُن کا بڑا اثر ہوگا ۔ مگر ان تمام باتوں کے لئے شرط ہے کہ سچے دل اور جوش سے
کارروائی کی جائے نہ نفاق سے۔ والسلام على من اتبع الهدى۔
المشتهر خاکسار مرزاغلام احمد مسیح موعود عفی عنہ از قادیان
المرقوم 22 مئی 1900ء
گورنمنٹ انگریزی اور جہاد ۔ روحانی خزائن جلد 17 صفحه 3 تا 22)

التوائے جہاد کے متعلق حضرت اقدس کا فیصلہ
اب چھوڑ دو جہاد کا اے دوستو خیال دیں کیلئے حرام ہے اب جنگ اور قتال
☆
اب آ گیا مسیح جو دیں کا امام ہے دیں کے تمام جنگوں کا اب اختتام ہے
اب آسماں سے نورِ خدا کا نزول ہے اب جنگ اور جہاد کا فتویٰ فضول ہے
شمن ہے وہ خدا کا جو کرتا ہے اب جہاد منکر نبی کا ہے جو یہ رکھتا ہے اعتقاد
کیوں چھوڑتے ہو لوگو نبی کی حدیث کو جو چھوڑتا ہے چھوڑ دو تم اس خبیث کو
کیوں بھولتے ہو تم يضع الحرب کی خبر کیا یہ نہیں بخاری میں دیکھو تو کھول کر
فرما چکا ہے سید کونین مصطفے عیسی مسیح جنگوں کا کردے گا التوا
جب آئے گا تو صلح کو وہ ساتھ لائے گا جنگوں کے سلسلہ کو وہ یکسر مٹائے گا
نوٹ: (ایک زبردست الہام اور کشف ) آج 2 جون 1900 ء کو بروز شنبہ بعد دو پہر دو بجے کے
وقت مجھے تھوڑی سی غنودگی کے ساتھ ایک ورق جو نہایت سفید تھا دکھلایا گیا۔ اس کی آخری سطر میں لکھا
تھا اقبال۔ میں خیال کرتا ہوں کہ آخر سطر میں یہ لفظ لکھنے سے انجام کی طرف اشارہ تھا یعنی انجام با قبال
ہے۔ پھر "۔ رساتھ ہی یہ الہام ہوا : ” قادر کے کاروبار نمودار ہو گئے ۔ کافر جو کہتے تھے وہ گرفتار ہو۔ وہ گئے ۔“
اس کے یہ معنے مجھے سمجھائے گئے کہ عنقریب کچھ ایسے زبردست نشان ظاہر ہو جائیں گے جس سے کافر
کہنے والے جو مجھے کافر کہتے تھے الزام میں پھنس جائیں گے اور خوب پکڑے جائیں گے اور کوئی گریز
کی جگہ اُن کے لئے باقی نہیں رہے گی۔ یہ پیشگوئی ہے۔ ہر ایک پڑھنے والا اس کو یاد رکھے۔ اس کے
بعد 3 جون 1900 ء کو بوقت ساڑھے گیارہ بجے یہ الہام ہوا: ۔ کافر جو کہتے تھے وہ نگونسار ہو گئے ۔
جتنے تھے سب کے سب ہی گرفتار ہو گئے، یعنی کافر کہنے والوں پر خدا کی حجت ایسی پوری ہو گئی کہ اُن
کے لئے کوئی عذر کی جگہ نہ رہی۔ یہ آئندہ زمانہ کی خبر ہے کہ عنقریب ایسا ہوگا اور کوئی ایسی چمکتی ہوئی
دلیل ظاہر ہو جائے گی کہ فیصلہ کر دے گی ۔ منہ

·

آج 10 میں سے 10 باقی