ہم اٹامک بم ایسے مہلک حربے استعمال کرنا جائز نہیں سمجھتے
1945ء
313
(25)
خطبات محمود
ہم اٹامک (Atomic) بم ایسے مہلک حربے
استعمال کرنا جائز نہیں سمجھتے
(فرموده 10 اگست 1945ء بمقام بیت الفضل ڈلہوزی)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:
وو
” یہ خبریں کئی سال سے آرہی تھیں کہ جرمنی میں اس بات کی کوشش کی جارہی ہے
کہ ایٹم (Atom) یعنی وہ ذرہ جس سے مادہ بنتا ہے اور جو خورد بینی ذرہ ہوتا ہے اس میں اللہ تعالیٰ
نے ایسی طاقتیں رکھی ہیں کہ اگر سائنسدان اس کو توڑنے اور اس کی طاقت کو محفوظ کرنے اور
اس کو استعمال کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو اس کے اندر ایسی طاقتیں ہیں کہ ایک ذرہ کے
توڑنے اور اس کی طاقت کو محفوظ رکھنے سے ایک شہر کو ایک لمبے عرصہ تک بجلی مہیا کی جاسکتی
ہے۔ ان خبروں پر بعض لوگ ہنس دیتے تھے اور بعض لوگ تعجب کرتے تھے اور حیران
ہوتے تھے کہ ایک خورد بینی ذرے میں اتنی طاقتیں کس طرح جمع ہو سکتی ہیں۔ لیکن یہ خیال
سائنسدانوں کے دلوں میں تقویت پکڑتا چلا گیا اور بیسیوں سائنسدانوں نے اپنی زندگیاں اس
تحقیق میں لگانی شروع کر دیں۔ جنگ کے دوران میں خصوصاً انگلستان، امریکہ اور جرمنی تینوں
نے اپنے اپنے طور پر اس طاقت کو حاصل کرنے کی کوشش کی۔ کیونکہ جنگی مفاد کے لحاظ سے یہ
بات بہت اہم سمجھی جاتی تھی کہ وہ بار یک ذرہ جو اپنے اندر اتنی عظیم الشان طاقتیں رکھتا ہے۔
اگر اس کو بم کے طور پر استعمال کیا جا سکے تو وہ بہت کچھ اس جنگ کے سوال کو حل کر دے گا۔
1945ء
314
خطبات محمود
جہاں تک سائنس کا سوال ہے میں تو سائنس جانتا نہیں اس لئے میں اس کی تفصیلات کو سمجھ
نہیں سکتا لیکن یہ معلوم ہوا ہے کہ عملی طور پر جرمنی کی جنگ کے بعد اب ستائیس اٹھائیس دن
ہوئے کہ امریکہ اور انگلستان کے سائنس دان اس بات میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ ایٹم کو پھاڑ
کر اس سے طاقت حاصل کر سکیں۔ اور انہوں نے اس سے بم بنانا شروع کر دیا ہے۔ کوئی پانچ
دن کی بات ہے کہ ایٹم سے حاصل کردہ طاقت کا پہلا بم جاپان کے ایک شہر ہیروشیما پر استعمال
کیا گیا جو کہ ایک چھاؤنی ہے اور بندر گاہ بھی ہے جہاں جاپانی بیڑا کھڑا ہوتا ہے یا تیار کیا جاتا
ہے۔ یہ شہر کوئی سات مربع میل کا ہے۔ یعنی قریباً سوا دو میل چوڑا اور تین میل لمبا ہے۔ اور
بوجہ اس کے کہ یہ صنعتی شہر ہے سمجھا جا سکتا ہے کہ اس کی آبادی گنجان ہو گی کیونکہ صنعتی
شہروں میں بجائے پھیلاؤ کے بڑے بڑے بلا کس بنا دیئے جاتے ہیں جن میں ایک ایک بلاک
میں کئی کئی سو بلکہ کئی کئی ہزار آدمی بستے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس شہر کی آبادی چھ سات لاکھ کے
قریب ہے۔ یا یوں کہنا چاہیے کہ چھ سات لاکھ کے قریب تھی۔ اور جب یہ بم جو پھینکا گیا ہے تو
اس شہر کے متعلق آخری رپورٹ یہ ہے کہ ساٹھ فیصدی حصہ شہر کا یا یہ کہہ لو کہ چھ لاکھ کی
آبادی میں سے پونے چار لاکھ آدمی ایک بم سے ہلاک ہو گئے۔ اور شہر کی 60 فیصدی عمارتیں
ایک بم سے تباہ ہو گئیں۔ جاپانی لوگوں کا بیان ہے کہ اس بم کے گرنے کے بعد شدید گرمی پیدا
ہوئی۔ اور اس بم کے دھماکے اور نقصان کے علاوہ وہ گرمی اتنی شدید تھی کہ اُس کی شدت کے
دائرہ کے اندر کوئی ذی روح چیز زندہ نہیں رہی۔ کیا انسان اور کیا حیوان، کیا چرند اور کیا پرند
سب کے سب جھلس کر خاک ہو گئے ہیں۔ یہ ایک ایسی تباہی ہے جو جنگی نقطہ نگاہ سے خواہ تسلی
کے قابل سمجھی جائے لیکن جہاں تک انسانیت کا سوال ہے اِس قسم کی بمباری کو جائز قرار نہیں
دیا جا سکتا۔ ہمیشہ سے جنگیں ہوتی چلی آئی ہیں اور ہمیشہ سے عداوتیں بھی رہی ہیں لیکن باوجود
ان عداوتوں کے اور باوجود ان جنگوں کے ایک حد بندی بھی مقرر کی گئی تھی جس سے تجاوز
نہیں کیا جاتا تھا۔ لیکن اب کوئی حد بندی نہیں رہی۔ کون کہہ سکتا ہے کہ وہ شہر جس پر اس
قسم کی بمباری کی گئی ہے وہاں عورتیں اور بچے نہیں رہتے تھے۔ اور کون کہہ سکتا ہے کہ لڑائی
کی ذمہ داری میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ اگر جو ان عورتوں کو شامل بھی سمجھا جائے تو
1945ء
315
خطبات محمود
کم از کم بلوغت سے پہلے کے لڑکے اور لڑکیاں لڑائی کے کبھی بھی ذمہ دار نہیں سمجھے جاسکتے۔
پس گو ہماری آواز بالکل بیکار ہو لیکن ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے کہ ہم دنیا کے
سامنے اعلان کر دیں کہ ہم اس قسم کی خونریزی کو جائز نہیں سمجھتے خواہ حکومتوں کو ہمارا یہ اعلان
بُرا لگے یا اچھا۔ ہمارے نزدیک جاپان کا قصور ہے اور ہم نے ہزارہا آدمی اس جنگ کی بھرتی میں
دیئے ہیں۔ اور ہمارے نزدیک جرمنی اور اٹلی کا بھی قصور تھا اور ہماری جماعت کے سینکڑوں
بلکہ ہزاروں آدمی اٹلی اور جرمنی میں جاکر لڑے اور ان میں سے کئی قید ہوئے جو اب واپس
آئے ہیں۔ ہم نے مال کے ساتھ بھی ، آدمیوں کے ساتھ بھی اور اخلاقی طور پر بھی غرض ہر
رنگ میں اتحادیوں کو مدد دی ہے اور اگر اس جنگ کے فتح کرنے میں کوئی مطالبہ ابھی باقی ہو تو
ہمیں اس سے بھی انکار نہیں ہو گا بلکہ ہم دوسروں سے بڑھ کر قربانی کرنے کے لئے تیار ہوں
گے۔ مگر اس کے ہر گز یہ معنے نہیں کہ ہم جنگی افسروں کے ہر فعل کو خواہ وہ انسانیت کے کتنا
ہی خلاف ہو، خواہ وہ شریعت کے کتنا ہی خلاف ہو جائز قرار دیں۔ اگر اس قسم کی جنگ کا راستہ
گھل گیا تو وہ دنیا کے لئے نہایت ہی خطر ناک ہو گا۔ پہلے زمانہ کے لوگوں نے لمبے تجربہ کے بعد
کچھ حد بندیاں مقرر کر دی تھیں جن کی وجہ سے جنگیں خواہ کتنی ہی خطرناک ہوتی تھیں ایک
حد پر جا کر اُن کا خطرہ رُک جاتا تھا۔ لیکن اب تو یہ سوال پیدا ہونا شروع ہو گیا ہے کہ جس قوم
نے ہم سے جنگ کی ہے اس جنگ کے ذمہ داروں کو پھانسی کی سزادی جائے۔ اس قانون نے
میں سمجھتا ہوں حالات کو بہت زیادہ بھیانک صورت دے دی ہے۔
یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ فتوحات کسی ایک قوم کے حق میں رہن نہیں ہو تیں کہ وہ
ایک ہی قوم کے پاس رہیں۔ اور اگر یہ طریق جاری کر دیا جائے کہ فاتح قوم مفتوح قوم کے
لیڈروں کو اس لئے پھانسی دے دے کہ وہ اپنی قوم کی طرف سے لڑے تھے تو پھر اگر کل کو
کوئی اور قوم فاتح ہوئی اور اتحادیوں میں سے کوئی قوم مفتوح ہوئی تو ان کے لئے بھی وہی چیز
مقدر سمجھی جانی چاہیے جو آج مفتوح قوم کے لئے جائز قرار دی گئی تھی۔ اگر انگلستان، امریکہ
اور فرانس کو یہ حقوق حاصل ہوں کہ وہ مفتوح جرمنی اور مفتوح اٹلی کے لوگوں کو محض اس
وجہ سے کہ انہوں نے ان کے خلاف جنگ کی پھانسی کی سزا دیں تو اس قانون کو غلط کہو یا صحیح
خطبات محمود
316
1945ء
( جب ایک قانون بنا دیا جائے تو غلط اور صحیح کا فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے ) اگر اس جنگ کے
بعد کوئی اور ملک فاتح ہوا اور انگلستان یا امریکہ یا روس اِن تینوں میں سے کوئی مفتوح ہوا تو اس
کے یہ معنے ہوں گے کہ فاتح قوم ان کے آدمیوں کو بھی پکڑ پکڑ کر پھانسی دینے لگ جائے گو
اس میں شبہ نہیں کہ جرمنی، اٹلی اور جاپان کا قصور ہے لیکن میرے نزدیک یہ طریق بھی
پسندیدہ نہیں کہلا سکتا کہ بغیر کسی خاص دلیل کے جس کی وجہ سے عقل و انصاف ایک
جنگی قیدی کو بھی سزادینے کا فیصلہ کریں۔ یہ جنگی قیدیوں کو سزادی جائے اگر ایسا ہو تو
آئندہ بہت سے خطرات کا رستہ کھلنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ نیز اس سے مزید جنگوں کا رستہ کھل
جانے کا بھی خم ابھی خطرہ ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ کسی جنگ کے بند ہونے سے لوگ یہ نہیں سمجھیں
گے کہ خونریزی بند ہو گئی ہے بلکہ یہ سمجھیں گے کہ ایک قسم کی خونریزی تو بند ہوئی ہے لیکن
دوسری قسم کی خونریزی شروع ہو گئی ہے۔ جرمنی کے لوگوں کا یہ مجرم قرار دیا جاتا ہے کہ
انہوں نے لندن کے بہتے آدمیوں پر گولے پھینکے۔ جرمنوں نے یقیناً ظلم کیا، انسانیت کے
خلاف حرکت کی اور ان کے اس فعل کو جس قدر بھی برا کہا جائے کم ہے اور خدا تعالیٰ نے ان
کے جرم کی سزا بھی اُن کو دے دی کہ اُن کا غرور خاک میں مل گیا۔ لیکن یہ امر بھی یاد رکھنا
چاہیے کہ جرمنوں نے جو گولے پھینکے وہ سو سو گز یا اس سے کچھ زیادہ تک اثر رکھتے تھے اب اگر
اتحادی ان کے مقابل پر اس سے زیادہ مار کرنے والے بم ان پر پھینکیں اور ان کی طرح ہی ان
آدمیوں پر پھینکیں جو نہتے ہوتے ہیں تو یہ فعل بھی ویسا ہی بُرا سمجھا جائے گا جیسا کہ ان کا تھا۔
اسی طرح جنگی قیدیوں کا سوال ہے دنیا میں یہ تسلیم شدہ قاعدہ ہے کہ انسان ان لوگوں
اس خطبہ کے بعد ایک اعلان شائع ہوا ہے جس میں ان مجرموں کی اقسام بیان کی گئی ہیں جن کو سزا
دی جائے گی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جنگی مجرم کی خاص تعریف کی گئی ہے۔ گو مجھے اس تعریف
سے پوری طرح اتفاق نہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ ایسی تعریف سے اکثر وہی سزا پائیں گے جن کو عقل
اور انصاف سزا دینا چاہتے ہیں۔
اور یقیناً جنگی قیدی بھی ایسے ہو سکتے ہیں کہ جو سزا کے مستحق ہوں۔ اس امر کی صحت سے انکار
نہیں کیا جا سکتا۔
1945ء
317
خطبات محمود
کو مجرم کی سزا دے سکتا ہے جو اس کے اپنے ملک میں رہتے ہوں یا وہ مجرم جو جنگ کے علاوہ
ہوں۔ یعنی ان کا جنگ کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہو۔ جیسے کوئی قوم جنگ میں آدمیوں کو پکڑ کر ان
کے ناک کان کاٹے۔ اب یہ فعل ایسا ہے جو جنگ کے ساتھ تعلق نہیں رکھتا۔ تو ایسے جرائم کی
سزا دینا جائز تسلیم کیا گیا ہے۔ لیکن اس سے زیادہ اس قانون کو وسیع کرنا گویا آئندہ کے لئے
خطرات کو بڑھا دینے والی بات ہے۔ اور ان باتوں کے نتیجہ میں مجھے نظر آرہا ہے کہ آئندہ زمانہ
میں جنگیں کم نہیں ہوں گی بلکہ بڑھیں گی۔ اور وہ لوگ جو یہ خیال کرتے ہیں کہ اٹامک سے
بڑی طاقتوں کے ہاتھ مضبوط ہو جائیں گے اور ان کے مقابلہ میں کوئی جنگی طاقت حاصل نہیں
کر سکے گا یہ لغو اور بچوں کا سا خیال ہے۔ یہ خیال صرف اٹامک بم کے ایجاد ہونے پر ہی لوگوں
کے دلوں میں پیدا نہیں ہوا۔ بلکہ جب بندوق ایجاد ہوئی تھی تو لوگ سمجھتے تھے کہ بندوق
والے ہی دنیا میں غالب ہوں گے۔ اور جب توپ ایجاد ہوئی تو لوگ سمجھتے تھے کہ توپ والے
ہی دنیا میں غالب ہوں گے۔ جب ہوائی جہاز ایجاد ہوئے تھے تو لوگوں نے گمان کیا تھا کہ ہوائی جہاز
والے ہی دنیا میں غالب ہوں گے ۔ جب گیس ایجاد ہوئی تھی تو لوگوں نے خیال کیا تھا کہ گیس
والے ہی دنیا میں غالب ہوں گے۔ لیکن پھر وی۔ون )1(V۔One) اور وی۔ٹو 2
(V۔Two) نکل آئے۔ تو لوگ سمجھے کہ وی ون اور وی ٹو والے ہی دنیا میں غالب ہوں گے۔
اس کے بعد اب اٹامک بم نکل آئے ہیں۔ یاد رکھو! خدا کی بادشاہت غیر محدود ہے اور خدا کے
لشکروں کو سوائے خدا کے کوئی نہیں جانتا اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ مَا يَعْلَمُ جُنُودَ
رَبِّكَ إِلَّا هُوَ 3 یعنی تیرے رب کے لشکروں کو سوائے اس کے کوئی نہیں جانتا۔ اگر بعض کو
اٹامک بم مل گیا ہے تو اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے کہ وہ کسی سائنس دان کو کسی اور نکتہ کی
طرف توجہ دلا دے اور وہ ایسی چیز تیار کرلے جس کے تیار کرنے کے لئے بڑی بڑی لیبارٹری
کی بھی ضرورت نہ ہو۔ بلکہ ایک شخص گھر میں بیٹھے بیٹھے اُس کو تیار کرلے اور اُس کے ساتھ دنیا
پر تباہی لے آئے اور اس طرح وہ اٹامک بم کا بدلہ لینے لگ جائے۔
پس جس چیز کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ ان مہلک چیزوں کو کم کیا جائے نہ کہ انہیں
بڑھایا جائے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتنا لطیف نکتہ بیان فرمایا ہے کہ آگ کا
1945ء
318
خطبات محمود
عذاب دینا اللہ تعالیٰ کا کام ہے۔ مسلمانوں کو نہیں چاہئے کہ وہ اپنے دشمن کو آگ سے
تعذیب و تکلیف دیں ۔ 4 رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جانتے تھے کہ آگ جنگ کو
روکنے کا موجب نہیں ہو گی بلکہ بڑھانے کا موجب ہو گی۔ اس میں شبہ نہیں کہ اگر جنگ میں
دشمن نئی نئی ایجادوں کو اسلامی حکومت کے خلاف استعمال کرے تو اسلامی حکومت کو بھی
اجازت ہے کہ اس کا اُسی رنگ میں جواب دے لیکن غلو سے کام نہ لے۔ یعنی مسلمانوں کو آگ
کی ایسی ایجادوں کی طرف رغبت رکھنی منع ہے جن سے کسی کو عذاب دینا مقصود ہو۔ دنیا میں
جتنے تغیرات ہوتے ہیں وہ سب کے سب خیالات کے ماتحت پیدا ہوتے ہیں۔ ان تغیرات کے
پیچھے ایک جذبہ اور ایک محرک ہوتا ہے جس کے ماتحت لوگ سکیمیں بناتے ہیں۔ اگر کسی قوم
کے دماغ کے پیچھے جذبہ اور محرک یہ ہو کہ ہم نے آگ کو بطور عذاب استعمال نہیں کرنا تو یقیناً
وہ ایسی ایجادیں نہیں کرے گی جن میں آگ کا استعمال ہو۔ لیکن اگر کسی قوم کے دماغ کے پیچھے
جذبہ اور محرک یہ ہو کہ آگ کا عذاب دینے میں کوئی حرج نہیں بلکہ جتنا کسی کو نقصان پہنچایا جا
سکے اتنا ہی اچھا ہے تو وہ ضرور اس کی طرف راغب ہو گی۔ تیرہ سو سال پہلے دنیا کو رسول کریم
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لڑائیوں کے کم کرنے کا ایک راستہ بتایا تھا جب تک دنیا اس راستہ پر
نہیں چلے گی لڑائیاں کم نہیں ہوں گی بلکہ بڑھیں گی۔ امریکہ اور یورپ والے امن نہیں پائیں
گے جب تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس تعلیم کی طرف متوجہ نہیں ہوں گے۔
وہ جب تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد کے مطابق یہ نہ کہیں گے کہ ہمیں
ان آگ کی چیزوں کو ناجائز قرار دینا چاہیے اُس وقت تک حقیقی امن ان کو نصیب نہیں ہو گا۔
وہ ان چیزوں کو ناجائز قرار دیں اور پھر اُتنی ہی سختی کریں جتنی دشمن نے کی تو پھر دنیا میں یقیناً
امن قائم ہو جائے گا۔ کیونکہ دشمن محسوس کرے گا کہ اگرچہ ان کے پاس زیادہ سخت سزا
دینے کی طاقت تھی لیکن اخلاقی تعلیم کے ماتحت انہوں نے ہم سے نرمی کی ہے اور جو سلوک
ہمارے ساتھ کیا گیا ہے وہ محض جوش، غصہ اور بدلہ کے جذبہ کے ماتحت نہیں۔ لیکن اگر ہم
بوجہ اس کے کہ ہمارے پاس تباہی کے سامان زیادہ ہیں ایسے سخت ہتھیار استعمال کریں کہ
دشمن کے بچے اور عور تیں تباہ کر دیں تو پھر دنیا اسی کو اخلاق سمجھے گی کہ جتنی طاقت میسر آئے
1945ء
319
خطبات محمود
اُسے استعمال کرو یہی قانون ہے۔ اور جب دنیا کے خیالات اس طرف مائل ہوں گے کہ جنتے
زیادہ سے زیادہ خطرناک ہتھیار ملتے جائیں اُن کو استعمال کرو تو لازماً دنیا میں فساد، جنگ اور
خونریزی بڑھے گی۔
پس میرا یہ مذہبی فرض ہے کہ میں اس کے متعلق اعلان کر دوں گو حکومت اسے بُرا
سمجھے گی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ امن کے رستے میں یہ خطر ناک روک ہے۔ اس لئے میں نے
بیان کر دیا ہے کہ ہمیں دشمن کے خلاف ایسے مہلک حربے استعمال نہیں کرنے چاہئیں جو اس
قسم کی تباہی لانے والے ہوں۔ ہمیں صرف وہی حربے استعمال کرنے چاہئیں جو جنگ کے لئے
ضروری ہوں۔ لیکن ایسے حربوں کو ترقی دینا اور ایسے حربوں کو استعمال کرنا جن سے عورتوں،
بچوں اور اُن لوگوں کو جن کا جنگ کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں تکلیف پہنچے ہمارے لئے جائز
نہیں۔ اور ہمارا فرض ہے کہ خواہ ہماری آواز میں اثر ہو یا نہ ہو حکومت سے کہہ دیں کہ ہم آپ
کی خیر خواہی کے جذبہ کی وجہ سے مجبور ہیں کہ اس امر کا اظہار کر دیں کہ ہم آپ کے اس فعل
سے متفق نہیں۔ اور مجبور ہیں کہ آپ کو ایسا مشورہ دیں جس کے نتیجہ میں آئندہ جنگیں اور
فتے بند ہو جائیں۔
جہاں میں اس قسم کے حربوں کے استعمال کے خلاف ہوں اور سمجھتا ہوں کہ اخلاقی
طور پر ہمارا فرض ہے کہ ہم حکومت کو بتائیں کہ یہ کام اچھا نہیں وہاں میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں
که حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی ایک عظیم الشان پیشگوئی اس بم کی ایجاد سے پوری
ہوئی ہے اور آئندہ اور بھی شدت سے اس کے پورا ہونے کا احتمال ہے۔ جیسا کہ میں نے بتایا
ہے کہ ہماری آواز میں اثر تو ہے نہیں کیونکہ نہ ہم سیاست میں بڑے سمجھے جاتے ہیں اور نہ ہم
جتھے میں اتنے بڑے ہیں کہ کوئی ہماری آواز کی طرف توجہ کرے اور نہ مذہبی طور پر ان قوموں
کا ہم پر ایمان ہے کہ وہ سمجھیں کہ ہمیں ان کی بات ماننی چاہیے۔ ہم نے تو صرف ایک فرض ادا
کیا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا اور نہ ہی ہم کر سکتے ہیں۔ مگر دوسری طرف ہم اس بات کو بھی نہیں
بھول سکتے کہ خدائی فیصلہ کس طرح اپنے اپنے زمانہ میں پورا ہو تا چلا آتا ہے۔ حضرت مسیح موعود
علیہ الصلوۃ والسلام کا الہام ہے کہ ”شہروں کو دیکھ کر رونا آئے گا۔ پچھلی بمباریاں جو ہوئی
1945ء
320
خطبات محمود
ہیں وہ اتنی عظیم الشان نہ تھیں جنہیں دیکھ کر رونا آتا ہو لیکن اٹامک بم سے جو بمباری کی گئی ہے
اخبارات والے لکھتے ہیں کہ اس بمباری کی تباہی کو دیکھ کر واقع میں رونا آتا ہے۔ اس بم کے
متعلق بعض لوگوں کا خیال ہے کہ چالیس چالیس میل تک کے علاقہ کو تباہ کر سکتا ہے۔ یہ صاف
بات ہے کہ جہاں یہ بم گرے گا ان جگہوں کو دیکھ کر رونا آئے گا۔ مگر جن جن علاقوں پر وہ
گرے گا جہاں وہ اپنی تباہی کی طاقت پر شہادت دے رہا ہو گا اور اپنے بنانے والوں کے ہنر کی
توصیف کر رہا ہو گا وہاں ہر تباہ شدہ علاقہ اور ہر تباہ شدہ ملک حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام
کی سچائی کی گواہی بھی ساتھ دے رہا ہو گا۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانہ میں
ہوائی جہاز بھی نہ تھے کہ ان کے ذریعہ بمباری کی جاتی۔ آپ کے بعد ہی ہوائی جہاز نکلے۔ پھر
اس کے بعد ہوائی جہازوں سے گرانے والے بم نکلے ۔ اور اس کے بعد اب یہ اٹامک بم نکل
آئے ہیں جو حجم میں بالکل چھوٹے ہوتے ہیں لیکن دو ہزار سُپر فورٹرس (Super Fortress) 6
کی بمباری کے برابر ایک بم کا اثر ہوتا ہے۔ دو ہزار سپر فورٹرس کی بمباری میں ہزار ٹن
کے برابر ہوتی ہے یا ہمارے ملک کے حساب سے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار من ڈائنامیٹ پھینکنے کے
برابر اس ایک بم کا پھینکنا ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ جہاں جہاں یہ بم گریں گے وہاں اللہ تعالیٰ کی
قدرت ظاہر ہو گی اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی یہ پیشگوئی عظیم الشان طور پر
پوری ہو گی کہ ”شہروں کو دیکھ کر رونا آئے گا۔“
جب کبھی مومنوں کے لئے اللہ تعالیٰ غم کا پہلو نکالتا ہے تو ساتھ ہی خوشی کا پہلو بھی
پیدا کر دیتا ہے۔ ہمیں غم ہے کہ دنیا اُس رستے پر چل رہی ہے جو اسے تباہی اور ہلاکت کی طرف
لے جانے والا ہے۔ لیکن ساتھ ہی خوشی بھی ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی
پیشگوئی پوری ہو کر ہمارے لئے زیادتی ایمان کا موجب ہوئی۔ اور ہمیں مزید یقین دلاتی ہے کہ
جس طرح یہ پیشگوئی پوری ہوئی ہے ویسے ہی وہ پیشگوئیاں بھی اپنے وقت پر پوری ہوں گی جن
میں اسلام اور سلسلہ کے غلبہ کی خبر دی گئی ہے۔ اور ایک زمانہ اسلام پر ضرور آئے گا جب وہ
تمام دنیا پر غالب ہو گا۔ ہم نہیں جانتے کہ اس کے بعد دنیا تباہ ہو گی یا باقی رہے گی لیکن اسلام
کے غلبہ سے پہلے دنیا تباہ نہیں ہو گی۔ لوگ ایک دوسرے کو مارنے اور تباہ کرنے کی کوشش
1945ء
321
خطبات محمود
کریں گے لیکن انسان ان تباہیوں اور بربادیوں میں سے کسی نہ کسی طرح بچ ہی نکلے گا۔ یہاں
تک کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی میں اور آپ کے جھنڈے کے نیچے ایک
دفعہ پھر دنیا میں امن قائم کیا جائے گا۔ اور خدا کا کلام پورا ہو کر دنیا کو ان خطرناک عذابوں اور
بلاؤں سے بچالے گا۔ اس کے بعد اگر قیامت جلد آنی ہے تو آجائے گی مگر اس سے پہلے نہیں
اور ہر گز نہیں۔“
الفضل 16 اگست 1945ء)
1: وی ون (V۔One): ہوائی بم جو 1944ء، 1945ء کے دوران ہٹلر نے انگلستان پر حملہ
کرنے کے لئے ایجاد اور استعمال کیا۔
2: وی ٹو (V۔Two): ہوائی بم جو 1944ء، 1945ء کے دوران ہٹلر نے انگلستان پر حملہ
کرنے کے لئے ایجاد اور استعمال کیا۔
3 المدثر: 32
4 بخارى كتاب الجهاد باب لَا يُعَذِّبُ بِعَذَابِ اللَّهِ
5: تذکرۃ صفحہ 719 ایڈیشن چہارم
6: سُپر فورٹرس (B-29 Super Fortress) : یہ چار انجنوں والا ہیوی بمبار طیارہ تھا جس
کو امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے اختتام کے قریب استعمال کیا۔ یہ دوسری جنگ عظیم
میں استعمال کیا جانے والا سب سے بڑا اور سب سے ایڈوانس بمبار جہاز تھا۔ اس جہاز کے
ذریعے سے ہی ہیرو شیما پر ایٹم بم گرایا گیا تھا۔
(Wikipedia, The Free Encyclopedia)