خداتعالیٰ رمضان المبارک میں مومنوں کی دعائیں زیادہ سنتا ہے
1949ء
191
20
خطبات محمود
خدا تعالیٰ رمضان المبارک میں
مومنوں کی دعا ئیں زیادہ سنتا ہے
(فرمودہ 8 جولائی 1949ء )
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:
پچھلے جمعہ میں میں نے دوستوں کو توجہ دلائی تھی کہ انہیں رمضان کے مہینہ سے زیادہ
سے زیادہ فائدہ اُٹھانا چاہیے اور جن کو خدا تعالیٰ توفیق دے انہیں روزے رکھنے چاہیں روزے
چھوڑ نے نہیں چاہیں ۔ رمضان کے مہینہ کی خصوصیتوں میں سے ایک اہم خصوصیت خدا تعالیٰ نے
قبولیت دعا بیان فرمائی ہے۔ جو لوگ دعاؤں کے قائل ہیں وہ تو دعا کرتے ہی رہتے ہیں لیکن ایسے
لوگ بھی دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک وہ ہوتے ہیں جو رسمی اور نسلی ایمان کی وجہ سے ایسا کرتے
ہیں۔ چونکہ وہ اپنے بزرگوں سے سنتے چلے آتے ہیں کہ دعائیں کرنی چاہیں یا ان کے ماں باپ
دعا ئیں کیا کرتے تھے اس لیے وہ بھی دیکھا دیکھی دعا ئیں کرنے لگ جاتے ہیں۔ ایسی دعا کی
حیثیت کھجلی سے زیادہ نہیں ہوتی۔ جس طرح خارش ہوتی ہے اور انسان کھجلانے لگ جاتا ہے اس
کے سامنے کوئی مقصد نہیں ہوتا یونہی ایک اندرونی مجبوری پیدا ہو جاتی ہے اور اسے خواہش محسوس
خطبات محمود
192
1949ء
ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسے کھجلانے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اسی طرح رسمی اور نسلی ایمان والوں
کا حال ہوتا ہے۔ چونکہ انہوں نے اپنے ماں باپ اور دوسرے بزرگوں کو دعائیں کرتے دیکھا ہوتا
ہے اس لیے وہ بھی دیکھا دیکھی دعا کرنے لگ جاتے ہیں ۔ نہ وہ یہ جانتے ہیں کہ دعا کیا ہے اور نہ
ہی انہیں قبولیت دعا پر یقین ہوتا ہے۔ اور اگر کوئی ایسا شخص قبولیت دعا پر یقین بھی رکھتا ہے تو اس کا
ایمان محض جہلاء کا سا ہوتا ہے۔ اُس پر ذرا سی جرح یا اعتراض بھی کیا جائے تو وہ فوراً کہہ دیتا ہے
کہ یہ میری غلطی تھی ۔
دوسری قسم کے لوگ وہ ہوتے ہیں جو سمجھ بوجھ کر دعا کرتے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ
خدا تعالیٰ دعاؤں کو قبول کیا کرتا ہے لیکن انہیں یہ علم نہیں ہوتا کہ دعا چند شرائط کے ساتھ قبول ہوتی
ہے۔ نہ ہر دعا قبول ہوتی ہے اور نہ ہر امر کے لیے دعا قبول ہوتی ہے۔ دعا صرف انہی امور کے
متعلق قبول ہوتی ہے جن کے متعلق اللہ تعالیٰ نے پہلے سے بیان فرما دیا ہے کہ وہ دعا کی حد میں
آتے ہیں اور جو امور دعا کی حد سے باہر ہوتے ہیں ان کے متعلق دعا کرنے سے کچھ اثر نہیں ہوتا۔
دعا کے متعلق ایک پنجابی بزرگ نے کہا ہے کہ ” جو منگے سو مر رہے مرے سو منگن جائے، یعنی دعا
کرنا موت کے برابر ہے۔ جب تک کوئی انسان دعا میں موت قبول نہیں کرتا اُس کی دعا قبول نہیں
ہوتی ۔ بہت سے لوگوں کی دعا ایسی ہی ہوتی ہے جیسے ہم بچپن میں آنکھ مچولی کھیلا کرتے تھے۔ ایک
لڑکے کی آنکھیں کپڑے سے باندھ دی جاتی تھیں اور جب وہ دوسروں کی تلاش میں جاتا تھا تو جو
اسے ہاتھ لگا دیتا تھا یہ سمجھا جاتا تھا کہ وہ بچ گیا ہے یا اور زیادہ چھوٹی عمر کے بچے بجائے ہاتھ لگانے
کے اُس پر تھوکا کرتے تھے۔ اسی طرح بہت سے دعا کرنے والے خدا تعالیٰ کی درگاہ میں تھوک کر
آجاتے ہیں اور سمجھ لیتے ہیں کہ ان کی دعا قبول ہوگئی۔
حالانکہ قبولیت دعا کے لیے ضروری ہے کہ دعا کرنے والے کو قبولیت دعا پر یقین ہو اور وہ
یہ ایمان رکھتا ہو کہ خدا تعالیٰ اس کی دعا سنے گا اور پھر وہ انہی امور کے متعلق دعا کرے جو خدا تعالیٰ
نے پہلے سے بیان فرما دیئے ہیں کہ ان کے متعلق دعاسنی جائے گی۔ دوسرے دعا اس طریق پر کی
جائے جو خدا تعالیٰ نے مقرر فرمایا ہے۔ تیسرے دعا کرنے والے کو صرف قبولیت دعا پر ہی یقین نہ
ہو بلکہ فیضانِ الہی پر اتنا یقین ہو کہ وہ سمجھتا ہو کہ خدا تعالیٰ اسے کبھی بھی خالی ہاتھ واپس نہیں کرے
1949ء
193
خطبات محمود
گا۔ بیشک ایک شخص کو یہ یقین تو ہو سکتا ہے کہ خدا تعالیٰ حضرت موسی علیہ السلام کی دعائیں سُنا کرتا
تھا، حضرت عیسی علیہ السلام کی دعائیں سنا کرتا تھا یا رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعائیں سنا کرتا
تھایا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی دعائیں سنا کرتا تھا مگر اتنا یقین اسے قبولیت دعا کا
حقدار نہیں بنا دیتا ۔ قبولیت دعا کا حقدار وہ اُسی وقت ہوگا جب اسے اپنے متعلق بھی یقین ہو کہ
خدا تعالیٰ اس کی دعاؤں کو سنے گا۔ اور یہ یقین تبھی پیدا ہو سکتا ہے جب اس کا خدا تعالیٰ سے صرف
دماغی تعلق نہ ہو بلکہ محبت کا تعلق ہو اور وہ محسوس کرتا ہو کہ وہ خدا تعالیٰ سے پیار رکھتا ہے۔ جب وہ یہ
محسوس کرے گا کہ وہ خدا تعالیٰ سے محبت کرتا ہے تو یہ ہو نہیں سکتا کہ خدا تعالیٰ اس سے محبت نہ
کرے۔ دماغی طور پر محبت کا تعلق تو اپنے افسر سے بھی ہو سکتا ہے، اپنے محکمہ سے بھی ہو سکتا ہے،
اپنی گورنمنٹ سے بھی ہو سکتا ہے، اپنے محلہ والوں سے بھی ہو سکتا ہے لیکن ان کے ذکر پر انسان کے
اندر فدائیت پیدا نہیں ہوتی ، اس کے اندر ان سے ملنے کی رغبت پیدا نہیں ہوتی ، اس کے قلب میں
رقت پیدا نہیں ہوتی لیکن وہی شخص جب اپنی بیوی کا خیال کرتا ہے یا اپنی بہن کا خیال کرتا ہے تو
اس کے جذبات ویسے نہیں ہوتے جیسا کہ بازار والوں یا محلہ والوں کا خیال کرنے پر ہوتے ہیں۔
مثلاً جب وہ سوچتا ہے کہ فلاں دکان پر مٹھائی اچھی ہوتی ہے یا فلاں دکان پر میوے اچھے ہوتے
ہیں تو اس کے اندر وہ جذبات پیدا نہیں ہوتے جو اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب اُسے کوئی شخص یہ
پیغام دیتا ہے کہ رستہ میں اسے اس کی ماں ملی تھی اور وہ اسے السَّلَامُ عَلَيْكُمْ کہتی تھی یا اس کی بیٹی
آئی تھی اور کہتی تھی میرے ابا جان کو میرا سلام کہہ دینا ۔ وہ جذبات اور ہوتے ہیں اور یہ جذبات اور
ہوتے ہیں۔ دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ حلوائی کا خیال کر کے نہ اُسے رونا آتا ہے۔
اور نہ اُسے ہنسی آتی ہے لیکن ماں یا بیٹی یا بیوی کا خیال آنے پر اُس کے اندر صرف محبت کے جذبات
ہی پیدا نہیں ہوتے بلکہ بعض دفعہ رقت کی وجہ سے وہ بول بھی نہیں سکتا۔ مثلاً اگر وہ یہ خبر سنے کہ اُس
کی ماں یا بیٹی یا بیوی موت کے قریب ہے اور وہ اسے سلام کہتی ہے تو وہ رقت کی وجہ سے رو پڑے گا۔
پس دعا کرنے والے کے اندر خدا تعالیٰ کے متعلق جب محبت کے جذبات پیدا ہوں تبھی
وہ اس کی دعاؤں کو قبول فرماتا ہے۔ اور اگر اس کے اندر محبت کے جذبات پیدا نہیں ہوتے تو وہ یہ
یقین بھی نہیں کر سکتا کہ خدا تعالیٰ اس کی دعاؤں کو سنے گا اور اس کی مدد کو پہنچے گا۔ بچوں کو دیکھ لو انہیں
1949ء
194
خطبات محمود
بہتیرا کہو کہ میں تمہاری ماں سے تمہیں پٹواؤں گا تو وہ یہی کہتے چلے جائیں گے کہ وہ ہمیں نہیں
مارے گی ۔ آخر اس کی کیا وجہ ہے؟ اس کی یہی وجہ ہے کہ بچہ اپنی ماں کے متعلق محبت کے جذبات
رکھتا ہے خواہ وہ مار کے قابل ہی ہو تب بھی وہ یقین رکھتا ہے کہ وہ اسے نہیں مارے گی۔ اسی
طرح اگر تمہیں اللہ تعالیٰ سے اُتنی محبت ہو جاتی ہے کہ تم یقین رکھتے ہو کہ اگر تم سزا کے بھی قابل
ہو تو وہ تمہیں سزا نہیں دے گا بلکہ تم سے پیار کرے گا تو یہی وہ مقام ہے جہاں سے قبولیت دعا
شروع ہوتی ہے۔
خدا تعالیٰ نے رمضان کے متعلق وعدہ فرمایا ہے کہ وہ اس مہینہ میں مومنوں کی دعائیں
زیادہ سُنتا ہے مگر وہ سُنتا انہی شرطوں کے ساتھ ہے جو اس نے پہلے سے بیان فرمادی ہیں ۔ یعنی
انسان کو قبولیت دعا اور خدا تعالیٰ کی قدرتوں پر یقین ہو اور دعا انہی امور کے متعلق کی جائے جو
دعا کی حد میں آتے ہیں اور دعا اتنی کی جائے جتنی شرائط کے مطابق ہو۔ پھر ساتھ ہی دعا
کرنے والے کو خدا تعالیٰ سے محبت ہو اور وہ یہ ! یہ یقین رکھتا ہو کہ خدا تعالیٰ صرف حضرت موسی
علیہ السلام یا حضرت عیسی علیہ السلام یا حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت مسیح موعود
علیہ الصلوۃ والسلام کا ہی خدا نہیں تھا بلکہ میرا بھی خدا ہے۔ یہی وہ جذبہ تھا جس کے ماتحت
حضرت احمد صاحب سر ہندی نے یہ کہہ دیا تھا
پنجه در پنجه خدا دارم
ه
من چه پر وائے مصطفی دارم
اس سے آپ کی یہی مراد تھی کہ خدا تعالی سے میرا ذاتی تعلق ہے اور وہ براہ راست مجھ
سے پیار کرتا ہے۔ جیسے ایک عورت خاوند سے بھی محبت کرتی ہے اور اپنے بیٹے سے بھی محبت کرتی
ہے۔ مگر ماں کی محبت میں بیٹا باپ کا محتاج نہیں ہوتا اُسے اپنی ماں سے براہِ راست تعلق ہوتا ہے۔
اور ماں بھی اپنے خاوند کا خیال کیے بغیر اس سے محبت کرتی ہے۔ گویا جب وہ خاوند کا خیال کرے گی
اس سے بھی محبت کرے گی اور جب بیٹے کا خیال کرے گی اس سے بھی محبت کرے گی ۔
اولیاء اللہ نے لکھا ہے کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب مُرید اپنے پیر سے آزاد ہو جاتا
ہے۔ اس سے یہ مراد نہیں کہ تابع اپنے متبوع سے آزاد ہو جاتا ہے بلکہ اس کے یہ معنی ہیں کہ انسان محبت
کرتے کرتے ایک ایسے مقام پر پہنچ جاتا ہے کہ اُس کا خدا تعالیٰ سے براہ راست تعلق ہو جاتا ہے۔ وہ
1949ء
195
خطبات محمود
ہوتا اپنے پیر اور متبوع کے ماتحت ہی ہے اور وہ ان کا فرمانبردار ہوتا ہے کیونکہ اگر وہ ان کی نافرمانی
کرے گا تو خدا تعالیٰ اسے اپنی درگاہ سے باہر نکال دے گا لیکن خدا تعالیٰ اس سے بھی براہ راست
محبت کے تعلقات رکھتا ہے۔ یہی وہ مقام ہوتا ہے جو قبولیت دعا کو یقینی بنا دیتا ہے۔
ہماری جماعت نے خدا تعالیٰ کے جو نشانات دیکھے ہیں اور جو سامان قبولیت دعا کے
اسے میسر ہیں وہ دوسروں کو نصیب نہیں ۔ ایک احمدی جس نے سلسلہ کے لٹریچر کا معمولی مطالعہ بھی
کیا ہو وہ قبولیت دعا کے متعلق وہ کچھ جانتا ہے جو دوسرے مسلمانوں میں سے ایک بڑا صوفی بھی نہیں
جانتا۔
پس خدا تعالیٰ نے ہمیں سامان بہم پہنچا دیئے ہیں مگر ان سے فائدہ اُٹھانا ہر شخص کا اپنا کام
ہے۔ دوستوں کو چاہیے کہ وہ رمضان کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں ، احمدیت کی ترقی
کے لیے دعائیں کریں، اپنے روحانی درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کریں، سلسلہ کا کام کرنے
والوں کے لیے دعائیں کریں کہ خدا تعالیٰ ان کے اندر نیکی اور تقوی پیدا کرے اور جو غفلت اور
سستی ان کے اندر پائی جاتی ہے وہ دُور کرے۔ پھر ہمیں یہ بھی دعائیں کرنی چاہیں کہ خدا تعالیٰ
لوگوں کے دلوں کو کھولے اور وہ احمدیت کو قبول کریں۔ غرض ہمیں ان تمام امور کے لیے دعائیں کرنی
چاہیں جن کے ساتھ ہماری جماعت کی ترقی وابستہ ہے تا کہ جب یہ دن گزر جائیں تو ہمارا مقام
الفضل 11 اپریل 1957 ء )
پہلے سے زیادہ بلند ہو۔