ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن کریم سیکھیں
خطبات ناصر جلد اول
۳۰۵
خطبہ جمعہ یکم جولائی ۱۹۶۶ء
ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن کریم سیکھیں ،
جانیں اور ہر وقت اس کی اتباع کرنے کی کوشش کریں
خطبہ جمعہ فرمودہ یکم جولائی ۱۹۶۶ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے متعلق یہ دعویٰ فرمایا ہے۔وَمَا تَسْلُهُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ إِنْ هُوَ إِلَّا ذِكرَ لِلْعَلَمِينَ - (يوسف : ۱۰۵)
کہ اے رسول! تو جو ان کفار کو تبلیغ کر رہا ہے اور خدا تعالیٰ کا پیغام انہیں پہنچا رہا ہے اس پر
تو ان سے کوئی اجر نہیں مانگتا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ قرآن کریم تمام جہانوں کے لئے سراسر شرف
کا موجب ہے۔اس آیت میں قرآن کریم کے متعلق یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جس طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
تمام عالمین کے لئے رحمت ہیں ( رَحْمَةٌ لِلْعَلَمِينَ ) اسی طرح قرآن کریم تمام عالمین کے لئے
ذکر ہے۔ذکر عربی زبان میں مختلف معانی میں استعمال ہوتا ہے۔اس جگہ ذکر کے چار معنی چسپاں ہوتے ہیں۔اس کے پہلے معنی الْكِتَابُ فِيْهِ تَفْصِيلُ الدِّينِ وَوَضْعُ الْمِلَلِ ایسی کتاب جس میں دین
کی تفاصیل اور احکام شریعت کامل طور پر بیان کئے گئے ہیں۔تو فرما یا کہ قرآن کریم ایک کامل کتاب شریعت ہے۔کوئی شرعی حکم ایسا نہیں جو اس میں
خطبات ناصر جلد اوّل
خطبہ جمعہ یکم جولائی ۱۹۶۶ء
بیان ہونے سے رہ گیا ہو اور دین و مذہب کے متعلق جتنی بھی تفصیل انسان کے لئے ضروری ہے۔وہ ساری کی ساری اس کتاب میں بیان کر دی گئی ہے۔پس اس کی اتباع اللہ تعالیٰ کی انتہائی
خوشنودی کے حصول کا ذریعہ ہے۔اس کے دوسرے معنی ہیں الشرف بلند مرتبہ، رفعت اور بزرگی۔تو فرمایا کہ جو احکام شریعت
قرآن کریم میں بیان کئے گئے ہیں۔اگر تم ان کو سیکھو گے سمجھو گے اور ان پر عمل کرو گے۔تو اس
کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ تمہیں بلند مرتبہ اور رفعت اور بزرگی عطا کرے گا اور اتباع قرآن کے ذریعہ
آسمانی (روحانی) رفعتوں کے وہ دروازے جو خدا تعالیٰ کے قرب کی راہوں کو ڈھونڈنے والوں
کے لئے کھولے جاتے ہیں۔تم پر کھولے جائیں گے۔اس کے تیسرے معنی القاء کے ہیں۔تعریف اور حمد۔تو خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب اتباع قرآن
کے نتیجہ میں روحانی رفعتوں کو تم حاصل کر لو گے تو تمہیں تعریف اور ثناء بھی حاصل ہو جائے گی۔الثناء کا لفظ جس قسم کی تعریف کے متعلق بولا جاتا ہے۔اس میں ایک لطیف اشارہ پایا جاتا ہے۔وہ یہ کہ کسی دوسرے کامل وجود کا ثانی بننا یعنی اس کے اخلاق کی اتباع کر کے اس کا رنگ اختیار
کرنے کی کوشش کرنا۔پس اس میں تو جہ دلائی گئی ہے کہ قرآن کریم نے جو تعلیم تمہارے سامنے رکھی ہے۔وہ یہی
ہے کہ تم تَخَلُقُ بِأَخْلَاقِ اللہ حاصل کر سکو۔اللہ تعالیٰ کے اخلاق کا مظہر بن سکو۔اور جب تم اللہ تعالیٰ
کے اخلاق کا مظہر بن جاؤ گے تو ہر صاحب عقل و بصیرت تمہاری تعریف ، تمہاری شناء اور تمہاری
حمد کرنے پر مجبور ہوگا۔اس کے چوتھے معنی الصیت یعنی ذکر خیر کے ہیں۔تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ احکام قرآنی پر
عمل کرنے کے نتیجہ میں جو بزرگی اور رفعت حاصل ہوتی ہے اور بندہ خدا تعالیٰ کی صفات کا مظہر
بن جاتا ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایک دنیا ایسے لوگوں سے فائدہ حاصل کرتی ہے۔صرف ان
کی اپنی نسل پر ہی نہیں بلکہ ایسے لوگوں کا احسان آئندہ آنے والی نسلوں پر بھی ہوتا ہے۔اس کی
وجہ سے ان کا ذکر خیر باقی رہ جاتا ہے۔کیونکہ ذکر خیر صرف اسی شخص ، گروہ یا سلسلہ کا ہی قائم رکھا
خطبات ناصر جلد اول
۳۰۷
خطبہ جمعہ یکم جولائی ۱۹۶۶ء
جاتا ہے اور رکھا جانا چاہیے ) کہ جس کا احسان آئندہ نسلوں پر ہو اور اس طرح آئندہ نسلیں اس
شخص، گروہ یا سلسلہ کو یا د رکھتی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ پہلوں نے ہم پر بڑے احسان کئے ہیں اور
ہمیں ان احسانوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔مثلاً ہم احادیث کے جمع کرنے والے بزرگوں کا ادب
اور احترام اور دعا کے ساتھ ذکر کرتے ہیں۔ان کا ذکر خیر اسی وجہ سے قائم ہے کہ ان لوگوں نے
اپنی زندگیاں ہمارے فائدے کے لئے صرف کر ڈالیں۔ان لوگوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
کے اقوال کو جمع کیا۔ان کی چھان بین کی اور انہیں ہم تک پہنچانے کا انتظام کیا۔اس احسان کے
بدلہ میں ان کا ذکرِ خیر نَسُلًا بَعْدَ نَسْلٍ ہم تک چلا آیا اور آئندہ چلتا چلا جائے گا۔پس اللہ تعالیٰ نے یہاں یہ فرمایا کہ قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے جو ہر لحاظ سے کامل ومکمل
ہونے کے علاوہ یہ خوبی بھی اپنے اندر رکھتی ہے کہ جب کوئی اس پر عمل کرتا ہے تو وہ صرف اسی نسل
کو زیر بارا احسان نہیں کر رہا ہوتا جس کا وہ ایک فرد ہوتا ہے بلکہ اس ذریعہ سے اللہ تعالیٰ اس سے
نیکیوں اور خیر کے وہ کام لیتا ہے جس کے نتیجہ میں آئندہ نسلیں بھی اس کے احسان کے نیچے دبی
ہوتی ہیں۔وہ اس کے اس احسان کو پہچانتی ہیں اور اس کی وجہ سے اس کی شکر گزار ہوتی ہیں۔اس
لحاظ سے یہ قرآن اس کے لئے القیت ذکر خیر کے جاری رہنے کا موجب بن جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے متعلق بہت سی تعریفیں خود اس میں بیان فرمائی ہیں۔اس
چھوٹی سی آیت میں بھی بہت کچھ بیان کیا گیا ہے جس کی طرف میں نے اس وقت محض اشارے
کئے ہیں لیکن ان اشارات سے بھی ہم اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ اگر ہم اس دنیا میں عزت اور شرف
حاصل کرنا چاہتے ہیں۔اگر ہمارے دل میں یہ خواہش ہے کہ ایک طرف ہمارا رب ہم سے راضی
ہو جائے اور دوسری طرف آئندہ نسلیں بھی ہمیں نیک نام سے یاد کریں۔ہمارے لئے دعا کرنے
والی ہوں اور خدا کے حضور گڑ گڑانے والی ہوں کہ اے خدا ان لوگوں پر اپنی زیادہ سے زیادہ
رحمتیں نازل کرتا چلا جا۔تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن کریم کو سیکھیں، جانیں اور اس کی
اتباع کریں اور اس کو ہر وقت اپنے سامنے رکھیں۔اسی لئے میں نے قرآن کریم سکھنے اور سکھانے کی طرف جماعت کو تو جہ دلائی تھی۔
خطبات ناصر جلد اوّل
۳۰۸
خطبہ جمعہ یکم جولائی ۱۹۶۶ء
خلیفہ وقت کا سب سے بڑا اور اہم کام یہی ہوتا ہے کہ وہ قرآن کریم کی تعلیم کو رائج کرنے
والا ہو اور نگرانی کرنے والا ہو کہ وہ لوگ جو سلسلہ حقہ کی طرف منسوب ہونے والے ہیں کیا وہ
قرآن کریم کا جوا ا اپنی گردنوں پر رکھنے والے ہیں؟ اور اس سے منہ پھیر نے والے نہیں بلکہ اس کی
پوری پوری اطاعت کرنے والے ہیں۔میری اس تحریک پر جماعتوں نے توجہ دی۔بہت سی جماعتوں کی طرف سے تو بہت اچھی
رپورٹیں مل رہی ہیں لیکن بعض جماعتیں ابھی ایسی بھی ہیں جہاں ابھی تک یہ کام شروع نہیں ہوا اور
بعض جماعتوں کے متعلق یہ اطلاع بھی ملی ہے کہ کام شروع ہونے کے بعد پھر ستی کے آثار ظاہر
ہورہے ہیں۔میں پھر تمام جماعتوں کو ، تمام عہدیداران خصوصاً امراء اضلاع کو اس طرف توجہ دلاتا ہوں کہ
قرآن کریم کا سیکھنا، جاننا ، اس کے علوم کو حاصل کرنا اور اس کی باریکیوں پر اطلاع پانا اور ان راہوں
سے آگاہی حاصل
کرنا جو قرب الہی کی خاطر قرآن کریم نے ہمارے لئے کھولی ہیں از بس ضروری ہے۔اس کے بغیر ہم وہ کام ہر گز سر انجام نہیں دے سکتے جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس سلسلہ کو
قائم کیا ہے۔پس میں آپ کو ایک دفعہ پھر آگاہ کرتا ہوں اور متنبہ کرتا ہوں کہ آپ اپنے اصل
مقصد کی طرف متوجہ ہوں اور اپنی انتہائی کوشش کریں کہ جماعت کا ایک فرد بھی ایسا نہ رہے نہ بڑا
نہ چھوٹا ، نہ مرد نہ عورت ، نه جوان نہ بچہ کہ جسے قرآن کریم ناظرہ پڑھنا نہ آتا ہو جس نے اپنے
ظرف کے مطابق قرآن کریم کے معارف حاصل کرنے کی کوشش نہ کی ہو۔اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی ذمہ داریوں کے سمجھنے کی اور پھر انہیں نبھانے کی توفیق دے اور مجھے بھی
توفیق دے کہ جب تک آپ اس بنیادی مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے ، اس رنگ میں آپ کی نگرانی
کرتا رہوں جس رنگ میں نگرانی کرنے کی ذمہ داری مجھ پر عائد کی گئی ہے۔وَمَا تَوْفِيقُنَا الَّا بِاللهِ
(روز نامه الفضل ربوہ ۲۷ / جولائی ۱۹۶۶ ء صفحہ ۲، ۳)