سورة فاتحہ بڑی حسین بڑی گہرائیوں اور تاثیروں والی دعا ہے
خطبات ناصر جلد دوم
۱۹۹
69
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
سورۃ فاتحہ بڑی حسین ، بڑی وسعتوں ، گہرائیوں اور
تأثیروں والی دعا ہے
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ
تشہد ،تعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔گزشتہ چند خطبات میں میں نے سورہ فاتحہ کی مختلف آیات لے کر ان کے مضمون کو جماعت
کے سامنے رکھا تھا اور اس سلسلہ میں جو ذمہ داریاں ان پر عائد ہوسکتی ہیں ان کی طرف انہیں متوجہ
کیا تھا آج مجھے خیال آیا کہ ان خطبات میں قریباً ساری سورۃ فاتحہ کی ایک تفسیر بیان ہوگئی ہے سوائے
ایک ٹکڑے غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ کے اس لئے آج میں جماعت کو اس مضمون کی
طرف متوجہ کروں گا جو اس چھوٹی سی آیت میں بیان ہوا ہے۔اگر چہ میری بیماری کافی حد تک دور
ہو چکی ہے لیکن کچھ ضعف باقی ہے اس لئے اختصار ہی کرنا پڑے گا اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ میں
اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ ایک عجیب دعا، بڑی حسین اور بڑی وسعتوں اور بڑی گہرائیوں اور بڑی تاثیروں والی
دعا سکھائی اور ہمیں بتایا کہ یہ دعا کرو کہ اے خدا عقل بھی ہمیں یہی بتاتی ہے ہماری فطرت بھی اسی طرف
راہ نمائی کرتی ہے کہ ہر مقصود کے پانے کے لئے ایک سیدھی راہ ہوا کرتی ہے اور جو اس سیدھی راہ کو
اختیار کرتا ہے وہی اپنے مقصود کو حاصل کرتا ہے اس لئے ہمیں وہ سیدھی راہ دکھا جو ہمیں تجھ تک پہنچا
دے تو ہمیں مل جائے تیرے ساتھ ہمارا تعلق قائم ہو جائے تجھے ہم پالیس، تیری رحمتوں کے ہم
خطبات ناصر جلد دوم
۲۰۰
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
وراث بن جائیں اور بتایا کہ یہ راہ آج پہلی دفعہ انسان
کو نہیں بتائی جارہی بلکہ حضرت آدم علیہ السلام
سے نبوت کا ایک سلسلہ شروع ہوا اور انبیاء سے تعلق رکھنے والے بزرگ ، خدا کی راہ میں قربانی
دینے والے، خدا کی محبت کو پانے والے پیدا ہوتے رہے پس جس طرح پہلوں پر اصولی طور پر
تیرے انعام نازل ہوئے تو ہمیں ایسی راہ دکھا کہ ہم بھی ان جیسے بن جائیں اور اس قسم کے انعام
ہمیں بھی تیری طرف سے ملیں۔اس حصہ پر میں نے خاصی تفصیل سے روشنی ڈالی تھی لیکن میرا
خیال ہے کہ وہ خطبہ محفوظ نہیں رہا، مری میں میں نے بعض خطبات دیئے تھے جو محفوظ نہیں رہ سکے
یعنی نہ تو وہ ٹیپ ہوئے نہ رکھے گئے۔بہر حال اس کے بعد اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ منعم عليهم
گروہ کے علاوہ ایک گروہ وہ بھی ہے جو منعم علیہم نہیں اور آگے وہ دوحصوں میں منقسم ہوتا ہے ایک وہ
جو مغضوب بن جاتے ہیں اور ایک وہ جو راہ سے بھٹک جاتے ہیں۔مغضوب کے معنی قرآن کریم کی
اصطلاح میں یہ ہیں کہ جو شخص انشراح صدر کے ساتھ کفر کو کفر سمجھتے ہوئے قبول کرتا ہے سب سے
پہلا انشراح صدر اس سلسلہ میں ابلیس کو ہوا تھا اس سے کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں تھی وہ اپنے اللہ کو
پہچانتا تھا، اللہ سے وہ گفتگو کر رہا تھا لیکن کہتا تھا کہ میں کفر کروں گا اور لوگوں کو بھٹکاؤں گا تیرا کہنا
نہیں مانوں گا حالانکہ وہ جانتا تھا کہ اس کی سزا ملے گی خدا نے کہا تھا کہ میں تجھ سے اور تیرے
ماننے والوں سے جہنم کو بھر دوں گا لیکن وہ کفر پر قائم رہا غرض مغضوب اس کو کہتے ہیں جو نافرمانی
کی راہ کو نافرمانی کی راہ سمجھتا ہے۔جو کفر کے راستہ کو کفر کا راستہ سمجھتا ہے جو جانتا ہے کہ اگر میں
نے یہ راہ اختیار کی تو اللہ تعالیٰ کا یقینی غضب مجھ پر نازل ہو گا لیکن کبھی اس کا شیطانی نفس یہ فیصلہ
کرتا ہے کہ میں نے اسی راہ کو اختیار کرنا ہے اللہ تعالیٰ مغضوب کے اس مضمون کو بیان کرتے
ہوئے سورہ نحل میں فرماتا ہے۔مَنْ كَفَرَ بِاللهِ مِنْ بَعْدِ اِيْمَانِةِ إِلَّا مَنْ أُكْرِهَ وَقَلْبُهُ مُطْمَينَ بِالْإِيمَانِ وَلَكِنْ مَنْ
شَرَحَ بِالْكُفْرِ صَدْرًا فَعَلَيْهِمْ غَضَبٌ مِّنَ اللهِ۔(النحل : ۱۰۷)
اس آیت میں بڑی وضاحت کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ غضب اس گروہ یا فرد پر
خطبات ناصر جلد دوم
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
نازل ہوتا ہے جو انشراح صدر سے کفر کے راستہ کو قبول کرتا ہے پس غضب کے نزول کے لئے جو
وجہ بنتی ہے وہ جان بوجھ کر خدا تعالیٰ کے غضب، اس کی ناراضگی اور اس کے قہر کے راستوں کو
اختیار کرنا ہے یعنی عرفان ہوتا ہے کہ یہ راستہ جہنم کی طرف لے جا رہا ہے وہ جانتا ہے کہ اس سے
خدا ناراض ہو جائے گا لیکن پھر جرات کرتا ہے اور خدا کی ناراضگی ، اس کے غضب اور قہر کو مول
لیتا ہے۔اسی طرح سورۃ بقرہ کی آیات ۱۹۰ اور ۹۱ میں یہ مضمون بیان ہوا ہے ( میں چونکہ اختصار
کرنا چاہتا ہوں اس لئے نہ میں پوری آیات پڑھ رہا ہوں نہ میں ان کا ترجمہ کروں گا نہ تفسیر بیان
کروں گا میں اس مطلب کے ٹکڑے لوں گا ) آیت ۹۰ میں ہے۔فَلَمَّا جَاءَهُم مَّا عَرَفُوا كَفَرُوا بِہ کہ ان کے پاس جب کافروں پر فتح اور کامرانی حاصل
کرنے کے سامان آگئے تو باوجود اس عرفان کے، باوجود اس سمجھ کے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے
برکت کے سامان پیدا ہوئے ہیں كَفَرُوا بِہ انہوں نے اس کا انکار کر دیا اور آیت ۹۱ میں جو
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ اس بات پر بگڑتے ہیں کہ اللہ اپنی مرضی سے اپنے بندوں میں سے جس پر
چاہتا ہے کلام نازل کر دیتا ہے یہ کیا بات ہوئی ہم جس پر چاہیں اللہ کا فضل ہے ( نعوذ باللہ ) کہ وہ
اس پر کلام نازل کرے غرض وہ جانتے تھے کہ یہ کلام اللہ کا ہے پس اس ٹکڑے میں یہ بات
وضاحت سے بیان ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ کلام اللہ کا ہے۔وہ یقین رکھتے ہیں کہ جس پر یہ کلام
نازل ہوا ہے اللہ تعالیٰ نے اسی کو پسند کیا ہے اور اس کو اپنا محبوب بنانا چاہا ہے۔اپنے قرب سے
نوازنا چاہا ہے اور اس پر اپنا کلام نازل کیا ہے اور یہ جانتے بوجھتے انکار کرتے ہیں نتیجہ
کیا ہوا ؟ فَبَاءُ وَ بِغَضَب علی غضب ایک غضب کے بعد دوسرے کے وہ مورد بن گئے جَاءَهُمُ ما
عَرَفُوا كَفَرُوا بِہ کی وجہ سے ایک غضب مول لے لیا اور اس بات سے ناراض ہوئے کہ خدا نے
اپنی مرضی سے اپنی پسند سے اس شخص پر اپنا کلام کیوں نازل کیا جسے اس نے مقرب بنانا چاہا
ہماری مرضی چلنی چاہیے تھی وہ سمجھتے ہوئے کہ یہ کلام خدا کا ہے اور جس پر نازل ہوا ہے وہ خدا
کا مقرب بھی ہے انکار کر جاتے ہیں فَبَاءُ وَ بِغَضَبِ عَلَى غَضب ایسے لوگ غضب کے بعد غضب
کے مورد ہو جاتے ہیں۔غرض غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ میں یہ مضمون بیان ہوا ہے کہ اے خدا کبھی
خطبات ناصر جلد دوم
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
ایسا نہ ہو کہ ہم شیطان کی طرح تیری معرفت رکھنے کے باوجود اس بات پر یقین رکھتے ہوئے کہ
تیری طرف لے جانے والی صراط مستقیم کون سی ہے پھر بھی اس راہ کو چھوڑ دیں اور شیطان کی
راہوں کو اختیار کر لیں اور یہ ہو نہیں سکتا جب تک تیرا فضل اور تیری رحمت ہمارے شامل حال نہ
ہو اس لئے تجھ سے یہ عاجزانہ دعا ہے کہ ہمیں مغضوب
کبھی نہ بنانا۔وَلَا الضَّانِينَ اور نہ بھی ہمیں ضال بنانا ضال سیدھے راہ سے بھٹکنے والے کو کہتے ہیں اور قرآن کریم
نے اس کے یہ معنی کئے ہیں کہ الَّذِینَ ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِي الْحَيوةِ الدُّنْيَا (الكهف :۱۰۵) پس
ضالین وہ ہیں جن کی تمام کوششیں ان راہوں کی تلاش میں رہتی ہیں جو اُخروی زندگی سے ورے
ورے ختم ہو جاتی ہیں۔ضَلَّ سَعْيُهُمُ فِي الْحَيَوةِ الدُّنْیاوہ اس ورلی زندگی کے کناروں سے نکل کر
اُخروی زندگی تک نہیں پہنچتیں۔راہ بھٹک جاتی ہے کوشش جو ہے وہ آگے چل ہی نہیں سکتی ایسے
راستے وہ اختیار کرتے ہیں جن کا صرف اس دنیا سے تعلق ہے حالانکہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے یہ ساری
چیزیں (خواہ وہ قوتیں اور استعدادیں ہوں یا مادی سامان ہوں یا فطرت کے تقاضے ہوں ) اس
لئے دی تھیں کہ اس دنیا میں وہ ختم نہ ہوں نہ صرف اس دنیا سے ان کا تعلق ہو بلکہ ان کے نتیجہ میں
انسان اس دنیا میں بھی اللہ تعالیٰ کی رضا کی جنت کو حاصل کرے اور اس دنیا میں بھی وہ اس رضا کی
جنت کو حاصل کرے لیکن ایک گروہ انسانوں میں سے یا بعض افراد ایسے ہوتے ہیں کہ جوان
قوتوں کی انتہا اس دنیا کے ورے ورے سمجھتے ہیں اسی طرح دنیا کے جو سامان ہیں ان کے متعلق
سمجھتے ہیں کہ وہ بس دنیا میں ہی ہمارے کام آئیں گے حالانکہ ایک عقلمند مومن یہ جانتا ہے کہ وہ
بکرا جو خدا نے مجھے دیا ہے اور جو گوشت پوست ہے اور اس کی زندگی بھی چھوٹی ہے ایک ایسی چیز
ہے جو صرف اس دنیا میں ہمارے کام نہیں آسکتی بلکہ اگر ہم چاہیں تو یہ اس دوسری دنیا میں بھی
ہمارے کام آئے گی کیونکہ اگر ہم چاہیں تو تقوی کا ٹیگ لیبل اس کے ساتھ لگا دیں تو بکرا یہاں رہ
جائے گا لیکن وہ ٹیگ، وہ لیبل آسمانوں کے خدا کے پاس پہنچ جائے گا۔لَنْ يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا
وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَكِن يَنَالُهُ التَّقْوَى مِنْكُمُ (الحج: ٣٨) تقویٰ کے ساتھ لگا تو بکرا اللہ کے حضور
پہنچ گیا اور تمہارے لئے دوسری زندگی میں بھی مفید ہوگا ( یہ زندگی تو اس زندگی کے مقابلہ میں اتنی
خطبات ناصر جلد دوم
۲۰۳
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
معمولی چیز ہے کہ ہم اس کا نام ہی نہیں لیں گے ) دوسری زندگی میں بھی وہ کام آ جائے گا آپ دفتر
میں جاتے ہیں سو روپیہ آپ کو تنخواہ ملتی ہے اب کوئی احمق ہی کہہ سکتا ہے کہ یہ چاندی کے سکے یا
کاغذ کے نوٹ صرف اس دنیا سے تعلق رکھتے ہیں قیصر کی چیز ہے اس کا ایک حصہ اس کو دے دینا
چاہیے لیکن چونکہ یہ خدا کی چیز نہیں اسے نہیں دینا چاہیے اگر کوئی ایسا سمجھتا ہے تو وہ تباہ ہو جائے گا اُسے
یہ کہنا چاہیے کہ ہر چیز چونکہ خدا کی ہے اس لئے جس قدر چاہے وہ لے لے پھر جو بچ جائے گاوہ میں
استعمال کرلوں گا۔ایک مومن کی یہی نیت ہوتی ہے اس کی یہ نیت نہیں ہوتی کہ جو مجھ سے بچ جائے گا
وہ میں خدا کو دے دوں گا بلکہ اس کی نیت یہ ہوتی ہے کہ جو اللہ سے بچ جائے گا اس معنی میں کہ وہ کہے
کہ میں نے اتنا لے لیا باقی تم استعمال کر لو تو پھر وہ میں استعمال کرلوں گا۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم
نے اپنے صحابہ میں سے بعض کے ساتھ یہی سلوک کیا آپ نے فرمایا نہیں اتنا مال نہیں چاہیے
واپس لے جاؤ اور استعمال کرو اس نیک نیتی کے ساتھ جتنا دینا چاہا پیش کر دیا اور ہمیں یقین ہے کہ
اس نے خدا سے اسی کے مطابق ثواب حاصل کر لیا۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے حالات
کو دیکھتے ہوئے اور اسلام کی اس وقت کی ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے کہا سارے مال کی
ضرورت نہیں واپس لے جاؤ پھر یہ بتانے کے لئے کہ جب ایک مومن خدا کے حضور اپنا سارا مال
پیش کرتا ہے تو اس کے دل میں یہ بد نیتی نہیں ہوتی کہ سارا مال قبول نہیں کیا جائے گا اس لئے سارا
پیش کرنے میں کوئی حرج نہیں۔حضرت ابوبکر نے جب اپنا سارا مال پیش کیا تو وہ سارا قبول کر
لیا گیا اور بتایا گیا کہ ہر مومن کے دل کی یہی کیفیت ہے لیکن کچھ مومن وہ ہوتے ہیں جو جواں ہمت
ہوتے ہیں اور جو انتہائی بوجھ کو برداشت کر سکتے ہیں (چنانچہ آپ نے ان میں سے ایک کا سارا
مال لے لیا اور مثال کو قائم کر دیا ) اور کچھ وہ ہوتے ہیں کہ ان کی روح تو انتہائی قربانیاں دینے کے
لئے تیار ہوتی ہے لیکن ان کا ماحول اور ان کا جسم اس کے لئے تیار نہیں ہوتا ان کو فتنہ اور امتحان سے
بچانے کے لئے ان کے مال کا ایک حصہ قبول کر لیا جاتا ہے اور ایک حصہ واپس کر دیا جاتا ہے۔پس مومن کی مادی کوشش مادی دنیا کی حدود سے ورے
ختم نہیں ہو جاتی اور اس کے متعلق
نہیں کہا جاسکتا کہ ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِي الْحَيوةِ الدُّنْيَا کیونکہ ہر روپیہ جو وہ خرچ کرتے ہیں زندگی کا
خطبات ناصر جلد دوم
۲۰۴
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
ہرلمحہ جو وہ گزارتے ہیں ، اخلاق کا ہر مظاہرہ جو ان سے سرزد ہوتا ہے بچوں سے محبت اور پیار کا
سلوک جود نیا ان سے دیکھتی ہے اس کے پیچھے یہی روح کام کر رہی ہوتی ہے کہ جس نے خدا کی رضا
کے لئے اپنی بیوی کے منہ میں لقمہ ڈالا اس نے بھی ثواب حاصل کر لیا۔غرض مومن اپنے ہر دنیوی کام
کو اُخروی جزا اور اُخروی نعماء کے حصول کا ذریعہ بنالیتا ہے اور اس کے متعلق نہیں کہا جاسکتا ہے کہ
وه ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِی الحیوۃ الدنیا والے گروہ میں ہے لیکن بہت سے لوگ ہمیں ایسے بھی نظر آتے
ہیں، بہت سی قومیں ہمیں ایسی نظر آتی ہیں جو راہ بھول گئے ہیں ان
کو پتہ ہی نہیں کہ سیدھا راستہ کون سا
ہے اس لئے وہ مَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ کے گروہ میں شامل نہیں کئے جاسکتے وہ ضالّ کے گروہ میں
شامل ہو سکتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی اصلاح کے ذرائع تو اختیار کرے گا اور وہ انہیں سخت بھی محسوس
ہوں گے لیکن اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے شروع ہی میں سورۃ فاتحہ میں ان دو گروہوں میں ایک فرق
کر دیا یعنی ایک کو مَغْضُوب کہا ہے اور ایک کو ضال کہا ہے یہ لوگ صراط مستقیم کو پہچانتے نہیں۔ضالین یہ سمجھتے ہیں کہ جس راستہ پر وہ ہیں بس وہی ٹھیک ہے نہ وہ خدا کو پہچانہیں نہ کوئی آسمانی تعلیم
ایسی ہے جس کے اوپر ان کا پختہ یقین ہے۔وہ سمجھتے ہیں بس یہ دنیا پیدا ہوئی یا اگر ان میں سے بعض
ایسے بھی ہیں جو سمجھتے ہیں کہ دنیا کو اللہ نے پیدا کیا ہے مگر اتنی بڑی ہستی ان عاجزوں سے ایک زندہ تعلق
کیوں قائم رکھے گی اس لئے اس کا ہمارے ساتھ کوئی زندہ تعلق نہیں غرض اپنی حماقت ، اپنی بیوقوفی ،
اپنی روایات ( ہزار قسم کی وجوہات ہو سکتی ہیں ان سب وجوہات ) کے نتیجہ میں وہ راہ گم کر بیٹھے
ہیں اور اس میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ اگر یہ جماعت مومنین جو احیائے اسلام کے لئے پیدا
کی گئی ہے ضالین کے سامنے بھٹکتے ہوئے راہی کے سامنے ہدایت پیش کرے گی تو ان میں سے
بہت سے اسے قبول کر لیں گے کیونکہ ان کی یہ صفت بیان کی گئی ہے کہ وہ جان بوجھ کر انشراح صدر
کے ساتھ ضلالت کی راہوں
کو اختیار نہیں کرتے بلکہ بھٹکے ہوئے ہیں۔ان کو صراط مستقیم کا پتہ ہی نہیں۔پس اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ دعا کرتے رہو کہ کبھی ایسا نہ ہو کہ ہم میں سے کوئی فرد یا جماعت
گمراہی میں، کفر میں، پڑ کر ایک حصہ ان کا مغضوب بن جائے اور ایک حصہ ان کا ضال بن جائے
یعنی ہر شخص دعا کرنے والا اپنے اور اپنوں کے لئے یہ دعا کرے کہ اے خدا میری فطرت میں
خطبات ناصر جلد دوم
۲۰۵
خطبہ جمعہ ۱۲ جولائی ۱۹۶۸ء
شیطنت کو کبھی پیدا نہ ہونے دینا کہ میں تیری راہ کو جانتے بوجھتے انشراح صدر کے ساتھ چھوڑنے
لگ جاؤں اور نہ ایسے حالات پیدا کرنا کہ میں تیری راہ کو گم کر دوں اور بھٹک جاؤں اور شیطان کی
راہوں کو اختیار کرلوں۔غرض جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے متعدد جگہ تحریر فرمایا ہے سورۃ فاتحہ
ایک عظیم دعا ہے اس وقت میں صرف اس چھوٹے سے ٹکڑے کا مضمون بیان کر رہا ہوں اور اس
سورۃ کا یہ ٹکڑا بھی عظیم دعا ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ میرے غضب سے بچنے کے لئے ہر قسم کی
تدبیر اختیا ر کرنے کے بعد میرے حضور آؤ اور دعائیں کرو اور ضلالت کی راہوں کو اختیار کرنے
سے بچنے کے لئے ہر قسم کی تدبیر اختیار کرو اور میرے پاس آؤ اور دعا کرو۔اگر خلوص نیت سے
میرے حضور دعا کرو گے تو ضال ہونے سے بھی تجھے اے انسان بچایا جائے گا مغضوب ہونے
سے بھی تجھے بچایا جائے گا اور صراط مستقیم تجھے دکھائی جائے گی اس راہ پر چلنے کی تجھے تو فیق عطا کی
جائے گی میرے قُرب کو تو حاصل کرلے گا میری رضا کی جنت میں تو داخل ہو جائے گا اور اس گروہ میں
شامل ہو جائے گا جو مُنْعَمْ عَلَيْهِمْ کا گروہ ہے جس کا ذکر متعدد آیات قرآنیہ میں پایا جاتا ہے۔خدا کرے کہ ہمیں محض اس کے حضور سے یہ توفیق ملتی رہے کہ ہم سورۃ فاتحہ کی دعا کو خلوص نیت
کے ساتھ اور پوری سمجھ کے ساتھ پڑھتے رہیں اور خدا کرے کہ ہماری یہ عاجزانہ دعا سب سے
پہلے اس کے حضور قبول ہو کیونکہ یہ بڑی جامع دعا ہے اور خدا کرے کہ ہم مُنْعَمْ عَلَيْهِمْ گروہ
میں شامل کئے جائیں اور جس دن سب انسانوں نے اس کے حضور اکٹھا ہونا ہے اس دن اس گروہ
میں شامل نہ ہوں جو اس کی نگاہ میں یا تو مغضُوب ہے یا ضَال ہے۔آمین۔روزنامه الفضل ربوه ۹ را گست ۱۹۶۸ صفحه ۲ تا ۴)