مالی قربانیوں کو کمال تک پہنچانے کی انتہائی کوشش کریں

خطبات ناصر جلد چہارم
۵۷
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
مالی قربانیوں کو کمال تک پہنچا ئیں اور نئے سال
کے لئے انتہائی کوشش شروع کر دیں
خطبه جمعه فرموده ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ
تشہد وتعوذ ، سورۃ فاتحہ اور فَإِذَا فَرَغْتَ فَانْصَبُ۔(الم نشرح:۸) کی تلاوت کے بعد حضور انور
نے فرمایا۔دنیا میں انسان کی زندگی مختصر ہے۔اس کے باوجود انسانی فطرت جب مستقبل کی طرف
دیکھے اس کی لمبائی سے اکتا جاتی ہے لیکن جب وقت گذر جاتا ہے اور انسان پیچھے کی طرف دیکھتا
ہے تو اسے اپنی زندگی بڑی مختصر نظر آتی ہے اور جب وہ آگے دیکھتا ہے تو سمجھتا ہے کہ شاید اس نے
کبھی مرنا ہی نہیں مثلاً ایک بچہ ہے وہ سمجھتا ہے کہ اس نے کبھی جوان ہی نہیں ہونا اور ایک نو جوان
ہے وہ سمجھتا ہے کہ اس نے شاید بڑھاپے کی عمر تک نہیں پہنچنا اور پھر جب آدمی بوڑھا ہو جاتا ہے تو
وہ سمجھتا ہے کہ اس نے قیامت تک شاید مرنا ہی نہیں۔کم از کم بہت سے لوگوں کے اعمال ہمیں یہی
بتاتے ہیں۔چونکہ انسان مختلف ادوار میں سے گزر کر اپنی زندگی کے دن پورے کرتا ہے اس لئے اللہ تعالیٰ
نے اس کی فطرت کو ایسا بنایا ہے مثلاً ایک طالب علم ہے وہ پہلی میں پڑھتا ہے پھر دوسری میں اور
پھر دسویں تک پہنچتا ہے۔پھر گیارہویں میں، بارہویں میں اور پھر ایف اے، ایف ایس سی

خطبات ناصر جلد چہارم
۵۸
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
کے بعد بی اے، بی ایس سی میں اور پھر ایم اے، ایم ایس سی میں پہنچتا ہے پھر جس طالب علم نے
مزید پڑھنا ہوتا ہے وہ ایم اے ، ایم ایس سی کرنے کے بعد ایک سال یا دو سال یا تین سال کا
کورس بھی پاس کرتا ہے۔بہر حال انسان اپنی زندگی کے دن درجہ بدرجہ گزارتا ہے اور درجہ بدرجہ اپنی ترقیات کی
طرف حرکت بھی کر رہا ہوتا ہے چنانچہ انسان جب بڑا ہوا اور حکومت کے کام میں شامل ہونے لگا
تو پھر اس نے مثلاً تین سالہ منصوبے بنانا شروع کر دیئے، پانچ سالہ منصوبے اور پھر سات سالہ
منصوبے بنائے گئے اور یہ نہیں کہا گیا کہ اس نسل کے لئے ایک ہی منصوبہ کافی ہے اور یہ نسل آخری
وقت تک اس پر کام کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانے کی کوشش کرے گی۔تاہم انسان نے وقت کے لحاظ سے اپنی زندگی کے ہر کام کو زندگی کے مختلف ادوار میں
بانٹ دیا ہے۔اللہ تعالیٰ نے بھی بانٹا ہے۔مثلاً کچھ عرصہ کے لئے فرمایا دودھ پیو اور کچھ نہیں
کھانا۔پھر فرمایا کچھ تھوڑی سی اور چیز ساتھ ملا کر کھاؤ لیکن چنے اور مکئی کے دانے نہیں کھانے۔چنانچہ کھانے کے لحاظ سے ہر عمر میں ایک تدریج پیدا کی گئی اور اس طرح انسانی زندگی کے اس پہلو
کو مختلف صورتوں میں بانٹ دیا گیا۔اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ کھیل کے میدان میں بھی یہی نظر
آتا ہے۔غرض زندگی کے ہر میدان میں ہمیں یہی اصول نظر آتا ہے کہ زندگی کو بانٹا گیا اور درجہ بدرجہ
ارتقاء اور رفعتوں کے سامان پیدا کئے گئے ورنہ شاید انسان اپنی فطری کمزوری کے نتیجہ میں ان
رفعتوں کو نہ پاسکتا جنہیں وہ درجہ بدرجہ ترقی کرتے ہوئے پالیتا ہے۔اسی طرح عبادات میں بھی درجہ بدرجہ ترقی کرنے کے لئے نمازوں کے درمیان وقفے پیدا
کر دیئے۔اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ تم سارے دن کی نمازیں ایک ہی وقت میں پڑھ لو۔اس
غرض کے لئے اس نے دن کو پھر آگے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا ہے اور پھر رات اور دن کی
عبادات کو الگ کر دیا چنانچہ سارے دن کے کام سے تھکنے کے بعد جب رات کی عبادت آئی تو
اُسے مشقت والی بنادیا۔غرض یہ اصول ہمیں انسانی زندگی میں کچھ اس طرح نظر آتا ہے کہ ہم اس سے انکار نہیں کر سکتے

خطبات ناصر جلد چہارم
۵۹
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
جس کا مطلب یہ ہے کہ ہر درجہ کے بعد یعنی پہلے درجے میں یا پہلے دائرہ میں یا پہلے دور کے اندر
ایک کام
مکمل بھی ہو رہا ہے اور اگلے درجہ کے کام کا بیج بھی بویا جا رہا ہے مثلاً نویں کا کورس مکمل بھی
ہو رہا ہے اور دسویں میں داخلہ بھی ہو رہا ہے۔میٹرک کا کورس مکمل بھی ہو رہا ہے اور پھر ایف اے،
ایف ایس سی ( جسے انٹر میڈیٹ کہتے ہیں) کی تیاری کے لئے بھی سامان ہو رہے ہیں۔پس اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی اس آیہ کریمہ میں فرمایا ہے کہ ایک دور کے کام سے فارغ
بھی ہو گے اور ایک دوسرے دور میں داخل بھی ہورہے ہو گے۔اگر تم میری محبت کی انتہا کو (اپنے
دائرہ استعداد میں ) پہنچنا چاہتے ہو تو پھر اس اصول کو یا درکھو کہ جب فرغت کا سوال ہو۔یعنی ایک
دور پورا ہو رہا ہو تو بنیادی طور پر تمہیں ایک سبق تو یہ دیا جاتا ہے کہ وہ کام فرغت کے معیار پر پورا
اترتا ہو۔فَرغ کے معنے عربی زبان میں کسی کام کو یا کسی چیز کو اس کے کمال تک پہنچانے کے ہوتے
ہیں چنانچہ منجد نے لکھا ہے کہ فَرَغَ مِنَ الشَّيْءِ کے معنے ہوتے ہیں اللہ یعنی کسی کام یا چیز کو
کامل اور مکمل بنا دیا۔اس کے سارے اجزاء پورے ہو گئے تب وہ عربی زبان کے لحاظ سے
فرغت ہے مثلاً دسویں کا وہ طالب علم جود و پرچوں میں فیل ہو جاتا ہے اس کو فرغت نہیں کہا جائے
گا یعنی اس کا کام
مکمل نہیں ہوا کیونکہ جہاں تک دسویں کے امتحان کی تیاری کا سوال تھا اس نے اپنی
ذمہ داری کو کمال تک نہیں پہنچایا اس لئے اس کے اگلے دور کی ترقی یا اس کے لئے جد و جہد کا سوال
ہی پیدا نہیں ہوتا۔غرض اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ فَإِذَا فَرَغْت یعنی جب تم ایک دور کے کام سے اور اس کی ذمہ داری
سے پورے طور پر فارغ ہو جاؤ اس معنے میں کہ جس ذمہ داری کو جس حد تک نباہنا ممکن تھا وہ تم نباہ
لو، اس میں کوئی پہلو کمزوری کا یا کوئی پہلو خامی کا باقی نہ رہ جائے تم اسے مکمل اور پورا کر دو اور اس
کے سارے اجزاء نمایاں طور پر نشو و نما پا چکیں تو پھر وہاں ٹھہر نانہیں کیونکہ زندگی کی کوششوں میں
ٹھہراؤ تو موت کے مترادف ہے۔فرمایا فانصب ایک اور دور شروع ہو گیا پھر اس کے لئے تمہیں
انتہائی کوشش کرنی پڑے گی۔نصب کے ایک معنے رفعت اور مضبوطی سے قائم کرنے کے ہیں اور ایک معنے ( جو فانصب

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۰
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
اس صیغے میں آیا ہے اس کے معنے ہیں ( جَهَدَ وَ اجْتَهَدَ۔یعنی پورا زور لگا کر کام کو کیا اس لئے اگر
ہم اس کے مصدری معنے کو لیں۔تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پھر ذمہ داری کا جو اگلا دور ہے ایک تو وہ
رفعت کا دور ہوگا یعنی ایک بنیاد پہلے بن چکی ہے۔اب اس کے اوپر دوسری منزل بنے گی اور
دوسرے یہ بتا یا کہ دوسری منزل پہلی منزل کی مضبوطی کا باعث ہوگی۔اس دنیا کی عمارتیں تو بعض دفعہ دوسری منزل کو برداشت نہیں کرتیں مثلاً کسی عمارت کے
متعلق انجینئر سے پوچھیں تو وہ کہہ دیتا ہے کہ اس کی بنیاد میں دومنزلہ عمارت کے لئے نہیں بنائی
گئیں۔بعض دفعہ وہ کہہ دیتا ہے کہ چار منزلیں بن سکتی ہیں۔پانچویں منزل نہیں بن سکتی پس اس
سے پتہ لگا کہ ہر دوسری منزل پہلی منزل کو مضبوط نہیں کرتی بلکہ اس کی کمزوری کا باعث بن جاتی
ہے لیکن روحانی دنیا میں ہر دوسری منزل پہلی منزل کی مضبوطی اور ارتقاء کا سامان پیدا کرتی ہے۔فَانْصَب میں اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔پس مادی اور روحانی کاموں میں ایک نمایاں فرق یہ ہے کہ روحانی لحاظ سے جو دوسری منزل
بنتی ہے وہ پہلی منزل کی مضبوطی کا بھی سامان پیدا کرتی ہے اور اسی کی انتہا کو ہم انجام بخیر کہتے ہیں۔اس لئے کسی انسان یا فرد واحد کی زندگی جو کہ مختلف ادوار سے گزرتی ہے اگر اس کی آخری منزل
کمزور ہو تو نچلی ساری منزلیں کمزور ہوں گی اس لئے یہ سمجھا جائے گا کہ اس کا انجام بخیر نہ ہوا۔غرض اس لحاظ سے بھی مادی اور روحانی تصور میں بالکل نمایاں فرق ہے مثلاً مادی طور پر
ایک منزل بنائی جاتی ہے مگر اس پر دوسری منزل نہیں بن سکتی کیونکہ پہلی منزل مضبوط نہیں ہے یا
انجینئر کہتا ہے کہ اس کی بنیاد دو منزلوں کو برداشت کر سکتی ہے اور بنتی ایک منزل ہے یعنی ایک منزل کے
بوجھ سے زیادہ برداشت کر سکتی ہے۔یہ بھی ممکن ہو گا کہ اس ایک منزل کی شکل میں وہ زیادہ طاقت کی
ہوگی لیکن روحانی طور پر دوسری منزل کے بغیر پہلی منزل کمزور رہ جاتی ہے اور تیسری منزل کے بغیر
پہلی اور دوسری منزلیں کمزور رہ جاتی ہیں اور آخری منزل کے بغیر تو ساری ویرانی ہے کیونکہ اس
طرح انجام بخیر نہیں ہوتا گویا اللہ تعالیٰ کی انتہائی رضا کے پانے کا جب وقت آیا تو اس وقت اللہ تعالیٰ
کی انتہائی ناراضگی مول لے لی۔

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۱
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
پس اس آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں نے تمہاری فطرت کے لحاظ سے مختلف دور
مقرر کئے ہیں اس لئے تم ان میں سے گزر کر اور انتہائی جدوجہد کے بعد آخری منزل تک پہنچ سکتے ہو
چنانچہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہی کو آپ غور سے دیکھیں تو وہاں بھی یہ نظر
آئے گا کہ آپ کے دور میں بھی مسلمانوں نے آہستہ آہستہ تدریجی ترقی کی۔وہ آپ کی قوت قدسیہ
اور تعلیم و تربیت کے نتیجہ میں منزل بمنزل آگے بڑھتے رہے اور منزل بمنزل بلند ہوتے اور رفعتوں
کو حاصل کرتے چلے گئے اور پھر اپنی آخری منزل کو اُنہوں نے پوری جدو جہد اور کوششوں اور
قربانیوں کو انتہا تک پہنچا کر بنایا اور اس طرح اُن کا انجام بخیر ہوا اور اللہ تعالیٰ کی یہ آواز ان کے
کان میں آئی۔میرے بندے! میری جنتوں میں داخل ہو جاؤ۔اس آخری عمارت یا منزل کے
بعد جنت نہیں ہے کیونکہ اس کے بعد جو عمارت ہے وہ تو دھڑام سے دوزخ میں جا گرتی ہے۔اس
لئے اس لحاظ سے یہ بڑے خوف کا مقام ہے۔غرض اس چھوٹی سی آیت میں بڑی حکمت کی بات بیان ہوئی ہے۔فرما یا کسی دور میں بھی
تمہارے سپر د جو کام کیا جائے اس دور کے کام کو فرغت کے طور پر کرنا ہے یعنی اس کو تمام کرنا
ہے۔اس کو کامل اور مکمل کرنا ہے اس کے تمام اجزاء کو پورا کرنا ہے۔لغت عربی کے لحاظ سے
فرغت کے یہی معنے ہیں۔فرمایا۔جب کام مکمل ہو جائے تو پھر وہاں بیٹھ نہیں جانا اور یہ نہیں سمجھنا کہ
بس جو کام کرنا تھا وہ کر لیا۔تم جب تک اس دنیا میں زندہ ہو تمہیں اپنی زندگی کے مختلف ادوار کی
ذمہ داریوں کو نباہنا ہوگا البتہ اُس دُنیا یعنی اُخروی زندگی کی ہم بات نہیں کر سکتے۔انسان کا تصور
یہی ہے کہ وہاں دنیوی قسم کا عمل نہیں ہو گا ویسے وہاں بھی عمل تو ہو گا لیکن یہ عمل امتحان کے طور پر
نہیں ہوگا کیا آپ کا یہ خیال ہے کہ جنت میں اللہ تعالیٰ کا بندہ اس کا شکر ادا نہیں کرے گا؟ شکر ادا
کرنا بھی تو آخر ایک عمل ہے یا کیا وہ الْحَمدُ لِلہ نہیں پڑھے گا؟ اگر چہ وہ الْحَمْدُ لِلهِ پڑھے گا تو یہ
بھی ایک عمل ہے اگر چہ وہ الحمدُ للهِ اُس سے زیادہ بصیرت کے ساتھ پڑھے گا جتنا اس دنیا میں
پڑھتا ہے اس لئے کہ وہ خدا تعالیٰ کے پیار کو اس سے زیادہ بصیرت کے ساتھ دیکھے گا جتنا وہ اس
دنیا میں دیکھ رہا ہے اس لئے اس کی حمد تو اس دنیا کی حمد سے بہتر اور احسن ہوگی۔

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۲
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
غرض جب ہم کہتے ہیں کہ یہ عمل کی دنیا ہے تو اس کا مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ یہ اس عمل کی
دنیا ہے جسے ہم امتحان کہتے ہیں۔یعنی یہ آزمائش کی دنیا ہے۔اس آزمائش اور امتحان کی دُنیا کے
متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں اگر شیطان سے تمہیں کوڑے بھی لگواؤں تو پھر بھی تم نے میری حمد
کرنی ہے اگر تم اس صورت میں بھی میری حمد نہیں کرو گے تب بھی میں تم سے ناراض ہو جاؤں گا اور
دوسری طرف اُخروی زندگی کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہاں لغویات بھی تمہارے کان میں
نہیں پڑیں گی گویا وہ دنیا ہی اور ہوگی لیکن وہاں بھی ایسا عمل تو بہر حال جاری رہے گا جس کو امتحان
نہیں کہا جاسکتا۔اب مثلاً ایک آزمائش بچے کی یہ ہوتی ہے ( اور یہ آزمائش ماں باپ لیتے ہیں مگر
جہاں تک اس امتحان یا آزمائش کا سوال ہے) ماں باپ نے اپنے ذہن میں یا اعلانیہ اظہار کیا
ہوتا ہے کہ اگر تو فرسٹ ڈویژن میں پاس ہو گیا تو ہم تجھے یہ تحفہ دیں گے۔یہ بھی آخر ایک عمل اور
اس کا نتیجہ ہے نا۔انہوں نے اپنے بچے کا امتحان لیا یا انہوں نے امتحان کے ساتھ خود کو وابستہ کر دیا
اور ایک وہ پیار ہے جو ایک، دو، تین سال کا چھوٹا بچہ ماں کی گود میں پاتا ہے وہ اپنی ماں کی گردن
میں باہیں ڈال کر اس کے ساتھ چمٹ جاتا ہے اُس وقت ماں اسے جو پیار دے رہی ہوتی ہے وہ
اگر چہ عمل کا جواب تو ہے مگر کسی امتحانی عمل کا نتیجہ نہیں اور عمل اس لحاظ سے ہے کہ بچہ آتا ہے، ماں
کی گردن میں باہیں ڈالتا ہے اور پھر بڑے پیار کے ساتھ اپنے کلے کو ماں کے کلے کے ساتھ لگا
دیتا ہے۔ماں اس سے پیار کرتی ہے چنانچہ اسی طرح اس انگلی اُخروی دنیا میں اللہ تعالیٰ کا پیار عمل
کے ساتھ تو وابستہ ہے لیکن ایسے عمل کے ساتھ وابستہ نہیں ہے جسے ہم امتحان یا آزمائش کہ سکیں۔مگر یہاں اس دنیا کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تمہیں بأْسَاء اور ضَر آم دیکھنی پڑیں گی
یا تم ایسے الفاظ سنو گے جنہیں تم برداشت نہیں کر سکو گے لیکن میری خاطر تمہیں برداشت کرنے
پڑیں گے پس امتحان اور آزمائش کے لحاظ سے انسانی زندگی پر مختلف دور آتے ہیں یعنی اللہ تعالیٰ
نے انسانی جد و جہد کو مختلف ادوار میں تقسیم کر دیا ہے۔چنانچہ اس غرض کے لئے اللہ تعالیٰ نے منصوبے بنادیئے ہیں۔بعض دینی منصوبے ایسے ہیں

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۳
خطبہ جمعہ ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
جن کا تعلق ایک دن کے ساتھ ہے بعض دینی منصوبے اس قسم کے ہیں جن کا تعلق سال میں ایک
مہینے کے ساتھ ہے۔اب مثلاً نماز ہے، اس کا دن کے اوقات کے ساتھ تعلق ہے دن بھی پورا نہیں
یعنی اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ ایک دن کی نماز پڑھنی ہے بلکہ فرمایا کہ دن میں پانچ دفعہ لازماً
اور چھٹی دفعہ پیار کے جوش میں پڑھنی ہے ( دن میں پانچ نمازوں کے بعد رات
کو ہم تہجد کی نماز ادا
کرتے ہیں) یہ گویا دن (۲۴ گھنٹے ) کا ایک دور ہے۔چنانچہ اللہ تعالیٰ یہ نہیں فرما تا کہ ایک دن
با قاعده صبح دوپہر ، عصر شام اور عشاء اور پھر تہجد کی نماز پڑھ لو اور پھر آرام سے بیٹھ جاؤ یہ کہتے
ہوئے کہ ہمارا جو کام تھا وہ ختم ہو گیا۔فرمایا یہ نہیں تمہارا کام فرغت کے مطابق پورا بھی کیا گیا ہو
یعنی اس کے ساتھ جو ذیلی چیزیں تھیں ان کو بھی مدنظر رکھا گیا ہو۔مثلاً تم نے ہر نماز کے ساتھ نفل
بھی پڑھے ہوں۔نمازوں سے پہلے بڑی احتیاط کے ساتھ وضو بھی کیا ہو۔نمازوں میں خشوع و خضوع
کے ساتھ دعائیں بھی کی ہوں۔پھر رات کو تہجد کی نماز بھی ادا کی ہو اس طرح گویا نماز کے لحاظ سے
دن کی ذمہ داری کے سارے اجزاء پورے ہو گئے لیکن اس پر تمہاری ذمہ داری ختم نہیں ہو جاتی
بلکہ اگلے دن کی جب پو پھوٹی تو وہ تمہارے لئے نئی ذمہ داریاں لے کر آئی اور مثلاً نمازوں کے
لحاظ سے ایک نیا دور شروع ہو گیا۔تا ہم روزے کے لحاظ سے تو نیا دور شروع نہیں ہوا اس کے لئے تو آپ کو گیارہ مہینے انتظار
کرنا پڑتا ہے۔پھر ایک مہینہ رمضان کی عبادت کا ہے۔یہ بھی ایک دوسری قسم کی عبادت کا دور
ہے۔پھر جب آپ ایک مہینے کا یہ دور پورا کر لیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے کہ اللہ قسم ! اب میں ساری عمر
روزے نہیں رکھوں گا کبھی کسی مومن کے دل سے یا اس کی زبان سے یہ آواز نکلی ہے؟ اس لئے
نہیں نکلی کہ اسے پتہ ہے کہ میری زندگی کا ایک دور یا ایک منصو بہ سال کے ایک مہینے کے ساتھ
تعلق
رکھتا تھا وہ ختم ہو گیا اب دوسرا منصوبہ اگلے سال کے لئے شروع ہو گیا ہے۔اس سے ہمیں یہ
بھی پتہ لگتا ہے کہ ہمیں رمضان کے لئے گیارہ مہینے تیاری کرنی چاہیے۔پھر اس کا Climax
(کلائمیکس ) اس کی انتہا اور اس کا انجام رمضان کے مہینے کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۴
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
پھر حج ہے یہ بھی اصل میں تو ایک دفعہ ساری عمر میں فرض ہوتا ہے گو یا ساری زندگی میں
ایک دور اس کا آتا ہے لیکن جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرماتا ہے وہ ایک سے زائد دفعہ بھی حج
کرتے ہیں۔بہر حال عبادت کے لحاظ سے بھی میں جس چیز کو اچھی طرح واضح کر کے بیان کرنا چاہتا
ہوں وہ یہ ہے کہ مختلف دور ہیں کسی چیز کا دور ایک دن سے تعلق رکھتا ہے۔کسی کا ایک سال سے تعلق
رکھتا ہے۔کسی کا ساری عمر کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔سال سے تعلق رکھنے والا دور مثلاً زکوۃ بھی ہے۔اس کا تعلق گو سال کے ختم ہونے سے ہے لیکن خرچ کرنے کے لحاظ سے ایک دور ایسا آ جاتا ہے کہ
دو دن کے بعد بھی ضرورت پڑ سکتی ہے مثلاً جہاد کے لئے مال دینا چنا نچہ حضرت نبی کریم صلی اللہ
علیہ وسلم کی زندگی میں جو جنگیں لڑی گئی ہیں ، ہر جنگ کے وقت یہ اعلان کیا جا تا تھا کہ مالی قربانی دو
اور جانی قربانی دو کوئی ایک ہفتہ کے بعد جنگ ہوئی۔کوئی ایک سال کے بعد جنگ ہوئی۔کوئی لمبے
عرصے کے بعد اور کوئی تھوڑے عرصے کے بعد جنگ ہوئی یعنی مختلف جنگوں کے درمیان ایک جیسا
وقفہ نہیں ہے۔پھر ایک اور دور ہے جو پورے کا پورا مظلومیت کا دور نظر آتا ہے۔یعنی مکی زندگی کا پورا ایک
دور ہے اور کیونکہ مسلمانوں نے اس دور میں فرغت پر عمل کیا تھا یعنی اس دور مظلومیت کی زندگی
میں عاید ہونے والی ذمہ داریوں کو انہوں نے پورے طور پر ادا کر دیا تھا۔اُن کا کوئی جز وایسا
نہیں تھا کہ جس کو انہوں نے نظر انداز کر دیا ہو اور ادا نہ کیا ہو۔غرض انہوں نے اپنی قربانیوں کو
مکمل بنادیا تھا چنانچہ ان کا نتیجہ شاندار کامیابی کی شکل میں نکلا۔گواس کامیابی میں بہت ساری اور
چیزیں بھی شامل تھیں لیکن اس ایک خطبہ میں ان کی تفصیل بیان نہیں کی جاسکتی لیکن ایک شکل جو
بڑی نمایاں تھی وہ یہ تھی کہ مکہ کے ظالم سرداران نے مکہ سے باہر نکل کر جنگ کے ذریعہ اسلام کو
مٹانا چاہا تو اپنا سر اور دھڑ چھوڑ کر وہ قوم واپس مکہ کو لوٹی۔ان کے بڑے بڑے سردار اس جنگ
میں مارے گئے تھے جس طرح خواب میں یا کہانیوں میں بے دھڑ کے انسان کا منظر دکھائی دیتا
ہے یعنی بعض دفعہ بغیر سر کے دھڑ چلنا شروع کر دیتا ہے۔حقیقتا کفار مکہ بغیر دھڑ کے واپس لوٹے

خطبات ناصر جلد چہارم
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
اس لئے کہ جس سر نے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ مسلمانوں کو قتل کر دیا جائے یا جس دماغ نے اسلام کو
مٹانے کے متعلق سوچا تھا ، اس کو اللہ تعالیٰ نے ختم کر دیا مگر اسلام ختم نہیں ہوا۔غرض اس دور میں
اُمت محمدیہ نے جب کہ وہ ایک چھوٹی سی اُمت تھی اور بڑے نازک دور سے گزر رہی تھی اس
وقت اپنی ذمہ داریوں کو ان کے تمام اجزا کے ساتھ نباہا اور انتہائی قربانیاں دیں۔پس واقعہ میں انہوں نے اس حکم پر عمل کیا اور فرغت کی رو سے ایک دور کی قربانیوں کو انتہا
تک پہنچا کر فانصب کے حکم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اگلے دور کی طرف متوجہ ہو گئے۔یعنی بدر کی
جنگ جس میں پہلے دور کی انتہا اور انجام تھا اور نہایت شاندار انجام تھا اور خدا تعالیٰ کی محبت کا ایک
عظیم الشان اظہار تھا۔اُس وقت گویا ایک دور ختم ہوا۔اگلا حکم کیا ہے! آرام سے بیٹھو اور سو جاؤ
تمہیں مزید قربانیاں دینے کی ضرورت نہیں۔فرمایا فانصب۔ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔اس
دور میں بھی انتہائی جدو جہد کرنی پڑے گی اور جہاد سے کام لینا پڑے گا اور رفعتوں اور مضبوطی
کے سامانوں کے لئے کوشش کرنی پڑے گی۔غرض اس طرح اُمت محمدیہ کی فردی اور اجتماعی
زندگی میں اللہ تعالیٰ کے پیار کو حاصل کرنے کا ایک نیا دور شروع ہوا۔پہلے دور کے بعد دوسرا، پھر
تیسرا، پھر چوتھا وَ عَلى هذا القیاس۔لیکن جس وقت امت محمدیہ نے فَرَغْت پر عمل کیا لیکن فَانْصَبُ
پر عمل نہیں کیا وہ سمجھے کہ ہم ساری دنیا کے حاکم بن گئے ، اب ہمیں فانصب پر عمل کرنے کی کیا ضرورت
ہے تو تباہ ہو گئے، مثلاً پین اسلامی سلطنت کا ایک حصہ تھا اور اس پر مسلمان حکومت کرتے تھے ،مگر
کجا یہ کہ طارق کی فوج بارہ ہزار کے قریب تھی اور اس نے سپین میں جا کر ایک لحاظ سے سارے
یورپ کے ساتھ ٹکر لی اور انتہائی قربانی دی۔وہاں سمندر کے ساحل پر کشتیاں نہیں جلائی گئی تھیں
وہاں خدا تعالیٰ کے ساتھ محبت کے شعلے بھڑ کے تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ دنیوی قربانیاں کیا چیز
ہیں۔ہم اللہ تعالیٰ کی محبت کے شعلوں میں ہر چیز کو جلا دیتے ہیں تا کہ ہمیں اس کے پیار کی ٹھنڈک
ملے چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنے پیار کی ٹھنڈک پہنچائی۔جس کے نتیجہ میں مسلمانوں کی مٹھی بھر
فوج کے سامنے عیسائی فوج نہیں ٹھہری اور وہ شکست کھا گئی حالانکہ سارے یورپ والے
مسلمانوں کو مٹانے کے لئے اکٹھے ہو گئے تھے۔خود سپین کے عیسائی بادشاہ کے پاس بے تحاشا

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۶
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
فوج تھی۔اسی طرح ترکی کی طرف سے مسلمان پولینڈ تک چلے گئے۔چنانچہ اس دور میں جب فرغت کے ساتھ ساتھ فانصب پر بھی عمل ہو رہا تھا۔ہر وہ طاقت
جس نے مسلمانوں سے ٹکر لی نا کام ہوئی اور ہر وہ دشمن جس نے اسلام کو مٹانے کی کوشش کی ہلاک
ہو گیا۔پھر مسلمانوں پر ایک وقت ایسا آیا کہ جب انہوں نے یہ سمجھ لیا کہ اب ساری دنیا ہمیں مل
گئی۔ہم نے اجتماعی زندگی میں جو کام کرنا تھا وہ کر لیا اس لئے اب ہمیں قربانیاں دینے کی
ضرورت نہیں رہی حالانکہ یہ نہیں سوچا کہ امت محمدیہ کی اجتماعی زندگی تو قیامت تک ممتد ہے۔قیامت سے پہلے تو اُمت محمدیہ کی اجتماعی زندگی ختم نہیں ہوتی۔اس واسطے اُمت محمدیہ کی اجتماعی
زندگی میں کوئی ایسا مقام نہیں جب انسان یہ سمجھے کہ فَإِذَا فَرَغْت پر پورا اترنے کے بعد فَانْصَب کا
حکم نہیں رہا بلکہ اس آیت کی رو سے قیامت تک ایک دور کے بعد دوسرا دور شروع ہوگا۔ایک نسل
کے بعد دوسری نسل کو قربانیاں دینی پڑیں گی۔بہر حال جب بھی مسلمانوں نے یہ سمجھا کہ انہوں نے اپنے دور میں قربانیوں کے ہر جزو کو
مکمل کر دیا۔اب انہیں مزید قربانیاں دینے کی کیا ضرورت ہے تو وہ ہلاک ہو گئے مگر یہ ہلاکت
دنیوی طور پر ہے روحانی لحاظ سے اس لئے نہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا
ہے کہ فیج اعوج کے زمانہ میں بھی اُمت محمدیہ میں اولیاء اس کثرت سے تھے کہ جس طرح
سمندر میں پانی کے قطرے ہوتے ہیں لیکن وہ امت محمدیہ کے کچھ فرد تھے یا وہ کچھ حصے تھے یا وہ
کچھ ٹولیاں
تھیں۔ساری اُمت محمدیہ تو ایسی نہیں تھی جس طرح چراغ سے چراغ جلتے ہیں اور تھوڑی
سی جگہ کو روشن کر دیتے ہیں یہی اُن کا حال تھا مگر ساری اُمت یا ساری قوم پر جو ذمہ داری تھی اس
سے صرف پاکستان کے مسلمان یا افریقہ کے مسلمان یا مصر کے مسلمان یا عراق کے مسلمان یا
عرب کے مسلمان یا شام کے مسلمان یا ایران وغیرہ کے مسلمان مراد نہیں بلکہ ساری اُمت پر جو
ذمہ داریاں عاید ہوتی تھیں انہیں نباہا نہیں گیا چنانچہ اسلامی تاریخ میں ایک وقت ایسا بھی ہمیں نظر
آتا ہے کہ جب مسلمانوں نے فَإِذَا فَرَغْت کے بعد فانصب کا خیال نہیں رکھا۔جب ایک دور ختم ہوا

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۷
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
تو انہوں نے دوسرے دور کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ نہیں کی۔پس اگر امت محمدیہ نے یا جماعت احمدیہ نے ترقی کرنی ہے تو ان کے لئے یہ ضروری ہے کہ
جو سبق ہمیں اس چھوٹی سی آیت میں سکھائے گئے ہیں ہم ان کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں اور اس
کے مطابق ہم ہر دور کی قربانیوں کو کمال تک پہنچانے کے بعد نئے دور کی ذمہ داریوں کو نباہنے کے
لئے انتہائی جدو جہد اور پوری کوشش کرنی شروع کر دیں۔پھر ہم آگے ہی آگے بڑھتے چلے
ئیں گے۔خدا نہ کرے کہ ہم پہلے لوگوں کے انجام سے سبق نہ لیں اور جو اُن پر گذری تھی خدانہ
کرے کہ وہی ہم پر بھی گذرے۔خدا نہ کرے کہ کبھی ایسا ہو۔ایک چھوٹی سی بات جو آج میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں اور جس کی طرف میں جماعت کو متوجہ
کرنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ غلبہ اسلام کے لئے ہماری جو عظیم جد و جہد اور عظیم مہم ہے اس کا بھی
ایک دور ہے جس میں جانی اور مالی قربانیاں پیش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کوئی معمولی کام
نہیں ہے۔یہ اتنا عظیم الشان کام ہے کہ بعض کمزور دل اور کمزور ایمان آدمی ڈر جائیں گے۔وہ
سمجھیں گے کہ یہ اتنا بڑا کام ہے یہ کیسے سرانجام پائے گا؟ تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس سلسلہ میں جتنا کام
اس وقت تک ہو چکا ہے وہ بھی کیسے ہو سکنے والا سوال تھا چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام
نے جب دعویٰ کیا تو قبل اس کے کہ کوئی ایک شخص بھی آپ کے ہاتھ پر بیعت کرتا دوسو علماء نے
آپ پر کفر کے فتوے لگا دیئے۔آپ کی محفل میں دو سو علماء کے کفر کے فتوے تو تھے لیکن احمدی
کوئی نہیں تھا کیونکہ ابھی آپ نے بیعت لینی شروع نہیں کی تھی لیکن آج دیکھو وہ اکیلی آواز ، وہ خدا
اور اس کے رسول کے پیار سے لبریز آواز ساری دنیا میں چکر لگارہی ہے۔پس جو کچھ ہو چکا ہے وہ بھی دراصل ایک معجزہ ہے۔اس لئے جب ہم ایک معجزہ دیکھ چکے
ہیں تو ہم آئندہ ظاہر ہونے والے معجزوں سے مایوس کیوں ہوں ؟ خدا تعالیٰ وہ بھی ضرور دکھائے گا
البتہ ضرورت اس بات کے سمجھنے کی ہے کہ جب امت محمدیہ نے یا جماعت احمدیہ نے اس سے پہلے
اپنی ذمہ داریوں کو نباہا ہے تو پھر ہم اپنی ان ذمہ داریوں کے نباہنے سے کیوں انکار کریں جو
آئندہ نئے دور میں ہم پر پڑنے والی ہیں۔

خطبات ناصر جلد چہارم
۶۸
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
میں نے بتایا ہے کہ انسانی زندگی میں چھوٹا بڑا دور آتارہتا ہے۔ہمارا ایک دور مالی سال پر
مشتمل ہے اور وہ اب ختم ہو رہا ہے۔جیسا کہ میں بتا چکا ہوں ہر سال کے پورا ہونے پر فرغت کی
کیفیت پیدا ہوتی ہے یعنی جب ذمہ داری پوری ہوگئی ، سارے اجزاء کے مطابق ذمہ داری نباہ
لی تو پھر اس کے ساتھ لگتا ہوا دوسرا دور جو ہے اس کے متعلق یہ حکم ہے۔فانصب یعنی ہر دور کے
اختتام پر فرغت والی کیفیت پیدا ہونی چاہیے۔انسانی کوشش مکمل ہونی چاہیے ادھوری نہیں رہنی
چاہیے اور ہر دور کے آخر پر جو اگلے دور کی ابتداء ہے اس کے لئے فانصب کا حکم ہے کہ اس میں
پہلے سے بھی زیادہ زور لگانا چاہیے۔چنانچہ جب ہمارا پچھلا مالی سال ختم ہوا تھا تو اللہ تعالیٰ نے اس وقت جماعت پر یہ بڑا فضل
کیا تھا کہ جو ہمارا بجٹ تھا احباب نے اس سے کہیں زیادہ چندے دیئے تھے اب جو بچے ہیں یا جو
لوگ جماعت کے اندر نئے داخل ہونے والے ہیں وہ سمجھتے ہیں صرف مالی قربانی دے دی یہ صیح
نہیں ہے اس لئے ہماری جماعت کے علماء کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ دو چیزوں کو جماعت کے سامنے
پیش کیا کریں ایک یہ کہ جماعت نے ہر مالی سال کے شروع میں ایک اندازہ لگا کر کہ مثلاً اتنی
ہماری مالی طاقت ہے اس کے مطابق جتنا منصوبہ بنایا یعنی بجٹ تیار کیا تھا اس سے زیادہ انہوں نے
مالی قربانیاں دیں اور دوسرے یہ کہ ان مالی قربانیوں کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کے جتنے پیار کی وہ توقع
رکھتے تھے اس سے کہیں زیادہ پیار اللہ تعالیٰ نے ان کو عطا فرمایا - فَالْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى ذَلِكَ -
اب یہ جو نیا مالی سال ہے جو اب گذر رہا ہے اس کے شروع میں بھی ہم نے یہ عہد کیا تھا کہ
ہم اس سال کے دوران فانصب کے حکم پر عمل کریں گے اور پہلے سے زیادہ جد و جہد کریں گے اور
اس سال یا اس دور کو بھی اس کے اتمام یعنی کمال تک پہنچا ئیں گے۔اب اس مالی سال کے دور
کے صرف دو مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ویسے یہ درست ہے کہ دنیوی لحاظ سے یہ بڑی پریشانیوں کے
دن رہے، تاجروں کے لئے بھی پریشانی ہے زمینداروں کے لئے بھی پریشانی ہے۔علاوہ ازیں
بعض لوگوں کو اپنے علاقوں سے اٹھنا پڑا ہے۔اس لئے ملکی اقتصادیات پر بڑا برا اثر پڑا ہے لیکن
کیا اقتصادی دُنیا کے بحران ہمارے عزم اور ہمارے ارادوں پر برا اثر ڈالیں گے؟ ایک مومن تو

خطبات ناصر جلد چهارم
۶۹
خطبه جمعه ۲۵ فروری ۱۹۷۲ء
اقتصادی بحران کی کبھی پرواہ نہیں کرتا کیونکہ اسے پتہ ہوتا ہے کہ آسمان سے امتحانا بلائیں نازل
ہوتی ہیں یا ہم خود ہی اپنے لئے بلائیں پیدا کر لیتے ہیں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے
لئے یعنی ہمارا تکلیف اٹھانا یا قربانیاں دینا یا خود کو تکلیف میں ڈالنا اس لئے ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ
ہم سے راضی ہو جائے۔پس دنیا کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے اقتصادی بحران جماعت احمدیہ کی
قربانیوں میں کبھی روک نہیں بن سکتے۔اس واسطے تم ان دو مہینوں کے اندر خدا کی راہ میں قربانیاں
دو اس یقین کے ساتھ کہ اگر تم خدا تعالیٰ کی راہ میں مالی قربانیاں دو گے تو دنیوی دولت کے لحاظ
سے غریب نہیں ہو جاؤ گے کیونکہ جو شخص خدا تعالیٰ کی راہ میں پیسے دیتا ہے وہ غریب نہیں ہوتا بلکہ
اور زیادہ مال دار ہو جاتا ہے تم نے دنیا کو یہ بتانا ہے کہ ہمیں اپنے رب کی طرف سے جو پیار ملا ہے
ہم اس کی قدر کرتے ہیں کیونکہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار بندے ہیں۔غرض ہمیں اپنے عمل سے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ دنیا میں اقتصادی بحران آئیں، دنیا میں
حوادث کی شکل میں طوفان برپا ہوں یا دریاؤں میں طغیانیاں آئیں یا خشک سالی ہو، دنیا میں خواہ
کچھ بھی ہوتا رہے ہمارے عزم اور ہمارے ارادے اور ہماری قربانیوں میں کوئی رخنہ اور کوئی
نقص پیدا نہیں ہوگا۔ہم پہلے سے زیادہ آگے بڑھیں گے کیونکہ میں نے بتایا ہے فَانْصَبُ میں خالی
نئے سرے سے پورے جوش کے ساتھ جد و جہد اور جہاد کرنانہیں بلکہ یہ سب کچھ اس نیت سے کرنا
ہے کہ پہلی منزل زیادہ مستحکم ہو جائے اور اس کے اندر اور بھی زیادہ ثبات پیدا ہو جائے اور اسے
اور بھی زیادہ رفعت حاصل ہو۔اس طرح ہم اوپر سے اوپر نکلتے چلے جائیں گے اور خدا تعالیٰ
سے قریب سے قریب تر ہوتے چلے جائیں گے۔اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہمیں اس بنیادی اصول
کو سمجھنے اور اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو
سدھانے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔روزنامه الفضل ربوه ۲۵ / مارچ ۱۹۷۲ ء صفحه ۲ تا ۵)

آج 10 میں سے 10 باقی