انگریزی دان اپنی زندگیاں تبلیغ اسلام کے لئے وقف کریں
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۲۹
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
مخلص اور باہمت انگریزی دان اپنی زندگیاں
تبلیغ اسلام کے لئے وقف کریں
خطبه جمعه فرموده ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء بمقام مسجد اقصی۔ربوہ
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے یہ آیت تلاوت فرمائی:۔وَيُقَومِ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمُ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُمْ مِدْرَارًا وَ يَزِدُكُمْ
قوةٌ إلى قوتِكُمْ وَلَا تَتَوَلَّوا مُجْرِمِينَ (هود: ۵۳)
پھر حضور انور نے فرمایا:۔دنیا پر طائرانہ نگاہ ڈالیں تو اس وقت یہ صورت ہمارے سامنے آتی ہے کہ ایک طرف
دہریت اشتراکیت کی شکل میں ساری دنیا پر چھا جانے کی کوشش کر رہی ہے دوسری طرف مذہب
سرمایہ داری کا سہارا لیتے ہوئے اس یلغار کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔جہاں تک ترقی یافتہ مغربی
ممالک کا تعلق ہے یہ بات آہستہ آہستہ واضح ہوتی چلی جارہی ہے کہ اب اُن میں اشتراکیت کا
مقابلہ کرنے کی سکت باقی نہیں رہی اور یہ خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ کسی وقت بھی یہ ممالک اس کشمکش
میں ہتھیار ڈال دیں اور دہریت اُن ممالک پر قابض ہو جائے۔اس وقت سرمایہ داری اور
( اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب کا آپس میں اشتراک ہے۔جس رنگ میں اُس دنیا کے سامنے جو اشترا کی دنیا یا سوشلسٹ دنیا کہلاتی ہے مذہب کو پیش
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۰
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
کیا گیا اُس رنگ میں کوئی بھی سمجھدار انسان مذہب کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہوسکتا کیونکہ
مذہب کو ان ممالک نے ( میں لفظ مذہب میں اسلام کے علاوہ سب مذاہب کو شامل کر رہا ہوں )
اس رنگ میں پیش کیا کہ نہ انسان کے لئے وہ مقام شرف اور عزت کا باقی چھوڑا جسے اللہ تعالیٰ نے
انسان کا ایک بنیادی حق قرار دیا ہے نہ اس کی دیگر صلاحیتوں کی نشوونما کے لئے جن مادی سامانوں
کی ضرورت تھی اور جن سے وہ لوگ محروم تھے اُن کا حقدار سمجھا گیا۔اگر مذہب (نعوذ باللہ )
انسان کی تمام صلاحیتوں کی نشو و نما میں روک ہے تو انسان کا فرض ہے مذہب کو دھتکار دے اس
رنگ میں اشتراکیوں نے اسے دھتکار دیا لیکن حقیقی مذہب تو ایسا نہیں ہے۔جو مذہب، جو ابدی صداقت،
جو حسین شریعت ، جو احسانِ عظیم کی مالک ہدایت اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسلام کی شکل میں دی وہ تو اس
کے برعکس ہمیں یہ بتاتی ہے کہ انسان کی اُن تمام صلاحیتیوں کی جو اللہ تعالیٰ کی عطا ہیں کامل نشو ونما
کے سامان پیدا ہونے چاہئیں اور جب ہم دہریت، اشتراکیت ،سوشلسٹ کا مطالعہ کرتے ہیں تو
اس نتیجہ پر پہنچنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ انسان کے جو حقوق اللہ تعالیٰ نے قائم کئے ہیں ان کا تصور بھی
اشتراکیت اور اس قسم کے دوسرے از مز میں نہیں پایا جاتا۔اس وقت اُن ترقی یافتہ ممالک میں جو اشتراکیت کے خلاف برسر پیکار ہیں سرمایہ دارانہ
نظام تو معرض زوال میں ہے اور مذہب میدان سے بھاگتا نظر آتا ہے۔اسی لئے میں نے
جماعت کو پہلے بھی کہا کہ ان علاقوں میں ایک خلا پیدا ہورہا ہے۔اب اس خلا کو دو طاقتیں پر
کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ایک طاقت لامذہبیت اور دہریت کی ہے اور دوسری طاقت اسلام
اور احمدیت کی ہے۔ہمارا اصل مقابلہ ان لا دینی طاقتوں سے ہے اور اس مقابلہ میں ایک شدت
پیدا ہو رہی ہے۔وہ بھی ان علاقوں کے انسانوں کا دل خدا سے دور لے جانے کی کوشش میں لگے
ہوئے ہیں اور جماعت احمد یہ بھی اُن علاقوں میں بسنے والے انسانوں کے دل خدائے واحد و یگانہ
کے لئے جیتنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔جہاں تک مادی وسائل کا سوال ہے غیر مذاہب اور
خدا کے اس دشمن کے مقابلہ میں ہماری کوئی طاقت ہی نہیں ہے۔مادی وسائل اُن کے مقابلہ میں
ہمارے پاس ہزارواں کیا لا کھواں حصہ بھی نہیں لیکن ہم نے اپنی زندگیوں میں اللہ تعالیٰ کے
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۱
خطبہ جمعہ ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
اس فرمان کا مشاہدہ کیا ہے کہ جب انسان اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتا اور مغفرت کی چادر میں
خود کو اس معنی میں ڈھانپتا ہے کہ وہ اس کے حضور جھکتا اور یہ دُعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے سامان
پیدا کرے کہ جو بشری کمزوریاں ہیں وہ سرزد نہ ہوں اور جو بشری صلاحیتیں ہیں ان کی کامل نشو و نما
ہو جائے اور خدا کے علاوہ ہر شئے کو لاشئے محض سمجھتے ہوئے اُسی کی طرف رجوع کرتا ہے تو ان
حالات میں اللہ تعالیٰ بڑی سے بڑی ماڈی طاقتوں کو ملیا میٹ کر دیتا اور ہلاک کر دیتا ہے اور اپنے
بندے کی مدد اور نصرت کے لئے آسمانوں سے سامان پیدا کرتا ہے۔ہماری زندگیوں میں بھی یہ
بات ایک حقیقت کی صورت میں موجود ہے۔یہ کوئی فلسفہ نہیں بلکہ ہمارے وجود نے اس چیز کا
مشاہدہ کیا ہے کہ تمام مادی سامان اللہ تعالیٰ کے منشا اور اس کے حکم کے مقابلہ میں کوئی حیثیت ہی
نہیں رکھتے پس یہ تو درست ہے کہ اس روحانی جنگ میں، اس اخلاقی جنگ میں ،اس مذہبی جنگ
میں مادی وسائل دہر یہ اقوام کے پاس ہم سے اتنے زیادہ ہیں کہ ان کے مقابلہ میں ہمارے
ماڈی وسائل ذکر کے قابل بھی ہیں۔یہ ایک حقیقت ہے ہم اس سے انکار نہیں کرتے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے
یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان کمزور بندوں کی کوششوں میں اپنی زبر دست تدابیر کو چھپا کر دنیا میں اپنی
قدرت کے ہاتھ کا ایک زبر دست جلوہ ظاہر کرے یہ تو ٹھیک ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ جہاں
تک ہماری طاقت ہے یا جہاں تک ان وسائل کا تعلق ہے۔جن سے ہم اپنی طاقت کو بڑھا سکتے
ہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس طاقت کو اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے والے ہوں اور اس
کوشش میں لگے رہیں کہ جو طاقت اور قوت کو بڑھانے کے وسائل اور راہیں ہیں وہ ہمیں میتر
آئیں۔اللہ تعالیٰ نے اس آیہ کریمہ میں جس کی میں نے سورۃ فاتحہ کے بعد تلاوت کی ہے یہ حکم
فرمایا ہے کہ اگر تم استغفار کرو اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرو تو تمہاری خوشحالی کے سامان
آسمانوں سے پیدا کئے جائیں گے اور اللہ تعالیٰ اگر تمہاری زندگیاں اُس کی رضا کے حصول کے
لئے لگی ہوئی ہوں گی تو تمہیں قوت کے بعد مزید قوت عطا کرتا چلا جائے گا۔اس وقت جیسا کہ میں نے بتایا دشمن انسانیت اور دشمن روحانیت اور دشمن مذہب کے
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۲
خطبہ جمعہ ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
خلاف ہماری جو جد و جہد اور لڑائی ہے اس کے لئے ہمیں دشمن کے ماڈی وسائل کے اثر کو کالعدم
کرنے کے لئے ایسی روحانی طاقت کی ضرورت ہے جو خدا سے حاصل ہوتی ہے اور جس کے
حصول کا ایک ذریعہ اس آیت میں استغفار اور تو بہ بتایا گیا ہے اور جس کے نتیجہ میں یہ وعدہ دیا گیا
ہے کہ برکتوں کے سامان پھر آسمان سے پیدا ہوں گے اور قوت کے بعد مزید قوت عطا ہوتی چلی جائے
گی۔ان وسائل سے خدا تعالیٰ جو قدرت کا اور قوت کا اور طاقت کا اور عزت کا اور غلبہ کا اور قہر کا
سرچشمہ ہے اُس سے قوت لیکر ہمیں اس میدان میں دشمن اسلام، دشمن روحانیت ، دشمن مذہب اور
اللہ تعالیٰ کے خلاف صف آرا ہونے والی فوجوں کا مقابلہ کرنا ہے اور کامیابی کے ساتھ کرنا ہے اس
وقت جیسا کہ میں نے بتایا ایک خلا پیدا ہو رہا ہے اور جلدی جلدی بڑھ رہا ہے۔اس کے لئے تدبیر
جتنی ہم کر سکتے ہیں وہ ہمیں کرنی چاہیے۔اس کے لئے ہمیں اس سے زیادہ مجاہد چاہئیں اس سے
زیادہ مبشر چاہئیں۔اس سے زیادہ مبلغ چاہئیں جتنے کہ مبلغ بنانے والے ہمارے ادارے اس
وقت بنارہے ہیں۔اعلیٰ پیمانہ پر مبلغ بنانے والا ادارہ تو جامعہ احمد یہ ہے۔دوسرے بھی بعض
ادارے ہیں لیکن وہ اس معیار کے مبشر پیدا نہیں کر سکتے نہ اُن کے قیام کا یہ مقصد ہے کہ جو غیر ممالک
میں جا کر اسلام کے جرنیل کی حیثیت میں ان طاقتوں کا مقابلہ کریں، اگر ہم صرف جامعہ احمدیہ پر
انحصار کریں تو جس قدر انسانوں کی مخلص انسانوں کی ، مومن انسانوں کی ، صاحب فراست
انسانوں کی ، اللہ تعالیٰ سے پیار کرنے والے انسانوں کی ، خدا سے اخلاص کا تعلق رکھنے والے
انسانوں کی ، خدا سے عہد وفا جو انہوں نے باندھا ہے اس پر عزم کے ساتھ اور استقامت کے
ساتھ قائم اور قائم رہنے والے انسانوں کی ضرورت ہے اتنے انسان تو یہ ادارہ ہمیں شاید اگلے
سوسال میں بھی نہ دے سکے لیکن ہمیں آج ضرورت ہے۔اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے
ہمیں اُن بڑی عمر کے احمدیوں کی ضرورت ہے جو اگر چہ جامعہ احمد یہ یا اس قسم کے کسی ادارہ میں تو
نہ پڑھے ہوں لیکن اُن کی زندگی صحیح اور حقیقی اسلام کے مطالعہ میں خرچ ہوئی ہو اور جن کے دل
خدا تعالیٰ کی محبت سے معمور ہوں اور جن کا اپنے رب سے اخلاص کا تعلق ہو اور جن کی ہمت جوان
ہوا گر چہ عمر کے لحاظ سے وہ جواں نہ ہوں وہ آگے آئیں۔وہ ریٹائر ہو گئے دنیوی کاموں سے۔وہ
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۳
خطبہ جمعہ ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
جو ریٹائر ہو سکتے ہیں۔( ملازمت کا ایک ایسا حصہ جس میں انسان اپنی مرضی سے ریٹائر ہو جاتا ہے
اور اس کی پنشن پر خاص فرق نہیں پڑتا یا بعض دفعہ بالکل ہی فرق نہیں پڑتا ) ایسے لوگ اپنی
زندگیوں کو وقف کریں تا کہ ہم انہیں ان ممالک میں بھجوا سکیں ایسے لوگ جن کی خصوصیات اور
اہلیت کے کچھ پہلو تو میں نے ابھی بتائے ہیں لیکن زبان کے لحاظ سے انہیں انگریزی زبان اچھی
طرح آنی چاہیے کیونکہ یہ ہر جگہ غیر ممالک میں کام دے جاتی ہے۔انہیں وقف کرنا چاہیے۔اس
وقت ہمیں شدید ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔اس قسم کے مخلصین ،مجاہدین باوفا انسانوں کی جوان
غیر ممالک میں جا کر کام کریں لیکن جیسا کہ میں نے بتایا ہمارا ایک ہی ادارہ ہے جو مبلغ پیدا
کر رہا ہے اور اب تعداد کچھ زیادہ ہوئی ہے جامعہ میں۔ایک وقت میں تعداد بہت ہی گر گئی تھی۔پھر جو آج امتحان پاس کرتا ہے یا جس نے دو سال پہلے جامعہ احمدیہ سے شاہد کیا ہے وہ اپنے تجربہ
کے لحاظ سے اور اپنے معیار کے لحاظ سے آج اس قابل نہیں ہے کہ اُسے ہم باہر بھیج دیں۔اس لئے
ہمیں انتظار کرنا پڑے گا لیکن اگر ہزاروں نہیں تو سینکڑوں ایسے انگریزی دان احمدی ہیں۔جنہوں
نے اخلاص سے اپنی زندگیاں گزاری ہیں۔جنہیں اپنی گزشتہ زندگی میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام
نے قرآنِ کریم کی جو تفسیر ہمارے سامنے رکھی ہے اس کے مطالعہ کا شغف رہا ہے جو علی وجہ البصیرت
حقیقی اسلام کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔جنہوں نے اسی مطالعہ کے دوران دوسرے
مذاہب کے ساتھ مذہب اسلام کا موازنہ کیا ہے اور جن کو دعا کی عادت ہے جو اس مقام پر کھڑے
ہیں کہ جہاں دعا کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔جن کے دلوں میں اللہ تعالیٰ
کی محبت جوش ماررہی ہے اور جن کے سینوں میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کو دنیا
میں بلند کرنے کی ایک تڑپ پائی جاتی ہے۔ایسے سینکڑوں ہزاروں احمدی جماعت احمدیہ میں
موجود ہیں۔آج میں اُن کو آواز دے رہا ہوں کہ اسلام کی خاطر دنیا کے مختلف ممالک میں بھجوانے
کے لئے مجاہدین کی آج ضرورت ہے اور اس قسم کے لوگ ہی آج کے حالات میں اس ضرورت کو
پورا کر سکتے ہیں۔اس لئے وہ آگے آئیں اور اپنے ناموں کو پیش کریں۔اگر وہ ریٹائر ہو چکے ہوں
اور اپنی ملازمتوں سے فارغ ہو چکے ہوں تب بھی ، اگر وہ آسانی سے فارغ ہو سکتے ہیں تب بھی
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۴
خطبہ جمعہ ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
ہر قسم کے انگریزی دان افراد خواہ وہ ڈاکٹر ہوں انجینئر ہوں، ٹیچر ہوں، پروفیسر ہوں، وغیرہ وغیرہ
اپنے آپ کو پیش کریں لیکن شرط یہی ہے کہ وہ لوگ اس گروہ سے تعلق رکھنے والے ہوں جن کی
زندگیاں اسلامی تعلیم اور قرآنِ کریم کے مطالعہ میں گذری ہیں اور جو دوسروں سے تبادلۂ خیالات
کرتے رہے ہیں۔ایسے لوگوں نے جماعت میں ( پہلے مثالیں موجود ہیں) بڑا اچھا کام کیا ہے
ہمارے جو مبلغین ابتدا میں امریکہ یا انگلستان یا یورپ گئے وہ جامعہ احمدیہ کے فارغ التحصیل
نہیں تھے یعنی بی اے، ایم اے کر کے زندگی وقف کر کے جماعت کے کاموں میں مصروف ہو گئے
تھے یا جو باہر کام کر رہے تھے لیکن دفتری اوقات سے باہر سات سات آٹھ آٹھ گھنٹے روزانہ بلا ناغہ وہ
جماعت کے کاموں میں خرچ کر رہے ہیں (میرے علم میں ہیں میں نے پہلے بھی بتایا ہے بیسیوں
ایسے احباب کو میں جانتا ہوں) ایسے لوگ سامنے آئیں اور اپنے نام پیش کریں تا کہ اس وقت جو
ایک خلا پیدا ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں ہمارے دلوں میں ایک فکر پیدا ہورہا
ہے کہ ہم اس خلا کو
اگر پر نہ کر سکے تو خدا کے نام کو اس دنیا سے مٹانے کا دعویٰ کرنے والوں کی کوششیں کہیں کا میاب
نہ ہو جا ئیں۔اس وقت اسلام کے ایک ادنیٰ خادم کی حیثیت سے میں جماعت کے ان احباب کو آواز
دیتا ہوں کہ آگے بڑھو ! زندگیوں کو وقف کرو! اور اخلاص کے ساتھ سب کام چھوڑ کر باہر جاؤ اور
تبلیغ اسلام کے فریضہ کی جو ذمہ داری ہے اُسے اپنے کندھوں پر اٹھاؤ اور دنیا کو یہ بتاؤ اپنی
دعاؤں کے ساتھ اور میری اور جماعت کی دعاؤں کے ساتھ کہ مذہب اسلام جو دنیاوی لحاظ سے
علمی لحاظ سے اخلاقی لحاظ سے تعلیم دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔اشتراکیت وغیرہ اس کے مقابلہ
میں کسی میدان میں بھی ٹھہر نہیں سکتی لیکن انسانوں کی اکثریت غافل ہے اور انہیں بیدار کرنے کی
ذمہ داری ہم پر ہے۔اور ہمارے مادی وسائل تھوڑے ہیں۔ہمیں روحانی وسائل اور روحانی ہتھیاروں
کی طرف رجوع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔استغفار کے ساتھ اور تو بہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہماری
دعا کو قبول کرے اور ایسے سامان پیدا کرے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو نباہ سکیں اور اللہ تعالیٰ جماعت
کے ایسے مخلصین کو تو فیق عطا کرے کہ وہ اپنی زندگیوں کو وقف کریں اور بیرونی ممالک میں جا کر
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۳۵
خطبہ جمعہ ۲۵ جنوری ۱۹۷۴ء
ہر قسم کی تکالیف برداشت کر کے اپنے بیوی بچوں سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اس اہم ذمہ داری
کی طرف توجہ کریں اور اُسے کامیاب طریقے پر نباہنے کی کوشش کریں۔اے خدا تو ایسا ہی کر !!
روزنامه الفضل ربوه ۲۰ فروری ۱۹۷۴ ء صفحه ۲ تا ۴)