"صدسالہ احمدیہ جوبلی فنڈ" غلبہ اسلام کا ایک عظیم منصوبہ ہے
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۶۷
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
صد سالہ احمد یہ جو بلی فنڈ“
غلبہ اسلام کا
عظم منصوب
خطبه جمعه فرموده ۱۵ فروری ۱۹۷۴ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔رحمتوں اور برکتوں کا حقیقی سرچشمہ تو اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ہے ہر خیر اسی سے ملتی ہے اور
وہی ہر خیر کے حصول کے لئے راہیں متعین کرتا ہے۔حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ
ہمارے لئے حصولِ خیر کی ان راہوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ
حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ گھوڑوں کی پیشانیوں میں امت محمدیہ کے لئے
قیامت تک خیر و برکت کے سامان رکھے گئے ہیں۔اس خیر کے حصول کے لئے بھی جماعت احمد یہ
کوشش کر رہی ہے اور وہ اس طرح کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کی طرف لوگوں کی
توجہ دلانے کے لئے کہ یہ بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول کا ایک ذریعہ ہے میں کچھ عرصہ
سے گھوڑوں کی طرف ، گھوڑے پالنے کی طرف گھوڑ سواری کی طرف اور گھوڑوں کی پرورش کی
ذمہ داریوں کی طرف جماعت کو توجہ دلا رہا ہوں۔چنانچہ آج سے گھوڑ دوڑ کے تیسرے سالانہ
-
مقابلے شروع ہو رہے ہیں۔مجھے بتایا گیا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال زیادہ گھوڑے آئے
ہیں۔مجلس خدام الاحمدیہ مرکز یہ گھوڑ دوڑ ٹورنامنٹ کی منتظم ہے۔میں نے پچھلے سال انہیں کہا تھا
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۶۸
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
کہ کم از کم چار سوگھوڑے تو اس مقابلے میں شامل ہونے چاہئیں۔اس دفعہ چار سو تک تو نہیں پہنچے
سو تک پہنچے ہیں اور اچھا ہوا ابھی چار سو تک نہیں پہنچے کیونکہ اس تھوڑی تعداد ہی نے بعض ضرورتوں
کی طرف توجہ دلا دی ہے اور وہ یہ کہ گھوڑے خواہ چند روز کے لئے ہی جمع ہوں ان کے ٹھہرانے کا
صحیح انتظام ہونا چاہیے تا کہ وہ پوری طرح صحت کے ساتھ اپنے مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔پس اگر چار سو گھوڑوں نے ایک وقت میں ربوہ میں ٹھہرنا ہے چارسو گھوڑوں کے لئے
پُرانے طرز کی ایک یا ایک سے زائد سرائے ہونی چاہئیں جہاں گھوڑے بھی رہیں اور اُن کے
مالکوں کے ٹھہرنے کے لئے کمرے بھی ہوں۔میں نے منتظمین کو اس طرف توجہ دلائی ہے اس کا
جلد انتظام ہونا چاہیے۔ایک حصہ کا تو ( یعنی کچھ گھوڑوں کے لئے تو ) انشاء اللہ جلد ہی انتظام
ہو جائے گا کیونکہ دوستوں کو جب گھوڑے رکھنے اور اُن کے استعمال کا شوق پیدا ہو گا تو گاؤں کے
رہنے والے دوست پچیس تیس میل سے گھوڑوں پر جمعہ کی نماز پڑھنے کے لئے یہاں آجایا
کریں گے اس لئے ایسی جگہ کا انتظام ہونا چاہیے جہاں پندرہ میں گھوڑے جمعہ والے دن
باندھے جاسکیں اور اُن کی خوراک کا انتظام ہو یہ بھی دارالضیافت کا ایک حصہ ہے۔مجھے یاد ہے دریائے بیاس کے کنارے پر جب ہماری جماعتیں مضبوط ہو ئیں تو وہاں کے
بہت سے زمیندار دوست آٹھ میل، دس میل بلکہ بعض پندرہ میل سے گھوڑوں پر سوار ہوکر جمعہ کی
نماز پڑھنے کے لئے قادیان آجایا کرتے تھے۔بعض لوگ ایسے بھی تھے جو اپنی بچھیریوں پر سوار
ہو کر قادیان پہنچتے اور قریباً ہر نماز جمعہ میں شامل ہوتے تھے اور اس طرح اُن کی عام دینی اور
دنیوی معلومات کا معیار بہت بلند ہو گیا تھا۔تاہم یہ تو گھوڑ دوڑ ٹورنامنٹ کے سلسلہ میں ضمناً
بات آگئی ہے اور میں نے پھر توجہ دلائی ہے حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے
مطابق اس خیر کے حصول کی طرف بھی اُمت محمدیہ کو توجہ کرنی چاہیے اور ہم جو آنحضرت صلی اللہ
علیہ وسلم کے ادنیٰ خادم ہیں ہمیں بالخصوص اس منبع سے بھی خیر اور برکت کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔جلسہ سالانہ کے موقع پر جماعت احمدیہ کے سامنے جو صد سالہ احمد یہ جو بلی منصوبہ رکھا گیا
تھا اس سلسلہ میں ایک دو باتیں میں اس وقت کہنا چاہتا ہوں۔ایک تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل
66
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۶۹
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
سے اس وقت تک جو وعدے موصول ہو چکے ہیں ان کی رقم قریباً چار کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے،
الْحَمدُ لِلهِ۔تاہم ابھی ہمارے اندرونِ ملک سے بھی بہت سے مقامات بلکہ بہت سے ضلعوں کے
مجموعی وعدے بھی نہیں ملے اس لئے کہ وعدہ کرنے اور وعدوں کو یہاں پہنچانے کی میعاد شوری
تک رکھی گئی ہے اور بیرون ملک جن چالیس پچاس ممالک میں احمدی بستے ہیں ، ان میں سے بھی
میرے گذشتہ سے پیوستہ خطبہ جمعہ کے بعد صرف ایک ملک کے وعدے پہنچے ہیں اور وہ بھی غالباً
پہلی قسط کے طور پر ہیں۔گو یا بیرونِ ملک سے بھی وعدے آنے والے ہیں۔یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ بعض بیرونی ممالک میں بھی اتنی مضبوط جماعت ہائے احمد یہ قائم
ہو چکی ہیں کہ اُن کے سالانہ بجٹ تیس لاکھ روپے سے بھی زائد ہوتے ہیں یعنی صدرانجمن احمد یہ
پاکستان کے مجموعی بجٹ کا پچاس فیصد ! غرض بڑی مضبوط اور قربانی کرنے والی جماعتیں قائم
ہو چکی ہیں۔ان کی طرف سے بھی اس منصوبے کے وعدوں کی ابھی اطلاع نہیں آئی اس لئے میں
سمجھتا ہوں کہ ہمارے دل میں اب یہ جو خواہش پیدا ہوئی ہے کہ اڑھائی کروڑ کی اپیل میں اللہ تعالیٰ
اس قدر برکت ڈالے کہ عملاً نو کروڑ روپیہ جمع ہو جائے۔اس کے پورا کرنے کے آثار نظر آرہے
ہیں۔میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے امید کرتا ہوں کہ انشاء اللہ کم از کم اتنی رقم اگلے پندرہ سولہ سال
میں ضرور جمع ہو جائے گی۔اس سکیم کے بہت سے حصے ایسے ہیں جنہیں میں بعد میں کسی وقت بیان
کروں گا اور جن کی وجہ سے آمد زیادہ ہو جائے گی۔یہ منصو بہ جس وقت میرے ذہن میں آیا تو بعض دوستوں نے بھی مشورہ دیا اور خود میرے دماغ
نے بھی اس کے متعلق سوچا اور مطالعہ کیا۔اس دوران میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے بعض
فرمان بھی میری نظروں سے گزرے۔۔۔۔اس وقت یہ ایک لحاظ سے مبہم سامنصوبہ تھا کیونکہ تفاصیل تو
ذہن میں نہیں تھیں اور نہ آسکتی تھیں۔بس یہ خواہش تھی کہ نہ صرف یہ کہ صد سالہ جشن منا یا جائے بلکہ
جماعت احمدیہ کی زندگی میں جب دوسری صدی شروع ہوا اور وہ صدی جیسا کہ میں گذشتہ خطبہ میں
بتا چکا ہوں۔غلبہ اسلام کی صدی ہے اس لئے اس کا استقبال کرنے اس کے کاموں کی بنیادیں
رکھنے اور ان کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیں اگلے پندرہ سولہ سال میں انتہائی کوشش کرنی چاہیے۔
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۷۰
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
جلسہ سالانہ کے بعد بعض باتیں علم میں آئیں لیکن جیسا کہ میں نے جلسہ سالانہ پر بتایا تھا کہ
اللہ تعالیٰ نے زندگی اور توفیق دی تو اس منصوبہ کی تفاصیل انشاء اللہ مجلس مشاورت میں جماعت
کے سامنے رکھوں گا اس لئے یہ منصوبہ جو ایک خاکہ کی صورت میں پیش کیا گیا تھا اس کے متعلق
تفصیلی باتیں تو مجلس شوریٰ میں پیش ہوں گی لیکن میں چاہتا ہوں کہ دعا کی تحریک کی غرض سے
دوستوں کے سامنے جس حد تک ان باتوں
کو ظاہر کر ناممکن ہے ان کو ظاہر کر دوں۔اس وقت تک اسلام کی اشاعت میں ہماری جو جد و جہد تھی اس کی شکل حقیقی طور پر بین الاقوامی
گروہوں کی بین الاقوامی کوشش کے خلاف نہیں تھی مثلاً حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جب
دعوی کیا تو پہلے پنجاب نے اور پھر سارے ہندوستان نے مخالفت کی اور لوگوں نے کوشش کی کہ اس
آواز کو دبا دیا جائے جس کو آسمانوں نے اسلام کو غالب کرنے کے لئے اس دنیا میں مہدی معہود
کے منہ سے بلند کر وایا تھا۔پس پہلے پنجاب میں اس آواز کو دبانے کے لئے غلبہ اسلام کی اس
جد و جہد کے راستہ میں روکیں ڈالنے کے لئے مخالفت شروع ہوئی اور پھر کچھ عرصہ کے بعد
سارے ہندوستان میں مخالفت شروع ہو گئی ۱۹۴۷ ء تک یہی حالت رہی۔پھر بیرونِ پاکستان بھی
اللہ تعالیٰ ہی کے فرشتوں نے کوئی ایسی تحریک کی کہ جماعت احمدیہ کی طرف اور جماعت کے اس
مقصد کی طرف جس کی خاطر مہدی معہود کی بعثت ہوئی تھی افراد کو، خاندانوں کو توجہ پیدا ہونی شروع
ہوئی اور ایسی جگہوں پر بھی جہاں ہمارے علم کے مطابق نہ کوئی مبلغ پہنچا تھا اور نہ کتب پہنچی تھیں
لیکن کسی ذریعہ سے احمدیت کا پیغام پہنچا تھا وہاں اکا دُکا افراد اور خاندان احمدی ہونے لگے تو ان
کی تعداد تھوڑی تھی لیکن غلبہ اسلام کی تحریک آہستہ آہستہ وسعت اختیار کرنے لگی۔گویا غلبہ اسلام
کی وہ آواز جو قادیان سے بلند ہوئی تھی وہ ہندوستان سے باہر نکلی اور دُنیا کے اکثر ممالک میں
پھیلنے لگی۔چنانچہ جب وہاں اکا دکا لوگ احمدی ہوئے تو اُن کی مخالفت بھی بڑی معمولی سی تھی یعنی
جس ملک میں کوئی اکا دکا احمدی ہوتا اس ملک کی مجموعی مخالفت سامنے نہیں آتی تھی اللہ تعالیٰ
اشاعت اسلام کے لئے اپنی تدبیر کرتا ہے اس لئے ایسی مخالفت کہیں بھی اور کسی شکل میں بھی کسی ملک
میں پیدا نہیں ہوئی جو ہماری کوششوں کو کسی ایک محدود دائرے میں کلیہ ناکام بنادے۔
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۷۱
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
پھر اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعتیں بڑھنے لگیں اور بعض ممالک میں جیسا کہ میں نے بتایا
ہے ہماری جماعتیں تعداد کے لحاظ سے وہاں کی آبادی میں دس فیصد سے زیادہ ہیں اور مالی
قربانیوں کا یہ حال ہے کہ بعض چھوٹے چھوٹے ملک کی جماعتوں کا بجٹ تیس لاکھ سے زیادہ ہوتا
ہے۔اُن کی آبادی ہمارے مقابلہ میں دس فیصد ہے لیکن بجٹ ہمارے مقابلہ میں پچاس فی صد
ہے۔غرض اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی قربانی دینے والی جماعتیں قائم ہوگئیں۔جب یہ صورت
پیدا ہوئی تو پھر ہر اس ملک میں جہاں احمدیت کو ترقی ہو رہی تھی ، مخالفت شروع ہوگئی تاہم مخالفت
سے گھبراہٹ کبھی پیدا نہ ہوئی کیونکہ مخالفت کا پوری جدو جہد کے ساتھ مقابلہ کرنا تو ہماری زندگی کا
ایک ضروری حصہ ہے بہر حال جب ہماری اجتماعی زندگی میں توانائی پیدا ہوئی تو مخالفت میں زور
پیدا ہوا اور ہونا بھی چاہیے تھا۔گویا ہر وہ ملک جس میں جماعتیں قائم ہوئیں وہ جماعتی کوششوں کے
خلاف کھڑا ہو گیا۔مثلاً افریقہ کے بہت سے ممالک ہیں جہاں ہماری جماعتیں قائم ہوئیں اور
انہوں نے ترقی کی اور انہیں اللہ تعالیٰ کے فضل سے مقبولیت حاصل ہوئی تو وہاں کے لوگوں
نے (غیر مسلموں نے بھی اور ان مسلمانوں نے بھی جنہوں نے ابھی تک حقیقت کو نہیں پایا ) مخالفت
شروع کر دی اور جوں جوں جماعت بڑھتی گئی ، اس مخالفت میں شدت پیدا ہوتی چلی گئی لیکن مخالفانہ عنصر
اسی ملک کے ساتھ تعلق رکھتا تھا جس میں جماعتیں قائم تھیں یعنی ہر ملک میں جماعت احمدیہ کی
مخالفت مقامی نوعیت کی حامل تھی اور گذشتہ جلسہ سالانہ تک یہی حالت رہی۔جلسہ سالانہ سے پہلے
اللہ تعالیٰ نے میرے ذہن میں صد سالہ احمد یہ جوبلی کا منصوبہ ڈالا اور اس کے متعلق بڑے زور
کے ساتھ یہ تحریک ہوئی کہ جلسہ سالانہ پر اس کا اعلان کر دیا جائے کہ اگلے پندرہ سولہ سال بڑے اہم
ہیں۔بڑے سخت ہیں بڑی قربانیوں کے سال ہیں خود کو سنبھالنے کے سال ہیں نئی نسلوں کی از سرئو
تربیت کرنے کے سال ہیں۔چنانچہ جلسہ سالانہ پر جب صد سالہ احمد یہ جوبلی منصوبہ کا اعلان کیا گیا تو اس کے بعد بعض
ایسی اطلاعات موصول ہوئیں کہ جن کو پا کر دل میں اللہ تعالیٰ کی حمد کے چشمے پھوٹے۔اللہ تعالیٰ
عَلَامُ الْغُيُوبِ ہے ہمیں علم نہیں تھا لیکن اس
کو علم تھا۔اس نے جماعت کو اس طرف متوجہ کر دیا کہ
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۷۲
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
قربانیاں دینے کے لئے تیار ہو جاؤ۔اب جماعت احمدیہ کی طرف سے غلبہ اسلام کی اس عظیم اور
خدا تعالیٰ کے فضل سے کامیاب ہونے والی جد و جہد کی مخالفت ایک نئی شکل میں اور ایک اور رنگ
میں شروع ہوئی ہے اور وہ بین الاقوامی متحدہ کوشش کی شکل میں ہے۔پہلے ہر ایک ملک اپنے ملک
میں مخالفت کر رہا تھا۔یہاں بھی مخالفت تھی اور زیادہ سے زیادہ یہ ہوا کہ بعض لوگوں نے حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانہ میں آپ کے خلاف مکہ اور مدینہ سے کفر کے فتوے حاصل
کر لئے لیکن اس کفر کے فتوؤں کی مہم کے نتیجہ میں جماعت میں کمزوری پیدا نہیں ہوئی جماعت نے
اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو جس رنگ میں حاصل کیا ہے اس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی بہر حال ملک
ملک میں مخالفت تھی یہ کہ ممالک اکٹھے ہو کر جماعت کی متحدہ مخالفت کریں۔اس رنگ میں جماعت
کو مخالفت کا مقابلہ نہیں کرنا پڑا۔میں نے پہلے بھی کئی بار بتایا ہے اسلام کو غالب کرنا کوئی معمولی کام نہیں ہے۔اللہ تعالیٰ کا یہ
بہت بڑا منصوبہ ہے یہ اتنا بڑا منصوبہ ہے (جو آسمان سے اُترا اور انسان کے کمزور ہاتھوں میں
دیا گیا ہے ) کہ اگر خدا تعالیٰ کی رحمتوں اس کی طاقتوں اور قدرتوں اور اس کے غالب اور قہار
ہونے پر تو گل نہ ہو تو اس کا تخیل و تصور ہی انسان کو پاگل بنادیتا ہے لیکن جہاں
اللہ تعالیٰ نے اسلام
کو غالب کرنے کا اتنا عظیم منصوبہ مہدی معہود کے ذریعہ جماعتِ احمدیہ کے ہاتھ میں دیا وہاں
ہر احمدی کے دل میں اللہ تعالیٰ نے اس قدر تو گل پیدا کیا کہ وہ تمام عقلی پہلوؤں کو اپنے پاؤں تلے
روند تے اور خدا تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے آگے بڑھا۔ظاہر ہے کہ پہلے صوبے کی مخالفت
تھی پھر ملک کی مخالفت تھی پھر ملک ملک کی مخالفت تھی ، مخالفت میں ترقی ہوتی چلی گئی۔اب ممالک
کے اکٹھے ہو کر مقابلے میں آجانے کا جو منصوبہ ہے اس سے بڑھ کر اس کرہ ارض پر اور کوئی منصوبہ
تصویر میں بھی نہیں لایا جا سکتا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم جو خدا تعالیٰ پر ایمان رکھتے اور اسی پر اپنا
تو گل رکھتے ہیں یہ سمجھتے ہیں کہ غلبہ اسلام کی آخری گھڑی قریب آگئی ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ۔کیونکہ
جب منصوبہ اپنی انتہا کو پہنچا تو ہمارے ہر دل نے یہ کہا
ع نہاں ہم ہو گئے یارِ نہاں میں
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۷۳
خطبه جمعه ۱۵ / فروری ۱۹۷۴ء
اب اس بین الاقوامی منصوبہ کے خلاف جماعت نے اسلام کو کا میاب اور غالب اور فاتح
کرنے کے لئے ایک بین الاقوامی جہاد کرنا ہے۔اس جہاد کے لئے آپ کو تیار ہونا چاہیے اس کی تفاصیل
تو جیسا کہ میں نے بتایا ہے اللہ تعالیٰ کی توفیق اور اس کی رحمت پر تو گل کرتے ہوئے مجلسِ شوریٰ
میں پیش کروں گا لیکن اس وقت اس مرحلے پر کہ پہلے ہمیں خدا نے کہا کہ بہت بڑے پیمانے پر
قربانی دینے کے لئے تیار ہو جاؤ اور پھر ہمارے علم میں بعد میں یہ بات آئی کہ ایک بین الاقوامی
منصو بہ کئی ملکوں نے اکٹھے ہو کر بنایا ہے کہ اسلام غالب نہ ہو اس کی کوشش دونوں طرف سے ہوئی
ہے جو مسلمان ہیں وہ تو اس لئے مخالفت کرتے ہیں کہ وہ حقیقت کو سمجھتے نہیں اور جو غیر مسلم ہیں وہ
اس لئے کہ وہ ہمیشہ سے اسلام کو مٹانے کی کوششیں کرتے چلے آئے ہیں اور اب ان کو یہ خطرہ پیدا
ہو گیا ہے کہ کہیں اُن کے مذہب پر اسلام غالب نہ آ جائے اور جود ہر یہ ہیں وہ کہنے لگ گئے ہیں کہ
اس وقت دنیا میں دہریت اور اشتراکیت کے رستے میں انہیں ایک ہی روک نظر آتی ہے اور وہ
جماعت احمد یہ ہے۔پس ایک بین الاقوامی متحدہ حملے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تا اسلام دنیا پر غالب نہ
آئے۔اس بین الاقوامی منصوبہ کا مقابلہ کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی منشا سے صد سالہ احمد یہ
جوبلی منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی رو سے مالی قربانیوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پس غیر مسلموں کی
طرف سے یہ انتہائی مخالفت نشاندہی کرتی ہے اس بات کی کہ اسلام کے انتہائی غلبہ کے دن اللہ تعالیٰ
کے فضل سے نزدیک آگئے ہیں۔ہم نے تو اڑھائی کروڑ روپے کا سوچا تھا اور اس وقت (جلسہ سالانہ پر ) اپیل بھی یہی کی
تھی۔مگر ساتھ ہی کہ دیا تھا کہ یہ رقم پانچ کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔اب اللہ تعالیٰ کے فضل
سے یہ نظر آرہا ہے کہ یہ فنڈ اس سے بھی آگے نکلے گا۔شاید نوکر وڑ روپے تک چلا جائے۔لیکن
اصولی طور پر جو چیز مجھے نظر آئی اور جس نے میرے دل میں حمد کے جذبات پیدا کر دیئے اور میں
چاہتا ہوں کہ احباب جماعت بھی اللہ تعالیٰ کی حمد میں میرے ساتھ شریک ہوں وہ یہ تھی کہ یہ جو
اڑھائی سے پانچ کروڑ تک اور پھر پانچ سے 9 کروڑ روپے تک جمع ہونے کی امید پیدا ہوگئی
ہے۔اس میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ بتایا ہے کہ اگر ہم اخلاص کے ساتھ اور پاک نیت کے ساتھ
خطبات ناصر جلد پنجم
۴۷۴
خطبہ جمعہ ۱۵ رفروری ۱۹۷۴ء
اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی قربانیاں پیش کرینگے تو اسلام کے غلبہ کے لئے خدا کے نزدیک جس قدر بھی
مادی ذرائع کی ضرورت پیدا ہوگی وہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عطا کئے جائیں گے اور اس کام کے
لئے جس قدر دعاؤں کی ضرورت ہوگی۔اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے جماعت کو یہ تو فیق عطا کرے گا
کہ وہ دعائیں کریں تا کہ جہاں تک ہمارے امکان میں ہے ہم تدبیر اور دعا کو انتہا تک پہنچادیں
اور خدا تعالیٰ کے آلہ کار بنتے ہوئے اسلام کو دنیا پر غالب کرنے کا ذریعہ بنیں اور اس کی رحمتوں
کے وارث بن جائیں۔خدا کرے کہ ایسا ہی ہو۔روزنامه الفضل ربوه ۵ / مارچ ۱۹۷۴ء صفحه ۲ تا ۴)