اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے قرب کی راہیں معیّن کردی ہیں
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۱
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
اللہ تعالیٰ نے اپنے تحرب کی راہیں معین کر دی ہیں انہیں اختیار
کر کے ہی الہی قرب ورضا کا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے
خطبه جمعه فرموده ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے درج ذیل آیت قرآنی کی
تلاوت فرمائی:۔يَايُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ وَابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسِيلَةَ وَجَاهِدُوا فِي سَبِيلِهِ لَعَلَّكُمْ
تُفْلِحُونَ - (المائدة : ٣٦)
اس کے بعد فرمایا :۔اس دنیا میں ہر انسان فلاح اور کامیابی کی خواہش اور تمنا رکھتا ہے لیکن ہر انسان فلاح اور
کامیابی کو حاصل نہیں کیا کرتا اور نہ ہر انسان کو ان راہوں کا علم ہوتا ہے یا اپنے طور پر ہو سکتا ہے جو
را ہیں کہ کامیابی کی طرف لے جانے والی اور ناکامیوں کے دروازے بند کرنے والی ہیں۔مثلاً
بہت سے لوگ بددیانتی اور کرپشن (Corruption) کے ذریعہ سے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں،
بہت سے لوگ جھوٹ بول کر اپنے مقاصد کو حاصل کرنا چاہتے ہیں، بہت سے لوگ مال حرام کے
ذریعہ کا میابیاں پانا چاہتے ہیں۔اسی طرح بیبیوں ایسی مثالیں دی جا سکتی ہیں کہ انسان راہِ (مستقیم )
سے بھٹک جاتا ہے اور ان راہوں کو اختیار کرنے لگتا ہے جو کامیابی کی طرف نہیں لے جاتیں بلکہ
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۲
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
ناکامی کی طرف لے جانے والی ہیں۔دنیا میں بے شمار ایسی مثالوں کا پایا جانا (یعنی جن کا انسان
شمار نہیں کرسکتا ) اور دنیا کے ان حصوں میں بھی پایا جانا جن کے رہنے والے دنیا میں بہت عقلمند سمجھے
جاتے ہیں ہمیں یہ بتاتا ہے کہ انسان اپنی کوشش اور اپنی عقل سے فلاح اور کامیابی کے حصول کے
ذرائع کو معلوم نہیں کر سکتا بلکہ اس کے لئے آسمانی ہدایت کی ضرورت ہے۔قرآن کریم نے کامیابیوں کے حصول کے لئے متعدد جگہ مختلف پہلوؤں سے صداقت و
ہدایت کی راہوں کی نشاندہی کی ہے اور ان راہوں کو روشن کیا ہے اور ان کی طرف انسان کی
رہنمائی کی ہے اور ان کی برکتوں کی طرف انسان کو متوجہ کیا ہے۔اس وقت جو مختصر سی آیت میں نے
پڑھی ہے اس میں اس سلسلہ میں ایک حسین مضمون بھی بیان ہوا ہے۔” بھی میں اس لئے کہتا ہوں
کہ قرآن کریم کے بہت سے بطون ہیں اور ہر بطن اس کے حسن کو دوبالا کرنے والا ہے۔اللہ تعالیٰ
فرماتا ہے کہ تمہاری حقیقی کامیابی اس بات میں ہے کہ تم ان راہوں سے پر ہیز کرتے ہوئے جو
اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ان بدعقائد اور بد اعمال سے بچتے ہوئے جن پر اللہ تعالیٰ کا غضب اور قہر
نازل ہوتا ہے خدا تعالیٰ کے حضور وہ چیز پیش کرو جو اسے پسند ہو اور اس کی پناہ میں آجاؤ اپنی
حفاظت کے لئے اسے اپنی ڈھال بنا لو اور اسے اپنی کامیابی کا ذریعہ بنا لو تو تب تم کامیاب ہو گے
اور ایک ایسی کامیابی تمہیں حاصل ہوگی جس سے بڑھ کر کسی کامیابی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔فلاح کے معنی عربی میں عظیم کا میابی کے ہوتے ہیں۔یايُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ اے ایمان کا
دعوی کرنے والو! نا کامیوں سے بچنے میں اپنی حفاظت کے لئے خدا تعالیٰ کو اپنی پناہ بنا لو اور اس کو
اپنی ڈھال بنا لو وَ ابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسِيلَةَ اور ڈھال اس طرح بناؤ کہ اس کے قرب کی راہوں کو
تلاش کرو۔زبانی دعوؤں سے تو اللہ تعالیٰ کسی کی ڈھال نہیں بن سکتا بلکہ اس کے قرب کی راہیں
معین ہیں اور ان معین راستوں کو اختیار کر کے ان راہوں پر چل کر اللہ تعالیٰ انسان کو اس مقام
تک پہنچادیتا ہے جو مقام کہ اس کے قرب کا مقام اور اس کی رضا کا مقام ہے۔وَسِيلَة کے لئے تین طریقے بیان کئے گئے ہیں اور وہ اس مضمون کو ظاہر کرتے اور اس کو
نمایاں کرتے ہیں۔وسيلة “ کے معنی ہیں خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل کرنا اور اس کے لئے جو
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۳
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
راہ اور جو ذریعہ ہے وہ ایک تو علم و معرفت ہے اور دوسرے عبادت ہے اور تیسرے ہے مکارم شریعت
کو اختیار کرنا۔جیسا کہ دوسری جگہ بتایا ہے علم و معرفت، خدا تعالیٰ کی ذات کو پہچاننا اور اس کی
صفات کا عرفان رکھنا بہت ضروری ہے اور پھر اس کے نتیجہ میں جو تقاضے پیدا ہوتے ہیں ان کو پورا
کرنے کے لئے عبادت اور مکارم کے لباس میں خود کو ملبوس کرنے کی کوشش کرنا ضروری ہے۔وَابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسيلَةَ قرب اور وسیلہ کے حصول کے لئے جو راستہ اور سبیل ہے وہ تین قسم
کی ہے۔ایک تو صحیح روحانی علم کا حاصل ہونا، معرفت کا حاصل ہونا ، دوسرے خدا تعالیٰ کے بتائے
ہوئے طریق پر اس کی عبادت کرنا اور تیسرے شریعت حقہ اسلامیہ کے مکارم کو اختیار کرتے
ہوئے اپنی روح اور اپنے ذہن اور اپنے عمل اور اپنے عقیدہ میں حسن پیدا کرنے کی کوشش کرنا۔ان تین چیزوں کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ انسان کی ڈھال بن جاتا ہے اور اسے اپنی حفاظت میں لے
لیتا ہے۔اگر انسان کو خدا تعالیٰ کی ذات اور صفات کی معرفت نہ ہو تو اس نے خدا کو پہچانا ہی نہیں اس
لئے اس کے قرب کی راہوں کی تلاش وہ صحیح معنی میں کر ہی نہیں سکتا۔اسی لئے آپ کو دنیا میں ایسے
لوگ بھی نظر آئیں گے جو زبان سے تو یہ دعویٰ کر رہے ہوں گے کہ وہ خدائے واحد و یگانہ کی پرستش
کرتے ہیں اور اس کی وحدانیت کی معرفت رکھنے والے ہیں لیکن وہی لوگ جب مقبروں میں
جاتے ہیں تو قبروں کو سجدہ کرنے لگ جاتے ہیں اور جب اپنے بزرگوں کے پاس جاتے ہیں تو
انہیں ارباب سمجھنے لگ جاتے ہیں اور ان کی پرستش شروع کر دیتے ہیں۔ہزار بت اپنے سینوں
میں اُنہوں نے سجائے ہوئے ہیں اور ہزار بت کے گردان کا طواف ہے اور زبان سے یہ دعویٰ بھی
ہے کہ ہم خدائے واحد و یگانہ کی پرستش کرنے والے ہیں۔یہ تضاد ہمیں اس لئے نظر آتا ہے کہ
بنیادی طور پر انہیں خدا تعالیٰ کی وحدانیت کی معرفت حاصل نہیں اور چونکہ انہیں خدا تعالیٰ کی
وحدانیت کا ، اس کے احد ہونے کا عرفان ہی حاصل نہیں اس لئے خدا تعالیٰ کی وحدانیت کی
معرفت اور اس کا علم جن باتوں کا تقاضا کرتا ہے وہ اس کو پورا نہیں کرتے اور پورا کر ہی نہیں سکتے
کیونکہ انہیں علم ہی نہیں کہ خدائے واحد و یگانہ کی معرفت کے بعد انسان پر کیا ذمہ داریاں عائد
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۴
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
ہوتی ہیں۔خدا تعالیٰ رب ہے نیز قرآن کریم نے دوسری بہت ساری صفات بیان کی ہیں جن کا
تعلق انسان کی زندگی کے ساتھ ہے ان میں سے بعض بنیادی ہیں اور بعض ان سے تعلق رکھنے والی
ہیں۔اس کے ساتھ ہی یہ کہا کہ میری صفات کا مظہر بننے کی کوشش کرو اور میری صفات کا رنگ
اپنے اوپر چڑھاؤ۔اب اگر انسان رب کی ربوبیت کا علم ہی نہیں رکھتا ، اسے اس کی معرفت ہی
حاصل نہیں۔اس رنگ کو وہ پہچانتا ہی نہیں تو اپنی ذات پر اور اپنی صفات پر وہ اس رنگ کو کیسے
چڑھائے گا۔یہ واضح بات ہے کوئی گہری اور دقیق بات نہیں ہے کہ جب تک رنگ کی پہچان نہیں
اس رنگ کو اپنے نفس کے اوپر چڑھایا ہی نہیں جاسکتا۔اب ربوبیت رب العالمین کا تقاضا یہ ہے کہ
جہاں تک انسان کی طاقت ہو وہ ہر مخلوق کی نشو و نما کے سامان پیدا کرنے کی کوشش کرے جہاں تک
کہ انسان
کا تعلق ہے۔اللہ تعالیٰ نے تو رب ہونے کی حیثیت سے اگر کسی چیز کو پیدا کیا تو اس کو قومی
اور طاقتیں بھی دیں اور ان کی نشوونما کے سامان بھی پیدا کئے۔پس جو شخص صفت رب العالمین کی
معرفت اور علم رکھتا ہے وہ تو یہی رنگ اپنے پر چڑھائے گا اور وہ کسی شخص کو اس کے حق سے محروم
نہیں کرے گا لیکن جو شخص اس صفت کا علم ہی نہیں رکھتا اسے اس کی معرفت ہی حاصل نہیں وہ اس
کے مطابق عمل نہیں کر سکتا اور یہ بنیادی حکم کہ میری صفات کا رنگ اپنے اوپر چڑھاؤ اور اس کے
مطابق دنیا سے یعنی اپنے بھائی بندوں سے اور دوسری مخلوق سے سلوک کرو وہ اس کے مطابق عمل
نہیں کر سکتا۔پس خدا تعالیٰ کو اپنی حفاظت کے لئے ڈھال بنانے ، خدا تعالیٰ کے قُرب کی راہوں کو
حاصل کرنے کے لئے اس کی پناہ میں آجانے اور خدا تعالیٰ کے پیار کو خدا کے فضل سے حاصل
کرنے کے لئے جو ذریعہ ہے اس کے متعلق خدا تعالیٰ نے فرمایا وَ ابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسِيلَةَ کہ اس
وسیلہ کو تلاش کرو جو خدا تعالیٰ نے تمہارے سامنے رکھا ہے اور میں نے بتایا ہے کہ وہ تین باتیں
ہیں۔ان میں سے پہلی بات علم اور معرفت اور عرفان کا حصول ہے۔علم نقلی اور سماعی بھی ہے یعنی
روایت اور پہلوں کے مشاہدے سے انسان علم حاصل کرتا ہے اور پہلوں کے مشاہدات اور ان
کے تجربوں کے نتائج سے غفلت برت کر خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کرتا اور ایک اس کا اپنا
خطبات ناصر جلد ششم
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
مشاہدہ ہے وہ بھی علم کا ذریعہ بنتا ہے۔اسی واسطے قرآن کریم نے کہا ہے کہ تقویٰ کوئی مختصر اور چھوٹا
سا مقام نہیں ہے کہ جہاں پہنچ گئے اور بس بلکہ تقویٰ کے بے شمار مدارج ہیں اور انسان درجہ بدرجہ
تقویٰ میں ترقی کرتا چلا جاتا ہے۔اسی لئے قرآن کریم کے متعلق یہ کہا گیا ہے کہ هُدًى لِلْمُتَّقِينَ
کوئی شخص تقویٰ کے کسی مقام پر بھی پہنچ جائے اگر اس نے اپنے تقویٰ کو قائم رکھنا اور تقویٰ کی منازل
میں ترقیات کا حصول کرنا ہے تو وہ قرآن کریم سے بے تعلق نہیں ہوسکتا۔پس خدا تعالیٰ کی پناہ میں
آنے کی غرض کو مدنظر رکھتے ہوئے ، اس کی رضا کے حصول کے لئے خدا تعالیٰ کی صفات کا علم حاصل
کرنے کے متعلق ہمارے گھروں میں باتیں ہونی چاہئیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام
نے بڑی تفصیل کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی صفات کے اصولی پہلوؤں کے متعلق بھی اور ان کے
تفصیلی پہلوؤں کے متعلق بھی اپنی کتب میں اور تقاریر اور ملفوظات میں بیان کیا ہے لیکن ہم اس
سے غفلت برتنے لگ جاتے ہیں۔ہمارے ماحول میں ، ہماری مجالس میں اور ہمارے گھروں
میں خدا تعالیٰ کی صفات کا ذکر ہونا چاہیے۔خدا تعالیٰ ہی اپنی صفات اور اپنی ذات کے متعلق ہمیں
بتا سکتا ہے کوئی دوسرا نہیں بتا سکتا۔پس جس رنگ میں خدا تعالیٰ نے اپنی ذات اور صفات کا ذکر
قرآن کریم میں بیان کیا اور جس رنگ میں اس کی تفسیر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کی اور
جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے قرآن کریم اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی
بیان فرمودہ تفسیر کے مطابق ان باتوں کو ہمارے سامنے رکھا اس کا ذکر بڑوں میں، چھوٹوں میں،
مردوں میں اور عورتوں میں ہوتے رہنا چاہیے کیونکہ اگر یہ پہلو یعنی خدا تعالیٰ کی ذات اور صفات
کے متعلق علم اور معرفت رکھنا جو کہ پہلا پہلو اور بنیادی چیز ہے اگر یہ نہ ہوگا تو اتقوا کا جو حکم ہے کہ
خدا کی پناہ میں آجاؤ اور اپنی ترقیات کے لئے اور اپنی جنتوں کے حصول کے لئے اس کے قرب کو
حاصل کرو یہ حکم پورا نہیں ہو سکتا۔اس علم کے نتیجہ میں پھر آگے دو چیز میں پیدا ہوتی ہیں ایک عبادت
ہے خدا تعالیٰ کے حضور انسان کا سر جھک جاتا ہے اس کو ہم حقوق اللہ کی ادائیگی کہتے ہیں اور
دوسرے مکارمِ شریعت پر عمل کرنا ہے۔الغرض وسيلة “ کے لئے یعنی قرب الہی کے حصول کے لئے تین باتیں بتائی گئی ہیں ان
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۶
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
میں سے پہلی بات علم ہے یعنی خدا تعالیٰ اور اس کی صفات کی معرفت اور عرفان اور ان صفات کے
جلوؤں پر غور کرنا جو اس نے انسان کے سامنے اپنے کلام میں ظاہر کئے اور جو خدا تعالیٰ اپنے اس
تعلق میں ظاہر کرتا ہے جو اس کے نیک بندے اس سے حاصل کر سکتے ہیں مثلاً نبی اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم کی زندگی ہے اس پر غور کرنے سے ہمیں پتہ لگتا ہے کہ خدا تعالیٰ کتنا پیار کرنے والا ،
خدا تعالیٰ کس رنگ میں ربوبیت کا مظاہرہ کرنے والا اور خدا تعالیٰ کس طرح اپنی رحمانیت کے
جلوے انسان پر ظاہر کرنے والا ہے، علی ہذا القیاس۔اور اس معرفت اور عرفان کا نتیجہ یہ ہے کہ
ایک تو حقوق اللہ کی ادائیگی کی طرف ہمیں توجہ ہوتی ہے اور ہم عبادت کو اس کے پورے حقوق کے
ساتھ ادا کرتے ہیں اور دوسرے بنی نوع انسان کے آپس کے تعلقات میں شریعت محمدیہ اور
شریعت حقہ اسلامیہ کے مکارم کو اپنانے اور خدا کے پیدا کردہ انسان کے ساتھ اُس سلوک کے
کرنے کی طرف ہمیں توجہ ہوتی ہے جس سلوک کا حکم قرآن کریم کی شریعت اور محمد رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم کے اُسوہ اور ارشادات میں ہمیں نظر آتا ہے۔پس وسیلہ ، یعنی خدا تعالیٰ کے قرب
کو حاصل کرنے کی جو راہ ہے اس کے تین طریقے بتائے گئے ہیں ، تین راہوں کی تعین کی گئی
ہے جو خدا تعالیٰ کے قرب تک لے جانے والی ہیں ایک علم ہے یعنی معرفت اور عرفان ،
دوسرے اس کا تقاضا عبادت اور حقوق اللہ کی ادائیگی ہے اور تیسرے مکارم شریعت کے مطابق
انسان کے ساتھ حسن سلوک اور خدا تعالیٰ کی دوسری مخلوق کے ساتھ وہ برتاؤ ہے جیسا برتاؤ کہ
خدا تعالیٰ نے ہمیں کہا ہے کہ ہونا چاہیے اور جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ اور ارشادات
میں ہمیں نظر آتا ہے۔یہ تین باتیں جو اس وسيلة “ کے اندر آتی ہیں اس کے تین دشمن ہیں اور جس وقت
انسان خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ اس کی راہ میں روک بن کر کھڑے
ہو جاتے ہیں۔جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جیسا عظیم رسول ایک کامل اور مکمل شریعت لے کر
دنیا کی طرف آیا، ایک ایسی شریعت لے کر جس نے خدا تعالیٰ کی نعمتوں کا اتمام کر دیا اور ان کی
تکمیل کر دی تو اس کے بعد یہ نہیں ہوا کہ کوئی مقابلے میں کھڑا نہیں ہوا بلکہ اس کے بعد یہ ہوا کہ
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۷
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
رؤسائے مکہ نے اپنی میانوں سے تلوار میں نکال لیں وہ یہ سمجھے کہ شاید تلوار کے ساتھ ہم خدا تعالیٰ
کے اس سلسلہ کو ، خدا تعالیٰ کے ”اسلام“ کو ، خدا تعالیٰ کی کامل اور مکمل شریعت کو اور اس کامل اور
مکمل شریعت کے لانے والے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نا کام اور نامراد کر دیں گے۔اُنہوں نے یہ سمجھا اور اُنہوں نے تلواریں نکال لیں لیکن اسلام کو ناکام کرنے کے لئے صرف
ظاہری دشمن کی مادی طاقت کا مظاہرہ ہی تو نہیں ہوا، صرف تلواریں ہی میانوں سے نہیں نکلیں،
صرف کمانوں پر چلتے نہیں چڑھائے گئے اور ان میں تیر نہیں رکھے گئے ،صرف نیزوں کی انیوں کو
تیز نہیں کیا گیا ، صرف گھوڑوں کی پرورش نہیں کی گئی جن پر سوار ہو کر مسلمانوں کے قتل کرنے کا
اُنہوں نے منصوبہ بنایا تھا بلکہ اس ظاہری دشمن کے ساتھ ساتھ ایک مخفی دشمن بھی مقابلہ پر آ گیا۔مذہب کی اصطلاح میں اس کو شیطان کہتے ہیں۔شیطان اپنا کام کا فر کے ذریعے بھی کرتا ہے اور
شیطان اپنا کام منافق کے ذریعے بھی کرتا ہے۔وہ دلوں میں وسوسے ڈالتا ہے، وہ جھوٹی افواہیں
پھیلاتا ہے، وہ غلط باتیں منسوب کرتا ہے، خدا تعالیٰ کی وحی میں جو کلے ہیں قرآن کریم میں جو
الفاظ آئے ہیں وہ ان کو اپنی جگہ سے ہلا کر اور معانی کو بدل کر دنیا کے سامنے پیش کرتا اور انسان
کے دل میں غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔اور پھر انسان کے اندر بشری کمزوریاں ہیں یہ صداقت کا
اور خدا تعالیٰ کے قائم کردہ سلسلہ میں پروئے جانے والوں کا تیسرا دشمن ہے جو کھڑا ہوتا ہے۔یہ
ہر شخص کا اپنا نفس ہے۔اسی واسطے قرآن کریم نے کہا کہ وَ جَاهِدُوا فِي سَبِيلِهِ امام راغب کہتے
ہیں کہ اس جہاد اور مجاہدہ میں تینوں دشمنوں کا مقابلہ آ جاتا ہے، ظاہر دشمن کا بھی ، شیطانی وساوس کا
بھی اور اپنے نفس کی کمزوریوں کا بھی (جو کہ شہوات دنیا کی طرف مائل ہو جا تا اور دنیا کے لالچ کی
طرف پھسلتا اور تباہی کے سامان پیدا کرتا ہے )۔پس جہاں خدا تعالیٰ کی ذات اور صفات کا عرفان حاصل کرنا ضروری ہے اور قرآن کریم
نے اسے بیان کیا وہاں اس کے مقابلہ میں تین دشمن بھی ہیں ایک نے کہا کہ سر پھوڑ دیں گے تمہارا
اگر تم نے نمازیں پڑھیں۔چنانچہ کی زندگی میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ایک لمبا عرصہ چھپ
چھپ کر خدا تعالیٰ کی عبادت کرتے رہے اور وہ معرفت اور علم، اتنا عظیم علم ! اتنا حسین علم ! ایسا علم
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۸
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
جس کے اندر احسان کی بڑی زبر دست طاقتیں ہیں اس کے متعلق ظاہری دشمن نے بھی یہ اعلان
کیا کہ یہ تو کوئی چیز نہیں ہے اور اس کی طاقت کوئی طاقت نہیں ہے۔ان کے خیال میں یہ روحانی علم
ایسا تھا کہ جسے تلوار کی دھار کاٹ سکتی تھی۔تلوار کی دھار مادی چیزوں کو کاٹا کرتی ہے اور جو
روحانی قوتیں اور طاقتیں ہیں انہیں تلوار کی دھار اور انہیں تیر خواہ وہ کس قدر طاقتور کمان سے ہی
کیوں نہ چھوڑے جائیں اور انہیں نیزہ کی انی نہیں کاٹا کرتی وہ علم تو اپنی جگہ قائم رہنے والی
روحانی طاقت ہے لیکن انہوں نے اپنے زعم میں یہی خیال کیا تھا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر
ایمان لانے والے چند ایک ہیں شاید وہ ان کی گردنیں اڑا کر خدا تعالیٰ کے سلسلہ کو ختم کر دیں
گے۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اس ظاہری دشمن کا بھی مقابلہ کرنا ہے جب وہ
ظاہری اور مادی سامان لے کر آئے تو تمہیں ظاہری اور مادی سامان لے کر اس کے مقابلہ میں جانا
چاہیے خواہ اس کے مقابلہ کے لئے تمہارے پاس ظاہری اور مادی سامان ان کی طاقت کے مقابلہ
میں سو میں سے ایک بھی نہ ہوں یا ہزار میں سے ایک بھی نہ ہوں یا لا کھ میں سے ایک بھی نہ ہوں
لیکن اگر تمہیں کہا جائے کہ خدا تمہیں کہتا ہے کہ ان مادی سامانوں کا مقابلہ مادی سامانوں سے کروتو
تم ان کا مقابلہ کرو۔یہ ظاہری مادی طاقت جو بعض سر پھرے انسانوں کے ہاتھ میں ہمیں نظر آتی
ہے اس کو نا کام کرنے کے لئے خدا تعالیٰ نے غیر مادی روحانی طاقتیں بھی پیدا کی ہیں اور یہی چیز
ہے جو مومن مسلم انسان کی طاقت کو ثابت کرتی ہے لیکن اس وقت میں اس کی تفصیل میں نہیں
جاؤں گا۔غرض پہلے مفسرین نے بھی کہا ہے کہ جَاهِدُوا فِي سَبِيلِہ میں تینوں دشمنوں کا ذکر آتا ہے
اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بھی تینوں کی طرف اشارہ کیا ہے اور پہلوں سے
بہت زیادہ تفصیل کے ساتھ اور بہت زیادہ حسن کے ساتھ اور بہت زیادہ مؤثر طریقے پر اور بہت زیادہ
قائل کرنے والے بیان کے ساتھ دنیا کو بتایا ہے۔جَاهِدُوا میں جس دوسرے مخالف سے مقابلہ کرنے کا ذکر آتا ہے وہ ہے شیطانی کوششوں
کا مقابلہ۔شیطان چھپی ہوئی راہوں سے آتا اور خدا کے دین کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے مثلاً
پچھلے چودہ سو سال سے یہودی اور عیسائی اسلام کے خلاف وساوس پیدا کرنے کی انتہائی کوشش
خطبات ناصر جلد ششم
۴۶۹
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
کرتے چلے آرہے ہیں لیکن پچھلے چودہ سو سال میں اسلام میں ترقی اور تنزل، اتار چڑھاؤ تو نظر
آتا ہے لیکن کوئی زمانہ ایسا نہیں ہوا کہ جس میں خدا تعالیٰ کے لاکھوں محبوب بندوں نے اسلام کی
شمع کو روشن نہیں رکھا۔روشنی کبھی تیز تھی اور کبھی کم۔اس سے تو انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن اس حقیقت
کو بھی تسلیم کرنا پڑے گا کہ قریہ قریہ اور گاؤں گاؤں اور ملک ملک ایسے لوگ پیدا ہوتے رہے
جنہوں نے اسلام کی شمع کو بجھنے نہیں دیا۔یہاں تک کہ پھر مہدی علیہ السلام بدر منیر کی حیثیت سے
دنیا کی طرف مبعوث ہو کر آگئے اور اب خدا تعالیٰ کے اس بندے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
کے اس فرزند کے ذریعہ سورج (صلی اللہ علیہ وسلم) سے اخذ کی ہوئی روشنی محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم کے طفیل اور آپ سے لی ہوئی روشنی ، ساری دنیا میں پھیلانے کا کام شروع ہو چکا ہے اور
یہ ہر
شخص کو نظر آرہا ہے عیسائیوں کو بھی اب نظر آ رہا ہے کہ اسلام کی روشنی ان جگہوں پر پہنچ گئی جن کے
متعلق ان کو خیال بھی نہیں تھا کہ اسلام کبھی ان کے اندھیروں کو چیرتا ہوا اپنی روشنی کی شعاعوں کے
ساتھ ان اندھیروں کے بعض مقامات کو منور کرنا شروع کر دے گا۔بہر حال جَاهِدُوا فِي سَبِيلِهِ
میں یہ بھی حکم ہے کہ شیطانی وساوس اور اعتراضات کا مقابلہ بھی اپنی انتہائی کوشش کے ساتھ کرو۔پھر انسان کا اپنا ہی نفس اس کا اپنا ہی شیطان بن جاتا ہے اور اپنا ہی نفس اپنے ہی نفس کو خدا تعالیٰ
سے دور لے جانے کی کوشش میں لگ جاتا ہے اور دنیا کی طرف مائل ہو جاتا ہے اور دنیا جو کسی سے
وفا نہیں کرتی اس کی خاطر وہ اس کو جس سے بڑھ کر کوئی وفا کرنے والا نہیں یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات،
اس کو وہ چھوڑ دیتا ہے۔خدا تعالیٰ نے اپنے کلام میں اس دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی ہمیں
ہدائتیں دی ہیں جنہیں ایک مسلمان کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔غرض خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اگر تم میرے قرب کے حصول کے لئے معرفت اور عبادت
اور مکارم اخلاق و مکارم شریعت حقہ اسلامیہ کی راہوں کو اختیار کرو گے تو تمہارے لئے قرب کے
دروازے کھولے جائیں گے لیکن یہ نہ سمجھنا کہ تمہاری اس کوشش میں جو تم خدا تعالیٰ کے پیار کے
حصول کے لئے کر رہے ہو گے تمہارا کوئی مخالف نہیں ہوگا بلکہ اس کوشش میں تمہارا مخالف ظاہری
دشمن بھی ہوگا اور چھپا ہوا دشمن بھی ہو گا اور تمہارا اپنا نفس بھی ہوگا ان تین محاذوں پر اگر تم نے اپنی
خطبات ناصر جلد ششم
۴۷۰
خطبہ جمعہ ۲۱ رمئی ۱۹۷۶ء
فلاح کی خاطر کامیاب مقابلہ کر لیا تو تمہاری حرکت خدا تعالیٰ کے قُرب کے حصول کے لئے جن
تین راہوں کے متعلق بتایا گیا ہے ان راہوں پر جاری رہے گی اور آگے بڑھتی رہے گی اور تم
خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل کر لو گے اور تمہیں وہ کامیابی نصیب ہوگی جس سے بڑھ کر کوئی کامیابی
تصور میں نہیں آسکتی۔تم ان لوگوں کی طرح اور ان انسانوں کی طرح نہیں ہو گے جو کوشش تو کرتے
ہیں مگر غلط اور وہ ناکام ہو جاتے ہیں تم ان انسانوں کی طرح نہیں ہو گے جن کی فطرت میں فلاح
کی خواہش اور تمنا تو رکھی گئی ہے لیکن ان کی فطرت اپنے اس فطری جذ بہ اور فطری خواہش کو پانے
میں ناکام رہتی ہے بلکہ تمہاری فطرت کا تم سے جو مطالبہ ہے تم اس مطالبہ کو پورا کرنے والے
ہو گے اور خدا تعالیٰ کی رضا کو تم حاصل کرنے والے ہو گے۔خدا کرے کہ ہم میں سے ہر ایک کی قسمت میں یہ فلاح مقدر ہو جائے جس کی طرف اس
آیت میں اشارہ کیا گیا ہے۔(روز نامه الفضل ربوہ ۶ / جولائی ۱۹۷۶ء صفحہ ۲ تا ۶ )