دین اسلام وہ صراط مستقیم ہے جو خدا تعالیٰ تک پہنچاتی ہے

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۰۵
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
دین اسلام وہ صراط مستقیم ہے جو خدا تعالیٰ تک پہنچاتی ہے
خدا تعالیٰ
اور اس کے بعد خدا تعالیٰ کا قرب حاصل ہو جاتا ہے
خطبه جمعه فرموده ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء بمقام مسجد اقصیٰ۔ربوہ
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے درج ذیل آیات کی
تلاوت فرمائی :۔يايُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَكُمْ بُرْهَانَ مِنْ رَّبِّكُمْ وَ أَنْزَلْنَا إِلَيْكُمْ نُورًا مُّبِينًا - فَأَمَّا
الَّذِينَ آمَنُوا بِاللهِ وَاعْتَصَمُوا بِهِ فَسَيْدُ خِلْهُمْ فِي رَحْمَةٍ مِّنْهُ وَفَضْلٍ وَ يَهْدِيهِمْ إِلَيْهِ
صِرَاطًا مُسْتَقِيمَا۔(النساء : ۱۷۶،۱۷۵)
پھر ان آیات کا ترجمہ کرتے ہوئے حضور انور نے فرمایا:۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اے لوگو! قرآن ایک برہان ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے تم کو ملی ہے
اور ایک کھلا کھلا نور ہے جو تمہاری طرف اتارا گیا ہے۔پس جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں
نے اس کے ذریعہ سے اپنا بچاؤ کیا ہے انہیں وہ ضرور اپنی ایک بڑی رحمت اور بڑے فضل میں
داخل کرے گا اور انہیں اپنی طرف لے جانے والی ایک سیدھی راہ دکھلائے گا۔پھر حضور انور نے فرمایا:۔قرآن عظیم جو اسلامی شریعت کی حامل کتاب ہے وہ ایک برہان ہے اور ایک نور ہے۔

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۰۶
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ پر ایمان لائے دل سے تصدیق بھی کر رہا ہو ، جرأت سے
اظہار بھی کر رہا ہو اور اپنے ان عقائد پر اپنے اعمال صالحہ سے مہر بھی لگا رہا ہو اور پھر وہ یہ سمجھتا ہو کہ
اتنا کافی نہیں ہے بلکہ سب کچھ کرنے کے بعد بھی خدا تعالیٰ کی حفاظت اور اس کی مدد اور اس کی
رحمت اور اس کے فضل کی ضرورت ہے۔واعتصموا بے اور وہ اللہ تعالیٰ کے ذریعہ سے ، دعاؤں
کے ساتھ اپنے بچاؤ کا اپنی حفاظت کا سامان کرے تا کہ اس کے عقائد کے اندر شیطانی وسوسے
داخل نہ ہوسکیں اس کے اعمال کے اندر کوئی شیطانی کیڑاگھن کی طرح نہ لگا ہوا ہو اور دلیری اور
جرات کے ساتھ اظہار کی اسے اللہ تعالیٰ سے توفیق ملتی رہے۔وَاعْتَصَمُوا بِہ میں جو حفاظت کا
ذکر ہے عربی کے لحاظ سے اس کے یہ معنی کئے گئے ہیں کہ وہ یہ دعا کرے کہ اللہ تعالیٰ ہماری
استعدادوں میں نور پیدا کر کے، ہمارے جسم اور نفس کو فضائل سے مزین کر کے، اپنی نصرت
ہمارے شامل حال کر کے ہمیں ثبات قدم عطا فرما کر ہم پر آسمانی سکینت نازل فرما کر ، ہمارے
قلب و ذہن کو شیطانی وساوس سے بچا کر ہمیں اپنی اطاعت اور محمد رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی
اتباع میں نیکیوں اور اعمالِ صالحہ بجالانے کی توفیق عطا کر کے ہماری حفاظت کرے۔یہ عصمت
کے معنی ہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم صحیح عقائد رکھتے ہوگے اور اعمالِ صالحہ بجالاتے ہوگے
اور دلیری سے اپنے ایمان پر قائم ہو گے اور دعاؤں سے اللہ تعالیٰ کی حفاظت کو اور اس کی عصمت
کو حاصل کرنے والے ہو گے تو اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی رحمت میں داخل کرے گا اور اس کے فضل تم
پر نازل ہوں گے اور تمہیں ایک ایسی راہ دکھائے گا جو سیدھی اس کی طرف لے جانے والی ہے،
صراط مستقیم ہے جو خدا تعالیٰ تک پہنچا دیتی ہے اور اس کے بعد خدا تعالیٰ کا قرب حاصل ہو جاتا ہے۔یہ صراط مستقیم جو خدا تعالیٰ کی طرف لے جانے والی ہے یہ دین اسلام ہے۔اسی لئے
دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں نے دین کو کامل کر دیا اور اپنی نعمت کو پورا کر دیا اور تمہارے
لئے اسلام
کو بھیج کر ، اسلامی تعلیم اور ہدایت کو بھیج کر میں خوش ہوں اور تمہارے لئے دین کے
طور پر میں نے اسلام کو پسند کیا ہے۔جب ہم اسلام پر یعنی قرآن کریم کی جو تعلیم ہے قرآن کریم
کی جو ہدایت ہے قرآن کریم کا جو تفصیلی بیان ہے اس پر غور کرتے ہیں تو ہمیں اسلام میں مندرجہ ذیل

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۰۷
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
خصوصیات نظر آتی ہیں ان خصوصیات کو ہم تین گروہوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔پہلے نمبر پر اسلامی تعلیم ، ہدایت اور شریعت کی وہ خصوصیات ہیں جن کا تعلق عرفان باری تعالیٰ
کے ساتھ ہے۔اسلام ایک ایسا مذہب اور ایک ایسی کامل تعلیم ہے جس نے ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات
اور صفات کی معرفت عطا کی ہے اور کھول کر بتایا ہے کہ اسلام کو بھیجنے والا اللہ اپنی ذات کے لحاظ سے اور
اپنی صفات کے لحاظ سے کس قسم کا وجود ہے، بڑی وضاحت سے بتایا گیا ہے۔توحید باری تعالیٰ
کے متعلق ، اس کے قادر ہونے کے متعلق، اس کے عزیز اور حکیم ہونے کے متعلق ، اس کی سزا اور
اس کی رحمت وغیرہ کے متعلق ایک جامع بیان ہمیں قرآن کریم نے دیا ہے اور جب ہم قرآن کریم کے
اس بیان پر غور کرتے ہیں اور اس تعلیم کو مد نظر رکھتے ہیں کہ اس عظیم ہستی، اس صاحب عظمت و جلال
ہستی کے ساتھ ہم عاجز بندے ہوتے ہوئےکیسے اپنا تعلق قائم کرسکتے ہیں تو ہمارے لئے وہ صراط
مستقیم کھلتا ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف لے جانے والا ہے۔اسلامی تعلیم ہدایت و شریعت کی خصوصیات کا دوسرا حصہ انسانوں کے حقوق سے تعلق رکھتا
ہے۔اس میں سب سے پہلے تو انسان کا اپنا نفس ہے اور سب سے مقدم اس کا اپنا نفس ہے۔جہاں تک ہدایت پانے اور خدا تعالیٰ کے قہر سے محفوظ ہو جانے کا تعلق ہے ہر ایک کو اپنی فکر کرنی
چاہیے۔اس فکر کے بعد پھر اپنے ساتھیوں کی اپنے ہمسایوں کی اپنے خاندان کی اور دوسروں کی
فکر کرنی چاہیے۔جو شخص خود دوزخ میں جارہا ہو وہ دوسروں کو جنت کی طرف تو نہیں لے جاسکتا۔بڑی مفصل تعلیم اور بڑی حسین تعلیم ہمیں اسلام نے دی ہے اور ہمارے حقوق کو قائم کیا ہے۔مثلاً
قرآن کریم نے ایک جگہ فرما یا لا يَضُرُّكُمْ مَنْ ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيتُم (المائدة : ۱۰۶) کہ ہدایت
پانے کے لحاظ سے تمہارا نفس تمہیں ہر دوسرے پر مقدم ہونا چاہیے۔پہلے اپنے نفس کی فکر کرو اس
کے بعد پھر دوسروں کی فکر کرنا۔یہ تو میں نے ایک مثال دی ہے ورنہ قرآن کریم نے ہر شخص کے
حقوق قائم کرنے کے بعد ان کی حفاظت کا سامان کیا ہے تو خصوصیات کے اس دوسرے گروہ میں
نمبر ایک انسان کا اپنا نفس ہے۔دوسرے نمبر پر ہمیں یہ نظر آتا ہے کہ اسلام نے عام طور پر انسانی چال چلن کے بارہ میں جو

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۰۸
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
تعلیم دی ہے وہ نہایت حسین تعلیم ہے، ایسی کہ اسلام سے پہلے نہ کسی مذہب نے ایسی تعلیم دی اور
نہ کسی فلاسفر اور حکیم نے ایک حد تک حکمت کی گہرائیوں میں جانے کے باوجود اس قسم کی تعلیم دنیا
کے سامنے رکھی۔عجیب تعلیم ہے، بڑی عظیم تعلیم ہے عام انسانی چال چلن کے متعلق کہ ایک انسان
کا چال چلن کس قسم کا ہونا چاہیے۔تیسری خصوصیت اسلام میں یہ ہے کہ کوئی ایسی تعلیم اس میں نظر نہیں آتی جو انسانی حقوق کے
باہمی رشتہ کو توڑتی ہو بلکہ انسانی حقوق کے باہمی رشتہ کو جوڑنے والی تعلیم ہے، ان کو پختہ کرنے
والی تعلیم ہے، ان میں پیار پیدا کرنے والی تعلیم ہے، ان میں حسن پیدا کرنے والی تعلیم ہے۔خصوصیات کے اس گروپ میں سے چوتھی خصوصیت یہ ہے کہ اسلام میں کوئی ایسی تعلیم نہیں
جو انسان کو دیوثی کی طرف کھینچتی ہو یا د یوٹی اس کو مستلزم ہو بلکہ رذائل سے بچانے والی ، گندگی سے
ہے۔نجات دلانے والی اور عزت کے مقام پر کھڑا کرنے والی تعلیم ہے جو برائیوں سے روکتی۔ایک کامل تعلیم منہیات کے متعلق نہ کر کے متعلق ہمیں اسلام میں نظر آتی ہے۔پانچویں خصوصیت اسلامی تعلیم میں ہمیں یہ نظر آتی ہے کہ اس میں کوئی ایسی تعلیم نہیں جو
فطرتی حیا اور شرم کے مخالف ہو۔انسان کی فطرت میں شرم اور حیا ہے لیکن دنیا اپنی عادتوں کی وجہ
سے یا دنیا اپنے ماحول کی وجہ سے بدقسمتی سے اس فطرتی حیا اور شرم کے مخالف عادات اپنے اندر
پیدا کر لیتی اور ذلت کا چولہ پہن لیتی ہے اور فطرتی حیا اور شرم کو مار دیتی اور کچل دیتی ہے اور اس کا
کوئی ذرہ بھی باقی نہیں رہنے دیتی لیکن اسلام میں کوئی ایسی تعلیم نہیں جو فطرتی حیا اور شرم کے
مخالف ہو بلکہ اسلام کی ساری تعلیم فطرتی حیا اور شرم کے عین مطابق اور فطرتی حیا اور شرم کی تکمیل
کے لئے صراط مستقیم دکھانے والی ہے۔چھٹی خصوصیت اسلام میں یہ ہے کہ اس میں کوئی ایسی نہیں جو خدا تعالیٰ کے عام قانونِ قدرت
کے مخالف پڑی ہو۔قوانینِ قدرت اور انسانی فطرت میں ، انسان کے اندر اللہ تعالیٰ نے جو قو تیں
اور استعدادیں اور صلاحیتیں رکھی ہیں ان میں کوئی تضاد نہیں ہے کوئی مخالفت نہیں ہے۔قانونِ قدرت اور انسانی فطرت میں اسلام نے کامل مطابقت پیدا کی ہے اور اس کی بنیاد یہ رکھی کہ

خطبات ناصر جلد ہفتہ
۲۰۹
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
خدا تعالیٰ نے اسلام میں ہمیں یہ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانی فطرت کو وہ تمام طاقتیں دے دی
ہیں جو اس کی تکمیل کے لئے ضروری تھیں۔تکمیل اسلام میں دو معنی میں استعمال ہوئی ہے ایک
نوع انسانی کی تکمیل ، اس کی پیدائش کی غرض یہ ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کا تقرب حاصل کرے اور
خدا تعالیٰ کے پیار کی جنتوں میں داخل ہو اور دوسرے ہر فرد واحد کی تکمیل، ہر فرد کا دائرہ استعداد
دوسرے سے مختلف ہے۔غرض ہر فرد کی تکمیل بھی کی اور نوع انسانی کی تکمیل بھی کی یعنی اسلام نے
فطرت انسانی کی تکمیل کی اور فطرتِ انسانی کی تکمیل کرنے کے بعد محمد صلی اللہ علیہ وسلم جیسا وجود
بطور اسوہ کے ہمارے سامنے پیش کر دیا۔ساتویں خصوصیت اسلام کی تعلیم میں یہ ہے کہ اس میں کوئی ایسی تعلیم نہیں جس کی پابندی کرنا
ممکن ہی نہ ہو یا جس کے نتیجہ میں خطرات کا امکان ہو مثلاً ہمیں پانچ وقت مسجد میں جا کر نماز
پڑھنے کا حکم ہے لیکن انسانی زندگی میں بیماری کی بعض ایسی حالتیں ہوتی ہیں کہ مسجد میں جا کر نماز
نہیں پڑھ سکتا تو اسلام نے یہ نہیں کہا کہ بیمار ہو یا تندرست ہر حال میں مسجد میں جا کر نماز ادا کرو
بلکہ فرمایا کہ اگر بیمار ہو تو اپنے گھر میں نماز پڑھ لیا کرو۔پھر ہمیں حکم دیا کہ نماز اس طریق سے پڑھا
کرو۔اس میں قیام ہے، اس میں رکوع ہے، اس میں سجدہ ہے، اس میں قعدہ ہے، نماز میں اٹھنے
بیٹھنے کی ایک ظاہری شکل ہے لیکن اسلام نے یہ نہیں کہا کہ ہر صورت میں تم ایسا کرو ورنہ گناہگار
ہو جاؤ گے بلکہ اگر کوئی ایسی بیماری ہے کہ انسان گھر میں بھی کھڑا نہیں ہوسکتا اور اس طرح رکوع
نہیں کر سکتا جیسے ہم مسجد میں نماز پڑھتے وقت کرتے ہیں تو اس کو اجازت دی کہ تو بیٹھ کر نماز پڑھ
لیا کر جس میں قیام کی شکل بھی بدل گئی اور رکوع کی شکل بھی بدل گئی۔دِينُ اللهِ يُسر خدا تعالیٰ نے دینِ اسلام میں کوئی ایسی پابندی نہیں لگائی اور کوئی ایسی
جبری تعلیم نہیں دی جو انسان کے لئے بحیثیت انسان ممکن نہیں ہے یا کسی فرد کے لئے بعض حالات
میں ممکن نہ رہے اور اس کے لئے کوئی دوسرا جواز نہ پیدا کیا گیا ہو۔پھر ایک تو یہ ہے کہ ممکن ہی نہیں
اور ایک یہ ہے کہ اس میں خطرات کا امکان ہے۔مثلاً ایک بیمار ہے ڈاکٹر ا سے کہتا ہے کہ تیرے
لئے ان دواؤں کا استعمال ضروری ہے یہ اس کا طبی مشورہ ہے اور ڈاکٹر کہتا ہے کہ اگر تو یہ دوائیں

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۱۰
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
استعمال کرے گا تو لمبا عرصہ بھوکا رہنا تیرے لئے جسمانی طور پر خطرات کا باعث ہے، بعض دفعہ
ایسے حالات میں موت بھی واقع ہو جاتی ہے تو اسلام نے یہ نہیں کہا کہ رمضان آجائے تو ایسی
حالت میں بھی روزہ رکھ بلکہ اس کو اجازت دی کہ اگر خطرات ہوں تو پھر تیرے لئے سہولت ہے۔اس وقت میں مختصر طور پر مثال دے کر بتا رہا ہوں کہ میرا آج کا خطبہ ایک لمبے مضمون کی تمہید
ہے اس کے بعد پھر میں ایک دو تین کر کے خصوصیات لوں گا اور انشاء اللہ تعالیٰ ، اللہ تعالیٰ کی توفیق
سے، اس نے زندگی دی تو پھر ان کی تفصیل میں جاؤں گا۔غرض اسلام کے اندر کوئی ایسی تعلیم نہیں
جس کی پابندی غیر ممکن ہو یا جس کے نتیجہ میں خطرات کا امکان ہو۔یہ اسلام کی خصوصیت ہے۔اور آٹھویں خصوصیت یہ ہے کہ اسلامی تعلیم اور ہدایت سے کوئی ایسی تعلیم باہر نہیں رہی
اور ترک نہیں کی گئی جو ہر قسم کے مفاسد کو روکنے کے لئے ضروری تھی یعنی کوئی ایسی بات کہ اگر اس
کا حکم نہ دیا جائے تو انسانی معاشرہ کے اندر یا انسان کی ذاتی زندگی کے اندر یا اس کی گھریلو زندگی
کے اندر یا اس کی خاندانی زندگی کے اندر مفاسد پیدا ہو سکتے تھے یا اس کے ماحول کے اندر پیدا
ہو سکتے تھے یا اس کے ملک کے اندر پیدا ہو سکتے تھے یا بین الاقوامی رشتوں کے اندر پیدا ہو سکتے
تھے اس سے باہر نہیں رہی۔اسلامی ہدایت سے کوئی ایسی تعلیم باہر نہیں رہی جو ہر قسم کے مفاسد کو
روکنے کے لئے ضروری تھی اور کوئی ایسی تعلیم اسلام سے باہر نہیں رہی جس کے باہر رہنے سے کوئی
چھوٹا یا بڑا فساد پیدا ہوسکتا تھا بلکہ ہر قسم کے شر اور فساد کوروکنے کی تعلیم اسلام کے اندر پائی جاتی
ہے۔یہ اسلامی تعلیم کی آٹھویں خصوصیت ہے۔اور نو میں خصوصیت یہ ہے کہ اسلام ایسے احکام سکھلاتا ہے کہ جو خدا تعالیٰ کو عظیم الشان محسن
قرار دے کر اس کے ساتھ رشتہ محبت کو محکم کرتے ہیں اور اس طرح پر اسلام انسان کو تاریکی سے
نور کی طرف لے کر جاتا ہے اور اس طرح پر اسلام انسان کو غفلت سے حضور کی طرف کھینچتا ہے۔تمام ایسے احکام اور ایسی تعلیمات جو خدا تعالیٰ کا پیار انسان کے دل میں پیدا کرنے والی ہو سکتی
تھیں وہ قرآن کریم میں بیان کر دیں اور اس طرح پر اسلامی تعلیم نے ایک انسان کے لئے یہ ممکن
بنا دیا کہ وہ اپنے پیدا کرنے والے ربّ کریم کے ساتھ ذاتی محبت کا رشتہ قائم کرے۔

خطبات ناصر جلد ہفتم
۲۱۱
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
محبت دو طرح سے ہی پیدا ہوتی ہے حسن سے یا احسان سے۔سوائے خدا کے اور کوئی حسنِ کامل
نہیں یا اس کے بعد انسانوں میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا حسین نمونہ ہمارے لئے کامل ہے تا ہم حسن
جس شکل میں بھی انسان کے سامنے آئے مثلاً گلاب کا پھول سامنے آتا ہے تو انسان کے دل میں
اس کے لئے ایک کشش پیدا ہوتی ہے پسندیدگی اور محبت پیدا ہوتی ہے یا احسان انسان کے دل
میں پیار پیدا کرتا ہے۔جہاں تک اللہ تعالیٰ کی ذات کا تعلق ہے قرآن کریم نے اس تفصیل کے
ساتھ خدا تعالیٰ کے حسن کو اور اس کے احسان کو بیان کیا ہے اور اس وسعت کے ساتھ اور اس حسن
کے ساتھ اس حسن اور احسان کو بیان کیا ہے کہ اس تعلیم کو جاننے کے بعد ایک خوش قسمت انسان
کے لئے یہ ممکن ہی نہیں رہتا کہ وہ اپنے پیدا کرنے والے رب کریم کے ساتھ ذاتی محبت کا رشتہ
قائم کرنے میں غفلت برتے۔اسلام کی خصوصیات کا تیسرا حصہ، پہلا حصہ تعلیم کے لحاظ سے اللہ تعالیٰ کی ذات اور صفات
سے تعلق رکھتا تھا، اور یہ تیسرا حصہ خدا تعالیٰ کے زندہ ہونے اور اس کے قادرانہ تصرف ہماری
زندگیوں میں نظر آنے کے متعلق قرآن کریم کی اسلامی تعلیم کے بارہ میں ہے اور یہ اسلام کی ایک
نمایاں خصوصیت ہے کہ اسلام کا خدا فرضی خدا نہیں کہ بعض منطقی دلائل سن کر کوئی شخص ایمان لایا
کہ کوئی خدا ہے۔ایسا خدا اسلام کا خدا نہیں ہے۔اسلام کا خدا فرضی خدا نہیں ہے جو محض قصوں اور
کہانیوں کے سہارے سے مانا جاتا ہو۔یہ نہیں ہے کہ محض عقلی دلائل یا محض پرانے قصے ہوں کہ
فلاں وقت میں یوں ہوا اور فلاں وقت میں خدا تعالیٰ نے اپنی عظمت کا یا اپنی زندگی کا یہ جلوہ ظاہر
کیا اور آج میری زندگی میں خاموشی۔پس اسلام کا خدا فرضی خدا نہیں ہے اور اسے کسی قصے یا
کہانی کے سہارے کی ضرورت نہیں۔پہلی بات یہ تھی کہ ہمارا خدا فرضی خدا نہیں ہے۔دوسری چیز یہ ہے کہ اسلام کا خدا ایک زندہ
خدا ہے۔ہم اسے محض اپنی خوش عقیدگی کی وجہ سے قبول نہیں کرتے بلکہ اس لئے قبول کرتے ہیں
کہ اس زندہ خدا کی زندہ قدرتیں ہماری زندگی کے اندر جلوہ دکھاتی ہیں اور اس کی زندہ طاقتوں کو
ہم اپنے حواس سے محسوس کرتے ہیں۔ہم اپنے جسمانی حواس سے بھی محسوس کرتے ہیں اور ہم

خطبات ناصر جلد ہفتہ
۲۱۲
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
اپنے روحانی حواس سے بھی محسوس کرتے ہیں۔مختلف قسم کے حواس جو خدا تعالیٰ نے انسان کو
دیئے ہیں ان کے ذریعے وہ ہمیں اپنے وجود کا احساس دلاتا ہے۔یہ ہے اسلام کا خدا! ایک زندہ
خدا، زندہ طاقتوں والا خدا ! جس کی زندگی کی علامات ہماری اپنی زندگیوں میں ظاہر ہوتی ہیں۔میں نے پہلے بھی ایک دفعہ بتایا تھا بعض دفعہ انسان نا سمجھی کی باتیں کہہ دیتا ہے۔خدا سے
پیارے رنگ میں ایک چیز مانگتا ہے اور پھر خدا دے بھی دیتا ہے۔ایک دن میں نے خدا تعالیٰ
سے یہ دعا کی کہ اے خدا! تو نے جسم کی جسمانی لذت کے لئے بہت سی چیزیں پیدا کی ہیں آدمی
اچھا کھانا کھا رہا ہو تو وہ ایک لذت محسوس کرتا ہے۔اچھے نظارے دیکھ کر ایک لذت محسوس کر رہا
ہوتا ہے۔بے شمار چیزیں ہیں۔میں تجھ سے یہ مانگتا ہوں کہ تیرے عام قانونِ قدرت کے مطابق
جو انسان کو اچھی لگنے والی چیزیں ہیں جو اس کی طبیعت میں اور اس کی روح میں سرور پیدا کرتی
ہیں ان کے بغیر مجھے تو سرور اور لذت دے اور چند منٹ نہیں گزرے تھے کہ میرا سارا جسم سر سے
لے کر پاؤں تک ایک خاص قسم کی لذت اور سرور محسوس کرنے لگ گیا اور قریباً چوبیس گھنٹے تک یہی
حالت رہی۔یہ بظاہر چھوٹی سی بات ہے لیکن بڑی عظیم بات بھی ہے۔پس ہمارے خدا کے سامنے
کوئی چیز انہونی نہیں ہے۔وہ زندہ خدا، زندہ قدرتوں والا خدا ہے۔اس کی زندگی کی علامات ہمیں
اپنے وجود کے اند ر نظر آتی ہیں۔زندہ خدا کی زندہ قدرتوں کے نظارے جب ہم دیکھتے ہیں تو ہم اس کی طرف کھینچے چلے
جاتے ہیں۔خدا تو غنی ہے ،صد ہے، اس کو کسی کی احتیاج نہیں نہ کسی انسان کی نہ سارے انسانوں
کی اور نہ بحیثیت مجموعی ساری کائنات کی۔اس کو تو کوئی احتیاج نہیں لیکن ہمیں اس کی احتیاج
ہے۔ہمیں ہر آن اس حی وقیوم خدا کی زندہ اور پیاری تجلیات کی ضرورت ہے اور احتیاج
ہے۔اسی واسطے میں نے اپنے خطبے کے شروع میں جو آیات پڑھی تھیں ان میں بتایا تھا کہ
وَاعْتَصَمُوا بِاللهِ پس دعاؤں کے ذریعہ خدا تعالیٰ کے پیار کو حاصل کر کے اس کی زندہ قدرتوں کی
تجلیات اپنی زندگیوں میں دیکھنے کے لئے جدو جہد کریں۔اس کے لئے مجاہدہ کریں۔اس کے لئے
قربانیاں دیں۔اس کی ناراضگی سے بچنے والے ہوں۔اس کی خوشنودی کو حاصل کرنے والے

خطبات ناصر جلد ہفتہ
۲۱۳
خطبہ جمعہ ۳۰ ستمبر ۱۹۷۷ء
ہوں۔خدا کرے کہ ہم سارے کے سارے اپنے زندہ خدا سے زندہ تعلق رکھنے والے بن جائیں۔آخر میں حضور انور نے فرمایا:۔جیسا کہ میں نے بتایا ہے یہ اس مضمون کا ڈھانچہ ہے یا عنوانات سمجھ لیں جس کی تفصیل خدا
کی توفیق سے انشاء اللہ میں آگے بیان کروں گا۔روزنامه الفضل ربوه ۴؍ دسمبر ۱۹۷۷ ء صفحه ۲ تا ۵)

آج 10 میں سے 10 باقی