اللّٰہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے کے لئے ہر انسان کو خود کوشش کرنی پڑتی ہے
خطبات ناصر جلد ہفتم
۳۰۵
خطبہ جمعہ ۲۳؍ دسمبر ۱۹۷۷ء
اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے کے لئے ہر
انسان کو خود کوشش کرنی پڑتی ہے
خطبه جمعه فرموده ۲۳ دسمبر ۱۹۷۷ء بمقام مسجد اقصی۔ربوہ
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے درج ذیل آیت کی تلاوت فرمائی:۔يَايُّهَا الْإِنْسَانُ إِنَّكَ كَادِحٌ إِلى رَبِّكَ كَدْحًا فَيُلْقِيهِ - (الانشقاق :)
پھر حضور انور نے فرمایا:۔اس مختصر سی آیت میں جس کی میں نے ابھی تلاوت کی ہے بہت سی باتیں بیان ہوئی ہیں۔اول یہ کہ انسان کو وصال الہی کے لئے کوشش کرنی پڑتی ہے یعنی جہاں تک انسان کے لئے ممکن
ہے اسے خود کوشش کرنی پڑتی ہے اور پورا زور لگا کر کرنی پڑتی ہے۔گویا جب انسان اللہ تعالیٰ
سے وصال اور اس کی رحمتوں کو حاصل کرنے کے لئے پوری کوشش کرے گا تب اللہ تعالیٰ اپنے
فضل اور رحمت سے اسے نوازے گا اور اپنی لقاء یعنی رضاء اور ملاقات کے سامان اس کے لئے
پیدا کرے گا۔دوسرے یہ کہ کوشش کرنے سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ انسان آزاد ہے۔اللہ تعالیٰ
کے فضلوں کے حصول کے لئے کوئی شخص کسی دوسرے کے لئے کوشش نہیں کر سکتا ، اگر کوئی کرے گا
بھی تو ایسی کوشش بے نتیجہ ہوگی۔اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔غرض اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو پانے
خطبات ناصر جلد ہفتم
خطبہ جمعہ ۲۳؍ دسمبر ۱۹۷۷ء
کے لئے ہر انسان کو خود کوشش کرنی پڑتی ہے کسی دوسرے کی کوشش کام نہیں آسکتی۔تیسرے اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ جو شخص خدا کے حضور عاجزا نہ جھکتا ہے اور قرب الہی کو
پانے کے لئے ہدایت کی راہوں کو اختیار کرتا ہے اور خدا سے قریب سے قریب تر ہونے کی
جد و جہد کرتا ہے تو خدا تعالیٰ کی قدرت ، عظمت اور جلال غیر اللہ کو اس بات سے منع کرتے ہیں کہ وہ
انسان کو اس کی کوشش سے باز رکھے یا اس کی کوشش کو ناکام بنادے یعنی یہ اعلان کرے کہ اس کی
کوشش ناکام ہوگی۔ویسے شیطان اور اس کا گروہ انسان کے دل میں وسوسے ڈالتے رہتے ہیں
لیکن میں اس وقت شیطانی طاقتوں کی بات نہیں کر رہا، میں تو یہ بتارہا ہوں کہ خدا تعالیٰ کی طرف
کوئی شخص بلند ہورہا ہو۔وہ خدا کی راہ میں آگے بڑھ رہا ہو تو کسی اور کو یہ طاقت نہیں کہ وہ اس کی
،
ٹانگ پکڑ کر پیچھے کھینچ لے۔چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جو طاغوتی طاقتیں ہیں
خدا کے بندوں پر ان کا کوئی اثر نہیں ہوتا اور ان کا کوئی حربہ کارگر نہیں ہوتا۔وہ اپنے منصوبہ میں
کامیاب نہیں ہوتیں۔چوتھے اس آیت میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انسان کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ وہ اپنی سی
کوشش کر دکھائے۔بات یہ ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور عاجز بندہ جو کچھ بھی
پیش کرتا ہے اس کی تو کوئی حیثیت ہی نہیں اور جو تھوڑا بہت وہ پیش کرتا ہے وہ اس کی ملکیت ہی
نہیں۔مالک تو اللہ ہے اور انسان کے پاس جو کچھ ہے وہ بطور امانت کے ہے۔اگر انسان کو یہ
کہا جاتا کہ وہ خدا کی عظمتوں کے مطابق کوشش کرے یا اگر یہ کہا جاتا کہ خدائی جلال کے مدنظر
جتنی طاقت خرچ ہونی چاہیے ہر انسان لقائے الہی کے لئے اتنی طاقت خرچ کرے تو کوئی ایک
انسان بھی خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل نہ کر سکتا۔اس لئے کہا یہ گیا ہے کہ اے انسان! (انسانوں
،
میں سے ہر فر د مخاطب ہے ) تو اپنے دائرہ استعداد کے اندر جتنی کوشش کر سکتا ہے اتنی کوشش تجھے
کرنی پڑے گی تب خدا کا قرب تجھے حاصل ہوگا اور تیرے لئے وصل اور لقائے الہی کے سامان
پیدا ہوں گے۔اگر تیری طاقتیں خدا اور غیر اللہ میں بٹ جائیں گی ، اگر تو کچھ خدا کے حضور پیش
کرے گا اور کچھ اللہ کے سوا دوسری ہستیوں کے سامنے پیش کرے گا ، اگر تیرا سب کچھ خدا کے
۳۰۷
خطبہ جمعہ ۲۳؍ دسمبر ۱۹۷۷ء
خطبات ناصر جلد ہفتم
لئے نہ ہوگا تو پھر گویا تو نے اپنی خداداد طاقت اور استعداد کے مطابق اپنا پورا زور نہیں لگایا اس
لئے تیری تھوڑی سی کوشش گادح الی ربک کے مطابق نہیں ہوگی اور تو اللہ تعالیٰ کی رحمت کو حاصل
نہیں کر سکے گا۔پس ایک طرف فرمایا انسان کمزور ہے یعنی اس کے ساتھ بہت سی ایسی چیزیں لگی ہوئی ہیں
جن کو بشری کمزوریاں کہتے ہیں اور جن کے نتیجہ میں انسان سے غفلتیں ہو جاتی ہیں مگر اس کے
با وجود فر ما یا کہ اگر انسان کی نیت پوری کوشش کرنے کی ہوگی اور وہ اپنی خامیوں کو دور کرنے کی بھی
پوری کوشش کرے گا تب اس سے اگر کبھی کبھی غلطیاں، کوتاہیاں، گناہ ، کمزوریاں یا سستیاں
سرزد ہو جا ئیں گی تو اللہ تعالیٰ کی مغفرت ان کے اثرات کو دور کر دے گی۔یعنی انسان کی جتنی طاقت
ہے اگر اس کے مطابق اس کی کوشش ہوگی اور بغیر فساد کے ہوگی اور خلوص نیت کے ہوگی اور خدا تعالیٰ کی
محبت ہوگی اور خدا کی محبت کے حصول اور اس کی رضا کے لئے ہوگی تو با وجود اس کے کہ اللہ تعالیٰ کے
قرب کی تو کوئی قیمت ہی نہیں۔یہ ساری کائنات ہی خدا تعالیٰ کے پیار کے ایک لمحہ پر قربان۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اے انسان! جب تو اپنی سی کوشش کرے گا تو تیری کوشش کے نتیجہ میں
خدا تعالیٰ کا پیار تجھے مل جائے گا لیکن پھر تجھے اللہ کے سوا ہر دوسری ہستی کو چھوڑنا پڑے گا۔فرمایا
ہم تجھے یہ بشارت دیتے ہیں کہ جب تو کوشش کر رہا ہو گا تو دنیا کے اعلان یا ہم سے دور لے جانے
کی دنیا کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ہاں اگر تو بد قسمتی سے خود ہی ان کی طرف مائل ہو جائے
تو اس کا تو خود ذمہ دار ہے لیکن اگر تو خود مائل نہیں، اگر تو گادح إلى رَبِّكَ كَدْحًا کی رُو سے پورا زور
لگا رہا ہے تو پھر باوجود اس کے کہ خدا تعالیٰ کو پانے کے لئے اس کی عظمت اور اس کی قدرت کے
لحاظ سے جو کوشش ہونی چاہیے تیری طرف سے اتنی کوشش نہیں ہوتی لیکن چونکہ تجھے خدا ہی نے یہ
استعداد یں دی تھیں اور لَا يُكَلِّفُ اللهُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَهَا (البقرة: ۲۸۷) کی رو سے تیری استعداد
سے زیادہ تجھ سے مطالبہ نہیں کیا جاتا اس لئے تیرے تھوڑے کو قبول کیا جائے گا۔تیرے اخلاص
کی وجہ سے، تیری انتہائی جدوجہد کی وجہ سے، تیرے جذبہ کی وجہ سے، تیری محبت کی وجہ سے۔تیری اس کوشش کے نتیجہ میں کہ تو خدا تعالیٰ کی محبت میں فانی ہونا چاہتا ہے اور تو اپنا سب کچھ
خطبات ناصر جلد ہفتم
۳۰۸
خطبہ جمعہ ۲۳؍ دسمبر ۱۹۷۷ء
اس کے حضور پیش کر دینا چاہتا ہے تجھے ایک ایسا موتی مل جائے گا جو انمول ہے، دنیا میں اس کی
کوئی قیمت نہیں۔پس ہمیں یہ کہا گیا ہے کہ اگر تم خدا تعالیٰ کے وصل اور لقاء سے محروم ہو تو تم خود ذمہ دار ہو کوئی
اور اس کا ذمہ دار نہیں ہے کیونکہ کسی اور کو یہ طاقت نہیں دی گئی کہ وہ خدا کی محبت اور تمہارے
درمیان حائل ہو سکے۔کسی کو یہ طاقت نہیں دی گئی کہ خدا تعالیٰ تم سے پیار کرنا چاہے اور وہ اس
میں روک بن سکے۔خدا تعالیٰ سے دور لے جانے والی طاقتیں جو کچھ کرسکتی ہیں وہ یہی ہے کہ
تمہاری کوشش کو کمزور کر دیں لیکن یہ تمہارا فرض ہے کہ تم اپنی کوشش کو کمزور نہ ہونے دو۔تم
خدا تک پہنچنے کے لئے پورا زور لگاؤ۔خدا کی راہ میں قربانیاں دو اور اس کے دین کی خدمت کرو۔تم خدا کی مخلوق کے ساتھ خیر خواہی کا سلوک کرو۔بنی نوع انسان سے ہمدردی کرو۔ان کی خدمت
کرو۔ان کے حقوق ان کو دو کہ یہ ایک بنیادی چیز ہے۔اگر تم اپنی طرف سے اپنے دائرہ استعداد
کے اندر انتہائی کوشش کرو گے تو دنیا کی کوئی طاقت تمہیں خدا تعالیٰ کے پیار سے
محروم نہیں کر سکتی۔پس ایک طرف بشارت بڑی عظیم ہے مگر دوسری طرف ذمہ داری بھی بڑی عظیم ہے۔ہر فرد
کی اپنی ذمہ داری ہے وہ کسی دوسرے پر الزام نہیں دھر سکتا کہ فلاں کی وجہ سے اسے خدا کا پیار نہیں
ملا۔اگر اسے خدا کا پیار نہیں ملا تو اس کی کسی اپنی کوتاہی کی وجہ سے نہیں ملا کیونکہ خدا کے پیار اور
اس کے پیار کے درمیان جیسا کہ میں نے کہا ہے کسی اور کی طاقت ہی نہیں ہے کہ وہ کھڑا ہو جائے۔خدا پیار کرنا چاہے اور غیر اللہ میں سے کوئی ہستی اس پیار میں روک بن جائے۔اس کا ئنات میں
خدا نے انسان کو عبد بننے کے لئے پیدا کیا ہے اگر وہ خدا کا عبد بن جائے تو وہ ساری برکتیں اسے
مل جاتی ہیں جن کا ذکر قرآن کریم میں کیا گیا ہے اور اگر وہ ایسا نہ بنے یعنی عبادالرحمن میں شامل نہ ہو تو
اس کا وہ خود ذمہ دار ہے کسی اور پر اس کی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی اور نہ کی اور کو مجرم قرارد یا جا سکتا
ہے۔اگر کسی کا جرم ہے تو اس نے نقصان اٹھانا ہے اور اگر کسی نے کچھ پانا ہے تو اس نے پانا ہے۔لا يَضُرُكُمْ مَنْ ضَلَّ اِذَا اهْتَدَيْتُمُ (المائدة : ١٠٦) ہدایت پر اس نے خود قائم رہنا ہے۔ساری
دنیا بھی اگر خدا سے دور ہو جاتی ہے اور ایک فرد واحد خدا کے حضور روحانی رفعتوں کو حاصل کر رہا
خطبات ناصر جلد ہفتم
خطبہ جمعہ ۲۳؍ دسمبر ۱۹۷۷ء
ہے تو ساری دنیا کی دوری اس کے راستے میں حائل نہیں ہوسکتی۔حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم
کی ابتدائی زندگی کو دیکھ لو دعویٰ نبوت سے پہلے بھی آپ خدا کے حضور جو گریہ وزاری اور عبادتیں
کرتے رہے وہ بتاتی ہیں کہ اس وقت حقیقی معنے میں خدا تعالیٰ کا ایک ہی عبادت گزار بندہ تھا
آپ کے سوا ساری دنیا غفلت میں پڑی ہوئی تھی۔کوئی تکبر میں پڑا ہوا تھا۔کوئی اباء اور استکبار
ا
میں پڑا ہوا تھا۔کوئی خدا کے خلاف بغاوت میں لگا ہوا تھا صرف وہی ایک بندہ تھا جو خدا کے حضور جھکا
ہوا تھا۔پھر اس وقت جب کہ ہر انسان خدا سے دور تھا ، خدا نے اسی ایک بندے سے پیار کیا اور
اتنا پیار کیا کہ کسی اور انسان کے حق میں نظر نہیں آتا کہ اللہ تعالیٰ نے اتنا پیار کیا ہو یا کسی اور انسان کو
خدا تعالیٰ کا اتنا پیار ملا ہو یا خدا تعالیٰ کی طرف سے اتنی نعمتیں ملی ہوں یا اتنی عزت قائم ہوئی ہو جتنی
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل ہوئی۔پس وہ جوا کیلا تھا کروڑوں کروڑ لوگ اس پر درود بھیجنے
والے پیدا ہو گئے اور قیامت تک پیدا ہوتے چلے جائیں گے۔غرض یہ ایک حقیقت ہے کہ ہر انسان خود اپنا ذمہ دار ہے۔کسی انسان کو خدا تعالیٰ کے پیار
سے روکنے کی کوئی اور انسان طاقت نہیں رکھتا۔اسے اگر پیار ملتا ہے تو إِنَّكَ كَادِحٌ إِلى رَبِّكَ كَدْحًا
فلقیہ کے مطابق ملتا ہے اور اگر وہ خدا کے پیار سے محروم رہتا ہے تو اس محرومی کی ذمہ داری اس
کے اپنے نفس پر ہے کسی اور پر نہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس حقیقت کو سمجھنے کی توفیق عطا کرے اور محمد رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم نے اس میدان میں دنیا کے لئے جو اسوۂ حسنہ قائم کیا ہے ہم اسے پہچانیں اور اس پر
عمل کریں تا کہ آپ کے روحانی فیوض ہمیں حاصل ہوں آپ کی برکت سے ہم بھی خدا کے پیار کو
حاصل کرنے والے ہوں اور ہم اپنی کسی کمزوری یا غفلت کے نتیجہ میں دوری اور مہجوری کی راہوں
کو اختیار کرنے والے نہ ہوں بلکہ قرب الہی کے راستوں پر چلتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے پیار کو زیادہ
سے زیادہ حاصل کرنے والے ہوں۔آمین
روزنامه الفضل ربوه ۲۶ فروری ۱۹۷۸ ء صفحه ۲ تا ۴)