اللّٰہ تعالیٰ کے حضور جھکیں اور اپنی نمازوں کو خالص کریں

$2004
217
13
خطبات مسرور
اللہ تعالیٰ کے حضور جھکیں اور اپنی نمازوں کو خالص کریں۔اگر نماز میں ذوق آ گیا تو سمجھیں سب کچھ مل گیا۔۲۶ مارچ ۲۰۰۴ء بمطابق ۲۶ رامان ۱۳۸۳ هجری شمسی ہم مقام وا گا ڈوگو، بورکینا فاسو ( مغربی افریقہ )
ذات اور قبائل کی تقسیم کسی بڑائی کا باعث نہیں ہے ، بڑا وہی ہے جو تقویٰ
میں سب سے آگے ہے
تقویٰ کا مطلب ہے نفس کو خطرے سے محفوظ کرنا۔۔۔تمام بری باتوں سے اس وقت بچا جا سکتا ہے جب دل میں خدا تعالیٰ کی خشیت ہو
نمازوں میں روروکر اپنے رب سے مانگیں تو اپنے وعدوں کے مطابق
ضرور ہماری دعائیں سنے گا
قرآن شریف سیکھنے اور پڑھنے ، ترجمہ سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے اور درس
کو رواج دینے کا ارشاد
تلاوت قرآن تو بہر حال ہر احمدی کو روزانہ ضرور کرنی چاہیے
ہر احمدی کے لئے ضروری ہے کہ جونور ہدایت اس نے حاصل کیا ہے وہ
اپنی نسلوں میں بھی جاری کرے

خطبات مسرور
$2004
218
تشهد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:
يأَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنكُمْ مِنْ ذَكَرٍ وَّأَنْثَى وَجَعَلْنَكُمْ شَعُوْبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوْا إِنَّ
اكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَكُمْ إِنَّ اللَّهَ عَلِيْمٌ خَبِيرٌ (سورة الحجرات آیت ۱۴)
اللہ تعالیٰ نے تقویٰ کا لفظ قرآن کریم میں اتنی بار استعمال کیا ہے کہ اس کی کوئی انتہا نہیں اور
شاید ہی کوئی اور لفظ اتنی بار استعمال ہوا ہو۔مختلف پیرایوں اور مختلف شکلوں میں اس کے بارے میں
توجہ دلائی گئی ہے۔بلکہ ایک مسلمان جب شادی کے بندھن میں بندھتا ہے تو اس وقت نکاح کے
خطبہ میں پانچ دفعہ تقویٰ کے بارہ میں ذکر آتا ہے۔تقویٰ کی اہمیت کا اسی بات سے اندازہ کر لیں۔کیونکہ شادی میں مرد اور عورت ایک نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہوتے ہیں اور نہ صرف مرد اور عورت
ایک معاہدہ کر رہے ہوتے ہیں بلکہ دو خاندان آپس میں ایک تعلق پیدا کر رہے ہوتے ہیں۔اگر تقویٰ
نہ ہو تو معاشرے میں ایک فساد پیدا ہو جائے۔پھر ایک مسلمان عورت اور مرد کے ایک تعلق میں
بندھنے کے نتیجہ میں نئے وجودوں کی آمد ہوتی ہے۔اگر ایک مسلمان میاں بیوی تقویٰ پر قائم نہیں
رہیں گے تو آنے والی نسل کے متقی ہونے کی کوئی ضمانت نہیں۔تو خلاصہ یہ کہ تقومی ایک ایسی بنیادی
چیز ہے جس کے بغیر خدا تعالیٰ کے ملنے اور اس سے زندہ تعلق جوڑنے کا تصور ہی غلط ہے۔آج اسی
بارے میں چند باتیں کہوں گا۔یہ آیت جو میں نے تلاوت کی ہے اس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے لوگو! یقیناً ہم نے
تمہیں نر اور مادہ سے پیدا کیا اور تمہیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کیا تا کہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔

$2004
219
خطبات مسرور
بلاشبہ اللہ کے نزدیک تم میں سے سب سے زیادہ معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔یقینا اللہ
دائمی علم رکھنے والا اور ہمیشہ باخبر ہے۔تو اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر فرما دیا کہ تمہاری چھوٹے قبیلوں یا بڑے قبیلوں میں جو تقسیم ہے
یہ صرف تمہاری پہچان کے لئے ہے۔اب دیکھ لیں یہاں افریقہ میں آپ کے ملک کی طرح چھوٹے
چھوٹے علاقوں کے چیف ہیں اور پھر کئی چیف کسی بڑے چیف کے ماتحت ہیں۔اور پھر یہ سب مل کر
ملکی سطح پر ایک قوم ہیں۔اسی طرح دنیا کے تمام ممالک میں بھی اس طرح کی تقسیم ہے۔تو اللہ تعالیٰ
فرماتا ہے کہ یہ جو تقسیم ہے اس کو اپنی بڑائی کی علامت نہ سمجھو۔تمہاری بڑائی بڑا قبیلہ ہونے یا زیادہ
امیر ملک ہونے سے نہیں ہے۔بلکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑا وہی شخص ہے وہی قبیلہ یا وہی قوم ہے جو
تقویٰ میں سب سے آگے ہے اور یا درکھیں کہ تقویٰ کا معیار اپنی نیکیوں کے اظہار سے نہیں ہوتا بلکہ یہ
اللہ تعالیٰ کی ذات ہی ہے جو ہماری ہر حرکت اور فعل سے باخبر بھی ہے اور اس کا علم بھی رکھتی ہے۔اللہ
تعالیٰ کو سب علم ہے کہ کون سا فعل دکھاوے کی خاطر کیا گیا ہے اور کون سا فعل اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو
سمیٹنے کے لئے کیا گیا ہے۔تقویٰ کے مختصرا معنی بتاتا ہوں۔تقویٰ کا مطلب ہے نفس کو خطرے سے محفوظ کرنا اور شرعی
اصطلاح میں تقویٰ کا مطلب یہ ہے کہ نفس کو ہر اس چیز سے بچانا جو انسان کو گناہگار بنادے۔اور یہ
تب ہوتا ہے جب ممنوعہ اشیاء سے بچا جائے بلکہ اس کے لئے بعض اوقات جائز چیزوں کو بھی چھوڑنا
پڑتا ہے۔مثلاً رمضان میں پاک اور جائز چیزوں سے بھی مومن اللہ تعالیٰ کے حکم کی وجہ سے رک جاتا
ہے۔تو بہر حال اصل تقویٰ یہ ہے کہ اپنے آپ کو ہر اس چیز سے بچانا جو گناہوں کی طرف لے
جائے۔اور یہ ہر مسلمان کے لئے فرض ہے چاہے وہ کسی قوم کا ہو۔اللہ تعالیٰ یہ نہیں پوچھے گا کہ تم فلاں
قوم کے ہو جو امیر ہے اس لئے تمہیں کچھ چھوٹ دی جاتی ہے۔یا تم فلاں قوم کے ہو جو ترقی یافتہ نہیں

$2004
220
خطبات مسرور
اس لئے چھوٹ دی جاتی ہے۔نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تمہارے یہ عذر قابل قبول نہیں ہوں
گے۔اس لئے ہر ایک کو اپنے آپ کو ہر برائی سے بچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔اور ہر نیکی کو بجا
لانے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کرنا چاہئے۔تبھی ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم امام الزمان کی
جماعت میں شامل ہیں۔یاد رکھیں کہ تمام بری باتوں سے اس وقت بچا جا سکتا ہے جب دل میں
خدا تعالیٰ کی خشیت ہو۔اللہ تعالیٰ کا ایسا خوف ہو جس سے اس کی محبت بھی ظاہر ہوتی ہو۔اور یہ باتیں
تب ملتی ہیں جب اس کے آگے جھکا جائے ، اس سے مانگا جائے۔یہ دعا کی جائے کہ اے خدا!
میں تیری محبت میں وہ تمام باتیں چھوڑ نا چاہتا ہوں جن کے چھوڑنے کا تو نے حکم دیا ہے۔اور وہ تمام
باتیں اختیار کرنا چاہتا ہوں جن کے کرنے کا تو نے حکم دیا ہے۔لیکن تیرا قرب پانے کے لئے بھی تیرا
فضل ہونا ضروری ہے۔اے اللہ ! اپنے فضل سے مجھے تقولٰی عطا فرما۔اگر نمازوں میں رو رو کر اپنے رب سے مانگیں گے تو اپنے وعدوں کے مطابق ضرور ہماری
دعائیں سنے گا۔پس سب سے پہلے ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور جھکتے ہوئے اپنی نمازوں کو، اپنی دعاؤں
کو، اس کے لئے خالص کرنا ہوگا۔اور یہی بنیادی چیز ہے۔اگر نمازوں میں ذوق اور سکون میسر آ گیا
تو سمجھیں سب کچھ مل گیا۔نمازوں میں خاص طور پر یہ دعا کریں جو ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم
نے سکھائی ہے۔حدیثوں میں آتا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا کیا کرتے تھے اللَّهُمَّ آتِ
نَفْسِي تَقْوَاهَا وَزَتِهَا وَأَنْتَ خَيْرُ مَنْ زَكَّهَا۔اے
اللہ ! میرے نفس کو اس کا تقومی عطا کر اور اس
کو خوب پاک صاف کر دے، اور تو ہی سب سے بہتر ہے جو اس کو پاک کر سکے۔( دل بھی اللہ تعالیٰ
کے فضل سے ہی پاک صاف ہو سکتا ہے)۔(صحیح مسلم كتاب الذكر والدعاء) -
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے دلوں کو پاک کرنے کی توفیق دے۔دلوں
کو اللہ تعالیٰ کے نور سے بھرنے کے لئے ، یہ دیکھنے کے لئے کہ کون سی باتیں ہیں جن

$2004
221
خطبات مسرور
سے
اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا ہے اور کونسی باتیں ہیں جن کے کرنے کا خدا تعالیٰ نے حکم عطا فرمایا
ہے
ہمیں قرآن شریف سیکھنا اور پڑھنا چاہئے۔جن کو قرآن کریم کا ترجمہ آتا ہے وہ دوسروں کو
سکھائیں۔قرآن کریم کے درس کو روزانہ جماعتوں میں رواج دیں، چاہے چند منٹ کا ہی ہوتا کہ جو
خود پڑھ اور سمجھ نہیں سکتے ان تک بھی یہ خوبصورت تعلیم وضاحت کے ساتھ پہنچ جائے۔تلاوت قرآن
کریم تو بہر حال ہر احمدی کو روزانہ ضرور کرنی چاہئے تا کہ قرآن کریم کی برکات نازل ہوں اور دل
تقویٰ سے بھرتے چلے جائیں۔بلکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے تو یہ بھی فرمایا ہے اگر
کوئی شخص مومن نہ بھی ہو اور صرف انصاف سے کام لے کر قرآن دیکھے نہ کہ جہالت، حسد اور بخل
سے تو یہ بھی تقوی کی ابتدائی شکل ہے تو اگر کوئی شخص انصاف سے قرآن شریف پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس
کو نور ہدایت دے دیتا ہے۔تو جو ایمان لے آئے ہیں اور تقویٰ کی نظر سے قرآن کریم پڑھتے ہیں
ان کے لئے کس طرح ہو سکتا ہے کہ قرآن کریم ہدایت نہ دے اور تقویٰ پر نہ چلائے۔اگر ایک ایمان
لانے والے کے دل میں قرآن
کریم پڑھ کر اور سن کر نور ہدایت کا جوش پیدا نہیں ہوتا تو پھر اس کو فکر کرنی
چاہئے کہ تقویٰ میں کہیں کمی رہ رہی ہے۔یہ سوچنا چاہئے کہ ہماری بڑائیاں اور ہماری خود پسندیاں ہمیں
اصل تعلیم سے دور لے جا رہی ہیں اور ہم میں تقویٰ نہیں ہے۔کیونکہ قرآن کریم نے تو یہ کہہ دیا ہے کہ
اس میں متقیوں کے لئے ہدایت ہے۔اگر ہم قرآن کریم کے حکموں پر عمل نہیں کر رہے تو یہ ہماری غلطی
ہے اور ہمارے لئے یہ فکر کی بات ہے۔اللہ تعالیٰ تو ہمیں اجر دینے کا وعدہ بھی کرتا ہے بشرطیکہ ہم اس کی
تعلیم کے مطابق ہدایت پر قائم ہوں اور نیکیاں بجالانے والے ہوں جیسا کہ وہ فرماتا ہے ﴿وَمَا يَفْعَلُوْا
مِنْ خَيْرٍ فَلَنْ يُكْفَرُوْهُ وَاللَّهُ عَلِيمٌ بِالْمُتَّقِيْنَ﴾ آل عمران : ۱۱۲ ) اور جو نیکی بھی وہ کریں گے
تو ہرگز ان سے اس کے بارے میں ناشکری کا سلوک نہیں کیا جائے گا اور اللہ متقیوں کو خوب جانتا
ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے فضل سے تقویٰ پر قائم رہنے اور نیکیاں بجالانے کی توفیق عطا فرمائے۔اور

222
$2004
خطبات مسرور
ہم اس کے ہر اس انعام سے حصہ لینے والے ہوں جو اس کے نزدیک ہمارے لئے بہترین ہے۔حضرت ابوذر بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایا تم جہاں بھی
رہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور بدی کے بعد نیکی کرو، نیکی بدی کے اثر کو مٹادیتی ہے۔( مسند احمد بن حنبل - مسند الانصار - حدیث ابی ذر الغفاری)
اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ جان بوجھ کر کوئی بدی کر دو اور اس کے بعد کوئی چھوٹی سی نیکی
کر کے سمجھو کہ بدی ختم ہوگئی۔بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ غلطی سے انجانے میں کوئی بدی ہو جائے اور
پھر اس کا احساس ہو،شرمندگی ہو، اللہ کا خوف ہو تو پھر استغفار کرو اور برائیاں نہ کرنے کا عہد کرو تو پھر
اس کے اثرات مٹ جائیں گے۔اسی لئے پہلے فرمایا کہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرو یعنی برائیوں سے بچنے
کی کوشش کرتے رہو تو پھر اللہ تعالیٰ بھول چوک معاف کر دے گا۔حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسے عمل کے بارے
میں دریافت کیا گیا جو کثرت سے لوگوں کو جنت میں داخل کرنے کا موجب ہوگا۔تو آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے فرمایا اللہ کا تقویٰ اور حسنِ اخلاق۔یہ بڑی اچھی بات ہے کہ اس ملک کے لوگ بڑے اچھے اخلاق دکھاتے ہیں۔اگر احمدی
ہونے کے بعد اس حسن اخلاق کے ساتھ آپ میں اللہ تعالیٰ کا تقویٰ بھی پیدا ہو جائے اور اس کے
احکامات پر عمل کرنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو پھر اللہ اور اللہ کا رسول جنت کی بشارت دیتا ہے۔اگلی بات یہ ہے کہ تقویٰ کے مطابق زندگیوں کو ڈھالنا اور اُسے صرف اپنی ذات تک محدود
رکھنا کافی نہیں بلکہ اپنی نسلوں میں بھی یہ اعلیٰ وصف پیدا کرنا ہے۔کیونکہ اگر ہم نے اپنی نسلوں
کو اللہ
تعالیٰ کے احکام کے مطابق چلانے کی کوشش نہ کی تو ہمارا تقویٰ ہماری ذات تک ہی محدود رہ جائے
گا۔اور ہمارے مرنے کے بعد ہماری نسلوں میں یہ جاری نہیں رہ سکے گا۔اگر ہم نے اپنی نسلوں کی صحیح

$2004
223
خطبات مسرور
طرح تربیت نہ کی اور ان کو تقویٰ پر قائم نہ کیا تو پھر ہماری نسلیں بگڑ کر پہلے کی طرح ہو جائیں گی جن
میں کوئی دین نہیں رہے گا۔اس لئے ہر احمدی کے لئے ضروری ہے کہ جو نور ہدایت اس نے حاصل کیا
ہے وہ اپنی نسلوں میں بھی جاری کرے تاکہ ہر آنے والی نسل پہلے سے بڑھ کر تقویٰ پر چلنے والی ہو۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں:
’” جب تک اولاد کی خواہش محض اس غرض کے لئے نہ ہو کہ وہ دین دار اور متقی ہو اور
خدا تعالیٰ کی فرمانبردار ہو کر اس کے دین کی خادم بنے ، بالکل فضول بلکہ ایک قسم کی معصیت اور گناہ
ہے۔اور باقیات صالحات کی بجائے اس کا نام باقیات سیئات رکھنا جائز ہوگا۔( یعنی نیک نسل نہیں،
بدنسل )۔لیکن اگر کوئی شخص یہ کہے کہ میں صالح اور خدا ترس اور خادم دین اولاد کی خواہش کرتا ہوں تو
اس کا یہ کہنا بھی نرا ایک دعوی ہی ہو گا جب تک کہ وہ خود اپنی حالت میں ایک اصلاح نہ کرے۔اگر خود
فسق و فجور کی زندگی بسر کرتا ہے اور منہ سے کہتا ہے کہ میں صالح اور متقی اولاد کی خواہش کرتا ہوں تو وہ
اپنے اس دعوئی میں کذاب ہے۔صالح اور متقی اولاد کی خواہش سے پہلے ضروری ہے کہ وہ خود اپنی
اصلاح کرے اور اپنی زندگی کو متقیانہ زندگی بناوے۔تب اس کی ایسی خواہش نتیجہ خیز خواہش ہوگی۔اور ایسی اولا د حقیقت میں اس قابل ہوگی کہ اس کو باقیات صالحات کا مصداق کہیں“۔پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام خاص طور پر ہم احمدیوں کو نصیحت کرتے ہوئے
فرماتے ہیں:
بیعت کی خالص اغراض کے ساتھ جو خدا ترسی اور تقویٰ پر مبنی ہے دنیا کے اغراض کو ہرگز
نہ ملاؤ۔نمازوں کی پابندی کرو، اور توبہ واستغفار میں مصروف رہو ، نوع انسان کے حقوق کی حفاظت
کرو اور کسی کو دکھ نہ دو، راستبازی اور پاکیزگی میں ترقی کرو تو اللہ تعالیٰ ہر قسم کا فضل کر دے گا۔عورتوں
بھی اپنے گھروں میں نصیحت کرو کہ وہ نماز کی پابندی کریں۔اور ان کو گلہ شکوہ اور غیبت سے روکو۔

$2004
224
خطبات مسرور
پاکبازی اور راستبازی ان کو سکھاؤ ( ظاہر ہے جب تک آپ خود اس پر عمل نہیں کریں گے سکھا بھی
66
نہیں سکتے )۔ہماری طرف سے صرف سمجھانا شرط ہے اس پر عملدرآمد کرنا تمہارا کام ہے۔(ملفوظات جلدسوم صفحه ٤٣٤ اکتوبر ١٩٠٣ء)
اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں تقویٰ پر قائم کرے، ہم اپنی نسلوں کی بھی اس طرح تربیت
کریں کہ وہ بھی تقویٰ کے اعلیٰ معیار قائم کرنے والی ہوں۔اور کبھی ہم یا ہماری نسلیں اللہ تعالیٰ کے
احکامات سے دور جانے والی نہ ہوں۔ہم سب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی نصائح پر عمل
کرنے والے ہوں۔اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے والے ہوں۔اس کا فضل مانگنے والے ہوں۔جس
مقصد کے لئے یہاں ہم اس جلسے میں اکٹھے ہوئے ہیں اس مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں۔سفروں میں اللہ تعالیٰ ہمیں خاص طور پر دعاؤں میں مشغول رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور روحانیت
اور تقویٰ میں ترقی عطا فرمائے اور جب ہم اپنے گھروں میں پہنچیں تو ہم اپنے اندر ایک تبدیلی محسوس
کر رہے ہوں۔تا کہ ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت کو دنیا میں پھیلانے والے
ہوں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق دے

آج 10 میں سے 10 باقی