ماریشس، قادیان، انڈیا کے دورہ کے حالات و واقعات

خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
37
(3)
خطبات مسرور جلد چهارم
ماریشس، قادیان ، انڈیا کے دورہ کے حالات وواقعات
اخلاص، محبت وفدائیت اور غیر مسلم شرفاء ومعززین کے حسن سلوک کا ایمان افروز اور روح پرور تذکرہ
فرمودہ مورخہ 20 جنوری 2006ء ( 20 صلح 1385 ھش ) بیت الفتوح ، لندن
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:
گزشتہ تقریباً پونے دو ماہ سے میں لندن (یوکے) سے باہر رہا، جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں اور
ایم ٹی اے پر بھی دیکھتے اور سنتے رہے ہوں گے یہ عرصہ دو ہفتے ماریشس میں اور پھر قادیان، انڈیا میں
گزرا۔اس دوران قادیان اور ماریشس کے جلسے بھی ہوئے جن کو ایم ٹی اے کے ذریعہ آپ لوگوں نے
دیکھا ہوگا۔2005ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے تقریباً 10 ملکوں کے جلسوں میں شمولیت کی توفیق ملی جن
میں پہلا جلسہ سپین کا تھا اور آخری قادیان کا۔الحمد للہ اس سال میں بھی جو گزرا ہے ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضلوں کی بارش دیکھی ، ہر روز جو جماعت
احمدیہ پر طلوع ہوتا ہے اس میں ہم اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے نظارے نئی شان سے دیکھتے ہیں۔اور یہ سب
کچھ اللہ تعالیٰ کے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے کئے گئے وعدوں کے مطابق ہے۔سال میں
ایک دفعہ تو ان کا ذکر ممکن ہی نہیں جیسا کہ میں پہلے بتا چکا ہوں۔بلکہ وقفے وقفے سے بھی اگر ذکر کیا جائے
تب بھی اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے سب نظارے نہیں دکھائے جاسکتے۔بہر حال عام طور پر سفر کے بعد لوگوں
کی جو خواہش ہوتی ہے اس کے مطابق سفر کے کچھ حالات بیان کرتا ہوں۔یعنی یہ جو سفر پیچھے گزرا اس کے
بارے میں کچھ بتاؤں گا۔سفر کے حالات کے دوران ہی مختصر البعض واقعات کا بھی ذکر ہو جائے گا۔اس دورے کا پہلا سفر تقریب دو ہفتے کا ماریشس کا تھا۔ماریشس ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جس کی آبادی
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
38
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
تقریباً 12-13 لاکھ ہے۔اس ملک کی اکثریت مذہبی لحاظ سے ہندو ہے، مسلمانوں کی آبادی تقریباً 16-17
فیصد ہے اور اس ملک میں احمدی چند ہزار ہیں۔لیکن یہ چند ہزار احمدی بھی ماشاء اللہ جوش اور جذبے اور
اخلاص اور وفا سے بھرے ہوئے ہیں اس لئے نمایاں نظر آتے ہیں۔جب میں ائر پورٹ پر اترا ہوں تو
بہت بڑی تعداد عورتوں، بچوں، مردوں کی استقبال کے لئے کھڑی تھی۔اور جیسا کہ عموماً ہر جگہ، ہر ملک
میں ، احمدیوں کے چہروں سے نظر آتا ہے، سب کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے۔یہ کیفیت دیکھ کر
بے اختیار اللہ تعالیٰ کی حمد کی طرف توجہ ہوتی ہے کہ کس طرح وہ اپنے وعدوں کے مطابق جو اس نے اپنے
صحیح پاک علیہ السلام سے کئے دُور دراز کے ملکوں میں بھی اس کے نظارے ہمیں دکھاتا ہے۔ماریشس کی جماعت اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی قربانی کرنے والی جماعت ہے۔پہلے میں وہاں
بھی ذکر کر چکا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مساجد بنانے کی طرف ان کی بہت توجہ ہے اور اچھی
خوبصورت مسجدیں بناتے ہیں۔صفائی کا بھی خیال رکھتے ہیں۔چھوٹے سے چھوٹے گاؤں میں بھی آپ
چلے جائیں جہاں چند ایک احمدی موجود ہیں تو وہاں بھی جماعت کی مسجد ہے۔اور محض ایک چھوٹی سی مسجد
ہی نہیں بلکہ اچھی اور خوبصورت مسجد انہوں نے بنائی ہوئی ہوتی ہے اور اس مسجد میں تمام سہولتیں مہیا ہیں۔روز ہل، جہاں ہماری پرانی اور مرکزی مسجد ، بہت بڑی مسجد ہے، اس کے ساتھ جماعت کے دفاتر وغیرہ
بھی ہیں۔اس کے اردگرد تین چار کلومیٹر کے ایریا میں جماعت کی تین چار مساجد ہیں۔جس طرح ربوہ یا
قادیان میں ہر محلے میں مسجد بنی ہوئی ہے یہاں بھی چھوٹی چھوٹی جگہوں پر جہاں بھی احمدیوں کی تھوڑی سی
آبادی ہے وہاں مسجد بنی ہوئی ہے۔اب تک جن ملکوں میں میں گیا ہوں بلکہ جہاں نہیں بھی گیا وہاں بھی
میرے خیال میں اس طرح مساجد بنانے کی طرف توجہ نہیں ہے جس طرح ماریشس میں ہے۔اللہ تعالیٰ
ان لوگوں
کو ہمیشہ مساجد کو آباد رکھنے کی بھی توفیق عطا فرما تا چلا جائے۔قربانی کرنے میں جہاں غریب اور کم آمدنی والے لوگ اخلاص و وفا میں بڑھے ہوئے ہیں وہاں
امیر آدمی بھی، پڑھے لکھے اور دنیاوی لحاظ سے اچھی پوزیشن کے احمدی لوگ بھی ہیں جو بہت سادہ مزاج
ہیں اور قربانی کے اچھے معیار قائم کرنے والے ہیں۔روپے پیسے نے مالی کشائش نے انہیں دین سے دور
لے جانے کی بجائے اکثریت کو اخلاص و وفا میں بڑھایا ہے۔اللہ تعالیٰ انہیں بھی ہمیشہ اخلاص و وفا میں
بڑھاتا چلا جائے۔کبھی ان لوگوں میں تکبر نہ آئے کیونکہ یہ تکبر ہی ہے جو دین سے دور لے جانے والا اور
دنیا کے قریب کرنے والا ہوتا ہے۔ان لوگوں کو بھی میں یہ کہتا ہوں کہ اپنے لئے دعائیں کرتے رہیں کبھی
دماغ میں تکبر کا کیڑا نہ آئے۔کیونکہ اگر اللہ تعالیٰ کا خوف دل میں نہ ہو اور اس کا فضل شامل حال نہ ہو تو
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
39
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ شیطان انسان کے جسم میں خون کی طرح دوڑ رہا ہے
جس طرح جب جسم کمزور ہو تو بعض چھپی ہوئی بیماریاں حملہ کر دیتی ہیں اسی طرح اگر اللہ تعالیٰ کا فضل شامل
حال نہ ہو، اس کے آگے جھکنے والے نہ ہوں ، تو شیطان بھی فوری طور پر حملہ کرتا ہے۔پس جتنے اللہ تعالیٰ
کے فضل زیادہ ہوں اتنی ہی زیادہ استغفار کی ضرورت ہے، اس کے آگے جھکنے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ
ہر ایک کو اپنے فضلوں کے سائے میں رکھے۔جیسا کہ میں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کی آبادی وہاں تقریباً
17-16 فیصد ہے لیکن وہاں برصغیر پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش والے ملا ؤں والے حالات ہیں اور
جماعت کے بارے میں جو غلط سلط مُلاں وہاں کہتے ہیں لوگ ان کو سن لیتے ہیں اور ان باتوں پر یقین کر
لیتے ہیں، جوش میں آجاتے ہیں۔شاید اس کے لئے بعض مسلمان ملکوں سے انہیں ایڈ (Aid) بھی ملتی ہو۔آجکل ان نام نہاد علماء کو جہاں بھی موقع ملتا ہے، جس ملک میں بھی موقع ملتا ہے، ان کا کام صرف
احمدیوں کے خلاف فتنہ پیدا کرنا ہے۔بہر حال ماریشس میں بھی احمدیوں کی کافی مخالفت ہے احمدیوں کے
خلاف اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے خلاف جب بھی ان کو موقع ملتا ہے کافی بد زبانی کرتے
ہیں۔کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح فساد ہو۔میرے دورے کی خبر جب اخبار میں اور ٹی وی وغیرہ پر آئی تو
انہوں نے بڑا سخت احتجاج کیا کہ کیوں یہ خبر دی گئی ہے۔پھر جب ہمارا جہاں جلسہ ہو رہا تھا، جلسے کے
آخری دن گیٹ کے سامنے بہت ہلڑ بازی کی، شور مچایا، نعرے لگائے ، گالیاں نکالیں ، میرے خلاف،
جماعت کے خلاف ، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے خلاف جو کچھ بک سکتے تھے بکتے رہے۔جو
مغلظات کہہ سکتے تھے کہتے رہے۔جلسہ کے آخری دن جیسا کہ میں نے کہا کہ میرے جلسے پر جانے سے
پہلے اس گیٹ کے سامنے کافی لوگ اکٹھے ہوئے تھے اور جلوس تھا اور فتنہ پیدا کرنے کا خیال تھا۔وہاں کے
امیر صاحب اور انتظامیہ بڑی پریشان تھی کہ کہیں کوئی احمدی اس ہلڑ بازی اور گالی گلوچ کی وجہ سے جوش
میں آ کر جواب نہ دے دے اور کوئی ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس سے پھر فساد مزید بھڑ کے۔یا جب
میں گزروں گا تو اس وقت کوئی احمدی ری ایکٹ (React) کرے اور پھر فساد کا خطرہ پیدا ہو۔تو بہر حال
اس کے سد باب کے لئے انہوں نے میرے جانے کا راستہ بدل دیا اور مجھے آخری وقت میں بتایا کہ ہم
نے اس لئے راستہ بدلا ہے۔ان کے فساد کی وجہ سے پولیس بھی وہاں کافی تھی، تو یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل
ہوا کہ ان کے شور اور گالی گلوچ کے باوجود احمدیوں نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا۔اور حقیقت میں حضرت مسیح
موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی تعلیم پر مل کر کے دکھایا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانے میں بھی اسی طرح ایک موقع پر مخالفین نے بہت
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
40
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
زیادہ فساد پیدا کرنے کی کوشش کی تھی اور احمدیوں نے بڑے صبر کا نمونہ دکھایا تھا۔اس پر حضرت مسیح موعود
علیہ السلام نے جماعت کے افراد کو بڑے تعریفی کلمات سے نوازا تھا کہ یہی لوگ ہیں جو صبر کرتے ہیں،
نہیں تو فساد بڑھ سکتا تھا۔آج بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی تعلیم کے مطابق دنیا کے ان
دور دراز ملکوں میں بھی اللہ تعالیٰ جماعت کے افراد کو صبر کے نمونے دکھانے کی توفیق عطا فرما رہا ہے۔بہر حال وہاں اگر کسی احمدی کی طرف سے ہلکا سا بھی رد عمل ظاہر ہوتا تو فساد بڑھ جانے کا خطرہ تھا اور پھر
یہ جماعت پر بہت بڑا داغ ہونا تھا کیونکہ ہم تو ہمیشہ امن صلح اور پیار اور محبت کا نعرہ لگانے والے لوگ ہیں
اور اس نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والے ہیں جس نے ظلم کا عفو سے انتقام لیا تھا۔ہم نے تو انشاء اللہ تعالیٰ
دنیا کے ہر کونے میں، ہر ملک میں ان زیادتی کرنے والوں کو معاف کرتے رہنا ہے اور یہ معافی ہم کسی
کمزوری کی وجہ سے نہیں کرتے بلکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کی جو صحیح تعلیم ہمیں دی ہے اس
پر عمل کرتے ہوئے کرتے ہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے سامنے جو اُسوہ رکھا ہے اس کے
مطابق کرتے ہیں۔اگر نظر آ سکے، یہ مخالفین کبھی احمدیوں کا دل چیر کر دیکھیں کہ کس طرح احمدی ایسے
حالات میں صبر اور حو صلے کا مظاہرہ کر رہے ہوتے ہیں۔پس ہمیشہ ہر احمدی کو یہ یا درکھنا چاہئے کہ یہ صبر کا
نمونہ انہوں نے دکھانا ہے اور دکھاتے چلے جانا ہے اور ہمیشہ یہ آپ کا طرہ امتیاز ہونا چاہئے کہ قانون کو بھی
اپنے ہاتھ میں نہیں لینا۔لیکن اگر قانون لاگو کرنے والے کبھی یہ کہیں کہ خود سنبھال لوتو احمدی اللہ کے فضل
سے ان فتنوں کو ایک منٹ میں ختم بھی کر سکتا ہے۔تو یہ غلط فہمی نہ ہمارے دل میں ہے اور نہ کبھی مخالفین کے
دل میں ہونی چاہئے کہ ہم کسی کمزوری کی وجہ سے صبر کرتے ہیں۔بہر حال یہ مولوی لاؤڈ سپیکر پر گندے
نعرے لگاتے رہے ، گالیاں بکتے رہے۔جس جگہ یہ لوگ گیٹ کے باہر سڑک پر کھڑے ہو کر نعرے لگا
رہے تھے ، وہاں سے بعض سرکاری افسران جن کو جلسے پر مدعو کیا گیا تھا، بلایا گیا تھا وہ بھی گزر کر آ رہے تھے
دوسرے معزز لوگ بھی آ رہے تھے جن میں غیر مسلم بھی تھے۔تو بہر حال یہ بھی ان کی جرات ہے کہ باوجود
اس ہنگامے کے انہوں نے پرواہ نہیں کی اور اس جگہ سے گزر کر جلسے میں شامل ہوئے۔یہ مولوی میرے
آنے کا کافی دیر تک انتظار کرتے رہے لیکن جب کافی دیر ہوگئی تو نعرہ لگا دیا کہ احمدیوں کا خلیفہ ڈر گیا ہے اب
اس نے نہیں آنا چلو واپس۔بہر حال کیونکہ اس وقت نماز کا وقت بھی تھا کچھ خاموشی بھی تھوڑی دیر کے لئے
ہوگئی۔لیکن اتفاق سے یا یہ اللہ تعالیٰ کی تقدیر تھی کہ جب انہوں نے یہ نعرہ لگایا ہے، اسی وقت چند آدمی بیعت
کے لئے آئے ہوئے تھے تو بیعت شروع ہوگئی۔جب لاؤڈ سپیکر پر آواز باہر نکلی تو کافی شرمندہ ہوئے ہوں
گے۔ان کے لئے لفظ شرمندہ تو استعمال نہیں ہوسکتا، کچھ اور لفظ ہونا چاہئے۔ان
کو یہ تسلی ہوگئی کہ میں اندر
ہوں۔اب یہ بڑے پریشان تھے کہ یہ آیا کس طرح؟ بہر حال تھوڑی دیر بعد ان کی یہ گالیاں بند ہو
ا بند ہوگئیں۔تو
kh5-030425

41
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
خطبات مسرور جلد چهارم
امیر صاحب کہنے لگے کہ یہ بول بول کر تھک گئے ہیں کیونکہ جب جواب نہ دیا جائے تو آخر انہوں نے کسی
وقت تو تھکنا ہے ناں، بہر حال شرمندہ ہو کر چلے گئے۔پھر جب جلسہ کی کارروائی شروع ہوئی اور میں نے
اپنی تقریر میں محبت، پیار اور بھائی چارے
کی باتیں کیں تو جو غیر مہمان آئے ہوئے تھے ان کے چہروں سے
صاف لگ رہا تھا کہ یہ تو بالکل اور دنیا ہے، باہر ہم کیا سن کر آ رہے تھے اور یہ کیا کہہ رہے ہیں۔بلکہ یہی سوچ
رہے ہوں گے کہ ان باتوں کا ذکر تک نہیں کیا کہ باہر کوئی شور بھی پڑ رہا ہے یا نہیں۔تقریر کے بعد کئی مہمان
میرے پاس آئے اور انہوں نے شکریہ ادا کیا کہ آپ بڑی خوبصورت تعلیم دیتے ہیں۔مولویوں کے
نعروں کے باوجود بھی بعض غیر احمدی مسلمان شرفاء وہاں شامل ہوئے تھے اور مجھے جلسے کے بعد ملے بھی اور
بڑی تعریف کی۔ایک صاحب تو جو حلیے سے بہت کٹر قسم کے مولوی لگ رہے تھے ، میں سمجھا شاید یہ شرارت
کی نیت سے آئے ہیں لیکن بڑی شرافت سے باتیں کیں اور شکریہ ادا کر کے گئے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے تو اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچانے کا وعدہ ہے۔یہ لوگ جتنا مرضی
دوسروں کو ڈرانے کی کوشش کریں یا ہمیں ڈرانے کی کوشش کریں اللہ تعالیٰ اپنے کام کرتا چلا جاتا ہے۔اس
کو ان لوگوں کی کوڑی کی بھی پرواہ نہیں۔جو اللہ تعالیٰ کے منصوبے ہیں اُن میں کوئی انسانی کوشش روک
نہیں ڈال سکتی۔اور اپنے وقت پر انشاء اللہ تعالیٰ اس کے نتیجے بھی ظاہر ہوتے چلے جائیں گے۔پھر وہاں کے ملک کے صدر صاحب ہندو ہیں، بڑے شریف آدمی ہیں ، ان سے بھی ملاقات ہوئی۔حضرت خلیفہ اسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے جب دورہ فرمایا تھا اس وقت وہ ملک کے وزیر اعظم تھے۔اس
دورے کا بھی ذکر کرتے رہے اور انہوں نے بتایا بلکہ ان کی بیوی نے بتایا کہ اس دوران ہم نے جو
تصویریں کھنچوائی تھیں وہ ہم نے اپنے گھر میں نمایاں کر کے لگائی ہوئی ہیں تا کہ ہم ان برکات سے فیض
حاصل کریں جو ایسے نیک آدمیوں کی وجہ سے پہنچ سکتا ہے۔بہر حال ان کا اپنا ایک نظریہ ہے اور انہوں نے
بڑا محبت اور پیار کا اظہار کیا۔اللہ تعالیٰ ایسے شریف النفس لوگوں کے سینے بھی کھولے۔وہاں کے نائب صدر بھی جو مسلمان ہیں ان سے بھی بڑے اچھے ماحول میں احمدیت اور اسلام کے
بارے میں باتیں ہوتی رہیں۔زیادہ تر مسلمانوں کے بارے میں باتیں کرتے رہے۔تو یہ شریف لوگ
ہیں۔یہ شر پسند مولویوں کی حرکات سے شرمندہ بھی ہوتے ہوں گے اور بہر حال مصلحتنا یا کسی وجہ سے خاموش
رہتے ہیں۔حالانکہ ان لوگوں کو یا درکھنا چاہئے کہ یہ مولوی جو ہیں اگر ان
کو کھلی چھٹی دی تو یہ پیر تسمہ پاکی
طرح ان کی گردنوں کو قابو کر لیں گے اور پھر جان چھڑانی مشکل ہو جائے گی۔صرف پاکستان میں ہی نہیں،
ایسے نمونے ہمارے سامنے ہیں کہ جہاں بھی ان کو کھلی چھٹی دی گئی ہے وہاں یہ اس طرح کی
kh5-030425

42
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
خطبات مسرور جلد چهارم
کوششیں کرتے ہیں اور کریں گے اور اپنی فطرت دکھا ئیں گے۔ہمارے ساتھ تو اللہ تعالیٰ کے وعدے
ہیں، ہمارا تو یہ کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔جماعت تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے مخالفت کے باوجود دنیا میں ہر جگہ بڑھ
رہی ہے لیکن جن حکومتوں نے بھی ان کی پشت پناہی کی ہے یا ان سے انہیں مددملی ہے ان کے لئے ہمیشہ
ابتلا ہی آیا ہے۔جس طرح حضرت خلیفہ اسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے ایک دفعہ فرمایا تھا کہ اگر پاکستان
کی حکومت نے ان سے جان نہ چھڑائی تو یہ پھر کبھی نہیں چھوڑیں گے آجکل وہی ہو رہا ہے۔اب حکومت
بھی مشکل میں ہے اور وہ مغربی ممالک جو اپنے مفاد کے لئے ان کو آگے لائے تھے وہ بھی اب پریشانی کا
اظہار کرتے ہیں۔اب ان کو اپنی پڑی ہوئی ہے۔لیکن اب ان سے جان چھٹتی نظر نہیں آرہی۔اگر گہرائی
میں جائزہ لیں تو ان لوگوں کی وجہ سے ہی ملک کی ترقی کئی سال پیچھے ہو چکی ہے۔اسی طرح اب دوسری
مسلمان دنیا میں ہو رہا ہے۔جس طرح میں نے پہلے بھی کہا ، اگر ان ملکوں نے اپنے ذہنوں کو روشن نہ کیا
اور ملائیت کو سیاست اور حکومت سے علیحدہ نہ کیا تو ان تمام ملکوں کے امن بر باد ہو جائیں گے اور یہ پھر بھی
ترقی نہیں کر سکیں گے بلکہ اب یہ عمل شروع بھی ہو چکا ہے اور دنیا کو نظر آ رہا ہے۔ابھی بھی مسلمان ملکوں کو،
حکومتوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں۔بہر حال جیسا کہ میں نے کہا کہ ہم پر تو ، جماعت احمدیہ پر تو
مخالفت کا کوئی اثر نہیں ہوتا اور نہ انشاء اللہ ہو گا۔اس کے باوجود کہ مخالفت تھی ، دو تین وہیں کے تھے اور
ایک دو باہر کے جزیروں سے مختلف جگہوں سے آئے ہوئے تھے ، چند افراد نے بیعت بھی کی۔بیعت کے
بعد ملاقاتیں بھی تھیں۔ایک غیر از جماعت لڑکا اپنے ایک احمدی دوست کے ساتھ ملاقات کے لئے آیا تو
میں نے اس سے پوچھا کہ تم نے بیعت نہیں کی۔کہنے لگا ابھی بعض باتوں کی وجہ سے میرے دل میں
انقباض ہے، کچھ ڈانواں ڈول ہوں۔میں نے اس سے مذاقاً کہا کہ آج مولویوں کا عمل بھی تم نے دیکھ لیا
ہے، ہماری باتیں بھی سن لی ہیں تو ابھی بھی تمہاری تسلی نہیں ہوئی۔تو بڑا شرمندہ ہوا، بہر حال میں نے اس
سے کہا کہ تم نیک فطرت نظر آتے ہو، ان باتوں کے بارے میں جن میں تم تسلی نہیں پاتے اس کا اب ایک
ہی علاج ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرو اور چند دن دعا کرو پھر فیصلہ کرو۔میں نے کہا مجھے امید ہے کہ تمہارا
دل کھل جائے گا۔چنانچہ وہ دو دن کے بعد ہی آگیا کہ جو انقباض تھا وہ دُور ہو گیا ہے اب میں بیعت کرنا
چاہتا ہوں۔تو جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ جس کی فطرت نیک ہے وہ آئے
گا انجام کار۔اس نے تو انشاء اللہ آنا ہی آنا ہے چاہے مولوی جتنا مرضی زور لگا لیں۔لیکن ان بد فطر توں کا
انجام بھی بہت بھیانک ہونے والا ہے۔انشاء اللہ۔kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
43
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
پھر ماریشس کے ساتھ ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے، روڈر گس، یہ تقریباً چھوٹے جہاز کی ڈیڑھ گھنٹے کی
فلائیٹ ہے۔وہاں صبح سے شام تک کا دورہ تھا۔چھوٹی سی نئی جماعت ہے۔آرام کے لئے اور
کھانوں وغیرہ کے لئے ہوٹل میں انتظام تھا۔نمازوں کے لئے مسجد گئے تھے۔وہاں ہوٹل میں ہی ہمارے
ساتھیوں کو ایک مصری جو بڑا پڑھا لکھا ہے ملا، وہ وہاں ٹھہرا ہوا تھا۔اس نے خود ہی میرے بارے میں
ہمارے ساتھیوں سے بات کرنی شروع کر دی۔اس کو کچھ تعارف تھا۔جب ہمارے آدمیوں نے پوچھا
کہ تمہیں کس طرح تعارف ہوا، بتایا کہ اخبار اور ٹیلی ویژن سے ہوا۔بہر حال اس کو ایم ٹی اے اور ویب
سائیٹ (Alislam) کا پتہ دیا۔تو اس طرح دوروں میں اللہ تعالیٰ کسی نہ کسی طرح احمدیت کا تعارف
کرانے کا، دوسروں تک پیغام پہنچانے کے موقع مہیا فرما تارہتا ہے۔پھر اس جزیرے کے گورنر جو پہلے پادری تھے لیکن بعد میں سیاست میں آگئے ان سے بھی جماعت
کے بارے میں بڑی تفصیل سے باتیں ہوتی رہیں۔پیغام پہنچایا۔پھر مختلف جگہوں پر ماریشس میں
جہاں بھی ( چھوٹا سا جزیرہ ہے ) سیر کا پروگرام بنایا وہاں مختلف ملکوں سے ٹورسٹ (Tourists) آئے
ہوتے ہیں، وہ بھی تعارف حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔اللہ تعالیٰ ہی ہے جو ان کی توجہ اس طرف
پھیرتا تھا۔خود آتے تھے ، تعارف حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے، بعد میں تصویر کھنچوانے کی خواہش
ظاہر کرتے تھے۔مختصر یہ کہ احمدیت کا پیغام پہنچانے کی بھی وہاں تو فیق مجھے یا وفد کے افراد کو کسی نہ کسی
طرح ملتی رہی۔وہ چھوٹا سا جزیرہ جس کا میں نے ذکر کیا ہے، یہاں بالکل نئی جماعت ہے۔ایک مسجد ہے
اور وہاں اب میں نے ایک نئی مسجد کی بنیاد رکھی ہے۔بالکل چھوٹا سا جزیرہ ہے۔تقریباً 36 ہزار کی آبادی
ہے اور یہاں احمدی ہونے والوں کی اکثریت غریب لوگوں کی ہے، یہ پہلے پورا جزیرہ عیسائیوں کا تھا اب
وہاں کچھ احمدی بھی آگئے ہیں۔گوتر بیتی لحاظ سے ابھی وہ کمزور ہیں۔ان کا جائزہ بھی لینے کی توفیق ملی
پروگرام بنے۔کس طرح ان
کو بہتر کرنا ہے۔بہر حال یہ لوگ بیعت کرنے کے بعد اخلاص میں بڑھ رہے
ہیں۔وہاں جا کر شدید خواہش پیدا ہوئی اور دعا بھی ہوئی کہ یہ چھوٹا سا جزیرہ ہے، اس پورے جزیرے کو جلد
سے جلد احمدیت کی آغوش میں لانے کی کوشش کرنی چاہئے۔بہر حال چھوٹے جزیرے ہوں یا بڑے ہوں،
چھوٹے ملک ہوں یا بڑے ملک ہوں ان کی اکثریت نے انشاء اللہ تعالیٰ احمدیت اور حقیقی اسلام کی آغوش
میں آنا ہی آنا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں میں وہ نظارے دکھائے جب ہم احمدیت کا غلبہ دیکھیں۔ماریشس میں جماعت نے ایک ہوٹل میں ایک ریسیپشن (Reception) کا انتظام کیا ہوا تھا جس
میں وہاں کے معززین اور سرکاری افسران آئے ہوئے تھے۔نائب وزیر اعظم بھی آئے ہوئے تھے۔میرا
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
44
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
خیال ہے ان کے آباؤ اجداد آئر لینڈ یا سکاٹ لینڈ سے 4 نسلیں پہلے وہاں گئے ہوئے ہیں۔وہیں آباد 4،4
ہیں۔وہاں بھی ریسیپشن میں اسلام کی پیار و محبت کی تعلیم بتانے کی توفیق ملی۔نائب وزیر اعظم بڑی دلچپسی
سے بعد میں کافی دیر آدھا پونا گھنٹہ اسلام کے بارے میں ، جماعت کی تعلیم کے بارے میں ، احمدیوں اور
غیر احمدیوں کے فرق کے بارے میں سوال کرتے رہے۔اور ان سے اچھی گفتگو چلتی رہی۔تو دوروں میں
جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ ہر طبقہ کو پیغام پہنچانے کا موقع مل جاتا ہے۔ویسے اگر روٹین کے مطابق یہ
پیغام پہنچانے کا کام چل رہا ہو تو شاید ایک عرصہ لگے۔میڈیا بھی بہت کوریج دے رہا ہوتا ہے۔اس طرح
بہت سارے لوگوں کو لاکھوں کی تعداد میں پیغام پہنچ جاتا ہے۔ماریشس دنیا کا کنارہ بھی کہلاتا ہے۔اس لحاظ سے بھی اللہ تعالیٰ نے ایسے سامان بہم پہنچائے کہ اس
جزیرے کے لوگوں کو بھی اور دوسری دنیا سے آئے ہوئے لوگوں کو بھی اس کنارے میں پہنچ کر پیغام
پہنچانے کی توفیق ملی۔ہمارا کام تو آواز دینا ہے اللہ تعالیٰ سب کے سینے کھولے کہ اسلام کی خوبصورت تعلیم
کو پہچان سکیں۔بہر حال ماریشس کا دورہ بھی اور جلسہ بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑا کامیاب رہا۔بعض
باتیں یاد بھی نہیں رہتیں، ریکارڈ میں ہوں گی۔بہر حال آہستہ آہستہ وہ باتیں یاد آتی ہیں۔ماریشس
جماعت کے ہر فرد کو اللہ تعالیٰ جزا دے۔انہوں نے بڑے اخلاص اور وفا کا مظاہرہ کیا کئی ڈیوٹی دینے
والے، کئی دن تک معمولی نیند لیتے تھے شاید ایک دو گھنٹے سوتے ہوں۔جس دن میں نے واپس آنا تھاوہ فلائیٹ رات کو اڑھائی بجے تھی۔تو نماز مغرب اور عشاء کے بعد
میں نے وہیں مسجد میں ہی لوگوں کو خدا حافظ کہہ دیا کہ رات کو لیٹ تو بہر حال کوئی نہیں آئے گا۔لیکن میری
حیرانی کی انتہا نہ رہی جب میں دو بجے ائر پورٹ پر پہنچا ہوں تو اس طرح لوگ اکٹھے تھے جس طرح دن
کے وقت اکٹھے ہوتے ہیں۔بچے بھی ، عورتیں بھی ، بوڑھے اور مرد بھی ، جوان بھی۔مجھے بتایا گیا کہ رات
ایک بجے سے یہ لوگ آنا شروع ہو گئے تھے اور بچے بھی بالکل فریش (Fresh) تھے، کوئی اثر نہیں تھا کہ رات
کا وقت ہے اور نیند آئی ہوئی ہے۔سب نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتہائی اخلاص و وفا کا مظاہرہ کیا
اور جذبات سے پُر دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔اللہ سب کو جزا دے اور جلد سے جلد احمدیت کے پیغام کو
اس پورے جزیرے میں پھیلا دے۔ماریشس سے روانہ ہو کر ہم صبح 11 بجے دہلی پہنچے۔یہاں پہنچ کر جذبات کا ایک نیا رخ تھا کہ قادیان
کے قریب پہنچ رہے ہیں۔دہلی میں دو تین دن قیام رہا۔اس دوران میں مختلف جگہوں سے آئے ہوئے
ایسے احمدی جو جلسے پر نہیں آسکتے تھے ان سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔اسی طرح کچھ تاریخی جگہوں کی سیر
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
45
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
کا بھی موقع مل گیا۔آگرہ میں تاج محل اور دہلی کے کچھ تاریخی مقامات ، مینار، قلعے جو چند ایک محفوظ ہیں،
کچھ تو کھنڈر بھی بن چکے ہیں ، دیکھنے کا موقع ملا۔ہم جب قطب مینار دیکھنے کے لئے گئے تو وہ دیکھنے کے بعد انتظامیہ کا خیال تھا کہ یہاں سے واپس
گھر ہی جانا ہے۔لیکن میرے دل میں یہ تھا کہ حضرت بختیار کا کئی کے مزار پر بھی جانا ہے۔میرے یہ کہنے
پر انتظامیہ والے ایک دوسرے کے چہرے دیکھنے لگ گئے۔انتظامیہ کا خیال تھا کہ سیکیورٹی کے لحاظ سے
ٹھیک نہیں ہے کیونکہ چھوٹی چھوٹی گلیاں مزار پہ جانے کے لئے ہیں اور اردگرد کا نیں ہیں اور آبادی بہت
زیادہ ہے۔پھر مزار سے کم و بیش سو گز پہلے ان کا طریقہ ہے کہ جوتے بھی اتروا دیتے ہیں۔تو بہر حال
میں نے کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا وہاں چلتے ہیں۔خیر گلیوں میں سے گزر کر ہم وہاں پہنچے۔جوتے
اتروائے کچھ گھر کی خواتین بھی ہمارے ساتھ تھیں لیکن ایک جگہ آ کے انہوں نے عورتوں کو روک دیا کہ اس
سے آگے عورتوں کو جانے کی اجازت نہیں۔جب ہم نے پوچھا کہ کیا وجہ ہے تو کہا کہ بزرگ یہی ہمیں
کہتے آئے ہیں کہ اس سے آگے عورتیں نہیں جاسکتیں۔بہر حال کہاں سے روایت چلی؟ کیوں نہیں جاسکتی
ہیں؟ یہ پتہ نہیں۔مرد بہر حال آگے مزار تک چلے گئے وہاں جا کے کچھ لوگ دعا کر رہے تھے دوسرے بھی
پہلے وہاں دعا میں لگے ہوئے تھے۔جالی کے ساتھ میں نے دیکھا کچھ عورتوں کو جو مسلمان نظر نہیں آ رہی
تھیں اور اس طرح قبر پہ دعا کرنے والوں کو دیکھ کر یہ لگتا تھا کہ بجائے ان بزرگ کے لئے دعا مانگنے اور
اپنے لئے دعا مانگنے کے یہ تو اس بزرگ سے مانگ رہے ہیں، یہاں تو شرک چل رہا ہے۔تو بہر حال وہاں
دیکھ کر یہی دعا کی، یہی خیال آیا کہ اے اللہ جو شخص تیرا عبد بنا، تیرا بندہ بننے کی کوشش کرتا رہا، اسے یہ لوگ
شرک کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔ان مسلمانوں کو عقل اور سمجھ دے تاکہ تیری پہچان کر سکیں۔بہت سے اور
نظارے بھی سامنے آ گئے کہ کس طرح لوگوں نے ان جگہوں پر جا کر شرک پھیلایا ہوا ہے اور مسلمان
کہلاتے ہیں، حالانکہ یہ سب بزرگ تو حید پر قائم تھے اور تو حید کو پھیلانے کی کوشش کرتے رہے۔وہاں سے واپسی پر میرے ذہن میں یہ نہیں تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام 1905ء میں
یہاں آئے تھے باوجود اس کے کہ شاید کسی نے ذکر بھی کیا تھا۔لیکن پھر بھی مجھے بعد میں واپسی پر خیال آیا
کہ دیکھوں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کن تاریخوں میں اور کس سال میں آئے تھے۔میرے
ذہن میں قریب کی تاریخیں تھیں۔تو چیک کرنے پر یہ خوشی ہوئی کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بھی 1905 ء
کے نومبر میں گئے تھے۔تو اس طرح پورے 100 سال کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اتباع میں
وہاں مزار پر جانے کا موقع ملا۔حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام اور مزاروں پر بھی گئے تھے لیکن حضرت
kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
46
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
بختیار کاکی کے مزار پر جب گئے ہیں تو ملفوظات میں اس طرح واقعہ درج ہے کہ آج حضرت بختیار کا کی
کے مزار پر حضور علیہ السلام نے دعا کی اور دعا کولمبا کیا۔واپس آتے ہوئے حضرت نے راستہ میں فرمایا کہ
بعض مقامات نزول برکات کے ہوتے ہیں اور یہ بزرگ چونکہ اولیاء اللہ تھے اس واسطے ان کے مزار پر ہم
گئے۔ان کے واسطے بھی ہم نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور اپنے واسطے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی۔اور دیگر
بہت دعائیں کیں لیکن یہ دو چار بزرگوں کے مقامات تھے جو جلد ختم ہو گئے اور دہلی کے لوگ تو سخت دل
ہیں۔یہی خیال تھا کہ واپس آتے ہوئے گاڑی میں بیٹھے ہوئے الہام ہوا ( یعنی یہ سوچتے ہوئے آ رہے
تھے تو گاڑی میں بیٹھے ہوئے یہ الہام ہوا کہ : ” دست تو ، دعائے تو ، تر تم ز خدا۔( ملفوظات جلد چہارم صفحہ 528-529 جدید ایڈیشن مطبوعہ ربوہ )
کہ تیرا ہاتھ ہے، اور تیری دعا اور خدا کی طرف سے رحم۔تو اللہ کرے کہ دہلی والوں کے بھی اور دنیا
کی دوسری آبادیوں کے بھی دل نرم ہوں۔حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی دعائیں قبول ہوں اور
دنیا کو آپ کو ماننے کی توفیق ملے۔پھر اسی قسم کے سفر کا ذکر ہے، ملفوظات کا ہی ایک اور حوالہ ہے، ڈاکٹر یعقوب بیگ صاحب
کو مخاطب کر کے فرمایا کہ آج کہاں کہاں کی سیر کی ؟ انہوں نے عرض کی فیروز شاہ کی لاٹ،
پرانا کوٹ ، مہابت خان کی مسجد ، لال قلعہ وغیرہ مقامات دیکھے۔فرمایا ہم تو بختیار کا کی ، نظام الدین
صاحب اولیاء ، حضرت شاہ ولی اللہ صاحب وغیرہ اصحاب کی قبروں پر جانا چاہتے ہیں (یہ اس سے
پہلے بتایا ، بعد میں تو آپ ہو آئے تھے ) دہلی کے یہ لوگ جو سطح زمین کے اوپر ہیں نہ ملاقات کرتے
ہیں ، اور نہ ملاقات کے قابل ہیں اس لئے جو اہل دل لوگ اِن میں سے گزر چکے ہیں اور زمین کے
اندر مدفون ہیں، ان سے ہی ہم ملاقات کر لیں تا کہ بدوں ملاقات واپس نہ جائیں۔میں ان
بزرگوں کی یہ کرامت سمجھتا ہوں کہ انہوں نے قسی القلب لوگوں کے درمیان بسر کی۔اس شہر میں
ہمارے حصہ میں ابھی وہ قبولیت نہیں آئی جو ان لوگوں کو نصیب ہوئی۔( ملفوظات جلد چہارم صفحہ 499 جدید ایڈیشن مطبوعہ ربوہ )
جیسا کہ میں نے ذکر کیا کہ دہلی میں بعض تاریخی جگہیں بھی دیکھنے کا موقع ملا جہاں مسلمان
بادشاہوں کے عروج و زوال کی داستانیں رقم ہیں، ان میں دہلی کا لال قلعہ بھی ہے اور تغلق آباد کا قلعہ بھی
ہے تغلق آباد کا قلعہ وہ جگہ ہے جس کے ایک اونچے مقام پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کھڑے ہو کر
( جب ایک دفعہ سیر پہ وہاں گئے تھے تو اس مقام پر کھڑے ہو کر ) دہلی کا نظارہ کر رہے تھے تو اس دوران
اس نظارے میں اتنے محو ہو گئے کہ آپ ایک اور عالم میں چلے گئے۔کسی اور دنیا میں چلے گئے۔پھر آپ
kh5-030425

47
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
خطبات مسرور جلد چهارم
کی ایک بیٹی کے کہنے پر آپ کی وہاں سے واپس روانگی ہوئی اور اپنے خیالات سے واپس آئے۔تو اس
وقت آپ کی زبان سے نکلا تھا کہ میں نے پا لیا، میں نے پا لیا۔تو اس کی تفصیل کہ کیا پالیا ؟ اور ان
قلعوں اور کھنڈروں اور ویرانوں کی روحانی دنیا سے مثالیں دیتے ہوئے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ
نے تقاریر کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جو تقریباً 20 سال کے عرصے پر پھیلا ہوا ہے۔جلسہ پر کچھ سال لگا تار
اور پھر پیچ میں کچھ وقفہ دے کر جلسوں میں تقریر فرمایا کرتے تھے۔ان تقاریر میں آپ نے ہمیں روحانی دنیا
کی سیر کروائی ہے۔اور پھر ہماری ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلائی ہے۔یہ مجموعہ تقاریر سیر روحانی
کے نام سے اب تو ایک جلد میں شائع ہو چکا ہے۔ہر پڑھے لکھے احمدی کو جو اردو پڑھ سکتا ہے اس کو پڑھنا
چاہئے۔جو پڑھ نہیں سکتے ہن سکتے ہیں سنیں۔اس میں دنیاوی بادشاہوں
کا بھی نقشہ کھینچا گیا ہے اس میں
عبرت کے سبق بھی ہیں۔اس کو پڑھ کر خوف بھی آتا ہے اور ساتھ ہی عالم روحانیت کی سیر کر کے اس بات
کی خوشی بھی ہے کہ اگر ہم اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے رہے تو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام
کی جماعت میں شامل ہونے کی جو تو فیق عطا فرمائی ہے اس سے ہم فیض پاتے رہیں گے اور اس سے دائی
بادشاہت حاصل کرنے والوں میں شامل بھی ہوں گے۔لیکن جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ یہ تب ہوگا جب
ہم اپنی ذمہ داریوں
کو سمجھیں گے، اللہ تعالیٰ کے حکموں پر عمل کرنے والے ہوں گے اور آنحضرت صلی اللہ
علیہ وسلم کی سنت پر چلنے والے ہوں گے ، آپ سے محبت کرنے والے ہوں گے۔بہر حال پھر دہلی کا یہ سفر ختم ہوا تو آگے ہم قادیان کی طرف ٹرین پر روانہ ہوئے ، قادیان پہنچے ، آپ
سب نے رپورٹس پڑھ لی ہوں گی ، ایم ٹی اے پر بھی اہل قادیان کے استقبال کے نظارے دیکھ لئے ہوں
گے۔اس بستی میں پہنچ کر ایک عجیب کیفیت ہوتی ہے۔مینارہ اسیح دُور سے ہی ایک عجیب شان سے کھڑا
نظر آتا ہے۔بہشتی مقبرہ ہے، حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام کا مزار ہے، دعا کر کے عجیب سکون ملتا
ہے۔سب جانے والے تجربہ رکھتے ہیں۔الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتا۔قادیان میں تقریباً ایک ماہ قیام رہا۔لیکن پتہ نہیں چلا کہ ایک ماہ کس طرح گزر گیا۔میں تو پوری تفصیل سے قادیان پھر بھی نہیں سکا حالانکہ
چھوٹی سی جگہ ہے۔اس خطبے میں جیسا کہ میں نے شروع میں کہا تھا کہ عموماً لوگ امید رکھتے ہیں کہ سفر کے حالات و
واقعات سنائے جائیں لیکن قادیان کے سفر کے حالات تو ایک حالِ دل کی کہانی ہے جو سنائی نہیں جا سکتی۔بہر حال مختصر یہ کہ اب تک میں نے جو دورے کئے ہیں، سفر کئے ہیں، ان میں پہلا سفر ہے جس کی یادا بھی
تک بے چین کرتی ہے اور باقی ہے۔عجیب نشہ ہے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس بستی کا۔اس سے
زیادہ کہنا کچھ مشکل ہے۔۔kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
48
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
بہر حال شہر کا حال بھی سن لیں کچھ مختصر ابتا دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 1991ء کے بعد سے
جب سے حضرت خلیفہ اسیح الرابع نے دورہ فرمایا تھا قادیان میں عمارتوں کے لحاظ سے کافی ترقی ہوئی
ہے، کچھ پرائیویٹ لوگوں نے بھی گھر بنائے وہاں کی آبادی نے بھی گھر بنائے ، جماعت کی بھی عمارات
بنیں۔شہر کافی پھیل گیا ہے۔لیکن اس کے باوجود وہاں کے رہنے والے احمدیوں کی اکثریت میں حالات
کی بہتری کے باوجود ابھی تک سادگی پائی جاتی ہے اس لئے میں انہیں یہی زور دیتارہا ہوں کہ اس سادگی
اور سکون کو جو ابھی تک اُن درویشوں کے اثر سے قائم ہے جنہوں نے شعائر اللہ کی حفاظت کی خاطر اپنے
گھر بار، جائیدادیں رشتہ داریاں چھوڑی ہیں، ان کے بچے اسے یاد رکھیں اور اس کی جگالی کرتے
رہیں۔اور پھر نئے آنے والے بھی جواب وہاں آ کر آباد ہو رہے ہیں اس بستی کے تقدس کو قائم رکھنے کی
کوشش کریں۔کئی نومسلم نو مبائع ہیں بعض معلمین کلاس میں بھی داخل ہوئے ہیں، جامعہ میں بھی داخل
ہوئے ہیں لیکن باوجود اس کے کہ دینی تعلیم وغیرہ بھی حاصل کر رہے ہیں ، جماعتی روایات کا ان کو پوری
طرح علم نہیں ہے اور تعلیم کا بھی پوری طرح علم نہیں ہے۔تو اُن کو چاہئے کہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ جماعتی
روایات اور قادیان کے تقدس سے پوری طرح واقف ہوں اور اس کو اپنے اندر جذب کریں یا اپنے آپ کو
اس ماحول میں جذب کرنے کی کوشش کریں جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس بستی کا ہونا چاہئے۔بہر حال اکثریت جیسا کہ میں نے کہا تھا سادہ ہے، سادگی پر قائم ہے اور سکون اور امن قائم کرنے والے
ہیں، اخلاص و وفا میں بڑھے ہوئے ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں بڑھاتا چلا جائے۔وہاں کی غیر مسلم آبادی نے بھی مہمان نوازی اور تعلق کا حق ادا کیا ہے۔جس گلی کوچے میں سے بھی
گزرے احمدیوں کے ساتھ غیر مسلموں کے چہروں سے بھی پیارا اور تعلق کا بھی اظہار ہوتا تھا۔اللہ تعالیٰ
ان سب کو جزا دے۔وہاں قیام کے دوران جلسے کے تین دن ہی نہیں جو تقریروں کے تین دن تھے۔یوں لگ رہا تھا کہ
پورا مہینہ ہی جلسے کا سا سماں ہے۔اور ہر وقت رونق کسی نے جو یورپ سے خود جلسے قادیان پر گئے ہوئے
تھے مجھے خط لکھا کہ گلیوں اور سڑکوں پہ جتنارش تھا اور جو نظارے تھے ایم ٹی اے کے کیمرے اس طرح وہ
دکھا نہیں سکے۔ان کی بات ٹھیک ہے۔رش کا تو یہ حال تھا کہ گوسٹ کیں چھوٹی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ
آبادی
اتنی نہیں لگتی تھی جتنا وہاں سڑکوں میں پھنسی ہوئی نظر آتی تھی۔بعض دفعہ ٹریفک یا لوگوں کا چلنارک
جاتا تھا۔گلیوں میں Jam-Pack تھا۔بعض لوگوں نے مجھے بتایا کہ بعض دفعہ اتنا رش تھا کہ سڑکوں پر چلتے
چلتے ایک دم اگر کوئی روک آ جاتی تھی تو ملنے کی بھی گنجائش نہیں ہوتی تھی۔تو بہر حال بچے، بوڑھے، مرد،
kh5-030425

49
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
خطبات مسرور جلد چهارم
عورتیں، قادیان کے مقامی یا ہندوستان کے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے یا باہر کے ملکوں سے آئے
ہوئے مہمان جو بھی احمدی تھے اور احمدیت جن کے دلوں میں بیٹھ چکی ہے ہر ایک کے چہرے سے لگتا تھا
کہ ان دنوں میں کسی اور دنیا کی مخلوق بنے ہوئے ہیں۔کسی اور دنیا کے رہنے والوں کے چہرے ہیں۔جلسے پر بعض دوسرے جزیروں سے ، ساتھ کے چھوٹے جزیروں سے لمبا سفر کرتے ہوئے غریب لوگ پہنچے
تھے۔بعضوں کا چھ سات دن کا سفر تھا۔ایک دن سمندر میں سفر کیا پھر انتظار کیا پھر کئی دن ٹرین پر سفر کیا اور
پھر قادیان پہنچے۔قادیان میں سردی بھی زیادہ ہوتی ہے جبکہ یہ گرم علاقوں کے لوگ تھے۔ان کو سردی کی
عادت نہیں تھی۔لیکن ایمان کی گرمی کی شدت نے اس کا شاید اُن کو احساس نہیں ہونے دیا۔انتہائی صبر سے
انہوں نے یہ دن گزارے ہیں۔یہ نظارے صرف وہیں نظر آ سکتے ہیں جہاں خدا کی خاطر یہ سب کچھ
ہو۔دنیا دار تو اس قربانی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔بعض دُور دراز سے آئے ہوئے غریب لوگوں سے آنے
کے بارے میں جو پوچھو تو یہی جواب دیتے تھے کہ آپ کی موجودگی میں کیونکہ جلسہ ہو رہا تھا اس لئے ہم آ
گئے ہیں۔مختلف قومیتوں کے ، علاقوں کے لوگ قبیلوں کے لوگ آئے ہوئے تھے۔مالی لحاظ سے اکثریت
غریب ہے۔ہندوستان بہت بڑا وسیع ملک ہے اور موسموں کا بھی بڑا فرق ہے، کہیں گرم علاقے ہیں
کہیں بہت ٹھنڈے علاقے ہیں۔جو گرم علاقے والے ہیں ان کو گرم کپڑوں کا تصور بھی نہیں ہے نہ ان
کے پاس ہوتے ہیں۔لیکن مسیح محمدی کے یہ متوالے، حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام کی دعاؤں سے
جھولیاں بھرنے کے لئے کھنچے چلے آئے۔ایم ٹی اے پر بھی آپ لوگوں نے دیکھا ہوگا، رپورٹس بھی پڑھی
ہوں گی۔آنے والوں سے سنا بھی ہوگا۔لیکن وہاں جو کیفیت تھی وہ دیکھنے والے ہی محسوس کر سکتے ہیں۔بلکہ ملاقات کے وقت بعضوں کا جو حال ہوتا تھا وہ صرف میں ہی محسوس کر سکتا ہوں۔پس اخلاص و وفا اور
نیکی میں بڑھنے کی یہ کیفیت اگر جماعت کے افراد اپنے اندر قائم رکھے رہے اور رکھیں گے تو انشاء اللہ تعالیٰ
جماعت بھی ترقی کرتی جائے گی اور جماعت کے لوگ بھی کامیاب ہوتے چلے جائیں گے۔قادیان کے جلسے پر پاکستان سے آنے والوں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔گو کہ زیادہ نہیں آ سکے لیکن
5 ہزار سے زائد وہاں سے بھی آئے تھے۔ان لوگوں کے احساس محرومی اور جدائی کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔بعض نہ آنے والوں نے خطوں میں بھی اور بعض جن کو شعر و شاعری سے لگاؤ ہے انہوں نے شعروں میں
اپنی بے بسی کا اظہار کیا جنہیں پڑھ کر دل کی عجیب کیفیت ہوتی ہے۔گو کہ آنے والوں سے وقت کی کمی وجہ
سے صرف مصافحے ہوئے یا ایک آدھ لفظ کسی نے بات کہہ دی لیکن یہ چند سیکنڈ بھی جو ان لوگوں سے
ملاقات کے ملے تھے وہ برسوں کی کہانی سنا جاتے تھے۔kh5-030425

خطبات مسرور جلد چهارم
50
50
خطبہ جمعہ 20 /جنوری 2006ء
اللہ تعالیٰ یہ دوریاں اور پابندیاں جلد ختم فرمائے۔قادیان والے اور مہمان آتے جاتے سڑکوں پر
نظر آتے تھے۔جس وقت بھی جاؤ یوں لگتا تھا جس طرح ان کو پہلے سے ہی پتہ ہے کہ کس وقت میں نے
سڑک پر آنا ہے۔کھڑے ہوتے تھے سڑکوں پر۔سلام ہو رہے ہیں ، دعائیں مل رہی ہیں، نعرے بلند ہو
رہے ہیں۔پھر مختلف اوقات میں میں دیکھتا رہا ہوں، بیت الدعا میں ، بیت الفکر میں ، مسجد مبارک میں
لوگ یا نفل پڑھ رہے ہوتے تھے یا نفل پڑھنے کے لئے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہوتے تھے۔اللہ کرے کہ یہ دعاؤں اور نوافل کی عادت ان کی زندگی کا مستقل حصہ بن جائے بلکہ ہر احمدی کی
زندگی کا مستقل حصہ بن جائیں۔یاد رکھیں کہ خالص ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور کی گئی دعائیں ہی ہیں جور بوہ
کے راستے بھی کھولیں گی اور قادیان کے راستے بھی کھولیں گی اور مدینہ اور مکہ کے راستے بھی کھولیں گی ،
انشاء اللہ تعالی۔اس سفر میں ہوشیار پور جانے کا بھی موقع ملا اور اس گھر میں بھی جہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ
والسلام نے چلہ کاٹا تھا اور آپ کو موعود بیٹے کی بشارت ملی تھی یعنی حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ
کی۔ایک عرصے سے اس عمارت کی جماعتی تاریخی حیثیت ہونے کے لحاظ سے کوشش تھی کہ جماعت اس کو
خرید لے۔تو چند سال پہلے جماعت کو خریدنے کی توفیق ملی اس کو ٹھیک ٹھاک کرایا گیا۔اس کمرے میں بھی
دعا کی توفیق ملی ، مجھے بھی اور جو میرے ساتھی تھے ان کو اور قافلے کے لوگوں کو بھی۔اللہ تعالیٰ حضرت مسیح
موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی دعاؤں سے ہمیں ہمیشہ فیضیاب فرماتا رہے۔جب قادیان پہنچا ہوں تو وہاں کے رہنے والوں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو نکل رہے تھے۔جب
واپس آرہا تھا تو جدائی کے غم کے آنسو تھے۔پس قادیان والوں سے بھی میں کہتا ہوں کہ اس جدائی کے غم کو
دور کرنے کے لئے اور دوبارہ اور بغیر کسی روک کے ملنے کے لئے ان آنسوؤں کو ہمیشہ بہنے والا بنالیں۔اور
اہل پاکستان بھی اور اہل ربوہ بھی ہمیشہ اپنے آنسوؤں کو اللہ تعالیٰ کے حضور جھکتے ہوئے بہنے والا بنالیں۔اپنی عبادتوں
کو ہمیشہ زندہ رکھیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور اتنا گڑ گڑا ئیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی خاص رحمت فرماتے
ہوئے ہماری کامیابی کی منزلیں نزدیک تر کر دے۔آمین۔kh5-030425

آج 10 میں سے 10 باقی