جماعت احمدیہ فرانس کی مسجد کا افتتاح
خطبات مسرور جلد ششم
410
(41)
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
فرمودہ مورخہ 10 اکتوبر 2008ء بمطابق 10 اخاء 1387 ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک۔پیرس (فرانس)
تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد یہ آیت تلاوت فرمائی:
يبَنِي آدَمَ قَدْ أَنْزَلْنَا عَلَيْكُمْ لِبَاسًا يُوَارِى سَوُا تِكُمُ وَرِيْشًا۔وَلِبَاسُ التَّقْوَى ذَلِكَ خَيْرٌ ذَلِكَ
مِنْ ايَتِ اللهِ لَعَلَّهُمْ يَذَّكَّرُونَ۔(سورة الاعراف (27)
الحمد للہ اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ فرانس کو بھی پہلی مسجد بنانے کی توفیق عطا فرمائی۔اللہ کرے کہ یہ مسجد مزید
مسجدوں کے لئے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہو۔ملکی قوانین بھی راہ میں حائل نہ ہوں اور احباب جماعت کے اندر بھی
مساجد کی تعمیر کے لئے قربانیوں کا شوق مزید بڑھے۔اور تعمیر کے لئے صرف شوق ہی نہیں بلکہ وہ روح بھی پیدا ہو جس
سے وہ مساجد کی تعمیر کے مقاصد کو پورا کرنے والے ہوں۔اس مسجد کی تعمیر نے یقیناً افراد جماعت کو یہ سبق دیا ہوگا کہ
اگر ارادہ پختہ ہو اور لگن سچی ہو تو وقت آنے پر خدا تعالیٰ اپنے فضل سے تمام روکیں دُور فرما دیتا ہے۔یہ جگہ جہاں اب یہ
خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے گو میناروں وغیرہ کی اونچائی کے بارہ میں کونسل نے علاقہ کے لوگوں کے شور مچانے پر بعض
یہاں پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں لیکن کم از کم اس جگہ مسجد کے نام کے ساتھ ہمیں ایک پر اپر (Proper) مسجد بنانے
کی ، باقاعدہ مسجد بنانے کی اجازت تو ملی اور موجودہ ضرورت کے لحاظ سے عورتوں اور مردوں کو نمازیں ادا کرنے کے
لئے ، جمعہ پڑھنے کے لئے جگہ میسر آ گئی۔آج تو باہر سے بھی کچھ مہمان آئے ہوئے ہیں اس لئے جگہ چھوٹی نظر آ رہی
ہے۔فرانس کی جماعت کے لحاظ سے، اس علاقہ کی جماعت کے لحاظ سے مسجد کی یہ جگہ کافی ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ
میناروں کی اونچائی کا مسئلہ بھی آہستہ آہستہ حل ہو جائے گا۔اس جگہ پر جیسا کہ آپ جانتے ہیں پہلے ایک عارضی ہال تھا
جس میں نمازیں پڑھی جاتی تھیں۔علاقہ کے لوگوں کے اکثر اعتراض بھی آتے رہتے تھے یہاں تک کہ ایک وقت میں
وہی ہمارے مہربان میئر صاحب جو اس وقت بھی یہاں ابھی آئے ہوئے تھے وہ بھی ایک دن غصہ میں بھرے ہوئے
آئے اور یہاں نمازوں پر پابندیاں لگانے کی ، اس ہال کو گرانے کی دھمکیاں بھی دیں۔لیکن جب اللہ تعالیٰ نے
اپنا فضل فرماتے ہوئے ان لوگوں کے دلوں کو اپنے فضل سے بدلا تو انہی لوگوں نے باقاعدہ مسجد کی اجازت بھی
دے دی۔بلکہ مجھے یاد ہے کہ یہی میئر صاحب جو ایک زمانہ میں جماعت کے بارے میں اچھے خیالات نہیں رکھتے
411
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
تھے ایک جلسہ پر یہاں تشریف لائے۔میں یہیں تھا تو بڑے ادب احترام سے سٹیج پر بھی جوتے اتار کر آئے ، بڑے
احترام سے مجھے ملے۔تو اللہ تعالیٰ نے ان کا دل نرم کیا اور وہی شخص جو ہمیں نمازوں سے روکتے ہوئے ہمارے اُس
عارضی ہال کو گرانے کے درپے تھا ہمیں با قاعدہ مسجد کی تعمیر کے لئے نہ صرف اجازت دینے کے لئے تیار ہو گیا بلکہ
راستے کی روکوں کو دور کرنے کے لئے خود ہمارا مددگار بن گیا اور ابھی تک یہ ہماری مدد کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کو جزا
دے اور ان کا سینہ مزید کھولے کہ وہ احمدیت کے پیغام کو اسلام کے پیغام کو بھی سمجھنے والے بنیں۔پس یہ جو اللہ تعالیٰ جماعت پر فضل فرماتا ہے اور اپنے بیشمار انعامات سے نوازتا ہے اور ہم جو مانگ رہے ہوتے
ہیں اس سے بہت بڑھ کر دیتا ہے، يَنْصُرُكَ رِجَالٌ نُوحِي إِلَيْهِمْ مِنَ السَّمَاءِ کے الفاظ کہہ کر جب تسلی دیتا ہے تو
صرف اپنوں کو ہی مددگار نہیں بناتا بلکہ غیروں کے دلوں میں بھی ڈالتا ہے کہ وہ اس کے بندوں کے معین و مددگار بن
جائیں۔یہ باتیں ہمیں خدا تعالیٰ کا شکر گزار بنانے والی ہونی چاہئیں اور شکر گزاری کا اظہار ہم کس طرح کر سکتے ہیں؟
اس کا طریق یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف پہلے سے بڑھ کر توجہ ہو۔مسجد کی زینت اور خوبصورتی کا خیال پہلے
سے بڑھ کر رکھنے والے ہوں تقویٰ میں ترقی کرنے والے ہوں کیونکہ مساجد کی تعمیر کا سب سے بڑا مقصد تو تقویٰ کا
قیام ہی ہے۔مسجد ہمیں جہاں ایک خدا کے حضور جھکنے والا بنانے والی ہوتی ہے اور بنانے والی ہونی چاہئے ، وہاں
خدا تعالیٰ کی مخلوق کے حقوق کی ادائیگی کی طرف توجہ دلانے والی بھی ہونی چاہئے۔پس یہ ایک بہت بڑا مقصد ہے جو ہر
احمدی کو اپنے پیش نظر رکھنا چاہئے۔جیسا کہ میں نے کہا کہ شکر گزاری تبھی ممکن ہے جب ہم اللہ تعالیٰ کی عبادت پہلے
سے بڑھ کر کرنے والے ہوں گے۔اس کے گھر میں جب جائیں تو تمام دنیاوی سوچیں اور خیالات باہر رکھ کر جانے کی
کوشش کریں۔کیونکہ یہ خدا کا گھر ہے اور جب ہم اس کے گھر اس لئے جا رہے ہیں کہ وہی ایک خدا ہے جو تمام
جہانوں کا مالک ہے اور خالق ہے ، وہ رب العالمین ہے۔ہماری زندگی ، ہمارے پیاروں کی زندگی عطا کرنے والا وہی
ہے ، ہماری ضروریات زندگی کو پورا کرنے والا وہی ہے تو پھر اس کے حضور حاضر ہوتے ہوئے کسی دوسری چیز کا ہمیں
خیال نہیں آئے گا۔جب ہماری یہ سوچ ہو گی ، جب تک ہمارے اندر یہ سوچ قائم رہے گی ہر قسم کے مخفی شرکوں سے بھی
اتنے عرصہ کے لئے ہم بچے رہیں گے۔آج کل دنیا کے دھندے اور فکر میں انسان کی سوچیں اپنی طرف مبذول کرا لیتی ہیں اور نماز پڑھتے پڑھتے بھی
سوچیں اس طرف نہیں ہوتیں اور اپنی سوچوں میں غائب انسان الفاظ تو دوہرارہا ہوتا ہے لیکن اس کو سمجھ نہیں آ رہی ہوتی
کہ کیا کر رہا ہے۔سلام پھیرتا ہے اور نماز سے فارغ ہو جاتا ہے۔اس زمانہ کے امام کو مان کر جب ہم یہ عہد
کرتے ہیں کہ اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے تو پہلی بات تو یہ کہ جمعہ کے جمعہ نہیں بلکہ سوائے
اشد مجبوری کے نماز باجماعت ادا کرنے کی کوشش کریں۔خالص ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہونے کی کوشش
خطبات مسرور جلد ششم
412
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
کریں۔مسجد میں آئیں تو صرف اور صرف اس کی طرف توجہ ہو اور پھر یہ کہ جیسا کہ میں نے کہا اپنی عبادتوں اور مسجد کا
حق ادا کرنے کی کوشش کریں۔اور وہ حق کس طرح ادا ہو گا اس بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ:
” خدا تعالیٰ نے انسان کو اس لئے پیدا کیا ہے کہ وہ اس کی معرفت اور قرب حاصل کرے وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ
وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (الذاریات: 57 ) ، یعنی ہم نے جنوں اور انسانوں کو عبادت کے لئے پیدا کیا ہے ”جواس
اصل غرض کو مدنظر نہیں رکھتا اور رات دن دنیا کے حصول کی فکر میں ڈوبا ہوا ہے کہ فلاں زمین خریدلوں، فلاں مکان بنا
لوں ،فلاں جائیداد پر قبضہ ہو جاوے تو ایسے شخص سے سوائے اس کے کہ خدا تعالیٰ کچھ دن مہلت دے کر واپس بلالے
اور کیا سلوک کیا جاوے“۔آپ فرماتے ہیں کہ انسان کے دل میں خدا تعالیٰ کے قرب کے حصول کا ایک درد ہونا چاہئے جس کی وجہ سے
اس کے نزدیک وہ ایک قابل قدر شے ہو جاوے گا“۔فرمایا: ” پس انسان کی سعادت اسی میں ہے کہ وہ اس کے ساتھ کچھ نہ کچھ ضرور تعلق بنائے رکھے۔سب
عبادتوں کا مرکز دل ہے۔اگر عبادت تو بجالاتا ہے مگر دل خدا کی طرف رجوع نہیں ہے تو عبادت کیا کام آوے گی“۔فرمایا: ” اب دیکھو ہزاروں مساجد ہیں مگر سوائے اس کے کہ ان میں رسمی عبادت ہو اور کیا ہے؟“۔( ملفوظات جلد چہارم صفحہ 222۔جدید ایڈیشن۔مطبوعہ ربوہ )
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا یہ ارشاد اور تنبیہ دل کو ہلا دیتا ہے کہ آپ ہم سے کیا تو قعات رکھتے ہیں۔ہماری اصلاح کے لئے اور خدا تعالیٰ سے ہمارا تعلق جوڑنے کے لئے کس درد سے ہمیں سمجھاتے ہیں۔ہمیں خدا تعالیٰ
کے نزدیک قابل قدرشے بنانے کے لئے آپ میں کس قدر بے چینی پائی جاتی ہے۔پس ایسی عبادتوں کا حصول ہمارا
مطمح نظر ہونا چاہئے اور اس کے لئے ہمیں کوشش کرنی چاہئے جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بیان
فرمایا ہے تبھی ہم اپنی عبادتوں کا حق ادا کرنے کی کوشش کرنے والے بھی بن سکتے ہیں اور مساجد کا حق ادا کرنے کی
کوشش کرنے والے بھی بن سکتے ہیں۔ورنہ مسجدیں تو دوسرے بھی بنا رہے ہیں، بعض مسجد میں خوبصورتی کے لحاظ سے
اتنی خوبصورت ہیں کہ ہماری مساجد ان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں لیکن کیونکہ وہ خدا تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت
سے باہر رہ کر بنائی گئی ہیں اس لئے ظاہری خوبصورتی تو ان میں بیشک ہے لیکن جو اصل خوبصورتی جس کی طرف
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اشارہ فرمایا ہے ان میں پیدا نہیں ہوسکتی کیونکہ مسجد بنانے والوں نے
خدا تعالیٰ اور اس کے رسول کے حکم کی نافرمانی کرتے ہوئے زمانے کے امام کو نہ صرف مانا نہیں بلکہ اس کی مخالفت میں
بھی بڑھ گئے۔اُس صحیح و مہدی
کو نہیں مانا جس کے آنے کی خبر اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول نے دی تھی۔
خطبات مسرور جلد ششم
413
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
پس اب جبکہ ہم نے یہاں اپنی مسجد بنالی ہے جو گو اتنی بڑی نہیں لیکن پھر بھی جیسا کہ میں نے کہا فی الحال یہاں
کی ضرورت کے لئے کافی ہے۔اب اس مسجد کے بن جانے کے ساتھ احمد یوں کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔مسلموں
اور غیر مسلموں سب کی توجہ اب اس مسجد کی وجہ سے آپ کی طرف پھرے گی۔بلکہ کل امیر صاحب نے مجھے یہاں
چھپنے والا ایک رسالہ دکھایا جس کی بڑی سرکولیشن ہے جس نے مسجد کے حوالے سے ہمارا تعارف شائع کیا ہے۔اس
سے جہاں جماعت کا تعارف دوسروں تک پہنچے گا وہاں حاسدوں کے حسد بھی بھڑکیں گے اور دونوں باتوں کے لئے
یعنی تعارف کی وجہ سے تبلیغ کے مواقع پیدا ہونے اور اس کے بہترین نتائج ظاہر ہونے کے لئے بھی اور حسد کی وجہ سے
دشمنیاں پیدا ہوئی ہیں۔ان دشمنیوں کے پیدا ہونے پر نقصان سے بچنے کے لئے بہترین ذریعہ دعا ہے۔عبادتوں کی
طرف متوجہ ہونا ہے۔خالص ہو کر اللہ تعالیٰ کے آگے اس سے تضرع اور عاجزی سے اس کی مدد مانگتا ہے۔دلوں کو
کھولنے والا بھی خدا تعالیٰ ہی ہے اور حاسدوں کے حسد سے بچانے والا بھی خدا تعالیٰ ہی ہے۔پس اس مسجد کی تعمیر کے
ساتھ آپ کو دو بلکہ تین طرح کے چیلنجوں کا سامنا کرنا ہے۔ایک تو عبادتوں کو پہلے سے بڑھ کر بجالانے کی اور سجانے
کی کوشش کرنی ہے اور اس کے لئے خالص ہو کر خدا تعالیٰ کے گھر میں آ کر پانچ وقت اپنی نمازیں ادا کرنے کی کوشش
کرنی ہے۔جب نمازوں کی طرف بلایا جائے تو اس پر بغیر کسی حیل و حجت کے لبیک کہنا ہے کہ حقیقی فلاح نمازوں سے
ہی ملتی ہے نہ کہ دنیاوی دھندوں سے۔پس ان مغربی ملکوں میں رہنے والے عام طور پر اور فرانس کے اس شہر میں یا اس
کے قریب رہتے ہوئے خاص طور پر جس کے بارہ میں مشہور ہے کہ دنیاوی رنگینیوں اور چکا چوند کا شہر ہے اپنے آپ کو
خدا تعالیٰ کے آگے جھکنے والا بنانا یقیناً خدا تعالیٰ کے پیار کو سمیٹنے والا بنائے گا۔پس اس مسجد کی تعمیر کے ساتھ اپنی عبادتوں
کے بھی نئے معیار قائم کریں۔دوسرا چیلنج تبلیغ کا ہے جیسا کہ میں پہلے بھی کئی مواقع پر بتا چکا ہوں۔حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے کئی
جگہ فرمایا ہے کہ جہاں اسلام کو متعارف کرانا ہو، جہاں ایک مرکز کی طرف لانے کی کوشش کرنی ہو۔وہاں مسجد بنادو،
اس سے تعارف پیدا ہوتا ہے اور تبلیغ کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔اور جیسا کہ میں نے بیان کیا ، ابھی باقاعدہ اس مسجد کا افتتاح نہیں ہوا کہ رسالہ میں جماعت اور مسجد کا تعارف
بھی شائع ہو گیا۔پس یہ ابتداء ہے، انشاء اللہ تعالیٰ تبلیغ کے مزید راستے کھلیں گے اور جب یہ راستے کھلیں گے تو پھر
لوگوں کی نظریں آپ پر ہوں گی۔پس اس چیلنج کو قبول کرنے کے لئے بھی تیار ہو جائیں۔ویسے تو اللہ تعالیٰ کے فضل
سے فرانس کی جماعت کی تبلیغ کی مساعی اچھی ہے، کتنے فیصد لوگ شامل ہیں مجھے نہیں پتہ لیکن بہر حال اچھے نتائج
ہوتے ہیں، لیکن بعض طبقوں اور قوموں تک محدود ہیں جس میں عرب مسلمان زیادہ ہیں۔یہ بڑی اچھی بات ہے اور
عربوں کا پہلا حق بنتا ہے کہ ان تک آنحضرت ﷺ کے عاشق صادق کی آمد کا پیغام پہنچایا جائے۔کیونکہ یہ ان لوگوں کا
414
خطبہ جمعہ فرمودہ 10اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
ہی ہم پر احسان ہے کہ انہوں نے ہمیں آنحضرت مال اللہ کا پیغام پہنچا کر ہمیں اس خوش قسمت امت میں شامل ہونے کا
سامان
بہم پہنچایا، جس نے ہماری دنیا بھی سنواری اور اخروی اور دائمی زندگی کے راستے بھی دکھائے۔پس اس میں کوئی
شک وشبہ نہیں کہ تمام عرب تک آنحضرت ﷺ کے غلام صادق کا پیغام پہنچانا ہمارا اولین فرض ہے۔لیکن ساتھ ہی
ہمیں یہ بھی یا درکھنا چاہئے کہ آنحضرت ﷺ تمام دنیا کے لئے مبعوث ہوئے تھے اور اس زمانہ میں یہ عظیم مشن مسیح
موعود اور مہدی موعود کا ہے کہ آنحضرت ﷺ کے جھنڈے تلے دنیا کو اکٹھا کر یں۔پس یہ پیغام پہنچانا ہمارا کام ہے۔جس کو خدا تعالیٰ ہدایت دینا چاہے گا جس کی فطرت نیک ہوگی اس کے آپ ﷺ کی غلامی میں آنے کے سامان اللہ
تعالیٰ پیدا فرما دے گا۔پس پیغام پہنچانا اور پھر دعا کرنا یہ ہمارا اہم کام ہے۔کیونکہ دعاؤں کا ہتھیار ہی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ
والسلام کا سب سے کارآمد ہتھیار ہے اور یہی ہتھیار آپ کو دیا گیا ہے اس لئے کبھی اپنے علم اور اپنی تبلیغ پر بھی انحصار نہ
کریں۔پھل بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہی لگتے ہیں اور خدا تعالیٰ کے فضل کو جذب کرنے کے لئے دعائیں انتہائی
ضروری چیز ہیں اس لئے کبھی دعاؤں کو نہ بھولیں۔اور پھر تیسرا چیلنج ، جب دنیا کی نظر آپ پر پڑے گی تو اپنے اعمال پر بھی ہمیں نظر رکھنی ہوگی کیونکہ جس کو تبلیغ
کریں گے وہ ہمارے عمل بھی دیکھتا ہے۔وہ یقین ہمارا اٹھنا بیٹھنا اور رکھ رکھاؤ دیکھیے گا۔وہ ہمارے آپس کے تعلقات کو
دیکھے گا۔وہ ہمارے قول و فعل کو دیکھے گا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ : ” ہماری جماعت کے لوگوں کو نمونہ بن کر دکھانا چاہئے“۔فرمایا ” جو شخص ہماری جماعت میں ہو کر برانمونہ دکھاتا ہے اور عملی یا اعتقادی کمزوری دکھاتا ہے تو وہ ظالم ہے کیونکہ وہ
تمام جماعت کو بدنام کرتا ہے اور ہمیں بھی اعتراض کا نشانہ بناتا ہے۔برے نمونے سے اور وں کو نفرت ہوتی ہے اور
اچھے نمونے سے لوگوں کو رغبت پیدا ہوتی ہے۔بعض لوگوں کے ہمارے پاس خط آتے ہیں وہ لکھتے ہیں کہ میں اگر چہ
آپ کی جماعت میں ابھی داخل نہیں مگر آپ کی جماعت کے بعض لوگوں کے حالات سے البتہ اندازہ لگاتا ہوں کہ اس
جماعت کی تعلیم ضرور نیکی پر مشتمل ہے۔إِنَّ اللهَ مَعَ الَّذِينَ اتَّقَوْا وَالَّذِينَ هُمْ مُّحْسِنُونَ (النحل: 129) يقينا الله
ان لوگوں کے ساتھ ہے جو تقویٰ اختیار کرتے ہیں اور احسان کرنے والے ہیں۔حضرت مسیح موعود فرماتے ہیں کہ خدا تعالیٰ بھی انسان کے اعمال کا روز نامچہ بناتا ہے۔پس انسان کو بھی اپنے
حالات کا ایک روز نامچہ تیار کرنا چاہئے اور اس میں غور کرنا چاہئے کہ نیکی میں کہاں تک آگے قدم رکھا ہے۔فرمایا کہ
انسان اگر خدا کو ماننے والا اور اسی پر کامل ایمان رکھنے والا ہو تو کبھی ضائع نہیں کیا جاتا بلکہ اس ایک کی خاطر لاکھوں
جانیں بچائی جاتی ہیں۔( ملفوظات جلد پنجم صفحہ 455 جدید ایڈیشن مطبوعه ربوہ)
415
خطبه جمعه فرموده 10 اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
پس آج ہم نے اپنے اعمال پر نظر رکھ کر اور اللہ تعالیٰ کے آگے جھکتے ہوئے اپنے ساتھ دنیا کے لاکھوں بلکہ
کروڑوں لوگوں کو ز مینی اور سماوی آفات سے بچانا ہے اور اس کے ساتھ دنیا کو آنحضرت اکے جھنڈے تلے لاکر اس
دنیا میں بھی تباہ ہونے سے بچانا ہے اور آخرت کی آگ سے بھی بچنے کے راستے دکھانے ہیں۔پس اسی بات پر خوش
نہ ہو جائیں کہ ہم نے ایک مسجد بنالی۔مومنین کا ترقی کی طرف اٹھنے والا ہر قدم اسے مزید ذمہ داریوں کا احساس دلاتا
ہے اسے مزید ترقی کے راستوں کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔تقویٰ میں مزید ترقی کی طرف سے توجہ دلاتا ہے اور جوں
جوں تقوی میں ترقی ہوتی جاتی ہے، ذمہ داری کا احساس بھی بڑھتا چلا جاتا ہے اور نیکیوں کو بجالانے کے لئے نئے سے
نئے راستے بھی نظر آنے لگتے ہیں۔پس یہ پہلا قدم تو آپ نے اٹھا لیا کہ ایک مسجد بنائی لیکن اس کا اصل اجرت بھی ہمیں ملے گا جب یہ احساس رہے
کہ ہمارا یہ عمل محض اللہ ہے، اللہ تعالیٰ کی خاطر ہے اور اس کا حق ہم نے ادا کرنا ہے اور جب یہ احساس ہوگا تو ہمارے
تقویٰ کے معیار بھی بڑھتے چلے جائیں گے۔ہماری عبادتیں بھی اللہ تعالیٰ کے لئے ہوں گی۔آنحضرت ﷺ نے جب مسجد بنانے والوں کو یہ خوشخبری دی کہ مسجد بنانے والے کو ایسا ہی گھر جنت میں ملے گا
تو ساتھ یہ بھی فرمایا یہ شرط لگائی کہ مسجد اللہ تعالیٰ کے لئے ہو تو اس کا اجر ہے اور جو مسجد اللہ کے لئے ہو اس میں انسان
خالص ہو کر خدا تعالیٰ کے لئے عبادت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔مسجد کی تعمیر کر کے یا اس کے لئے کسی قسم کی قربانی
کر کے اس میں فخر نہیں پیدا ہو جاتا بلکہ اس کا دل اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی خشیت میں مزید بڑھتا ہے اور وہ یہ دعا کر رہا
ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ اس کی اس حقیر قربانی کو قبول فرمائے۔تقویٰ پر چلتے ہوئے وہ وہی باتیں کرنے کی کوشش کرتا ہے
جو خدا تعالیٰ کی پسندیدہ اور خدا کے بندوں کے لئے آسانی اور خوشی پیدا کرنے والی ہونہ کہ تکلیف میں ڈالنے والی۔پس آج جو آپ نے اللہ تعالیٰ کے اس انعام پر شکر گزاری کا اظہار کرنا ہے یا کر رہے ہیں تو اس کا بہترین
پر
طریقہ یہی ہے کہ تقویٰ میں ترقی ہو اور ہماری عبادتیں اور ہمارے سب عمل خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے ہوں
اور یہی چیز خدا تعالیٰ کو پسند ہے۔جو آیت میں نے تلاوت کی ہے، اس میں خدا تعالیٰ نے اس بات کی طرف راہنمائی
فرمائی ہے کہ انسان کو تقویٰ کو ہر چیز پر مقدم رکھنا چاہئے۔خدا تعالیٰ نے یہاں لباس کی مثال دی ہے کہ لباس کی دو خصوصیات ہیں۔پہلی یہ کہ لباس تمہاری کمزوریوں کو
ڈھانکتا ہے۔دوسری بات یہ کہ زینت کے طور پر ہے۔کمزوریوں کے ڈھانکنے میں جسمانی نقائص اور کمزوریاں بھی
ہیں، بعض لوگوں کے ایسے لباس ہوتے ہیں جس سے ان کے بعض نقص چھپ جاتے ہیں۔موسموں کی شدت کی وجہ
سے جو انسان پر اثرات مرتب ہوتے ہیں ان سے بچاؤ بھی ہے اور پھر خوبصورت لباس اور اچھا لباس انسان کی
شخصیت بھی اجاگر کرتا ہے۔لیکن آج کل ان ملکوں میں خاص طور پر اس ملک میں بھی عموما تو سارے یورپ میں ہی
416
خطبات مسرور جلد ششم
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
ہے لباس کے فیشن کو ان لوگوں نے اتنا بیہودہ اور لغو کر دیا ہے خاص طور پر عورتوں کے لباس کو کہ اس کے ذریعہ اپنا نگ
لوگوں پر ظاہر کر ناز بنت سمجھا جاتا ہے اور گرمیوں میں تو یہ لباس بالکل ہی نگا ہو جاتا ہے۔اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا
کہ لباس کے یہ دو مقاصد ہیں ان کو پورا کرو۔اور پھر تقویٰ کے لباس کو بہترین قرار دے کر توجہ دلائی، اس طرف توجہ
پھیری کہ ظاہری لباس تو ان دو مقاصد کے لئے ہیں۔لیکن تقویٰ سے دور چلے جانے کی وجہ سے یہ مقصد بھی تم پورے
نہیں کرتے اس لئے دنیاوی لباسوں کو اس لباس سے مشروط ہونا چاہئے جو خدا تعالیٰ کو پسند ہے اور خدا تعالیٰ کے
نزدیک بہترین لباس تقویٰ کا لباس ہے۔یہاں لفظ ریش استعمال ہوا ہے۔اس کے معنی ہیں پرندوں کے پر جنہوں
نے انہیں ڈھانک کر خوبصورت بنایا ہوتا ہے۔وہی پرندہ جو اپنے اوپر پروں کے ساتھ خوبصورت لگ رہا ہوتا ہے اس
کے پر نوچ دیں یا کسی بیماری کی وجہ سے وہ پر جھڑ جائیں تو وہ پرندہ انتہائی کراہت انگیز لگتا ہے۔پھر اس کا مطلب لباس بھی ہے اور خوبصورت لباس ہے۔لیکن بدقسمتی سے آج کل خوبصورت لباس کی تعریف
نگا لباس کی جانے لگ گئی ہے اور اس میں مردوں کا زیادہ قصور ہے کہ انہوں نے عورت کو اس کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے
اور عورتیں بھی اپنی حیا اور تقدس کو بھول گئی ہیں اور ہماری بعض مسلمان عورتیں بھی اور احمدی بھی اکا دُکا متاثر ہو جاتی
ہیں۔پر دے اور حجاب جب اترتے ہیں تو اس کے بعد پھر اگلے قدم ننگے لباسوں میں آ جاتے ہیں۔پس اپنے تقدس کو
ہر عورت
کو قائم رکھنا چاہئے۔کل ہی مجھ سے ایک نئے احمدی دوست نے سوال کیا کہ اس معاشرے میں جہاں ہم رہ
رہے ہیں بہت ساری برائیاں بھی ہیں ننگے لباس بھی ہیں تو ہم کس طرح اپنی بیٹیوں کو معاشرے کے اثرات سے محفوظ
رکھ سکتے ہیں۔تو میں نے انہیں یہی کہا تھا کہ بچپن سے ہی بچوں میں اپنی ذات کا تقدس پیدا کریں انہیں احساس ہو کہ
وہ کون ہیں۔خدا تعالیٰ ان سے کیا چاہتا ہے؟ اور پھر بڑی عمر سے ہی نہیں بلکہ پانچ چھ سال کی عمر سے ہی انہیں لباس
کے بارے میں
بتائیں کہ تمہارے اردگرد معاشرے میں جو چاہے لباس ہو لیکن تمہارے لباس اس لئے دوسروں سے
مختلف ہونے چاہئیں کہ تم احمدی ہو۔اور دوسرے یہ کہ اللہ تعالیٰ کو وہی لباس پسند ہے جن سے ننگ ڈھکا ہو۔ان کے
اندر کی نیک فطرت کو ابھاریں کہ انہوں نے ہر کام خدا تعالیٰ کی خاطر کرنا ہے۔تو آہستہ آہستہ بڑے ہونے تک ان
کے ذہنوں میں یہ بات پختہ اور راسخ ہو جائے گی۔اسی طرح ریش کا مطلب دولت بھی ہے اور زندگی گزارنے کے وسائل بھی ہیں۔یہاں بھی یا درکھنا چاہئے کہ
اس کے لئے بھی تقوئی ضروری ہے، زندگی کی سہولیات حاصل کرنے کے لئے کوئی غلط کام نہیں کرنا، غلط ذریعہ سے
دولت نہیں مانی۔ناجائز کاروبار نہیں کرنا، حکومت کا ٹیکس چوری نہیں کرنا۔اس طرح کی دولت سے تم اگر چوری کرتے
ہو تو ظاہراً تو شاید عارضی طور پر خوبصورت گھر بنا لولیکن تقویٰ سے دُور چلے جاؤ گے۔اس لئے خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ
تمہاری کمزوریوں کو ڈھانکنے کے لئے اور تمہاری زینت کے لئے جو جائز اسباب تمہارے لئے میسر کئے ہیں۔ان کو
417
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
استعمال میں لاناضروری ہے۔لیکن ہمیشہ یادرکھو کہ لباس تقویٰ ہی اصل چیز ہے۔اس کی طرف اگر تمہاری نظر رہے گی
تو ظاہری لباس، رکھ رکھاؤ اور زینت کے لئے بھی تم اس طرح عمل کرو گے جس طرح خدا تعالیٰ کا حکم ہے اور جس طرح
تمہارے باپ آدم نے اپنے آپ کو ڈھانکنے کی کوشش کی تھی جب شیطان نے اسے بہکایا تھا۔پس آدم کی اولا د کو
ہمیشہ یادرکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف ، اس کی خشیت اور تقویٰ ہر وقت پیش نظر رہے گا اور استغفارا اور تو بہ اور دعاؤں
سے اس کی حفاظت کی کوشش کرتے رہو گے تو دنیا میں جو بے انتہا لغویات ہیں ان سے بھی بچ کر رہو گے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ : ” خدا تعالیٰ نے قرآن شریف میں تقویٰ کو لباس کے نام
سے موسوم کیا ہے، چنانچہ لباسُ التَّقُوای قرآن شریف کا لفظ ہے یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ روحانی
خوبصورتی اور روحانی زینت تقویٰ سے ہی پیدا ہوتی ہے اور تقویٰ یہ ہے کہ انسان خدا تعالیٰ کی تمام امانتوں اور ایمانی
عہد اور ایسا ہی مخلوق کی تمام امانتوں اور عہد کی حتی الوسع رعایت رکھے۔یعنی ان کے دقیق دردقیق پہلوؤں پر تا بمقدور
کار بند ہو جائے۔(ضمیمہ براہین احمدیہ حصہ پنجم۔روحانی خزائن جلد 21 صفحہ 210)
یعنی گہرے سے گہرے مطلب بار یک مطلب کو تلاش کرے اور پھر عمل کرنے کی کوشش کرے۔آپ فرماتے ہیں : ”ہماری جماعت کو لازم ہے کہ جہاں تک ممکن ہو ہر ایک ان میں سے تقویٰ کی راہوں پر قدم
مارے تا کہ قبولیت دعا کا سرور اور حظ حاصل کرے اور زیادتی ایمان کا حصہ لے“۔پس یہ کم از کم معیار ہے جو ہمارا ہونا چاہئے کہ تقویٰ کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا ہے کہ ہماری زینت ظاہری لباسوں،
دولت کو جمع کرنے یا اعلی گھر بنانے اور ان کو صرف سجانے میں نہیں ہے بلکہ اصل زینت جو روحانی زینت ہے۔اس
لباس سے ہے جو تقویٰ کا لباس ہے اور یہی ایک احمدی کا طمح نظر ہونا چاہئے۔اور یہ لباس تقوی کس طرح حاصل کیا جا
سکتا ہے۔آپ فرماتے ہیں کہ اللہ سے کئے گئے عہد کا پورا حق ادا کرتے ہوئے اور بندوں کے حقوق بھی صحیح طرح ادا
کر
ایک احمدی کے لئے یہ حق ادا کرنے کا کیا طریق ہے، اس کے لئے ہمارے سامنے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ
والسلام نے شرائط بیعت کی صورت میں لائحہ عمل رکھ دیا ہے۔ہم نے یہ عہد بھی کیا ہے کہ ہم ان شرائط کے پابند رہنے کی
حتی الوسع کوشش بھی کرتے رہیں گے۔تو اس پہ پھر کوشش کرنی چاہئے۔پہلی شرط مختصر امیں بتا دیتا ہوں۔یہ کہ کسی بھی
حال میں شرک نہیں کرنا۔اب شرک ظاہری بھی ہے اور مخفی بھی ہے۔روز مرہ کی بہت سی مصروفیات میں ہمیں خدا تعالیٰ
کی عبادت سے غافل کر دیتی ہیں۔لیکن ہمیشہ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہماری اصل زینت اللہ تعالیٰ کی عبادت
میں ہے۔ہمارا حقیقی مفاد اس میں ہے کہ ہم ان مخفی شرکوں سے بچیں جو آئے دن ہمارے سامنے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
418
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
پھر دوسری شرط میں تمام وہ برائیاں آگئیں جو انسان کو روزمرہ کے معاملات میں پیش آتی رہتی ہیں اور ایک
مومن کا ان سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔یعنی جھوٹ ہے، بد نظری ہے، زنا ہے۔اب زنا صرف یہی نہیں کہ ضرور عملی
طور پر زنا کیا جائے ، گندے خیالات کا ذہن میں بار بار آنا اور ان سے ذہنی حظ اٹھانا بھی ایک زنا کی قسم ہے۔پھر فستق و
فجور ہے۔ہر ایسی حرکت جس سے معاشرے میں
فتنہ وفساد پھیلے فسق و فجور میں شامل ہیں۔ظلم ہے، خیانت ہے، فساد
ہے ، بغاوت ہے ، چاہے وہ حکومتی نظام کے خلاف ہو، چاہے جماعتی نظام سے متعلق باتیں کی جائیں۔اس کے علاوہ
غلط باتوں کے لئے بھی جب بھی نفس کسی بھی انسان کو ابھارے اس سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے۔یہ ہم نے عہد کیا
ہے کہ ہم بچیں گے۔پھر تیسری شرط میں پانچ وقت کی نمازیں ہیں۔اللہ اور رسول اللہ کے حکم کے مطابق ان کو ادا کرنا ہے اور اب
مسجد کی تعمیر کے بعد تو خاص طور پر آپ کو اس بات کی یاد دہانی ہوتی رہنی چاہئے اور پھر تقوی میں بڑھنے کے لئے صرف
فرض نمازیں ہی نہیں۔فرمایا کہ تہجد پڑھنے کی طرف بھی توجہ ہو ، آنحضرت ﷺ کی طرف درود بھیجنے کی طرف بھی توجہ
رہے کیونکہ ہماری دعاؤں کی قبولیت کے لئے اللہ تعالیٰ نے وسیلہ آنحضرت ﷺ کی ذات کو بنایا ہے اگر درود نہیں تو
دعا ئیں بھی بے فائدہ ہیں اور یہی ذریعہ ہے جس سے ہماری تبلیغ بھی کامیابی کی منزلیں طے کرے گی۔یہ درود ہی ہے
جو ہماری روحانی حالتوں کو ترقی کی طرف لے جائے گا۔پھر استغفار میں باقاعدگی ہے۔اللہ تعالیٰ کے احسانوں پر اس
کی حمد اور تعریف ہے۔چوتھی شرط یہ کہ عام طور پر تمام انسانوں، اللہ کے تمام بنی نوع انسان اور خاص طور پر مسلمانوں کو نفسانی جوشوں
سے، جوش، غصے، اور غضب سے تکلیف نہیں پہنچانی۔اگر اس پر عمل شروع ہو جائے تو تمام ذاتی رنجشیں دور ہو جائیں
اور یہ دنیا بھی جنت نذیر بن جائے۔پھر پانچویں شرط یہ کہ ہر حال میں خدا تعالیٰ سے وفا کا تعلق رکھنا ہے۔جو کچھ حالات ہو جائیں اللہ تعالیٰ سے
تعلق نہیں چھوڑنا۔چھٹی شرط یہ کہ تمام دنیاوی خواہشات
کو ختم کر کے وہی عمل کرنا ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے فرمایا ہے۔ساتویں بات یہ کہ تکبر اور خود پسندی کو مکمل طور پر ترک کرنا ہے۔عاجزی اور دوسروں سے ہمیشہ نرمی اور خوش خلقی
سے پیش آنا ہے۔پھر ایک عہد یہ ہم نے کیا ہے کہ اسلام اور اسلام کی عزت اپنی جان، اپنے مال ، اپنی اولاد سے زیادہ کریں گے۔اور نویں بات یہ کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ انسانیت کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہوگی۔اور آخری بات یہ کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ساتھ کامل اطاعت کا تعلق ہوگا اور اس کے ساتھ
محبت بھی ایسی ہوگی کہ کسی دوسرے رشتے میں وہ محبت نہ ہو۔
خطبات مسرور جلد ششم
419
خطبہ جمعہ فرموده 10 اکتوبر 2008
اور پھر اب آپ کے بعد یہ عہد خلافت احمدیہ کے ساتھ بھی ہے۔ہمیں نبھانا ہوگا کہ ہر معروف فیصلہ جو خلیفہ
وقت دے گا وہ مانوں گا۔اور جب خلافت پر یقین ہے کہ یہ خدا تعالیٰ کا انعام ہے تو خلافت کی طرف سے کیا گیا ہر
فیصلہ قرآن وسنت کے مطابق اور معروف فیصلہ ہی ہوگا۔پس میں نے مختصر یہ ذکر کیا ہے اس عہد کا جو تقویٰ کی شرط ہے اور تقویٰ میں بڑھنے کے لئے ضروری ہے اور اس
عہد کی تکمیل کرتے ہوئے جب ہم عبادت کے لئے مسجدوں میں جائیں گے جیسا کہ خدا تعالیٰ نے ہمیں فرمایا ہے۔کہ
يبنى آدَمَ خُذُوا زِينَتَكُمْ عِندَ كُلِّ مَسْجِدٍ (سورۃ الاعراف :32) کہ اے ابنائے آدم ہر مسجد میں اپنی زینت
کے یعنی لباس تقویٰ کے ساتھ جایا کرو۔اپنی زینت سے مراد تو یہی لباس تقویٰ ہے، جیسا کہ میں نے ترجمہ
میں پڑھا ہے جس کا پہلے ذکر ہو چکا ہے۔اگر ہم ان شرائط پر غور کریں جو بیعت کی ہیں۔جن کا خلاصہ میں نے ابھی
بیان کیا ہے اور جس پر پابندی کا ہم عہد کرتے ہیں اور ان پر عمل کرتے ہوئے جب ہم خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہوں
گے جھکیں گے اور جھکنے کے لئے مسجدوں میں جائیں گے تو اللہ تعالیٰ کے فضل کو جذب کرنے والے بنیں گے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ : ” اگر بار بار اللہ کریم کا رحم چاہتے ہو تو تقویٰ اختیار کرو اور
وہ سب باتیں جو اللہ تعالیٰ کو ناراض کرنے والی ہیں چھوڑ دو۔جب تک خوف الہی کی حالت نہ ہو تو تب تک حقیقی تقویٰ
حاصل نہیں ہوسکتا۔کوشش کرو کہ متقی بن جاؤ۔جب وہ لوگ ہلاک ہونے لگتے ہیں جو تقویٰ اختیار نہیں کرتے تب وہ
لوگ بچائے جاتے ہیں جو تقی ہوتے ہیں۔انسان اپنی چالا کیوں ، شرارتوں اور غداریوں کے ساتھ اگر بچنا چاہے تو ہر
گز نہیں بچ سکتا۔فرمایا یا د رکھو کہ دعائیں منظور نہیں ہوں گی جب تک تم متقی نہ ہو اور تقوی اختیار کرو۔تقویٰ کی دو قسم
ہیں ایک علم کے متعلق اور دوسر اعمل کے متعلق۔فرمایا "علوم دین نہیں آتے اور حقائق و معارف نہیں کھلتے جب تک متقی
نہ ہو۔پس اپنی عبادتوں کی قبولیت کے لئے ہمیں تقویٰ پر قدم مارنا ہوگا۔فرمایا اور عمل کے متعلق یہ ہے کہ نماز ، روزہ اور
دوسری عبادات اس وقت تک ناقص رہتی ہیں جب تک متقی نہ ہو۔پس اپنی عبادتوں کی قبولیت کے لئے ہمیں تقویٰ پر
قدم مارنا ہوگا اور تقویٰ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد اور
امانتوں کو جب ہم پورا کریں گے۔تب ہمارے اندر پیدا ہوگا اور بندوں سے کئے گئے عہد اور امانتیں بھی ہم نے پوری
کرنی اور لوٹانی ہیں۔تب ہم تقویٰ پر صحیح قدم مارنے والے ہوں گے۔تب ہم ان راہوں پر چلنے والے ہوں گے جو
خدا تعالیٰ کے قرب کی طرف لے جانے والی راہیں ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل کو جذب کرتے ہوئے اپنی مسجدوں کا حق
ادا کرنے والے ہوں گے اور مسجدوں کے حق ادا کرنے میں خالص ہو کر اس کی عبادت کرنے کے ساتھ اسلام کا پیغام
پہنچانا بھی ہے۔جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے یہی فرمایا کہ اس کے ذریعہ سے
تبلیغ کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔
420
خطبه جمعه فرموده 10 اکتوبر 2008
خطبات مسرور جلد ششم
اللہ تعالیٰ آپ کو ان تمام برکات کا مورد بنائے جو اس مسجد سے وابستہ ہیں۔نیکیوں اور اخلاص میں بڑھا تا چلا
جائے۔آپس میں محبت، پیار اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنے والے ہوں۔عہدیدار بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے
ہوئے۔عاجزی، انکساری ، پیار اور اخلاص کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے والے ہوں اور افراد جماعت بھی نظام
جماعت کو سمجھتے ہوئے اطاعت کا نمونہ دکھا ئیں۔اللہ تعالیٰ پرانے احمدیوں کا بھی خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق
بڑھائے اور نئے آنے والے جن میں سے کافی تعداد میں کل میرے ساتھ اجتماعی ملاقات میں شامل تھے جن کے
چہروں، باتوں اور عمل سے خلافت کے لئے وفا، اخلاص، پیار، گہرا تعلق اور اطاعت اور محبت پھوٹی پڑ رہی تھی اللہ تعالیٰ
ان کے اس تعلق کو بھی مزید بڑھاتا چلا جائے۔احمدیت کے لئے وہ مفید وجود بننے والے ہوں۔تقویٰ میں ترقی کرنے
والے ہوں۔مجھے آنے سے پہلے ماجد صاحب (عبدالماجد طاہر صاحب) نے بتایا کہ 28 دسمبر 1984ء میں حضرت خلیفۃ امسح
الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے دورہ فرانس کے دوران اپنے اس کشفی نظارے کا پہلی دفعہ ذکر کیا تھا جس میں گھڑی پر دس کے
ہند سے کو چمکتے دیکھا تھا اور آپ کے ذہن میں اس کے ساتھ آیا تھا کہ یہ Friday the 10th کی تاریخ ہے۔وقت نہیں
ہے۔تو آج بھی اتفاق سے یا اللہ تعالیٰ کی تقدیر ہے کہ Friday the 10th ہے اور فرانس کی پہلی مسجد کا افتتاح ہو
رہا ہے۔خدا کرے کہ وہ برکات جو Friday the 10th کے ساتھ وابستہ ہیں ، جن کے بارے میں حضرت
خلیفہ امسیح الرابع " کو بھی خوشخبری دی گئی تھی اور اللہ تعالیٰ ایک بات کو کئی رنگ میں پورا فرماتا ہے اور کئی طریقوں سے
ظاہر فرماتا ہے اللہ کرے کہ وہ اس مسجد کے ساتھ بھی وابستہ ہوں اور یہ مسجد جماعت کی ترقی کے لئے اس ملک میں ایک
سنگ میل ثابت ہو۔کئی صدیاں پہلے جو ہم تاریخ دیکھتے ہیں تو فرانس میں مسلمان سپین کے راستے داخل ہوئے تھے لیکن یہاں
انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور دنیاداری بھی آچکی تھی اور سرحدوں کے قریب کے علاقے سے ہی انہیں پسپا ہونا پڑا
کیونکہ اس وقت دنیاداری بھی غالب آ رہی تھی روحانیت کم ہو رہی تھی ، لیکن مسیح محمدی کو جو پیار اور محبت اور دعاؤں کا
ہتھیار دیا گیا ہے اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایسا کارگر ہتھیار ہے جو دلوں کو گھائل کرنے والا ہے جس کو کبھی پسپا نہیں کیا جا
سکتا۔بلکہ یہ زخم ایسا ہے جو زندگی بخشتا ہے۔پس یہاں کے احمدی اس بات
کو بھی پیش نظر رکھیں کہ آپ مسیح محمدی کے
غلاموں میں سے ہیں۔اس دفعہ یہ حملہ جو دلوں کو جیتنے کے لئے ہے، باہر سے اندر کی طرف نہیں ہورہا بلکہ فرانس کے
مرکز سے تمام ملک میں کرنے کے اللہ تعالیٰ نے سامان آپ کو بہم پہنچائے ہیں۔پس اس موقع کو ضائع نہ کریں اور اپنی
عبادتوں اور اعلیٰ اخلاق اور تبلیغ کے معیار پہلے سے بہت بلند کر دیں تا کہ سعید فطرت لوگوں کو آنحضرت ﷺ کے
جھنڈے تلے جلد سے جلد لے آئیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس
کی توفیق عطا فرمائے۔
خطبات مسرور جلد ششم
421
خطبه جمعه فرموده 10 اکتوبر 2008
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ ثانیہ کے دوران فرمایا:
دو وفاتوں کی افسوسناک اطلاع ہے جن کے جنازے ابھی میں جمعہ کے بعد پڑھاؤں گا۔ایک تو ہیں ہمارے
مولانا بشیر احمد صاحب قمر جوصدرا انجمن احمدیہ پاکستان کے ناظر تعلیم القرآن و وقف عارضی تھے۔ان کی کل 9ر1اکتوبر کو
وفات ہوئی ہے، آپ کی عمر 74 سال تھی۔إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔اور آخر وقت تک اللہ تعالیٰ نے ان کو خدمت
کی توفیق دی ، کچھ عرصہ پہلے یا چند دن پہلے ان کو انفیکشن ہوا۔اس کے بعد نمونیہ ہو گیا تھا جو وفات کی وجہ بنا۔آپ نے
1950ء میں اپنی زندگی وقف کی تھی۔1958ء میں شاہد کا امتحان پاس کیا اور پھر پاکستان میں، غانا میں، نجی میں
خدمت کی توفیق پائی۔آپ کو 1999ء میں ناظر تعلیم القرآن مقرر کیا گیا تھا۔بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے،
بہت سادہ مزاج تھے، افریقہ میں میرے ساتھ بھی رہے ہیں ، میں نے دیکھا کہ افریقن لوگوں کے ساتھ بڑا پیار اور
محبت کا سلوک تھا۔بڑے انتھک محنتی اور اکیلے رہے اور کوئی شکوہ نہیں اور خود ہی کھانا پکا بھی لیتے تھے، مختصر سی خوراک،
بڑے دعا گو، نیک اور متقی انسان تھے۔وفات سے ایک دن پہلے انہوں نے مجھے اپنی صحت کے بارہ میں مختصر خط لکھا
بڑے ٹوٹے ہوئے الفاظ میں اور ساتھ لکھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو نیک، مددگار اور تعاون کرنے والے لوگ ہمیشہ مہیا
فرماتا رہے۔بڑا اور دتھا، بڑا اخلاص کا تعلق تھا اور بے نفس ہو کر خدمت کرنے والے انسان تھے۔اللہ تعالیٰ ان کے
درجات بلند فرمائے۔وہ ہمارے لندن میں جو وکیل اشاعت ہیں، نصیر احمد قمر صاحب ،ان کے والد تھے۔ان کا ایک
اور بیٹا ہے جوسب سے چھوٹا ہے وہ صدر انجمن احمدیہ میں کارکن ہے مظفر احمد قمر۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو بھی صبر عطا
فرمائے ، ان کے تین بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔دوسرے بھی ہمارے واقف زندگی مبلغ مکرم عبدالرشید رازی صاحب جو 29 ستمبر کو آسٹریلیا میں 76 سال کی عمر
میں وفات پاگئے۔إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔آپ
بھی تحریک جدید میں اور آئیوری کوسٹ ، تنزانیہ، بنی اور گھانا میں
مبلغ کے طور پر کام کرتے رہے۔بڑے سادہ مزاج آدمی تھے اور تقریباً سال پہلے ہی اپنے بیٹے کے پاس آسٹریلیا جا
کر آباد ہونے کا خیال تھا۔ابھی ان کا معاملہ پر اس میں ہی تھا کہ وفات ہوگئی۔ان کو اچانک ایک کینسر ڈائیگنوز
(Diagnose) ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے بھی درجات بلند فرمائے اور ان کے بیوی بچوں کو صبر اور حوصلہ دے۔ان
کی تدفین سڈنی میں ہی عمل میں آئی ہے۔الفضل انٹر نیشنل جلد 15 شماره 44 مورخہ 31 اکتوبر تا7 نومبر 2008 صفحہ 5 تا 8)