عملی اصلاح کی راہ میں حائل مختلف اسباب کا تذکرہ

خطبات مسرور جلد 11
695
51
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013 ء بمطابق 20 فتح 1392 ہجری شمسی
بمقام مسجد بیت الفتوح لندن
تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
گزشتہ خطبہ میں حضرت خلیفہ امسیح الثانی کے خطبات سے استفادہ کرتے ہوئے عملی اصلاح کی
روک کے دو اسباب بتائے تھے۔اس بارے میں جو باقی اہم اسباب ہیں، وہ آج بیان کروں گا۔عملی اصلاح میں روک کا تیسرا سبب فوری یا قریب کے معاملات کو مدنظر رکھنا ہے۔جبکہ عقیدے
کے معاملات دُور کے معاملات ہیں، ایسے معاملات ہیں جن کا تعلق زیادہ تر بعد کی زندگی سے ہے جسے آجل
کہتے ہیں۔جیسا کہ میں نے بتایا کہ عملی حالت کے معاملات فوری نوعیت کے ہوتے ہیں یا بظاہر انسان سمجھ
رہا ہوتا ہے کہ یہ ایسی باتیں ہیں جن کا عقیدے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اگر میں کوئی غلط کام کرلوں تو اس
سے خدا تعالیٰ کی وحدانیت کا جو عقیدہ ہے وہ تو متاثر نہیں ہوتا۔مثلاً سنار ہے، وہ سمجھتا ہے کہ میں سونے میں
کھوٹ ملالوں تو اس سے میرے ایک خدا کو ماننے کے عقیدے پر کوئی حرف نہیں آتا لیکن میری کمائی زیادہ
ہو جائے گی۔جلد یا زیادہ رقم حاصل کرنے والا میں بن جاؤں گا۔پس اُس نے اپنے قریب کے فائدے کو دیکھ کر ایک ایسا راہ عمل اختیار کر لیا جو صرف اخلاقی
گراوٹ ہی نہیں بلکہ چوری بھی ہے اور دھو کہ بھی ہے۔اس لئے یہ عمل کیا۔اُس نے سمجھا کہ اُس کے
عقیدے کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اس کا کوئی تعلق نہیں۔بڑے بڑے حاجی ہیں۔ہم دیکھتے ہیں کہ
کاروباری دھو کے کرتے ہیں لیکن اپنے حاجی ہونے پر فخر ہے۔ان دھوکوں کے وقت یہ بھول جاتے ہیں یا
اس بات کی اہمیت نہیں سمجھتے کہ مرنے کے بعد کی زندگی بھی ہے اور ان دنیاوی اعمال کا مرنے کے بعد کی

خطبات مسرور جلد 11
696
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
زندگی پر بھی اثر پڑتا ہے۔اسی طرح نبی کی دی ہوئی تعلیم پر عمل فائدہ مند ہے یا نجات کس کو ملے گی ، ایسے
سوال عام طور پر انسانوں کو دُور کے سوال نظر آتے ہیں۔اصل چیز جو دل و دماغ پر حاوی ہوتی ہے، وہ فوری
فائدہ یا فوری تسکین ہے۔اسی وجہ سے جو سنار ہے وہ سونے میں کھوٹ ملاتا ہے، چاندی کو وزن میں کم کر دیتا
ہے۔دوکاندار ہے جو جنس میں ملاوٹ کر دیتا ہے۔کارخانے دار ہے جو کسی چیز کا نمونہ دکھا کر آرڈر وصول
کرتا ہے اور ترسیل جو ہے وہ کم معیار کی چیز کی کرتا ہے۔خاص طور پر تیسری دنیا کے ممالک میں یہ چیز عام
ہے۔پس عمل کی اصلاح کے راستے میں دنیوی ضروریات حائل ہو جاتی ہیں اور دھوکہ، جھوٹ اور فریب کے
فوری فوائد دُور کے نقصان کو دل اور دماغ سے نکال دیتے ہیں۔حضرت مصلح موعودؓ نے بعض مثالیں بھی دی ہیں۔مثلاً غیبت ایک بہت بڑا گناہ ہے۔کسی کا افسر
اپنے ماتحت کو تکلیفیں دیتا ہے، ظلم و ستم کرتا ہے، لیکن ماتحت اپنے افسر کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔اتفاقاً اس
ماتحت کی اُس افسر سے بھی بڑے افسر سے ملاقات ہو جاتی ہے اور وہ بڑا افسر اس افسر کے خلاف کچھ کہتا
ہے تو یہ شخص جس کو اپنے افسر سے تکلیفیں پہنچ رہی ہوتی ہیں خوش ہو جاتا ہے کہ جس موقع کی مجھے تلاش تھی وہ
آج مجھے مل گیا۔اور اس چھوٹے افسر کے خلاف جس نے اُسے تنگ کیا ہوتا ہے، ایسی باتیں کرتا ہے اور اُس
کے ایسے عیوب بیان کرتا ہے کہ بڑا افسر اُس چھوٹے افسر پر اور زیادہ ناراض ہو۔اور جھوٹ، سچ جو کچھ ہو
سکتا ہے بیان کر دیتا ہے تا کہ اپنا بدلہ لے سکے اور اُس وقت اُسے یہ خیال آتا ہے کہ آج اگر میں غیبت نہ
کروں تو میری جان اور مال کا خطرہ دُور نہیں ہوگا اور وہ اس وجہ سے بے دھڑک غیبت کا ارتکاب کر دیتا ہے
اور اس دنیا کا فائدہ اُٹھا لیتا ہے۔پس دنیوی فوائد کے لئے انسان بدیوں کا ارتکاب کر لیتا ہے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 351 352 خطبہ جمعہ 29 مئی 1936ء)
چوتھا سبب
عملی اصلاح کی کمزوری کا یہ ہے کہ عمل کا تعلق عادت سے ہے اور عادت کی وجہ سے
کمزوریاں پیدا ہو جاتی ہیں اور خصوصاً ایسے وقت میں جب مذہب کے ساتھ حکومت نہ ہو۔یعنی حکومت
کے قوانین کی وجہ سے بعض عملی اصلاحیں ہو جاتی ہیں لیکن بد قسمتی سے اسلام میں جن باتوں کو اخلاقی
گراوٹیں کہا جاتا ہے اور اُس کی اصلاح کی طرف اسلام تو جہ دلاتا ہے ان میں اسلامی ممالک میں انصاف کا
فقدان ہونے کی وجہ سے، دو عملی کی وجہ سے، باوجود اسلامی حکومت ہونے کے اسلامی ممالک میں بھی عملی
حالت قابل فکر ہے۔اور غیر اسلامی ممالک میں بعض باتیں جن کے لئے اصلاح ضروری ہے، وہ اُنہیں
بد عملی اور اخلاقی گراوٹ نہیں سمجھتے ، اس لئے بعض باتوں کی عملی اصلاح نہیں ہو سکتی۔

خطبات مسرور جلد 11
697
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
پس عملی اصلاح کے لئے حکومت کا ایک کردار ہے۔جہاں مذہب اور حکومت کی عملی اصلاح کی
تعریف ایک ہے اور عملی اصلاح اُس کے مطابق ہے، وہاں عادتیں قانون کی وجہ سے ختم کی جاسکتی ہیں۔لیکن جہاں حکومت کا قانون عملی اصلاح کے لئے مددگار نہ ہو، وہاں عادتیں نہیں بدلی جاسکتیں اور عملی
کمزوریاں معاشرے کا ناسور بن جاتی ہیں۔جیسا کہ آزادی کے نام پر ترقی یافتہ ممالک میں ہم بہت سی
عملی کمزوریاں دیکھتے ہیں اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ سے عملی کمزوریاں اب دنیا میں ہر جگہ پھیلائی جا
رہی ہیں اور ایسے ماحول میں پڑنے والے، ماحول کا حصہ ہونے کی وجہ سے، مستقل ان چیزوں کو دیکھ کر
عادتاً بعض عملی کمزوریاں اپنا چکے ہیں۔اور لاشعوری اور غیر ارادی طور پر بچے اور یا جو نو جوان ہیں اُن
میں بھی ، لڑکے اور لڑکیوں میں بھی یہ کمزوریاں راہ پکڑ رہی ہیں اور جب عادت کی ہو جائے تو پھر اُسے
چھوڑ نا مشکل ہو جاتا ہے۔مثلاً نشہ ہے، اس کی عادت پڑ جائے تو چھوڑ نا مشکل ہے۔ایک شخص یہ قربانی تو
کر لیتا ہے کہ تین خداؤں کی جگہ ایک خدا کو مان لے اور یہ تو کبھی نہیں ہوگا کہ جب ایک خدا کو مان لیا تو
دوسرے دن اُسے ایک خدا کی جگہ تین خداؤں کا خیال آ جائے۔مگر نشہ کرنے والے کے دل میں یہ
خواہش ضرور پیدا ہوگی کہ نشہ مل جائے۔ساری عمر کے عقیدے کو تو ایک شخص چھوڑ سکتا ہے، مگر نشہ کی عادت
جو چند مہینوں یا چند سالوں کی عادت ہے اس میں ذراسی نشے کی کمی ہو جائے تو وہ اُسے بے چین کر دیتی
ہے۔سگریٹ پینے والے بھی بعض ایسے ہی ہیں جو اپنے خاندانوں کو چھوڑ کر، اپنے بہن بھائیوں کو چھوڑ کر،
اپنے ماں باپ کو چھوڑ کر، اپنے بیوی بچوں کو چھوڑ کر جماعت میں بھی داخل ہوئے ، انہوں نے قربانی دی
اور احمدی ہو گئے لیکن اگر سگریٹ چھوڑنے کو کہو تو سو بہانے تلاش کریں گے۔کسی کا پیٹ پھول جاتا ہے،
کسی کو نشہ نہ کرنے سے نیند نہیں آتی کسی کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں اُس کے خیال میں ختم ہو جاتی ہیں اور
اس کے لئے وہ پھر بے چین رہتے ہیں۔اسی طرح یہ صرف اُن کے لئے نہیں جو احمدیت میں داخل ہوئے
ہیں، ہر ایک شخص کے لئے ہے۔بعض بہت نیک کام کر رہے ہوتے ہیں اور بڑی قربانی کر کے کر رہے
ہوتے ہیں لیکن چھوٹی سی عادت نہیں چھوڑ سکتے۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک واقعہ لکھا ہے کہ ہمارے ایک تا یا تھے، جو دہریہ
تھے اور بے دین تھے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پاس جب ایسے دوست آتے تھے جن کو
حقے کی عادت تھی تو وہاں تو حقہ ملتا نہیں تھا، لیکن یہ جو تا یا تھے اُن کے ہاں حقہ ہر وقت چلتا رہتا تھا۔اور بھی
ان کو نشے کی عادت تھی، تو یہ حقہ پینے والے وہاں چلے جایا کرتے تھے اور حقے کے نشے کی وجہ سے اُن کی

خطبات مسرور جلد 11
698
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
فضول اور بیہودہ باتیں سننے پر مجبور ہوتے تھے۔اُن تایا سے ایک دفعہ حضرت خلیفتہ اسیح الاول نے پوچھا
کہ کبھی آپ نے نماز بھی پڑھی ہے؟ اُن کی دینی حالت کا یہ حال تھا، کہنے لگے کہ بچپن سے ہی میری طبیعت
ایسی ہے کہ جب میں کسی کو سر نیچے کئے دیکھتا ہوں تو مجھے ہنسی آنی شروع ہو جاتی ہے۔مراد یہ تھی کہ جب میں
کسی کو سجدے میں دیکھتا ہوں، نماز پڑھتے دیکھتا ہوں تو اُس وقت سے میں مذاق اُڑایا کرتا تھا۔حضرت
مصلح موعود لکھتے ہیں کہ ان صاحب کے پاس دوست چلے جاتے تھے اور حقے کی مجبوری کی وجہ سے اسلام
کے خلاف اور سلسلے کے خلاف باتیں بھی سنی پڑتی تھیں اور سنتے تھے۔ایک دفعہ ایک دوست وہاں گئے اور
اپنے آپ
کو گالیاں دیتے ہوئے ، برا بھلا کہتے ہوئے باہر نکلے کسی نے پوچھا یہ کیا ہوا ہے؟ تو کہتے ہیں،
اس حقے کی وجہ سے، اس لعنت کی وجہ سے میرے نفس نے مجھے ایسی باتیں سننے پر مجبور کیا ہے جو عام
حالات میں میں برداشت نہیں کر سکتا۔تو عادتیں بعض دفعہ انسان کو بہت ذلیل کروا دیتی ہیں۔بعض لوگوں کو جھوٹ بولنے کی عادت
ہوتی ہے۔لاکھ سمجھاؤ، نگرانی کرو مگر جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے۔اُن کی اصلاح مشکل ہوتی ہے۔یہ
نہیں کہ ہو نہیں سکتی۔اگر اصلاح نہ ہو سکے تو اُن کو سمجھانے کی ضرورت کیا ہے۔خطبات میں بھی مستقل سمجھایا
جاتا ہے نصیحتیں کی جاتی ہیں۔خدا تعالیٰ کا سمجھائے جانے کا حکم ہے۔اگر ایمان کی کچھ بھی رمق ہے تو نصیحت
بہر حال فائدہ دیتی ہے۔اللہ تعالیٰ نے یہی فرمایا ہے کہ مومنوں کو نصیحت کرو اُن کے لئے فائدہ مند ہے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 367 تا 369 خطبہ جمعہ 5 جون 1936ء)
ایک واقعہ ہے کہ ایک صاحب کو گالی دینے کی، ہر وقت گالی دینے کی ، ہر بات پر گالی دینے کی
عادت تھی۔اور اُن کو بعض دفعہ پتہ بھی نہیں لگتا تھا کہ میں گالی دے رہا ہوں۔اُن کی شکایت حضرت مصلح
موعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس کسی نے کی۔آپ نے جب اُن کو بلا کر پوچھا کہ سنا ہے آپ گالیاں بڑی
دیتے ہیں تو گالی دے کر کہنے لگے کون کہتا ہے میں گالی دیتا ہے۔تو عادت میں احساس ہی نہیں ہوتا کہ
انسان کیا کہہ رہا ہے۔بعض بالکل ایسی حالت میں ہوتے ہیں کہ عادت کی وجہ سے اُن کو احساس ختم ہو
جاتے ہیں، احساس مٹ جاتے ہیں۔لیکن اگر انسان کوشش کرے تو اُن مٹے ہوئے احساسات کو ختم
ہوئے ہوئے احساسات کو دوبارہ پیدا بھی کیا جاسکتا ہے،اصلاح بھی کی جاسکتی ہے۔بہر حال عملی حالت کی روک میں عادت کا بہت بڑا دخل ہے۔آجکل ہم دیکھتے ہیں، بیہودہ فلمیں
دیکھنے کا بڑا شوق ہے۔انٹرنیٹ پر لوگوں کے شوق ہیں اور بعض لوگوں کی ایسی حالت ہے کہ اُن کی نشے والی

خطبات مسرور جلد 11
699
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
حالت ہے۔وہ کھانا نہیں کھائیں گے اور بیٹھے فلمیں دیکھ رہے ہیں تو دیکھتے چلے جائیں گے۔انٹرنیٹ پر بیٹھے
ہیں تو بیٹھے چلے جائیں گے۔نیند آ رہی ہے تب بھی وہ بیٹھے دیکھتے رہیں گے۔نہ بچوں کی پرواہ، نہ بیوی کی
پر واہ تو ایسے لوگ بھی ہیں۔پس یہ جو عادتیں ہیں، یہ عملی اصلاح میں روک کا بہت بڑا کردار ادا کرتی ہیں۔عملی اصلاح میں روک کا پانچواں سبب بیوی بچے بھی ہیں۔یہ ملی اصلاح کی راہ میں حائل ہوتے ہیں۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحه 375 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)
بسا اوقات انسان کو بیوی بچوں کی تکالیف عملی طور پر ابتلا میں ڈال دیتی ہیں۔مثلاً اسلام کی یہ تعلیم
ہے کہ کسی کا مال نہیں کھانا۔اب اگر کسی نے کسی کے پاس کوئی رقم بطور امانت رکھوائی ہولیکن اُس کا کوئی گواہ
نہ ہو، کوئی ثبوت نہ ہو تو جس کے پاس امانت رکھوائی گئی ہے اُس کی نیت میں بعض دفعہ اپنے بیوی بچوں کی
ضروریات کی وجہ سے کھوٹ آ جاتا ہے، نیت بد ہو جاتی ہے، اُسے خیال آتا ہے کہ میری بیوی نے کچھ رقم کا
مطالبہ مجھ سے کیا تھا اور اس وقت میرے پاس
رقم نہیں تھی میں نے مطالبہ پورا نہیں کیا۔یا میرے بچے نے
فلاں چیز کے لئے
مجھ سے رقم مانگی تھی اور میں اُسے دے نہ سکا تھا۔اب موقع ہے۔یہ رقم مار کر میں اپنے
بیوی اور بچے کے مطالبہ کو پورا کرسکتا ہوں یا بچے کی بیماری کی وجہ سے علاج کے لئے رقم کی ضرورت ہے ، رقم
نہیں ہے۔اس امانت سے فائدہ اُٹھا کر اور یہ رقم خرچ کر کے میں اس کا علاج کروالوں، بعد میں دیکھا
جائے گا کہ رقم دینی ہے یا نہیں دینی۔یا کسی اور مقصد کے لئے جو بیوی بچوں سے متعلقہ مقصد ہے، انسان
کسی دوسرے کی رقم غصب کر لیتا ہے۔تو یہ امانت کے متعلق اسلامی تعلیم کے خلاف ہے کہ جب امانت
رکھوائی جائے تو تم نے بہر حال واپس کرنی ہے، چاہے اُس کے گواہ ہیں یا نہیں ہیں، کوئی ثبوت ہے یا نہیں
ہے۔بعض دفعہ بعض لوگ اپنے بچوں کے فوائد کے لئے ، اُن کے لئے جائیداد بنانے کے لئے نابالغ یتیموں
کا حق مار لیتے ہیں یا کچھ حد تک انہیں نقصان پہنچا دیتے ہیں۔پھر صرف مالی معاملات کی بات نہیں ہے۔صرف یہی مثالیں نہیں ہیں۔اس آزاد اور ترقی پسند
معاشرے میں بعض ماں باپ خاص طور پر اور عموماً یہ بات کرتے ہیں لیکن غریب ممالک میں بھی یہ چیزیں
سامنے آ جاتی ہیں کہ لاڈ پیار کی وجہ سے بچوں کو اسلامی تعلیم کی پابندی کروانے کی کوشش نہیں کی جاتی۔یہ
باتیں جو میں کر رہا ہوں، افسوس سے میں کہوں گا کہ یہ ہمارے احمدی معاشرے میں نظر آ جاتی ہیں، وقتاً
فوقتا سامنے آتی رہتی ہیں۔کسی نے کسی کی امانت کھالی۔کسی نے کسی کو کسی اور قسم کا مالی دھوکہ دے دیا۔کسی
نے یتیم کا مال پورا ادا کرنے کا حق ادا نہیں کیا۔قضاء میں بعض ایسے معاملات آتے ہیں یا شکایات آتی

خطبات مسرور جلد 11
700
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
ہیں کہ کوئی امیر ممالک میں رہنے والا اپنی بیٹی کی شادی پاکستان میں کرتا ہے اور داماد کو پہلے دن ہی کہہ دیتا
ہے کہ میں نے اپنی بچی بڑے لاڈ پیار سے پالی ہے اور اس کو ہر قسم کی آزادی ہے۔اس پر کسی قسم کی پابندی
نہ لگانا اور بیٹی کا دماغ باپ کی شہ پر عرش پر پہنچا ہوتا ہے۔خاوند کو وہ کوئی چیز نہیں سمجھتی۔حالانکہ اسلامی تعلیم
ہے کہ بیوی خاوند کے حقوق ادا کرے اور اپنے گھر کی ذمہ داریاں نبھائے ، یہ اُس کے فرائض میں داخل
ہے۔کبھی لڑ کے پاکستان سے لڑکیاں بیاہ کر لاتے ہیں اور لڑکی کو ظلم کی چکی میں پیتے چلے جاتے ہیں اور
لڑکے کے ماں باپ کہتے ہیں کہ لڑکی سب کچھ برداشت کرے، مرد تو ایسے ہی ہوتے ہیں۔یہ بچوں کا لاڈ
جہاں ماں باپ
کی عملی حالت کو برباد کر رہا ہوتا ہے، وہاں گھروں کو بھی برباد کر رہا ہوتا ہے۔پس بیوی بچوں کی وجہ سے عملی اصلاح میں روک کی بے شمار مثالیں ہیں۔کئی اعمال ایسے ہیں جو
انسان کی کمزوری ظاہر کر رہے ہوتے ہیں۔کیونکہ بیوی بچوں کے لاڈ یا ضروریات اُن کے آڑے آ جاتی
ہیں۔ان کی محبت اُس کو نیک عمل سے روک لیتی ہے۔بچوں کے حق میں جھوٹی گواہیاں، بچوں کے لاڈ کی
وجہ سے دی جاتی ہیں۔غریب ممالک میں یا تیسری دنیا کے ممالک میں تو یہ بیماری عام ہے کہ افسران رشوت لیتے ہیں۔صرف
اپنے لئے نہیں لیتے بلکہ بچوں کے لئے ، جائیدادیں بنانے کے لئے، بچوں کے لئے جائیدادیں بنا کر چھوڑ جانے کے
لئے وہ رشوت لیتے ہیں یا انہیں تعلیم دلوانے کے لئے، مہنگے سکولوں میں پڑھوانے کے لئے رشوت لی جاتی ہے۔پس انسانی اعمال کی درستی میں جذبات اور جذبات کو ابھارنے والے رشتے روک بن کر
کھڑے ہو جاتے ہیں اور ان کی درستی اس صورت میں ممکن ہے جب خدا تعالیٰ کی محبت ایسے مقام پر پہنچ
جائے کہ اس محبت کی شدت کے مقابلے میں بیوی بچوں کی محبت اور اُن کے لئے پیدا ہونے والے
جذبات معمولی حیثیت اختیار کر لیں۔اور انسان اس کے اثرات سے بالکل آزاد ہو جائے۔اگر یہ نہیں تو
عملی اصلاح بہت مشکل ہے۔چھٹا سبب عملی اصلاح میں روک کا یہ ہے کہ انسان اپنی مستقل نگرانی نہیں رکھتا۔یعنی عمل کا خیال
ہر وقت رکھنا پڑتا ہے تبھی عملی اصلاح ہوسکتی ہے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 380 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)
ہر کام کرتے وقت یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اس کام کے نتائج نیک ہیں یا نہیں۔اس کام کو
کرنے کی مجھے اجازت ہے یا نہیں۔میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی اس بات پر عمل کر رہا ہوں

خطبات مسرور جلد 11
701
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
یا نہیں کہ قرآن کریم کے جو سات سو حکم ہیں اُن پر عمل کرو۔کہیں میں ان سے دُور تو نہیں جا رہا۔مثلاً دیانت
سے کام کرنا ایک اہم حکم ہے۔ایک دکاندار کو بھی یہ حکم ہے، ایک کام کرنے والے مزدور کو بھی یہ حکم ہے اور
اپنے دائرے میں ہر ایک کو یہ حکم ہے کہ دیانتدار بنو۔ایک دکاندار ہے،اُس کے سامنے دیانت سے چلنے کا
حکم کئی بار آتا ہے۔ایک انجان گاہک آتا ہے تو اُسے وہ یا کم معیار کی چیز دیتا ہے، یا قیمت زیادہ وصول کرتا
ہے، یا اُس مقررہ قیمت پر کم وزن کی چیز دیتا ہے۔یہ بیماری جیسا کہ پہلے بھی میں نے کہا ، ان ملکوں میں تو کم
ہے لیکن غریب ممالک میں بہت زیادہ ہے۔پس گاہک کو چیز دیتے ہوئے کوئی تو یہ سوچتا ہے کہ اس گاہک
کی کم علمی کی وجہ سے میں فائدہ اُٹھاؤں۔کوئی کہتا ہے کہ اگر میں وزن میں اتنی کمی ہر گاہک کے سودے میں
کروں تو شام تک میں اتنا بچالوں گا۔بعض دفعہ گاہک کی سخت ضرورت اور مجبوری دیکھ کر اصل منافع سے کئی
گنا زیادہ منافع کما لیا جاتا ہے۔یہ تو ویسے بھی تجارت کے جو اخلاق ہیں اُن کے خلاف ہے لیکن اسلام تو
اس کو سختی سے منع کرتا ہے۔منافع کے ضمن میں یہ بھی کہوں گا کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ربوہ
جو آباد ہوا ہے تو وہاں کے دکانداروں کو یہ نصیحت کی تھی کہ تم منافع کم لوتو تمہارے پاس گا ہک زیادہ آئیں
گے۔لیکن میرے پاس بعض شکایات ایسی آرہی ہیں یا آتی رہتی ہیں کہ ربوہ میں دوکاندار اتنا منافع کمانے
لگ گئے ہیں کہ لوگ چنیوٹ جا کر سودا خرید نے لگ گئے ہیں۔یعنی اپنوں کے بجائے غیروں کے پاس
احمدیوں کا روپیہ جانے لگ گیا ہے اور اس کے ذمہ دار ربوہ کے احمدی دکاندار ہیں۔پس اس لحاظ سے بھی
ہمارے احمدی دکاندار سوچیں اور اپنی اصلاح کی کوشش کریں۔یہ جہاں بھی ہوں ،صرف ربوہ کی بات نہیں
ہے۔جہاں بھی دکاندار ہو، ایک احمدی دکاندار کا معیار ہمیشہ اچھا ہونا چاہئے ، اُن کا وزن پورا ہونا چاہئے،
کسی چیز میں نقص کی صورت میں گاہک کے علم میں وہ نقص لا نا ضروری ہونا چاہئے۔منافع مناسب اور کم
ہونا چاہئے۔اس سے انشاء اللہ تعالیٰ تجارت میں برکت پڑتی ہے، کمی نہیں آتی۔اسی طرح ہر میدان کے
احمدی کو اپنی دیانت کا حسن ظاہر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے ہر وقت اس حکم کی جگالی کرنے کی
ضرورت ہے جو ابھی پڑھا ہے، تبھی عملی اصلاح ممکن ہوگی۔ہر وقت دہراتے رہنا پڑے گا کہ میری عملی
اصلاح کے لئے میں نے یہ یہ کام کرنے ہیں۔اسی طرح دوسری برائیاں ہیں، مثلاً جھوٹ ہے۔ہر بات
کہتے وقت یہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ میری بات میں کوئی غلط بیانی نہ ہو۔پھر اس کی دکانداروں کی لا پرواہی کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ ایک دکاندار نماز کا وقت آتا ہے تو
نماز کے لئے چلا جاتا ہے۔دوسرا کہتا ہے کہ میں دکان کھلی رکھوں تا کہ اس عرصے میں جتنے گا ہک آئیں وہ

خطبات مسرور جلد 11
702
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
میرے پاس آئیں۔پس ایک طرف تو نیک اعمال کا خیال رکھنے والے نماز کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں اور
دوسری طرف پیسہ کمانے کا سوچنے والے اس سے بے پرواہ اپنے دنیاوی فائدے دیکھنے کے لئے منافع
بنانے کی سوچ رہے ہوتے ہیں۔بجائے اس کے کہ ہر کام کرنے سے پہلے نیک اعمال کی اصلاح کو سوچیں،
اُن کی نظر دنیاوی فائدے کی طرف ہوتی ہے اور وہ اُس کے متعلق سوچتے ہیں۔ربوہ کے دکانداروں کے بارے میں پھر میں کہوں گا کہ ایک دفعہ ایک شکایت آئی تھی کہ نماز کے
وقت میں دکانیں بند نہیں کرتے۔تو اب بہر حال اُن کی رپورٹ آئی ہے کہ سب نے یہی کہا ہے کہ اب ہم
انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ کرتے رہیں گے۔خدا کرے کہ یہ لوگ اس پر عمل کرنے والے بھی ہوں۔اسی طرح قادیان کے دکاندار ہیں اور آجکل تو قادیان میں جلسے کی وجہ سے گہما گہمی ہے، انہیں
بھی اس کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ گا ہک باہر سے آئے ہوئے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اپنے
فرائض جو ہیں اُن کو بھول جائیں۔وہاں اُن کو نمازوں کے اوقات میں اپنی دکا نہیں یا اپنے سٹال جو ہیں وہ
بہر حال بند کرنے چاہئیں اور دنیا میں ہر جگہ ہر احمدی کو یہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ جوفرائض ہیں، اُن
کی ادائیگی کے لئے اُن کو بہت توجہ کی ضرورت ہے۔اعمال پر بار بار توجہ دینے کی مثال ایسی ہی ہے جیسے
کوئی تیز رفتار گھوڑے پر سوار چلا جا رہا ہو لیکن بے احتیاطی سے اگر بیٹھے گا تو گھوڑا اُسے نیچے گرا دے گا۔پس مومن کو بھی ہر وقت اپنے اعمال پر نگاہ رکھنی پڑے گی اور رکھنی چاہئے۔لمحہ بھر کے لئے اگر بے احتیاطی
ہو جائے تو مومن کا جو معیار ہے اُس سے وہ گر جائے گا اور اس کے اعمال کی اصلاح بھی نہیں ہوگی۔پس ہر معاملے میں ہر وقت نظر رکھ کر ہی عملی اصلاح کی طرف ہر ایک جو ہے صحیح قدم اُٹھا سکتا ہے۔برائیوں کی طرف ایک مرتبہ انسان جھک گیا تو پھر وہ اُس میں ڈوب جاتا ہے۔گویا برائیوں سے بچنے کے
لئے ہر کام پر نظر رکھ کر انسان ایک حجاب میں آ جاتا ہے اور جب یہ حجاب ختم ہو جائے تو ایک کے بعد دوسری
کمزوری اُس پر غلبہ پالیتی ہے۔عورتوں کے لئے بھی میں ایک مثال دوں گا۔پردہ اور حیا کی حالت ہے۔اگر ایک دفعہ یہ ختم ہو
جائے تو پھر بات بہت آگے بڑھ جاتی ہے۔آسٹریلیا میں مجھے پتہ چلا ہے کہ بعض بڑی عمر کی عورتوں نے جو
پاکستان سے وہاں آسٹریلیا میں اپنے بچوں کے پاس نئی نئی گئی تھیں، اپنی بچیوں کو یہ دیکھ کر کہ پردہ نہیں
کرتیں اُنہیں پردے کا کہا کہ کم از کم حیادار لباس پہنو، سکارف لو تو اُن کی لڑکیوں میں سے بعض جو ایسی ہیں
کہ پردہ نہ کرنے والی ہیں، انہوں نے یہ کہا کہ یہاں پردہ کرنا بہت بڑا جرم ہے اور آپ بھی چھوڑ دیں تو

خطبات مسرور جلد 11
703
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
مجبوراً ان عورتوں نے بھی جو پردہ کا کہنے والی تھیں، جن کو ساری عمر پر دے کی عادت تھی اس خوف کی وجہ
سے کہ جرم ہے، خود بھی پردہ چھوڑ دیا۔حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں کوئی ایسا قانون نہیں ہے، نہ جرم ہے۔کوئی پابندی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی اس طرف توجہ دیتا ہے۔صرف فیشن کی خاطر چند نو جوان عورتوں اور
بچیوں نے پردے چھوڑ دیئے ہیں۔پاکستان سے شادی ہو کر وہاں آنے والی ایک بچی نے مجھے لکھا کہ مجھے
بھی زبر دستی پردہ چھڑوا دیا گیا تھا۔یا ماحول کی وجہ سے میں بھی کچھ اس دام میں آ گئی اور پردہ چھوڑ دیا۔اب میں جب وہاں دورے پر گیا ہوں تو اُس نے لکھا کہ آپ نے جلسہ میں جو تقریر عورتوں میں کی اور
پردے کے بارے میں کہا تو اُس وقت میں نے برقع پہنا ہوا تھا تو اُس وقت سے میں نے برقع پہنے رکھا
ہے اور اب میں اُس پر قائم ہوں اور کوشش بھی کر رہی ہوں اور دعا بھی کر رہی ہوں کہ اس پر قائم رہوں۔اُس نے دعا کے لئے بھی لکھا۔تو پر دے اس لئے چھٹ رہے ہیں کہ اس حکم کی جو قرآنی حکم ہے، بار بار ذہن
میں جگالی نہیں کی جاتی۔نہ ہی گھروں میں اس کے ذکر ہوتے ہیں۔پس عملی اصلاح کے لئے بار بار برائی کا
ذکر ہونا اور نیکی کا ذکر ہوناضروری ہے۔ساتواں سبب اعمال کی اصلاح میں روک کا یہ ہے کہ انسانی تعلقات اور رویے جو ہیں وہ حاوی ہو
جاتے ہیں اور خشیت اللہ میں کمی آجاتی ہے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 383 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)
بسا اوقات لالچ ، دوستانہ تعلقات، رشتے داری ،لڑائی ، بغض اور کینے ان اعمال کے اچھے حصوں کو
ظاہر نہیں ہونے دیتے۔مثلاً امانت کی جو میں نے مثال دی ہے، دوبارہ دیتا ہوں کہ انسان امانت کو اس نقطہ
نظر سے نہیں دیکھتا کہ خدا تعالیٰ نے اس کا حکم دیا ہوا ہے، بلکہ اس نقطہ نگاہ سے دیکھتا ہے کہ اس خاص موقع پر
امانت کی وجہ سے اُس کے دوستوں یا دشمنوں پر کیا اثر پڑتا ہے۔اسی طرح وہ سچ کو اس نقطہ سے نہیں دیکھتا کہ
سچ بولنے کا خدا تعالیٰ نے حکم دیا ہے بلکہ اس نقطہ نگاہ سے دیکھتا ہے کہ آیا اُسے یا اُس کے دوستوں عزیزوں
کو اس سچ بولنے سے کوئی نقصان تو نہیں پہنچے گا ؟ ایک انسان دوسرے انسان کے خلاف گواہی اس لئے دے
دیتا ہے کہ فلاں وقت میں اُس نے مجھے نقصان پہنچایا تھا۔پس آج مجھے موقع ملا ہے کہ میں بھی بدلہ لے لوں
اور اُس کے خلاف گواہی دے دوں۔تو اعمال میں کمزوری اس وجہ سے ہوتی ہے کہ خشیت اللہ کا خانہ خالی ہو
جاتا ہے۔پس اللہ تعالیٰ کا خوف رکھتے ہوئے خدا تعالیٰ کے اس حکم کو سامنے رکھنا چاہئے کہ اپنے خلاف یا اپنے
پیاروں اور والدین کے خلاف بھی تمہیں گواہی دینی پڑے تو دو اور سچائی کو ہمیشہ مقدم رکھو۔

خطبات مسر در جلد 11
704
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
آٹھواں سب عملی اصلاح میں روک کا یہ ہے کہ عمل کی اصلاح اُس وقت تک بہت مشکل ہے
جب تک خاندان کی اصلاح نہ ہو۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 384 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)
مثلاً دیانتداری اُس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتی یا اُس کا معیار قائم نہیں رہ سکتا، جب تک
بیوی بچے بھی پورا تعاون نہیں کرتے۔گھر کا سر براہ کتنا ہی حلال مال کمانے والا ہو لیکن اگر اُس کی
بیوی کسی ذریعہ سے بھی ہمسایوں کو لوٹتی ہے یا کسی اور ذریعہ سے کسی کو نقصان پہنچاتی ہے، مال غصب
کرنے کی کوشش کرتی ہے یا اُس کا بیٹا رشوت کا مال گھر میں لاتا ہے تو اس گھر کی روزی حلال نہیں بن
سکتی۔خاص طور پر اُن گھروں میں جہاں سب گھر والے اکٹھے رہتے ہیں، جوائنٹ فیملی سسٹم ہے اور
اُن کے اکٹھے گھر چل رہے ہوتے ہیں۔اسی طرح دوسرے اعمال ہیں۔جب تک سب گھر والوں
کے اعمال میں ایک ہو کر بہتری کی کوشش نہیں ہوگی، کسی نہ کسی وقت ایک دوسرے کو متاثر کر دیں
گے۔بیوی نیک ہے اور خاوند رزق حلال نہیں کماتا تو تب بھی گھر متاثر ہو گا۔نمازوں کی طرف اگر
باپ کی توجہ ہے لیکن اپنے بچوں کو توجہ نہیں دلاتا یا باپ کہتا ہے لیکن ماں تو جہ نہیں کر رہی۔یا ماں تو جہ
دلا رہی ہے اور باپ بے نمازی ہے تو بچے اُس کی نقل کریں گے۔گزشتہ خطبہ میں بھی میں نے یہ
مثالیں دی تھیں۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے : قُوا أَنْفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا
(التحریم : 66 ) کہ نہ صرف اپنے آپ کو آگ سے بچاؤ بلکہ اپنے اہل و عیال کو بھی جہنم کی آگ سے
بچاؤ۔تمہارا صرف اپنے آپ کو دوزخ کی آگ سے بچانا کافی نہیں ہے بلکہ دوسروں کو بھی بچانا فرض
ہے۔اگر دوسروں کو نہیں بچاؤ گے تو وہ تمہیں ایک دن لے ڈوبیں گے۔پس اعمال کی اصلاح کے لئے پورے گھر کی اصلاح کی ضرورت ہے اور اس کے لئے سب
کو کوشش کرنی چاہئے۔اس میں گھر کے سربراہ کا سب سے اہم کردار ہے۔اکثر اوقات بیوی بچوں
کی طرف سے غفلت یا اُن کی تکلیف کا احساس یا بے جالا ڈا اپنی اور اپنے گھر والوں کی اصلاح میں
روک بن جاتا ہے۔ان آٹھ باتوں کے علاوہ بھی بعض وجوہات عملی اصلاح میں روک کی ہو سکتی ہیں۔یہ چند اہم
باتیں جیسا کہ میں نے کہی ہیں لیکن اگر ان پر غور کیا جائے تو تقریباً تمام باتیں انہی آٹھ باتوں میں سمٹ
بھی جاتی ہیں۔

خطبات مسرور جلد 11
705
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
بہر حال خلاصہ یہ کہ اعمال کے بارے میں ایسی روکیں موجود ہیں جو انسان کو اللہ تعالیٰ کے راستے
سے ہٹا دیتی ہیں۔اُس کے قرب سے دور پھینک دیتی ہیں۔اگر ہم اپنے اعمال کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں تو
اس طرف توجہ کی ضرورت ہے۔صرف کہہ دینے سے اصلاح نہیں ہوگی بلکہ ان ذرائع کو اختیار کرنے کی
ضرورت ہے جن کے ذریعہ سے اصلاح ممکن ہے۔حضرت مصلح موعودؓ نے ایک مثال دی ہے کہ یورپ کا
ایک مشہور لیکچر رتھا اور بڑے اعلی قسم کے لیکچر دیا کرتا تھالیکن لیکچر دیتے وقت وہ اپنے کندھے بہت زور زور
سے ہلا یا کرتا تھا، اوپر نیچے کیا کرتا تھا۔لوگوں نے اُسے کہا کہ تم لیکچر تو بہت اچھا دیتے ہولیکن تمہارے
کندھوں کی اوپر نیچے کی حرکت کی وجہ سے اکثر لوگوں کو ہنسی آ جاتی ہے۔اُس نے بڑی کوشش کی کہ یہ
جو نقص ہے وہ دُور ہو جائے لیکن دور نہ ہوا۔آخر اُس نے اس کا علاج اس طرح شروع کیا کہ دو تلوار میں اُس
نے چھت سے ٹانگ لیں جو اُس کی height تک پہنچتی تھیں، کندھوں تک پہنچتی تھیں اور اُن کے نیچے کھڑا
ہو کر اُس نے تقریر کی مشق کرنا شروع کر دی۔جب کبھی کندھا ہلاتا تھا تو تلوار اُس کے کندھے پر لگتی تھی کبھی
دائیں کبھی بائیں۔چنانچہ چند دن کی کوشش کے بعد اُس کی یہ عادت ختم ہوگئی۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحه 390 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)
پس نیک عمل کی عادت ڈالنے کے لئے ایسے طریق اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس سے مجبور ہو
کر نیک اعمال بجالانے کی طرف توجہ پیدا ہو اور اس کے لئے سب کو مل کر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ہر گھر کو کوشش کرنے کی ضرورت ہے اور ہر گھر کے ہر فرد کو کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔اور یہ کوشش بغیر
قربانی کے نہیں ہوسکتی۔بغیر وہ طریقہ اختیار کئے نہیں ہو سکتی جس سے برائیوں کو چھوڑنے کے لئے اگر تکلیفیں
بھی برداشت کرنی پڑیں تو کی جائیں۔ہر فر د جماعت کو جائزے کی ضرورت ہے، قربانی کی ضرورت ہے،
پختہ عہد کی ضرورت ہے، ورنہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔وہ بہت بڑا مقصد جس کے لئے
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام مبعوث ہوئے تھے، یہ ہے کہ ہمارے عقیدے اور اعمال دونوں کی
اصلاح ایسے اعلیٰ معیار پر ہو کہ جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔(ماخوذ از ملفوظات جلد پنجم صفحه 454-455 مطبوعہ ربوہ )
جیسا کہ میں پہلے خطبوں میں کہہ چکا ہوں، بیشک ہم نے عقیدے کے میدان میں بہت عظیم
الشان فتح حاصل کر لی ہے، یہاں تک کہ وہی عقائد جن کو جب جماعت کی طرف سے پیش کیا جا تا تھا تو دشمن
کی طرف سے سختی سے انکار کیا جاتا تھا لیکن آج بعض دشمن بھی اُن باتوں کے قائل ہورہے ہیں۔ایسے بھی

خطبات مسرور جلد 11
706
خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
مسلمان ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ آسمان پر نہیں گئے یا انہوں نے نازل نہیں ہونا۔یہ کہنے یا اس
بات کے قائل ہونے کی کوئی بھی وجہ ہو لیکن لاشعوری طور پر جماعت احمدیہ کا عقیدہ اُن کے منہ بند کر کے
اُن کو اس بات پر قائل کر رہا ہے۔جہاد کے بارے میں اب بعض بڑے بڑے علماء نے یہ بیان دیئے ہیں
کہ اس وقت جہاد کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے، یہ دہشت گردی ہے اور آجکل جہاد جائز نہیں اور اسلام اس کی
اجازت نہیں دیتا۔اس بارے میں وہ جو چاہے دلیل دیں لیکن احمدیت کی تعلیم ہی انہیں متاثر کر رہی ہے۔لیکن جب ہم عمل کو دیکھتے ہیں تو عمل کے بارے میں ہماری کوتاہی ہے یا کمزوری ہے کہ ابھی وہ روح ہم
میں پیدا نہیں ہوئی جس روح کے تحت ہم کام کر کے دنیا کو وہ نمونہ دکھلا سکیں جس کے بعد کوئی شخص ہماری
جماعت کی برتری اور فوقیت تسلیم کرنے سے انکار نہ کرے۔ابھی تک ہم اُس تعلیم پر پورے طور پر عمل نہیں
کر رہے جو عملی اصلاح کے متعلق اسلام نے پیش کی ہے۔بلکہ اکثر اوقات دوسروں کی چھوٹی چھوٹی باتوں کی
نقل کر کے اس طرف مائل ہو جاتے ہیں، جیسا کہ میں نے بعض مثالیں بھی دی ہیں اور غیروں سے اپنا لوہا
منوانے کی بجائے ہم نقال بن جاتے ہیں، اُن کی نقلیں کرنی شروع کر دیتے ہیں اور پھر عمل کے میدان میں
بعض جگہ ہمیں شرمندگی اُٹھانی پڑتی ہے۔پس ضرورت ہے کہ عمل کے میدان میں کامیابی حاصل کریں۔ضرورت ہے کہ وہ پانی جس سے
ہم نے اس زمانے میں فیض پایا ہے، اسے بکھرا نہ دیں، ضائع نہ کریں بلکہ ان نہروں میں سمیٹ لیں جو
زمینوں کو سیراب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں نہ کہ اُس پانی کی طرح جو ادھر اُدھر بہہ جاتا ہے۔ہمیں
اپنی حد بندیاں مقرر کرنی ہوں گی۔اپنی عملی اصلاح کے لئے اپنے آپ پر کچھ پابندیاں لگانی ہوں گی تبھی
ہم اپنے مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔ہم نے عقائد کی دیواروں کو مضبوط کرنے کے لئے بیشک قربانیاں دی
ہیں۔جان، مال، وقت کی قربانی دی ہے اور دے رہے ہیں لیکن اعمال کی دیواروں کی طرف ہماری اتنی
توجہ نہیں ہوئی جو ہونی چاہئے۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس بات کو مختصر الفاظ میں بڑے عمدہ طریق سے بیان
فرمایا ہے کہ اب تک صرف دو دیوار میں عقائد والی ہیں۔دو دیواریں جو عمل والی ہیں، وہ ابھی ہم نے نہیں
بنا ئیں۔اس وجہ سے چور آتا ہے اور ہمارا مال اُٹھا کر لے جاتا ہے۔لیکن جب ہم قربانی کے نتیجہ میں اپنی
چاردیواری کو مکمل کر لیں گے تو پھر چور کے داخل ہونے کے سارے راستے مسدود ہو جائیں گے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحہ 391-392 خطبہ جمعہ 12 جون 1936ء)

خطبات مسرور جلد 11
707
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 دسمبر 2013ء
پس آج ہمیں عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی ذاتی خواہشات کی قربانی بھی کریں گے،
اپنے بیوی بچوں کی خواہشات کی قربانی بھی کریں گے اور ہر وہ قربانی کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے جس
سے ہماری عملی اصلاح کی دیوار میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی جائیں۔تب ہم نہ غیروں سے اس تعلق
میں پیٹنے والے ہوں گے یا شرمندہ ہونے والے ہوں گے اور نہ ہی ہمارے گھروں میں چور داخل ہو کر ہمیں
نقصان پہنچا سکیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 10 جنوری 2014 ء تا 16 جنوری 2014ء جلد 20 شمارہ 54 صفحہ 5 تا8 )

آج 10 میں سے 10 باقی