دوسروں کی کمزوریوں کی ٹوہ لگانا اور تشہیر: ستّاری اور استغفار کی طرف توجہ

خطبات مسرور جلد 15
136
13
ودہ مورخہ 31 مارچ 2017
خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
فرمودہ مورخہ 31 مارچ2017ء بمطابق 31 امان 1396 ہجری شمسی
بمقام مسجد بیت الفتوح، مورڈن، لندن، یوکے
تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:
دنیا میں کوئی انسان نہیں جو ہر عیب سے ہر لحاظ سے پاک ہو۔اللہ تعالیٰ کی صفت ستار ہے جو ہماری پردہ
پوشی کرتی ہے۔اگر انسان کی غلطیوں کی کوتاہیوں کی، گناہوں کی پردہ دری ہونے لگے تو کسی کو منہ دکھانے کے
قابل نہ رہے۔اللہ تعالیٰ جو ستار العیوب ہے اور غفار الذنوب ہے اس نے ہمیں یہ دعا بھی ہم پر احسان کرتے ہوئے
سکھائی کہ تم جہاں اپنی غلطیوں اور کو تاہیوں سے بچنے کی کوشش کرو وہاں استغفار بھی کیا کرو تو میں تمہارے گناہوں
کو بھی معاف کروں گا۔تمہاری پردہ پوشی کروں گا۔تمہاری دعاؤں کو قبول کروں گا۔ہر ایک کی بہت ساری باتوں کی
عمومی پردہ پوشی تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی مغفرت خاص طور پر ان لوگوں کو بھی اپنی چادروں میں پیٹتی ہے
جو استغفار کرنے والے ہیں۔غفر کا مطلب بھی چھپانا اور ڈھانکنا ہوتا ہے اور یہی مطلب کم و بیش ستر کا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام ایک جگہ فرماتے ہیں کہ " اسلام نے جو خدا پیش کیا ہے اور مسلمانوں نے
جس خدا کو مانا ہے وہ رحیم، کریم، حلیم، تو اب اور غفار ہے۔جو شخص سچی توبہ کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول کرتا
ہے اور اس کے گناہ بخش دیتا ہے۔" فرمایا کہ "لیکن دنیا میں خواہ حقیقی بھائی بھی ہو یا کوئی اور قریبی عزیز اور رشتہ دار
ہو وہ جب ایک مرتبہ قصور دیکھ لیتا ہے پھر وہ اس سے خواہ باز بھی آجاوے " یعنی قصور کرنے والا باز بھی آجاوے
"مگر اسے عیبی ہی سمجھتا ہے۔" پس دنیا والے اگر کوئی شخص گناہ اور کسی عیب کو چھوڑ بھی دے تب بھی اسے عیبی اور
شک کی نظر سے دیکھنے والے ہیں۔آپ نے فرمایا لیکن اللہ تعالیٰ کیسا کریم ہے کہ انسان ہزاروں عیب کر کے بھی رجوع
کرتا ہے تو بخش دیتا ہے۔" فرمایا" دنیا میں کوئی انسان ایسا نہیں ہے بجز پیغمبروں کے (جو خدا تعالیٰ کے رنگ میں رنگے
جاتے ہیں۔) جو چشم پوشی سے اس قدر کام لے۔" یعنی سوائے نبیوں کے جو اس قدر چشم پوشی کرے جتنی خدا تعالیٰ
کرتا ہے۔خدا تعالیٰ کے بعد نبی ہیں جو اتنا کر سکتے ہیں اور ان کے علاوہ کوئی نہیں کرتا بلکہ عام طور پر تو یہ حالت ہے

خطبات مسرور جلد 15
137
جو سعدی نے کہا ہے " خدا داند و بپوشد و همسایه نداند و بخر وشد "
نه فرمودہ مورخہ 31 مارچ 2017
(ملفوظات جلد 7 صفحہ 178)
کہ خدا تعالیٰ تو جانتے ہوئے بھی پردہ پوشی کرتا ہے لیکن ہمسایہ تھوڑا سا علم ہو جائے تو اس کمزوری کی
(ملفوظات جلد 7 صفحہ 179)
مشہوری کرنے لگ جاتا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سعدی کے شعر کے مصرعہ کا جو یہ حوالہ دیا ہے اس کی تشریح ایک جگہ
اس طرح بھی فرمائی ہے کہ " خدا تعالی کی ساری ایسی ہے کہ وہ انسان کے گناہ اور خطاؤں کو دیکھتا ہے لیکن اپنی اس
صفت کے باعث اس کی غلط کاریوں کو اس وقت تک جب تک کہ وہ اعتدال کی حد سے نہ گزر جاوے ڈھانپتا ہے۔لیکن انسان کسی دوسرے کی غلطی دیکھتا بھی نہیں اور شور مچاتا ہے۔" ( ملفوظات جلد 1 صفحہ 299-300)
آپ فرماتے ہیں۔" پس غور کرو کہ اس کے کرم اور رحم کی کیسی عظیم الشان صفت ہے۔" آپ
اللہ تعالیٰ
کے بارے میں فرماتے ہیں " کہ اگر وہ " یعنی اللہ تعالیٰ " مواخذہ پر آئے تو سب کو تباہ کر دے لیکن اس کا کرم اور رحم
بہت ہی وسیع ہے اور اس کے غضب پر سبقت رکھتا ہے۔"
پس اگر اس بات کو ہم سمجھ لیں اور اپنے ساتھیوں، اپنے بھائیوں، اپنے سے واسطہ پڑنے والوں کے
معاملات میں ہر وقت ٹوہ نہ لگاتے پھریں، تجسس نہ کریں، ان کی کمزوریوں کو تلاش نہ کرتے پھریں تو ایک پیار اور
محبت کرنے والا اور پر امن معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔ہم میں سے بہت سے ایسے ہیں جو پردہ پوشی کی بجائے دوسروں
کے عیب ظاہر کرنے کی کوشش میں ہوتے ہیں۔اور جب ان کے اپنے متعلق کوئی بات کر دے یا کسی ذریعہ سے ان
کو یہ پتا چل جائے کہ فلاں شخص نے میرے متعلق اس طرح بات کی تھی تو سیخ پا ہو جاتے ہیں۔انتہائی غصہ میں آکر
مرنے مارنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔لیکن جب یہ خود کسی دوسرے کے متعلق کہہ رہے ہوں تو اس وقت کہتے ہیں کہ
یہ تو معمولی بات تھی ہم نے تو یو نہی کہہ دی۔ہمیں ہر وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان اپنے سامنے رکھنا
چاہئے کہ جو اپنے لئے چاہتے ہو وہی اپنے بھائی کے لئے چاہو۔(صحيح البخاری کتاب الایمان باب من الايمان ان يحب لاخيه ما يحب لنفسه حديث 13)
پس اگر اپنے لئے پردہ پوشی پسند ہے تو دوسروں کے لئے بھی وہی احساسات ہونے چاہئیں اور یہی وہ
سنہری اصول ہے جو معاشرے کے امن کے لئے بھی ضروری ہے۔پس عیب دیکھ کر بجائے اس عیب کو پھیلانے کے ہر ایک کو استغفار کرنی چاہئے۔اللہ تعالیٰ بے نیاز ہے اور اس
بات سے ڈرنا چاہئے کہ ہمارے اندر بھی جو بے شمار عیب ہیں وہ کہیں ظاہر نہ ہو جائیں۔اگر نیک نیت سے انسان دوسروں کے
عیبوں کی پردہ پوشی کرے تو اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے والا بنتا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی
اس بات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ اگر خدا تعالیٰ مؤاخذہ پر آئے حساب کتاب لینے لگے تو سب کو تباہ کر دے۔پس

خطبات مسرور جلد 15
138
ہ مورخہ 31 مارچ 2017
بڑے خوف کا مقام ہے اور ہر وقت استغفار کرتے رہنے کی طرف توجہ کی ضرورت ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر فرمایا کہ جس نے اپنے مسلمان بھائی کے کسی عیب کی پردہ
پوشی کی اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے عیب کو ڈھانپ دے گا۔اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔اسے ڈھانپ دے
گا اور ستاری فرمائے گا۔اور جو اپنے کسی مسلمان بھائی کی پردہ دری کرتا ہے۔اس کی برائیاں کرتا ہے۔اس کی برائی کو
دیکھ کر لوگوں کو بتاتا پھرتا ہے۔اللہ تعالیٰ اس کے عیب اور ننگ کو اسی طرح ظاہر کرے گا کہ اس کے گھر میں اس کو
(سنن ابن ماجه كتاب الحدود باب الستر على المؤمن۔۔۔الخ حديث 2546)
رسوا کر دے گا۔پس یہ بڑا سخت انذار ہے۔خوف کا مقام ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل کو جذب کرنے کے لئے ہمیشہ دوسروں
کے عیب دیکھنے کی بجائے اپنے پر نظر رکھنی چاہئے۔تبھی ہم اللہ تعالی کے رحم اور فضل کو جذب کر سکتے ہیں۔لوگ کہہ دیتے ہیں کہ اگر ہم کسی میں برائی دیکھ کر ظاہر نہیں کریں گے تو اصلاح کس طرح ہو گی۔ہمیشہ یاد
رکھنا چاہئے کہ اگر کسی کی کوئی برائی نظام جماعت کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ بن رہی ہے یا معاشرے کے ایک طبقہ کو بھی
اپنی لپیٹ میں لے کر خراب کر رہی ہے تو پھر اصلاح کے لئے جو لوگ مقرر ہیں، امیر جماعت ہے، جماعت کے اندر
صدر جماعت ہے، ان تک بات پہنچا دیں یا مجھے لکھ دیں تاکہ اصلاح کی طرف توجہ ہو۔اللہ تعالیٰ بھی نہیں چاہتا کہ اس
کی بنائی ہوئی جماعت کا نظام خراب ہو۔وہ نہیں چاہتا کہ ایک انفرادی برائی معاشرے کی عام برائی بن جائے۔اس لئے
اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کے ننگ ظاہر کر دیتا ہے۔جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا جو اس بات پر قائم
رہتے ہیں اور ضد کرتے ہیں کہ جو گناہ انہوں نے کیا ہے یا غلطیاں کی ہیں ان کو پھیلانا ہے اور ظاہر بھی کرنا ہے یا کرتے
چلے جانا ہے۔جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ انسان کے گناہوں اور خطاؤں کو اللہ تعالیٰ دیکھتا ہے
لیکن اپنی صفت کے باعث خطا کاریوں کو اس وقت تک جبتک کہ اعتدال کی حد سے نہ گزر جائے ڈھانپتا ہے۔پس جب
انسان خود ہی اپنے آپ کو ظاہر کر دے اور اعتدال کی حدوں سے باہر نکلنے لگے تو پھر اللہ تعالیٰ کی پکڑ کی صفت بھی کام
کرتی ہے۔اور پھر اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو اس دنیا میں بھی پکڑتا ہے اور اگلے جہان کی بھی سزا ہے۔لیکن کسی کی برائی دیکھ کر اس کی تشہیر کرنا اس کو پھیلانا بہر حال منع ہے کیونکہ اس سے برائیاں بجائے ختم
ہونے کے پھیلتی ہیں۔اس بارے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے فرمایا کہ اگر تو لوگوں کی کمزوریوں کے پیچھے پڑے گا تو انہیں بگاڑ دے گا۔(سنن ابی داؤد كتاب الادب باب فى التجسس حديث 4888)
کمزوریوں کے پیچھے پڑنے کا مطلب یہ ہے کہ ان کو جگہ جگہ بیان کرنا، تجسس کر کے ان کی کمزوریوں کی
تلاش کرنا۔اگر انسان اس طرح کرے تو ان لوگوں کو بگاڑے گا اور معاشرے کے امن کو بھی خراب کرے گا اور

خطبات مسرور جلد 15
139
دہ مورخہ 31 مارچ 2017
پھر جب یہ باتیں جگہ جگہ لوگوں میں بیان کی جائیں تو پھر ایسے لوگ جن میں یہ برائیاں ہیں ان میں اصلاح کی بجائے
ضد پیدا ہو جاتی ہے اور پھر ضد میں آکر وہ دوسروں کو بھی اپنے جیسا بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اپنے حلقے کو وسیع
کرتے جاتے ہیں۔حجاب ختم ہو جاتا ہے۔اور جب حجاب ختم ہو جائے تو اصلاح
کا پہلو بھی ختم ہو جاتا ہے۔پس یہاں میں ان لوگوں کو بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں جن کے سپر د جماعتی کام بھی ہیں خاص طور پر اصلاح
کرنے والا شعبہ کہ انتہائی احتیاط سے اور ہمدردی کے جذبات رکھتے ہوئے اصلاح کے کام کریں۔کبھی کسی بھی فرد کو
یہ احساس نہیں ہونا چاہئے کہ میری کمزوری کی فلاں عہدیدار کی وجہ سے پردہ دری ہوئی، تشہیر ہوئی، لوگوں کو پتالگا۔اگر یہ احساس پید اہو جائے تو پھر اس کا رد عمل بہت زیادہ سخت ہوتا ہے۔ایسے لوگ جن کے سپر د اصلاح کا یہ کام ہے
وہ جہاں لوگوں کی پردہ دری کر کے معاشرے میں بگاڑ پیدا کر رہے ہوتے ہیں وہاں اللہ تعالیٰ کی ناراضگی بھی مول لے
رہے ہوتے ہیں۔اللہ تعالیٰ فرمائے گا میں نے تو تمہیں جماعتی خدمت کا موقع دیا تھا اس لئے کہ میری صفات کو زیادہ
سے زیادہ اپناؤ۔لیکن یہاں تو تم میری ستاری کی صفت سے الٹ چل کر بے چینیاں اور فساد پیدا کرنے کا موجب بن
رہے ہو۔اللہ تعالیٰ ستاری کو کتنا پسند کرتا ہے اور ستاری کرنے والے کو کس قدر نوازتا ہے۔اس بارے میں
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر فرمایا کہ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے۔وہ اس پر ظلم نہیں کرتا اور نہ
اسے یکا و تنہا چھوڑتا ہے۔مسلمانوں کی یہ کس قدر بد قسمتی ہے کہ آجکل ہم دیکھتے ہیں کہ سب سے زیادہ مسلمان ہیں جو
مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ایک دوسرے کی گردنیں کاٹ رہے ہیں اور کوئی نہیں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم
کے اس ارشاد پر توجہ دے۔بہر حال پھر آپ نے آگے یہ بھی فرمایا کہ جو شخص اپنے بھائی کی حاجت روائی میں لگارہتا
ہے اللہ تعالیٰ اس کی حاجات پوری کرتا ہے اور جس نے کسی مسلمان کی تکلیف دور کی اللہ تعالیٰ قیامت کے دن
مصائب میں سے اس کی ایک مصیبت کم کر دے گا اور جو کسی مسلمان کی ستاری کرتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے روز
اس کی ستاری فرمائے گا۔(صحیح البخاری کتاب المظالم والغضب باب لا يظلم المسلم المسلم ولا يسلمه حديث 2442)
پس اس رحیم اور کریم خدا کے رحم اور کرم کو جذب کرنے کے لئے ستاری اور پردہ پوشی انتہائی ضروری
ہے۔پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی ایک موقع پر فرمایا کہ کوئی بندہ دوسرے بندے کی اس دنیا میں پردہ
پوشی نہیں کرتا مگر اللہ تعالیٰ قیامت کے روز اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔(صحیح مسلم كتاب البر والصلة والآدب باب بشارة من ستر الله تعالى۔۔۔الخ حدیث 6595)
یعنی اللہ تعالی پردہ پوشی کرنے والے کو بغیر نوازے، بغیر اجر کے نہیں چھوڑتا۔کسی نے اگر اللہ تعالیٰ کے
کسی بندے کی پردہ پوشی کی تو پھر وہ اس کے کھاتے میں لکھی گئی۔اس کے حساب میں لکھی گئی کہ میرے بندے نے

خطبات مسرور جلد 15
140
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 31 مارچ 2017
یہ نیک کام کیا اور قیامت کے دن پھر وہ اس کا اجر پائے گا۔اللہ تعالیٰ اس سے چشم پوشی فرمائے گا۔بلکہ اللہ تعالیٰ تو
اپنے بندے پر اس حد تک مہربان ہے، اپنا سایہ رحمت اس قدر ڈالتا ہے کہ ایک روایت میں آتا ہے کہ وہ بندے سے
پوچھے گا کہ فلاں کام تو نے کیا تھا تو بندہ کہے گا ہاں میرے رب میں نے کیا ہے یا کیا تھا۔اس پر اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ
میں نے اس دنیا میں تیری کمزوریوں کی پردہ پوشی کی۔دنیا کو پتا نہیں چلا کہ تو نے غلط کام کئے۔اب آج قیامت کے
دن بھی میں تیری پردہ پوشی کرتاہوں اور تجھے معاف کرتاہوں۔(صحيح البخاری کتاب المظالم والغضب باب قول الله تعالى الا لعنة الله على الكاذبين حديث 2441)
تو اللہ تعالیٰ تو اس طرح بندے سے سلوک کرتا ہے۔پس اگر ہم نے اللہ تعالیٰ کی صفت ستاری سے فیض
اٹھانا ہے تو خود بھی دوسروں کی ستاری کی ضرورت ہے۔کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ میں برائیوں سے پاک ہوں
اور دوسرے میں برائیاں ہیں۔یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے جس نے ہماری ستاری کی ہوئی ہے۔پس جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایک موقع پر فرمایا اور ہمیں اس بات کو ہمیشہ سامنے رکھنا
چاہئے۔فرمایا کہ " اصل میں انسان کی خدا تعالیٰ پر دہ پوشی کرتا ہے کیونکہ وہ ستار ہے۔بہت سے لوگوں کو خد اتعالیٰ کی
ستاری نے ہی نیک بنارکھا ہے۔" بہت سے لوگوں کو خدا تعالیٰ کی ستاری نے ہی نیک بنارکھا ہے "ور نہ اگر خدا تعالیٰ
ستاری نہ فرماوے تو پتالگ جاوے کہ انسان میں کیا کیا گند پوشیدہ ہیں۔"
پس یہ ہے وہ بات جسے ہمیشہ سامنے رکھنا چاہئے اور اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے جہاں انسان استغفار
کرے اور اللہ تعالیٰ سے استغفار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی مغفرت کی چادر میں لپٹنے کی کوشش کرے، اس سے
مغفرت مانگے وہاں اپنے پر نظر رکھتے ہوئے دوسروں کی کمزوریوں سے بھی صرفِ نظر کرے۔اپنے گریبان میں
دیکھے اور دوسروں کی کمزوریوں کو باہر نکالنے کی کوشش نہ کرے بلکہ پہلے اپنا جائزہ لے کہ میں کیا ہوں اور ہمیشہ یہ
سوچے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے میری پردہ پوشی فرمائی ہے اسی طرح میں نے دوسروں کی پردہ پوشی کرنی ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام ایک موقع پر فرماتے ہیں کہ " انسان کے ایمان کا بھی کمال یہی ہے
کہ تخلق باخلاق
اللہ کرے۔یعنی جو جو اخلاق فاضلہ خدا (تعالی) میں ہیں اور صفات ہیں ان کی حتی المقدور اتباع کرے
اور اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کے رنگ میں رنگین کرنے کی کوشش کرے۔" فرمایا کہ " مثلاً خد اتعالیٰ میں عفو ہے انسان
بھی عفو کرے۔" دوسروں کو معاف کرنے کی عادت ڈالے۔" رحم ہے، حلم ہے، کرم ہے، انسان بھی رحم کرے،
حلم کرے، لوگوں سے کرم کرے۔" فرمایا " خدا تعالیٰ ستار ہے انسان کو بھی ستاری کی شان سے حصہ لینا چاہئے اور
اپنے بھائیوں کے عیوب اور معاصی کی پردہ پوشی کرنی چاہئے۔"
عیبوں اور گناہوں کی پردہ پوشی کرنی چاہئے۔فرمایا کہ " بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ جب کسی کی

خطبات مسرور جلد 15
141
ہ مورخہ 31 مارچ 2017
کوئی بدی یا نقص دیکھتے ہیں جب تک اس کی اچھی طرح تشہیر نہ کر لیں " اسے پھیلا نہ دیں "ان کو کھانا ہضم نہیں
ہو تا۔" فرمایا " حدیث میں آیا ہے جو اپنے بھائی کے عیب چھپاتا ہے خدا تعالیٰ اس کی پردہ پوشی کرتا ہے۔انسان کو
چاہئے شوخ نہ ہو۔بے حیائی نہ کرے۔مخلوق سے بد سلوکی نہ کرے۔محبت اور نیکی سے پیش آوے۔"
(ملفوظات جلد 10 صفحہ 339-340)
(ماخوذ از ذکر حبیب صفحہ 57)
ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مجلس میں کسی کی کمزوریوں کا ذکر ہوا کہ فلاں شخص میں یہ یہ
کمزوری ہے تو آپ نے اس بات کو سن کر بات کرنے والے کو مخاطب کر کے فرمایا کہ اس کے نقائص تو تم نے بیان کر
دیئے۔بڑے جوش سے اس کے نقص بیان کر رہے ہو، اس کی کمزوریاں تو تم نے گنوا دیں۔اچھا ہوتا اگر اس کی
خوبیوں کا بھی ذکر کیا ہو تا۔آخر اس میں کچھ خوبیاں بھی تو ہوں گی ان کا بھی تو ذکر کرتے۔پس معاشرے کی برائیوں کو دُور کرنے
اور امن اور پیار اور محبت پھیلانے کے لئے ضروری ہے کہ برائیوں کی پردہ پوشی کی جائے اور خوبیوں کو ظاہر کیا
جائے۔خوبیوں کو ظاہر کرنے سے نیکیوں کی بھی تحریک پیدا ہوتی ہے۔ایک حقیقی مسلمان کا کردار یہی ہونا چاہئے کہ
معاشرے میں نیکیاں پھیلائے۔صرف زبان کے مزے اور عارضی بناوٹی خوشی کے لئے یا اس خوشی کا ماحول پیدا
کرنے کے لئے دوسروں کی برائیوں کی تشہیر انتہائی بڑا گناہ ہے۔مجلس میں ایک استہزاء کارنگ پیدا کر کے لوگوں کا
استہزاء کرنا یہ بہت بڑا گناہ ہے جس سے ہر احمدی کو بچنا چاہئے۔ہم نے جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی
بیعت میں آکر یہ عہد بیعت کیا کہ کسی طرح سے بنی نوع انسان کو تکلیف نہیں دینی، نہ ہاتھ سے، نہ زبان سے تو اس
کی پابندی کرنی ضروری ہے۔زبان کے زخم بڑی دیر تک رہتے ہیں۔لوگوں کا استہزاء، ان کی پردہ دری کے اثرات بعض دفعہ ہمیشہ رہتے
ہیں۔پس ہمیں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور اپنے بھائی کے لئے سچی ہمدردی اور خیر خواہی ہمارے دل میں ہونی
چاہئے اور سچی ہمدردی اور خیر خواہی کا اظہار بھی ہو سکتا ہے جب اپنے بھائیوں کی کمزوریوں پر پردہ ڈالا جائے۔ان کی
باتوں کی پردہ دری نہ کبھی مذاق میں کی جائے نہ سنجیدگی سے کی جائے۔ہاں کسی کی کمزوری دیکھ کر سچی ہمدردی کا یہ بھی
تقاضا ہے کہ اس کی اصلاح کی کوشش کی جائے تاکہ وہ برائی یا کمزوری اس شخص میں سے ختم ہو جائے اور اگر اس برائی کا
ماحول پر اثر قائم ہو سکتا ہے یا بد اثرات پڑ سکتے ہیں تو پھر ماحول کو بھی بچایا جا سکے اور یہی نیکی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل کو
جذب کرنے والی ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام اس سلسلے میں ہم میں کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔آپ فرماتے ہیں کہ : " چاہئے کہ
جسے کمزور پاوے اسے خفیہ نصیحت کرے۔"خاموشی سے علیحدہ ہو کر اسے نصیحت کرو۔" اگر نہ مانے تو اس کے لئے
(ماخوذ از ازالہ اوہام جلد 3 صفحہ 564)

خطبات مسرور جلد 15
142
مه فرمودہ مورخہ 31 مارچ 2017
دعا کرے۔نصیحت کرومان لے تو ٹھیک۔نہیں مانتا تو اس کے لئے دعا کرو۔" اور اگر دونوں باتوں سے فائدہ نہ ہو۔"نہ
نصیحت سے فائدہ ہوانہ دعا سے فائدہ ہوا تو پھر کیا کرنا ہے۔فرمایا کہ پھر اسے "تو قضاء و قدر کا معاملہ سمجھے۔" یہ سمجھو
بس یہی اللہ تعالیٰ کی مرضی ہے۔"جب خدا تعالیٰ نے ان کو قبول کیا ہوا ہے تو تم کو چاہئے کہ کسی کا عیب دیکھ کر سر
دست جوش نہ دکھلایا جاوے۔اللہ تعالیٰ نے اسے قبول کیا، اسے توفیق دی کہ اس نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو
مانا، جماعت میں شامل کیا، اس برائی کی وجہ سے اس کی جتنی بدنامی تمہارے خیال میں ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہو رہی اور
کسی رنگ میں اس کی پردہ پوشی ہو رہی ہے۔صرف تمہیں ہی اس کا علم ہوا ہے تو پھر تمہیں بھی جوش دکھانے کی کوئی
ضرورت نہیں۔خاموشی سے بیٹھے رہو۔اللہ تعالیٰ خود ہی اس کی اصلاح کا کوئی ذریعہ پیدا کر دے گا۔فرمایا کہ "ممکن ہے کہ وہ درست ہو جاوے۔وہ کسی وقت درست ہو جائے گا۔پس اس سے پتا لگتا ہے کہ
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نزدیک کسی کا احمدی ہونا اور آپ کی بیعت میں آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے
قبول کیا ہے اور جب اللہ تعالیٰ نے اسے قبول کر لیا ہے تو پھر کسی دوسرے کا حق نہیں بنتا کہ اس کے ذاتی نقائص کو
تلاش کر کے ان کو پھیلایا جائے۔ٹوہ میں لگا جائے۔تجسس کیا جائے اور پھر وہ برائیاں پھیلائی جائیں یا اس کے بارے
میں لوگوں کے سامنے بیزاری کا اظہار بھی کیا جائے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا۔ممکن ہے وہ درست ہو جائے۔آپ ایک جگہ بلکہ اسی تسلسل
میں فرماتے ہیں کہ : "قطب اور ابدال سے بھی بعض وقت کوئی عیب سرزد ہو جاتا ہے۔" بڑے بڑے قطب اور
ابدال جو ہیں ان سے بھی عیب ہو جاتے ہیں۔فرمایا کہ " بلکہ لکھا ہے الْقُطْبُ قَدْ يَزَنی کہ قطب سے بھی زنا ہو جاتا
ہے۔" فرمایا: " بہت سے چور اور زانی آخر کار قطب اور ابدال بن گئے۔" آپ فرماتے ہیں "جلدی اور عجلت سے کسی
کو ترک کر دینا ہمارا طریق نہیں ہے۔"جلدی اور عجلت سے کسی کو ترک کر دینا ہمارا طریق نہیں۔"کسی کا بچہ خراب ہو
تو اس کی اصلاح کے لئے وہ پوری کوشش کرتا ہے۔ایسے ہی اپنے کسی بھائی کو ترک نہ کرنا چاہئے۔" جس طرح بچے
کے لئے کوشش کرتے ہو اسی طرح اپنے بھائیوں کے عیبوں کو دور کرنے کے لئے بھی کوشش کرو۔کوشش بھی اور
دعا بھی " بلکہ اس کی اصلاح کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔" فرمایا " قرآن کریم کی یہ تعلیم ہر گز نہیں ہے کہ عیب
دیکھ کر اسے پھیلاؤ اور دوسروں سے تذکرہ کرتے پھرو۔بلکہ وہ فرماتا ہے تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ وَتَوَاصَوْا
بِالْمَرْحَمَة (البلد: 18 ) کہ وہ صبر اور رحم سے نصیحت کرتے ہیں۔" فرمایا کہ "مرحمہ یہی ہے کہ دوسرے کے عیب
دیکھ کر اسے نصیحت کی جاوے اور اس کے لئے دعا بھی کی جاوے۔" فرمایا " دعا میں بڑی تاثیر ہے اور وہ
شخص بہت
ہی قابل افسوس ہے کہ ایک کے عیب کو بیان تو سو مرتبہ کرتا ہے لیکن دعا ایک مرتبہ بھی نہیں کرتا۔عیب کسی کا
اُس وقت بیان کرنا چاہئے جب پہلے کم از کم چالیس دن اس کے لئے رو رو کر دعا کی ہو۔" بیان کرنے سے یہ بھی مراد
نہیں کہ عیب بیان کرنا چاہئے۔اس کی تشہیر کی اجازت مل گئی۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ

خطبات مسرور جلد 15
143
ہ مورخہ 31 مارچ 2017
اصلاح کرنے والوں کو بھی اگر شکایت کرنی ہے تو پہلے اپنی کوشش اور دعا کر لو پھر شکایت کرو آپ علیہ السلام فرماتے
ہیں کہ۔۔۔۔۔ہمارا یہ مطلب نہیں ہے کہ عیب کے حامی بنو۔" اس کا یہ مطلب بھی نہیں ہے کہ عیب دیکھو اور اس
کے حامی بن جاؤ کہ بڑا اچھا کیا۔اس میں عیب، نقص ہے اور کمزوریاں ہیں تو بہت اچھا ہے۔اس کا حامی نہیں بننا۔" بلکہ
یہ کہ " اس کی " اشاعت اور غیبت نہ کرو۔" اس عیب کو دیکھ کر نہ پھیلاؤ۔نہ لوگوں کے سامنے بتاؤ، نہ پیچھے بتاؤ۔"کیونکہ کتاب اللہ میں جیسا آگیا ہے تو یہ گناہ ہے کہ اس کی اشاعت اور غیبت کی جاوے۔" آپ فرماتے ہیں کہ " شیخ
سعدی کے دوشاگرد تھے۔ایک ان میں سے حقائق اور معارف بیان کیا کرتا تھا۔" بڑالا ئق تھا۔اس کو علم و فضل
حاصل تھا۔بڑے حقائق اور معارف بیان کیا کرتا تھا " دوسر اجلا بھنا کرتا تھا۔" اس میں اتنی لیاقت نہیں تھی۔وہ اس پر
جلتا بھفتا رہتا تھا یعنی ایک شاگرد تو بڑا ہو شیار تھا دوسرا کم ہو شیار اور جو کم تھا جیسا کہ میں نے کہا وہ ہوشیار کے علم پر جلتا
کڑھتارہتا تھا۔" آخر پہلے نے سعدی سے بیان کیا کہ جب میں کچھ بیان کرتا ہوں تو دوسرا جلتا ہے اور حسد کرتا ہے۔" شیخ سعدی" نے جواب دیا کہ ایک نے راہ دوزخ کی اختیار کی کہ حسد کیا۔ایک تو حسد کر کے دوزخ کے
رستے پر چل پڑا اور تُو نے غیبت کی۔" اب یہ بھی کوئی نیکی کی بات نہیں جو تو مجھے بتارہا ہے۔غیبت کر کے تم بھی دوزخ
کے رستے کی طرف چل پڑے۔پس دونوں ہی گنہگار ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام اس واقعہ کو بیان فرما کر
فرماتے ہیں کہ۔۔۔۔۔۔یہ سلسلہ چل نہیں سکتا جب تک رحم، دعا، ستاری اور مرحمہ آپس میں نہ ہو۔"
"اس پر
"
(ملفوظات جلد 7 صفحہ 78-79)
پس ایک طرف تو ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں آکر ہم اپنے اندر
پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری طرف ہم اگر دنیادار معاشرے کے زیر اثر آگئے ہیں اور
اللہ تعالیٰ کی صفات اور احکامات کو اپنے پر لاگو کرنے کی کوشش نہیں کر رہے تو ہم اپنے عہد کو پورانہ کر کے گنہگار ہو
رہے ہیں۔ہم وہ نہیں بن رہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام ہمیں بنانا چاہتے ہیں۔آپ ہمیں کیا دیکھنا
چاہتے ہیں ؟ یہی کہ ہم آپس میں ایک دوسرے کے لئے رحم پیدا کریں۔ایک دوسرے کے لئے دعا کرنے والے
ہوں۔ایک دوسرے کی ساری کرنے والے ہوں۔ایک موقع پر آپ نے فرمایا کہ : " ہماری جماعت کو چاہئے کہ کسی بھائی کا عیب دیکھ کر اس کے لئے دعا
کریں۔لیکن اگر وہ دعا نہیں کرتے اور اس کو بیان کر کے ڈور سلسلہ چلاتے ہیں تو گناہ کرتے ہیں۔" فرمایا کہ کون سا
ایسا عیب ہے جو کہ دُور نہیں ہو سکتا۔اس لئے ہمیشہ دعا کے ذریعہ سے دوسرے بھائی کی مدد کرنی چاہئے۔"
(ملفوظات جلد 7 صفحہ 77-78)
اور جب ہم اس طرح ایک دوسرے کی مدد کریں گے اور بجائے ایک دوسرے کے عیب نکالنے اور
دوسروں کی پردہ دری کرنے کے ایک دوسرے کے لئے دعا کر رہے ہوں گے تو تبھی ہم وہ حقیقی جماعت بن سکتے ہیں

خطبات مسرور جلد 15
144
خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 31 مارچ 2017
جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام بنانا چاہتے ہیں اور یہی ایک حقیقی مسلمان کی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے
ارشادات کے مطابق حالت ہونی چاہئے اور یہی حالت ہے جو ہماری بخشش اور مغفرت اور ستاری کا ذریعہ بھی بنتی
ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی عافیت میں آنے اور اس کے فضلوں کو جذب کرنے کے لئے ایک
دعا بھی سکھائی ہے جسے ہمیں کرتے رہنا چاہئے۔دعا یہ ہے کہ : " اے اللہ ! میں تجھ سے دنیا و آخرت میں عافیت کا
طلبگار ہوں۔مولی ! میں تجھ سے دین و دنیا، مال اور گھر بار میں عفو اور عافیت کا خواستگار ہوں۔اے اللہ میری
کمزوریاں ڈھانپ دے اور مجھے میرے خوفوں سے امن دے۔اے اللہ ! آگے پیچھے دائیں بائیں اور اوپر سے خود
میری حفاظت فرما اور میں تیری عظمت کی پناہ چاہتا ہوں کہ میں نیچے سے کسی مخفی مصیبت کا شکار ہوں۔"
(سنن ابو داؤد کتاب الادب باب ما يقول اذا اصبح حديث 5074)
پس جب یہ دعا ہم اپنے لئے کریں تو دوسروں کے لئے بھی ایسے ہی جذبات رکھنے والے ہوں اور جب یہ
حالت ہو جائے تو اللہ تعالیٰ پھر دعائیں قبول بھی فرماتا ہے۔اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم اس کی رضا کو حاصل کرنے والے بنیں۔نماز کے بعد میں ایک جنازہ غائب بھی پڑھاؤں گا جو مکرم ملک سلیم لطیف صاحب ایڈووکیٹ۔صدر
جماعت ننکانہ صاحب (پاکستان) کا ہے۔یہ مکرم ملک محمد شفیع صاحب کے بیٹے تھے۔70 سال ان کی عمر تھی۔گل 30
مارچ 2017ء صبح تقریباً 9 بجے گھر سے اپنے بیٹے کے ہمراہ کچہری جاتے ہوئے راستہ میں ایک معاند احمدیت نے
فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا۔اِنَّا لِله وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔شہید مرحوم کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ شہید
مرحوم کے والد مکرم محمد شفیع صاحب کے دوماموں حضرت حافظ نبی بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام
اور حضرت جمال دین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے ہوا تھا۔ان کا تعلق چک سعد اللہ
نزد قادیان سے تھا۔شہید مرحوم کے والد صاحب پیدائشی احمدی تھے۔پارٹیشن سے قبل ہی ننکانہ صاحب آکر آباد
ہو گئے۔شہید مرحوم 1948ء میں ننکانہ صاحب میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم ننکانہ صاحب میں حاصل کی اور لاہور
سے ایل۔ایل۔بی کرنے کے بعد 1967ء سے بحیثیت وکیل پریکٹس کا آغاز کیا۔وقوعہ کے مطابق شہید مرحوم اپنے
بیٹے محمد فرحان ایڈووکیٹ کے ہمراہ صبح 9 بجے کورٹ جانے کے لئے موٹر سائیکل پر روانہ ہوئے۔ان کا بیٹا موٹر
سائیکل چلا رہا تھا۔وہاں ایک چوک بازار بیری والا ہے اس کے قریب جب یہ پہنچے تو ایک شخص نے ان کو رکنے کا
اشارہ کیا۔موڑ کی وجہ سے موٹر سائیکل پہلے ہی نسبتاً آہستہ تھی۔اسی دوران مذکورہ شخص نے اپنی بندوق سے فائر کیا
جو شہید مرحوم کے دائیں جانب پہلی میں لگا اور دوبارہ لوڈ کر کے پھر پشت پر فائر کیا۔شہید مرحوم موٹر سائیکل سے گر
گئے۔اس دوران حملہ آور نے بیٹے پر بھی فائر کیا جو بیٹے کو نہ لگا۔اس کے بعد بھی مسلسل فائرنگ کی کوشش کرتارہا۔ان کا بیٹا جو وہاں موجود تھا وہ تو اونچی آواز میں کلمہ پڑھتا رہا لیکن لوگ جو قریب کھڑے تھے ان میں سے کسی نے
آگے بڑھ کے روکنے کی کوشش نہیں کی تماشا دیکھتے رہے کیونکہ دوبارہ اس سے پھر گن لوڈ نہیں ہوئی اور فائر نہیں
ہوئے تو اس پر حملہ آور فرار ہو گیا۔لیکن اسی دوران میں زخمی حالت میں شہید مرحوم شہید ہو چکے تھے۔شہید کے

خطبات مسرور جلد 15
145
دہ مورخہ 31 مارچ 2017
والد صاحب پارٹیشن کے وقت تحصیلدار کے ریڈر تھے جس کی بناء پر شہید مرحوم کے والد نے پارٹیشن کے بعد
متعد داحمدی خاندانوں کو ننکانہ میں آباد کیا۔ان کی بڑی مدد کی۔ننکانہ کا ایک علاقہ احمدیوں سے آباد کیا جس کا نام کوچہ
احمد یہ رکھا ہوا تھا۔بہر حال بعد میں 1974ء میں جب جماعت کے خلاف وہاں قانون پاس ہوا تو مخالفین کے دباؤ پر
اس کو چہ احمدیہ کا نام تبدیل کر کے پھر قذافی سٹریٹ رکھ دیا گیا۔شہید مرحوم کو 1977ء سے تا دم شہادت سوائے تین سال کے بحیثیت صدر جماعت ننکانہ صاحب
خدمت کی توفیق ملی۔مرحوم بیشمار خوبیوں کے مالک تھے۔ملنساری اور مہمان نوازی اور خصوصاًمر کزی مہمانوں کی
خدمت کے علاوہ غریبوں سے ہمدردی کا وصف نمایاں تھا۔ہمیشہ ہر ایک کی مدد کو تیار رہتے۔نمازوں کے پابند اور
خلافت سے والہانہ لگاؤ تھا۔نڈر اور دلیر انسان تھے۔احباب جماعت کے ہمراہ انہیں بھی شدید مخالفانہ حالات کا سامنا
رہا۔1989ء میں بیشتر احمدی گھرانوں کو مخالفین نے جلا دیا اور لوٹ لیا جس میں شہید مرحوم کا گھر بھی شامل تھا۔ان
تمام مخالفانہ حالات کے باوجود آپ ہمیشہ ثابت قدم رہے اور مخالفین کا مردانہ وار مقابلہ کرتے رہے۔2010ء میں
مقامی احمد یہ مسجد کی تعمیر میں ان کو بھر پور خدمت کی توفیق ملی۔شہید مرحوم کی اہلیہ محترمہ کو بھی لمبا عرصہ صدر
لجنہ کی توفیق ملی۔چند سال پہلے ان کی وفات ہو گئی تھی۔شہید مرحوم کے سسر ملک محمد دین صاحب مرحوم تھے جو معروف جماعتی مقدمہ ساہیوال میں نامز دتھے
اور اسیری کے دوران ہی جیل میں وفات پاگئے تھے۔شہید مرحوم کے پسماندگان میں دو بیٹے ملک محمد اویس جو سول جج
لاہو ر ہیں اور محمد فرحان ایڈووکیٹ ہیں۔یہ اس وقت وہاں خدام الاحمدیہ کے قائد بھی ہیں اور ایک بیٹی ڈاکٹر ثمرہ و قار
صاحبہ ہیں جو لاہور میں ہیں۔اور ان کے تین بھائی ہیں اور تین بہنیں ہیں۔ایک بھائی ملک محمد نسیم صاحب یہیں لندن
میں ہیں۔شہید مرحوم کے والد صاحب اور ڈاکٹر عبد السلام صاحب کی والدہ کی آپس میں رشتہ داری بھی تھی۔شہید مرحوم اور ان کی فیملی کی خواہش کے پیش نظر ان کے آبائی علاقہ ساہیوال میں ان کی تدفین عمل میں
آئی ہے۔اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے اور ان کی اولاد کو بھی ان کے نقش قدم پر چلائے۔نیکیوں میں آگے
بڑھاتا چلا جائے اور مخالفین احمدیت اور دشمنان کے بھی جلد پکڑ کے سامان پیدا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 21 اپریل 2017ء تا 27 اپریل 2017 ء جلد 24 شمارہ 16 صفحہ 05 تا08)

آج 10 میں سے 10 باقی