پاکستان کی ناگفتہ بہ حالات اور جماعت احمدیہ کی حب الوطنی

AI summary.

اس خطبہ جمعہ میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمہ اللہ نے ملک میں فتنہ و فساد پھیلانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کے افراد کو وطن سے سچی محبت اور امن کے قیام کی تلقین فرمائی۔ انہوں نے شدید اشتعال انگیزی کے باوجود صبر اختیار کرنے اور تدابیر کے ساتھ دعاؤں پر کامل انحصار کرنے کی اہمیت واضح فرمائی کہ غلبہ اور عاقبت متقین کے لیے مقدر ہے۔ خطبہ ثانیہ میں انہوں نے شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر بارش اور موسم کی بہتری کے لیے خصوصاً غرباء کے واسطے دعا کی تحریک فرمائی۔

موضوعات: حب الوطنی، قیام امن، صبر کی تلقین، دعا کی اہمیت، طلب باراں کی دعا

خطبات طاہر جلد ۲
385
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
اور پھر فرمایا:
پاکستان کی نا گفتہ بہ حالات اور
جماعت احمدیہ کی حب الوطنی
( خطبه جمعه فرموده ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء بمقام مسجد اقصیٰ ربوہ )
تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے درج ذیل قرآنی آیت تلاوت کی فرمائی:
تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا
فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ (القصص: ۸۴)
بعض مسلسل ظاہر ہونے والی علامتوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس ملک میں بعض لوگ فتنہ و
فساد پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں اور گو یا ادھار کھائے بیٹھے ہیں۔ ادھار کھائے بیٹھے کا محاورہ بھی بڑا
دلچسپ ہے، جیسے کوئی کسی سے پیسے لے چکا ہو اور یہ کہے کہ جب تک میں تمہارا مقصد پورا نہ کر دوں
اور یہ فساد برپا نہ کر دوں مجھ پر یہ ادھار ہے۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے کہ کن معنوں میں یہ محاورہ ان فساد
پھیلانے والوں پر صادق آتا ہے لیکن جہاں تک علامتوں کا تعلق ہے اس میں کوئی بھی شک نہیں کہ وہ
لوگ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ کسی طرح ہمارے عزیز ، پیارے اور محبوب وطن میں فساد برپا کر دیں۔
اس کے برعکس جماعت احمدیہ کے افراد کیا مرد اور کیا عورتیں سب نے یہ تہیہ کر رکھا ہے اور یہ عزم صمیم
کر رکھا ہے کہ ہم نے یہ فساد بر پانہیں ہونے دینا۔

خطبات طاہر جلد ۲
386
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
پس یہ بڑا دلچسپ مقابلہ ہے۔ لوگ جتنا آپ کو تنگ کریں ، دکھ دیں اور کوشش کریں کہ آپ
کو فساد کا بہانہ بنایا کانم جائے اتنا ہی زیادہ صبر اور عزم کا نمونہ دکھانے کی ضرورت ہے اور بیدار مغزی اور
بڑی ذہانت کے ساتھ اس بات کو سمجھتے ہوئے کہ ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ اس موقع
پر، تاریخ کے اس سنگم میں جس میں اس وقت ہم کھڑے ہیں ، کسی قیمت پر بھی فسادنہ ہونے دیا جائے۔
ہمارے ملک کی یہ عجیب تاریخ ہے اور بڑی بد قسمتی ہے کہ جب بھی بیرونی خطرات نمایاں
ہوتے ہیں بعض مخصوص طبقات ملک میں لازماً فساد کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ مشہور و معروف ہیں اور
ان کی تاریخ انمٹ حقائق کے ساتھ لکھی گئی ہے اور سب پہچاننے والے انہیں پہچانتے ہیں لیکن بد قسمتی
یہ ہے کہ دھو کہ کھانے والے پھر بھی دھوکہ کھا جاتے ہیں ۔ جب بھی اس ملک میں اندرونی فساد بر پا
ہوئے ہیں ہمیشہ کوئی بیرونی خطرہ لازماً سر پر منڈلا رہا تھا اور اندرونی فسادات نے ان خطرات کو
تقویت دی اس لئے ہر محب وطن احمدی کا فرض ہے کہ وہ کسی قیمت پر بھی ملک میں فساد نہ ہونے
دے۔ محب وطن سے میری مراد نہ صرف پاکستان بلکہ تمام دنیا کے احمدی ہیں اور یہ ایک حقیقت ہے
کہ ہر احمدی اپنے اپنے ملک اور اپنے اپنے وطن کا محب ہے اور یہ ہماری تعلیم ہے اور یہ ہمارا ایمان
ہے کہ آج دنیا کی تمام قوموں میں سب سے زیادہ سچائی اور وفا کے ساتھ اگر کوئی اپنے وطن سے محبت
کرتا ہے اور وطن کی محبت جس کا جزوایمان بن گئی ہے تو وہ جماعت احمد یہ کے افراد ہیں ۔
اگر ہم زیادہ وسیع نظر سے دیکھیں تو ساری دنیا ہی اس وقت فسادات کا شکار ہے اور تمام دنیا
میں بعض تخریبی طاقتیں جو بڑے عظیم ملکوں سے بھی تعلق رکھتی ہیں اور نسبتا چھوٹے ملکوں سے بھی تعلق
رکھتی ہیں وہ پوری طرح سرگرم عمل ہیں کہ کسی طرح فساد برپا ہو۔ پس بین الاقوامی جماعت کے افراد کا
اس کے مقابل پر یہ فرض ہے کہ اپنے اپنے وطن میں ہر وہ ذریعہ استعمال کریں جس کے نتیجہ میں فساد
دب جائے اور فساد کا کوئی موقع پیدا نہ ہو لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے اور اس سے انکار نہیں کہ ہماری
جماعت کمزور ہے، محدود طاقت اور محدود داثر رکھتی ہے اس لئے ضروری نہیں کہ ہماری امن کی ہر کوشش
کامیاب ہو۔ یہ تو ہو سکتا ہے کہ احمدی صبر کا انتہا سے زیادہ نمونہ دکھا ئیں لیکن اس بات کی ضمانت پھر
بھی نہیں کہ دنیا میں فساد برپا نہ ہو کیونکہ جو لوگ فساد پر تل جاتے ہیں وہ عجیب و غریب بہانے
ڈھونڈتے ہیں۔ کوئی معقول بہانہ نہ ملے تو نا معقول بہانہ تلاش کر لیتے ہیں۔

خطبات طاہر جلد ۲
387
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
آپ : پ نے بھیڑ کے بچے اور بھیڑیے کا پانی پینے والا قصہ بھی سنا ہوا ہے اور یہ قصہ بھی سنا ہوا
ہے کہ ایک دفعہ ایک مرد جو ہر وقت لڑائی پر تلا رہتا تھا اپنی بیوی کے ہر کام میں کوئی نہ کوئی نقص نکال ہی
لیتا تھا، کبھی روٹی جل گئی اور کبھی کچی رہ گئی، کبھی نمک زیادہ ، کبھی مرچ زیادہ ہوگئی اور کبھی دونوں کی کمی
واقع ہو گئی، کبھی پانی گرم، کبھی چائے ٹھنڈی ۔ اس بیچاری کو تو مصیبت پڑی ہوئی تھی ۔ ہر روز کسی نہ کسی
بہانے فساد پر آمادہ رہتا اور اسے زدوکوب کیا کرتا تھا۔ ایک دفعہ اس کی بیوی نے خوب تیاری کی ہر چیز
کی بہت ہی زیادہ احتیاط کی ، نمک مرچ زیادہ نہ کم ، پانی بھی مناسب، چائے بھی مناسب ، اور ہر چیز
درست کر دی، روٹی بھی بہت احتیاط سے پکائی اور اپنے خاوند کے چہرہ کے آثار دیکھنے لگی ۔ اس نے
ذہنی طور بہانہ ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی لیکن کوئی بہانہ ہاتھ نہ آیا۔ اس نے فساد تو بہر حال کرنا
تھا ارادہ جو تھا، ادھا رکھائے بیٹھا تھا۔ اس نے بالآخر یہ ترکیب اختیار کی کہ بیوی سے کہا کہ ”او ظالم
عورت تو روٹی تو ہاتھ سے پکا رہی ہے تیری کہنیاں کیوں ہل رہی ہیں اور اس بات پر اسے مارنا
شروع کر دیا۔ خیر ! بیوی مارکھا کر بیٹھ گئی ۔ پھر جب وہ دوبارہ کھانا کھانے لگا تو بیوی نے اس کی داڑھی
پکڑ لی اور کہا ۔ او بد بخت تو کھانا تو منہ سے کھا رہا ہے تیری داڑھی کیوں ہل رہی ہے۔“
پس میں آپ کو یہ سمجھا رہا ہوں کہ کسی احمدی نے داڑھی بھی نہیں پکڑنی کسی احمدی کا ہاتھ کسی
داڑھی پر نہیں اٹھے گا اور کسی کی عزت اور مال اور جان سے نہیں کھیلے گا چاہے اس کے لئے اسے انتہائی
صبر ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ ہاں اللہ کی تقدیر آزاد ہے وہ مالک ہے اس کا ہا تھ اگر کسی داڑھی پر پڑ جائے
تو کوئی بال باقی نہیں رہنے دیتا۔ جس کی داڑھی بھی ذلیل کرنے کے لئے چنے یہ اس کی مرضی ہے، اس
میں ہمارا کوئی دخل نہیں لیکن اس معاملہ میں بھی ہماری دعائیں ایسے لوگوں کے حق میں ہونی چاہئیں ۔
نہ صرف صبر کرنا ہے بلکہ ان کے حق میں دعائیں کرنی ہیں کیونکہ جس پر خدا کا غضب نازل ہوا سے
ملیا میٹ کر دیتا ہے تباہ کر کے رکھ دیتا ہے اور ایسی قوموں کو قصہ پارینہ بنا دیا کرتا ہے۔
پس ہم تو رحمۃ للعالمین کے غلام ہیں اور اسی کے غلام رہیں گے کسی کی تباہی کا حال دیکھ کر
وقتی جوش اور وقتی خوشی کے نعرے بھی بے وقوف لوگ لگایا کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دکھ خواہ کسی کا
صلى الله
۔
بھی ہو دکھ ہی ہے اور خدا کا غضب تو بہت ہی بڑا دکھ ہے۔ آنحضرت ﷺ کے سچے غلام کی حیثیت
سے ہمیں لازماً دعائیں کرنی چاہئیں اور یہ دعا بھی کرنی چاہئے کہ ہم کسی پر عذاب نازل ہوتا بھی نہ

خطبات طاہر جلد ۲
388
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
دیکھیں۔ ہماری دعاؤں کے دورخ ہونے چاہئیں ، ایک اپنے لئے اور ایک اپنے غیر کے لئے ۔ اپنے
لئے یہ دعا کہ اے خدا! ہم تیری زمین میں لازما امن قائم رکھنے کی کوشش کریں گے اور ہر ممکن صبر سے
کام لیں گے مگر اے ہمارے آقا! تیرے فضل کے بغیر صبر کی توفیق کسی کومل ہی نہیں سکتی ۔ انسان کی
طاقت ہی نہیں کہ محض اپنے ارادے سے کچھ حاصل کر سکے۔
آپ میں سے بعض کو شاید یہ خیال آئے یعنی میرے سب مخاطبین میں سے خواہ وہ دنیا میں
کہیں بھی ہوں کہ عام طور پر تو دنیا میں یہی تقدیر جاری ہے کہ لوگ جو ارادے کرتے ہیں جو سکیمیں
بناتے ہیں وہ دعا بھی نہیں کرتے تو ان کی تدبیروں کو کچھ نہ کچھ پھل ضرور لگتے ہیں مگر جماعت احمد یہ کو
کیوں ہر دفعہ تدبیر کے ساتھ دعا کی طرف خاص طور پر توجہ دلائی جاتی ہے ۔ یہ اہم سوال ہے جس پر
میں کچھ روشنی اپنے دوسرے مضمون سے ہٹ کر ضرور ڈالنا چاہتا ہوں ۔ میں نے اس پہلو سے اللہ تعالیٰ
کی تقدیر کا بڑی گہری نظر سے مطالعہ کیا ہے اور میں اس قطعی نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ وہ لوگ جو خدا کے
مومن بندے ہیں جو خدا کی اپنی جماعت کہلاتے ہیں ان کے ساتھ اللہ کا اور سلوک ہے اور جو لوگ
دنیا دار ہیں جن کا خدا تعالیٰ سے کوئی تعلق نہیں ان کے ساتھ اور سلوک ہے ۔ جو خدا تعالیٰ سے تعلق توڑ
کر دنیا کے ہو جاتے ہیں ان کے لئے عام قانون جاری ہے ۔ ان کی کوشش میں اگر حکمت اور محنت
شامل ہو تو اسے دنیا کے عام دستور کے مطابق پھل لگتے رہتے ہیں مگر جنہیں خدا تعالیٰ اپنا بنا لیتا ہے ان
کی توجہ بار بار اپنی طرف مبذول کرانی چاہتا ہے اور انہیں یہ بتانا چاہتا ہے کہ میں تمہارا ہوں اور میرے
بغیر تم کچھ بھی نہیں ہو اس لئے اگر وہ دعا نہ کریں تو ان کی عام کوششیں بھی ناکام ہو جایا کرتی ہیں، ایسی
کوششیں جو اگر دنیا دار کی ہوں تو پھل دے دیں لیکن اگر مومن خدا سے غافل ہو جائے اور اپنی طاقت
پر انحصار کرنے لگے تو پھر خدا تعالیٰ اسے ان کوششوں کے پھل سے محروم کر دے گا پس اس میں آپ
کے لئے ایک مستقل سبق ہے۔
تاریخ اسلام اور تاریخ احمدیت کے مطالعہ سے بھی یہی سبق ملتا ہے اور اگر آپ روز مرہ
زندگی میں اپنے حالات کا گہری نظر سے مطالعہ کریں تو آپ ضرور اس نتیجہ پر پہنچیں گے کہ آپ چونکہ
اللہ تعالیٰ کے بندے ہیں اور وہ آپ کا اپنے ساتھ گہرا تعلق دیکھنا چاہتا ہے اس لئے اس نے محض اپنے
فضل سے تمہاری عام کوششوں کو اس گہرے رابطہ سے منسلک کر دیا ہے جو کبھی ٹوٹ نہیں سکتا، اگر آپ

خطبات طاہر جلد ۲
389
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
توڑیں گے تو کسی نہ کسی برکت سے محروم رہ جائیں گے۔ میں نے مشاہدہ کیا ہے کہ بعض کوششیں بہت
اچھی اور بڑی محنت سے کی جاتی ہیں لیکن اگر غفلت کی وجہ سے کسی وقت دعا سے توجہ ذرا ہٹ جائے یا
کم ہو جائے تو الٹ نتیجے ظاہر ہونے شروع ہو جاتے ہیں اور جو نہی دعا کی طرف توجہ مبذول ہوتی ہے
تو وہ ساری باتیں درست ہونے لگ جاتی ہیں اس لئے جماعت احمد یہ کے لئے بہر حال یہ ضروری
ہے کہ وہ دعا سے غافل نہ ہو اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو لازما کامیابی نصیب ہوگی
کیوں کہ خدا تعالیٰ کا یہ وعدہ ہے۔
میں نے جو آیات تلاوت کی ہیں ان میں خدا تعالیٰ نے قطعی وعدہ فرمایا ہے کہ آخرت اور
عاقبت متقین کے لئے ہے اور انہیں ہی نصیب ہوگی تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ
لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا ان لوگوں کو نصیب ہوگی جو ذاتی برتری کی
خاطر دنیا میں حکومتوں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش نہیں کرتے جو اس بات سے بے نیاز ہیں کہ ان کی
حیثیت کیا ہے ان کا تو کل اپنے رب پر ہوتا ہے وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ یہ ایک جاری و ساری
قانون ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ انجام کار بہر حال متقین کی فتح ہوتی ہے جو اللہ تعالیٰ سے ڈرنے
والے ہیں۔
پس اس پہلو سے ہمیں تو کسی حکومت میں بھی دلچسپی نہیں ہے، صرف ایک دلچسپی ہے کہ
ساری دنیا میں اللہ کی حکومت قائم ہو جائے ۔ ہمارا تاج رضوان یار کا تاج ہے، ہماری بادشاہت الہی
بادشاہت ہے اور اس معاملہ میں ہمارا رقیب ہی کوئی نہیں ہم اس میدان میں تنہا ہیں۔
دنیا میں جتنے بھی لوگ مذہب کے نام پر کوششیں کرنے والے ہیں آپ ان کی زندگی کا
مطالعہ کر کے دیکھ لیں وہ دراصل محلو چاہتے ہیں ، ذاتی بڑائی چاہتے ہیں ، کوئی دنیاوی مقصد سامنے
رکھ کر مذہب کے نام پر فساد بر پا کرتے ہیں ، ان سے متعلق اللہ تعالیٰ نے اسی آیت میں تجزیہ بھی فرما
دیا ہے کہ اگر محلو چاہو گے تو اس کے نتیجہ میں بنی نوع انسان کی بھلائی ظاہر نہیں ہو گی خواہ وہ دنیاوی
مقصد ہو یا کوئی اور مقصد ، اس کا کوئی بھی نام رکھ لیا جائے لیکن اگر نیتوں میں یہ خواہش ہو کہ ہم
دوسروں پر غلبہ پا جائیں اور ان کے امور کی باگ ڈور ہمارے ہاتھ آجائے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ
نیت اس بات کی ضامن ہو جائے گی کہ تم فسادی ہو کیوں کہ معلو کی خاطر کوشش کرنے والے بنی

خطبات طاہر جلد ۲
390
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
نوع انسان کی بھلائی نہیں کیا کرتے بلکہ ہمیشہ فساد بر پا کرتے ہیں۔
اس پہلو سے جماعت احمد یہ کلیہ مستثنی ہے کیونکہ جماعت احمد یہ معلو کی کوئی خواہش ہی
نہیں رکھتی ، وہ صرف اللہ کی رضا کی خواہش رکھتی ہے، وہ خدا کی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں ہے،
وہ یہ چاہتی ہے کہ کسی طرح رضوان یار حاصل ہو جائے ۔ پس ان باتوں پر ان صفات پر اگر آپ پورے
صبر اور وفا کے ساتھ قائم رہیں گے تو اللہ تعالیٰ کی یہ خوش خبری ہے کہ وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ۔ اللہ
لاز ما انجام کار آپ فتحیاب ہوں گے اللہ تعالیٰ ہمیں یہ فتح عطا فرمائے ۔ آمین
خطبہ ثانیہ کے دوران فرمایا:
کل مغرب کی نماز کے بعد مکرم خواجہ عبد المومن صاحب نے توجہ دلائی کہ اب پھر گرمی بہت
بڑھ گئی ہے اور برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہے دوبارہ دعا کی طرف توجہ کرنی چاہئے اور احباب
جماعت کو تلقین کرنی چاہئے ۔ چنانچہ میں نے ان سے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ کل خطبہ جمعہ میں تلقین
کروں گا لیکن صبح جب بادل دیکھے تو میں متردد گیا۔ مجھے خیال آیا کہ اب اگر تلقین کی تو بعض کمزور
ایمان والوں کے لئے ٹھوکر کا موجب نہ ہو اور اپنی بے وقوفی اور نادانی سے یہ نہ سمجھنے لگیں کہ جماعت
احمد یہ اسی قسم کی دعائیں کرتی ہے بادل دیکھے تو تلقین کر دی اور بعد میں کہہ دیا کہ دعا قبول ہو گئی ۔ یہ غور
کرتے ہوئے خیال آیا کہ تلقین نہ کی جائے۔ پھر خدا نے توجہ اس طرف پھیری کہ یہ بات بھی کامل عجز
کے خلاف ہے۔ ہزار ہا با دل آئے ہوئے بھی بغیر بر سے چلے جایا کرتے ہیں۔ خدا تعالیٰ کی رحمت کی
ہزار علامتیں بھی ظاہر ہو جائیں تب بھی اللہ تعالیٰ کے فضل کے بغیر وہ عمل میں نہیں ڈھلتی اس لئے قطع
نظر اس کے کہ کوئی ٹھو کر کھاتا ہے یا نہیں تو اپنے خدا سے اپنے معاملات صاف اور سیدھے رکھو اور عجز
کے مقام سے نہ ہٹو۔
چنانچہ میں نے ارادہ کیا کہ لازماً تحریک کروں گا۔ اس پر مجھے اپنا ایک پرانا واقعہ یاد آ گیا
شائد پہلے بھی بتا چکا ہوں لیکن ہے دلچسپ۔ ایک دفعہ ہم برف دیکھنے کی نیت سے ڈلہوزی گئے ، ہم چھ
سات بچے تھے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے ایک مربی بطور منتظم ہمارے ساتھ بھیج دیا۔ جب ہم جار ہے
تھے تو راستہ میں ایک پرانے پہاڑی آدمی نے جو ہمارے ساتھ ہی بس میں بیٹھا ہوا تھا دوران گفتگو کہا
کہ آج کل موسم ایسا ہے کہ برف ضرور پڑتی ہے بادل آجا ئیں سہی ، برف ضرور پڑ جائے گی لیکن اگر

خطبات طاہر جلد ۲
391
خطبہ جمعہ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء
بادل نہ ہوں تو پھر کچھ نہیں ہو سکتا۔ اپنی نادانی میں اور میں سمجھتا ہوں کہ اس نادانی نے ایک بڑا گہرا
سبق عطا کیا اس لئے بری نادانی نہیں تھی ، ہم نے یہ دعا کی کہ اے اللہ میاں بادل ! تو بھیج دے برف
ہم خود ہی بنالیں گے۔ چنانچہ سات دن وہاں ٹھہرے رہے مسلسل بادلوں کے باعث سورج کا منہ نہیں
دیکھا۔ اولے بر سے مگر برف کا ایک فلیک Flake تک نہیں گرا۔
پس اللہ تعالیٰ یہ بتانا چاہتا تھا کہ یہ بادل اور یہ علامتیں کیا چیز ا چیز ہیں میرے غلام در ہیں ۔
میرے تابع فرمان ہیں میں حکم دوں گا تو کچھ کریں گے اس کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے ۔ تو اس وقت سے
ایک مستقل سبق مجھے حاصل ہوا کہ بندہ کا اصل مقام یہ ہے کہ وہ دعا کرے اور ظاہری علامتوں پر
انحصار نہ کرے۔
پس ہمیں اب پھر دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ رحم اور فضل کی بارش برسائے اور موسم خصوصاً
غربا کے لئے تبدیل کر دے۔ امراء کو تو پھر بھی کچھ نہ کچھ سہولتیں حاصل ہوتی ہیں۔ یہاں ربوہ میں جو
میں نے جائزہ لیا ہے غربا کے مکانوں کی ایسی نا گفتہ بہ حالت ہے کہ بہت ہی خطرناک حالات میں وہ
زندگی بسر کر رہے ہیں تو ان کا نام لے کر دعا کریں تو شاید اللہ تعالیٰ فضل فرما دے اور امیروں کو بھی
ساتھ ہی فائدہ پہنچ جائے ۔
( روزنامه الفضل ربوہ یکم اگست ۱۹۸۳ء)

آج 10 میں سے 10 باقی