اللّٰہ تعالیٰ کی صفت حلیم
AI summary.
اس خطبہ جمعہ میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمہ اللہ نے اللہ تعالیٰ کی صفت حلیم اور حلم و بردباری کی حقیقت بیان فرمائی۔ آپ نے قرآن کریم کے حوالے سے الٰہی صفات کے باہمی جوڑ اور صبغت اللہ اختیار کر کے مخالفین کے مقابلے میں ان صفات کی پناہ حاصل کرنے کا ذکر کیا۔ نیز آپ نے غصے پر قابو پانے، باہمی جھگڑوں کو حلم سے سلجھانے اور بالخصوص اپنے گھروں میں کمزوروں کے ساتھ بردباری اور نرمی کا سلوک کرنے کی تلقین فرمائی۔
موضوعات: صفت حلیم، صفات باری تعالیٰ، ضبط نفس اور ضبط غضب، عائلی اور خاندانی جھگڑے، جماعت احمدیہ
خطبات طاہر جلد ۳
147
خطبه جمعه ۱۶ مارچ ۱۹۸۴ء ار
اللہ تعالیٰ کی صفت حلیم
( خطبه جمعه فرموده ۶ امارچ ۱۹۸۴ء بمقام مسجد اقصیٰ ربوہ )
تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد درج ذیل آیات قرآنیہ تلاوت فرمائیں:
لَا يُؤَاخِذُ كُمُ اللهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ وَلَكِنْ
تُؤَاخِذُ كُمْ بِمَا كَسَبَتْ قُلُوبُكُمْ وَاللَّهُ غَفُورٌ
حَلِيمٌ (البقره: ۲۲۶)
قَوْلٌ مَّعْرُوفٌ وَمَغْفِرَةً خَيْرٌ مِّنْ صَدَقَةٍ يَتْبَعُهَا أَذًى
وَاللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٌ (البقره: ۲۶۴)
یہ دو آیات جو میں نے آپ کے سامنے تلاوت کی ہیں ان میں اللہ تعالیٰ کی صفت حلم کا ذکر
ہے یعنی اللہ تعالیٰ کو حلیم کے طور پر پیش فرمایا گیا ہے۔ ایک جگہ غَنِيٌّ حَلِيمٌ فرمایا اور دوسری جگہ
غَفُورٌ حَلِيمٌ فرمایا اور مضمون کی مطابقت کے ساتھ جہاں غَنِی حَلِیم فرمایا وہاں غنا کا ہی
تعلق حلم سے ثابت ہوتا ہے اور جہاں غَفُورٌ حَلِیم فرمایا وہاں بخشش کا تعلق حلم سے ثابت ہوتا ہے۔
اسی طرح بہت سی اور آیات میں حلیم کا تعلق بعض دوسری صفات کے ساتھ جوڑ کر بیان فرمایا ہے جس سے
معلوم یہ ہوتا ہے کہ مختلف صفات ہر موقع کے لحاظ سے بعض دفعہ اکیلی کافی نہیں ہوتیں ان کا جوڑ ہے ایک جو
موقع اور محل کے مطابق بدلتا رہتا ہے اور بعض دفعہ اللہ تعالیٰ ایک صفت جلوہ دکھاتی ہے، بعض دفعہ دوصفات
مل کر جلوہ دکھاتی ہیں، بعض دفعہ تین صفات مل کر جلوہ دکھاتی ہیں اور موقع اور محل کی مناسبت سے وہ صفات کا
خطبات طاہر جلد ۳
148
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
آپس میں جوڑ تبدیل بھی ہوتا رہتا ہے۔ بندہ بھی اپنے خدا سے ہی رنگ سیکھتا ہے جیسا کہ میر درد نے کہا:
ه
دل بھی تیرے ہی ڈھنگ سیکھا ہے
آن میں کچھ ہے ان میں کچھ ہے
کہ تو بھی تو شانیں بدلتا رہتا ہے ہمارا دل بھی تیرے ہی ڈھنگ سیکھے ہوئے ہے آن میں
کچھ ہے آن میں کچھ ہے كُلَّ يَوْمٍ هُوَ فِي شَأْنٍ ( الرحمن : ۳۰) کی تفسیر بیان کی انہوں نے۔
تو جو بندہ صفات باری تعالیٰ سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اس کا کام یہ ہے کہ صفات پر غور کرے اور ان کی
تبدیلیوں پر غور کرے اور ان کے جوڑوں پر غور کرے اور ہر حال کے مطابق خدا تعالیٰ کی صفات میں
رنگین ہو جائے جو اس حال سے مناسبت اور مطابقت رکھتی ہیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ
والسلام نے جو فرمایا کہ
عدو جب بڑھ گیا شور و فغاں میں
نہاں ہم ہو گئے یارِ نہاں میں
در ثمین صفحه : ۵۰)
تو اس سے مراد صفات باری تعالیٰ ہی ہے یعنی ہم عدو کے ہر حملہ کے مقابل پر خدا کی ایک صفت میں
ڈھانچے گئے ، اسکو ہم نے اوڑھ لیا اور اب عدو کے لئے ممکن نہیں رہا کہ صفات باری تعالی پرحملہ کئے
بغیر ہماری ذات تک پہنچ سکے۔ چنانچہ قرآن کریم نے صفات کو اختیار کرنے کے لئے جو طریق اختیار
فرمایا بندے کو سکھایا، وہ ہے صِبْغَةَ اللهِ وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللهِ صِبْغَةً (البقره: ۱۳۹) که خدا ،
کی صفات میں رنگین ہو جاؤ ۔ رنگ جب چڑھتا ہے کپڑے پر تو پینٹ (Paint) نہیں ہوتا کہ باہر
پینٹ کر دیا جائے اور اندر سے خالی ہو ، رنگ میں خوبی یہ ہے کہ وہ اس وجود کے ذرہ ذرہ میں ڈوب
جاتا ہے جس وجود پر رنگ چڑھتا ہے ۔ اس کے فائیبر Fiber میں ،اس کے دھاگے میں ، اس کے
ہر ہر ذرہ میں اس طرح جذب ہو جاتا ہے کہ کوئی ذرہ بھی خالی نہیں رہتا۔ اس کو آگے سے چیریں تب
بھی رنگ پہلے کٹے گا پھر اس کے ذرہ وجود میں داخل ہوگا ، پیچھے سے چیریں تب بھی رنگ پہلے کٹے گا
پھر اس کے وجود میں داخل ہوگا ، سوئی چبھوئیں ، کوئی طریق بھی اختیار کریں ، قینچی سے کاٹیں ممکن ہی
ہی
نہیں ہے کہ رنگ کو کاٹے بغیر اس وجود پر حملہ ہو سکے تو :
ه
نہاں ہم ہو گئے یارِ نہاں میں
خطبات طاہر جلد ۳
149
خطبه جمعه ۱۶ مارچ ۱۹۸۴ء
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے اس مصرعے میں صِبْغَةَ اللَّهِ ۚ وَمَنْ
أَحْسَنُ مِنَ اللهِ صِبْغَةً کی ہی تفسیر فرمائی گئی ہے اور جب بھی دشمن حملے کرتا ہے تو ایک ہتھیار سے
حملے نہیں کرتا کبھی وہ کوئی ہتھیا راٹھاتا ہے اور کبھی وہ کوئی ہتھیار اٹھاتا ہے اور شیطان کے پاس جتنے بھی
ہتھیار ہیں ان تمام ہتھیاروں سے کبھی وہ ایک ایک کبھی دو دو، کبھی چار چارا کٹھے کر کے وہ حملے کرتا
ہے۔ مومن کے ترکش میں ، اس کے اسلحہ خانہ میں ہر ہتھیار کے مقابل پر اور ہتھیار کے ہر جوڑ کے
مقابل پر صفات باری تعالیٰ کے ہتھیار ہیں اور ان کے جوڑ ہیں ۔ وہ فن آپ سیکھ جائیں تو سب سے
عظیم الشان اور کامیاب مجاہد بن جاتے ہیں ۔ ہر موقع اور محل کے مطابق صفت باری تعالیٰ موجود ہے
جو آپ کی حفاظت فرمائے گی اور پھر ایک صفت کی بجائے دو صفات اور تین صفات اور چار صفات یہ
اس طرح آپس میں مل کر آپ کی حفاظت کریں گی کہ ممکن نہیں ہے دشمن کے لئے کہ وہ خدا تعالیٰ پر حملہ
کئے بغیر اور خدا تعالیٰ کی غیرت بھڑکائے بغیر آپ پر حملہ کر سکے۔
یہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ دوستیوں کی اصل بنیادی وجہ صفات کا ملنا ہوتا ہے۔ ہم مشرب و
ہم پیالہ کیوں کہتے ہیں اس لئے کہ ایک صفت ایک عادت صرف اکٹھی ہے شراب پینے کی اور اس کے
نتیجہ میں گہری دوستیاں ہو جاتی ہیں۔ تو جب ایک ایک عادت بھی انسان کو ایک دوسرے انسان کے
ساتھ اس طرح باندھ لیتی ہے کہ ایک انسان دوسرے کے لئے غیرت دکھاتا ہے، اس کے لئے قربانیاں
کرتا ہے، اس سے محبت اور پیار کا اظہار کرتا ہے ، اس کے دشمن کا دشمن ہو جاتا ہے تو کیسے ممکن ہے کہ ایک
بندہ اپنے خدا کی صفات اختیار کرلے اور اللہ تعالیٰ اس کے لئے وہ غیرت نہ دکھائے ، یہ ناممکن ہے۔جس
صفت کو بندہ اختیار کرتا ہے اس صفت میں اس کا خدا سے ایک جوڑ بن جاتا ہے اور جب اس صفت پر حملہ
ہوتا ہے تو خدا تعالیٰ کی صفت از خود اس کی حفاظت کے لئے سامنے آجاتی ہے پس اس لحاظ سے حلم بھی
ایک بہت ہی عظیم الشان صفت ہے جسکو اپنانے کی ضرورت ہے اور خصوصاً اس وقت جب کہ دشمن غیظ و
غضب دکھا رہا ہو اور حد سے آگے بڑھ رہا ہو اس وقت حلم کی صفت کی بہت ہی ضرورت پیش آتی ہے۔
حلم کے معنی ہیں بردباری فہم اور عقل لیکن حکم میں اور عام عقل میں ، عام فہم میں ایک فرق
یہ ہے جو قام اور اِسْتِقَامَ میں ہے ۔ قَامَ بھی کھڑے ہوئے شخص کے لئے بولا جاتا ہے اور استقام بھی
کھڑے ہوئے شخص کے لئے بولا جاتا ہے لیکن قام میں مقابلہ نہیں ہوتا انتقام میں مقابلہ پایا جاتا
خطبات طاہر جلد ۳
150
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
ہے۔ قام ایسے کھڑے ہوئے آدمی کے متعلق کہہ سکتے ہیں جو از خود کھڑا ہے کوئی اسکو دھکا نہیں دے
رہا کوئی تیز ہوا نہیں چل رہی اس کے قدم اکھاڑنے کے لئے لیکن اِسْتِقَامَ اس شخص کے لئے آتا ہے
جس کو تند ہواؤں کا مقابلہ ہو، دھکوں کا مقابلہ ہو، مشکلوں کا مقابلہ ہو، زلازل کا مقابلہ ہو اس کے
باوجود اس کے پائے ثبات میں لغزش نہ آئے ، وہ قائم رہے اپنے حال پر مخالفتوں کے باوجود۔
پس حلم اس عقل کو کہتے ہیں جو غصہ کے باوجود قائم رہے، اور حلم اس عقل کو کہتے ہیں جو دشمن
کے غصے کے باوجود بھی قائم رہے اور اپنے اندرونی غصہ کے باوجود بھی قائم رہے۔ پس اللہ تعالیٰ حلیم
ہے ان معنوں میں کہ جب خدا کے دشمن یا خدا کے بندوں کے دشمن غصہ دلاتے ہیں تو اس وقت بھی اللہ
تعالیٰ برد بار ہوتا ہے اور اپنے علم کو قائم رکھتا ہے اور حلم کے نتیجہ میں پھر مغفرت پیدا ہوتی ہے۔ حلم نہ ہو تو
غصہ کے نتیجہ میں جلد بازی پیدا ہوتی ہے اور اندرونی غصہ کے مقابل پر جب انسان پر یہ لفظ بولا جائے تو
اس کا معنی یہ ہوتا ہے کہ غصے کو عقل پر قبضہ نہ کرنے دے انسان ۔ غصہ ایک حرکت کا مطالبہ کرتا ہے بعض
دفعہ بڑی تیزی کے ساتھ ، عجلت کے ساتھ کہتا ہے کہ جواب میں یہ کہو ۔ حلم اس وقت قبضہ کر لیتا ہے اور
غصے کو اپنی من مانی نہیں کرنے دیتا۔ ایسی عقل اور ایسی فہم کو جو اس طرح مقابل پر آکر پھر بھی ثبات دکھا
دے اور قائم رہے اور غالب آ جائے جذبات پر اس کو حلم کہتے ہیں۔
پس اگر چہ یہ عقل ہے لیکن اس کا دل سے بھی تعلق ہے، اس کا جذبات سے تعلق ہے اسی لئے
حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام کو حضرت مصلح موعودؓ کے متعلق جو خوشخبریاں دی گئیں ان میں ایک
فقرہ یہ تھا وہ دل کا حلیم ہوگا۔ بظاہر تو حلم کا عقل سے تعلق ہے دل کے حلیم کا کیا مطلب ہے؟ مراد یہی
ہے کہ جذبات جب اسے مشتعل کرنے کی کوشش کریں گے اور اس سے جلد بازی کی حرکتیں کروانے کی
کوشش کریں گے شدید مخالفتیں اس کے پاؤں اکھیڑنے کی کوشش کریں گی اس کے دل میں علم ہوگا یعنی
عقل ایسی ہوگی جو دل پر قبضہ کئے ہوئے ہوگی اور جذبات سے فیصلے نہیں کرے گا بلکہ فہم اور فراست سے
فیصلے کرے گا۔
صلى
آنحضرت ﷺ نے مختلف رنگ میں حلم کی تعلیم دی اور صحابہ کی تربیت اس رنگ میں فرمائی
کہ ان میں حلم پیدا ہو بعض دفعہ حکایات کے رنگ میں ، بعض دفعہ اللہ تعالیٰ نے بعض خبریں آپ کو عطا
فرمائیں وہ بیان کیں ، بعض دفعہ صاف اور سیدھی اور نہایت پاکیزہ دلنشین نصیحت کے ذریعہ۔
خطبات طاہر جلد ۳
دنیا سے علم اور سی
151
صلى الله
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
ہوئے سنا کہ اللہ
حضرت ابو درداء بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت علی کو ما میں نے یہ فرما۔ ماتے ہوئے سنا
تعالیٰ نے فرمایا کہ اے عیسٹی میں تیرے بعد ایک ایسی قوم پیدا کرنے والا ہوں اگر ان کو کوئی ایسی نعمت
ملے گی جو انہیں پسند ہو تو وہ اس پر اللہ تعالیٰ کی حمد کریں گے اور شکر ادا کریں گے اور اگر انکو کوئی تکلیف
پہنچے گی جس سے وہ دکھ پائیں تو وہ اس کو ثواب کا ایک ذریعہ سمجھیں گے اور صبر سے کام لیں گے جبکہ
علم اور علم مفقود ہو چکا ہوگا ۔ حضرت عیسی نے پوچھا اے باری تے ھا اے باری تعالیٰ ! اے میرے رب ! وه ۔ ! وہ کیسے
یہ کر سکیں گے جب کہ دنیا سے خود تیرے ہی قول کے مطابق علم بھی مفقود ہو چکا ہوگا اور حلم بھی مفقود ہو
چکا ہوگا تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ میں اپنے حلم اور علم کے خزانے سے ان کو عطا کروں گا۔ (مسند احمد کتاب
مسند القبائل باب بقیہ حدیث ابی الدرداء ) حضرت عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کے منہ سے یا ان کی طرف
منسوب کرتے ہوئے آ رت علو سلم نے جو حکایت بیان فرمائی ہے یہ حکایت و یہ حکایت نہیں ہے یعنی ان
معنوں میں جس طرح کہانی ہو ، یہ حدیث قدسی ہے جب تک اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ خبر نہ دی ہو یہ
ممکن ہی نہیں کہ آنحضور ا کوئی بات بیان فرمائیں۔ حضرت عیسی کی طرف اس بات کو منسوب
یہ
صلى
علوسه
d
کرنے میں ایک پیغام ہے اول تو یہ کہ حضرت عیسی علیہ السلام کے بعد سب سے پہلی قوم جو ظاہر ہوئی
صلى الله
عروسه
ہے وہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کی قوم ظاہر ہوئی ہے اور ان کے مابین او کوئی نہیں تو معلوم یہ ہوتا ہے کہ
آنحضرت ﷺ نے اس وقت حلم کو دوبارہ قائم کیا ہے اللہ تعالیٰ کی نصرت کے ساتھ جب کہ کلیتہ دنیا
صلى الله
سے مفقود ہو چکا تھا اور اس وقت علم کو قائم کیا ہے جب کہ کلیتہ دنیا سے علم مفقود ہو چکا تھا۔
ان معنوں پر اگر غور کریں تو هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِينَ رَسُولًا ( الجمعہ (۳) میں
امین سے مراد صرف اہل عرب نہیں ہیں بلکہ تمام دنیا ہے رَسُولًا مِنْهُمْ وہ امین ہی میں سے ایک
رسول تھا اور ان کی طرف تھا۔ آنحضرت ﷺ صرف اہل عرب کی طرف تو نہیں تھے وہ تو تمام دنیا کی طرف
رسول تھے اس لئے وہ ایک ایسا وقت تھا جب کہ واقعتہ دنیا سے علم مفقود ہو چکا تھا ، صرف عرب اُمی نہیں
تھے بلکہ بظاہر پڑھی لکھی تو میں ، بڑے بڑے علم کی محافظ اور پاسبان بنے والی قو میں بھی حقیقتہ پوری طرح
جاہل ہو چکی تھیں اور حلم بھی مفقود ہو چکا تھا۔ عرب کی تاریخ پڑھیں یا دوسری قوموں کی اس زمانے میں
تاریخ پڑھیں حلم تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ عنقا ہے، کوئی ایسا وجود ہے جو اس دنیا میں پایا ہی نہیں جاتا ۔ دوسری
صفات بعض اچھی موجود تھیں مثلاً سخاوت تھی مثلاً انکساری بھی تھی ، عفو بھی تھا، اس کی بڑی اچھی مثالیں ملتی
خطبات طاہر جلد ۳
152
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
ہیں لیکن حلم قریباً مفقود نظر آتا ہے اور علم یعنی روحانی علم وہ بھی کلیتہ مفقود نظر آتا ہے۔ تو ایک تو حضرت عیسی
صلى الله
علیہ السلام سے خدا تعالیٰ کا یہ مکالمہ بتاتا ہے کہ آنحضرت علی ان ایسی دو صفات کو دوبارہ قائم کرنے کے
صلى الله لئے تشریف لائے جن کا پہلے کوئی وجود ہی باقی نہیں رہا تھا اور حضرت عیسی اور آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں سلم
اتنی بڑی تباہی آئی ہے دنیا پر کہ علم او حلم دونوں اٹھ چکے تھے اور محض خدا نے اپنے فضل سے عطا کیا۔ انسان
کی طاقت نہیں تھی کہ اس وقت ان دو صفات کو دوبارہ دنیا میں جاری کر سکے۔ دوسرا حضرت عیسی کی طرف
جب بات منسوب ہوتی ہے اور آپ کے بعد کہا جائے تو اس سے مراد دوسرا عیسوی دور بھی ہے یعنی مسیح کا
ایک اول دور بھی اور مسیح کا ثانوی دور بھی۔ موسیٰ صاحب شریعت نبی تھے اور امت کے اول تھے ان معنوں
میں حضرت موسی کی آنحضور ﷺ کے ساتھ ایک مماثلت پائی جاتی ہے اور عیسی کی اس مسیح سے مماثلت
صلى الله ہے جس کے متعلق آنحضور ﷺ نے فرمایا کہ اللہ نے خبر دی ہے کہ وہ ضرور آئے گا۔
الله
پس خاص طور پر جماعت احمدیہ سے بھی اس کا تعلق ہے اور جماعت احمد یہ کو ان دوامور میں
ترقی کی خوشخبری بھی دی گئی ہے اور ان کی طرف توجہ کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفت علیم
یعنی اس کے علیم ہونے سے حصہ پاؤ اور اس کے حلیم ہونے سے حصہ پاؤ یہ دوصفات اگر تم مضبوطی سے پکڑ
لوگے تو تمہارے لئے یہ عظیم الشان کام دکھائیں گی ۔ پس میں سمجھتا ہوں کہ اس میں جماعت احمد یہ کے
لئے خوشخبری بھی بہت ہے اور توجہ بھی دلائی گئی ہے۔ علم کی طرف تو جو رو چلی ہے اس وقت جماعت احمد یہ
میں اللہ تعالیٰ حضرت خلیفہ اسیح الثالث کو غریق رحمت فرمائے ، آپ نے غیر معمولی توجہ دی جماعت کے
علمی معیار کو بڑھانے کی طرف اور ایک رو چلا دی ، ایک جوش اور ولولہ پیدا ہو گیا ۔ اس کثرت کے ساتھ
تمام دنیا سے علم کو بڑھانے کی دعاؤں کے لئے خط آتے ہیں کہ دنیا میں کسی قوم میں کبھی بھی کسی نسل میں
بھی اس کثرت سے ایسے بچے نہیں پیدا ہوئے جو اپنے علم کو بڑھانے کے لئے اس طرح خدا سے دعا ئیں
کرتے ہوں اور دعا ئیں منگوانے کے لئے خط لکھتے ہوں ۔ ایک ہی قوم ہے اس وقت دنیا میں جماعت
احمد یہ کوئی مثال ہی نہیں اس کی نہ یورپ میں ، نہ امریکہ میں ، نہ چین میں، نہ جاپان میں ، نہ روس میں،
کہیں بھی اس طرح آپ کو طالب علم نہیں ملیں گے جو اپنے زور پر اپنی قوت سے علم حاصل کرنے کو کافی
نہ سمجھتے ہوں اور محتاج سمجھیں اپنے آپ کو ہر لحظہ دعاؤں کا اور اللہ تعالیٰ کے فضل کا۔
پس اس حدیث میں جو خبر دی گئی ہے وہ یہی ہے کہ خدا اپنی طرف سے ان کو علم عطا فرمائے گا
خطبات طاہر جلد ۳
153
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
اور اپنی طرف سے حلم عطا فرمائے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ علم اور حلم دونوں کے لئے ہمیں دعاؤں کی
طرف توجہ کرنی چاہئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے علم کی طرف تو جماعت توجہ کر رہی ہے پہلے ہی اور بکثرت
علم کے لئے دعاؤں کے خطوط آتے ہیں لیکن حلم والا پہلوا بھی نظر سے اوجھل ہے اور حلم کی بہت زیادہ
ضرورت ہے کیونکہ سچا علم حلم کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا اس کا بڑا گہرا تعلق ہے ۔ مگر بہرہ ہے ۔ مگر بہر حال اس وقت میں
آپ کے سامنے جو علم کا خاص پہلو رکھنا چاہتا ہوں وہ ہے غصہ کے وقت اپنی ذہنی حالت کو متوازن رکھنا اور
مشتعل ہو کر عقل کو نہ کھونا، ایسی حالت میں صاحب عقل اور صاحب فہم رہنا جبکہ عام انسان اس وقت عقل
اور فہم دونوں کو کھو دیتے ہیں اور مغلوب الغضب ہو کر پھر وہ فیصلے کرتے ہیں اور حرکتیں کرتے ہیں ۔
صلى الله
عروسه
صلى الله
آنحضرت ﷺ کے متعلق حضرت ابوھریرہ کی روایت ہے کہ ایک دفعہ رسول کریم ﷺ کی
خدمت میں ایک شخص نے آکر عرض کی کہ یا رسول اللہ ! میرے کچھ رشتے دار ہیں میں ان کے ساتھ ملتا
ہوں وہ کاٹتے ہیں یعنی میں تعلق جوڑتا ہوں اور وہ تعلق توڑتے ہیں ، میں بھلائی کرتا ہوں اور وہ مقابل پر
صلى الله
بدی کرتے ہیں وہ جہالت کرتے ہیں میرے سے یعنی ایسی جاہلا نہ غصے سے مغلوب ہو کر حرکتیں کرتے
ہیں کہ ان میں کوئی عقل کی بات نہیں ہوتی ۔ ( جہالت اور غصے کی حرکت یہ علم کے بالکل متقابل صفات
ہیں ) تو میں حلم سے کام لیتا ہوں ۔ آنحضرت ﷺ نے یہ سن کر فرمایا کہ اگر واقعی ایسا ہے جیسا کہ تو کہہ
رہا ہے تو تو ان کے منہ میں گرم راکھ بھر رہا ہے یعنی خاک ڈال رہا ہے ان کے منہ میں ۔ اس سے اچھا
جواب تو نہیں دے سکتا جو تو دے رہا ہے اور جب تک تو اس حالت پر قائم رہے گا اللہ تعالیٰ کی مدد ہمیشہ
تیرے ساتھ رہے گی ۔ (صحیح مسلم کتاب البر والصله والادب باب صلة الرحم تحریم قطعتها)
صلى الله
پس حلم کا اور فائدہ جو دنیاوی طور پر خود بخود پہنچتا ہے وہ تو ہے یہ ایک حیرت انگیز اور عظیم الشان
فائدہ ہے کہ علم کے نتیجہ میں بندہ کوئی نقصان اٹھا ہی نہیں سکتا۔ بظاہر وہ جو حقوق چھوڑ رہا ہے، بظاہر جو جائز
بدلے چھوڑ رہا ہے اپنے ، آنحضرت ا اسکوخوش خبری دیتے ہیں کہ اللہ تعالی اسکی مدد پر کھڑا ہے مسلسل عليها
ایسی حالت میں ۔ اکثر ہمارے خاندانی جھگڑے حلم کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں یعنی علم کا مطلب یہ ہے
کہ غصے کی جائز وجہ ہو اور پھر برداشت کرے انسان پھر جلد بازی میں کوئی ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس سے
تکلیف آگے بڑھے۔ یہ مراد نہیں ہے کہ غصہ کی جائز وجہ نہ ہو اور پھر وہ حلم دکھائے ، غصے کی وجہ موجود ہونی
چاہئے اور جتنے جھگڑے ہیں ان میں ہر فریق یہی کہتا ہے کہ آپ ہمیں سمجھاتے ہیں؟ واقعتہ اس کا قصور
خطبات طاہر جلد ۳
154
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
ہے اس نے یہ حرکت کی ہے اور دونوں فریق اس بات پر مصر ہوتے ہیں کہ دوسرے کا یہ قصور موجود ہے
اس لئے ہم یہ کریں گے تو ایسی مشکل صورت میں جب کہ فریقین اس ضد پر قائم ہوں کہ قصور دوسرے کا
ہے حلم اس گتھی کو سلجھا سکتا ہے اور کوئی چیز نہیں سلجھا سکتی۔ حلم بتاتا ہے کہ ہاں ٹھیک ہے ہم اس جھگڑے
میں نہیں پڑتے عدل کے مقام پر ہم نہیں آتے کہ کس کا قصور ہے اور اس کو کتنی سزاملنی چاہئے ہم تمہیں یہ
کہتے ہیں کہ دوسرے کا قصور ہو پھر تم برداشت کرو پھر حوصلہ دکھاؤ اس کو حلم کہتے ہیں۔
پس اگر اللہ تعالیٰ کی صفت حلیمی سے تعلق باندھنا چاہتے ہو اور چاہتے ہو کہ خدا تمہارے
لئے حلیم ہو جائے تو تمہارے لئے ضروری ہے کہ ایسے حالات میں بھی حو صلے دکھاؤ جب کہ دوسرے کا
قصور ہو اور تم سمجھتے ہو بہر حال کہ دوسرے کا قصور ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اس کو
ایک اور رنگ میں بیان فرمایا ہے کہ سچے ہو کر جھوٹوں کی طرح تذلل اختیار کرو ( کشتی نوح روحانی خزائن
جلد ۱۹ صفحہ (۱۲) اور جب بھی جھگڑا ہو ہر فریق سچا ہی سمجھ رہا ہوتا ہے اپنے آپ کو اور جتنا بھی مغلوب
الغضب ہوگا اتنا اس کا فیصلہ غلط ہوگا لیکن یقین پورا ہوگا کہ میں سچا ہوں یہ ایک انسانی فطرت ہے۔ تو
حلیم کا اول تو فیصلہ ہی درست ہوتا ہے اور اس کے اندر سے علم پھوٹتا ہے جو ہمیشہ اس کی راہنمائی
سچی کرتا ہے اس کو ایک روشنی عطا کرتا ہے کہ یہاں کتنا قصور تمہارا ہے، کتنا مد مقابل کا ہے؟ لیکن حلم کی
کمی کے نتیجہ میں اول تو یہ مشکل صورت حال پیدا ہو جاتی ہے کہ ہر فریق لازما اپنے آپ کو سچا سمجھتا ہے
کیونکہ غصہ کی حالت میں فیصلے کر رہا ہے۔ اگر وہ ٹھنڈے مزاج سے فیصلہ کرے جس کو حلم کہتے ہیں تو
ہو سکتا ہے اس کا فیصلہ بالکل مختلف ہو لیکن حلم اب بھی اس کی مدد پر آتا ہے وہ کہتا ہے بہت اچھا تم نے
غصہ کی حالت میں ایک فیصلہ کر لیا تم سمجھتے ہو کہ تم سچے ہو اور تمہارا مقابل جھوٹا ہے، اب خدا کی حلیمی کی
صفت ، اس کا حلیم ہونا تم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ بہت اچھا اگر تم سچے ہو اور وہ جھوٹا ہے تم پر ظلم ہو گیا تم
غصے کی حالت میں ہو اب چھوڑو اپنا حق اب اس سے رحم کا سلوک فرماؤ ۔ یہ علم ہے اور اب جلد بازی
میں کوئی فیصلے نہ کر بیٹھنا، کوئی ایسے قدم نہ اٹھا بیٹھنا کہ پھر ان کی واپسی ممکن نہ ہو اور اسی کا نام حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام یہ رکھتے ہیں تم سچے ہو کر جھوٹوں کی طرح تذلل اختیار کرو۔
آنحضرت ﷺ نے ایک موقع پر فرمایا اور یہ حضرت معاذ بن انس کی روایت ہے کہ جو شخص عروسه
با وجود قدرت کے غصہ کو ضبط کرے گا اللہ تعالیٰ اسکو قیامت کے دن سب کے سامنے بلا کر انعام خاص کا
صلى الله
خطبات طاہر جلد ۳
155
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
مستحق ٹھہرائے گا ( سنن ترمذی کتاب البر والصله عن رسول الله ﷺ باب فی كظم الغيظ ) ۔ یعنی صرف غصہ دو
طرح کے نتائج پیدا کرتا ہے ایک غصہ کی حالت تو یہ ہو جاتی ہے کہ پھر انسان کہتا ہے جو بھی ہو میں
کر گزروں گا ۔ کمزور ہو تب بھی وہ مٹ جانے کا جانے کا فیصلہ کر لیتا ہے اور مضبوط ظالم پر بھی ہاتھ ڈال بیٹھتا ہے
اور ایک غصہ کی حالت ایسی ہوتی ہے کہ جسکو غصہ دلایا جائے وہ طاقتور بھی ہو یا بدلے کی طاقت رکھتا ہو
ویسے طاقتور ہو یا نہ ہو کم سے کم اس وقت کسی پہلو سے بدلہ کی طاقت رکھتا ہو مثلاً ایک کمزور آدمی کو ایک
طاقتور آدمی گالی دے دے تو اتنی طاقت تو اس میں بہر حال ہے بیچارے میں کہ وہ گالی آگے سے دے
دے اور زیادہ موٹی گالی دے دے پھر اسکو مار پڑے جتنی چاہے پڑ جائے اس کا دل اس گالی سے بعض
دفعہ اتنا ٹھنڈا ہو جاتا ہے کہ وہ مارنے والا مارنے کی طاقت ہونے کے باوجود بھی اتنا غصہ نہیں اپنا نکال
سکتا جتنا وہ کمزور زیادہ سخت اور زیادہ موقع کی لگتی ہوئی گالی دے دے اس کو۔ تو غصہ جو ہے بعض دفعہ
کمزوروں کو بھی ایسی بات پر آمادہ کر دیتا ہے کہ کمزوری کے باوجود وہ بدلہ لے لیتے ہیں ۔ اسی قسم کا ایک
لطیفہ بھی آتا ہے کہ ایک بہت مضبوط موٹا تازہ پہلوان اکھاڑے سے آ رہا تھا چپڑا ہوا سارا جسم تیل سے اور
ٹنڈ کروائی ہوئی چمکتی ہوئی ، سرمنڈ آیا ہوا اور اوپر تیل ملا ہوا تو ایک کمزور سا بیچارہ آدمی دبلا پتلا جا رہا تھا وہ
اس نے پیچھے سے اچھل کر اس کے سر پر ٹھنگا مار دیا، اس نے جو مڑ کر دیکھا تو اس کو اور بھی غصہ آیا کہ کوئی
مقابل کا ہوتا تو اور بات تھی اسکو جرات؟ اس نے اسکولٹا کر مارنا شروع کیا تو اس نے آگے سے جواب دیا
کہ پہلوان جی بہن جنا مرضی کٹ لو جو مینوں ٹھونگے دا سواد آگیا او توانوں نہیں آسکدا ۔ مار لو جتنا مارنا
ہے جو مزہ آیا ہے نا اس ٹھونگے کا وہ اور ہی مزہ ہے۔ تو کمزور بھی بعض دفعہ غصے پر ضبط نہ کرے تو ایسی بات
کہہ دیتا ہے کہ جو مزہ اس کو آ جاتا ہے وہ دوسرے کو آہی نہیں سکتا پھر ۔
تو حلیم وہ ہوتا ہے کہ ہر حالت میں ضبط کرتا ہے۔ اسکو مزہ لینے کے مواقع ہوتے ہیں لیکن وہ
صلى الله
سه
رک جاتا ہے اس فراست کو ، اس عقل کو حلم کہا جاتا ہے۔ موقع ہو اور پھر انسان باز آجائے اور اس کی
عقل قائم قائم رہے اور غصے سے مغلوب نہ ہو جائے ۔ آ نہ ہو جائے ۔ آنحضرت ﷺ اس کو یہ خوش خبری دے رہے ہیں
فرماتے ہیں تمہارے لئے یہ خوش خبری ہے کہ قیامت کے دن سر میدان خدا تمہیں بلائے گا اور بطور
خاص تمہیں انعام عطا فرمائے گا کیونکہ یہ صفت ایک غیر معمولی صفت ہے اس لئے انعام بھی غیر معمولی
ہونا چاہئے ، ہر انسان میں یہ صفت نہیں پائی جاتی بڑا عزم چاہیئے اس بات کے لئے کہ انسان حلیم ہو
خطبات طاہر جلد ۳
156
خطبه جمعه ۱۶ / مارچ ۱۹۸۴ء
تبھی بہت کم لوگوں کے لئے لفظ حلیم استعمال ہوا ہے۔ انبیاء میں بڑی بڑی صفات ہوتی ہیں لیکن غیر
معمولی طور پر جو لفظ حلیم استعمال ہوا ہے وہ حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے استعمال ہوا ہے
اور اللہ تعالیٰ نے بڑی خوش خبری دی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو جب یہ فرمایا کہ تجھے ایک
بیٹا دیا جائے گا وہ دل کا حلیم ہو گا یعنی ایسے وقت میں ہم تمہیں ایک ایسا وجود بخش رہے ہیں جب کہ حلم
مفقود ہو چکا ہے لیکن وہ صاحب حلم آنے والا ہے۔
تو حضرت رسول اکرم ﷺ تو یہ توقع رکھ رہے ہیں آپ سے کہ جس طرح عیسی سے خدا نے
علوس
کہا تھا کہ تیرے بعد ایک اور قوم آنے والی ہے ، ایک اور قسم کے مسیحی پیدا ہونے والے ہیں جو محمد
مصطفی ﷺ کے غلام ہوں گے اور ان سے ہنر سیکھیں گے، ان سے آداب حاصل کریں گے، وہ قوم ایسی
ہو گی کہ جب حلم دنیا سے مفقود ہو چکا ہوگا تو اس وقت وہ صاحب علم ہوں گے۔ پس آنحضرت ﷺ کی
اس پیشگوئی کا آپ بھی ۔ پ بھی مورد ہیں اور امر واقعہ یہ ہے کہ اس وقت حلم مفقود ہو چکا ہے دنیا سے ۔ جماعت
احمد یہ نے اس صفت کا جھنڈا پھر اٹھانا ہے اور دنیا میں دوبارہ اس کو قائم کرنا ہے لیکن خیرات گھروں سے
شروع ہوتی ہے پہلے اپنے گھروں میں تو حلیم بن جائیں جو اپنی عورت کے مقابل پر حلیم نہیں ہے، جو کمزور
بچوں کے مقابل پر حلیم نہیں ہے جو مغلوب الغضب ہو کران پر ہاتھ اٹھاتا ہے اور زیادتیاں کرتا ہے اور ظلم
اور سفاکی سے کام لیتا ہے وہ اپنے دشمن کے مقابل پر کیسے حلیم ہوگا؟ بظاہر وہ یہ کہہ سکتا ہے کہ مجھے فلاں
نے گالیاں دیں، فلاں مولوی صاحب نے اس قدر بد کلامی کی دیکھو میں حوصلے میں رہا لیکن اللہ تعالیٰ
اور اس کے فرشتے اسے جھٹلائیں گے کہ تو اس لئے حوصلے میں رہا کہ تو کمزور تھا اس لئے کہ تیرا بس نہیں
چل رہا تھا جب میرے کمزور بندے تیرے سپرد کئے گئے تھے جن پر تیرا بس چلتا تھا اس وقت تو نے کبھی
حلم نہیں دکھایا ۔ پس تو نے میری صفت حلم سے تعلق توڑ ڈالا ہے تیرا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے اس پہلو
سے اس لئے گھروں میں پہلے حلیم بنے ان کمزوروں کے اوپر حلیم بنئے جو آپ کے سپرد کئے گئے ہیں تب
اللہ تعالیٰ کی صفت حلیمی آپ کو ڈھانپ لے گی اور طاقتور کے غضب کی راہ میں حائل ہو جایا کرے گی ،
توفیق ہی نہیں دے گی کسی طاقتور کو کہ اس کا غصہ آپ پر ٹوٹ پڑے کیونکہ آپ نے خدا کی خاطر اپنے
غصہ کو روکا تھا اور اپنے فہم کو قائم رکھا تھا اللہ تعالی ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔