مالک کا مطلب ہے ہم نے اپنا سب کچھ تیرے سپرد کردیا اِیَّاکَ نَعبُدُ کی دعا میں اپنے اہل و عیال اور اپنے تابع لوگوں کو بھی شامل کریں
AI summary.
اس خطبہ جمعہ میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمہ اللہ نے سورۃ فاتحہ کے تناظر میں اللہ تعالیٰ کی صفت مالکیت کی گہری حقیقت بیان فرمائی۔ آپ نے وضاحت کی کہ اللہ تعالیٰ کا مالک ہونا اس کی رحمت، ربوبیت اور مغفرت کو کمال بخشتا ہے اور انسان کو بھی اپنی تمام تر ملکیت حقیقی مالک کے سپرد کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ نیز آپ نے ایک روحانی کارخانے کی مثال کے ذریعے صفات الٰہیہ کے منفی ردعمل سے پیدا ہونے والے گروہوں یعنی المغضوب اور الضالین کے فلسفے کو واضح کیا۔ آخر میں آپ نے نماز میں صیغوں اور ضمائر کے استعمال، ایاک نعبد کے دائرے کی وسعت، اور رکوع و سجود میں بندے اور رب کے تعلق کی باریکیوں پر روشنی ڈالی۔
موضوعات: سورۃ فاتحہ، صفتِ مالکیت، حقیقتِ نماز، المغضوب اور الضالین کی تشریح، ایاک نعبد کی وسعت
خطبات طاہر جلد ۹
779
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
مالک کا مطلب ہے ہم نے اپنا سب کچھ تیرے سپرد کر دیا
إِيَّاكَ نَعْبُدُ کی دعا میں اپنے اہل وعیال اور اپنے تابع
لوگوں کو بھی شامل کریں
( خطبه جمعه فرموده ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء بمقام بیت الفضل لندن )
تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:
آج کا جمعہ امسال آخری جمعہ ہے جو ہمیں اکٹھے پڑھنے کی توفیق عطا ہو رہی ہے۔ عام طور
پر اس جمعہ میں موضوع وقف جدید ہوا کرتا ہے لیکن روایت یہ چلی آ رہی ہے کہ ضروری نہیں کہ سال
کے آخری جمعہ کو وقف جدید کے لئے وقف رکھا جائے بلکہ اگلے سال یعنی آئندہ آنے والے سال
کے پہلے جمعہ میں بھی بعض دفعہ وقف جدید کے موضوع پر خطبہ دیا جاتا ہے۔ چونکہ میں نے نماز سے
متعلق مضمون شروع کر رکھا ہے اس لئے میرا خیال ہے کہ آج کے خطبے میں نماز ہی کے مضمون کو جاری
رکھا جائے۔ اگر خدا کے فضل کے ساتھ ختم ہو گیا تو پھر آئندہ جمعہ وقف جدید کے موضوع پر خطبہ دیا
جائے گا اور پھر دوبارہ انشاء اللہ اسی موضوع کی طرف واپس آسکتے ہیں۔ اگر ختم ہو گیا تو پھر واپس
آنے کی ضرورت نہیں اگر نہ ختم ہو سکا تو پھر انشاء اللہ دوبارہ اسی موضوع کی طرف واپس آ جائیں گے۔
ملِكِ يَوْمِ الدِّينِ سے متعلق میں نے بتایا تھا کہ لفظ ملک میں خدا تعالیٰ کا ہر
چیز پر قادر ہونا بھی داخل ہو جاتا ہے۔ ہر چیز کا ملک ہونا بھی داخل ہو جاتا ہے اور ہر چیز پر اس کی
خطبات طاہر جلد ۹
780
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
بادشاہت کا مضمون بھی صادق آتا ہے۔ اس سلسلے میں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہئے کہ پہلی تینوں
صفات یعنی رب ، رحمان اور رحیم مالکیت کے ساتھ مل کر اور زیادہ وسعت اختیار کر جاتی ہیں ۔ اگر
مالکیت سے الگ ان کا تصور کیا جائے تو خدا تعالیٰ کی ذات میں ایک نقص واقعہ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
اس مضمون کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اسلام اور عیسائیت کے
موازنے کی گفتگو میں بیان فرمایا۔ عیسائیت کے نزدیک خدا تعالیٰ رَبِّ بھی ہے، الرَّحْمَنِ
بھی ہے، الرَّحِیمِ بھی ہے لیکن اس کے باوجود معاف نہیں کر سکتا کیونکہ مالک کا کوئی تصور بائبل
نے اس رنگ میں پیش نہیں فرمایا جیسے قرآن کریم نے خدا تعالیٰ کی مالکیت کا تصور پیش فرمایا۔ پس اس
مضمون کو آپ انسانی معاملات اور تجارب پر چسپاں کر کے دیکھیں تو بات بالکل واضح ہو جائے گی ۔
ایک حج کرسی انصاف پر بیٹھتا ہے اس میں ربوبیت کی صفات بھی ہیں ، رحمانیت کی صفات بھی ہیں،
رحیمیت کی صفات بھی ہیں مگر چونکہ نہ وہ قانون کا مالک ہے نہ دوسری سب چیزوں کا مالک ہے اس
لئے جہاں معاملات کا فیصلہ انصاف کی رُو سے کرنا ہوگا اس کی قوت فیصلہ انصاف کے دائرے میں ہی
محدود رہے گی۔ ایک ذرہ بھی وہ انصاف سے باہر نکل کر ان معنوں میں فیصلہ نہیں دے سکتا کہ قانون کو
اپنالے یعنی نیا قانون جاری کر دے۔ ایسی تقدیر بنالے جس کے نتیجے میں جس سے وہ رحمانیت کا
سلوک کرنا چاہے اس کے حق میں وہ فیصلہ دے سکے اور اسی طرح کسی کی چھینی ہوئی چیز کسی کو بخش نہیں
سکتا کیونکہ وہ مالک نہیں ہے اور اپنی طرف سے کچھ دینے کا اس کو اختیار نہیں ۔ تو یہی وجہ ہے کہ حضرت
اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اس موضوع کو بہت ہی اہمیت دی اور بڑی تفصیل سے اس
مضمون پر بخشیں فرمائیں۔ آپ نے بتایا کہ اس خدا کو جو مالک نہ ہو یقیناً اسی طرح Behave
کرنا چاہئے یا اس طرح اس سے معاملات کرنے چاہئیں جس طرح عیسائیت کے خدا کا تصور ہے کہ
اگر انسان گناہ کرے تو وہ اس لئے معاف نہیں کر سکتا کہ اس کی عدل کی صفت کے خلاف ہے اور عدل
ے باہر وہ جانہیں سکتا اس لئے اس مسئلے کا حل یہ نکالا کہ اپنے مزعومہ بیٹے کو جس کے متعلق عیسہ
عقیدہ ہے کہ وہ خدا کا بیٹا تھا اُسے قربان کر دیا اور اس کے بدلے باقی بنی نوع انسان کے گناہ بخش
دیئے۔ یہ ایک الجھا ہوا اور بڑا لمبا مضمون ہے جس کی تفاصیل میں جانے کا یہاں موقع نہیں مگر اصل
روک جوان کے ذہنوں میں ہے وہ یہی ہے یعنی عیسائیوں کے ذہنوں میں کہ کیوں خدا معاف نہیں کر
خطبات طاہر جلد ۹
781
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
سکتا اس لئے کہ وہ محض عادل ہے اور مالک نہیں ہے۔ اسی طرح ملک نہیں ہے اور قانون سازی کے
اختیار نہیں رکھتا پس رب ، رحمن اور رحیم یہ تین صفات بہت ہی حسین اور دلکش ہیں لیکن اگر مالک سے
الگ رہیں تو محدود ہو جاتی ہیں لیکن مالک کے ساتھ جب مل جاتی ہیں تو پھر ایک عظیم الشان جلوہ
دکھاتی ہیں جس کا کوئی کنارہ دکھائی نہیں دیتا ۔ ان معنوں میں انسان تو مالک نہیں بن سکتا لیکن انسان
خدا کی مالکیت کے کچھ نہ کچھ مزے چکھ سکتا ہے اگر وہ اپنی مالکیت میں لوگوں کو شریک کرے اور لوگوں
کو معاف کرنے کی عادت ڈالے جیسا کہ مالک ہونے کی وجہ سے ہمارا رب ہمیں معاف کر دیتا ہے۔
پس یہ نہیں کہ مالکیت کی صفت سے ہم کچھ بھی حصہ نہیں لے سکتے ۔ اپنے اپنے دائرے میں جس حد
تک ہمیں خدا تعالیٰ نے کسی چیز کا مالک بنا رکھا ہے اس کا استعمال اس رنگ میں کریں جیسے خدا ما لک
ہے اور اپنی مالکیت کا استعمال فرماتا ہے اور اس میں بخشش کا مضمون سب سے زیادہ نمایاں ہو کر اُبھرتا
ہے اور اپنی چیزیں دوسروں کو دینے کا مضمون بڑا نمایاں ہو کر نکلتا ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور رنگ بھی ہے جس میں ہم مالک بننے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اور وہ
مضمون ایک بہت ہی ہی لطیف اور اعلیٰ درجے کا مضمون ون ۔ ہے جس کی طرف حضرت اقدس مسیح موعود علیہ
الصلوة والسلام نے ہمیں متو نے ہمیں متوجہ فرمایا ۔ مالک خدا کا تصور ہمیں بتاتا ہے کہ باوجود اس کے کہ کلیہ ہر چیز کا
مالک اور ہر چیز پر پورا اقتدار رکھتا ہے اس کے باوجود بندوں کو اور دوسری چیزوں کو جو اس نے پیدا کی
ہیں بعض دفعہ اس رنگ میں مالک بنا دیتا ہے کہ وہ اپنے زعم میں واقعہ مالک بن بیٹھتے ہیں اور ملک
دے کر خود پیچھے ہٹ جاتا ہے اور روزمرہ اصل مالک دکھائی نہیں دیتا اور کلیہ انسان کو یا جانوروں کو
زندگی کی ہر قسم کو کہنا چاہئے اپنے اپنے چھوٹے سے دائرے میں بعض دفعہ اس طرح ملکیت عطا ہو جاتی
ہے کہ زندگی کی وہ قسم جو بھی ہے۔ وہ یہ جھتی ہے کہ میں ہی مالک ہوں اور کوئی نہیں اور بیچ میں دخل
اندازی نہیں رہتی۔ یہ اس قسم کا مضمون ہے کہ عارضی طور پر معطی نے جس کو عطا کیا اس کو اس رنگ میں
عطا کیا کہ گویا وہی مالک ہے اور اپنی مرضی اس سے اُٹھالی اور دوسرے کی مرضی کے تابع کر دیا۔ ان
معنوں میں انسان اپنے رب سے ایک خاص سلوک کر سکتا ہے اور وہ یہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے جو کچھ
ہمیں دیا ہوا اپنی جان ، مال ، عزت ہر چیز جس کا اقتدار خدا نے ہمیں دیا، جس کی ملکیت خدا نے ہمیں
عطا فرمائی ہم اپنے رب کو اس طرح لوٹا دیں کہ اے خدا! تو نے جس چیز کا ہمیں مالک بنایا تھا ہم اس
خطبات طاہر جلد ۹
782
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
راز کو پاگئے ہیں کہ اصل مالک تو ہے۔ پس پیشتر اس کے کہ تو ہم سے واپس لے لے ہم طوعی طور پر
محبت کے اظہار کے طور طور پر پر یہ یہ تیرے تیرے حض حضور پیش کر دیتے ہیں ۔ آج کے بعد بعد جے جیسے بعد میں تو نے نے ما مالک بننا
ہے ایسے آج بھی تو ہماری ان سب چیزوں کا مالک بن گیا ہے۔ اس مضمون کو حضرت اقدس مسیح موعود
علیہ الصلوۃ والسلام نے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی شان بیان کرنے کے لئے
استعمال فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلم کو تمام دوسرے انبیاء پر جو ایک عظیم
فضیلت ہے، وہ خصوصیت سے اس بات میں ہے کہ جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
نے اپنا سب کچھ کلیہ اصل مالک کو اسی دنیا میں لوٹا دیا اس طرح کسی اور انسان نے ایسا نہیں کیا یعنی
باریک ترین جذبات کو بھی خدا کے سپر د کئے رکھا ، اپنی ملکیت کے ہر حصے کو کلیہ خدا کے سپرد کر دیا۔ اپنی
رضا کو کلیۂ خدا کے سپرد کر دیا اپنی محبت کو اپنی نفرت کو، ہر چیز کو جس پر انسان کوئی قدرت رکھتا ہے اپنے
رب کو واپس کر دیا کہ تو ہی حقیقی مالک ہے اس لئے آج میں یہ سب کچھ تیرے سپرد کرتا ہوں اور تیری
رضا کے تابع میں اپنی چیزوں کو استعمال کروں گا ۔ قُلْ اِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ
وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ (انعام: ۱۶۳) خدا تعالیٰ نے اس راز کو خود کھولا ۔ آنحضرت صلی اللہ
علیہ وعلی آلہ وسلم شاید اس تفصیل سے بنی نوع انسان پر اپنا یہ مقام روشن نہ فرماتے مگر قرآن کریم
میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا کہ اے محمد ! بنی نوع انسان کے سامنے اعلان کر میں وہ ہوں جس
نے اپنا سب کچھ خدا کے سپرد کر دیا ہے اور میرا ایک ذرہ بھی باقی نہیں رہا۔ اِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي
وَ مَحْيَايَ وَمَمَاتِي میری عبادتیں کیا، میری قربانیاں کیا، میری زندگی کا ہر حصہ، میری موت یعنی
خدا کی راہ میں جو میں لمحہ لمحہ مرتا ہوں سب کچھ خدا کے لئے ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ جب تم وہ سب کچھ خدا کے سپرد کر دو جس
کا مالک تمہیں بنایا گیا تھا تو پھر اللہ تعالیٰ اپنی ملکیت میں تمہیں شریک کر لیتا ہے اور ایک نئی شان کے
ساتھ ، ایک نئی تخلیق کے ساتھ تم اُبھرتے ہو اور ان معنوں میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کو گویا
اس تمام کا ئنات کی ملکیت میں خدا تعالیٰ نے اپنی رحمت کے ذریعہ شریک کرلیا، اپنی عطا کے ذریعے
شریک کر لیا جو خدا تعالیٰ کا تھا یعنی جو سب کچھ بندے کا تھا وہ اس نے خدا کے سپرد کر دیا اور خدا چونکہ جوسب
احسان کرنے والوں کے احسان کی سب سے زیادہ شکر گزاری کرتا ہے اور احسان کو تسلیم فرماتا ہے۔
خطبات طاہر جلد ۹
783
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
کوئی بندہ اس رنگ میں کسی کے احسان کو قبول نہیں کرتا جیسے خدا تعالیٰ فرماتا ہے۔ تو ایک رنگ میں
ندے نے احسان کا سلوک کیا اس سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ نے احسان کا سلوک فرمایا اور کہا تو نے جو کچھ
ا
تیرا تھا مجھے دے دیا۔ اب میرا جو کچھ ہے وہ تیرا ہو گیا۔ انہیں معنوں میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ
والسلام کا الہام ہے کہ
جے توں میرا ہور ہیں سب جگ تیرا ہو ( تذکرہ صفحہ : ۳۹۰)
کہ اے بندے اگر تو میرا ہو جائیں یعنی اپنی مالکیت کو ختم کر کے سب کچھ مجھے واپس لوٹا
دے تو اس کے بدلے جو سب کچھ میرا ہے وہ تیرا ہو جائے گا۔ تو مالک کا لفظ ایک بہت ہی عظیم الشان
صفت کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ان معنوں میں ہر دوسری چیز پر حاوی ہو جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ہر
صفت مالک کے ساتھ مل کر ایک نئی شان کے ساتھ دوبارہ اُبھرتی ہے اور نئی شان کے ساتھ جلوہ دکھاتی
ہے۔ پس جب ہم کہتے ہیں إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ إِيَّاكَ نَسْتَعِينُ تو اس میں صفت مالکیت
خصوصیت کے ساتھ پیش نظر رہنی چاہئے اور ربوبیت ، رحمانیت، رحیمیت ان سب کو مالکیت کی ذات
میں اکٹھا کر کے پھر خدا کو مخاطب کرنا چاہئے کہ إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ إِيَّاكَ نَسْتَعِينُ ہم تیری ہی
عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد چاہتے ہیں۔
اس س مضمون کے بعد میں نے انعام کا مضمون مختصر بیان کیا تھا، اب آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں
کہ الْمَغْضُوبِ اور الضَّالِّينَ کا خدا تعالیٰ کی ان صفات سے کیا تعلق ہے جو سورہ فاتحہ کے
آغاز میں بیان ہوئی ہیں ۔ یعنی رب کے تصور کے ساتھ کہیں غضب اور گمراہی کا تصور ذہن
میں نہیں آتا ۔ رحمان کے تصور کے ساتھ کہیں غضب اور گمراہی کا تصور ذہن میں نہیں آتا ۔
اسی طرح نہ رحیمیت کے ساتھ تعلق دکھائی دیتا ہے نہ مالکیت کے ساتھ تو پھر ہم کیوں کہتے ہیں
کہ خدا تعالیٰ کی تمام صفات کا تعلق ان چار صفات سے ہے جو بنیادی حیثیت رکھتی ہیں جو
سورۂ فاتحہ کے آغاز میں بیان ہوئی ہیں اس مضمون پر غور کرتے ہوئے ایک نکتہ جو اللہ تعالیٰ
نے مجھے سمجھایا وہ یہ تھا کہ خدا تعالیٰ کے بندے بننے کے لئے خدا تعالیٰ کی تمام صفات کے
ساتھ تعلق ہونا ضروری ہے۔ جس صفت کے ساتھ تعلق کہتا ہے اس حصے میں انسان اس صفت
کا بر عکس ہو کر دنیا میں اُبھرتا ہے ۔ پس اگر کوئی انسان رب بننے کی کوشش نہیں کرتا تو ربوبیت
خطبات طاہر جلد ۹
784
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
کے برعکس جلوہ دکھاتا ہے اور دراصل خدا غضبناک نہیں ہوتا بلکہ خدا کے وہ بندے لوگوں کے لئے
غضب کا موجب بن جاتے ہیں جو اپنے رب کی صفات حسنہ سے تعلق توڑ بیٹھتے ہیں ۔ پس دنیا میں
جتنے بھی دُکھ آپ دیکھتے ہیں جن میں کوئی شخص غضب کا نشانہ بنتا ہوا دکھائی دیتا ہے تو ان معنوں میں وہ
غضب کا نشانہ بنتا ہے کہ وہ خدا کی صفار ربوبیت، رحمانیت، رحیمیت اور ما ربوبه رحیمیت اور مالکیت سے تعلق توڑتا ہے
اور ان کے برعکس جلوے دنیا کو دکھاتا ہے۔ ان کی برعکس شکل میں دنیا پر ظاہر ہوتا ہے اور خدا کے
بندوں سے بدسلوکی کرنے میں انسان پہل کرتا ہے اس کے بعد خدا کا اس سے سلوک شروع ہوتا ہے
جو پھر اسے خدا کا مغضوب بنادیتا ہے اور یہ ایسی ہی بات ہے جیسے ماں بچے سے بہت زیادہ محبت کرتی
ہے اور اس کی اس انتہائی محبت میں بظاہر غضب کا پہلو دکھائی نہیں دیتا مگر اس بچے کو جو تکلیف دے
اس کے لئے وہی مہربان ماں بہت زیادہ غضبناک ہو جاتی ہے اور اتنی غضبناک ہوتی ہے کہ کسی اور
رشتے میں ایسا غضب دکھائی نہیں دیتا۔ کہتے ہیں شیر کے بچوں کو اگر کوئی اٹھانے کی کوشش کرے تو شیر
سے بہت زیادہ شیرنی اس پر غضبناک ہوتی ہے۔ شیر کے غضب سے تو وہ بچ جائے لیکن شیرنی کے
غضب سے نہیں بچ سکتا۔ اسی طرح ہتھنی کے متعلق بیان کیا جاتا ہے کہ اگر ہتھنی کے بچے کو کوئی تکلیف
پہنچائے تو ہاتھی اسے بہت زیادہ بڑھ کر ہتھنی اپنا انتقام لیتی ہے اور پھر جس نے ظلم کیا ہو اس کو مار کر اس کو
اپنے پاؤں تلے اس طرح مسلتی ہے کہ اس کا نشان تک مٹ جائے۔خاک میں اس کو ملا کر پھر بھی اس
کا غصہ ختم نہیں ہوتا اور اس کی بناء محبت ہے، اس کی بناء رحمت ہے۔
رحم کے متعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلم نے ہمیں مطلع فرمایا کہ لفظ رحم، یعنی ماں
کا وہ عضو جس میں بچہ پلتا ہے اس کا نام رحم اس لئے رکھا گیا ہے کہ خدا تعالیٰ کے رحم کے ساتھ اس کا
تعلق ہے۔ جس طرح خدا تعالیٰ رحمان ہے اور رحمانیت کا تخلیق سے ایک تعلق ہے۔
اسی طرح بچے کی تخلیق کا ماں کے رحم سے تعلق ہے اور چونکہ عربی در حقیقت الہامی زبان ہے
اس لئے اللہ تعالیٰ نے دونوں کے لئے ایک ہی لفظ منتخب فرمایا۔ ایک ہی مادے سے دونوں چیزیں بنیں
یعنی رحم اور رحمان ۔ پس حقیقت یہ ہے کہ ماں کی محبت کو بچے کے لئے جب آپ سمجھ لیں تو تب آپ پر
یہ بات روشن ہوگی کہ بچوں سے دشمنی کرنے والے پر دنیا میں سب سے زیادہ غضبناک کوئی چیز ہوسکتی
ہے تو وہ ماں ہے۔ پس رحمان خدا کے بندوں سے جو لوگ دشمنی کرتے ہیں ان پر خدا غضب ناک ہوتا
خطبات طاہر جلد ۹
785
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
ہے اپنی رحمانیت کی وجہ سے۔ پس دو معنوں میں ایسے لوگ مغضوب بن جاتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ وہ
لوگ جو نہ رب بنا سیکھتے ہیں، نہ رحمان بنا، نہ رحیم ، نہ مالک، ان سے دنیا فیض نہیں اٹھاتی۔ ان کا
فیض کسی کو نہیں پہنچتا۔ وہ خدا کی اس رحمت اور بندوں کے درمیان یا خدا کی صفات حسنہ اور بندوں
کے درمیان ایک روک بن جاتے ہیں اور محض ۔ ور محض یہ روک بننا ہی ان کو خدا کے عتاب کا مورد بنا دیتی ہے
لیکن جب یہ روک سے بڑھ کر اگلا قدم اُٹھاتے ہیں اور منفی صورت میں بندوں سے سلوک کرتے ہیں
یعنی جہاں رحم کرنا ہے وہاں سفا کی سے پیش آئیں، جہاں حق سے بڑھ کر عطا کرنا ہے وہاں حق تلفی سے تلفی
شروع کر دیں، جہاں پرورش دے کر یعنی تربیت کر کے اعلیٰ مقامات تک پہنچانا وہاں منفی رویہ اختیار رو
کریں اور خدا کے اچھے بھلے لوگوں کے اخلاق خراب کرنا شروع کر دیں۔ ان کے اندر گندگی پھیلانا
شروع کر دیں جیسا کہ آجکل کے زمانے میں بہت سی گندگیاں ہیں جو امریکہ سے نکل نکل کر سب دنیا
میں پھیل رہی ہیں تو امریکہ میں وہ لوگ جو نہایت گندی قسم کی فحش فلمیں بناتے اور ایسی نئی نئی لذتیں
ایجاد کرتے ہیں جس سے بنی نوع انسان کے اخلاق خراب ہوں وہ نہ صرف یہ کہ رب سے تعلق نہیں
رکھتے بلکہ رب کے برعکس تعلقات بنی نوع انسان سے قائم کرتے ہیں یا رب سے برعکس رویہ کے
ساتھ بنی نوع انسان کے ساتھ پیش آتے ہیں تو یہ جو ان کا منفی رویہ ہے اگر واقعۂ خدا رب ہے تو اس
کی ربوبیت کو کاٹنے والے سے خدا کا ایک منفی رویہ ظاہر ہوتا ہے۔ اگر وہ رحمان ہے تو اس کی رحمانیت
برعکس طریق پر بنی نوع انسان سے سلوک کرنے والے سے خدا تعالیٰ کا نے والے سے خدا تعالیٰ کا ایک برعکس رویہ ظاہر ہوتا
ہے اور یہی مضمون ہے جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ کی تمام منفی صفات ظہور میں آتی ہیں۔ پس جب خدا
تعالیٰ نے فرمایا : إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ اس کے بعد وہ لوگ جو إِيَّاكَ نَعْبُدُ
وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ کی صف میں داخل نہیں ہوئے اور ان کے حق میں یہ دعا قبول نہیں ہوئی کہ
اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمُ تو وه وه
بچا کھچا گند ہے جو الْمَغْضُوبِ اور الضَّالِّينَ کی شکل میں ہم پر ظاہر کیا گیا ہے۔ ان معنوں میں
وہ ظاہر ہوئے کہ خدا کی صفات کے منفی عکس بن کر وہ دنیا پر ابھرے۔
سے بر
اس ضمن میں میں ایک دفعہ غور کر رہا تھا اور دعا کر رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ اس مضمون کو زیادہ واضح
طور پر مجھے سمجھائے تو کشفی حالت میں خدا تعالیٰ نے یہ مضمون ایک اور رنگ میں مجھے دکھایا اور وہ یہ تھا
خطبات طاہر جلد ۹
786
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
کہ جیسے ایک کارخانے میں آپ ایک طرف سے کوئی چیز Raw Material یعنی خام مال ڈالتے
ہیں تو وہ ایک نہایت ہی خوبصورت اور اعلیٰ تکمیل کی شکل میں ایک طرف سے نکل رہا ہوتا ہے لیکن اس
کے ایک طرف وہ گند بھی نکل رہا ہوتا ہے جو اس قابل نہیں ہوتا کہ اس کارخانے میں داخل ہونے کے
بعد اپنے اندر ایسی تبدیلی کر سکے کہ اسے ایک مکمل صنعت کی شکل میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے،
اس کو وہ Waste Product کہتے ہیں ۔ پس ایک چیز ہے End Product اور ایک ہے
_Waste Product
End Product تو ہر صنعت کا وہ مال ہے جس کی خاطر صنعت کاری کی جاتی ہے اور
کارخانے بنائے جاتے ہیں اور اپنی آخری شکل میں بہت خوبصورت تبدیلیاں پیدا ہونے کے بعد وہ
ایک نئے وجود کی صورت میں خام مال دنیا کے سامنے ظاہر ہوتا ہے۔ اب اس وقت آپ کے پاس
جتنی بھی چیزیں ہیں وہ سب اسی طرح کسی نہ کسی کارخانے سے نکل کر ایک نئی شکل میں آپ کے
سامنے ظاہر ہوئی ہیں۔ کسی نے کپڑے کی ٹوپی پہنی ہوئی ہے، کسی نے اون کی ٹوپی پہنی ہوئی ہے، کسی
نے قراقلی پہنی ہوئی ہے۔ اب تصور کریں کہ یہ کیا چیزیں تھیں ۔ اسی طرح آپ کے لباس ، آپ کے
بوٹ ، آپ کے قلم یہ سب خام مال تھے جو مختلف مراحل سے گزر کر بالآخر اس شکل میں آپ تک پہنچے
جس میں آپ نے ان کو قبول کیا اور استعمال کیا لیکن آپ کا ذہن اس گندگی کی طرف کبھی نہیں گیا جو
اس دوران پیدا ہوتی رہی اور ان چیزوں سے الگ کی جاتی رہی اور اسے ضائع شدہ مال کے طور پر
ایک طرف پھینک دیا گیا۔ چنانچہ اس زمانہ میں صنعتوں نے جہاں بہت ترقی کی ہے یہ ایک بہت بڑا
مسئلہ بن کر دنیا کے سامنے اُبھرا ہے کہ اس Waste Material کا کیا کریں۔ یہ تو دنیا کے لئے
عذاب بنتا جا رہا ہے۔ جب یہ کم ہوا کرتا تھا اس زمانے میں انسان کی توجہ کبھی اس طرف نہیں گئی اور
آج سے سو سال پہلے بھی صنعتکاری تھی ۔ بڑے بڑے کارخانے جاری تھے لیکن کبھی بھی اس زمانے کی
اخباروں میں آپ کو یہ بحثیں دکھائی نہیں دیں گی کہ یہ جو اچھی چیزیں بنانے کی ہم کوشش کرتے ہیں
اس کوشش کے دوران جو چیزیں ضائع ہو رہی ہیں ان کا ہم کیا کریں۔ وہ سمندروں میں پھینک دیتے
تھے یا عام کھلی جگہ پر پھینک دیتے تھے یا جھیلوں میں ڈال دیتے تھے اور کبھی اُن کے نقصان کی طرف
کسی کی توجہ نہ گئی۔ اب چونکہ زیادہ چیزیں بن رہی ہیں اسی طرح Waste Material بھی بڑھتا
خطبات طاہر جلد ۹
787
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
چلا جا رہا ہے اور وہ Waste Material ایسی خطرناک چیز بن کر دنیا کے سامنے اُبھرا ہے کہ اس
کے غضب سے دنیا ڈرنے لگی ہے اور یہ بڑا بھاری مسئلہ ہے۔ دنیا کی تمام بڑی قوموں میں اب بہت
ہی زیادہ فکر کے ساتھ ان مسائل پر غور ہو رہا ہے کہ کس طرح ان مصیبتوں سے چھٹکارا حاصل کریں جو
صنعت کے دوران By Product کے طور پر یا Waste Product کے طور پر ہمارے
ہاتھوں میں پڑی ہوئی ہے اور ہم نہیں سمجھتے کہ کسی طرح اس صنعت سے چھٹکارا حاصل کریں۔
مذہبی دنیا میں یہ Waste Product ہے جو بنی نوع انسان کے لئے تباہی کے سامان
کرتی ہے اور بعض دفعہ جس طرح دنیا میں بھی بعض چیزوں میں Waste زیادہ ہو جاتا ہے اور جو
چیز حاصل ہوتی ہے وہ بہت تھوڑی ہوتی ہے اسی طرح بد قسمتی سے بعض دفعہ انسانوں پر ایسے دور
آتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے اصلاحی نظام سے گزرتے ہوئے بہت کم ہیں ان میں جو فائدہ اُٹھائیں
اور ایک بھاری تعداد میں جو Waste Material کے طور پر ایک طرف پھینک دی جاتی
ہے۔ چنانچہ حضرت نوح" کے زمانے میں آپ دیکھیں اسی طرح ایک روحانی کارخانہ جاری ہوا تھا
جیسے ہر نبی کے زمانے میں جاری ہوتا رہا لیکن بنی نوع انسان کی ایک بھاری تعداد ایسی تھی جو
Waste Material تھا اور بہت تھوڑے تھے جو کارخانے سے اپنی آخری مکمل صورت میں نکھر
کر دنیا کے سامنے ظاہر ہوئے۔ پس خدا تعالیٰ نے ان نکھرے ہوئے وجودوں کو تو بچا لیا اور
Waste Material کو ضائع کر دیا۔ بنی نوع انسان کے پاس ایسا کوئی طریق نہیں ہے کہ وہ
Waste Material سے کلیہ نجات حاصل کر سکیں ۔ اسی لئے مذہب کے Waste جمع ہوتے
ہوتے بالآ خر یعنی وہ Waste جن کو عبرت کا نشان بنا کر یا اور صورتوں میں یا بعض بعد کے فوائد کے
لئے باقی رکھا جاتا ہے۔ بعض دفعہ Recycle کرنے کے لئے بھی Waste کو باقی رکھا جاتا ہے،
Waster الْمَغْضُوبِ بن کر اور الضَّالِّينَ بن کر بنی نوع انسان کو مصیبت ڈال دیتے ہیں ۔
یہاں خدا تعالیٰ نے لفظ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ رکھا ہے۔ یہ نہیں فرمایا کہ خدا اُن پر
غضبناک ہوا۔ مغضوب کا مطلب ہے وہ لوگ جن پر غضب کیا گیا یا غضب کا مورد بنائے گئے یا بنائے
جارہے ہیں۔ یہ نہیں فرمایا کہ اے خدا! ہمیں ! ا ہمیں ان کا رستہ نہ دکھانا جن پر تو غضبناک ہوا۔ اس لئے کہ
غضب دراصل ان بندوں سے شروع ہوتا ہے اور خدا سے نہیں ہوتا۔ غضب کا آغاز بندے سے ہوتا
خطبات طاہر جلد ۹
788
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
ہے اور خدا تعالیٰ محض رد عمل کی صورت میں غضبناک ہوتا ہے جیسا کہ میں نے تفصیل سے آپ کو سمجھایا
ہے کہ ایک ماں اپنے رحم کی وجہ سے غضبناک ہوتی ہے۔ پس خدا کی یہ شان ہے کہ یہاں غضب کے
مضمون میں یہ اشارہ فرما دیا کہ اگر چہ بعد میں آپ یہ بھی دیکھیں کہ خدا تعالیٰ غضب ناک ہوا لیکن
سورۂ فاتحہ نے یہ اشارہ کر دیا اور یہ مضمون کھول دیا کہ دراصل غضب کا آغاز بندے کی طرف سے ہوتا
ہے اور اپنے غضب کے نتیجے میں وہ مغضوب بنایا جاتا ہے۔ پھر ایسا شخص بندوں کا بھی مغضوب ہو
جاتا ہے اور خدا کا بھی مغضوب ہو جاتا ہے۔ پس ضمیر کو واضح نہ کرنے کے نتیجے میں مضمون میں اور
کشادگی پیدا کر دی اور وسعت پیدا فرمادی کہ اے خدا! ہمیں ان لوگوں کے رستے پر نہ ڈال دینا جو
Waste Product ہیں ۔ جو سورہ فاتحہ کے روحانی نظام سے گزرتے ہیں یعنی سورہ فاتحہ کا
روحانی نظام تو وہی ہے جو ساری دنیا میں خدا تعالیٰ کی طرف سے پھیلا پڑا ہے۔ کیونکہ اگر قرآن کی ماں
ہے تو ساری کائنات کی ماں بھی سورہ فاتحہ بن جاتی ہے۔ پس اے خدا! جو تیرے روحانی نظام سے
جس کا ذکر تو نے سورہ فاتحہ میں فرمایا ہے استفادہ نہیں کر سکتے ان میں سے کچھ ایسے ہیں جو کلیہ محروم ہو
جاتے ہیں اور وہ مغضوب ہیں۔ ان پر بندے بھی غضبناک ہوتے ہیں کیونکہ ان کے بندوں پر
غضبناک ہونے کے نتیجے میں تو نے ان کو غضب کا نشانہ بنایا ہے۔ پس چونکہ وہ بندوں سے ظلم اور
سفا کی کا سلوک کرتے ہیں رفتہ رفتہ ان کے خلاف نفرتیں بڑھنی شروع ہو جاتی ہیں اور پھر آخر وہ یہاں
تک بار بار بندوں کے غضب کا نشانہ بنائے جاتے ہیں اور چونکہ وہ خدا کے بندوں سے غضب کا
سلوک کرتے ہیں اس لئے آسمان سے وہ خدا کے غضب کا نشانہ بھی بنائے جاتے ہیں اس طرح
دوہری لعنتوں کا شکار ہو جاتے ہیں ان لوگوں میں ہمیں نہ داخل فرمانا، ہمیں ان بدنصیبوں میں نہ لکھ
دینا۔ ہمیں ان خوش نصیبوں میں لکھنا جو تیرے روحانی نظام سے گزر کر اس سے فیض پا کر ایک نئی
خلقت کے طور پر دنیا میں اُبھریں اور نئی عظیم الشان بنی نوع انسان کو فائدہ دینے والی صورت میں ایک
نیا وجود پائیں۔ یہ ہے اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ کی دعا جو غَيْرِ الْمَغْضُوبِ
عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ کی صورت میں جا کر پھر مکمل ہوتی ہے۔
الضَّالِّينَ سے مراد وہ لوگ ہیں جو الْمَغْضُوبِ کی حد تک تو خدا کی ربوبیت اور
رحمانیت سے نہیں کاٹے گئے مگر کچھ نہ کچھ تعلق انہوں نے ضرور تو ڑا ہے اس لئے ان کو گمراہوں میں
خطبات طاہر جلد ۹
789
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
لکھا ہے اور خصوصیت کے ساتھ وہ لوگ الضَّالِّينَ ہیں جن کا خدا کی بعد میں آنے والی صفات
سے زیادہ تعلق کاٹا گیا ہے یعنی اگر چہ ربوبیت سے بھی یہ کچھ تعلق کاٹ دیتے ہیں اور رحمانیت سے بھی
لیکن رحیمیت اور مالکیت سے یہ بہت زیادہ قطع تعلقی کرتے ہیں اور جن کا تعلق مالکیت سے کٹ
جائے وہ الضَّالِّينَ ہو جاتے ہیں۔
اس مضمون کی تفصیل میں بھی جانے کا یہاں وقت نہیں مگر میں نے پہلے چونکہ ذکر کر دیا تھا
اس لئے میں اس تعلق کو اس ذکر سے جوڑتا ہوں اور وہ ذکر میں نے یہ کیا تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ
الصلوة والسلام نے معرفت کا یہ عظیم الشان نکتہ ہمیں سمجھایا کہ عیسائیوں پر جو و بال ٹوٹا ہے وہ خدا کی
صفت مالکیت کو نہ سمجھنے کی وجہ سے اور اس پر ایمان نہ لانے کی وجہ سے ٹوٹا ہے۔ وہ خدا کو محض عادل
سمجھتے ہیں اور مالک نہیں سمجھتے اور قانون دان نہیں سمجھتے اور قانون کا مالک نہیں سمجھتے اس لئے یہ سوچنے
پر مجبور ہیں کہ وہ عدل کے تقاضوں سے بالا ہو کر بندوں سے مغفرت کا سلوک نہیں کر سکتا۔ جس نے
مالک سے تعلق تو ڑا وہ الضَّالِّينَ میں شامل ہو گیا اور الضالین کے متعلق ہمیں علم ہے آنحضرت
صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلم اور بعض دوسرے مفسرین نے آنحضور کی ہدایات کی روشنی میں جو تفاسیر
لکھی ہیں ان میں یہ بات بہت کھول کر بیان کی گئی ہے کہ اگر الْمَغْضُوبِ یہودی ہیں تو
الضَّالِّينَ عیسائی ہیں ۔ پس ضال ہونے کا یعنی گمراہ ہونے کا خصوصیت کے ساتھ مالک کے انکار
سے تعلق ہے اسی لئے میں نے جو آپ کے سامنے یہ اشارہ رکھا ہے کہ مغضو بیت زیادہ تر زیادہ تر ربوبیت اور
رحمانیت سے منقطع ہونے کے نتیجے میں ظاہر ہوتی ہے اور الضالین ہونا زیادہ تر رحیمیت اور مالکیت
سے قطع تعلق ہونے کے نتیجے میں ظاہر ہوتا ہے یعنی ضال بننا۔
بہر حال اس مضمون کو چھوڑتے ہوئے اب میں آگے بڑھتا ہوں ۔ ایک اور بہت اہم بات
سورۂ فاتحہ کے متعلق آپ کو یاد رکھنی چاہئے کیونکہ آپ بار بار اس کو نماز میں پڑھتے ہیں اور پڑھتے
رہیں گے تو اس کا مضمون بہت وسیع ہو کر آپ کے پیش نظر رہنا چاہئے ۔ اس لئے کہ ہر وقت انسان
ایک حال میں نہیں ہوتا اور سورۂ فاتحہ ایک ایسی عظیم الشان سورۃ ہے جو انسان کے ہر حال سے تعلق
رکھنے کے لئے مزاج رکھتی ہے اور وسعت رکھتی ہے۔ اس لئے آپ جتنا زیادہ سورۂ فاتحہ کے مزاج
سے شناسا ہوں گے اتنا ہی زیادہ آپ کے کسی نہ کسی حال میں یہ آپ کے کام آسکے گی ورنہ بعض
خطبات طاہر جلد ۹
790
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
حالتوں میں جب آپ نماز پڑھیں گے تو سورہ فاتحہ آپ کو ایک بے تعلق سی چیز دکھائی دے گی لیکن اگر
اس کی وسعتوں کو سمجھیں گے تو یاد رکھیں یہ آپ کی وسعتوں پر ہمیشہ حاوی رہے گی اور کبھی بھی یہ ہو نہیں
سکتا کہ آپ کی کوئی حالت سورۂ فاتحہ کی وسعت سے باہر نکل جائے۔ یہ جو پہلو میں آپ کے سامنے
رکھنا چاہتا ہوں اس کا تعلق ضمائر سے ہے۔ آپ نے دیکھا ہے کہ سورۂ فاتحہ جب اللہ کا تعارف کرواتی
ہے تو اس میں سوائے غائب کے کوئی ضمیر نظر نہیں آتی ۔ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ
الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ مُلِكِ يَوْمِ الدِّينِ میں کوئی ضمیر ظاہر نہیں ہے۔ وہ رب یا
یہ رب یا تو یا میں یا ہم یا آپ کسی قسم کی کوئی ضمیر نہیں مگر غائب کا مضمون ہے۔ پس خدا تعالیٰ کی تمام
صفات کو غائب میں اور جمع کی صورت میں اکٹھا کر کے دکھایا گیا۔
اس کے بعد مضمون نے پلٹا کھایا اور پہلی دفعہ کھلم کھلا ضمائر کا استعمال اس طرح ہوا کہ
إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ إِيَّاكَ نَسْتَعِينُ کی دعا میں ہم نے اپنی طرف جمع متکلم کا صیغہ لگا لیا اور خدا کی
طرف سے واحد مخاطب کا ۔ یعنی خدا کو تو کہا اور اکیلا کر دیا۔ اپنی تمام صفات کے باوجود خدا تعالیٰ کی
ایک ایسی ہستی کا تصور ہمارے سامنے ابھرا جو غیر منقسم ہے، جو جمع تفریق نہیں ہو سکتی اور واحد ہے پس
دعا مانگی تو اس وہم میں مبتلا ہو کر نہیں کہ چونکہ صفات زیادہ ہیں اس لئے ہو سکتا ہے خدا تعالیٰ بھی کئی قسم
کے مختلف وجود رکھتا ہو اور اپنے آپ کو جمع کر دیا۔ گویا تمام کائنات کی نمائندگی اختیار کر لی۔
رَبِّ الْعَلَمِينَ کا تصور ایک نئے رنگ میں ہمارے سامنے ابھرا اور ہم نے یہ سوچا کہ جب وہ سب
جہانوں کا رب ہے تو اس سے تعلق رکھنے کے لئے ہم سب کی نمائندگی میں کیوں نہ اس سے مانگیں
کیونکہ وہ سب کا ہے۔ اگر سب کی طرف سے ہم مانگیں گے تو ہماری دعا میں زیادہ اثر ہوگا اور ہم بھی
اس کی رَبِّ الْعَلَمِينَ ہونے کی صفت میں حصہ پالیں گے۔ پس إِيَّاكَ نَعْبُدُ کی دعا نے یہ
دونوں باتیں ہمیں سمجھا دیں کہ رب اپنی تمام صفات کے باوجود اکیلا ہی ہے اور کائنات پھیلی پڑی ہے
اور بے شمار ہے۔ انسان اپنی ذات میں اس ساری کائنات کو مجتمع کر سکتا ہے اور اس ساری کائنات کی
نمائندگی میں خدا سے دعا کر سکتا ہے اور یہ دعا واقعہ تمام کائنات کی نمائندگی میں ہو سکتی ہے کیونکہ جب
ہم کہتے إِيَّاكَ نَعْبُدُ تو در حقیقت ہم عبادت کا حق ادا کریں یا نہ کریں قرآن کریم ہمیں بتاتا ہے
کہ ساری کائنات واقعہ عبادت کر رہی ہے تو یہ محض ایک مبالغہ آمیزی نہیں ہے یا محض ایک ذوقی نکتہ
خطبات طاہر جلد ۹
791
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
نہیں ہے بلکہ ایک ٹھوس حقیقت ہے کہ جب ہم إِيَّاكَ نَعْبُدُ کہتے ہیں کہ اے خدا صرف تیری ہم
سب عبادت کرتے ہیں یعنی کل عالمین تو بالکل سچ بات کر رہے ہوتے ہیں اور چونکہ تمام کائنات کا
نمائندہ انسان واقعہ ہے اس میں تمام کائنات کا شعور خلاصہ کی صورت میں پیدا کیا گیا ہے اور سب
سے اعلیٰ شعور انسان کو عطا کیا گیا ہے۔ اس لئے بحیثیت مخلوقات میں سے افضل ہونے کے وہ نمائندگی
کا حق بھی رکھتا ہے۔ پس جو تخلیق میں سب سے افضل ہو وہ جب عبادت کا اقرار کرلے اور خدا کے
حضور جھک جائے تو گویا تمام کائنات خدا کے حضور جھک رہی ہے۔
پس ایسا انسان جو عبادت کے وقت اپنا یہ مقام پیش نظر رکھے اُس کے رکوع اور سجود میں
ایک اور شان پیدا ہو جاتی ہے اور وہ خدا کے حضور ا کیلا نہیں جھک رہا ہوتا بلکہ نَعْبُدُ کے ساتھ جھک
رہا ہوتا ہے تمام کا ئنات کا خلاصہ بن کر جھک رہا ہوتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب نَعْبُدُ
کی دعا عرض کرتے تھے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم صرف ساری کائنات کا نہیں بلکہ تمام عبادت
کرنے والوں کے سردار کے طور پر یہ عرض کیا کرتے تھے کہ اے خدا! اے رب العالمین !! ہم سب جو
بھی عبادت کرنے والے ہیں وہ سب تیرے حضور جھکتے ہیں اور میں ان کا سردار ہونے کی حیثیت سے
یہ اقرار کرتا ہوں کہ تو ہی عبادت کے لائق ہے اور تیرے سوا اور کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ ہماری
سب سرداریاں تیرے حضور سجدہ ریز ہیں، ہمارے ماتھے تیرے حضور عاجزانہ طور پر اپنے آپ کو مٹی
میں رگڑتے ہیں اور گریہ وزاری کرتے ہیں اور اپنی عاجزی کا اقرار کرتے ہیں تو جب تمام کا ئنات کا
سردار جس کو خدا نے پیدا کیا خدا کے حضور رکوع کرتا تھا اور سجدے کرتا تھا اور إِيَّاكَ نَعْبُدُ اور
وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ کی دعا پڑھا کرتا تھا تو حقیقت میں تمام کا ئنات اور اس تمام کائنات کا خلاصہ
خدا کی عبادت کیا کرتے تھے۔
پس اس شان کی عبادت تو آج کسی کے لئے ممکن نہیں ہے کیونکہ اگر ممکن ہے بھی تو اس کو
استطاعت نہیں ہے۔ یعنی بشری طور پر اس کے اندر یہ استطاعت نہیں ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ
و علی آلہ وسلم کی عبادت کے برابر پہنچ سکے۔ اس لئے حسب توفیق اپنی عبادت کو ایسی وسعت دینا
ضروری ہے اور اس وسعت کا آغاز اپنے خاندان سے کریں۔ اِيَّاكَ نَعْبُدُ میں اگر آپ باشعور
طور پر باقی چیزوں کو تو شامل نہیں کر سکتے تو اپنی بیوی اپنے بچوں اور اپنے عزیزوں کو شامل کر لیں۔ اگر
خطبات طاہر جلد ۹
792
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
آپ خدا تعالیٰ کی جماعت کی طرف سے کسی عہدے پر مامور ہیں تو ان سب کو شامل کر لیں ۔ اگر آپ
قائد مجلس خدام الاحمدیہ ہیں تو خدام کو شامل کر لیں۔ اگر لجنہ کی صدر ہیں تو لجنات کو شامل کر لیں غرضیکہ
جس جس دائرے پر بھی آپ کو کسی کام پر مامور فرمایا گیا ہے ان کو اپنے ساتھ شامل کر لیں۔ ایسی صورت
میں جب إِيَّاكَ نَعْبُدُ کہیں گے تو اس کے ساتھ ہی اپنے نفس کا ایک محاسبہ بھی شروع ہو جائے گا
اور انسان یہ سوچے گا کہ کہ کس حد تک میں ان کی نمائندگی کا حق رکھتا ہوں ۔ کیا میں نے ان کو عبادات
کرنے میں اپنے ساتھ شریک کرنے کی کوشش بھی کی ہے کہ نہیں ۔ کیا میں نے واقعہ چاہا ہے کہ یہ
سارے میرے ساتھ خدا کی عبادت کرنے والے بنیں ۔ پس اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر إِيَّاكَ نَعْبُدُ
کے مضمون میں سے کچھ ہوا نکل جائے گی کچھ جان نکل جائے گی ، وہ طاقت اس میں نہیں پیدا ہو سکتی ۔
پس دیکھیں وہی دعا ہے إِيَّاكَ نَعْبُدُ کی لیکن حالات کے بدلنے کے ساتھ اس کے
معنی بدلنے شروع ہو جاتے ہیں۔ بعض صورتوں میں یہ بہت قوی دعا بن کے ابھرتی ہے ، بعض
صورتوں میں اس میں نا طاقتی پیدا ہو جاتی ہے۔ پس إِيَّاكَ نَعْبُدُ کی دعا کا مضمون بہت ہی وسیع
اور گہرا ہے۔ اس کا ایک طرف رب ، رحمان، رحیم اور مالک سے تعلق ہے اور دوسری طرف کل عالمین
سے اس کا تعلق بن جاتا ہے اور آپ رب اور اس کی مخلوقات کے درمیان واسطہ بن جاتے ہیں۔
ضمائر کا یہی مضمون آگے بڑھتا ہے اور اب ہم رکوع میں داخل ہوتے ہیں۔ آپ نے کبھی
سوچا یا نہیں سوچا لیکن یہ تعجب کی بات ضرور ہے کہ رکوع میں جاتے ہیں تو ہم بھی اکیلے اور خدا بھی اکیلا
سبحان ربی العظیم، سبحان ربی العظیم اور یہی سجدے میں حال ہے۔ رَبِّ الْعَلَمِينَ
میرا رب بن گیا ہے اور یہ بہت دلچسپ بات ہے اور بہت لطف کی بات ہے اور بے انتہا شکر کی بات
ہے کہ وہ شخص جو نماز کو سمجھتے ہوئے اخلاص کے ساتھ ادا کرتے ہوئے رکوع تک پہنچتا ہے اس کو گویا
نماز یہ پیغام دے رہی ہے کہ تو نے خدا کی ربوبیت کو عالمین کے اوپر قبول کیا اور سمجھا اور خدا کی
ربوبیت کا نمائندہ بننے کی کوشش کی۔ تو نے خدا کی رحمانیت کو کل عالمین پر جاری ہوتے دیکھا اور سمجھا
اور پھر خود خدائی نمائندگی میں اپنی رحمانیت کو اسی طرح پھیلانے کی کوشش کی غرضیکہ مالک تک آپ
پہنچیں تو ان سب باتوں کا جواب پھر خدا کی طرف سے یہ آتا ہے کہ تو نے تو مجھے إِيَّاكَ نَعْبُدُ کہا
کہ اے خدا! میں تمام بنی نوع انسان کی یا اُن سب کی نمائندگی میں جن کو تو نے میرے تابع فرمایا
خطبات طاہر جلد ۹
793
خطبه جمعه ۲۸ دسمبر ۱۹۹۰ء
ہے۔ تیری عبادت کرتا ہوں اس لئے اب میں تجھ پر تیرا خدا بن کر ابھروں گا اور تجھے یہ حق عطا کرتا
ہوں کہ تو کہہ سبحان ربی العظیم پاک ہے میرا رب جو میرا رب ہے۔
اب یہاں جو غائب تھا وہ غائب نہ رہا جو سب کا تھا وہ سب کا ہو گا بھی لیکن یہاں اپنا بن
کے ابھرا ہے اور میرا رب بن کے ابھرا ہے۔ پس جس کا رب عظیم ہو تو اس کو بھی عظمتوں سے حصہ ملے
گا اس میں یہ خوشخبری بھی عطا کر دی گئی۔ ہے کہ اب تو عام انسان نہیں رہا تو نے ایک ایسی ذات سے
تعلق جوڑ لیا ہے اور اس کو اپنا بنالیا ہے اور وہ تیرا ہو چکا ہے کہ اب اس کی عظمتوں سے تجھ کو حصہ دیا
جائے گا اور جب وہ سجدہ میں جاتا ہے اور دنیا کی نظر میں بالکل ذلیل اور رسوا ہو جاتا ہے یعنی اس سے
زیادہ دنیا کی نظر میں انسان کے لئے کیا رسوائی ہو سکتی ہے کہ وہ اپنا ما تھا کسی کے حضور خاک پر رگڑنے
لگے، وہاں اس کے دل سے یہ آواز اٹھتی ہے سبحان ربی الاعلیٰ وہ رب جسے میں نے اپنا بنالیا
ہے جس نے مجھے اپنا بنالیا ہے وہ ہر دوسری چیز سے بلند تر اور اعلیٰ ہے اور اس کے مقابل پر کسی اور چیز
کی کوئی حیثیت نہیں تو خدا کے علو میں سے خدا کا بلند مرتبہ ہونے میں سے ان عاجز بندوں کو بھی حصہ
عطا کیا جاتا ہے اور اس طرح ضمائر کا مضمون دیکھیں کہاں سے شروع ہو کر کہاں تک پہنچتا اور بظاہر
سجدے کی انتہائی جھکی ہوئی حالت میں ہے لیکن اس جھکی ہوئی حالت میں یہ مضمون اپنے معراج کو پہنچ
جاتا ہے اور انسان کو یہ سبق دے جاتا ہے کہ اس کی ہر ترقی کا راز اس کے عجز میں ہے۔ جتنا زیادہ وہ
خدا کے حضور گرے گا اور جھکے گا اتنا ہی زیادہ اسے سربلندی عطا کی جائے گی۔ پس ضمائر کے لحاظ سے بھی
آپ دیکھیں تو نماز ایک عظیم الشان پیغام رکھتی ہے اور گہرے سبق رکھتی ہے اس کے علاوہ نماز میں
زمانوں کو بھی اس رنگ میں استعمال فرمایا گیا ہے کہ ایک بہت ہی دلکش مضمون ہمارے سامنے ابھرتا ہے
اور ہمارے دماغوں کو روشن کرتا چلا جاتا ہے لیکن میں گھڑی کو دیکھ رہا ہوں ۔ اب چونکہ وقت تھوڑا رہ گیا
ہے چند اور باتیں بھی نماز سے متعلق کہنی باقی ہیں۔ اس لئے انشاء اللہ آئندہ جمعہ پر ہی اگر وقف جدید
کی باتیں کرنے کے بعد وقت بچاور نہ پھر اس سے آئندہ جمعہ پر اس مضمون کو جاری رکھیں گے۔