اسلام کا کوئی وطننہیں اور ہر وطن اسلام ہے۔ اے مسیح محمدی کے غلامو! اقوام متحدہ کی نئی فلک بوس عمارتیں تعمیر کرنے والے تم ہو

AI summary.

اس خطبہ جمعہ میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمہ اللہ نے اسلام اور حب الوطنی کے باہمی تعلق اور اسلامی تعلیمات کی عالمگیریت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے خلیجی جنگ کے تناظر میں قرآن کریم کے مطابق جہاد کی حقیقی تعریف واضح کرتے ہوئے بیان فرمایا کہ یہ جنگ کوئی اسلامی جہاد نہیں بلکہ ایک سیاسی معرکہ ہے، اور ساتھ ہی بڑی طاقتوں اور اقوام متحدہ کی ناانصافیوں کا ناقدانہ جائزہ لیا۔ آخر میں آپ نے جماعت احمدیہ کو تلقین کی کہ وہ توحید کے جھنڈے تلے ایک سچی اور منصفانہ بین الاقوامی برادری کی روحانی تعمیر کے لیے محنت اور دعائیں کریں۔

موضوعات: اسلام اور حب الوطنی، حقیقت جہاد، خلیجی جنگ، اقوام متحدہ کا کردار، توحید

خطبات طاہر جلد ۱۰
55
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
اسلام کا کوئی وطن نہیں اور ہر وطن اسلام کا ہے۔
اے مسیح محمدی کے غلامو! اقوام متحدہ کی نئی فلک بوس عمارتیں
تعمیر کرنے والے تم ہو۔
( خطبه جمعه فرموده ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء بمقام بیت الفضل لندن )
تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:
اسلام کا کوئی وطن نہیں ہے اور ہر وطن اسلام کا ہے۔ اس بنیادی اور نہ تبدیل ہونے والے
روشن اصول کو بھلا کر بسا اوقات دنیا کے مختلف امتحانوں اور ابتلاؤں کے وقت بعض ملکوں کے مسلمان
غلطی کرتے ہیں اور اس کے نتیجے میں خود بھی تکلیف اٹھاتے ہیں اور اسلام کی بدنامی کا بھی موجب
بنتے ہیں ۔ اسی کے نتیجے میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ تم اپنی وفاداریوں کا تعین کرو اور بہت سے ممالک
جہاں بھاری اکثریت غیر مسلموں کی ہے وہ اپنے ملک کی مسلمان اقلیت سے یہ سوال کرتے ہیں کہ تم
ہمیں واضح طور پر یہ بتا دو کہ تم پہلے اسلام کے وفادار ہو یا پہلے وطن کے حالانکہ امر واقعہ یہ ہے کہ جیسا
کہ میں نے بیان کیا ہے اسلام کا کوئی وطن نہیں اور ہر وطن اسلام کا ہے ۔ اس حقیقت میں بہت ہی
گہرے حکمتوں کے راز پوشیدہ ہیں اور ایک بات جو کھل کر انسان کے سامنے ابھرتی ہے وہ یہ ہے کہ
کہیں دنیا میں اسلام اور وطنیت کا تصادم نہیں ہو سکتا یعنی اسلام کے ان سچے اصولوں کا جو عالمی ہیں ۔
ان کا عالم کے کسی حصے سے تصادم ممکن ہی نہیں ہے کیونکہ عقلاً کل کا جزو سے تصادم قابل فہم نہیں یعنی

خطبات طاہر جلد ۱۰
56
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
محالات میں سے ہے، ایسی چیز ہے جو ہو سکتی ہی نہیں۔ اگر اسلام کا خطہ ارض کے بعض بسنے والوں سے
تصادم ہو تو اسلام ان کا مذہب نہیں بن سکتا ، اسلام ان کیلئے رحمت کا پیغام نہیں ، اسلام یہ دعوی نہیں
کر سکتا کہ میری آغوش میں تمہارے لئے بھی امن ہے ۔ اس ملک کے باشندے یہ کہہ سکتے ہیں کہ
ہاں اہل عرب کے لئے تمہاری آغوش میں امن ہوگا یا اہل انڈونیشیا کے لئے یا اہل ملائیشیا کے لئے یا
اہل پاکستان کے لئے لیکن ہمارے لئے تمہارے پاس کوئی امن نہیں کیونکہ تم ہماری وطنیت کے مخالف
ہو۔ پس یہ ایک بنیادی واضح حقیقت ہے جسے بد قسمتی سے بعض دفعہ مسلمان بھلا بیٹھتے ہیں اور اسلامی
قومیتوں کے تصور کو ابھارتے ہیں اور اس طرح مسلمان اور غیر مسلم کو ایک دوسرے سے برسر پیکار
کر دیتے ہیں ۔ امر واقعہ یہ ہے کہ ہم نے سب دنیا کے دل جیتے ہیں اور دل متصادم ہونے سے نہیں
جیتے جاتے بلکہ پیغام کی لڑائی بالکل اور ماحول میں اور کیفیت سے لڑی جاتی ہے۔ پیغام کی لڑائی میں تو
ایسے اصول کارفرما ہوتے ہیں جن کا دنیا کی لڑائیوں سے کوئی دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا اور مختلف انبیاء کو
اللہ تعالیٰ نے مختلف وقتوں میں مختلف اصول سکھائے جو دنیا کی جنگوں پر اطلاق پاہی نہیں سکتے مثلاً
حضرت عیسی علیہ السلام نے عیسائیوں کے ہاتھ میں جو ہتھیار پکڑا یا وہ یہ تھا کہ اگر کوئی تمہارے ایک
گال پر طمانچہ مارتا ہے تو دوسرا گال بھی اس کے سامنے کر دو۔
وہ جنگ جس جنگ کا یہ اسلوب بیان کیا جا رہا تھا۔ وہ جہاد جس کے لئے یہ ہتھیار عیسائیوں
کو عطا کیا جا رہا تھا وہ روحانی جنگ تھی اور غلطی سے بعد میں عیسائیوں نے عملاً اس تعلیم کو ایک ظاہری
تعلیم کے طور پر سمجھ لیا اور چونکہ وہ ان کے کام نہیں آسکتی تھی ، دنیا کے حالات پر اطلاق نہیں پاسکتی تھی
اس لئے عملاً اس کو دھتکار دیا پس آج کوئی ایک عیسائی ملک دنیا میں ایسا نہیں جو حضرت عیسی علیہ الصلواۃ
والسلام کی اس عظیم الشان روحانی تعلیم پر عمل پیرا ہو کیونکہ یہ ایک روحانی تعلیم ہے جسے انہوں نے
دنیاوی معنوں میں قبول کیا لیکن عملاً ہر اس وقت اس کو رد کر دیا اور پس پشت پھینک دیا جب ان کے
امتحان کا وقت آیا۔ آج بھی یہی کیفیت ہے۔
پس مذہب کا تعلق روحانی دنیا سے ہے اور اس کی تعلیمات کی جنگ روحانی اصطلاحوں میں
لڑی جاتی ہے ۔ جب یہ کہا جاتا ہے کہ اسلام کو اس غرض سے پیدا کیا گیا تا کہ تمام دنیا کے دوسرے
ادیان پر یہ غالب آجائے تو اس کا ہرگز یہ مفہوم نہیں کہ تلوار ہاتھ میں پکڑ ویعنی مسلمانوں کو یہ تعلیم ہو کہ تم

خطبات طاہر جلد ۱۰
57
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
تلوار ہاتھ میں پکڑو اور تمام دنیا میں انکار کرنے والوں کی گردنیں کاٹتے پھرو اور جو تسلیم کرے اور سر
جھکا دے صرف اسی کو امن کا پیغام دو ، باقی سب کے لئے تم فساد اور جنگ کا پیغام بن جاؤ ۔ یہ نہ عقل
کے مطابق بات ہے نہ عملاً دنیا میں ایسا ہو سکتا ہے نہ کبھی ہوا ہے اس لئے جماعت احمد یہ کو ہمیشہ اس
صلى الله
عروسه
اصول کو پیش نظر رکھنا چاہئے کہ جب ہم مقابلے کی اور جہاد کی اور تمام بنی نوع انسان پر اسلام کو غالب
کرنے کی باتیں کرتے ہیں تو قرآن اور محمد مصطفی علی کی اصطلاحوں میں باتیں کرتے ہیں اور دنیا
کی اصطلاحوں سے انکا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے ابتلاء کے وقت وہ مسلمان جوان
باتوں کو نہیں سمجھ سکے، نہ سمجھ سکتے ہیں کیونکہ ان کے راہنما ان کو غلط تعلیم دیتے ہیں، وہ جگہ جگہ اپنے آپ
کو مشکل میں مبتلا دیکھ رہے ہیں اور دن بدن ان کی حالت خراب ہورہی ہے۔ مختلف ممالک میں کمزور
اقلیتیں ہیں اور اسلام کی تعلیم کو غلط پیش کرنے کے نتیجے میں اپنے رد عمل کو صحیح راستے پر گامزن نہیں رکھ
سکتے ۔ غلط راہوں پر چلاتے ہیں جہاں چلنا ان کے لئے ممکن نہیں ہے اور اس کے نتیجے میں شدید
نقصان اٹھاتے ہیں اور اسلام کی مزید بدنامی کا موجب بنتے ہیں۔
ایک یہ سوال ہے جو آج دنیا میں ہر جگہ اٹھایا جا رہا ہے جیسا کہ انگلستان میں بھی اٹھایا جا رہا
ہے اور اس سوال کا صحیح جواب نہ پانے کے نتیجے میں اور بعض مسلمانوں کی کم فہمی کے نتیجے میں جس
رنگ میں وہ اپنے رد عمل کا اظہار انگلستان کی گلیوں میں کرتے ہیں اس رد عمل کے نتیجے میں یہاں
مسلمانوں کے لئے دن بدن زیادہ خطرات پیش آرہے ہیں ۔ مسلمانوں کی عبادتگاہوں کو جلایا جا رہا
ہے، ان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، عام گلیوں میں چلتے پھرتے ان کے لئے خطرات پیدا ہور ہے ہیں
آج ہی ایک یہ خبر تھی کہ دو ٹیکسی ڈرائیوروں کو پکڑ کر بہت بری طرح مارا گیا کیونکہ وہ صدام حسین کی
حمایت میں تھے تو یہ سب جہالت کے قصے ہیں جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ اسلام کی تعلیم عالمگیر
ہے اور عالمگیر صفات اپنے اندر رکھتی ہے اور اپنی اندرونی طاقت کے لحاظ سے غالب آنے والی تعلیم
ہے جسے دنیا میں کوئی شکست نہیں دے سکتا اور کوئی اس پر اعتراض کرنے کی مجال نہیں رکھتا اس لئے کہ
یہ سچائی پر بنی ہے۔
پس جماعت احمدیہ کو ہر ابتلاء احمدیہ کو ہر ابتلاء کے وقت یا ویسے بھی اپنے طبعی رد عمل کا گہری نظر سے مطالعہ
کرتے رہنا چاہئے ۔ جب بھی ماحول میں ہیجان ہو اس وقت انسان کا دل بھی ہیجان پذیر ہو جاتا

خطبات طاہر جلد ۱۰
58
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
ہے۔ انسان کے دل میں بھی ارتعاش پیدا ہو جاتا ہے وہ اپنی جانچ کا اور یہ معلوم کرنے کا وقت ہوتا
ہے کہ میں اسلام کے راستے پر ہوں یا کسی اور راستے پر ہوں خواہ انفرادی اختلافات کے وقت دل میں
ارتعاش ہو یا کوئی اختلاف کے وقت دل میں ارتعاش پیدا ہو وہ وقت ارتعاش کا ایسا وقت ہے جبکہ
مومن اپنے ایمان کی پہچان کر سکتا ہے اپنے دل کے آئینے میں خدا سے اپنے تعلق کو دیکھ سکتا ہے۔
پس آج تمام دنیا میں جماعت احمدیہ کو ایسا رد عمل دکھانا چاہئے جس رد عمل میں ایک انگریز
احمدی بھی بلاتر در یہ کہتے ہوئے شریک ہو سکتا ہے کہ یہ سچائی کی تعلیم ہے اور میری قومی وفاداری سے
اس کے تصادم کا کوئی سوال نہیں اور افریقہ کا احمدی بھی یہ کہتے ہوئے اس رد عمل میں شریک ہو سکتا ہے
کہ یہ بین الاقوامی سچائی کی تعلیم ہے اور میرے ملک سے اس کے تصادم کا کوئی تعلق نہیں ۔ غرضیکہ
مشرق اور مغرب کے بسنے والے تمام بنی نوع انسان اگر فی الحقیقت ایک تعلیم پر اکٹھے ہو سکتے ہیں تو وہ
اسلام ہی کی تعلیم ہے کیونکہ یہ وطنیت سے بالا ہے اور وطنیت سے متصادم نہیں ہے کیونکہ سچائی وطنیت
سے متصادم نہیں ہو سکتی اگر وطنیت کا غلط تصور ہے تو سچائی کے آئینہ میں وہ تصور غلط ثابت کیا جا سکتا ہے
اس لئے جب میں کہتا ہوں اسلام کی تعریف وطنیت سے متصادم نہیں ہے اس سے ٹکراتی نہیں ہے تو
اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں ان کی وطنیت کا تصور اسلام سے متصادم نہیں
ہو سکتا ۔ بعض ملکوں کے وطنیت کے تصور ہی ٹیڑھے ہوتے ہیں ۔ ان کی تعریف ہی مختلف ہوتی ہے جیسا
کہ آج دنیا کے اکثر ممالک میں انصاف کی تعریف بدل گئی ہے ۔ وفا کی تعریف بدل گئی ہے۔ وطنیت
کے معنی ہیں سچ ہو یا جھوٹ ہو اپنے ملک کے ساتھ وفا کرو خواہ اس کے نتیجے میں انسان کی اعلیٰ قدروں
سے بے وفائی ہو اور خدا کی اس تعلیم سے بے وفائی ہو جو ہر انسان کی فطرت میں ودیعت فرمائی گئی
ہے۔ اگر یہ وطنیت کی تعریف ہے تو پھر اسلام ضرور اس سے متصادم ہے لیکن ان معنوں میں متصادم
ہے کہ اس تعلیم کو درست کرے اور خواہ اس درستی کی راہ میں کتنی ہی قربانیاں پیش کرنی پڑیں جب تک
بنی نوع انسان فطرت کے مطابق سیدھے اور صاف نہیں ہو جاتے اور ان کی فطرت خدا کے
حضور لبیک نہیں کہتی اس وقت تک اس دائرے میں اسلام کا ان غلط تعریفوں سے تصادم رہے گا اور یہ
ایک ایسا تصادم ہے جس میں اسلام کو اپنی تائید میں ہر وطن سے اٹھتی ہوئی آواز سنائی دے گی۔
آج بھی دنیا میں جو حالات گزر رہے ہیں ان میں ۔ جماعت احمد یہ جو موقف اختیار کر رہی

خطبات طاہر جلد ۱۰
59
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
ہے اس موقف کی تائید میں بعینہ ہر ملک سے تائید کی آوازیں اٹھ رہی ہیں مجھے ابھی دو دن پہلے ایک
بڑے مغربی ملک کے ہمارے ایک احمدی نے یہ مطلع کیا بلکہ استفسار کیا ، مجھ سے پوچھا کہ یہاں ایک
بہت ہی مشہور مبصر اور بڑا ہی با اثر مبصر ہے اس نے موجودہ حالات پر جو تبصرہ کیا ہے یوں لگتا ہے کہ اس
نے ۔ آپ کا خطبہ پڑھ کر یا خطبات پڑھ کر تمام وہ نکار وہ نکات قبول کر لئے ہیں جو آپ نے پیش کئے تو بتائیں
آپ نے ان کے ساتھ کوئی رابطہ کیا تھا یا کسی احمدی نے اس کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور ایک جگہ سے
نہیں اور بھی کئی جگہوں سے اس قسم کے خطوط ملے ۔ بظاہر یہ میرے خطبات کو ایک خراج تحسین ہے مگر
میں جاہل نہیں ہوں کہ بے وجہ ایسی حمد کو اپنا بیٹھوں جو میرے ساتھ تعلق نہیں رکھتی بلکہ اسلام سے تعلق
رکھتی ہے۔ تعریف کے لائق خدا ہے اور خدا کا بھیجا ہوا دین ہے اور یہ اس تعلیم کی سچائی اور عظمت کا
ثبوت ہے ہاں میرے لئے صداقت کی پہچان کی ایک کسوٹی ضرور بن گئی ۔ یہ بات میرے لئے ان
معنوں میں اطمینان کا موجب بنی کہ مجھے مزید یقین ہو گیا کہ ان حالات پر میرے جو بھی تبصرے ہیں
وہ اللہ تعالیٰ کی تعلیم کے مطابق ہیں ورنہ فطرت انسانی اس طرح مختلف ممالک سے بیک آواز اس کی
تائید میں تبصرے نہ کرتی اور تقریر اور تحریر کے ذریعے اس تعلیم کی تائید نہ کرتی ۔ پس مسلمانوں کے لئے
ایک بہت کڑا وقت ہے اس کڑے وقت میں اپنے جذبات اور رد عمل اور خیالات کی حفاظت کریں
اور اسلام کے پر امن دائرے سے باہر نہ جانے دیں کیونکہ جہاں بھی آپ نے اسلام کے دائرے
سے باہر قدم رکھا وہیں آپ کے لئے خطرات پیش ہوں گے۔
دوسرا سوال اس دور میں جہاد کے متعلق بار بار اٹھایا جا رہا ہے اور مختلف ممالک سے احمدی
مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ بتائیں ہم کیا جواب دیں ۔ یہ لڑائی اسلامی تعریف کے مطابق جہاد یعنی
Holy war ہے یا نہیں؟ اس کا جواب میں اس خطبے کے ذریعے دیتا ہوں کیونکہ ہر شخص کو خطوط میں
تفصیل سے سمجھایا نہیں جاسکتا جہاں تک اسلام کے تصور جہاد کی تعریف کا تعلق ہے ، سب سے کامل
تعریف سورہ حج میں پیش فرمائی گئی ہے ، اس آیت میں جس کا میں نے پہلے بھی بارہا ذکر کیا اور اس
پر تبصرہ کیا اُذِنَ لِلَّذِينَ يُقْتَلُونَ بِأَنَّهُمْ ظُلِمُوا (الج: ۳۹) ان لوگوں کو اجازت دی ۔ جاتی
ہے کہ وہ اپنے لڑنے والوں کے خلاف تلوار اٹھائیں ، ان کے خلاف تلوار اٹھائیں جنہوں نے تلوار
اٹھانے میں پہل کی ہے اور کسی جائز وجہ سے نہیں بلکہ وہ مظلوم ہیں اسی طرح یہ آیت اس مضمون کو

خطبات طاہر جلد ۱۰
60
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
آگے بڑھاتی چلی جاتی ہے اور جہاد کی اس سے زیادہ خوبصورت اور کامل تعریف ممکن نہیں ہے۔ اس
تعریف کو اگر ہم موجودہ صورتحال پر اطلاق کر کے دیکھیں تو ہرگز اسلامی معنوں میں یہ جہاد نہیں
ہے۔ ایک سیاسی لڑائی ہے اور ہر سیاسی لڑائی خواہ وہ مسلمان اور مسلمان کے مخالف کے درمیان ہو یا
مسلمان اور مسلمان کے درمیان ہو وہ جہاد نہیں بن جایا کرتی ۔ در حقیقت بعض لوگ حق کی لڑائی کو جہاد
سمجھ لیتے ہیں اور چونکہ ہر فریق یہ سمجھتا ہے کہ میں حق پر ہوں اس لئے وہ اعلان کر دیتا ہے کہ یہ لڑائی
خدا کے نام پر ہے ، سچائی کی خاطر ہے ، اس لئے جہاد ہے ۔ یہ جہاد کی ایک ثانوی تعریف تو ہوگی
مگر اسلامی اصطلاح میں جس کو جہاد کہا جاتا ہے اس کی تعریف اس صورتحال پر صادق نہیں
آتی ۔ کیونکہ یہ تعریف بنیادی منطق کے خلاف ہے کہ دونوں فریق میں سے جو حق پر ہو اس کی لڑائی
قرآنی اصطلاح میں جہاد بن جائے گی ۔ مشرکوں کی مشرکوں سے لڑائیاں ہوتی ہیں ۔ مختلف مذاہب
کے ماننے والوں کی مختلف مذاہب کے ماننے والوں سے لڑائیاں ہوتی ہیں۔ ملکوں کی ملکوں سے،
کالوں کی گوروں سے ، ہر قسم کی لڑائیاں دنیا میں ہو رہی ہیں ، ہوتی چلی آئی ہیں ، ہوتی رہیں گی
اور جب بھی دو فریق متصادم ہوں تو ظاہر بات ہے کہ اگر ایک فریق سو فیصدی حق پر نہیں تو کم سے
کم زیادہ تر حق پر ضرور ہوگا اور یہ تو ممکن نہیں ہے، شاید ہی کوئی بعید کی بات ہو کہ کبھی دونوں کا برابر
قصور ہو کہ دونوں برابر سچے ہوں ۔ بالعموم ایک فریق مظلوم ہوتا ہے اور ایک ظالم ہوتا ہے ۔ پس ہر
مظلوم کی لڑائی کو جہاد نہیں کہا جاتا ۔ اُس مظلوم کی لڑائی کو جہاد کہا جاتا ہے جسے خدا کا نام لینے سے
روکا جارہا ہو جس پر مذہبی تشدد کیا جا رہا ہو۔ قرآن کریم فرماتا ہے۔ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا
إِلَّا أَنْ يَقُولُوا رَبُّنَا الله (الحج: (۴) سوائے اس کے کہ وہ کہتے ہیں اللہ ہمارا رب ہے۔
پس اگر کوئی لڑائی محض اس وجہ سے کسی پر ٹھونسی جارہی ہو اور فریق مخالف پہل کر چکا ہو
اور تلوار اس نے اٹھائی ہو نہ کہ مسلمانوں نے اور مسلمانوں کا جرم اس کے سوا کچھ نہ ہو کہ وہ اللہ کو اپنا
رب قرار دیتے ہوں اور غیر اللہ کو رب تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوں تو پھر اس لڑائی کا نام
جہاد ہے۔ پس محض حق کی لڑائی کا نام جہاد نہیں بلکہ ان معنوں میں جن کی لڑائی کا نام جہاد ہے۔ پس
یہ صورتحال تو عراق اور باقی قوموں کی لڑائی پر چسپاں نہیں ہو رہی۔ کویت نے کسی وجہ سے عراق
کو ناراض کیا اور عراق نے اس ناراضگی کے نتیجے میں اور اس یقین کے نتیجے میں کہ کبھی یہ چھوٹا سا ملک

خطبات طاہر جلد ۱۰
61
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
ہمارے وطن کا حصہ تھا اور انگریزوں نے اسے کاٹ کر ہم سے جدا کیا تھا اس لئے بنیادی طور پر ہمارا
حق بنتا ہے اور کچھ اپنی طاقت کے گھمنڈ میں اس یقین پر کہ اس چھوٹے سے ملک کویت کی ہمارے
سامنے حیثیت کیا ہے جبکہ ہم اتنی مدت تک آٹھ سال تک ایران سے لڑ چکے ہیں اور ایران کو بھی ایسے
ایسے چیلنج دے چکے ہیں جن کے نتیجے میں بعض دفعہ ایران کو یہ خطرات محسوس ہورہے تھے کہ شاید
ہمارے وطن کا اس دنیا سے صفایا ہو جائے ۔ بہت دور تک گہرے ایران کے اندر عراق کی فوجیں داخل
ہو چکی تھیں۔ بعد میں ان کو دھکیل کر واپس کیا گیا ۔ پھر جس طرح تکڑی کے تول ہوا کرتے ہیں بعض
دفعہ ایک طرف سے ڈنڈی ماری جاتی تھی ، بعض دفعہ ویسے ہی ایک فریق کا وزن بڑھ جاتا تھا تو یہ
اونچ نیچ ہوتا رہا مگر ایران کے مقابل پر کویت کی کیا حیثیت تھی ۔ پس ہو سکتا ہے یہ خیال بھی عراق کے
لئے شہہ دلانے کا موجب بنا ہو کہ یہ کویت ، چھوٹا سا ملک اسے تو ہم آناً فاناً تباہ کر دیں گے۔ اور اس
وجہ سے انہوں نے قبضہ کر لیا ہو، بہر حال قبضے کی کیا وجوہات تھیں؟ اس کا پس منظر کیا ہے؟ در حقیقت
حق کس طرف ہے؟ اور اگر حق تھا بھی تو حق لینے کا یہ طریق جائز بھی ہے یا نہیں؟ یہ سارے سوالات
تھے جن پر غور ہونا چاہئے تھا اور عالم اسلام کو مشترکہ طور پر ان پر غور کرنا چاہئے تھا۔ اس لئے نہ اس لڑائی
کو جہاد کہا جاسکتا ہے جو کویت پر حملے کی صورت میں پیدا ہوئی ۔ نہ اس لڑائی کو جہاد کہا جا سکتا ہے جو
اس کے رد عمل کے طور پر بعد میں عراق کے خلاف لڑی جارہی ہے۔
پس خواہ مخواہ جاہلانہ طور پر اسلام کی مقدس اصطلاحوں کو بے محل استعمال کر کے
مسلمان اسلام کی مزید بدنامی کا موجب بنتے ہیں ۔ ساری دنیا میں اسلام سے ٹھٹھا کیا جاتا ہے
اور قو میں تمسخر کرتی ہیں اور یہ اپنی بے وقوفی میں سمجھتے ہی نہیں کہ ہم کیا بات کر رہے ہیں لیکن عوام الناس
کے متعلق یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کیوں آخر بار بار اپنے راہنماؤں کے اس دھو کے میں مبتلا ہو جاتے ہیں
اور غیر معمولی قربانیاں ان جنگوں میں پیش کرتے ہیں جو در حقیقت جہاد نہیں ۔ لیکن انہیں جہاد قرار دیا
جا رہا ہے۔ کوئی گہری اس کی وجہ ہے اس کے اندر در حقیقت کوئی راز ہے جس کو معلوم کرنا چاہئے اور اگر
ہم اس راز کو سمجھ جائیں تو یہ بھی سمجھ جائیں گے کہ مغربی قو میں جہاد کے اس غلط استعمال کی بڑی حد تک
ذمہ دار ہیں اور وہ جو تمسخر کرتی ہیں اور اسلام پر ٹھٹھا کرتی ہیں اگر اس صورتحال کا صحیح تجزیہ کیا جائے
تو معلوم ہوگا کہ وہ خود بہت حد تک جہاد کے اس غلط استعمال کی ذمہ دار ہیں ۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ عالم ۔

خطبات طاہر جلد ۱۰
62
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
اسلام پر گزشتہ کئی صدیوں سے یہ بالعموم تاثر ہے، یہ ایک ایسا مبہم سا تاثر ہے جس کی معین پہچان ہر
شخص نہیں کر سکتا بعض دفعہ مہم خوف ہوا کرتے ہیں یہ نہیں پتا ہوتا کہ کہاں سے آ رہا ہے کیوں ہے لیکن
ایک انسان خوف محسوس کرتا ہے۔ بعض دفعہ تکلیف محسوس کرتا ہے۔ لیکن اس کی وجہ نہیں سمجھ رہا ہوتا۔ تو
انسانی تعلقات میں بعض دفعہ بعض تاثرات انسان کی طبیعت میں گہرے رچ جاتے ہیں، گہرے اثر
پذیر ہو جاتے ہیں اور ان تاثرات کی وجہ ایک لمبی تاریخ پر پھیلی ہوتی ہے۔ مغرب نے مسلمانوں سے
گزشتہ کئی سو سال میں جو سلوک کیا ہے اس سلوک کی تاریخ مسلمانوں کو یہ یقین دلا چکی ہے کہ ان کی
مسلمانوں سے نفرت مذہبی بنا پر ہے اور اسلام کا نام خواہ یہ لیں یا نہ لیں لیکن مسلمان قوموں کی ترقی یہ
دیکھ نہیں سکتے اور مسلمان قوموں کے آگے بڑھنے کے خوف سے یہ ہمیشہ ایسے اقدام کرتے ہیں کہ
جس سے ان کی طاقت پارہ پارہ ہو جائے ۔ یہ گہرا تاثر ہے جو مسلمان عوام الناس کے دل میں موجود
ہے خواہ انہوں نے کبھی تاریخ پڑھی ہو یا نہ پڑھی ہو۔ تاریخ کے بعض تأثرات انسانی سوچ اور انسانی
جذبات میں اس طرح شامل ہو جاتے ہیں جیسے کسی پانی کی رو میں کوئی چیز ملا دی گئی ہو۔ وہ ہاتھ نہ
دیکھا ہو کسی نے جس نے وہ چیز ملائی ہے لیکن پانی کے چکھنے سے اس چیز کا اثر معلوم کیا جا سکتا ہے۔
پس عامة المسلمین دل میں یہ یقین رکھتے ہیں اور اس لمبے تاریخی تجربے کے نتیجے میں یہ
یقین ان کے دل میں جاگزیں ہو چکا ہے کہ یہ قومیں ہر مشکل کے وقت ہماری مخالفت کریں گی
اور ایسے اقدامات کریں گی جس سے عالم اسلام کو نقصان پہنچے۔ اس تاثر کو حالیہ اختلاف کے دوران
بھی اور اس سے پہلے بھی سب سے زیادہ تقویت امریکہ کے سلوک نے دی ہے یعنی اس تاثر کو تقویت
دینے کا بڑا ذمہ دار امریکہ ہے ۔ مثلاً اسرائیل کا مسلمان علاقے میں قیام ۔امریکہ کی طاقت استعمال
ہوئی ہے اس لئے وہ اس کا بڑا ذمہ دار ہے لیکن یہ شوشہ برطانیہ نے چھوڑا تھا اور برطانیہ کے دماغ کی
پیداوار ہے۔ جب بھی لڑائیاں ہوتی ہیں اس وقت کچھ مخفی معاہدے کر لئے جاتے ہیں بعض لوگوں
کے ساتھ اور یہود سے اس زمانے میں برطانیہ نے یہ معاہدہ کیا تھا کہ ہم تمہیں عربوں کے دل میں جگہ
عطا کریں گے جہاں تمہارا ایک آزاد ملک قائم کیا جائے گا اور داؤد کی حکومت کے نام پر پھر تم وہاں بیٹھ
کر تمام عرب پر بھی اثر انداز ہو گے اور تمام دنیا پر بھی اثر انداز ہو گے۔ ان الفاظ میں یہ معاہدہ نہیں ہوا
ہوگا یقینا نہیں ہوا مگر اس معاہدے کے وقت یہود کو یہی پیغام مل رہا تھا کیونکہ یہ ان کی خواب تھی جو

خطبات طاہر جلد ۱۰
63
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
پوری ہو رہی تھی ۔ United Nations کے نام پر اسے نافذ کیا گیا اور سب سے بڑا کردار اس میں
امریکہ نے ادا کیا۔ ایک چیز جو مجھے آج تک تعجب میں ڈالتی ہے وہ یہ ہے کہ، کیوں اس بنیادی سوال کو
نہیں اٹھایا گیا کہ کیا United Nations کو یہ حق حاصل ہے کہ دنیا میں ایک نیا ملک پیدا
کرے۔ ملکوں کا قیام تو ایک تاریخی ورثہ ہے جو از خود چلا آیا ہے۔ United
Nations کا اختیار تو ان ملکوں تک تھا جو ملک موجود تھے اور اس میں طوعی طور پر شامل ہوئے ۔ نہ
کوئی دنیا کا ایسا چارٹر تھا جسے سب دنیا نے قبول کر لیا ہو کہ United Nations میں کوئی شامل
ہو یا نہ ہو اس کا اثر اس پر پڑے گا اور نہ یہ کسی نے قبول کیا کہ یونائیٹڈ نیشنز کو ہم تمام دنیا کی برادری
کے طور پر اجتماعی طور پر یہ حق دیتے ہیں کہ جب چاہے کسی ملک کو پیدا کر دے، جب چاہے کسی ملک کو
مٹادے تو جو حق ہی United Nations کو نہیں تھا ، اس ناحق کو استعمال کرتے ہوئے یعنی حق
اگر نہیں تھا تو جو بھی تھا نا حق تھا ، انہوں نے ایک ملک کو پیدا کیا اس لئے اس ملک کے پیدا ہونے کا
ا
کوئی جواز نہیں اور اس میں سب سے بڑا بھیا تک اور جابرانہ کردار امریکہ نے ادا کیا ہے۔ یہ وہ یاد ہے
جس کو دنیا کا مسلمان بھلا ہی نہیں سکتا ۔ اگر چہ عربوں نے اسے مدتوں تک ایک عرب مسئلہ قرار دیئے
رکھا اور باقی مسلمانوں کو اس میں شامل نہیں کیا لیکن باقی مسلمان از خود اس میں شامل رہے ہیں کیونکہ
ان کے دل میں یہ بات ہمیشہ سے جاگزیں رہی ہے، گہرے طور پر ان کے دل پر نقش ہے کہ دراصل یہ
عرب دشمنی نہیں تھی بلکہ اسلام دشمنی تھی ۔ اس کے بار بار مختلف اظہار ہوئے ۔ مثلاً اسرائیل نے بعض
دفعہ فلسطینیوں پر ایسے بھیانک مظالم کئے ہیں کہ ان کے تصور سے بھی انسان کے رونگٹے کھڑے
ہو جاتے ہیں ۔ دل خون کے آنسو روتا ہے۔ عورتوں ، بچوں ، مردوں بوڑھوں کو اس طرح تہ تیغ کیا ہے
کہ ایک کیمپ میں ایک بھی زندہ روح نہیں چھوڑی۔ دودھ پیتے بچے کو بھی ذبح کیا گیا لیکن نہ تمام دنیا
کی قوموں کے کانوں پر کوئی جوں رینگی نہ امریکہ کی غیرت بھڑ کی۔ بلکہ جب بھی United
Nations میں اس کے خلاف کوئی سخت ریزولیوشن پاس کرنے کی کوشش کی گئی تو ہمیشہ امریکہ اس
میں مزاحم ہوا اور یہ ایک لمبی تاریخ ہے۔
اب یہاں یہ بھی سوال اٹھتا ہے کہ وہ United Nations یعنی اقوام متحدہ اس نام کی
مستحق بھی ہے کہ نہیں جس میں صرف پانچ قوموں کو دنیا کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق ہو یعنی وہ مستقل

خطبات طاہر جلد ۱۰
64
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
ممبر جن کو ویٹو کرنے کا حق ہے اور اگر سارے عالم کی رائے بھی متفق ہو جائے تو اس ایک ملک کو یہ حق
ہو کہ اس رائے کو رد کر دے تو عملاً وہ ایک ملک اس وقت دنیا بن جائے گا اور عملاً موجودہ فیصلے کے پیچھے
یہی بات کارفرما ہے۔ جب صدر بش تحدی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ عراق کی کیا مجال ہے کہ
تمام دنیا کی رائے سے ٹکر لے۔ تو امر واقعہ یہ ہے، ہر آدمی سمجھتا ہے کہ دنیا کی رائے سے مراد امریکہ کی
رائے یا صدر بش کی رائے ہے اور اس تحدی میں ایسا تکبر پایا جاتا ہے کہ اس سے طبیعتوں میں منافرت
پیدا ہوتی ہے اور جب ان کے یہود کے ساتھ اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر مسلمان نظر ڈالتے ہیں
تو وہ سوائے اس کے کوئی اور نتیجہ نکال ہی نہیں سکتے کہ عراق نے غلطی کی یا نہیں کی۔ عراق کے خلاف جو
انتقامی کارروائی کی جارہی ہے یہ صرف اسرائیل کی خاطر ہے، یہ وہ ان کہی باتیں ہیں۔ یہ تجزیے کے
بغیر دل میں جمے ہوئے نقوش ہیں جن کے نتیجے میں مسلمان عوام یہ سمجھتے ہیں کہ در حقیقت یہ اسلام کی
دشمنی کے نتیجے میں سب کچھ ہو رہا ہے۔
اسرائیل کو یہ حق ہوتا ہے کہ وہ عراق میں جہاز بھیجوا کر ان کے نیوکلیئر پلانٹ یعنی وہ کارخانہ
جو ایٹم بم کی خاطر بنایا جا رہا تھا اور عام پر امن مقاصد کے لئے نہیں تھا۔ کس United Nations
نے یہ اختیار اسرائیل کو دیا تھا کہ یہ فیصلہ بھی کرے اور پھر اس کو مٹانے کا اقدام بھی خود کرے ۔ اس
وقت تو دنیا میں کسی نے یہ اعلان نہیں کیا کہ عراق کو یہ حق حاصل ہے کہ جب چاہے اسرائیل کے خلاف
انتقامی کارروائی کرے۔ یہ فیصلہ کرنا عراق کا کام ہے کہ آج کرے یا کل کرے یا پرسوں کرے مگر اس
انتہائی کھلی کھلی جابرانہ بربریت کے بعد اقوام متحدہ عراق کے اس حق کو تسلیم کرتی ہے۔ اگر کسی نے یہ
آواز سنی ہو کم سے کم میرے کانوں نے نہیں سنی ، اگر کسی نے ایسی خبر پڑھی ہو تو کم سے کم میری آنکھوں
نے نہیں پڑھی اور کسی مسلمان نے نہیں پڑھی۔
پس عالم اسلام کا یہ تصور کہ موجودہ دشمنی بھی اسلام کی گہری نفرتوں پر مبنی ہے، حقائق پر مبنی
تصور ہے، یہ کھلی کھلی دشمنیاں اور کھلی کھلی نا انصافیاں دنیا کو معلوم ہیں ، ان کی نظر میں آتی ہیں اور بھول
جاتے ہیں لیکن تأثر قائم رہ جاتا ہے اور وہ تأثر سچا ہوتا ہے۔ پھر عجیب بات ہے کہ جب عراق
اسرائیل پر حملہ کرتا ہے اور راکٹس برساتا ہے اور ان کی شہری آبادیوں میں سے کچھ حصہ منہدم ہوتا ہے
تو ساری دنیا اس پر شور مچادیتی ہے۔ فلسطین یاد نہیں رہتا، اسرائیل کا وہ فضائی حملہ یاد نہیں رہتا جو ایٹمی

خطبات طاہر جلد ۱۰
65
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
پلانٹ پر کیا گیا تھا اور اس کے بعد آئندہ مظالم کی نہایت خوفناک داغ بیل ڈالی جاتی ہے۔ یہ وہ باتیں
ہیں جن کے نتیجے میں مسلمانوں کے جذبات زیادہ سے زیادہ مجروح ہوتے چلے جارہے ہیں اور مسلے
چلے جارہے ہیں اور جب وہ ان جذبات کا اظہار کریں تو قو میں ان کو مخاطب کر کے کہتی ہیں کہ آج
فیصلہ کرو کہ تم اسلام کے وفادار ہو گے یا ہمارے وطن کے وفادار رہو گے یہ کونسا انصاف ہے۔ حقائق
کے اظہار پر وطنیت کا سوال اٹھانا ہی ظلم ہے۔ اگر یہ باتیں جو سچی اور حقیقتیں ہیں ان کا مسلمان اظہار
کرتا ہے تو اس کو حق حاصل ہے لیکن جو بھیانک بات ظاہر ہو چکی ہے اس سے زیادہ بھیانک باتیں
ابھی ظاہر ہونے والی ہیں۔
اسرائیل کے ساتھ کچھ خفی گفت و شنید امریکہ نے کی اور اپنے ایک بہت ہی اہم افسر کو، اپنے
مرکزی حکومت کے نمائندہ کو ان کے پاس بھجوایا اور باتوں کے علاوہ جو مخفی تھیں اور کچھ عرصے تک مخفی
رہیں گی جب تک وہ عملی طور پر دنیا کے سامنے ظاہر نہ ہوں ، ایک یہ بھی تھی کہ اسرائیل کو چھ بلین سے
زیادہ ڈالر دیئے گئے اس لئے نہیں کہ تم جوابی انتقامی کارروائی نہ کرو بلکہ اس لئے کہ سردست نہ کرو
اور بعد میں کر لینا جب ہم مار کر فارغ ہو جائیں تو جو کچھ بچے گا اس پر تم اپنا بدلہ اتار لینا۔ بعض دفعہ
پرانے زمانوں میں رواج تھا کہ اگر کوئی ظالم مر جاتا تھا یا کوئی شخص کسی مرے ہوئے کو ظالم سمجھتا تھا
اور انتقام لینا چاہتا تھا تو اس کی لاش اُکھیڑ کر اسے پھانسی لگا دیا جاتا تھا تو عملاً جو معاہدہ ہوا ہے وہ یہ ہے
کہ لاش بنانے تک ہمیں موقعہ دو۔ ہم تمہاری یہ خدمت کر رہے ہیں اور کرتے چلے جائیں گے۔ جب
مار بیٹھیں گے تو پھر تمہارے سپرد کر دیں گے پھر اس لاش کو تم جہاں مرضی لڑکائے پھرنا ۔ اب سوال یہ تم پھرنا۔
ہے کہ کیا یہ سب انصاف کی باتیں ہیں؟ کیا یہ انسانیت کی باتیں ہیں؟ لیکن ایک اور بات جو دنیا کی نظر
میں نہیں آ رہی وہ یہ ہے کہ عراق کی سویلین پاپولیشن Civilion Population یعنی پر امن عام
آبادی پر جو خطرناک بم گرائے گئے ہیں۔ یہ اس واقعہ کے بعد گرائے گئے ہیں اور زیادہ تر مغربی عراق
کی آبادی اس سے متاثر ہوئی ہے اور اگر یہ ظل تھا تو عملا اس سے ہزاروں گنا بڑا ظلم عراق پر کیا جاچکا
ہے۔ اگر ایک اسرائیلی گھر گرا تھا تو عراق کے سینکڑوں گھر گرائے جاچکے ہیں۔ اگر ایک اسرائیلی زخمی
ہوا تھا تو ہزاروں عراقی مارے جاچکے ہیں۔ وہاں سے آنے والے بتاتے ہیں کہ بعض علاقوں سے
لاشوں کی بدبو کی وجہ سے گزرا نہیں جاتا۔ جلے ہوئے گوشت کی بد بو بھی اٹھتی ہے اور متعفن گوشت کی

خطبات طاہر جلد ۱۰
66
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
بد بو بھی اٹھ رہی ہے اور علاقوں کے علاقے آبادی سے خالی ہو گئے ہیں ۔
یہ امریکہ کا وہ انتقام ہے جو یہود کی خاطر اس نے لیا ہے اور یقیناً یہ اس معاہدے میں شامل
تھا جس کی باتیں ابھی منظر عام پر نہیں آئیں ۔ عملاً وہ منظر عام پر آگیا ہے اور ابھی یہ انسانیت کے
علمبردار ہیں Moral High Grounds سے باتیں کرتے ہیں اور باقی دنیا کو کہتے ہیں تم
ذلیل تمہیں اتنا بھی نہیں پتہ کہ انسانیت ہوتی کیا ہے ۔ تم نے نہتے معصوم اسرائیلیوں پر بمباری
کی ۔ وہ غلط ہے۔ اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا کہ نہتے پُر امن شہریوں کو کسی رنگ میں بھی تکلیف
پہنچائی جائے ۔ حضرت اف ائے ۔ حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ کا دین اس کی اجازت نہیں دیتا۔ جب بھی بعض علاقوں
میں جہاد یعنی تلوار کا جہاد ہوا کرتا تھا تو آپ افواج کو بھیجنے سے پہلے ان کو تفصیل سے اور تاکید سے جو
ہدایت فرمایا کرتے تھے۔ اس میں ایک یہ بھی ہدایت تھی کہ شہریوں کو ، بوڑھوں کو عورتوں کو اور بچوں کو
ہرگز تہ تیغ نہیں کرنا ۔ ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچانا ۔ حوالہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ پس فی الحقیقت یہ صحیح
اسلامی تعلیم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ کی نصیحتوں اور آپ کی سنت سے ملتی ہے۔
عروسة
صلى الله
پس میں یہ نہیں کہتا کہ عراق نے درست کیا مگر میں یہ ضرور کہتا ہوں کہ اگر عراق نے غلط بھی
کیا تو دنیا کے ان قواعد و دستور کے مطابق جن کے تم علمبردار بنے ہوئے ہو عراق کی اس کارروائی کو
ایک جوابی کارروائی تصور کرنا چاہئے تھا۔ اسرائیل میں بسنے والے وہ مسلمان جن پر آئے دن گولیاں
چلائی جاتی ہیں اور نہتوں کو تہ تیغ کیا جاتا ہے اور گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اگر ان کا انتقام لیا جائے
تو تم یہ نہیں کہتے کہ یہ انتظام ہے اور جائز ہے۔ تم یہ کہتے ہو کہ یہ سراسر غیر منصفانہ، بہیمانہ ظلم ہے
اور زیادتی ہے جس کا بدلہ لینے کا اسرائیل کو حق ہے اور پھر مخفی معاہدے ان سے یہ کرتے ہو کہ ہم تمہیں
روپیہ بھی دیں گے اور تمہاری خاطر ایسے خوفناک مظالم ان پر کریں گے کہ تمہارے دل ٹھنڈے ہوں
گے اور جو کچھ بھی ان معصوم لوگوں کا بچ رہے گا وہ تمہارے سپرد کر دیں گے کہ جاؤ اور جو کچھ ان کا رہ گیا
ہے اس کو ملیا میٹ کر دو یا ان کے مردوں کی لاشیں لڑکا کر ان سے اپنا انتقام لو اور اپنے سینے ٹھنڈے کرو
اور پھر یہ باتیں ان کے پیش کردہ اخلاق کے اس قدر شدید منافی ہیں ، جن اخلاق کا یہ ڈھنڈورا پیٹتے
ہیں خود ان کے مخالف ہیں، جو پروپیگینڈا دنیا میں کر رہے ہیں خود اس پروپیگنڈے کو جھٹلانے والی
باتیں ہیں۔ پرو پیگنڈا یہ کر رہے ہیں کہ صدر صدام ایک نہایت ہی خوفناک جابر ہے۔ ہم اس کو سزا

خطبات طاہر جلد ۱۰
67
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
اس لئے دے رہے ہیں کہ اس نے خود اپنے ملک کے باشندوں کو زبردستی غلام بنایا ہوا ہے ۔ ہم اس کو
سزا اس لئے دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ملک کے باشندوں پر ظلم اور تشدد کر رہا ہے اور ان کا کی رہائی کی
خاطر ہم صدر صدام کے خلاف ہیں نہ کہ اہل عراق کے خلاف اور سزا کن معصوموں کو دے رہے ہیں
جن پر ان کے بیان کے مطابق مسلسل سالہا سال سے صدر صدام تشدد کرتا چلا جا رہا ہے اور مظالم
توڑتا چلا جا رہا ہے ان معصوم عورتوں اور بچوں کا کیا قصور ہے جو تمہارے بیان کے مطابق پہلے ہی
مظلوم ہیں جن کی آزادی کے نام پر تم نے جنگ شروع کی ہوئی ہے کہ ان کو اس جرم کی سزا دو جس جرم
کا ارتکاب تمہارے نزدیک صدر صدام نے اسرائیل کے خلاف کیا اور ایسی سزا دو کہ یہود کی تاریخ میں
بھی ایسے خوفناک انتظام کی مثالیں نہ ملیں ۔ تمہیں یہ کیا حق ہے کہ عیسائیت کی معصوم تعلیم کو داغدار کرو
اور عیسائیت ائیت کی تعلیم کو اور عیسائیت کی تاریخ کو بھی اسی طرح انتقام کے ظلم سے خون آلود کر دو جس طرح
یہود کی تاریخ ہمیشہ خون آلود رہی ہے۔ پس یہ ساری غیر منصفانہ باتیں ہیں عدل کے خلاف باتیں
ہیں۔ تقویٰ کے خلاف باتیں ہیں جن کے خلاف مسلمان کے دل میں ایک رد عمل ہے اس کے باوجود
وہ جن ملکوں میں رہتا ہے اس کا پر امن شہری ہے۔ اس کے باوجود کہ وہ اس بات پر آمادہ ہے کہ ملک کا
قانون توڑے بغیر صرف ظلم کے خلاف احتجاج کی آواز بلند کرے اس کو غدار قرار دیا جاتا ہے اور اس
کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے۔ یہ کونسا انصاف ہے۔
مجھ سے ایک احمدی نے فون پر سوال کیا کہ میرا BBC کے ساتھ یا کسی اور ٹیلی ویژن کے
ساتھ انٹرویو ہونے والا ہے وہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ تمہارا کیا رد عمل ہے؟ کیا تبصرہ ہے ان حالات پر؟
بتائیں میں کیا جواب دوں۔ میں نے کہا تم یہ جواب دو کہ جو Tony Ben ( ممبر برٹش
پارلیمنٹ) کا تبصرہ ہے میرا بعینہ وہی تبصرہ ہے جب میرے دل کی صحیح آواز وہ منصف مزاج انگریز بلند
کر رہا ہے تو مجھے کیا ضرورت ہے اس آواز کو خود بلند کرنے کی کیونکہ جب میں کروں گا تو تم مجھے غدار
قرار دو گے ۔ جب Tony Ben کرے گا تو تم اسے غدار قرار دینے کی جرات نہیں کر سکتے ۔ پس
جو باتیں ہو رہی ہیں انصاف کے خلاف ہو رہی ہیں ، تقویٰ کے خلاف ہو رہی ہیں۔ کوئی قانون نہیں
ہے، کوئی اصول نہیں ہے، کوئی Higher moral Ground نہیں ہے بلکہ اخلاقی انحطاط میں
تحت الثری تک پہنچے ہوئے لوگ ہیں ۔

خطبات طاہر جلد ۱۰
68
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
پس یہ وہ صورتحال ہے جو درست اور تقویٰ پر مبنی صورتحال ہے مگر اس کے باوجود کسی مسلمان
عالم کو اور کسی مسلمان بادشاہ کو یہ حق نہیں ہے کہ ان لڑائیوں کو اسلامی جہاد قرار دے لیکن مسلمان عوام کو
جب جہاد کے نام پر بلایا جائے گا تو اس لئے لبیک کہیں گے کہ وہ دل سے جانتے ہیں اور بار باران کا
کردار یہ ثابت کرتا چلا جا رہا ہے کہ ان لڑائیوں کے پس منظر میں اسلام کی دشمنی ضرور موجود ہے۔ پس
وہ معصوم جہاں مارے جائیں گے میں یقین رکھتا ہوں کہ خدا کی رحمت ان سے رحم کا سلوک فرمائے گی
اور اگر اسلام کی کامل تعریف کی رو سے وہ شہید قرار نہیں بھی دیئے جاسکتے تو چونکہ اسلام کی دشمنی میں
ان سے ظلم : ہے ہوئے ہیں اس لئے اللہ تعالیٰ ان ان سے رحمت اور مغفرت کا سلوک کرے گا۔ لیکن پھر بھی
میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ نہ مسلمان علماء کا حق ہے اور نہ مسلمان بادشاہوں کا حق ہے کہ وہ اپنی
سیاسی لڑائیوں کو خواہ وہ مظلوم کی لڑائیاں ہوں اسلامی جہاد قرار دیں۔
در اصل آج کل اسلام کی دشمنی جیسا کہ میں نے بیان کیا ہے ظاہر وباہر ہوتی چلی جارہی ہے
اور منہ سے کوئی کچھ کہے در حقیقت دل کی آواز مختلف بہانوں کے ساتھ اٹھ ہی جاتی ہے اور زبان پر بھی
آہی جاتی ہے اور جہاں تک عمل کا تعلق ہے وہ میں نے بیان کیا ہے کہ ایسی مکروہ عملی تصویریں بنائی
جارہی ہیں کہ جو خون کا رنگ رکھتی ہیں اور نفرت کے برش سے بنائی جارہی ہیں اور اسلام کی نفرت کا
برش ان کے خدوخال بناتا چلا جا رہا ہے اور کھل کر دنیا کے سامنے وہ تصویر میں ابھرتی چلی جارہی ہیں
اس کے نتیجے میں اور جو کچھ بھی ہوا من بہر حال قائم نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ بنیادی اصول کبھی کوئی دنیا میں
تبدیل نہیں کر سکا کہ نفرتیں نفرتوں کے بچے پیدا کرتی ہیں۔ اس لئے یہ ابھی سے بیٹھے ہوئے منصوبے
بنارہے ہیں کہ کس طرح اس جنگ کے اختتام پر اس خطہ ارض میں جسے مشرق وسطی کا نام دیا جاتا ہے
امن کا قیام کریں گے۔ یہ محض خواب و خیال کی جاہلانہ باتیں ہیں۔ جہاں نفرتوں کے بیج اتنے گہرے
بودیئے گئے ہوں وہاں سے نفرتیں ہی اُگیں گی ۔ جہاں جنگ کے بیج بو دیئے گئے ہوں وہاں جنگیں ہی
اُگیں گی اور یہ ہو نہیں سکتا کہ نفرتوں کے نتیجہ میں محبتیں پیدا ہونی شروع ہو جائیں اور جنگ کے نتیجے
میں امن کی فصلیں کاٹنے لگو ۔ پس آج نہیں تو کل یہ دیکھیں گے کہ جو اقدامات یہ آج کر رہے ہیں یہ
ہمیشہ کے لئے دنیا کے امن کو تباہ کر رہے ہیں اور جو مجرم ہے خدا اس کو سزا دے گا کیونکہ انسان تو بے
اختیار ہے۔

خطبات طاہر جلد ۱۰
69
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
جماعت احمد یہ کسی قومی تعصب میں مبتلا ہو کر کسی خیال کا اظہار نہیں کرتی ، نہ تعصب میں مبتلا
ہوسکتی ہے کیونکہ ہمارے دل تو حید نے سیدھے کر دیئے ہیں۔ کوئی کبھی ان میں نہیں چھوڑی۔ ہماری وفا
توحید کے ساتھ ہے اور توحید جس کے دل میں جاگزیں ہو جائے اور گڑ جائے اس کے دل میں
عصیتیں جگہ پاہی نہیں سکتیں ۔ یہ دو چیزیں ایک سینے میں اکٹھی نہیں ہو سکتیں ۔
توحید تو کل عالم کو اکٹھا کرنے والی طاقت ہے۔ تو حید جس سینے میں سما جائے اس میں کوئی
عصبیت جگہ نہیں پاسکتی ۔ یہ ایک بنیادی غیر مبدل قانون ہے ۔اسی لئے میں جماعت احمدیہ کی طرف
سے یہ اعلان کرتا ہوں کہ ہمارے تبصروں میں خواہ کیسی ہی تلخی ہو وہ حق پر مبنی تبصرے ہوں گے اور آج
نہیں تو کل دنیا ہماری تائید کرے گی کہ ہاں تم نے حق کی صدا بلند کی تھی اور اس میں کوئی تعصب کا
شائبہ تک باقی نہیں تھا۔
لیکن اس کے علاوہ بھی بعض باتیں ہیں جن کی وجہ سے طبیعتوں پر سخت انقباض بھی ہے اور
بے قراری پائی جاتی ہے۔ وہ ان کا متکبرانہ رویہ ہے۔ خاص طور پر امریکہ کے صدر جب بات کرتے
ہیں عراق کے متعلق یا دوسری ان قوموں کے متعلق جو ان سے تعاون نہ کر رہی ہوں تو یوں لگتا ہے جیسے
دنیا میں ایک خدا اتر آیا ہے اور خدا بات کر رہا ہے اور جو موحد ہو وہ تکبر کے سامنے سر جھکا ہی نہیں
سکتا۔ شرک کی مختلف قسمیں ہیں لیکن سب سے زیادہ مکروہ اور قابل نفرت شکل تکبر ہے۔ پس تکبر کے
خلاف آواز بلند کرنا موحد کا اولین فریضہ ہے اور جماعت احمد یہ دنیا کے موحدین میں صف اول کی
موحد جماعت ہے بلکہ توحید کی علمبردار جماعت ہے تو حید کا جھنڈا آج جماعت احمدیہ کے ہاتھوں میں
تھمایا گیا ہے اس لئے ہم ہر شرک کے خلاف آواز بلند کریں گے ۔ ہر تکبر کے خلاف آواز بلند کریں
گے اور دنیا کا کوئی خوف ہماری اس آواز کا گلا نہیں گھونٹ سکتا کیونکہ وہ مصنوعی خدا جو دنیا کی تقدیر پر
قابض ہونے کی کوشش کرتے ہیں ان کے سامنے سر جھکانا اور موحد ہونا بیک وقت ممکن ہی نہیں۔
جب میں ایسے تبصرے کرتا ہوں تو بعض احمدی مجھے لکھتے ہیں ، ہیں ہیں ! ہمیں آپ کی فکر پیدا ہوتی ہے
آپ کیوں ایسی باتیں کرتے ہیں۔ میں ان کو یاد دلاتا ہوں کہ میں اس لئے ایسی باتیں کرتا ہوں کہ
میرے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم بھی ایسی ہی باتیں کیا کرتے تھے۔ جب
آپ نے توحید کے حق میں آواز بلند کی تو مکہ کیا تمام دنیا نے آپ کی مخالف تھی ۔ آپ کی منتیں کی

خطبات طاہر جلد ۱۰
70
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
گئیں ۔ آپ کو سمجھایا گیا کہ کیوں اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں ۔ آپ کو علم نہیں کہ کتنی کتنی
خوفناک طاقتیں آپ کے خلاف اکٹھی ہوگئی ہیں لیکن آپ نے ان کو یہی جواب دیا اور ہمیشہ یہ جواب
دیا کہ توحید کی راہ میں میں ہر قربانی کے لئے تیار ہوں یہی میری زندگی کا مقصد ہے۔ یہی میرے
پیغام کی جان ہے۔ یہی میرے مذہب کی روح ہے اس لئے ہر دوسری چیز سے تم مجھے الگ کر سکتے ہو
مگر تو حید اور توحید کا پیغام پہنچانے سے الگ نہیں کر سکتے ۔ آپ نے فرمایا کہ تم کیا کہتے ہو۔ خدا کی قسم !
اگر سورج کو میرے دائیں ہاتھ پر لا کر رکھ دو اور چاند کو میرے بائیں ہاتھ پر لا کر رکھ دو تب بھی میں ان
کو رد کر دوں گا اور توحید کا دامن کبھی نہیں چھوڑوں گا۔
پس مجھے کس بات سے ڈراتے ہیں۔ امریکہ کی طاقت ہو یا یہود کی طاقت ہو یا انگریز کی
طاقت ہو یا تمام دنیا کی اجتماعی طاقتیں ہوں اگر توحید کی آواز بلند کرتے ہوئے پارہ پارہ بھی ہو جاؤں
تو خدا کی قسم میرے جسم کا ذرہ ذرہ یہ اعلان کرے گا کہ فزت برب الکعبه ۔ فزت برب الکعبه
(حوالہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ میں خدائے کعبہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں کامیاب ہو گیا اور یہی وہ آواز ہے
جو آج تمام دنیا کے احمدیوں کے دلوں سے اور ان کے جسموں کے ذرے ذرے سے اٹھنی چاہئے۔
کیا پروگرام ہیں؟ اور کن طاقتوں پر یہ بھروسہ کئے ہوئے ہیں۔Desert Storm
کی باتیں کرتے ہیں یعنی صحراؤں کا ایک طوفان ہے جو دشمن کو ہلاک اور ملیا میٹ کر دے گا۔ یہ نہیں
جانتے کہ طوفانوں کی باگیں بھی خدا کے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ خدا کی تقدیر کیا فیصلہ
کرے گی مگر یہ ضرور جانتا ہوں کہ خدا کی تقدیر جو بھی فیصلہ کرے گی وہ بالآخر متکبروں کو ہلاک کرنے کا
موجب بنے گا آج نہیں تو کل یہ تکبر ملیا میٹ کئے جائیں گے کیونکہ وہ بادشاہت جو آسمان پر ہے اسی
خدا کی بادشاہت زمین پر ضرور قائم ہو کر رہے گی۔ پس آج نہیں تو کل کل نہیں تو پرسوں آپ دیکھیں
گے کہ یہ تکبر دنیا سے مٹا دیا جائے گا اور طوفان ان پر الٹائے جائیں گے اور ایسے ایسے خوفناک
Storms خدا کی تقدیر ان پر چلائے گی کہ جن کے مقابل پر ان کی تمام اجتماعی طاقتیں بھی نا کام
اور پارہ پارہ ہو جائیں گی یہ نظام کہنہ مٹایا جائے گا۔ آپ یا درکھیں اور اس بات پر قائم رہیں اور کبھی محو نہ
ہونے دیں۔ یہ اقوام قدیم جن کو آج اقوام متحدہ کہا جاتا ہے ان کے اطوار زندہ رہنے کے نہیں ہیں۔
یہ قو میں یادگار بن جائیں گی اور عبرتناک یادگار بن جائیں گی اور ان کے کھنڈرات سے ، آپ ہیں۔

خطبات طاہر جلد ۱۰
71
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
اے توحید کے پرستارو! وہ آپ ہیں جونئی عمارتیں تعمیر کریں گے نئی اقوام متحدہ کی عظیم الشان فلک
بوس عمارتیں تعمیر کرنے والے تم ہو۔ اے مسیح محمدی کے غلامو! جن کے سپرد یہ کام کیا گیا ہے تم دیکھو
گے۔ آج نہیں تو کل دیکھو گے، اگر تم نہیں دیکھو گے تو تمہاری نسلیں دیکھیں گی ۔ اگر کل تمہاری نسلیں
نہیں دیکھیں گی تو پرسوں ان کی نسلیں دیکھیں گی ۔ مگر یہ خدا کے منہ کی باتیں ہیں اور اس کی تقدیر کی
تحریریں ہیں جنہیں دنیا میں کوئی مٹا نہیں سکتا ۔ آپ وہ مزدور ہیں جنہوں نے وہ نئی عمارتیں تعمیر کرنی سکتا۔
ہیں ۔ نئی اقوام متحدہ کی بنیادیں تو ڈالی جا چکی ہیں ، آسمان پر پڑ چکی ہیں ان کی عمارتوں کو آپ نے بلند
کرنا ہے۔ پس ان دو مقدس مزدوروں کو کبھی دل سے محو نہ کرنا جن کا نام ابراہیم اور اسماعیل تھا
اور ہمیشہ یاد رکھنا اور اپنی نسلوں کو نصیحتیں کرتے چلے جانا کہ اے خدا کی راہ کے مزدورو! اسی تقوی
اور سچائی اور خلوص کے ساتھ ، اسی توحید کے ساتھ وابستہ ہو کر اسے اپنے رگ وپے میں سرایت کرتے
ہوئے تم اس عظیم الشان تعمیر کے کام کو جاری رکھو گے ایک صدی بھی جاری رکھو گے، اگلی صدی بھی
رکھو گے یہانتک کہ یہ عمارت پائیہ تکمیل کو پہنچے گی ۔ اس عمارت کی تکمیل کا سہرا جس کی بنیاد
حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ڈالی تھی ۔ جن کے ساتھ ان کے بیٹے اسماعیل نے مزدوری کی
تھی خدا کی تقدیر میں ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی ﷺ کے سر پر باندھا جا چکا ہے۔ کوئی علي
نہیں ہے جو اس تقدیر کو بدل سکے ۔ ہم تو مزدور ہیں محمد مصطفیٰ " کے قدموں کے غلام، آپ کے
خاک پا کے غلام ہیں۔
پس آپ وفا کے ساتھ کام لیں اور نسلاً بعد نسل اپنی اولاد کو یہ نصیحت کرتے چلے جائیں کہ تم
صلى الله
خدا اور رسول کے مزدوروں کی طرح کام کرتے رہو گے ، کرتے رہو گے، اپنے خون بھی بہاؤ گے
اور پینے بھی بہاؤ گے اور کبھی بھی بھگو گے نہ ماندہ ہو گے یہاں تک کہ خدا کی تقدیر اپنے اس وعدے کو
پورا کر دے کہ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلّه (القف: (۱۰) کہ محمد مصطفی اللہ کا دین اس لئے
دنیا میں بھیجا گیا تھا کہ تمام ادیان پر غالب آجائے اور ایک ہی جھنڈا ہو جو محمد رسول اللہ ﷺ کا جھنڈا ہو
اور ایک ہی دین ہو جو خدا اور محمد مک دین ہو اور ایک ہی خدا کی بادشاہت دنیا میں قائم ہو خدا کرے کہ ہم
اپنی آنکھوں سے دیکھیں اگر نہ دیکھ سکیں تو ہماری اولادیں اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور ہمیں یاد رکھیں
اور اگر وہ بھی نہ دیکھ سکیں تو ان کی اولادیں اپنی آنکھوں سے دیکھیں لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ

خطبات طاہر جلد ۱۰
72
خطبه جمعه ۲۵ جنوری ۱۹۹۱ء
ان دنیا کی آنکھوں سے آپ دیکھ سکیں یا نہ دیکھ سکیں ۔ میری روح کی آنکھیں آج ان واقعات کو دیکھ
رہی ہیں ۔ ان عظیم الشان تغیرات کو اس طرح دیکھ رہی ہیں جیسے میرے سامنے واقعہ ہو رہے ہیں
اور ہمارے مرنے کے بعد ہماری روحوں کو آشنا کیا جائے گا اور خبریں دی جائیں گی کہ اے خدا کے
غلام بندو ! خدا سے عشق اور محبت کرنے والے بندو! تمہاری روحیں ابدی سرور پائیں اور ابدی سکنیت
حاصل کریں کہ جن راہوں میں تم نے قربانیاں دی تھیں وہ راہیں شاہراہیں بن چکی ہیں اور جن
تعمیرات میں تم نے اینٹ اور روڑے اور پتھر رکھے تھے وہ خدا کی توحید کی ایک عظیم الشان عمارت بن
کر اپنی پائیہ تکمیل کو پہنچ چکی ہے۔ ہوگا اور ایسا ہی ہوگا اللہ کرے کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ اس رنگ میں
خدمت کی توفیق عطا ہو۔ آمین۔
گزشتہ جمعہ پر میں نے اعلان کیا تھا کہ جاپان اور جرمنی اور ماریشس کی جماعتیں براہ
راست اس خطبے کو سن رہی ہیں ۔ بعد میں مجھے بتایا گیا کہ نیو یارک امریکہ اور بریڈ فورڈیو کے اور
ڈنمارک کی جماعتیں بھی مواصلاتی ذریعے سے اس خطبے کو براہ راست سن رہی ہیں ۔ آج بھی مجھے بتایا
گیا ہے کہ ماریشس سویڈن ۔ مانچسٹر اور بریڈفورڈ اور جرمنی اور جاپان کی جماعتیں ۔ جرمنی میں ہیمبرگ
اور فرینکفرٹ شامل ہیں ان کی جماعتیں براہ راست اس خطبے کو سن رہی ہیں پچھلی دفعہ مجھے یاد نہیں رہا تھا
کہ جب یہ سن رہی ہیں تو ان کو براہ راست ”السلام علیکم کہہ دوں پس اپنی طرف سے بھی اور تمام
یو کے کے احمدیوں کی طرف سے میں آپ تمام احمدی بھائیوں کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ“ کا تحفہ
پیش کرتا ہوں ۔ دعاؤں پر زور دیں ۔ ہماری طاقتوں کی جان دعا ئیں ہیں اور جو بھی روحانی انقلاب
اب دنیا میں برپا ہو گا وہ دعاؤں ہی کے ذریعے ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی