اللّٰہ تعالیٰ کی عزت، رفعت، غیرت برداشت نہیں کرتی کہ وہاں اپنے نور کو زبردستی ٹھونس دے
AI summary.
اس خطبہ جمعہ میں حضرت مرزا طاہر احمد رحمہ اللہ نے قرآن کریم کی روشنی میں نفسانی خواہشات کے پیدا کردہ اندھیروں اور دنیاوی زندگی کے دھوکے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آپ نے واضح فرمایا کہ بظاہر بے ضرر کھیل کود اور لہو و لعب کس طرح انسان کو عبادات اور حقوق اللہ سے غافل کر دیتے ہیں اور بالآخر نفس کی بندگی تک پہنچا دیتے ہیں۔ نیز آپ نے متنبہ فرمایا کہ برے ماحول اور خدا سے غافل لوگوں کی صحبت ترک کر کے متقی اور اللہ تعالیٰ کی رضا چاہنے والوں کی معیت اختیار کرنا ہی روحانی نجات کا راستہ ہے۔
موضوعات: قرآن کریم کی تفسیر، روحانی اندھیرے، دنیا کا دھوکہ، اتباع نفس، صالحین کی صحبت
خطبات طاہر جلد 15
217
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
اللہ تعالیٰ کی عزت ، رفعت ، غیرت برداشت نہیں کرتی کہ
وہاں اپنے نو رکوز بر دستی ٹھونس دے۔
( خطبه جمعه فرمودہ 22 مارچ 1996ء بمقام بيت الفضل لندن )
تشهد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور انور نے درج ذیل آیت کریمہ تلاوت کی :
وَالَّذِينَ كَفَرُوا أَعْمَالُهُمْ كَسَرَابٍ بِقِيعَةٍ يَحْسَبُهُ الثَّمَانُ
مَاءً حَتَّى إِذَا جَاءَهُ لَمْ يَجِدُهُ شَيْئًا وَوَجَدَ اللَّهَ عِنْدَهُ فَوَقْهُ
حِسَابَهُ وَاللَّهُ سَرِيعُ الْحِسَابِ (النور: 40)
پھر فرمایا :
سورۃ النور کی اس آیت کے حوالے سے میں نے اس آیت کو اس سے مشابہ ایک دوسری
آیت کی مدد سے حل کیا اور ابھی یہ سلسلہ جاری تھا کہ خطبے کا وقت ختم ہو گیا۔ دوسری آیت جو اس آیت
کے مضمون کے بالکل مشابہ ہے اور اس تفصیل کو بیان فرما رہی ہے جس کا مجملاً یہاں ذکر موجود ہے کہ
ایک ایسا انسان جو سراب کی پیروی کرتا ہے اسے بالآخر کچھ بھی نہیں ملتا سوائے اس کے کہ اپنے اعمال کی
جزا کو اس وقت پاتا ہے جب کہ اس کی طلب، اس کی پیاس کی شدت اپنی انتہاء کو پہنچ چکی ہوتی ہے اور
سوائے محرومی کے اور سزا کے کچھ بھی اس کے حصے میں نہیں آتا۔ یہ روشنی کا اندھیرا ہے جس کا میں نے
ذکر کیا تھا کہ اسے ہم روشنیوں کے اندھیرے کہہ سکتے ہیں یعنی ایسا سفر جو بظاہر روشنی میں ہو، سفر کرنے
والا یہ سمجھتا ہو کہ روشنی ہے مگر فی الحقیقت وہ اندھیرا ہی ہو، نتیجہ وہی ہو جواند ھیرا پیدا کرتا ہے۔
پس ایک انسان جب کسی چیز کو پانی سمجھ کر اس کی پیروی کرتا ہے تو بظاہر دیکھ رہا ہے مگر جب
اس مقصد کو پاتا ہے جسے وہ اپنا مطلوب بنا کر اس کے پیچھے چلتا ہے تو اس وقت اس کو سمجھ آتی ہے کہ وہ
خطبات طاہر جلد 15
218
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
دھوکہ ہی تھا۔ اسی لئے قرآن کریم نے آخر پر یہ رکھا ۔ وَمَا الْحَيُوةُ الدُّنْيَا إِلَّا مَتَاعُ
الْغُرُورِ کہ دنیا کی زندگی تو دھوکے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے محض دھوکے کی پیروی ہے۔ پس روشنی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے حض دھوکے کی پیروی ہے۔ اس روشنی
کا دھو کہ سب سے خطر ناک دھوکہ ہے اور اس کی بھی تین منازل ہیں یا تین اس کی قسمیں ہیں جس اور ہیں یا
طرح دوسرے اندھیرے کی جو بعد کی آیت میں بیان ہوا ہے تین قسمیں بیان فرمائی گئی ہیں اور اس
اندھیرے میں بھی نتیجہ وہی نکلتا ہے جو ظلمات کے اندر چلنے والے کا حاصل ہے یعنی ٹھوکریں کھانا،
رستے سے ہٹ جانا، تباہی کے گڑھے میں جاپڑنا ، ہر قسم کے خطرات در پیش ہوں لیکن معلوم نہ ہو کہ وہ
خطرات ہیں کیا ۔ یہی نتیجہ ہے روشنی کے اس سفر کا جو غرور کے نتیجے میں ہو، دھوکے کے نتیجے میں ہو اور
یہ اندھیرا ایسا ہے جو نفس سے پیدا ہوتا ہے۔ یہی مضمون تھا جو میں نے آپ کو پچھلی دفعہ سمجھایا کہ ان
تمام قسم کے اندھیروں کا جن کا اس آیت میں ذکر موجود ہے من شرور انفسنا سے تعلق ہے۔ تب
ہی خدا نے ہمیں یہ دعا سکھائی کہ اے خدا ہمیں اپنے نفس کے شرور سے بچا کیونکہ اپنے نفس کا شر انسان
کو دکھائی نہیں دیتا۔ سب سے زیادہ مخفی حملہ کرنے والا شیطان نفس کا شیطان ہے اور یہی شیطان غرور
بھی کہلاتا ہے یعنی سب سے بڑا دھو کے باز اور اس کے پیدا کردہ اندھیروں کو خدا تعالیٰ نے غرور فرمایا
یعنی دھو کے محض دھو کے، اس کے سوا ان کی کوئی حقیقت نہیں ۔
اب اس دوسری آیت کے حوالے سے جیسا کہ میں نے بیان کیا یہ مضمون کھل رہ مون کھل رہا ہے اور دوبارہ
اب میں اسی مضمون کو پھر لیتا ہوں کیوں کہ لعب اور لو کا ایک ترجمہ تو میں نے آپ کے سامنے پیش کر دیا اور
کچھ اس پر روشنی ڈالی مگر اسی آیت پر قرآن کریم دوسری جگہ مزید روشنی ڈالتا ہے۔ لعب اور لہو کا دھوکہ
کیا ہے ۔ یہ کن کن منازل سے گزر کر کہاں تک پہنچاتے ہیں۔ پس ظلمات ثلاث ان اندھیروں کے اندر
بھی تہہ بہ تہہ موجود ہیں۔ کہنے کو تو تین اندھیرے ہیں مگر آگے ان کی قسمیں اور پھر ہر قسم کے اندھیرے میں
تہہ بہ تہہ اندھیروں کا وجود ملتا ہے اور قرآن کریم ان کے اوپر سے پردے اٹھاتا اور ایک ایک چیز کھول کر
دکھا دیتا ہے تا کہ پھر ٹھو کر کھانے والے کے لئے کوئی عذر باقی نہ رہے کہ میں نے لاعلمی میں ٹھو کر کھائی۔ پس
اندھیروں کو بھی خدا دکھا رہا ہے یہ دیکھو یہ اندھیرے ہیں ان سے بچ کر گزرنا ہے۔
لعب اور لہو، کھیل اور تماشہ بظاہر دیکھنے میں معصوم سی باتیں دکھائی دیتی ہیں۔ بچے بھی کھیلتے
ہیں، بڑے بھی کھیلتے ہیں اور تماشے بھی دیکھتے ہیں بسا اوقات ایسے تماشے انبیاء بھی دیکھ لیتے ہیں اور
خطبات طاہر جلد 15
219
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
تماشہ اپنی ذات میں کوئی بری بات نہیں ہے۔ کھیل اپنی ذات میں کوئی بری چیز نہیں، انبیاء بھی کھیل کود
میں حصہ لیتے ہیں ۔ سوال صرف یہ ہے کہ یہ پہلی منزل ہے جو اللہ تعالیٰ کی رضا کے دائرے کے اندر
رہنے والی منزل ہے۔ اندھیرا تب بنتا ہے جب اس رضا کی منزل سے انسان اگلی منزل میں قدم رکھتا
ہے اور لعب بھی اور لہو بھی یہ دونوں انسان کو بعض دفعہ انتہائی گناہ میں مبتلا کر دیتے ہیں، ایسے گناہ جسے
خدا تعالیٰ شرک قرار دیتا ہے جو ظلم کی انتہائی صورت ہے یعنی اندھیروں کی آخری شکل شرک ہے اور
قرآن کریم سے ثابت ہے کہ یہ دونوں باتیں انسان کو اس آخری شکل تک بھی پہنچا دیتی ہیں اور انسان
سمجھتا ہے کہ میں تو معمولی کھیل کو د اور تماشوں میں مصروف ہوں اس میں کون سا گناہ ہے مگر جب یہ
دونوں باتیں خدا کی رضا سے باہر قدم رکھتی ہیں تو پھر ایسے ظلمات میں تبدیل ہو جاتی ہیں جن کا کوئی
کنارہ نہیں ہے۔ بالآخر انسان کی کامل ہلاکت تک اسے پہنچا دیتی ہے۔ اس تعلق میں جو آیات میں
نے سامنے رکھی ہیں ان کو ایک ایک کر کے آپ کے سامنے رکھنے سے پہلے میں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ
لعب اور لہو روزمرہ کی عام زندگی میں بھی گناہ کی شکل اختیار کرنے لگتی ہیں اور اکثر ہمیں دکھائی نہیں دیتا
اور لازم ہے کہ آپ اپنے ماحول پر یہ نظر رکھیں کہ لعب کو اپنی حدود کے اندر رکھیں ، لہو کو اپنی حدود کے
اندر رکھیں اور اپنی اولا دکوان حدود سے تجاوز نہ کرنے دیں۔ اس سے پہلے جو عبادات کے سلسلے میں میں
نے خطبے دیئے تھے ان میں یہ بات کھولی تھی کہ مثلاً ایک انسان معصومانہ کھیل میں مصروف ہے، بچے
ہیں وہ مصروف ہیں، بڑے ہیں وہ کوئی کھیل دیکھ رہے ہیں مثلاً کرکٹ کا کھیل جو گزرا ہے اور اسی قسم
کے ٹینس کا زمانہ آتا ہے تو ٹینس میں مصروف ہو جاتے ہیں Boxings ہو رہی ہیں تو باکسنگ کے
تماشے دیکھے جاتے ہیں ۔ وہ لوگ جو کھیل نہیں سکتے وہ کھیلتا دیکھ تو لیتے ہیں اور یہ ان کی کھیل ہے۔ مگر
ادھر عین اس وقت جب کہ کوئی میچ اپنے انتہا کو پہنچا ہوا ہے اس وقت اذان کی آواز آتی ہے نماز کے
لئے بلایا جاتا ہے کتنے ہیں جو اس معصوم کھیل میں مصروف رہنے کی وجہ سے نماز کا حق ادا کرنے کو فوقیت
دیتے ہیں۔ کتنے ہیں جو بلاتر در اس ٹیلی ویژن کو بند کر دیں گے یا اس ریڈ یوکوختم کر دیں گے یا چھوٹے
بچوں کو یا بیویوں کو جنہوں نے مسجد میں نہیں جانا ان کو بیٹھا چھوڑ کر مسجد کا رخ کریں گے۔ وہ جو ایسا
کرتے ہیں ان کے کنارے محفوظ ہیں ، ان کی سرحدوں پر پہرے بیٹھے ہوئے ہیں ، یہ وہ لوگ ہیں جن
کی سرحدیں اللہ کے فضل سے محفوظ ہیں اور ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔ لیکن وہ لوگ جوان مصروفیتوں کے
خطبات طاہر جلد 15
220
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
وقت ان فرائض کا خیال نہیں کرتے اور خدا تعالیٰ کی عبادت اور دیگر فرائض کو ان مشاغل پر قربان
کر دیتے ہیں خواہ وہ کھیل ہو یا لہو ہو یعنی تماشہ، تو ایسے لوگوں کے لئے خطرہ درپیش ہے اور ان کے قدم
پھر آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور مزید اور بھی زیادہ سفر اندھیروں میں جا کر کلیہ ہدایت کے رستے
سے عاری ہو جاتا ہے۔ اس مضمون میں جو قرآن کریم کی آیات میں آپ کے سامنے رکھتا ہوں بہت
سی ہیں مثلاً ان میں سے دوفرمارہی ہیں:
958 :المائدة
يَايُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّخِذُوا الَّذِينَ اتَّخَذُوا دِينَكُمْ هُزُوًا
وَلَعِبًا مِنَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتُبَ مِنْ قَبْلِكُمْ وَالْكُفَّارَ أَوْلِيَاءَ
وَاتَّقُوا اللهَ إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ وَإِذَا نَادَيْتُمْ إِلَى الصَّلُوةِ اتَّخَذُو
هَا هُزُوًا وَلَعِبَا ذَلِكَ بِأَنَّهُمْ قَوْمٌ لَا يَعْقِلُونَ)
وہی مضمون جو میں نے آپ کے سامنے بیان کیا ہے اس کو زیادہ تفصیل کے ساتھ یہاں
بیان فرمایا گیا۔ فرمایا ہے کہ یاد رکھوا ایسے لوگ بھی ہیں جو جب کھیل کود میں مصروف ہوں یا لہو میں مبتلا
ہو جائیں تو پھر اپنے معصوم دائروں میں نہیں رہتے بلکہ آگے قدم بڑھا کر دین سے بھی ایسا ہی سلوک
کرنے لگتے ہیں اور دین کو بھی کھیل کو د بنا لیتے ہیں۔ جس طرح کھیل کو د پر تبصرے ہوں تو کسی انسان کو
گناہ کا احساس نہیں ہوتا۔ کیا فرق پڑتا ہے کوئی کسی ایک کھلاڑی کے خلاف بات کر دے یا دوسرے
کے خلاف بات کر دے۔ مگر جب کھیل کود کے دائرے پھلانگ کر یہ لوگ مذہب کے دائرے میں
داخل ہو کر خدا کے برگزیدہ لوگوں پر زبانیں کھولتے ہیں ، ان پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں، اپنی
مجالس میں ان تبصروں کا نشانہ دین والوں کو بناتے اور ان کے دین کو بنا دیتے ہیں تو پہلی ہدایت یہ دی
ہے کہ یہ ظالم لوگ ہیں ان سے بچ کے رہو، ان کی سوسائٹی سے قطع تعلقی کرو اور اگر تم ایسا نہیں کرو گے
تو بالآ خرتم انہی جیسے ہو جاؤ گے۔
پس جہاں ایسے لوگ مخاطب ہیں جو بالعموم اپنے روز مرہ کے مشاغل میں کھیل کو د اور
لہو کو اپنی حدود میں رکھتے ہیں ان کو متنبہ فرمایا گیا ہے کہ یہ مقام محفوظ نہیں ہے اگر تم ان لوگوں میں
اٹھتے بیٹھتے ہو جو یہاں رعایت نہیں کرتے یعنی یہ خیال نہیں کرتے کہ کن لوگوں کی باتیں ہو رہی
ہیں کسی مضمون کی بات ہو رہی ہے اور ادب کی رعایت سے نکل کر پھر وہ گستاخی کی حدود میں
خطبات طاہر جلد 15
221
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
داخل ہو جاتے ہیں لَا تَتَّخِذُوا الَّذِينَ اتَّخَذُوا يُنَكُمْ هُزُوًا وَلَعِبًا مِنَ الَّذِينَ
أوتُوا الْكِتٰبَ ایسے لوگ ان لوگوں میں سے ہیں جن کو کتاب دی گئی ہے۔ مِنْ قَبْلِكُمْ
تم سے پہلے وَالْكُفَّارَ اور دوسرے بھی ہیں ان کو اولیاء نہ بناؤ۔ ان کو اپنا دوست نہ ٹھہراؤ۔
وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ اگر تم مومن ہو تو پھر اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور بچ کے رہو۔ ان
کی نشانی کیا ہے۔ کون لوگ ہیں جو مذاق کا نشانہ بناتے ہیں۔ جب ایسے لوگ جو عبادت کو فوقیت دیتے
اور ترجیح دیتے ہیں، دنیا کے مشاغل چھوڑ کر عبادت کے لئے اٹھتے ہیں تو اس وقت اس سے برداشت
نہیں ہوتا ان کی باتوں سے خود ان کے سینے کا گند فوراً اچھل پڑتا ہے۔ وَإِذَا نَادَيْتُمْ إِلَى الصَّلوةِ
اتَّخَذُوهَا هُزُوًا وَلَعِبا جب تم خود بھی نماز کے لئے اٹھتے ہو اور لوگوں کو بھی بلاتے ہو، کہتے ہو
اٹھو جی اب نماز کا وقت آگیا چلو چلیں تو کچھ ایسے ہیں جو اسی مجلس میں بیٹھے رہیں گے اور اس وقت
مذاق کے رنگ میں بات کریں گے کہ یہ بڑا عبادت گزار آ گیا ہے، اس کو زیادہ خدا کو راضی کرنے کا
شوق ہے۔ یہ چھپے ہوئے کافر ہیں اگر ظاہر نہ بھی ہوں اور اس کے بعد تمہارے لئے جائز نہیں کہ ان کو
اولیاء بناؤ اور ان کو ہم نشین بناؤ۔ ان کی مجلسوں میں بیٹھنا ترک کر دو اور ان سے تعلقات کاٹ لو ورنہ
دوسری جگہ قرآن کریم فرماتا ہے کہ بالآ خر تم انہی جیسے ہو جاؤ گے اور پھر رفتہ رفتہ تم میں اور ان میں کوئی
فرق باقی نہیں رہے گا۔
دوسری آیت جو اس مضمون پر ایک اور پہلو سے روشنی ڈالتی ہے فرماتی ہے۔ وَذَرِ الَّذِينَ
اتَّخَذُوا دِينَهُمْ لَعِبًا وَلَهْوًا وَغَرَّتْهُمُ الْحَيُوةُ الدُّنْيَا (الانعام: 71)۔ یہاں اس آیت
میں اور اُس آیت میں فرق یہ ہے کہ یہاں یہ فرمایا گیا تھا کہ تمہارے دین کو وہ مذاق بناتے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے یہ بیماریاں آگے بڑھنے والی ہیں۔ یہ ایک جگہ رکا نہیں کرتیں ۔ جو لوگ تمہارے
دین کو تماشہ بناتے ہیں اور اس پر تمسخر سے کام لیتے ہیں ایسے لوگوں کا انجام یہ ہوتا ہے کہ پھر اپنے دین
کو بھی کھیل تماشہ ہی بنا لیتے ہیں اور خود اپنے دین کی بھی کوئی عزت ان کے دلوں میں باقی نہیں رہتی،
کوئی احترام باقی نہیں رہتا۔ فرمایا وَذَرِ الَّذِينَ اتَّخَذُوا دِينَهُمْ محض اس وجہ سے تم نے ان
سے بے تعلقی نہیں کرنی کہ تمہارے دین کو نا جائز تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور تماشے کے طور پر اس کو
Treat کرتے ہیں اس سے معاملہ کرتے ہیں ۔ فرمایا دین کا معاملہ تو خدا سے تعلق رکھتا ہے اس لئے
خطبات طاہر جلد 15
222
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
کوئی انتقامی کارروائی نہیں اگر یہ لوگ اپنے دین کو بھی اسی طرح لیں اور لعب اور لہو سے کام لیں اور
دین کو کھیل کو دہی سمجھیں۔ ذَرِ الَّذِينَ ایسے لوگوں کو چھوڑ دو ۔ دیکھیں کیسی کامل تعلیم ہے قرآن کریم
کی۔ ہر معاملے کو وضاحت سے پیش کر رہی ہے ۔ اب اندھیروں کا مضمون بھی اتنی روشنی سے
دکھاتی ہے کہ ہر اندھیرا اپنے اپنے مقام پر ٹھہرا ہوا دکھائی دے رہا ہے ۔ اس کی حد بندی کرتی
ہے مختلف قسم کے اندھیروں کی تفصیل بیان فرماتی ہے کچھ بھی انسان پر اندھیرا نہیں رہنے دیتی۔
وَغَرَّتْهُمُ الْحَيُوةُ الدُّنْيَا اور ان کو اپنے دین سے مذاق کرنا اور دین کو تخفیف سے دیکھنا، اپنے
دین کا تخفیف سے ذکر کرنا اس مرتبے تک پہنچا دیتا ہے۔ غَرَّتْهُمُ الْحَيُوةُ الدُّنْيَا کہ دنیا کی
زندگی ان کو دھوکے میں مبتلا کرتی ہے۔
پس وہ غرور جس کا ذکر پہلے گزرا ہے کہ انسان پیروی تو کرتا ہے پانی دیکھ کر لیکن دھو کے کے
سوا کچھ بھی نہیں ہوتا پانی کی بجائے وہاں سراب ملتا ہے۔ فرمایا یہی لوگ ہیں جو اس مرتبے کو پھر پہنچتے
ہیں۔ ان کو اپنے دین سے مذاق بھی راس نہیں آتا اور رفتہ رفتہ ان کو دنیا کی زندگی دھوکے میں مبتلا کر
دیتی ہے یعنی دین سے جہاں حقیقت میں انسانی روح کی سیرابی اور شادابی کا سامان ہے اس سے
نظریں پھر جاتی ہیں وہاں ان کو سراب دکھائی دیتا ہے اور جہاں سراب ہے الْحَيُوةِ الدُّنْيَا
میں، وہاں وہ پانی دیکھتے ہیں اور اسی کا نام غرور ہے، اس کو دھوکہ کہتے ہیں۔ فرمایا آن
تُبْسَلَ نَفْسٌ بِمَا كَسَبَتْ کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی جان جو کچھ بھی اس نے کمایا ہے اس کے
ذریعہ ہلاکت میں مبتلا ہو جائے ، تباہ و برباد ہو جائے اس کا کچھ بھی باقی نہ رہے ان
تُبْسَلَ نَفْسٌ بِمَا كَسَبَتْ یہ بہت ہی اہم بات ہے ایسے لوگ پھر دنیا میں جو بھی کماتے ہیں
نیکیاں بھی دکھائی دیں ان کی ، تو وہ فائدہ نہیں پہنچاتیں کیوں ، غرض دنیا ہے اور دنیا کا پلڑا دین
پر بھاری ہو جاتا ہے۔ رفتہ رفتہ دین سرکنے لگتا ہے اور دنیا غالب آتی جاتی ہے۔ پھر ان کا جو
کچھ بھی کمایا ہے وہ ان کے کچھ کام نہیں آتا سوائے اس کے کہ ان کو ہلاک کر دے۔ لَيْسَ لَهَا مِنْ
دُونِ اللَّهِ وَلِيُّ وَلَا شَفِيعُ ہر ایسی جان کو یہ تنبیہ ہے کہ اللہ کے سوا اس کا در حقیقت کوئی بھی
ولی یا شفیع نہیں ۔ کوئی نہیں ہے جو اس کے ساتھ دوستی کرے اور اس کی دوستی اس کو فائدہ پہنچائے۔ کوئی
نہیں جس کی شفاعت اس کے حق میں کام آ جائے مگر اللہ ہی شفیع ہے۔ یہاں اللہ کے شفیع ہونے کا کیا
خطبات طاہر جلد 15
223
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
صلى
معنی ہے۔ شفیع تو دوسرے کی شفاعت کرتا ہے، دوسرے کے پاس شفاعت کرتا ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ
آنحضرت شفیع المذنبین ہیں، وہ گنہگاروں کی شفاعت کرنے والے ہیں۔ مگر قرآن کریم
سے پتا چلتا ہے کہ کوئی بھی اپنی ذات میں شفاعت کا حق نہیں رکھتا سوائے اس کے کہ اللہ اسے
شفاعت کا حق عطا کرے۔ پس یہاں شفیع سے مراد یہ ہے کہ شفاعت بھی خدا کی مرضی کے بغیر کسی کو
نصیب نہیں ہو سکتی ۔ وہی اصل شفیع ہے یعنی شفاعت کو سننے والا اور شفاعت کو قبول کرنے والا ۔ پس
ایسا شخص جو دنیا کی زندگی کے پیچھے لگ جائے اس کا سفر آغاز میں بظاہر معمولی دلچسپیوں کا سفر ہوتا ہے،
ایسی دلچسپیوں کا سفر جو انسانی فطرت سے تعلق رکھتی ہیں اور مذہب ان میں دخل نہیں دیتا اور مذہب
انہیں جائز قرار دیتا ہے لیکن جب وہ آگے بڑھتے ہیں تو یہ سفر پھر اندھیروں کے بعد دوسرے
اندھیروں میں مبتلا ہونے لگتا ہے۔
اب دیکھ لیں پہلی قسم کا اندھیرا یہ ہے کہ دوسرے کے دین کو مذاق کا نشانہ بناتے ہیں اور اس
ضمن میں مسلمانوں کے لئے بہت بڑی تنبیہ ہے۔ جب دوسرے کے دین کی بات بھی کرتے ہیں تو
یہ احترام ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئے کہ ابتداء وہ بھی خدا کا کلام تھا اور پوری وضاحت کے ساتھ جو خدا کا
کلام ہے اس کو الگ کر کے اگر تنقید کا نشانہ بنانا ہے تو دوسرے حصے کو جو انسانوں نے داخل کر دیا اس پر
بے شک تنقید کرو مگر کلام اللہ پر تنقید کے قریب تک نہ پھٹکو اور کوشش کرو کہ دوسرے ادیان کی جو غلط
تشریحات ان ادیان کے پیرو کار خود کرتے ہیں وہ بے چارے خود اندھیروں میں مبتلا ہیں ان پر ان
کے اپنے مذہب کو روشن کرو اور بتاؤ کہ اس تمہارے مذہب میں کیا کیا خوبیاں ہیں تم غلط سمجھ رہے ہو یہ
توحید کا علم بردار ہے۔ چنانچہ اس پہلو سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام نے ویدوں کی بھی
تعریف فرمائی جن میں سے اکثریت انسان کی خرد برد کے نتیجے میں بالکل محفوظ نہیں رہی۔ مگر حضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے پیغام صلح میں ویدوں کے متعلق بہت ہی عمدہ خیالات کا اظہار فرمایا
ان معنوں میں کہ آغاز میں خدا ہی کی طرف سے یہ نازل ہوئی تھیں، بندوں نے ان میں دخل اندازی
کر کے ان کا حلیہ بگاڑ دیا مگر آج بھی اگر آپ غور کریں تو اللہ تعالیٰ کے کلام کا نوران میں دکھائی دیتا
ہے اور خدا کا نور کلیہ بجھ نہیں سکتا، کلیہ مٹایا نہیں جا سکتا۔ انسان کے اندھیرے وقتی طور پر اس پر
پر دے ڈالتے ہیں مگر ایک انسان فراست کی نظر سے اگر اس نور کی تلاش کرے تو کوئی بھی الہی کتب
خطبات طاہر جلد 15
224
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
ایسی نہیں ہیں جن میں خدا کے نور کی اصلی شان جگہ جگہ جھلکتی ہوئی دکھائی نہ دے۔ پس اس پہلو سے
فرمایا کہ اگر تم محض تمسخر کی خاطر بد تمیزی کے لئے دوسروں کے مذاہب پر زبانیں کھولو گے جیسا کہ بعض
لوگ تمہارے مذہب پر زبانیں دراز کرتے ہیں تو انجام کیا ہوگا ؟ جو ان کا انجام ہے وہی تمہارا بھی
ہوگا۔ تم پھر خود اپنے دین کے معاملے میں بھی گستاخ ہو جاؤ گے۔ بد تمیز اور بے ادب بن جاؤ گے اور
یہ ایک ایسی حقیقت ہے، ایسی گہری نفسیاتی حقیقت ہے کہ اگر اس پر آپ غور کریں تو انسان کی عقل
دنگ رہ جاتی ہے۔ کوئی بھی زبانیں کھولنے والے ٹولے جو آپ کے ذہن میں آئیں یا فرد کوئی آپ
کے ذہن میں ہو اس کی تاریخ کا جائزہ لیں کس طرح اس کی زبان آغاز میں پہلے دوسروں پر کھلتی تھی
پھر رفتہ رفتہ قریب آنے لگی خود اپنے دین کے متعلق وہ بد تمیز ہوا اور پھر وہ مجلسیں بن گئیں جن کا ذکر ہے
کہ وہ اکٹھے بیٹھتے ہیں لہو و لعب میں مشغول ہوتے ہیں پھر اپنے دین پر بد تمیزی کی باتیں شروع کر دیں
یہاں تک کہ خود اپنے مفاد کے خلاف پھر ان کی زبانیں چلنے لگتی ہیں۔ چنانچہ ذَكِّرْبِ اَنْ
تُبْسَلَ نَفْسٌ بِمَا كَسَبَتْ یہ بہت ہی اہم مضمون ہے۔ ذَكِّرْ بِہ اس کو خوب کھول
کھول کر بیان کر۔ اس کو بار بار نصیحت کے طور پر بیان کر مبادا کوئی جان جو کچھ اس نے کمایا ہے اس
ذریعے اور اس کے باوجود ہلاک : ا نہ ہو جائے ۔ وَإِنْ تَعْدِلُ كُلَّ عَدْلٍ لَّا يُؤْخَذْ مِنْهَا
کہ ایسی جان جو تمسخر اور مذاق کر کے دین کے معاملوں کو کھیل تماشہ بنا کر ہر اس نتیجے سے محروم رہ جاتی
ہے جو اس کی کمائی کا نتیجہ ہے اور سوائے ہلاکت کے اس کی دنیا کی محنت اسے کوئی بھی فائدہ نہیں
پہنچاتی اس کے متعلق فرمایا کہ پھر وہ وقت آ جائے گا کہ اگر وہ ہر قسم کا بدلہ جو بھی دے سکتی ہے اپنی جان
کو عذاب سے بچانے کے لئے وہ بھی دے دے گی تو بھی لَا يُؤْخَذُ مِنْهَا اس سے قبول نہیں کیا
جائے گا۔ اس میں دو روکیں ہیں اول تو بدلہ دینے کی توفیق ہی کوئی نہیں کیونکہ قیامت کے دن تو انسان
بے مالک ہو کر جائے گا۔ کوئی بھی اس کی ملکیت نہیں ہوگی ۔ وہ بدلہ کس چیز سے دے گا۔ تو یہ ایک
نظریاتی دلیل ہوا کرتی ہے جس کا معنی صرف یہ ہے امکانی دلیل ہے۔ یہ مراد نہیں ہے کہ واقعہ کچھ
لوگ یا کچھ جانیں قیامت کے دن سونوں کے پہاڑ لے کر خدا کی خدمت میں حاضر ہو جائیں گے کہ
یہ قبول کرلے اور ہماری جان چھٹ جائے۔ فرمایا اگر ایسا ہو کہ دنیا جہاں کی دوستیں بھی پیش کر دیں تب
بھی ایسے لوگوں کا کوئی بدلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ وہ جان کسی بدلے کو دے کر اپنا پیچھا نہیں چھڑا سکتی۔
کے
خطبات طاہر جلد 15
225
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
دوسرا اس میں مومنوں کے لئے یہ اشارہ ہے کہ اس دنیا میں تمہیں پتا ہے کہ تم سے بدلے قبول کئے جاتے
ہیں صدقے قبول کئے جاتے ہیں نیکی کے کاموں پر خرچ کرتے ہو وہ تمہارے گناہوں کی بخشش کا
موجب بن جاتے ہیں تو اب جبکہ وقت ہے تو تم کرو۔ کیوں کہ تمہارا آج کا خرچ تمہاری آج کی مالی
قربانی قیامت کے دن وہ بدلہ بنے گی جو دوسروں کے کام نہیں آ سکتا مگر تمہارے کام آئے گا۔
أُولَئِكَ الَّذِينَ ابْسِلُوا بِمَا كَسَبُوا یہی وہ لوگ ہیں جن کے متعلق فرمایا گیا
ہے کہ وہ ہلاکت میں ڈال دیئے جائیں گے۔ بِمَا كَسَبُوا اس وجہ سے جو انہوں نے کمایا لَهُم
شَرَابٌ مِّنْ حَمِيمٍ وَ عَذَابٌ أَلِيمٌ بِمَا كَانُوا يَكْفُرُونَ (الانعام: 71) ان
کے لئے کھولتا ہوا پانی ہے۔ اب پیاس بجھانے کے لئے جو سراب کا نقشہ ہے وہ اور یہ اس پہلو سے
ملتے جلتے ہیں کہ کھولتا پانی بھی کسی کی پیاس نہیں بجھا سکتا بلکہ اس کی پیاس کو اور بھڑ کا دیتا ہے، اس کے
لئے اور بھی درد کا موجب بن جاتا ہے۔ جس طرح سمندر کا پانی کسی کی پیاس کو بجھا نہیں سکتا بلکہ اس کو
اور بھی کھولا دیتا ہے فرمایا شَرَابٌ مِنْ حَمِيمٍ وَ عَذَابٌ اَلِیم پیاس بجھانے کی بجائے
ان کے لئے یہ چیز درد ناک عذاب کا موجب بنے گی ۔ بِمَا كَانُوا يَكْفُرُونَ اس وجہ سے
کہ وہ جو دنیا میں کام کیا کرتے تھے بسبب اس کے جو وہ انکار کیا کرتے تھے۔
اب ایک جگہ جب ہمیں ہدایت فرمائی ہے کہ ان لوگوں کو چھوڑ دو، ان کی مجلسوں میں نہ بیٹھو
کیوں کہ یہ ظلماتی لوگ ہیں، یہ تمہیں بھی روشنی سے ظلمت کی طرف کھینچ کر لے جائیں گے تو پیچھے پھر
باقی کیا رہ جاتا ہے۔ کن لوگوں میں گزارہ کرنا ہے اور کن لوگوں میں اپنا دل بہر حال لگانا ہے اس کے
سوا چارہ کوئی نہیں ہے۔ اس کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاصْبِرُ نَفْسَكَ
مَعَ الَّذِينَ يَدْعُوْنَ رَبَّهُمْ بِالْغَدُوةِ وَالْعَشِيِّ يُرِيدُونَ وَجْهَهُ وَلَا
تَعْدُ عَيْنَكَ عَنْهُمْ (الكهف: 29) - وَاصْبِرْ نَفْسَكَ مَعَ الَّذِينَ يَدْعُونَ
ربهم ان لوگوں کے ساتھ اپنا دل لگا لے اور اسی پر صبر کر یعنی اپنی تمام کا ئنات کو ان لوگوں کی حد
تک سمیٹ لے یعنی دلچسپیوں کی ساری کائنات کو جو لوگ خدا کو پکارتے ہیں صبح کے وقت بھی اور رات
کے وقت بھی يُرِيدُونَ وَجْهَهُ اور اسی کی رضا چاہتے ہیں، اسی کا چہرہ مانگتے ہیں۔ وَجْهَهُ
سے مراد ہے چہرہ یعنی توجہ اور رضا دونوں باتوں کے لئے وجہ کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔
خطبات طاہر جلد 15
226
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
تو فرمایا جب کچھ لوگوں کو چھوڑو گے تو پھر کن لوگوں میں تمہاری دلچسپیاں محدود ہونی
چاہئیں ، کن میں تمہارا اٹھنا بیٹھنا ہونا چاہئے ۔ ان لوگوں میں جن کی اپنی توجہ کا مرکز خدا کی ذات ہے
اور ان کی ساری رضا ، ان کی ساری دلچسپیاں اللہ کی وجہ میں ہیں۔ یعنی یہ مراد نہیں ہے کہ یہ لوگ
بور ہیں یا ان کے ساتھ زندگی جو ہے اس میں وہ اکتاہٹ والی اور بے لذت ہو جاتی ہے۔ فرمایا وہ
لوگ جو دنیا کی لذات کی اندھا دھند پیروی نہیں کرتے ، ان حدود میں رہتے ہیں جن حدود تک خدا
تعالیٰ اجازت دیتا ہے ان کو بھی لذتیں ملتی ہیں بلکہ جیسا کہ میں نے پچھلے خطبے میں کھول کر بیان کیا تھا
سراب کی پیروی کرنے والوں سے بہت زیادہ لذتیں پاتے ہیں۔ مگر کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کو ان
سے سوا بھی لذتیں ملتی ہیں اور وہ لذتیں وجہ اللہ میں ہیں، اللہ کے چہرہ میں ہیں، اللہ کی توجہ میں
ہیں، اللہ کی رضا میں ہیں۔ پس ایک طرف سے تو تم آنکھیں بند کرو گے تو اس کے مقابل پر کچھ اور چیز
تمہیں میسر آنی چاہئے ورنہ ناممکن ہے کہ خدا کی خاطر انسان ایک مثبت چیز کو چھوڑ دے اور یہاں
اندھیروں سے روشنی کے سفر کا طریقہ سمجھا دیا گیا۔ یہ نہیں فرمایا کہ ان کو چھوڑ کر الگ ہو کر اپنے گھروں
کے دروازے بند کر کے بیٹھ رہو۔ فرمایا ایک سوسائٹی سے دوسری سوسائٹی کی طرف منتقل ہو، تمہیں سہارا
چاہئیے ۔ اور وہ سوسائٹی ایسی ہے جس سوسائٹی کا نقشہ کھینچتے وقت فرماتا ہے ان کی اللہ کی رضا پر آنکھ رہتی
ہے اور جو رضائے باری تعالیٰ ہے اس میں بے انتہالہ تیں ہیں اور اندھیرے سے روشنی کے سفر کا دوسرا
نام یہی ہے کہ انسان خدا کی رضا سے محروم لوگوں سے جدائی اختیار کر کے اس جگہ سے ہجرت کرتے
ہوئے ان لوگوں کی طرف ہجرت کرے جن لوگوں کو ہمیشہ صبح بھی اور شام کو بھی اللہ کی رضا مطلوب
ہے۔ وَلَا تَعْدُ عَيْنُكَ عَنْهُمْ اور تیری آنکھیں ان سے ہٹ کر دوسری طرف نہ دیکھیں۔
یعنی صبر کا معنی یہ ہے کہ وہ لوگ تجھے کافی ہوں اور یہ نہ ہو کہ اچھوں کی صحبت میں کچھ دیر دل لگے بھی
لیکن نظریہ رہے کہ کب یہ صحبت ختم ہو تو ہم اس صحبت میں واپس لوٹ جائیں۔ یا ہمیشہ دل للچایا ر ہے
کہ وہ بھی تو چیزیں ہیں ان کی طرف بھی تو جانا چاہئیے کچھ ان میں سے بھی دیکھ لیا جائے ۔ فرمایا یہ بس
ہوں تمہارے لئے ، یہ تمہاری کا ئنات بن جائیں ، تمہارا سب کچھ یہی ہو جائیں اور تمہاری ساری
لذتیں اپنی تسکین ان لوگوں کی صحبت میں پالیں۔ چنانچہ فرمایا تیری دونوں آنکھیں ان سے ہٹ کر
دیکھنے کی کوشش ہی نہ کریں، خیال تک نہ ان کو آئے کہ اس سے پرے بھی کوئی دنیا بستی ہے اور
پرد۔
خطبات طاہر جلد 15
227
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
امر واقعہ یہ ہے کہ اگر کسی کو روشنی کا سلیقہ ہو اور واقعہ روشنی کو روشنی سمجھ رہا ہو تو ارد گرد کے اندھیروں میں
اس کی آنکھ وہ دیکھ ہی نہیں سکتی جو روشنی سے آشنا ہے۔ نظر ہی کچھ نہیں آتا تو وہ ہٹے گی کیسے۔ تو فرمایا
اپنی نظر کو اتنا Tune کر لو روشنی کے ساتھ کہ روشنی ہی دکھائی دے اور ارد گرد دیکھنے کا موقع ہی پیدا نہ
ہو۔ تمہاری ساری کائنات وہی ہو جو اللہ کے نور کی پیدا کردہ کائنات ہے اس کو دیکھو اور وہیں تک
تمہاری سرحدیں ہوں ۔ اس سے ارد گرد چونکہ اندھیرا ہے اس لئے آنکھیں وہاں سے ہٹ کر کسی اور
چیز کی تلاش کر ہی نہیں سکتیں۔ اگر تو ایسا کرے گا تو فرمایا تُرِيدُ زِينَةَ الْحَيُوةِ الدُّنْيَا تو تو
اصل میں ابھی تک دنیا کی زینت کی تلاش میں ہی ہے اور اس مصیبت نے تیرا پیچھا نہیں ابھی تک چھوڑا۔
اگر تو ایسا کرے تو پھر تیرا حال یہ ہے ابھی بھی تجھے دنیا کی زینت ہی کی تلاش ہے جس زینت کو اللہ تعالیٰ
جھوٹ اور غرور کہہ چکا ہے، جس کو بے حقیقت اور بے معنی اور بے مقصد بتا چکا ہے۔ وَلَا تُطِعْ
مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا وَاتَّبَعَ هَونَهُ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطًا (الكهف:29)
اور ہرگز اس کی پیروی نہ کر ۔ مَنْ اَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا جس کے دل کو ہم نے اپنی
یاد سے غافل کر دیا ہے ۔ وَاتَّبَعَ هَوا یہ وہ بھی خلا میں نہیں رہ سکتا۔ جب ہماری یاد سے غافل ہوتا
ہے تو کیا کرتا ہے وَاتَّبَعَ هَوائه اپنے نفس کی خواہشات کی پیروی کرتا ہے، اپنی دلی آرزو کے
پیچھے لگ جاتا ہے۔ وَاتَّبَعَ هَوَيهُ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطًا اور اس کا معاملہ حد سے بڑھا ہوا
معاملہ ہوتا ہے یعنی ایسا معاملہ ہے کہ جو حدیں پھلانگ چکا ہے اور اب اس کا ایک انتہا سے دوسری انتہا
کی طرف دائمی سفر ہے یعنی یہ مراد نہیں کہ ایک مقام پر کھڑا ہو گیا اور وہ آخری تجاوز کا مقام ہے۔ تجاوز
سے مراد ایک سفر ہے جہاں ہر اگلی حالت پہلے سے زیادہ بے اعتدالی کی حالت ہوتی ہے۔ ہرا گلا
اندھیرا پہلے سے زیادہ سخت اور ظالم اندھیرا ہوتا ہے۔ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا
یہاں ضمیر خدا تعالیٰ نے اپنی طرف پھیری ہے کہ ہم اس کے دل کو اپنے ذکر سے غافل کر دیتے ہیں ۔
دراصل یہ ایک جزا ہے جس کا ذکر کیا جا رہا ہے اور ایک ایسے انداز میں ذکر کیا جا رہا ہے جس
سے خدا کی شان تمجید ظاہر ہوتی ہے۔ اس کا مجد ، اس کی عزت ، اس کا وقار، اس کی بلندی۔ ہم جب کسی
کو چاہتے ہیں اور وہ ہمیں نہیں چاہتا تو اس کے باوجود ہم اس کے پیچھے لگے رہتے ہیں اور بسا اوقات
انسان اپنی زندگی اسی طرح کے سراب کی پیروی میں بھی ضائع کر دیتا ہے۔ جو لذت اس کو نصیب
خطبات طاہر جلد 15
228
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
ہوئی ہی نہیں جو اس کے حصے کی چیز نہیں ہے اکثر اس کی پیروی میں لگا رہتا ہے یہ بھی ایک اندھیرا
ہے۔ مگر جب نہیں بھی پاتا یا رڈ بھی کیا جاتا ہے تب بھی بسا اوقات وہ طلب مرتی ہی نہیں ہے یہ اس
کے ادنی مقام کا نشان ہے، یہ اس کے احتیاج کی علامت ہے۔ پس جو عشاق اپنے محبوب، اپنے
مطلوب کو نہ پائیں اور پھر بھی اس کے پیچھے لگے رہیں اور اکثر دنیا کے عشاق کا یہی حال ہوتا ہے یہ
اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ان کا مقام دراصل ادنی ہے۔ وہ اپنی ذات میں غنی نہیں ہیں ، مستغنی نہیں ہیں
اور وہ جس کی طلب ہے اگر وہ ان کو جواب میں پیار عطا نہ کرے تو ان کی زندگی محرومیوں کا شکار رہے
گی۔ ایسی صورت میں وہ اپنے دل پر ان کی یاد کے خلاف کوئی پردہ نہیں ڈالتا بلکہ پردہ پڑنے بھی لگے تو
اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے میں ساری عمر اسی کی پوجا کروں اسی کے پیچھے لگا ر ہوں کسی اور
کا خیال تک میرے دل میں نہ آئے ، ٹھوکریں لگتی ہیں تو ٹھوکریں لگتی رہیں مگر آخر دم تک میں اسی
محبوب کا پجاری بنا رہوں ۔ یہ انسانی فطرت ہے جو اسے اپنے لا حاصل عشق پر ثبات قدم عطا کرتی
ہے۔ ایسا عشق جو لا حاصل ہے اس کا فائدہ کوئی نہیں پھر بھی اسے ثبات قدم ہے۔ یہ ثبات قدم خوبی کا
ثبات قدم نہیں ہے۔ یہ استقلال ایسا نہیں جس کی تعریف کی جائے ۔ یہ اس کی کمزوری کا مظہر ہے وہ
بے چارہ اس کے بغیر رہ نہیں سکتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میں ایسا بے چارہ نہیں ہوں کہ تم مجھے نہ چاہو اور
میں تمہارے بغیر نہ رہ سکوں بلکہ میں تو بے نیاز ہوں ۔ حقیقت میں میں جو تمہارے دل میں آتا ہوں تو
تمہاری ضرورت کے خیال سے۔ اگر تم نہ چاہو گے تو مجھے کوڑی کی بھی پرواہ نہیں ہے کہ تمہارے دل
میں براجمان ہوں۔ اَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا ایسا شخص جو ہماری یاد کو پیار اور محبت سے نہیں
دیکھتا یعنی جس طرح اُردو میں تو ہم کہتے ہیں ہماری بلا سے، خدا فرماتا ہے مجھے اس کی کچھ بھی پرواہ
نہیں پھر کہ میں اسے یادر ہوں یا نہ رہوں بلکہ ہم خود اپنی عزت اور اپنی شان کے تقاضے پورے کرتے
ہوئے اس کے دل پر اپنی طرف سے پردے ڈال دیتے ہیں ۔ اس کے مددگار بن جاتے ہیں ان
چیزوں میں جو وہ خود اپنے لئے پسند کر بیٹھا ہے۔ تو وہ موقع ہی ہاتھ سے جاتے رہتے ہیں جن موقعوں
میں خدا کی یاد اس کو آ سکتی ہے اور جتنا انسان خدا کے مخالف سمت سفر اختیار کرتا ہے، جو اندھیروں کا
سفر ہے، اتنا ہی خدا کی سمت میں اور پردے اترتے جاتے ہیں اور ہر پردہ اس کے اندھیروں کو زیادہ
گہرا کر دیتا ہے۔ تو فرمایا کہ لَا تُطِعْ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَہ اس کے پیچھے نہ لگ جانا اس کی
خطبات طاہر جلد 15
229
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
پیروی نہ کرنا۔ یعنی اس کی تمنائیں ، اس کی آرزوئیں، اس کی خواہشات، جب وہ تم میں بیٹھے گا تو
بتائے گا کہ میں نے یہ یہ چیزیں حاصل کیں ، اس طرح میں نے دنیا کمائی ، اس طرح میں نے دوست
کمائے ، اس طرح عیش و عشرت میں زندگی بسر کرتا ہوں، یہ یہ چیزیں چاہتا ہوں، یہ جب سنو گے تو
تمہارے دل میں ادنی بھی حرص پیدا نہیں ہونی چاہئے ۔ اس کا تم سے کیا تعلق جس کا خدا سے تعلق
نہیں۔ اس کی پیروی نہیں کرنی سے مراد ہے اس کی تمناؤں کی پیروی نہیں کرنی ، اس کے طرز زندگی کی
پیروی نہیں کرنی۔ اس طرح بے نیاز ہو کر اس کو دیکھو جیسے خدا بے نیاز ہو کے اس کو دیکھتا ہے۔
وَاتَّبَعَ هَویہ اور پھر اپنے ھوی“ کی پیروی کرتا ہے۔ تم تو ہوا و ہوس کی پیروی کرنے والے
نہیں ہو۔ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطًا اور اس کا معاملہ حد سے تجاوز کرنے لگ گیا ہے۔ جب تجاوز کرتا
ہے تو پھر ایک اور مقام ایک تیسری منزل اندھیرے کی اس کے سامنے لے آتا ہے۔
فرماتا ہے اِنَّ السَّاعَةَ أُتِيَةٌ أَكَادُ أُخْفِيْهَا لِتُجْزَى كُلُّ نَفْسٍ بِمَا تَسْعَى
(طہ: 16) قیامت یقیناً آنے والی ہے أَكَادُ اخْفِيهَا قریب ہے کہ میں اسے ظاہر کر دوں ۔
لِتُجْزَى كُلُّ نَفْسٍ یہاں أُخْفِيهَا کا جو مضمون ہے اس کے دونوں معنی ہیں مخفی رکھنا بھی اور
ظاہر کرنا بھی۔ اس آیت کی تفسیر کا یہاں اس وقت موقع نہیں، باقی اس کے پہلوؤں پر اس وقت تفصیل میں
جانے کی ضرورت نہیں ہے، اس تعلق میں اس کا یہی معنی ہوگا۔ اِنَّ السَّاعَةَ أُتِيَةٌ أَكَادُ أُخْفِيهَا
بعید نہیں کہ میں اسے ظاہر کر دوں یا قریب ہے کہ میں اسے ظاہر کر دوں كُلُّ نَفْسٍ بِمَا تَسْعَی ہر
نفس پر اس معاملے میں جس کی اُس کو جزا دی جائے گی جس کے لئے وہ کوشش کر رہا ہے۔ جزا کا تعلق
لتجزے سے ہے اور بِمَا تَسْعی کا مطلب ہے جس کی وہ کوشش کر رہا ہے۔ پس اس ترجمے کی
تفصیل یوں بنے گی کہ قیامت تو بہر حال آنے والی ہے۔ تم لوگوں کو دکھائی نہیں دے رہی ایسا شخص
جو دنیا کی پیروی کر رہا ہے، دنیا کے دھوکوں میں مبتلا ہے، اسے آئندہ کی زندگی کی طرف اپنے بڑھنے کا
احساس تک نہیں لیکن ایک ایسی منزل ضرور آئے گی جہاں پچھلی دنیا دکھائی دینی بند ہو جائے گی اور اگلی
دنیا دکھائی دینے لگے گی ۔ وہ وقت ہو گا یعنی موت کا وقت جب وہ جانتا ہے کہ اس کا پچھلا سفر تو ختم ہوا
اس کا کچھ بھی حاصل نہیں ہوا اگلا سفر اب قریب ہے۔ اسے سوائے آخرت کے پھر اور کوئی خیال نہیں
آتا وہ کون سا وقت ہے۔ لِتُجْزَى كُلُّ نَفْسٍ بِمَا تسعی تا کہ جزا دی جائے ہر اس جان کو جس
خطبات طاہر جلد 15
230
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
نے کچھ دنیا میں کمایا ہے یا کچھ کوشش کی ہے۔
فَلَا يَصُدَّنَّكَ عَنْهَا مَنْ لَّا يُؤْمِنُ بِهَا پس وہ لوگ جو اس پر ایمان نہیں لاتے
جب تک وہ اس آخری منزل تک نہیں پہنچتے اگر تم ان کے قریب رہو گے تو وہ تمہیں بھی اس سے ہٹالیں گے تمہیں
بھی اس راہ سے روک دیں گے۔ پھر عجیب بیان ہے ایک طرف یہ قطعی خبر ہے کہ ہر جان لازماً اس مقام تک
پہنچائی جائے گی جہاں اس پر بعد کی زندگی روشن کر دی جائے گی اور پر دے اٹھائے جا رہے ہوں گے۔ لیکن جن کو
اس وقت دکھائی دے گا فرمایا وہ پہلے ایمان نہیں لاتے۔ اگر پہلے ایمان لاتے تو انہیں پہلے بھی دکھائی دیتا۔ ایسے
لوگوں کے قریب نہ رہو، ایسے بے ایمانوں کے ساتھ دوستی نہ کرو جن کو آخرت پر یقین نہیں ہے۔ یقین تو ہوگا لیکن
اس وقت ہوگا۔ جب ان کے لئے دیر ہو چکی ہوگی اور بے فائدہ ہو چکا ہوگا۔ جب موت کے چنگل میں مبتلا ہوں
گے اس وقت وہ دیکھ لیں گے اور فرمایا ضرور ایسا وقت آنے والا ہے۔ مگر جب تک وہ نہیں دیکھتے وہ دوسروں
کو اس راستے سے روکتے ہیں۔ فرمایا تجھے ایسے لوگوں کا تعلق روک نہ دے۔ مَنْ لَّا يُؤْمِنُ بِهَا
وَاتَّبَعَ هَوَيهُ فَتَرْدَى (طہ: 17) وہ اپنی ہوا کی پیروی کرنے والے لوگ ہیں وہ رضائے باری تعالیٰ کی
پیروی نہیں کرتے۔ پس اگر تو ایسے لوگوں سے دوستی رکھ کر ان کے پیچھے لگے گا تو تو بھی ہلاک ہو جائے گا۔
فتر دی لازما تو ہلاک ہوگا اور ہلاکت کی آخری شکل کیا ہے۔ فرماتا ہے اَرَعَيْتَ مَنِ اتَّخَذَ إِلَهَهُ
هَوسِهُ أَفَأَنْتَ تَكُونُ عَلَيْهِ وَكِيلًا (الفرقان: 44)۔ کیا تو نہیں جانتا کہ ایسے لوگوں کی ظلمت
پھر بالا خرکتنی گہری ہو جاتی ہے۔ پہلے وہ اپنی ھوی کے پیچھے چلتے ہیں پھر اپنی خواہش کو معبود بنا لیتے ہیں۔
پہلے اس کی پیروی کرتے ہیں اس کو حاصل کرنے کے لئے ۔ پھر جس کو وہ حاصل کرنے کی پیروی کرتے ہیں وہ
چیز ان پر سوار ہو جاتی ہے ان پر قبضہ کر لیتی ہے اور یہ لوگ اپنی خواہش کے غلام بن جاتے ہیں اور جب خواہش کا
غلام ہوں تو اس کی عبادت کرنے لگتے ہیں اور یہ وہ مضمون ہے جو ایک گہری انسانی فطرت پر روشنی ڈال
رہا ہے جس سے تمام دنیا کے مذاہب کا تعلق ہے۔
66
امر واقعہ یہ ہے کہ بے خدا کوئی انسان رہ نہیں سکتا۔ ناممکن ہے کہ کوئی شخص خدا کے بغیر رہ
سکے کیونکہ خدا کی طلب اس کی فطرت میں مرتسم فرمادی گئی ہے۔ قول بلی سے ہر روح نے یہ اقرار کیا
ہے کہ ہاں ہمارا ایک رب ہونا چاہئے اور ہے، کیوں نہیں ہے۔ پس وہ لوگ جو حقیقی رب سے تعلق
توڑتے ہیں یہ وہم ہے کہ وہ بے خدا رہتے ہیں۔ فرمایا ان پر ان کی خواہشات اس طرح غالب آجاتی
خطبات طاہر جلد 15
231
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
ہیں جیسا مومن بندوں پر خدا کا تصور غالب آتا ہے اور اندھا دھندان خواہشات کی پیروی کرتے ہیں
اور اس کے نتیجے میں وہ جرائم میں بڑھتے چلے جاتے ہیں کیونکہ خواہش کا شیطان ان کو کسی برے رستے
سے روکتا نہیں بلکہ برے رستوں کی طرف بلاتا اور اکساتا ہے اور آگے بڑھاتا چلا جاتا ہے لیکن
عبادت کے بغیر وہ نہیں رہتے ۔ پس دنیا ان کی عبادت کی جگہ بن جاتی ہے۔ دنیا کی پیروی ان کی
عبادت ہو جاتی ہے اور دنیا ان کا معبود بن جاتی ہے۔ اب جتنی بھی تو میں خدا سے ہٹی ہیں ان کو دیکھ
لیں دنیا ان کا معبود ہے، سب کچھ دنیا ہے اور اتنے انہماک سے ان کی پیروی کرتے ہیں کہ وقتی طور پر
خدا ہی کے قانون کے تابع اس معبود باطل کی پرستش کے نتیجے میں کچھ نہ کچھ اپنے مقاصد کو حاصل بھی
کرتے رہتے ہیں۔ چنانچہ قرآن کریم نے جو فرمایا:
أَفَحَسِبَ الَّذِينَ كَفَرُ وا أَنْ يَتَّخِذُوا عِبَادِي مِنْ دُونِي أَوْلِيَاءَ
إِنَّا أَعْتَدْنَا جَهَنَّمَ لِلْكَفِرِينَ نُزُلًا قُلْ هَلْ تُنَبِّئُكُمْ بِالْأَخْسَرِينَ
مَالَّا الَّذِينَ ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِي الْحَيُوةِ الدُّنْيَا وَهُمْ يَحْسَبُونَ
أَنَّهُمْ يُحْسِنُونَ صُنْعًا
)105 الکی: 103 تا
یہ جو آخری ٹکڑا ہے اس آیت کا یہ ہے جس کا اس آیت سے جو زیر نظر ہے اس سے گہرا تعلق
ہے۔ الَّذِينَ ضَلَّ سَعْيُهُمْ فِي الْحَيُوةِ الدُّنْيَا جب دنیا ان کی معبود ہو جائے تو ان کی
تمام تر کوششیں اس معبود کی عبادت میں خرچ ہوتی ہیں اور کچھ حاصل بھی کرتے ہیں۔ یہ نہیں کہ کچھ
حاصل نہیں ہوتا۔ دنیا ان کو ضرور حاصل ہونے لگتی ہے اور اسی دھوکے کی زندگی میں ، اسی روشنی میں
و رہا وہ ہم جس کو میں قرآن کی تعریف میں اندھیرا کہہ رہا ہوں اس میں وہ دیکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں ہم نے تو بہت
کچھ حاصل کر لیا ہم تو صنعتوں پر غالب آگئے ہیں ہمارے جیسا کا ریگر تو دنیا میں کبھی پیدا نہیں ہوا اور
صنعتوں کی وجہ سے ہم دنیا پر غالب آئیں گے اور دنیا کو نیچا دکھا دیں گے یہ مضمون ہے جو اس پیروی
سے وابستہ ہے۔ أَنَّهُمْ يُحْسِنُونَ صُنْعا یہ وہ لوگ ہیں جن کے متعلق فرمایا گھاٹا کھانے
والے تو ہیں مگر آخرت میں گھاٹا کھانے والے ہیں۔ دنیا کی زندگی تو ان کو ملے گی مگر یہ دنیا کا معبود
آخرت میں ان کے کام نہیں آئے گا۔ اس معبود کو وہ پیچھے چھوڑ کر آگے جائیں گے۔ نہ ان کا ولی ہو
سکے گا، نہ ان کا شفیع ہو سکے گا۔
خطبات طاہر جلد 15
232
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
وو
تو هوای جو ہے یہ دیکھنے میں تو ایک دل کی تمنا تھی اور انسان کہتا ہے کہ کیا حرج ہے کہ
انسان اپنی خواہش کو پورا کر لے۔ خدا ہی نے تو فطرت میں پیدا کیا ہے اور کئی لوگ یہ سوال اٹھاتے
ہیں۔ کہتے ہیں عجیب ہے اللہ تعالیٰ ، ایک طرف دل میں طلب رکھ دی ہے کہ یہ بھی لو، وہ بھی لو، یہ بھی
مزہ کرو اور جنسی طلب بھی ہے، مال و دولت کی بھی طلب ہے اور فخر و مباہات کی بھی طلب ہے اور
دوسری طرف رستے بند کر دیئے ہیں۔ ایک دفعہ ایک شخص نے مجھے لکھا وہ اپنی طرف سے نفسیات کے
ماہر تھے انہوں نے لکھا یہ تو نفسیات کے خلاف بات ہے۔ کیا آپ کا مطلب ہے کہ ہر انسان مریض
بن جائے ۔ میں نے کہا آپ کا سوال جو ہے یہاں نہیں ٹھہر رہا آگے بھی چلتا ہے۔ آپ جب کسی
سٹور میں جاتے ہیں وہاں آپ کو اچھی پیاری پیاری چیزیں ملتی ہیں کیا آپ کے دل میں آرزو نہیں
ہوتی کہ اس کو اٹھا لیں ۔ اٹھاتے کیوں نہیں؟ کیوں نفسیاتی مریض نہیں بن جاتے؟ کوئی خوب صورت
لڑکی دکھائی دیتی ہے دل چاہتا ہے کہ اپنے خاوند کے ساتھ نہ ہو میرے ساتھ چلے کیا کبھی آپ نے
جھپٹ کے اس کو کھینچ کر اپنے خاوند سے الگ کیا ہے؟ کسی خوب صورت کو ٹھی، کسی محل کو دیکھتے ہیں
آپ کا طبعی دل بتائیں چاہتا ہے کہ نہیں؟ کیا فطرت کی یہ آواز اٹھتی ہے کہ نہیں کہ ہاں کاش یہ میرا
ہوتا ؟ تو پھر دندناتے ہوئے چلے جائیں کیوں اپنی خواہش کو دباتے ہیں؟ نفسیاتی مریض کیوں نہیں بن
گئے ؟ محض جہالت ہے۔ نفسیات کو نہ سمجھنے کے نتیجے میں ماہرین نفسیات نے بڑے بڑے بے ہودہ اور
پاگلوں والے نتیجے نکالے ہیں اور اسی کے نتیجے میں آج کل کے اس تعلیمی ماحول پر بہت ہی بداثر پیدا
ہوا ہے۔ جہاں نیکی کے معاملات ہوں، جہاں خدا کی حدود کی باتیں ہوں وہاں سکول کے بچوں کو کہتے
ہیں ہیں ہیں، تمہیں کیوں روکتے ہیں ماں باپ ۔ ان کا کیا حق ہے۔ تمہاری فطرت کی آواز ہے جاؤ
بدمعاشیاں کرو، آوارگی کرو ، جو چاہو کرو، کوئی تمہیں روکنے والا نہیں ۔ جب دنیا کے قوانین کو توڑتے
ہیں تو وہاں ان کی پکڑ کے ہاتھ سخت ہو جاتے ہیں۔ محض ایک منافقت ہے، ایک دھوکہ ہے اور متاع
الغرور میں منافقت کی زندگی بھی داخل ہے۔
تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ھوی کو معبود بناؤ گے تو پھر کوئی حد باقی نہیں رہے گی کیونکہ معبود
تک پہنچنے کے لئے رستے میں کوئی قانون حائل نہیں ہو سکتا ۔ معبود تمہیں اپنی طرف بلاتا ہے دوڑ و اور
اس کی طرف چلے جاؤ۔ تو اس کے آخری نتیجے تک تم پہنچو گے ۔ دنیا تمہاری معبود ہو گی تو رستے کے تمام
خطبات طاہر جلد 15
233
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
قوانین ، تمام انسانی فطرت کے تقاضے جو تمہیں تہذیب سکھاتے ہیں جو تمہیں بعض مقامات پر رکنے کی جو پر
تعلیم دیتے ہیں، جو آواز دیتے ہیں کہ اس سے آگے تم نے قدم نہیں رکھنا ہر ایسے موقع پر تمہیں اپنی
خواہش کی گردن پر چھری پھیرنی پڑتی ہے۔ تب دنیا میں امن قائم ہوتا ہے۔ اگر خواہش تمہارا معبود
بن گئی تو دنیا کی گردن پر چھری پھیرنی پڑے گی ، دنیا کے حقوق برباد کرنے پڑیں گے تب تم اپنی
خواہش کی پیروی کر سکتے ہو ورنہ یہ طاقت تمہیں نصیب ہی نہیں ہو سکتی۔ یہ لہو و لعب کے تعلق میں وہ
آخری اندھیرا ہے جس کا ذکر قرآن کریم نے دوسری آیت میں کھول کر بیان فرمایا۔ فرمایا اس کو معبود
نہ بنا بیٹھنا۔ اگر یہ معبود بن جائے گا تو ہر بات جس کی تمہاری فطرت میں طلب ہے وہ جائز رستوں پر
نہیں رہے گی۔ وہ تمہاری قربانی کے نتیجے میں نہیں بلکہ دنیا کی قربانی کے نتیجے میں زندگی پائے گی،
زندگی کا پانی حاصل کرے گی یعنی دوسروں کا خون تمہاری غذا بن جائے گا اور ایسی دنیا بے امن ہو جاتی
ہے۔ ایسی دنیا میں ہر طرف ایک لاقانونیت کا دور چلتا ہے۔ ہر سکون چھینا جاتا ہے۔ ہر امن کی پناہ گاہ
میں ظالم داخل ہو جاتے ہیں اور ہر گھر میں سند لگ جاتی ہے یعنی ہر گھر میں نقب لگ جاتی ہے اور کوئی گھر ،
گھر باقی رہتا ہی نہیں ہے۔ یہ آج کا دور جو ہے اس میں لعب ولہو نے بعینہ یہ نقشہ پیدا کر دیا ہے۔
پس قرآن کریم نے جو یہ فرمایا کہ خدا کے سوا اگر کوئی اور معبود ہوتے تو دنیا تباہ و برباد ہو تو دنیا تباہ و
جاتی ، فساد برپا ہو جاتا ۔ وہ ایک دوسرے کی بادشاہی سے چیزیں لے اڑنے کے لئے کوشش کرتے ۔
یہ ایک پہلو سے اس کی تفصیل ہے۔ جب غیر اللہ کی عبادت کرو گے تو سب سے خطرناک عبادت اپنے
نفس کی عبادت ہے۔ اپنے نفس کی عبادت کے نتیجے میں جہاں خدا کی ملکیت ہے، جہاں تمہارے
ہاتھ روکے گئے ہیں، جہاں تمہارے قدم تھامے گئے ہیں نہ ہاتھ رکیں گے نہ قدم چلنے سے باز آئیں
گے۔ اس طرف بڑھیں گے اور وہ جس طرف بڑھیں گے وہ عملاً خدا کی ملکیت ہے مگر عطا اس کے
بندوں کو ہوئی ہوتی ہے۔ براہ راست خدا سے نہیں کوئی چھین سکتا کچھ۔ خدا کی تقسیم میں رخنہ ڈالتا
ہے۔ جن خدا کے بندوں کو عارضی ملکیت نصیب ہوئی ہے ان کا امن ٹوٹتا ہے اور اس دور میں جیسے شیشے
میں تصویر دکھائی دیتی ہے اور شیشہ اس تصویر کو اچھال کر باہر پھینکتا ہے اس طرح سوسائٹی تمہاری تصویر
کو اچھال کر تمہارے منہ پر مارے گی۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ تم لوگوں کے امن اٹھاؤ ، اپنی خواہش پوری
کرنے کے لئے لوگوں کے امن بر باد کرو اور تمہارا امن برباد نہ ہو۔ ایسی سوسائٹی میں پھر ہر ایک کا
خطبات طاہر جلد 15
234
خطبہ جمعہ 22 مارچ 1996ء
امن برباد ہو جاتا ہے اور جھوٹے خدا کی عبادت یہاں تک پہنچائے گی اس کے سوا تمہیں کچھ نہیں پہنچا
سکتی ۔ تو ایسا طبعی منطقی نتیجہ ہے کہ اس سے مفر ہی کوئی نہیں ہے۔ جو چاہو کر لو، جتنی چاہو، دلیلیں تلاش
کرو جو نتیجہ قرآن نے نکالا ہے کہ اندھیرے کی پیروی میں ٹھوکریں ہی ٹھوکریں ہیں اور ہلاکت ہی
ہلاکت ہے، جتنا آگے بڑھو گے اتنے ہی زیادہ خوفناک نتائج منہ پھاڑے تمہارا انتظار کر رہے ہوں
گے اور تم ان چیزوں کے غلام بن جاؤ گے جن کو اپنا غلام بنانے کے لئے ان کی پیروی شروع کی تھی ۔
پس اللہ تعالیٰ ان سب اندھیروں سے ہمیں بچائے اور اس کی مزید تفصیلات کی بھی
ضرورت ہے۔ اگر خدا تعالیٰ نے توفیق دی تو اس مضمون کو روزمرہ کی انفرادی زندگی میں مزید چسپاں
کر کے آپ کو دکھانے کی کوشش کروں گا کہ کن اندھیروں سے بچنا ہے تا کہ خدا کا نور حاصل کرنے سے تا
کے لئے جگہ تو بنے۔ جس دل کو اندھیروں نے گھیر رکھا ہو، وہاں کوئی جگہ نہ ہو خدا کے نور کے لئے وہاں
خدا کا نور نہیں آئے گا کیونکہ وہ اندھیرے سے شکست نہیں کھاتا، خدا کی غیرت اسے واپس کھینچ لیتی
ہے۔ پس یہ وہم ہے کہ خدا کا نور اندھیروں سے شکست کھا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عزت اور اس کی
رفعت اور اس کی غیرت برداشت نہیں کرتی کہ جس دل میں اس کے نور کی طلب نہ رہے وہاں اپنے
نور کوز بردستی ٹھونس دے۔ وہ واپس بلاتا ہے اور پردے ڈالتا رہتا ہے کہ تمہیں میں اس نور سے خوب
بچاؤں گا جس نور سے تم خود بچنے کی کوشش کر رہے ہو، جس سے تم متنفر ہو چکے ہو۔ پس اللہ تعالیٰ
ہمیں اس مضمون کو سمجھنے کی بھی توفیق عطا فرمائے اور عملی زندگی میں جاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
کیونکہ یہ محض علمی دلچسپی کی باتیں نہیں ہیں جو میں آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں ، ٹھوس حقائق ہیں جن
کے سمجھنے کے نتیجے میں، جن پر عمل کرنے کے نتیجے میں ہماری زندگی بھی تبدیل ہو سکتی ہے اور ہمارے
ماحول بھی سدھر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرمائے ۔ آمین