ملکہ معظّمہ قیصرہ کی شصت سالہ جوبلی

تحفۂ قیصریہ

Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

اس خدا کا شکر ہے جس نے آج ہمیں یہ عظیم الشان خوشی کا دن دکھلایا کہ ہم نے
اپنی ملکہ معظمہ قیصرہ ہند و انگلستان کی شصت سالہ جو بلی کو دیکھا۔ جس قدر اس دن کے آنے
سے مسرت ہوئی کون اس کو اندازہ کر سکتا ہے؟ ہماری محسنہ قیصرہ مبارکہ کو ہماری طرف سے
خوشی اور شکر سے بھری ہوئی مبارکباد پہنچے ۔ خدا ملکہ معظمہ کو ہمیشہ خوشی سے رکھے!
وہ خدا جو زمین کو بنانے والا اور آسمانوں کو اونچا کرنے والا اور چمکتے ہوئے
سورج اور چاند کو ہمارے لئے کام میں لگانے والا ہے۔ اس کی جناب میں ہم دعا کرتے ہیں
کہ وہ ہماری ملکہ معظمہ قیصرہ ہند کو جو اپنی رعایا کی مختلف اقوام کو کنار عاطفت میں لئے
ہوئے ہے جس کے ایک وجود سے کروڑہا انسانوں کو آرام پہنچ رہا ہے تا دیرگاه سلامت
رکھے اور ایسا ہو کہ جلسہ جو بلی کی تقریب پر ( جس کی خوشی سے کروڑ ہا دل برٹش انڈیا اور
انگلستان کے جوش نشاط میں ان پھولوں کی طرح حرکت کر رہے ہیں جو نسیم صبا کی ٹھنڈی
ہوا سے شگفتہ ہو کر پرندوں کی طرح اپنے پروں کو ہلاتے ہیں ) جس زور شور سے زمین
مبارکبادی کیلئے اچھل رہی ہے ایسا ہی آسمان بھی اپنے آفتاب و ماہتاب اور تمام
ستاروں کے ساتھ مبارکبادیاں دیوے! اور عنایت صمدی ایسا کرے کہ جیسا کہ ہماری
عالی شان محسنہ ملکہ معظمہ والی ہندو انگلستان اپنی رعایا کے تمام بوڑھوں اور بچوں کے دلوں
میں ہر دلعزیز ہے ویسا ہی آسمانی فرشتوں کے دلوں میں بھی ہر دلعزیز ہو جائے ۔ وہ قادر
جس نے بے شمار د نیوی برکتیں اس کو عطا کیں دینی برکتوں سے بھی اسے مالا مال کرے۔ وہ
رحیم جس نے اس جہان میں اس کو خوش رکھا اگلے جہان میں بھی خوشی کے سامان اس کے
لئے عطا کرے۔ خدا کے کاموں سے کیا بعید ہے کہ ایسا مبارک وجود جس سے کروڑ ہا بلکہ
بے شمار نیکی کے کام ہوئے اور ہورہے ہیں اس کے ہاتھ سے یہ آخری نیکی بھی ہو جائے

کہ انگلستان کو رحم اور امن کے ساتھ انسان پرستی سے پاک کر دیا جائے تا فرشتوں کی ﴿۳﴾
روحیں بھی بول اٹھیں کہ اے موحدہ صدیقہ تجھے آسمان سے بھی مبارکباد جیسا کہ
زمین سے !!
یہ دعا گو کہ جو دنیا میں عیسی مسیح کے نام سے آیا ہے اسی طرح وجود ملکہ معظمہ قیصرہ ہند
اور اس کے زمانہ سے فخر کرتا ہے جیسا کہ سید الکونین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے
نوشیروان عادل کے زمانہ سے فخر کیا تھا۔ سو اگر چہ جلسہ جو بلی کی مبارک تقریب پر ہر ایک
شخص پر واجب ہے کہ ملکہ معظمہ کے احسانات کو
یاد کر کے مخلصانہ دعاؤں کے ساتھ
مبارکباد دے اور حضور قیصرہ ہندو انگلستان میں شکر گزاری کا ہدیہ گزرانے ۔ مگر میں دیکھتا
ہوں کہ مجھ پر سب سے زیادہ واجب ہے۔ میرے لئے خدا نے پسند کیا کہ میں آسمانی
کارروائی کیلئے ملکہ معظمہ کی پُر امن حکومت کی پناہ لوں ۔ سوخدا نے مجھے ایسے وقت میں اور
ایسے ملک میں مامور کیا جس جگہ انسانوں کی آبرو اور مال اور جان کی حفاظت کیلئے حضرت
قیصرہ مبارکہ کا عہد سلطنت ایک فولادی قلعہ کی تاثیر رکھتا ہے ۔ جس امن کے ساتھ میں نے
اس ملک میں بود و باش کر کے سچائی کو پھیلایا اس کا شکر کرنا میرے پر سب سے زیادہ
واجب ہے۔ اور اگرچہ میں نے اس شکرگزاری کیلئے بہت سی کتابیں اردو اور عربی اور
فارسی میں تالیف کر کے اور ان میں جناب ملکہ معظمہ کے تمام احسانات کو جو برٹش انڈیا کے
مسلمانوں کے شامل حال ہیں اسلامی دنیا میں پھیلائی ہیں اور ہر ایک مسلمان کو سچی
اطاعت اور فرمانبرداری کی ترغیب دی ہے لیکن میرے لئے ضروری تھا کہ یہ تمام کارنامہ اپنا
جناب ملکہ معظمہ کے حضور میں بھی پہنچاؤں ۔ سو اسی بناء پر آج مجھے جناب ملکہ معظمہ قیصرہ ہند
کی جو بلی کے مبارک موقعہ پر جو سچی وفادار رعایا کے لئے بے شمار شکر اور خوشی کا محل ہے اس

آج 10 میں سے 10 باقی