کتاب 4: اللہ تعالیٰ کی حمدو ثناء اور اس کا شکر
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 4712
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ مجھ پر اپنے محامد اور ثناء کے معارف اس طور پر کھولتا ہے کہ مجھ سے قبل کسی اور شخص پر اس طرح نہیں کھولے گئے۔
حدیقۃ الصالحین 931
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے ہر نماز کے بعد تینتیس دفعہ سبحان اللہ کہا اور تینتیس دفعہ الحمدللہ کہا اور تینتیس دفعہ اللہ اکبر کہا تو یہ مل کر ننانوے ہوئے۔ سو کا عدد پورا کرنے کے لئے کہا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ…… ’’اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں۔ بادشاہت اسی کی ہے۔ تمام تعریف اسی کے لئے ہے اور وہ ہر ایک چیز پر خوب قدرت رکھتا ہے‘‘۔ اس کی تمام خطائیں معاف کر دی جائیں گی اگرچہ وہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں۔
حدیقۃ الصالحین 4967
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ سورۃ إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالفَتْحُ نازل ہونے کے بعد جب بھی نبی ﷺ نماز پڑھتے تو اس میں بکثرت یہ دعا مانگتے۔ اے ہمارے پروردگار! تو پاک ہے ہم تیری حمد کرتے ہیں، اے میرے اللہ! تو مجھے بخش دے۔
حدیقۃ الصالحین 1954
حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔ (یعنی کسی شخص کے احسان کے نتیجہ میں انسان کو اگر کوئی نعمت یا بھلائی حاصل ہو تو جہاں اللہ تعالیٰ کا شکر لازم ہے وہاں اس محسن شخص کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری ہے)۔
حدیقۃ الصالحین 2472
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک شخص راستہ میں جا رہا تھا کہ اس نے کانٹے دار ٹہنی پڑی ہوئی پائی۔ اس نے اس کو ہٹا دیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی اس نیکی کو بصورت شکریہ قبول فرمایا اور اسے بخش دیا۔
حدیقۃ الصالحین 1958
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا ایک شخص راستہ میں جا رہا تھا کہ اس نے کانٹے دار ٹہنی پڑی ہوئی پائی۔ اس نے اس کو ہٹا دیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی اس نیکی کو بصورت شکریہ قبول فرمایا اور اسے بخش دیا۔
حدیقۃ الصالحین 4840
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہر قابل قدر گفتگو (اور تقریر وغیرہ) اگر خدا تعالیٰ کی حمد و ثناء کے بغیر شروع کی جائے تو وہ برکت سے خالی اور بے اثر ہوتی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 1894
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر وہ کام جو حمد کے بغیر شروع کیا جائے وہ ناقص اور برکت سے خالی ہوتا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2683
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر وہ کام جو اللہ کی حمد کے بغیر شروع کیا جائے وہ ناقص اور برکت سے خالی ہوتا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2684
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر وہ کام جو ’’ بسم اللّٰه الرَّحمٰن الرَّحِيمِ ‘‘ کے بغیر شروع کیا جائے وہ ناقص اور برکت سے خالی ہوتا ہے۔