کتاب 32: ماں باپ کی خدمت اور صلہ رحمی
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 5971
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی کہ لوگوں میں سے میرے حسن سلوک کا کون زیادہ مستحق ہے؟ آپﷺ نے فرمایا تیری ماں۔ پھر اس نے پوچھا پھر کون؟ آپﷺ نے فرمایا تیری ماں۔ اس نے پوچھا پھر کون؟ آپﷺ نے فرمایا تیری ماں۔ اس نے چوتھی بار پوچھا۔ پھر کون؟ آپﷺ نے فرمایا ماں کے بعد تیرا باپ تیرے حسن سلوک کا زیادہ مستحق ہے۔ (پھر درجہ بدرجہ قریبی رشتہ دار)۔
حدیقۃ الصالحین 4608
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ! لوگوں میں سے سب سے زیادہ میرے حسنِ سلوک کا حقدار کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا تیری ماں پھر تیری ماں، پھر تیری ماں پھر تیرا باپ پھر جو تیرے قریب تر ہے۔ جو تیرے قریب تر ہے۔
حدیقۃ الصالحین 4613
حضرت نواس بن سمعانؓ انصاری بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے نیکی اور گناہ کے بارہ میں سوال کیا۔ آپؐ نے فرمایا نیکی حسنِ خلق ہے اور گناہ وہ ہے جو تیرے سینہ میں کھٹکے اور تو ناپسند کرے کہ لوگوں کو اس کا پتہ لگے۔
حدیقۃ الصالحین 5144
حضرت ابو طفیلؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبیﷺ کو مقام جعرانہ میں دیکھا۔ آپﷺ گوشت تقسیم فرما رہے تھے اس دوران ایک عورت آئی تو حضورﷺ نے اس کے لئے اپنی چادر بچھا دی اور وہ عورت اس پر بیٹھ گئی۔ میں نے لوگوں سے پوچھا کہ یہ خاتون کون ہے جس کی حضور اس قدر عزت افزائی فرما رہے ہیں؟ لوگوں نے بتایا کہ یہ حضورﷺ کی رضاعی والدہ ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4617
عبداللہ بن دینار حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کے بارہ میں روایت کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔ اس پر انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ آدمی کا اپنے باپ کے بعد اس کے باپ کے پیاروں سے حسن سلوک کرنا یقینا سب سے بڑی نیکی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 487
حضرت سعید بن عاص ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا بڑے بھائی کا حق اپنے چھوٹے بھائیوں پر اس طرح کا ہے جس طرح والد کا حق اپنے بچوں پر (یعنی بڑا بھائی چھوٹے بھائی کے لئے بمنزلہ باپ کے ہے اس لئے اس کا ادب و احترام بھی واجب ہے)۔
حدیقۃ الصالحین 5142
حضرت ابو اسید الساعدیؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم لوگ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر تھے کہ بنی سلمہ کا ایک شخص حاضر ہوا اور پوچھنے لگا کہ یا رسول اللہ! والدین کی وفات کے بعد کوئی ایسی نیکی ہے جو میں ان کے لئے کر سکوں؟ آپﷺ نے فرمایا ہاں کیوں نہیں۔ تم ان کے لئے دعائیں کرو، ان کے لئے بخشش طلب کرو، انہوں نے جو وعدے کسی سے کر رکھے تھے انہیں پورا کرو۔ ان کے عزیز و اقارب سے اسی طرح صلہ رحمی اور حسن سلوک کرو جس طرح وہ اپنی زندگی میں ان کے ساتھ کیا کرتے تھے اور ان کے دوستوں کے ساتھ عزت و اکرام کے ساتھ پیش آؤ۔
حدیقۃ الصالحین 13847
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس شخص کی خواہش ہو کہ اس کی عمر لمبی ہو اور رزق میں فراوانی ہو تو اس کو چاہئے کہ اپنے والدین سے حسن سلوک کرے اور صلہ رحمی کی عادت ڈالے۔
حدیقۃ الصالحین 4624
حضرت انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول ا للہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جسے پسند ہو کہ اس کے رزق میں فراخی دی جائے یا اس کی عمر لمبی کی جائے تو اسے چاہئے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔
حدیقۃ الصالحین 4626
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے عرض کیا یا رسول ﷺ اللہ! میرے ایسے قرابت دار ہیں کہ میں ان سے تعلق جوڑتا ہوں اور وہ مجھ سے قطع تعلقی کرتے ہیں میں ان سے اچھا سلوک کرتا ہوں اور وہ مجھ سے برا سلوک کرتے ہیں۔ میں ان سے حلم سے پیش آتا ہوں وہ مجھ سے جہالت سے پیش آتے ہیں۔ اس پر آپؐ نے فرمایا اگر تم ویسے ہی ہو جیسا کہ تم کہتے ہو۔ تو تم گویا ان پر گرم راکھ ڈالتے ہو۔ جب تک تم اس حال پر رہے اللہ کی طرف سے تمہارے ساتھ ان کے مقابل پر ایک مددگار رہے گا۔
حدیقۃ الصالحین 1295
عامر بن سعد بن ابی وقاص نے اپنے باپ (حضرت سعد) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ جس سال حجۃ الوداع ہوا، میری بیمار پرسی کے لئے آیا کرتے تھے۔ کیونکہ میری بیماری بڑھ گئی تھی۔ میں نے کہا میری بیماری آخری حد تک پہنچ گئی ہے اور میں مالدار ہوں اور سوائے (میری) ایک لڑکی کے اور کوئی میرا وارث نہیں۔ کیا میں دو تہائی مال صدقہ کر دوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔ میں نے کہا تو آدھا؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا تہائی بلکہ تہائی بھی بڑا ہے یا فرمایا بہت ہے اور یہ کہ تم اپنے وارثوں کو مالدار چھوڑو، بہتر ہے اس سے کہ تم ان کو محتاج چھوڑ جاؤ، لوگوں کے سامنے وہ ہاتھ پھیلاتے پھریں اور جو تم ایسا خرچ کرو گے کہ جس سے اللہ کی رضا مندی چاہتے ہو تو ضرور ہی اس پر تمہیں ثواب دیا جائے گا۔ یہاں تک کہ اس لقمہ پر بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا یا رسول اللہ! میں اپنے ساتھیوں سے پیچھے (مکہ میں) رہ جاؤں گا۔ آپؐ نے فرمایا تم کبھی پیچھے نہیں رہو گے۔ جو نیک کام بھی کرو گے، تم اس کے ذریعہ سے درجہ اور بلندی میں بڑھو گے۔ مزید برآں امید ہے کہ تم پیچھے رکھے جاؤ گے تا تمہارے ذریعہ بہت سی قومیں نفع حاصل کریں اور بعض کو تمہارے ذریعہ نقصان پہنچے۔ اے میرے اللہ! میرے ساتھیوں کے لئے ان کی ہجرت پوری کر اور ان کو ان کی ایڑیوں کے بل نہ لوٹائیو۔ لیکن بیچارے سعد بن خولہؓ ان کے لئے رسول اللہ ﷺ افسوس ہی کیا کرتے تھے کہ وہ مکہ میں فوت ہوگئے۔
حدیقۃ الصالحین 3062
عامر بن سعد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر میری عیادت فرمائی۔ اس بیماری میں جس میں مَیں موت کے کنارے پر پہنچ گیا تھا۔ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میری تکلیف جس حد تک پہنچ چکی ہے وہ آپؐ دیکھ رہے ہیں۔ میں مال دار ہوں اور میرا وارث سوائے میری اکلوتی بیٹی کے کوئی نہیں۔ کیا میں دو تہائی مال صدقہ کر دوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا کیا میں اس کا نصف صدقہ کر دوں؟ آپؐ نے فرمایا نہیں۔ تیسرا حصہ (کر دو) اور تیسرا حصہ (بھی) بہت ہے۔ تمہارا اپنے وارثوں کو اچھی حالت میں چھوڑنا انہیں محتاج چھوڑنے سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلاتے پھریں اور تم اللہ کی رضا چاہتے ہوئے جو بھی خرچ کرو گے تمہیں اس کا اجر دیا جائے گا یہانتک کہ ایک لقمہ بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالو۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا میں اپنے ساتھیوں سے پیچھے چھوڑا جاؤں گا؟ آپؐ نے فرمایا تم پیچھے چھوڑے نہ جاؤ گے مگر جو نیک عمل کرو گے جس کے ذریعہ تم اللہ کی رضا چاہو تو تم اس کے ذریعہ درجہ اور رفعت میں زیادہ ہو گے۔ اور بعید نہیں کہ تم پیچھے چھوڑے جاؤ (یعنی لمبی عمر دئیے جاؤ) یہانتک کہ قومیں تجھ سے فائدہ اٹھائیں اور کچھ دوسری نقصان اٹھائیں۔ اے اللہ! میرے اصحاب کی ہجرت پوری فرما اور انہیں ان کی ایڑیوں کے بل نہ لوٹانا لیکن بے چارہ سعد بن خولہؓ! راوی کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ان کے لئے دکھ کا اظہار فرمایا کیونکہ وہ (ہجرت کے بعد) مکہ میں فوت ہوگئے تھے۔
حدیقۃ الصالحین 1427
حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا اوپر والا ہاتھ نیچے ہاتھ سے بہتر ہے اور پہلے ان کو دو جن کی تم پرورش کرتے ہو اور بہتر صدقہ وہی ہے جو ضرورت پوری کرنے کے بعد ہو اور جو سوال سے بچنا چاہے گا اللہ اسے بچائے گا اور جو غنا حاصل کرنا چاہے گا۔ اللہ اُسے غنی کر دے گا۔