کتاب 34: شہریت اور اس کے حقوق
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 228
حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا تم میں سے صاحب فہم اور بڑی عمر والے افراد مجھ سے قریب رہا کریں، پھر درجہ بدرجہ عمر اور فہم والے افراد۔ اور دیکھو آپس میں بغض، کینہ اور اختلافات نہ کرو، ورنہ تمہارے دلوں میں اختلاف ہو جائے گا (یعنی تم میں پھوٹ پڑ جائے گی) اور بازاروں میں شور و غوغا کرنے سے بچو۔
حدیقۃ الصالحین 3741
حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا برتن ڈھانک کر رکھو اور مشکیزے کا منہ باندھو اور دروازہ بند رکھو اور چراغ بجھا دو کیونکہ شیطان مشکیزہ نہیں کھولتا اور نہ دروازہ کھولتا ہے اور نہ ہی برتن کا ڈھکنا اٹھاتا ہے۔ پس اگر تم میں سے کوئی کچھ نہ پائے سوائے اس کے کہ اپنے برتن پر کوئی لکڑی (ہی) رکھ دے اور اللہ کا نام لے تو ایسا کرے کیونکہ چوہیا لوگوں پر ان کے گھر جلا دیتی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 6229
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا تم راستوں میں بیٹھنے سے بچو۔ صحابہؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ! ہم وہاں بیٹھنے پر مجبور ہیں، اس کے بغیر چارہ نہیں، ہم ان جگہوں پر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں اور آپس میں مشورہ کرتے ہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا جب تم وہاں بیٹھنے پر مجبور اور مصر ہو تو پھر راستے کو اس کا حق دیا کرو۔ صحابہؓ نے عرض کیا راستے کا حق کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا نظر نیچی رکھنا، دکھ دینے سے بچنا، سلام کا جواب دینا، نیک بات کی تلقین کرنا اور بری بات سے روکنا۔
حدیقۃ الصالحین 5272
حضرت ابو اسید انصاریؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہﷺ کو مسجد سے باہر جس وقت عورتیں گلی میں مردوں کے ساتھ مل کر بھیڑ کی شکل میں چل رہی تھیں یہ فرماتے ہوئے سنا کہ خواتین راستہ کے ایک طرف ہو کر یعنی فٹ پاتھ پر چلیں۔ یہ مناسب نہیں کہ وہ راستہ کی روک بن جائیں۔ ابو اسید بیان کرتے ہیں کہ اس کے بعد عورتیں سڑک کے ایک طرف ہو کر دیوار کے ساتھ ساتھ ہو کر چلا کرتیں۔ بعض اوقات تو وہ اس قدر دیوار کے ساتھ لگ کر چلتیں کہ ان کے کپڑے دیوار کے ساتھ اٹک اٹک جاتے۔
حدیقۃ الصالحین 2886
حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ کوئی مسلمان کوئی درخت نہیں لگاتا مگر جو بھی اس میں سے کھایا جائے وہ اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے اور جو اس میں سے چوری ہو جائے وہ بھی اس کی طرف سے صدقہ ہے۔ اور جو درندے اس سے کھائیں وہ بھی اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے اور جو پرندے کھائیں وہ بھی اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے اور کوئی بھی اس کو نقصان نہیں پہنچاتا مگر وہ اس کے لئے صدقہ ہوتا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2320
حضرت انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو مسلمان بھی کوئی پودا لگاتا ہے یا کھیتی بوتا ہے اور پھر اُس سے کوئی پرندہ یا انسان یا چوپایہ کھاتا ہے تو یہ (کھیتی اور درخت) اس کے لئے ثواب کا موجب بن جائے گا۔
حدیقۃ الصالحین 1382
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جو کوئی مسلمان درخت لگائے یا کھیتی کرے اور اس کے لگائے ہوئے درخت یا کھیتی کی پیداوار انسان پرندے یا جانور کھائیں تو یہ اس درخت لگانے یا کھیتی کرنے والے شخص کی طرف سے صدقہ ہے۔
حدیقۃ الصالحین 4731
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیؐ ﷺ نے فرمایا کہ میں نے ایک شخص کو جنت میں اِدھر اُدھر جاتے دیکھا راستہ سے ایک درخت کے کاٹنے کی وجہ سے جو لوگوں کو تکلیف دیتا تھا۔
حدیقۃ الصالحین 4730
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ایک شخص رستہ پر پڑی درخت کی شاخ کے پاس سے گزرا تو اس نے کہا اللہ کی قسم میں اسے مسلمانوں (کے راستہ) سے ایک طرف کر دیتا ہوں تاکہ انہیں تکلیف نہ پہنچائے۔ چنانچہ اسے جنت میں داخل کر دیا گیا۔
حدیقۃ الصالحین 2587
حضرت ابو موسیٰ ؓ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب کوئی ہماری مسجد سے گزرے یا ہمارے بازار سے گذرے اور اس کے پاس اس کے تیر ہوں تو ان کے پھلوں سے پکڑے یا فرمایا اپنی ہتھیلی سے پکڑے مبادا وہ کسی مسلمان کو لگ جائیں۔
حدیقۃ الصالحین 2322
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے کتا رکھا تو اس کے اعمال سے ہر روز ایک قیراط کم ہوتا جائے گا، سوائے اس کتے کے جو کھیتی یا جانوروں کی حفاظت کی غرض سے رکھا جائے۔
حدیقۃ الصالحین 2933
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے کتا رکھا جو شکاری کتا نہیں نہ ہی جانوروں اور نہ ہی زمین (کی حفاظت) کے لئے ہے تو اس کے اجر سے ہر روز دو قیراط کم ہونگے۔