کتاب 35: پڑوسی کے حقوق اور پڑوسی سے حسن سلوک
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 6015
حضرت ابن عمرؓ اور حضرت عائشہ صدیقہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جبریلؑ ہمیشہ مجھے پڑوسی سے حسن سلوک کی تاکید کرتا آ رہا ہے یہاں تک کہ مجھے خیال ہوا کہ کہیں وہ اسے وارث ہی نہ بنا دے۔
حدیقۃ الصالحین 4223
حضرت عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے کسی شخص نے یہ عرض کیا کہ میرے لئے کیسے ہو سکتا ہے کہ میں جان لوں کہ جب میں نے اچھا کام کیا ہے اور جب میں نے برا کام کیا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا جب تو پڑوسیوں کو یہ کہتا سنے کہ تم نے اچھا کام کیا ہے تو تم نے اچھا کیا ہے اور جب تم ان کو یہ کہتے سنو کہ تم نے برا کیا ہے تو تم نے برا کیا۔
حدیقۃ الصالحین 1944
حضرت عبداللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ساتھیوں میں سے وہ ساتھی اچھا ہے جو اپنے ساتھی کے لئے اچھا ہو۔ اور پڑوسیوں میں وہ پڑوسی بہترین ہے جو اپنے پڑوسی سے اچھا سلوک کرے۔
حدیقۃ الصالحین 4744
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے ابو ذرؓ ! جب تو شوربہ بنائے تو اس میں پانی زیادہ ڈال دے اور پڑوسیوں کا خیال کر۔
حدیقۃ الصالحین 6017
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا اے مسلمان عورتو! کوئی عورت اپنی پڑوسن سے حقارت آمیز سلوک نہ کرے۔ اگر بکری کا ایک پایہ بھی بھیج سکتی ہو تو اسے بھیجنا چاہئے۔
حدیقۃ الصالحین 6136
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے (یعنی سچا مومن ہے) وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ دے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اپنے مہمان کا احترام کرے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ بھلائی اور نیکی کی بات کہے یا پھر خاموش رہے۔
حدیقۃ الصالحین 6016
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ آپﷺ سے پوچھا گیا۔ یا رسول اللہ! کون مومن نہیں ہے؟ آپﷺ نے فرمایا وہ جس کا پڑوسی اس کی شرارتوں اور اس کے اچانک واروں سے محفوظ نہ ہو۔
حدیقۃ الصالحین 4918
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مومن دوسرے مومن کے لئے آئینہ ہے (یعنی اپنا آپ اس میں دیکھتا ہے)۔ اور ایک مومن دوسرے مومن کا بھائی ہے۔ اپنے بھائی کا مال و متاع ضائع کرنے سے بچتا ہے اور اس کی غیر حاضری میں اس کے مال کی دیکھ بھال کرتا ہے۔