کتاب 37: بیت الخلاء میں جانے کے متعلق ہدایات
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 6322
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ جب بیت الخلاء جانے لگتے تو یہ دعا پڑھتے اے میرے خدا میں تیری پناہ چاہتا ہوں نقصان پہنچانے والے گندے خیالات اور جراثیم سے اور نقصان پہنچانے والی گندگیوں اور بیماریوں سے۔
حدیقۃ الصالحین 142
حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ جب بیت الخلاء جاتے تو کہتے ’’اے اللہ! میں گندگی اور گندی باتوں سے تیری پناہ لیتا ہوں‘‘۔
حدیقۃ الصالحین 152
حضرت انس بن مالکؓ کہتے تھے کہ رسول اللہﷺ جب قضائے حاجت کے لئے جاتے تو میں اور ایک لڑکا پانی کی چھاگل اور برچھی اُٹھاکر لے جاتے۔ پانی سے آپؐ استنجا کرتے۔
حدیقۃ الصالحین 144
حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی قضائے حاجت کے لئے جائے تو وہ قبلہ کی طرف منہ نہ کرے اور نہ اس کی طرف اپنی پیٹھ کرے۔ مشرق کی طرف منہ کرو یا مغرب کی طرف۔
حدیقۃ الصالحین 389
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ دو لعنت کرنے والوں (کی لعنت کا باعث بننے والے کام) سے بچو۔ لوگوں نے پوچھا یا رسول اللہ! وہ دو لعنت کرنے والے کون ہیں؟ آپؐ نے فرمایا (اس شخص پر لعنت کرنے والے) جو لوگوں کے رستہ میں یا ان کے سایہ کی جگہ میں قضائے حاجت کرتا ہے۔