کتاب 42: تفریح و مزاح اور ورزش
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 4749
حضرت قتادہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے پوچھا گیا کہ کیا رسول اللہﷺ کے صحابہؓ کبھی ہنستے بھی تھے؟ انہوں نے جواب دیا۔ ہاں ہنستے تھے اور ایمان ان کے دلوں میں پہاڑ سے بھی عظیم تر تھا اور بلالؓ بن سعد بیان کرتے ہیں کہ میں نے انہیں تیر اندازی کی مشق کرتے اور اس دوران ایک دوسرے پر ہنستے بھی دیکھا (یعنی وہ بڑے زندہ دل اور خوش مزاج تھے)۔ لیکن جب رات ہوتی تو وہ خدا تعالی کے ذکر میں اس طرح محو ہوتے گویا وہ تارک الدنیا ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4272
سماک بن حرب کہتے ہیں کہ میں نے حضرت جابر بن سمرہؓ سے کہا کیا آپ رسول اللہ ﷺ کی مجلس میں حاضر ہوتے تھے؟ انہوں نے کہا ہاں، بہت کثرت سے ـــــ آپؐ اپنے اس مصلَّی سے جس پر آپؐ صبح کی نماز پڑھا کرتے تھے نہ اٹھتے جب تک سورج طلوع نہ ہو جاتا۔ پھر جب (سورج) طلوع ہو جاتا تو آپؐ کھڑے ہوتے ــــ (اور مجلس میں) لوگ باتیں کرتے، جاہلیت کی باتوں کا تذکرہ کرنے لگ جاتے اور ہنستے اور حضور ﷺ تبسم فرماتے۔
حدیقۃ الصالحین 1066
سماک بن حرب سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت جابر بن سمرہؓ سے پوچھا کیا آپ رسول اللہ ﷺ کی مجلس میں بیٹھا کرتے تھے؟ انہوں نے جواب دیا۔ ہاں بہت دفعہ۔ جب آپؐ اپنی نماز پڑھنے کی جگہ سے نہ اٹھتے یہا ں تک کہ سورج طلوع ہو جاتا اور جب سورج طلوع ہو جاتا تو آپ ﷺ اٹھتے۔ لوگ گفتگو کرتے اور (زمانہ) جاہلیت کی باتیں کیا کرتے اور ہنستے اور آپؐ تبسم فرماتے۔
حدیقۃ الصالحین 2850
حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ مجھے نبی ﷺ کی مجلس میں سو سے زیادہ دفعہ بیٹھنے کی سعادت ملی۔ آپ ﷺ کے صحابہؓ ان مجالس میں (بعض اوقات) ایک دوسرے کو شعر بھی سناتے اور جاہلیت کے زمانہ کے واقعات کا ذکر بھی ہوتا۔ آپ ﷺ خاموش (بیٹھے باتیں سنتے) رہتے اور بعض اوقات ان کی خوشی میں شامل ہونے کے لئے تبسم بھی فرماتے۔
حدیقۃ الصالحین 4932
حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہﷺ غزوئہ تبوک یا غزوئہ حنین سے واپس تشریف لائے اور حضرت عائشہؓ کے کمرہ کی الماری کے سامنے پردہ پڑا ہوا تھا۔ ہوا چلی تو پردہ ہٹا۔ وہاں حضرت عائشہؓ کی کچھ گڑیاں رکھی تھیں۔ حضورﷺ نے پوچھا اے عائشہ! یہ کیا ہے؟ حضرت عائشہ نے جواب دیا۔ یہ میری گڑیاں ہیں۔ ان گڑیوں میں ایک گھوڑا بھی تھا جس کے کاغذ کے دو پر تھے۔ آپﷺ نے پوچھا یہ کیا ہے؟ حضرت عائشہ نے جواب دیا یہ گھوڑا ہے۔ پھر آپﷺ نے اس کے پروں کی طرف اشارہ کیا اور پوچھا یہ کیا ہے؟ حضرت عائشہ نے جواب دیا۔ یہ اس کے پر ہیں۔ حضورﷺ نے کچھ حیرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا گھوڑا اور پر۔؟ اس پر حضرت عائشہ نے معصومانہ انداز میں جواب دیا۔ کیا آپ نے نہیں سنا کہ حضرت سلیمانؑ کے گھوڑوں کے پر تھے؟ حضورﷺ اس پر کھلکھلا کر ہنس پڑے۔
حدیقۃ الصالحین 5000
حضرت عوف بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ میں غزوہ تبوک کے موقعہ پر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ حضور چمڑے کے ایک چھوٹے سے خیمہ میں تشریف فرما تھے۔ میں نے حضور کو سلام عرض کیا۔ حضور نے سلام کا جواب دیا اور فرمایا اندر آ جاؤ۔ میں نے عرض کیا حضور پورے کا پورا اندر آ جاؤں۔ حضور نے فرمایا ہاں پورے کے پورے آ جاؤ۔ اس پر میں خیمہ میں چلا گیا۔
حدیقۃ الصالحین 4998
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نبیﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہا یا رسول اللہ! مجھے سواری کا جانور مہیا فرمائیے۔ نبیﷺ نے فرمایا میں سواری کے لئے تمہیں اونٹنی کا بچہ دوں گا۔ وہ کہنے لگا میں اونٹنی کا بچہ لے کر کیا کروں گا؟ اس پر نبیﷺ نے فرمایا کیا اونٹ اونٹنی کا بچہ نہیں ہوتا؟
حدیقۃ الصالحین 1991
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ سے ایک شخص نے سواری کے لئے جانور مانگا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا میں سواری کے لئے تمہیں اونٹنی کا بچہ دوں گا۔ وہ کہنے لگا یا رسول اللہ! میں اونٹنی کا بچہ لے کر کیا کروں گا؟ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا اونٹ اونٹنی کا بچہ نہیں ہوتا؟
حدیقۃ الصالحین 5002
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہ نے ایک بار ازراہ مزاح انہیں کہا ’’ اے دو کانوں والے‘‘۔
حدیقۃ الصالحین 4888
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے ایک مرتبہ ایک بوڑھی عورت سے فرمایا کہ بوڑھی عورتیں جنت میں نہیں جائیں گی۔ وہ عورت قرآن کریم پڑھتی تھی۔ گھبرا کر کہنے لگی۔ حضورﷺ کس وجہ سے نہیں جائیں گی حضورﷺ نے اس سے فرمایا کیا تو نے قرآن کریم میں نہیں پڑھا ہے۔ إِنَّا أَنْشَأْنَاهُنَّ إِنشاءً فجعلناهُنَّ أَبْكَارًا کہ ہم نے انہیں (جنت والیوں کو) نو عمر اور کنواریاں بنایا (یعنی بوڑھی عورتیں بھی کنواری اور نو عمر بن کر جنت میں جائیں گی)۔
حدیقۃ الصالحین 6129
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ ہم میں بے تکلف ہو کر گھل مل جایا کرتے تھے۔ بعض اوقات میرے چھوٹے بھائی کو پیار سے فرماتے اے ابو عمیر! تمہارے نغیر کو کیا ہوا۔ (عمیر کے پاس ایک ممولہ تھا جس کے ساتھ وہ کھیلا کرتا تھا اور وہ مر گیا تھا)۔
حدیقۃ الصالحین 1989
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ہم میں بے تکلف ہو کر گھل مل جایا کرتے تھے۔ بعض اوقات میرے چھوٹے بھائی کو پیار سے فرماتے اے ابو عمیر! تمہارے نغیر کو کیا ہوا؟
حدیقۃ الصالحین 4884
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ ہم میں بے تکلف ہو کر گھل مل جایا کرتے تھے۔ بعض اوقات میرے چھوٹے بھائی کو پیار سے فرماتے اے ابو عمیر! تمہارے نغیر کو کیا ہوا؟ عمیر کے پاس ایک ممولہ تھا جس کے ساتھ وہ کھیلا کرتا تھا اور وہ مر گیا تھا۔
حدیقۃ الصالحین 1990
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ (کسی بات پر) لوگوں نے کہا یا رسولؐ اللہ ! آپ بھی کبھی کبھی ہم سے مزاح کر لیتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا میں حق کے سوا کچھ اور نہیں کہتا (یعنی میرے مزاح میں خوش مزاجی کے علاوہ حکمت، سچائی، بھلائی بھی ہوتی ہے جس کی طرف متوجہ کرنا مقصد ہوتا ہے)۔
حدیقۃ الصالحین 4802
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ طاقتور مومن کمزور مومن سے بہتر ہے اور اللہ کو زیادہ پیارا ہے جو بھی تیرے لئے مفید ہے تو اس کی خواہش رکھ اور اللہ سے مدد طلب کر اور ہمت نہ ہار اور اگر تجھے کوئی تکلیف پہنچے تو یہ مت کہہ کہ اگر میں (ایسا) کرتا تو یہ یہ ہوجاتا بلکہ کہو کہ اللہ کی تقدیر تھی جو اس نے چاہا سو کیا کیونکہ (لفظ) لَو ْ (یعنی اگر) تو شیطان کے لئے راہ کھول دیتا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2578
حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا فرماتی ہیں کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھیں۔ وہ کہتی ہیں میں نے آپؐ سے دوڑ کا مقابلہ کیا۔ میں اس دوڑ میں آپؐ سے آگے نکل گئی۔ جب میرا وزن زیادہ ہو گیا تو میں نے آپؐ سے مقابلہ کیا تو آپ آگے بڑھ گئے فرمایا یہ اس کی جگہ ہے۔