کتاب 46: سفر اور اس کے آداب
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 2486
حضرت ابو امامہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے کہا یا رسول اللہ! مجھے سیاحت کی اجازت دیجئے۔ نبی ﷺ نے فرمایا میری امت کی سیاحت اللہ تعالیٰ کے راستے میں جہاد ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2608
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تین سفر میں نکلیں تو چاہئے کہ اپنے میں سے کسی ایک کو امیر بنا لیں۔
حدیقۃ الصالحین 3445
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! میں سفر پر جانا چاہتا ہوں۔ آپؐ مجھے کوئی نصیحت کیجئے۔ آپﷺ نے فرمایا اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ جب بھی بلندی پر چڑھو تکبیر کہو۔ جب وہ آدمی واپس ہوا تو آپﷺ نے دعا کی۔ اے اللہ! اس کی دوری کو لپیٹ دے (یعنی اس کا سفر جلد طے ہو) اور اس کا سفر آسان کر دے۔
حدیقۃ الصالحین 2949
حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے تھے کم ہی ایسا ہوتا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کسی سفر میں جمعرات کے سوا اَور کسی دِن نکلیں۔
حدیقۃ الصالحین 2950
عبد الرحمن بن کعب بن مالک نے اپنے باپ (حضرت کعب بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ غزوئہ تبوک کے لئے جمعرات کے دن نکلے اور آپؐ جمعرات کے دن سفر پسند کرتے تھے۔
حدیقۃ الصالحین 2237
حضرت ابوہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے کہا اللَّهُمَّ بَارِكْ لِأُمَّتِي فِي بُكُورِهَا يَوْمَ الْخَمِيسِ اے اللہ ! میری امّت کے لئے جمعرات کی صبح کو بابرکت بنا دے۔
حدیقۃ الصالحین 1212
حضرت صخر الغامدیؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ یہ دعا کیا کرتے تھے۔ اے میرے خدا! میری امت کو صبح جلدی کام شروع کرنے میں برکت دے اور جب کوئی مہم یا لشکر بھجوانا ہوتا تو دن کے پہلے حصہ میں اسے روانہ کرتے۔ (اس حدیث کے راوی) حضرت صخرؓ تاجر تھے، وہ (حضورﷺ کے اس ارشاد کی تعمیل میں) اپنا تجارتی مال دن کے پہلے حصہ میں روانہ کرتے۔ آپ کو ہمیشہ خوب فائدہ ہوتا اور بہت نفع ملتا۔
حدیقۃ الصالحین 2378
حضرت ابن عمرؓ نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ جب سفر پر نکلتے ہوئے اپنے اونٹ پر بیٹھتے تو تین دفعہ اللہ اکبر کہتے۔ پھر کہتے پاک ہے وہ جس نے اسے ہمارے لئے مسخر کیا اور ہم اس کو زیرِ نگیں کرنے کی طاقت نہیں رکھتے تھے اور یقینا ہم اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔ (الزخرف: 14، 15) اے اللہ! ہم اپنے اس سفر میں تجھ سے نیکی اور تقویٰ اور ایسے عمل کی توفیق چاہتے ہیں جس سے تو راضی ہو جائے۔ اے اللہ! ہم پر ہمارا یہ سفر آسان کر دے اور اس کے فاصلہ کو (بسہولت) طے کرا دے۔ اے اللہ! سفر میں بھی تو ہی ساتھی ہے اور گھر میں بھی تو ہی جانشین۔ اے اللہ! میں سفر کی مشقت، کسی اندوہناک منظر اور مال اور گھر کے لحاظ سے بُری واپسی سے تیری پناہ مانگتا ہوں اور جب واپس تشریف لاتے تو یہی الفاظ کہتے اور ان میں یہ اضافہ فرماتے ہم لوٹنے والے، توبہ کرنے والے، عبادت کرنے والے اور اپنے رب کی حمد کرنے والے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4867
حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت خولہ بنت حکیم سُلَمِی سے سنا وہ کہتی تھیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جو کسی جگہ پر قیام کرے پھر یہ کہے کہ أَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ میں اللہ کے کامل کلمات کے ذریعہ پناہ مانگتا ہوں ہر اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی تو کوئی چیز اسے نقصان نہیں دے گی یہاں تک کہ وہ اس جگہ سے چلا جائے۔
حدیقۃ الصالحین 4418
حضرت کعب بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ (جب آنحضرتﷺ) سفر سے واپس آتے تو پہلے مسجد میں جاتے اور وہاں دو رکعت نفل نماز پڑھتے۔