کتاب 88: رافت اور نرمی
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 4683
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے عائشہ! اللہ رفیق ہے اور رفق کو پسند کرتا ہے اور وہ نرمی پر جو عطا کرتا ہے وہ نہ سختی پر اور نہ اس کے سوا کسی (چیز) پر عطا کرتا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 4684
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ نرمی جس چیز میں بھی ہوتی ہے اسے زینت بخشتی ہے اور جس چیز سے نرمی نکال دی جائے اسے بدصورت بنا دیتی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 2488
حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا میں تم کو بتاؤں کہ آگ کس پر حرام ہے؟ وہ حرام ہے ہر اس شخص پر جو لوگوں کے قریب رہتا ہے۔ یعنی نفرت نہیں کرتا ان سے نرم سلوک کرتا ہے۔ ان کے لئے آسانی مہیا کرتا ہے اور سہولت پسند ہے۔
حدیقۃ الصالحین 220
حضرت ابوہریرہؓ نے بیان کیا کہ ایک بدوی کھڑا ہوا اور اس نے مسجد میں پیشاب کردیا۔ لوگوں نے اسے برا بھلا کہا۔ اس پر نبی ﷺ نے ان سے کہا اسے چھوڑ دو اور اس کے پیشاب پر ایک ڈول پانی کا بہا دو۔ ــــ سَجْلٌ کا لفظ (کہا) یا ذَنُوْب کا ــــ اور تم صرف اس لئے مبعوث کئے گئے ہو کہ آسانی کرنے والے بنو اور تم سختی کرنے کے لئے مبعوث نہیں کئے گئے۔
حدیقۃ الصالحین 3127
حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مومن کی فراست سے بچو وہ اللہ تعالیٰ کے عطاء کردہ نور سے دیکھتا ہے پھر آپ ﷺ نے یہ آیت تلاوت فرمائی إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَاتٍ لِلْمُتَوَسِّمِينَ (یعنی اس میں ان لوگوں کے لئے نشانات ہیں جو بات کی تہ تک پہنچتے اور صحیح صورت حال فوری طور پر سمجھنے کی اہلیت رکھتے ہیں)۔
حدیقۃ الصالحین 500
حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا مومن کی فراست سے بچو وہ اللہ تعالیٰ کے عطاء کردہ نور سے دیکھتا ہے پھر آپ ﷺ نے یہ آیت تلاوت فرمائی إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَاتٍ لِلْمُتَوَسِّمِينَ (الحجر 76) (ىقىناً اس (واقعہ) مىں کھوج لگانے والوں کے لئے نشانات ہىں )۔
حدیقۃ الصالحین 6133
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا مومن ایک سوراخ سے کبھی دو مرتبہ نہیں ڈسا جاتا۔
حدیقۃ الصالحین 5303
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا مومن ایک سور اخ سے دو دفعہ نہیں ڈسا جاتا۔
حدیقۃ الصالحین 19136
مسور بن مخرمہ اور مروان بن حکم سے روایت ہے، ان دونوں میں سے ہر ایک اپنے ساتھی کی روایت کی تصدیق کرتا ہے۔ وہ دونوں کہتے ہیں حدیبیہ کے زمانہ میں رسول اللہ ﷺ اپنے چودہ سو صحابہؓ کے ساتھ نکلے …………… جب معاہدہ صلح لکھا جا چکا تو رسول اللہ ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا اٹھو اپنی قربانیاں ذبح کرو اور بال منڈوا کر احرام کھول دو۔ راوی کہتے ہیں اللہ کی قسم! ان میں سے ایک شخص بھی نہ اٹھا یہاں تک کہ آپؐ نے تین بار یہ بات دہرائی۔ جب ان میں سے کوئی نہ اٹھا آپؐ کھڑے ہوئے اور حضرت ام سلمہؓ کے پاس اندر تشریف لے گئے۔ اور ان سے اس صورت حال کا ذکر کیا۔ حضرت ام سلمہؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ! (اس وقت صحابہؓ شدت غم سے دو چار ہیں) آپؐ باہر تشریف لے جائیں اور ان (صحابہؓ ) سے کوئی گفتگو نہ فرمائیے بلکہ اپنی قربانی ذبح کیجئے اور حجام کو بلوائیے اور بال کٹوا کر احرام کھول دیجئے (پھر دیکھئے کیا ہوتا ہے) چنانچہ حضور ﷺ نے ایسا ہی کیا۔ آپؐ کھڑے ہوئے اور باہر نکلے اور ان میں سے کسی سے بات نہ کی یہاں تک کہ آپؐ نے اپنی قربانی کی اور اپنے حجام کو بلایا۔ جب صحابہؓ نے یہ دیکھا تو تیزی سے اٹھے اپنی اپنی قربانیاں ذبح کیں اور احرام کھولنے کے لئے ایک دوسرے کے بال مونڈنے لگے جلدی اور غم کی وجہ سے ایک دوسرے پر گرے پڑتے تھے کہ یوں لگتا تھا کہ ایک دوسرے کو مار ہی ڈالیں گے۔
حدیقۃ الصالحین 3815
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اس نے کہا میں فاقہ زدہ ہوں۔ آپؐ نے اپنی ایک زوجہ مطہرہ کی طرف پیغام بھیجا، انہوں نے کہا اس کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے۔ میرے پاس پانی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ پھر آپؐ نے (ایک اور زوجہ مطہرہ) کی طرف بھیجا۔ انہوں نے بھی اسی طرح کہا یہاں تک کہ ان سب نے اسی طرح کہا کہ نہیں! اس کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میرے پاس پانی کے سوا کچھ نہیں۔ اس پر آپ ﷺ نے فرمایا جو اس شخص کو رات مہمان بنائے گا اللہ اس پر رحم کرے گا۔ انصارؓ میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور عرض کیا میں یا رسولؐ اللہ! وہ اسے اپنے گھر لے گیا اور اپنی بیوی سے کہا کیا تیرے پاس کچھ ہے؟ اس نے کہا سوائے میرے بچوں کی خوراک کے اور کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی چیز سے بہلا دو اور جب ہمارا مہمان اندر آئے تو چراغ بجھا دینا اور اس پر ظاہر کرو کہ ہم کھانا کھا رہے ہیں۔ جب وہ کھانے لگے تو چراغ کی طرف جانا اور اسے بجھا دینا۔ راوی کہتے ہیں وہ سب بیٹھے اور مہمان نے کھایا جب صبح ہوئی تو وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؐ نے فرمایا رات جو تم نے اپنے مہمان کے ساتھ کیا اللہ اس سے خوش ہوا۔
حدیقۃ الصالحین 3798
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے اپنی ازواج کی طرف (کسی کو) بھیجا۔ انہوں نے جواب دیا: ہمارے پاس سوائے پانی کے اور کچھ نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس مہمان کو کون اپنے ساتھ رکھے گا؟ یا فرمایا اسے کون مہمان ٹھہرائے گا؟ انصار میں سے ایک شخص بولا میں۔ چنانچہ وہ اسے اپنے ساتھ لے کر اپنی بیوی کے پاس گیا اور کہا رسول اللہ ﷺ کے مہمان کی نہایت اچھی خاطر تواضع کرو۔ وہ بولی: ہمارے پاس کچھ نہیں مگر اتنا ہی کھانا جو میرے بچوں کیلئے مشکل سے کافی ہو۔ اس نے کہا اپنے اس کھانے کو تیار کرلو اور چراغ بھی جلاؤ اور اپنے بچوں کو جب وہ شام کا کھانا مانگیں سلادینا۔ چنانچہ اس نے اپنا کھانا تیار کیا اور چراغ کو جلایا اور اپنے بچوں کو سلادیا۔ پھر اس کے بعد وہ اٹھی جیسے چراغ درست کرتی ہے۔ اس نے اس کو بجھا دیا۔ وہ دونوں اس مہمان پر یہ ظاہر کرتے رہے کہ گویا وہ بھی کھا رہے ہیں مگر ان دونوں نے خالی پیٹ رات گزاری۔ جب صبح ہوئی تو وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا۔ آپؐ نے فرمایا آج رات اللہ ہنس پڑا، یا فرمایا تمہارے دونوں کے کام سے بہت خوش ہوا، اور اللہ نے یہ وحی نازل کی وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ وَمَنْ يُوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمْ الْمُفْلِحُونَ (الحشر: 10): انصار اپنے آپ پر دوسروں کو مقدم کرتے ہیں اگر چہ خود انہیں محتاجی ہی ہو اور جو اپنے نفس کی کنجوسی سے بچائے جائیں وہی ہیں جو بامراد ہونے والے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4542
حضرت ابو موسیٰ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب دوران جنگ اشعری لوگوں کا کھانا ختم ہو جاتا ہے یا مدینہ میں ان کے اہل و عیال کا کھانا کم پڑ جاتا ہے تو جو کچھ ان کے پاس ہوتا ہے وہ ایک کپڑے میں جمع کر لیتے ہیں پھر اسے آپس میں ایک برتن کے ذریعہ برابر برابر تقسیم کر لیتے ہیں لہٰذا وہ مجھ سے ہیں اور میں ان سے ہوں۔