کتاب 116: مسلمانوں کا تنزل اور ان کا بگڑ جانا
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 276
حضرت علیؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا عنقریب لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ نام کے سوا اسلام کا کچھ باقی نہیں رہے گا۔ الفاظ کے سوا قرآن کا کچھ باقی نہیں رہے گا۔ (اس زمانہ کے لوگوں کی) مسجدیں بظاہر تو آباد نظر آئیں گی لیکن ہدایت سے خالی ہوں گی ان کے علماء آسمان کے نیچے بسنے والی مخلوق میں سے بدترین مخلوق ہوں گے۔ ان میں سے ہی فتنے اٹھیں گے اور ان میں ہی لوٹ جائیں گے (یعنی تمام خرابیوں کا وہی سرچشمہ ہوں گے)۔
حدیقۃ الصالحین 44217
ابو وائل کہتے ہیں ایک مرتبہ حضرت علی ؓ نے کوفہ میں لوگوں سے خطاب کیا میں نے اسے سنا چنانچہ آپ ؓ فرما رہے تھے ! اے لوگو ! جو شخص تکلف سے فقر اپنائے وہ فقیر بن ہی جاتا ہے، جسے لمبی عمر دی گئی وہ ابتلاء کا شکار ہوا جو شخص آزمائش کے لئے تیار نہ ہوا تو وہ ابتلاء کے وقت صبر آزما نہیں ہوسکتا جو بادشاہ بنا وہ دولت جمع کرنے میں مشغول ہوا جو شخص مشورہ نہیں لیتا وہ نادم ہوجاتا ہے، اس کے بعد آپ ؓ فرمایا کرتے تھے، عنقریب اسلام کا صرف نام ہی باقی رہے گا اور قرآن کے صرف نقوش ہی باقی رہیں گے اس لئے فرمایا کرتے تھے خبردار ! کوئی شخص بھی علم حاصل کرنے میں حیاء محسوس نہ کرے جس سے کوئی ایسی بات پوچھی جائے جس کا اسے علم نہیں تو اسے چاہیے کہ وہ کہے’’ لَا اَعْلَمُ‘‘ میں نہیں جانتا ہوں۔ اس وقت تمہاری مساجد کی عمارتیں عالی شان ہوں گی حالانکہ تمہارے دل اور تمہارے اجسام ہدایت سے ویران ہوں گے اس وقت تمہارے فقہاء آسمان تلے بدترین لوگ ہوں گے انہی سے فتنوں کا ظہور ہوگا اور انہی میں (فتنے) لوٹیں گے۔
حدیقۃ الصالحین 38727
(رسول اللہﷺ نے فرمایا) میری امت میں سخت گھبراہٹ ہو گی لوگ اپنے علماء کے پاس جائیں گے تو کیا دیکھیں گے کہ وہ خنزیر اور بندر بن چکے ہیں۔ (رسول اللہﷺ نے فرمایا میری امت پر ایک زمانہ اضطراب اور انتشار کا آئے گا۔ لوگ اپنے علماء کے پاس رہنمائی کی امید سے جائیں گے تو وہ انہیں بندروں اور سؤروں کی طرح پائیں گے یعنی ان علماء کا اپنا کردار انتہائی خراب اور قابل شرم ہو گا۔)
حدیقۃ الصالحین 100
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ اللہ بندوں سے یونہی چھینا جھپٹی کرکے علم نہیں اٹھایا کرتا بلکہ وہ علماء کو اٹھا کر علم اٹھا لیتا ہے۔ یہاں تک کہ جب کوئی عالم نہیں رہتا تو لوگ ایسے جاہلوں کو سردار بنا لیتے ہیں کہ جن سے اگر (کوئی مسئلہ) پوچھا جائے تو بغیر علم کے فتویٰ دیتے ہیں۔ خود بھی گمراہ ہوتے اور دوسروں کو بھی گمراہ کرتے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 2641
حضرت عبداللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا میری امت پر بھی وہ حالات آئیں گے جو بنی اسرائیل پر آئے تھے جن میں ایسی مطابقت ہو گی جیسے ایک پاؤں کے جوتے کی دوسرے پاؤں کے جوتے سے ہوتی ہے یہاں تک کہ اگر ان میں سے کوئی اپنی ماں سے بدکاری کا مرتکب ہوا تو میری امت میں سے بھی کوئی ایسا بدبخت نکل آئے گا۔ بنی اسرائیل بہتر فرقوں میں بٹ گئے تھے اور میری امت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی۔ لیکن ایک فرقے کے سوا باقی سب جہنم میں جائیں گے۔ صحابہؓ نے پوچھا یا رسول اللہ! یہ ناجی فرقہ کون سا ہے؟ تو آپﷺ نے فرمایا وہ فرقہ جو میری اور میرے صحابہؓ کی سنت پر عمل پیرا ہو گا۔
حدیقۃ الصالحین 7523
میری امت پر بھی وہ حالات آئیں گے جو بنی اسرائیل پر آئے تھے (جن میں ایسی مطابقت ہو گی) جیسے ایک پاؤں کے جوتے کی دوسرے پاؤں کے جوتے سے ہوتی ہے) یہاں تک کہ اگر ان میں سے کوئی اپنی ماں سے بدکاری کا مرتکب ہوا تو میری امت میں سے بھی کوئی ایسا بدبخت نکل آئے گا(۔ بنی اسرائیل بہتر فرقوں میں بٹ گئے تھے اور میری امت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی۔ لیکن ایک فرقے کے سوا باقی سب جہنم میں جائیں گے۔( صحابہؓ نے پوچھا یہ ناجی فرقہ کون سا ہے؟ تو رسول اللہﷺ نے فرمایا) وہ فرقہ جو میری اور میرے صحابہؓ کی سنت پر عمل پیرا ہو گا۔
حدیقۃ الصالحین 3993
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا یقیناً بنی اسرائیل اکہتر 71 فرقوں میں تقسیم ہوئے اور میری امت ضرور بہتر فرقوں میں تقسیم ہوگی وہ سب کے سب آگ میں ہیں سوائے ایک کے اور وہ جماعت ہے۔
حدیقۃ الصالحین 7320
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا تم ضرور ان لوگوں کی چالوں پر چلو گے جو تم سے پہلے تھے بالشت بالشت اور ہاتھ ہاتھ یہاں تک کہ اگر وہ لوگ گوہ کے سوراخ میں بھی داخل ہوئے ہوں تو تم بھی ان کے پیچھے ہی جاؤ گے۔ ہم نے کہا یا رسول اللہ ! کیا یہود و نصاریٰ ؟ آپ نے فرمایا اور کون۔