گناہ سے نجات کیوں کر مل سکتی ہے
گناہ سے نجات کیوں کر مل سکتی ہے؟
Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
گناہ سے نجات کیونکر مل سکتی ہے
گناہ سے نجات کیوں کرمل سکتی ہے
اس رسالہ میں ہمارا یہ ارادہ ہے کہ دنیا کو دکھا ئیں کہ جس قدر ہمارا یہ زمانہ اپنی جسمانی حالت
کے رو سے ترقی کر گیا ہے اسی قدر اپنی روحانی حالت کے رو سے تنزل میں ہے یہاں تک کہ
روحوں میں یہ برداشت ہی نہیں رہی کہ وہ پاک سچائیوں کو چھو بھی سکیں بلکہ انسانوں پر ایک
غور کی نظر ڈالنے سے ثابت ہو رہا ہے کہ مخفی طور پر ایک بھاری کشش ان کو نیچے کی طرف کھینچ
رہی ہے اور وہ دمبدم ایک گڑھے کی طرف حرکت کر رہے ہیں جس کو دوسرے لفظوں میں
اسفل السافلین کہہ سکتے ہیں اور استعدادوں پر ایک ایسا انقلاب آگیا ہے کہ وہ ایسی
چیزوں کی خوبصورتی کی نہایت تعریف کر رہے ہیں جو روحانیت کی نظر سے سخت مکروہ اور
بد شکل ہیں ۔ ہر ایک کا نشنس محسوس کر رہا ہے کہ ایک کشش اس کو نیچے کی طرف لے جارہی
ہے اور انہی کششوں کے برباد کن اثروں سے ایک عالم تباہ ہو گیا ہے ۔ پاک سچائیوں کو
ٹھٹھے اور ہنسی سے دیکھا جاتا ہے اور سچ مچ رو بخدا ہو جانے کو ایک حماقت سمجھا جاتا ہے۔
تمام نفوس جو زمین پر ہیں یک لخت دنیا پر سرنگوں نظر آتے ہیں گویا ایک پنہانی قوت جاذبہ
سے معذور اور مجبور ہو رہے ہیں۔ یہ وہی بات ہے جو ہم پہلے لکھ آئے ہیں کہ دنیا کا تمام
کاروبار کششوں پر ہی چلتا ہے۔ جس پہلو میں یقین کی قوت زیادہ ہے وہ اس دوسرے پہلو کو
اپنی طرف کھینچ لیتا ہے اور چونکہ یہ فلاسفی نہایت ہی صحیح ہے کہ ایک کشش کو صرف وہ کشش
روک سکتی ہے جو اس کی نسبت بہت زبردست اور طاقتور ہو اس لئے یہ دنیا جو اس سفلی کشش
سے متاثر ہوکر نیچے کی طرف کھینچی جارہی ہے اس کا اوپر کی طرف رخ کرنا بالکل جائے