بائبل کی متضاد باتیں

دیباچہ تفسیر القرآن

ان حوالوں سے صاف ظاہر ہے کہ یشوع کی کتاب کو یشوع نے نہیں لکھا اور ایوب کی کتاب کو ایوب نے نہیں لکھا بلکہ بعد کے لوگوں نے سنی سنائی باتوں کی بناء پر لکھ دی تھیں۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بائبل کے انبیاء نے توالٰہی کلام ایک جگہ جمع کر دیا تھا مگر بعد میں مٹ گیا اور لوگوں نے اپنی یاد سے وہ کلام دوبارہ لکھا اور بہت سی باتیں اپنی طرف سے اس میں داخل کردیں۔کیا اِس قسم کی کتابیں جو نہ صرف تاریخی شواہد کی بناء پر بلکہ اپنی اندرونی شہادت کی بناء پر بھی مجروح اور غیر یقینی ہیں اور ان میں غلط واقعات بھی بیان ہو گئے ہیں، یہ ثابت نہیں کرتیں کہ دنیا کو موسٰی ؑاور ان کے بعد آنے والے نبیوں کی کتابیں تسلی نہیں دے سکتی تھیں اس لئے اللہ تعالیٰ نے ان کی حفاظت سے ہاتھ کھینچ لیا اور ایک ایسی کتاب کی امید دنیا کو لگا دی جوہر قسم کی انسانی دستبرد سے پاک اور محفوظ ہو؟ اگر موسٰی ؑاور اس کے بعد آنے والے نبیوں کی کتابوں کے بگاڑ کے بعد بھی خدا تعالیٰ کسی ایسے کلام کی بنیاد نہ رکھتا جو یقینی اور محفوظ ہوتا تو ہمیں ماننا پڑتا کہ خدا تعالیٰ کو اپنے بندوں کی ہدایت اور راہنمائی کا کوئی فکر نہیں اوروہ ایمان کے بیج کو یقین اور اطمینان کی زمین میں بونے کی بجائے شک و شبہ اور بے اطمینانی کی زمین میں بونا چاہتا ہے اور اسے اتنا اعتبار بھی بخشنا نہیں چاہتا جتنا کفر کو حاصل ہے لیکن کیا ایسا ہو سکتا ہے؟ کیا یہ امر خدا تعالیٰ کی شان کے شایاں ہے؟ اگر نہیں تو ہمیں یقینا اُس کتاب کی تلاش کرنی پڑے گی جس نے منسوخ، محرف اور مبدل بائبل کی جگہ لی۔بائبل کی متضاد باتیں بائبل سے اور بھی ایسی اندورنی شہادتوں کا پتہ لگتا ہے جو اس بات پر روشنی ڈالتی ہیں کہ بائبل اپنی اصلی حالت میں محفوظ نہیں ہے۔مثلاً : ۱۔تورات کی پہلی کتاب پیدائش میں لکھا ہے۔’’تب خدا نے کہا کہ ہم انسان کو اپنی صورت اوراپنی مانند بنا ویں‘‘۔۵۵؎ آگے چل کر لکھا ہے:۔’’ لیکن نیک و بد کی پہچان کے درخت سے نہ کھانا‘‘۔۵۶؎

ا ب اِن دونوں حوالوں میںتطابق کی یہی صورت ہو سکتی ہے کہ ہم یہ تسلیم کریں کہ نیک و بد کی پہچان خد اکو بھی نہیں کیونکہ آدم خدا کی مانند تھا اور خدا تعالیٰ کی صفات آدم میں پائی جاتی تھیں اور سب سے بڑی صفت نیک وبد کی پہچان ہی ہے کیونکہ سب صفتیں اس کے ماتحت ہی آتی ہیں۔اگر آدم کو نیک و بدکی پہچان نہ تھی تو کوئی اچھی صفت بھی بطور خلق کے اس کے اندر نہیں پائی جاتی تھی کیونکہ نیک کام وہی ہوتا ہے جو ارادے اور علم کے ساتھ کیا جاتا ہے جس کام کے ساتھ ارادہ اور علم نہ ہو وہ نیک نہیں کہلا سکتا۔جب آدم کو نیک و بد کی پہچان ہی نہ تھی تو آدم اصولِ اخلاق کے ماتحت نہ کسی بدی سے بچنے والا تھا اور نہ کسی نیکی کو بجالانے والا تھا۔اسی طرح عملی طور پر اسے اچھی اور بُری باتوں کی کوئی تمیز نہ تھی۔کیا خد اتعالیٰ کا وجود بھی یہودی اور مسیحی مذہب کے مطابق ایسا ہی ہے؟ کیا خدا کو اِس بات کا کوئی علم نہیں کہ نیکی کیا چیز ہے اور بدی کیا چیز ہے؟ اگر بدی اور نیکی کا اُس کو علم نہیں تو وہ نبیوں کو کیوں بھیجتا ہے؟ اور کیا خدا کی صفات نیکیوں کو قائم کرنے والی اور بدیوں کو مٹانے والی نہیں ہیں؟اگر اس سوال کو ہم نظر انداز بھی کردیں کہ انسان کی پیدائش کی غرض ہی نیک وبد کی پہچان ہے اور اگر یہ پہچان اسے حاصل نہ ہوتو اس کے وجود کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔پھر یہ دیکھنا چاہئے کہ بغیر نیک وبد کی پہچان کے آدم خدا کی مانند ہو کس طرح گیا۔اِس پہچان کے بغیر وہ خدا کی مانند ہو ہی نہیں سکتا تھا۔اگر وہ خدا کی مانند تھا تو یہ غلط ہے کہ اسے کہا گیا کہ تونیک و بد کی پہچان کے درخت سے نہ کھانا۔اور اگر یہ درست ہے کہ اسے کہا گیا تھا کہ نیک و بدکی پہچان کے درخت سے نہ کھاناتو یہ غلط ہے کہ خد انے اسے اپنی مانند بنایا۔۲۔پیدائش باب ۲، آیت ۱۷ میں لکھا ہے:۔’’ جس دن تو اس نیک و بد کی پہچان کے درخت سے کھا ئے گا توضرور مرے گا‘‘۔اسی طرح پیدائش باب ۲ آیت ۹میں لکھا ہے:۔’’ اور باغ کے بیچوں بیچ حیات کے درخت اور نیک و بد کی پہچان کے درخت کو زمین سے لگایا‘‘۔اس آیت کے دو ہی معنی ہو سکتے ہیں یا تو یہ کہ ایک ہی درخت میں دائمی حیات بخشنے اور

نیک وبد کی پہچان دینے کی خاصیت تھی اور یا یہ کہ یہ دو درخت تھے۔ایک میں حیات بخشنے کی طاقت تھی اور دوسرے میں نیک و بدکی پہچان دینے کی طاقت تھی۔ا گر اِس کے معنی یہ لئے جائیں کہ یہ دو درخت نہیں تھے بلکہ ایک ہی درخت تھا تو پیدائش باب ۲ آیت۱۷ کا حوالہ جو اوپر لکھا جا چکا ہے کہ: ’’ جس دن تو اس سے کھائے گا مر جائے گا‘‘۔غلط ہو جاتا ہے۔کیونکہ آیت ۹ تو اُسے حیات کا درخت قرار دیتی ہے موت کا نہیں۔اور اگر یہ دو الگ الگ درخت تھے تو پھر یہ دونوں آیتیں متضاد ہیں۔کیونکہ نیک وبد کی پہچان کے درخت سے کھانے سے موت کا آنا لازمی نہ تھا اس لیے کہ اگر آدمؑ حیات کے درخت سے کھا لیتے جیسا کہ بائبل سے ثابت ہوتا ہے کہ انہوںنے کھایا تو نیک و بد کی پہچان کے درخت سے کھانے کے باوجود اُن پر موت کیونکر آئی؟ اگر ایک درخت کے کھانے سے موت لازماً آنی تھی تو دوسرے درخت کا پھل کھانے سے حیاتِ جاودانی مل جانی تھی۔ایسے شخص کا معاملہ تو کوئی عقل حل ہی نہیں کر سکتی کہ ایک درخت اسے ہمیشہ کے لئے زندہ رکھنا چاہتا ہے اور دوسرا درخت اُسے مار دینا چاہتا ہے۔بائبل سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت آدمؑ اور ان کی بیوی نے حیات کے درخت کا پھل کھایا ہے کیونکہ پیدائش باب ۳ آیت ۲،۳ میں لکھا ہے:۔’’ عورت نے سانپ سے کہا کہ باغ کے درختوں کا پھل ہم توکھاتے ہیں مگر اُس درخت کے پھل کو جو باغ کے بیچوں بیچ ہے خدا نے کہا کہ تم اُسے نہ کھانا اور نہ اُسے چھونا ایسا نہ ہو کہ مر جائو‘‘۔اِن آیات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوائے نیک وبد پہچان کے درخت کے باقی سب درختوں کا پھل آدمؑ اور اس کی بیوی کھاتے تھے۔اگر بائبل کی یہ بات درست ہے تو آدمؑ اور اس کی بیوی حیات کے درخت کا پھل بھی کھاتے تھے اور جب وہ حیات کے درخت کا پھل بھی کھاتے تھے تو اُن پر موت کس طرح آئی۔لیکن عجیب بات ہے کہ باب ۳ کی آیت ۲۲ میں لکھا ہے کہ خدا نے فرشتوں سے کہا:۔

’’ ایسا نہ ہو کہ آدم اپنا ہاتھ بڑھائے اور حیات کے درخت سے بھی کچھ لے کر کھائے اور ہمیشہ جیتا رہے‘‘۔یہ آیت بتاتی ہے کہ آدمؑ نے حیات کے درخت سے کچھ نہ کھایا تھا۔اب ہم نہیں کہہ سکتے کہ اِس آیت کا مضمون درست ہے جو بتاتی ہے کہ آدمؑ نے حیات کے درخت سے کچھ نہ کھایا تھا یا اس باب کی آیت ۲ درست ہے جس میں آدم کی بیوی کا قول درج ہے کہ سوائے نیک وبد کی پہچان کے درخت کے باقی سب درختوں کا پھل آدم اور حوا کھاتے تھے۔اور آیا یہ بات درست ہے کہ نیک و بد کی پہچان کے درخت کا پھل کھانے سے انسان ضرور مرتا ہے یا یہ بات درست ہے کہ حیات کے درخت کا پھل کھانے سے انسان کبھی نہیں مرتا۔یہ سب متضاد باتیں ہیں اور اللہ تعالیٰ کے کلام میںایسی باتیں نہیں آسکتیں۔یقینا یہ باتیں مختلف مصنّفین نے اپنے اپنے خیالات کے مطابق تورات میں درج کر دیں اور چونکہ اُن مصنّفین کے خیالات متضاد تھے اس لئے اُن کے پیش کردہ نظریے بھی متضاد تھے۔اور جس کتاب میں متضاد باتیںآجائیں جو ایک ہی وقت میں اورا یک ہی انسان میں کسی صورت میں جمع نہ ہو سکیں اور وہ کتاب ان کو ایک ہی وقت اور ایک ہی انسان میں جمع کرتی ہو تو یقینا وہ خدا کی کتاب تو الگ رہی ایک عقلمند انسان کی کتاب بھی کہلانے کی مستحق نہیں ہو سکتی۔مگر موسیٰ علیہ السلام یقینا خدا کے نبی تھے اور تورات یقینا خد اکی نازل کردہ کتاب تھی پس یہ اختلاف بعد میں پیدا ہوا۔نہ اس اختلاف سے خدا تعالیٰ پر کوئی الزام آتا ہے اور نہ موسیٰ پر۔ہاں یہ ہم ضرور کہیں گے کہ خدا نے جب بائبل کی جگہ ایک اورکتاب نازل کرنے کا فیصلہ کر لیا تو بائبل کی حفاظت سے اُس نے ہاتھ کھینچ لیا اور وہ ایک محفوظ کتاب نہ رہی۔۳۔پیدائش باب ۲۲ آیت ۱۴ میں لکھاہے:۔’’اور ابراہام نے اُس مقام کا نام ’’ یہوواہ یزی‘‘ رکھا۔‘‘ چنانچہ یہ آج تک کہا جاتا ہے کہ خداوند کے پہاڑ پر دیکھا جائے گا‘‘۔لیکن خروج باب۲ آیت ۲،۳ میں لکھا ہے۔’’ پھر خدا نے موسیٰ کو فرمایا اور کہا میں خداوند ہوں ’’ یہوواہ‘‘۔اور میں نے

ابراہام اور اضحاق اور یعقوب پر خدا کے نام سے اپنے تئیںظاہر کیا اور یہوواہ کے نام سے اُن پر ظاہر نہ ہوا۔‘‘ اِن دونوں آیتوں کا تضاد ظاہر ہے۔کتاب خروج کہتی ہے کہ یہوواہ کے نام سے پہلی بار موسیٰ کو روشناس کیا گیا۔اس سے پہلے کسی نبی کو خصوصاً ابراہیم ؑ۔اسحاق ؑاوریعقوبؑ پر خدا تعالیٰ کا یہواہ نام ظاہر نہیں کیا گیا لیکن کتاب پیدائش کہتی ہے کہ ابراہیم ؑپر بھی اس نام کو ظاہر کیا گیا تھا اور اُس نے ایک پہاڑی کا نام ’’ یہوواہ یری‘‘ رکھ دیا تھا۔۴۔گنتی باب ۳۳ آیت ۳۸ میںحضرت ہارون کے متعلق لکھا ہے:۔’’ہارون کاہن خدا وند کے حکم کے مطابق کوہِ طور پر گیا اور اس نے بنی اسرائیل کے مصر سے نکلنے کے پیچھے چالیسویں برس کے پانچویں مہینے کی پہلی تاریخ وفات پائی‘‘۔لیکن استثناء باب ۱۰ آیت ۶ میں لکھا ہے:۔’’ تب بنی اسرائیل نے بیراث بنی یقعان سے موسیرہ کو کوچ کیا۔وہاں ہارون کا انتقال ہوا اور وہیں گاڑا گیا‘‘۔ایک ہی شخص دو جگہ وفات نہیں پا سکتا۔یقینا یہ دو الگ الگ مؤرخوں کا کام ہے کہ اُنہوں نے بائبل میں اپنی اپنی تحقیق کو خدا تعالیٰ کا الہام قرار دے کر شامل کر دیاہے۔۵۔نمبر ۱ سموئیل باب ۱۶ آیت ۱۰ تا ۱۳ سے ظاہر ہے کہ دائود یسی کا آٹھواں بیٹا تھا۔چنانچہ لکھا ہے :۔’’یسی نے اپنے سات بیٹوں کو سموئیل کے سامنے نکالا اور سموئیل نے یسی سے کہا کہ خدا نے ان کو نہیں چنا ہے۔پھر سموئیل نے یسی سے پوچھا کہ تیرے سب لڑکے یہی ہیں؟ اس نے کہا سب سے چھوٹا ابھی رہ گیا ہے وہ بھیڑ بکریاں چراتا ہے۔سموئیل نے یسی سے کہا کہ اُسے بُلا بھیج کیونکہ جب تک وہ یہاں نہ آجائے ہم نہیں بیٹھیں گے۔سو وہ اُسے بُلوا کر اندر لایا۔وہ سرخ رنگ اور خوبصورت اور حسین تھا اور خداوند نے فرمایا اُٹھ اور اُسے مسح کر کیونکہ وہ یہی ہے۔تب سموئیل نے تیل کا سینگ لیا اور اسے اس کے بھائیوں کے درمیان مسح کیا اور خداوند کی روح اُس دن سے آگے دائود پر

زور سے نازل ہوتی رہی۔پھر سموئیل اُٹھ کر رامہ کو چلا گیا‘‘۔مگر نمبر ۱ تواریخ باب ۲ آیت ۱۳ تا ۱۵ میں لکھا ہے کہ دائود یسی کا ساتواں بیٹا تھا۔چنانچہ لکھا ہے:۔’’ اور یسی سے اُس کا پلوٹھا الیاب پیدا ہوا اور ابینداب دوسرا اور سمع تیسرا، نینیتل چوتھا، ردی پانچواں، عوضم چھٹا ،دائود ساتواں ‘‘۔یہ اختلاف بتاتا ہے کہ بائبل میں مختلف مؤرخوں نے اپنے اپنے خیالات داخل کر دئیے ہیں اور یہ موجودہ حالت میں محفوظ آسمانی کتاب نہیں کہلا سکتی۔۶۔نمبر ۲ سموئیل باب ۶ آیت ۲۳ میں لکھا ہے:۔’’ سو سائول کی بیٹی میکل مرتے دم تک بے اولاد رہی۔‘‘ مگر نمبر ۲ سموئیل باب ۲۱ آیت ۸ میں لکھا ہے:۔’’ اور سائول کی بیٹی میکل کے پانچوں بیٹوں کو جو برزلی محولاتی کے بیٹے عدری ایل سے ہوئے تھے لے کر ان کو جبعونیوں کے حوالے کیا‘‘۔ایک ہی کتاب میں ایک ہی جگہ اُسے بانجھ قرار دیا گیا ہے اور اُسی کتاب میںد وسری جگہ اس کے پانچ بیٹے قرار دئیے گئے ہیں۔۷۔نمبر ۲ تواریخ باب ۲۱ آیت ۱۹،۲۰ میں لکھا ہے کہ یہورام بادشاہ ۳۲ سال کی عمر میں بادشاہ ہوا اور آٹھ برس اُس نے بادشاہت کی اور پھر دو سال بادشاہت سے معزول ہو کرایک سخت بیماری کے اثر سے وفات پا گیا۔گویا اس کی عمر ۴۲ سال کی تھی۔لیکن اِسی کتاب کے باب ۲۲ آیت ۱،۲ سے معلوم ہوتا ہے کہ یروشلم کے باشندوں نے یہورام کے چھوٹے بیٹے اخزیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایاکیونکہ اُس انبوہ نے جو عربوں کے ساتھ چھائونی میں آیا تھا سب بڑے بیٹوں کو قتل کیا تھا سو اخزیاہ بن یہورام یہوواہ کا بادشاہ ہوا۔اخزیاہ بیالیس برس کی عمر میں بادشاہ ہوا۔چونکہ اوپر کے حوالہ سے ثابت ہو چکا ہے کہ یہورام کی عمر اُس کی وفات کے وقت ۴۲ سال کی تھی اس لئے اس دوسرے حوالے کی بناء پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہورام بادشاہ کا سب سے چھوٹا

بیٹا اخزیاہ جب اپنے باپ کی وفات پر تخت پر بیٹھا تو اُس کی عمر بھی ۴۲ سال کی تھی۔گویا وہ اپنے باپ کا ہم عمر تھا اور اس کے بڑے بھائی جن کو عربوں نے یہورام کے خلاف لڑائی میں مار دیا تھا وہ سب اپنے باپ سے بڑے تھے۔کیا کوئی معقول انسان اس قسم کی لغو باتوں کو تسلیم کر سکتا ہے؟ بیالیس سال کی عمر میں باپ مارا جاتا ہے اور اُس کا سب سے چھوٹا بیٹا اُسی عمر کا اس کے بعد بادشاہ بن جاتا ہے!! یہ باتیں تو ایسی ہیں کہ کسی کمزور سے کمزور عقل والے انسان کی کتاب میں بھی نہیں پائی جاتیں کجا یہ کہ خدا کی نازل کردہ کتاب میں پائی جائیں۔صاف ظاہر ہے کہ خدا کے الہام میں یہ باتیں نہ تھیں۔نبیوں کے کلام میں یہ باتیں نہ تھیں۔کسی ایک آدمی نے بھی یہ باتیں نہیں لکھیں۔بلکہ کئی آدمیوں نے اپنے اپنے خیالات لکھ دئیے ہیں۔کسی یہودی مؤرخ کا یہ خیال تھا کہ یہورام بیالیس سال کی عمر میں فوت ہوا اور اُس نے یہ بات لکھ دی۔کسی دوسرے یہودی مؤرخ کا یہ خیال تھا کہ یہورام جب مرا اُس کی عمر سَو سال تھی اور اُس وقت سب سے چھوٹا بیٹا بیالیس سال کا تھا اُس نے یہ بات درج کردی کہ جب یہورام کا بیٹا تخت پر بیٹھا تو بیالیس سا ل کا تھا۔اب یہ باتیں بظاہر متضاد نظر آتی ہیں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ جس نے یہورام کو ۴۲ سا ل میں مارا ہے اُس کے خیال میں اخزیاہ کی عمر تخت نشینی کے وقت بیالیس نہیں تھی بلکہ شاید ۱۴،۱۵ سال ہو۔اور جس شخص نے یہ لکھ دیا کہ اخزیاہ کی عمر تخت نشینی کے وقت ۴۲ سال تھی اُس کی تحقیق میں یہورام کی عمر اُس کی وفات کے وقت ۴۲ سال یقینا نہیں تھی لیکن سوال تو یہ ہے کہ ایسی کتاب انسان کی روحانیت کو کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے اور وہ کس طرح یقین اور ایمان کے ساتھ اس کے مطالب پر غور کر سکتا ہے۔اگر تو یہ کہا جاتا کہ تورات مجموعہ ہے لاکھوں یہودیوں کی تحقیقاتوں کا تو پھر بھی اِس کتاب کی کچھ قیمت باقی رہ جاتی۔لیکن ایک طرف تو اس کو خدا تعالیٰ کی طرف سے نازل ہونے والاکلام کہا جاتا ہے اور دوسری طرف وہ ہزاروں ہزار افراد کی تحقیقاتوں کا مجموعہ نظر آتا ہے اور اس طرح ایک غلط نام دے دینے کی وجہ سے تھوڑی بہت عظمت جو اِسے حاصل ہو سکتی تھی وہ بھی جاتی رہی ہے۔بھلا کون کہہ سکتا ہے کہ ایسی کتاب دنیا کی راہنمائی کا موجب ہو سکتی ہے اورکون کہہ سکتا ہے کہ اس کتاب کے بعد کسی اور کتاب کے آنے کی ضرورت نہیں تھی۔

آج 10 میں سے 10 باقی