تیسری پیشگوئی۔ جبلِ فاران سے دس ہزار قدوسیوں کیساتھ ایک عظیم الشان نبی کا ظہور

دیباچہ تفسیر القرآن

خلاصہ یہ کہ موسیٰ علیہ السلام نے بعثت محمدیہ سے قریباً ۱۹ سَو سال پہلے یہ خبر دی تھی کہ موسوی شریعت الٰہی کلام کا آخری نقطہ نہیں ابھی انسان کو خدا تعالیٰ کی طرف سے مزید ہدایتوں کی ضرورت ہے اور اس کے لئے اللہ تعالیٰ آخری زمانہ میں ایک اور مأمور بھیجے گا وہ مأمور دنیا کے سامنے سب سچائیوں کو پیش کرے گا اور وہی انسان کی روحانی ترقی کا آخری نقطہ ہوگا اس پیشگوئی کے مطابق دنیا میں ابھی ایک اور کتاب اور ایک اور نبی کی ضرورت تھی۔پس قرآن کریم اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بائبل اور موسیٰ اور عیسیٰ کی بعثت کے بعداگر دنیا کی ہدایت کا دعویٰ کیا تو وہ بالکل حق بجانب اور خدا تعالیٰ کے کلام کو پورا کرنے والے تھے۔قرآن کریم غیرضروری نہ تھا بلکہ اگر قرآن کریم نہ آتا تو خد اتعالیٰ کی بتائی ہوئی بہت سی باتیں ظہور میں نہ آتیں اور دنیا بد اعتقادی اور شک کے مرض میں مبتلا ہوجاتی۔تیسری پیشگوئی۔جبلِ فاران سے دس ہزار قدوسیوں کیساتھ ایک عظیم الشان نبی کا ظہور استثناء باب ۳۳ میں لکھا ہے۔’’ اور اُس نے کہا کہ خداوند سینا سے آیا اور شعیر سے اُن پر طلوع ہوا۔فاران ہی کے پہاڑسے وہ جلوہ گر ہوا۔دس ہزار قدوسیوں کے ساتھ آیا او ر اُس کے دہنے ہاتھ میںایک آتشی شریعت اُن کے لئے تھی‘‘۔۱۱۹؎ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے اِس کلام میں اپنے تین جلوے بتائے ہیں۔ان میں سے پہلا جلوہ سینا سے ظاہر ہوا۔اِس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تورات میں لکھا ہے:۔’’ اور خداوند کو ہِ سینا پہاڑ کی چوٹی پر نازل ہوا اور خدا وند نے پہاڑ کی چوٹی پر موسٰی ؑکو بلایا اور موسٰی ؑچڑھ گیا‘‘۱۲۰؎ یہ خدائی جلوہ ظاہر ہوا اور جو جو برکتیں اِس میں پوشیدہ تھیں وہ دنیا پر ظاہر کر کے چلاگیا۔اس کے بعد دوسرے جلوے کا ذکر کیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ وہ شعیر سے طلوع ہو گا۔شعیر وہ مقام ہے جس کے آس پاس حضرت مسیح علیہ السلام کے معجزات ظاہر ہوئے۔پس شعیر سے طلوع ہونے کے معنی حضرت مسیح علیہ السلام کے ظہور کے ہیں۔مسیحی علمائے اناجیل نے نہ معلوم کیوں شعیر کو سینا کا مترادف قرار دیا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ شعیر فلسطین کا حصہ ہے۔یہ نام مختلف

شکلوں میں بگڑ کر آیا ہے اور یہ نام ایک قوم کا بھی ہے جو حضرت یعقوب علیہ السلام کی اولاد میں سے تھی اور بنو آشر کہلاتی تھی اور یہ شمال مغربی فلسطین کے علاقے کا بھی نام ہے۔پس شعیر سے مراد وہی جلوہ ہے جو خصوصیت کے ساتھ فلسطین میں ظاہر ہونے والا تھا۔موسیٰ علیہ السلام تو کنعان پہنچے ہی نہیں اُسی جگہ پر فوت ہو گئے جہاں کنعان کی سرحدیںنظر آتی تھیں اور موسیٰ علیہ السلام کے بعد کوئی ایسا جلوہ ظاہر نہیں ہوا جو اِس قسم کی عظمت والا ہو جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا جلوہ تھا۔پس شعیر سے طلوع ہونے سے مراد حضرت مسیح کا ظہور ہے جو عین کنعان میں ظاہر ہوئے اور جن کے ذریعہ خدا تعالیٰ نے پھر ایک دفعہ دنیا کو اپنی شکل دکھلائی۔تیسرا جلوہ فاران سے ظاہر ہونا تھا۔فاران سے مراد وہ پہاڑ ہیں جو مدینہ اور مکہ کے درمیان ہیں۔چنانچہ عربی جغرافیہ نویس ہمیشہ سے ہی مدینہ اور مکہ کے درمیانی علاقہ کا نام فاران رکھتے چلے آئے ہیں۔مدینہ اور مکہ کے درمیان ایک پڑائو ہے جس کا نام وادیٔ فاطمہ ہے جب قافلے وہاں سے گزرتے ہیں تو وہاں کے بچے قافلہ والوں کے پاس پھول بیچتے ہیں اور جب اُن سے قافلہ والے پوچھیں کہ یہ پھول تم کہاںسے لائے ہو؟ تو وہ کہتے ہیں مِنْ بَرِیَّۃِ فَارَانَ۔فاران کے جنگل سے لائے ہیں۔پس فاران یقینی طور پر عرب اور حجاز کا ہی علاقہ ہے تو رات سے ثابت ہے کہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام اِسی فاران کے میدان میں رہے تھے۔لکھا ہے:۔’’ اور خداوند اس لڑکے ( یعنی اسمٰعیل) کے ساتھ تھا اور وہ بڑھا اور بیابان میں رہا کیا او ر تیراندازہوگیا اور وہ فاران کے بیابان میں رہا اور اس کی ماں نے ملک مصر سے ایک عورت اُس سے بیاہنے کو لی‘‘۔۱۲۱؎ بائبل فاران کے مقام کوعربوں کے بیان کی نسبت کسی قدر مختلف جگہ پر قرار دیتی ہے اور کنعان کے کناروں پر ہی بتاتی ہے۔لیکن جنگل اور پہاڑ شہروں کی طرح کسی چھوٹے سے علاقہ میں محدود نہیں ہوتے بلکہ بعض دفعہ سینکڑوں اور ہزاروں میل تک پھیلتے چلے جاتے ہیں۔پس اگر بائبل کا بیان صحیح تسلیم کر لیا جائے تو بھی اس کے یہی معنی ہوں گے کہ فاران کے پہاڑ اور اس کا بیابان کنعان کے پاس سے شروع ہوتا ہے۔اس سے یہ تو ثابت نہ ہو گا کہ وہ ختم بھی وہیں ہو جاتا ہے۔بائبل تسلیم کرتی ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ایک بیٹا اسمٰعیل نامی تھا اور بائبل

تی ہے کہ وہ فاران میں رہا۔اب فاران کے جغرافیہ کے متعلق تو اسمٰعیل کی اولاد کی گواہی ہی تسلیم کی جائے گی کیونکہ وہی فاران کی رہنے والی ہے۔بنو اسرائیل تو تاریخ اور جغرافیہ میں اتنے کمزور تھے کہ وہ اس رستہ کو بھی صحیح طور پر بیان نہیں کر سکے جس رستہ پر چل کر وہ مصر سے کنعان آئے تھے دوسرے ملکوں کے متعلق اُن کی گواہی کی قیمت ہی کیا ہے۔دنیا میںایک ہی قوم ہے جو اپنے آپ کو اسمٰعیل کی اولاد کہتی ہے اور وہ قریش ہیںاور وہ عرب میں بستے ہیں اورمکہ مکرمہ اُن کا مرکز ہے۔اگر عربوں کا یہ دعویٰ غلط ہے تو سوال یہ ہے کہ اِس غلط دعویٰ کے بنانے کی انہیں غرض کیا تھی۔بنو اسحاق تو اُن کو کوئی عزت دیتے ہی نہیں تھے۔پھر ایک جنگل میں رہنے والی قوم کو اِس بات کی کیا ضرروت پیش آئی تھی کہ وہ اپنے آپ کو اسمٰعیل کی اولاد قرار دے اور اگر اُس نے جھوٹ بنایا ہی تھا تو اسمٰعیل کی اصل اولاد کہاں گئی؟ بائبل کہتی ہے کہ اسمٰعیل کے ۱۲ بیٹے تھے۔بائبل کہتی ہے کہ اُن ۱۲ بیٹوں کی نسل آگے بہت پھیلے گی۔لکھا ہے:۔’’ اور اس لونڈی کے بیٹے (اسماعیل) سے بھی میں ایک قوم پیدا کروں گا اِس لئے کہ وہ بھی تیری نسل ہے‘‘۔۱۲۲؎ پھر لکھا ہے:۔’’اُٹھ اور لڑکے (اسماعیل) کو اُٹھا اور اُسے اپنے ہاتھ سے سنبھال کہ میں اُس کو ایک بڑی قوم بناؤں گا۔‘‘ ۱۲۲؎ پھر لکھا ہے۔اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے فرمایا:۔’’ اور اسمٰعیل کے حق میں میں نے تیری سنی، دیکھ میں اُسے برکت دوں گا اور اُسے برومند کروںگا اور اُسے بہت بڑھائوں گا اور اس سے ۱۲ سردار پید اہوں گے اور میں اُسے بڑی قوم بنائوں گا‘‘۔۱۲۴؎ اِن پیشگویئوں میں بتایا گیا ہے کہ اسمٰعیل کی نسل بہت پھیلے گی اور بڑی بابرکت ہو گی۔اگر عرب کے لوگوں کا دعویٰ جھوٹا ہے تو پھر بائبل بھی جھوٹی ہے کیونکہ دنیا میں اور کوئی قوم اپنے آپ کو بنو اسمٰعیل نہیں کہتی جس کو پیش کر کے بائبل کی اِن پیشگوئیوں کو سچا ثابت کیا جا سکے اور اگر قریش بنو اسمٰعیل ہیں تو پھر ابراہیم بھی سچا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قریش کو برکت دی اور ابراہیم

کی وہ پیشگوئیاں اُن کے ذریعہ پوری ہوئیں جو بنو اسمٰعیل کے متعلق تھیں۔تاریخ کا سب سے بڑا ثبوت قومی روایات ہی ہوتی ہیں اس سے بڑھ کر اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ ایک قوم سینکڑوں سال سے اپنے آپ کو بنو اسمٰعیل کہتی چلی آئی ہے اور اُس کے بیان کو مزید تقویت اِس بات سے یہ حاصل ہوتی ہے کہ دنیا کی اور کوئی قوم اپنے آپ کو بنو اسمٰعیل نہیں کہتی۔پھر جہاں بائبل مانتی ہے کہ بنو اسمٰعیل فاران میں رہے وہاں عرب کے لوگ بھی مکہ سے لے کر شمالی عرب کی سرحد تک کے علاقہ کو فاران کہتے چلے آرہے ہیں۔پس یقینا یہی علاقہ فاران تھا جیسا کہ یقینا قریش ہی بنو اسمٰعیل تھے اور فاران سے ظاہر ہونے والا جلوہ عربوں سے ہی ظاہر ہونے والا تھا۔بنو اسمٰعیل کے عرب میں رہنے کا یہ بھی ثبوت ہے کہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کے ۱۲ بیٹوں کے نام جو بائبل میں آتے ہیں یہ ہیں۔نبیت۔قیدار۔اوبئیل۔مبسام۔مشماع۔دُومہ۔مسا۔حدد۔تیما۔یطور۔نفیس۔قدمہ۔۱۲۵؎ قدیم رواج کے مطابق اِن کی اولادوں کے نام بھی اپنے باپوں پر ہوں گے جیسا کہ حضرت یعقوب علیہ السلام کی اولاد اپنے باپوں کے نام سے کہلاتی ہے اِسی طرح ملکوں کے نام بھی پُرانے دستور کے مطابق بِالعموم قوموں کے نام پر رکھے جاتے ہیں۔اِس رواج کو مدنظر رکھتے ہوئے جب ہم دیکھتے ہیںتو سارے عرب میں اِن بیٹوں کی اولاد پھیلی ہوئی نظر آتی ہے۔پہلا بیٹا نبیت تھا جس کی اولاد جغرافیہ نویسوں کے بیان کے مطابق ۳۰۔۳۸ ڈگری عرضِ شمالی اور ۳۶۔۳۸ ڈگری طول مشرقی کے درمیان رہی تھی۔چنانچہ ریورنڈ کاتری بی کاری ایم اے نے اِس کو تسلیم کیا ہے کہ اُن کے نزدیک فلسطین سے لے کر بندر ینبوع تک جو مدینہ منورہ کا بندر ہے یہ قوم پھیلی ہوئی تھی۔دوسرا بیٹا قیدار تھا۔اِس کی قوم بھی عربوں میں پائی جاتی ہے۔قیدار کے معنی ہیں ’’اونٹوں والا‘‘ یہ قبیلہ حجاز اور مدینہ کے درمیان آباد ہے۔بطلیموس اور پلینی دونوں نے اپنے جغرافیوں میں حجاز کی قوموں کا ذکر کرتے ہوئے کیڈری اور گڈرونائینی قوموں کا ذکر کیا ہے جو صاف طور پر قیدار ہی کا بگڑا ہو اہے تلفظ ہے اور اب تک بعض عرب اپنے

آپ کو قیدار کی نسل سے بتاتے ہیں۔تیسرا بیٹا اوبئیل تھا جو زیفس کے بیان کے مطابق اوبئیل نامی قوم بھی اسی عرب علاقہ میں بستی تھی۔چوتھا بیٹا مبسام تھا اس کا ثبوت عام جغرافیوں میں کہیں نہیں ملتا لیکن ممکن ہے کہ یہ نام بگڑ گیا ہو اور کسی اَور شکل میں پایا جاتا ہو۔پانچواں بیٹا مشماع تھا۔عرب میںاب تک بنو مسماع پائے جاتے ہیں۔چھٹا بیٹا حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کا دومہ تھا اور دومہ کا مقام اب تک عرب میں پایاجاتا ہے جس کا ذکر عرب جغرافیہ نویس ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں کہ دومہ اسمٰعیل کا بیٹا تھا جس کے نام پر یہ نام پڑا۔چنانچہ عرب میں یہ ایک مشہور مقام ہے۔ساتواں بیٹا مسا تھا۔اس کے نام پر بھی ایک قوم یمن میں پائی جاتی ہے اور اس کی جائے رہائش کے کھنڈرات وہاں موجود ہیں۔ریورنڈ کاتری بی کاری نے اپنی کتاب میں اُن کا ذکر کیا ہے۔آٹھواں بیٹا حدد تھا اس کے نام پر یمن کا مشہور شہر حدیدہ بنا ہوا ہے۔نواں بیٹا تیما تھا۔نجد سے حجاز تک کا علاقہ تیما کہلاتا ہے اور یہاں یہ قوم بستی ہے بلکہ خلیج فارس تک پھیل گئی ہے۔دسواں بیٹا حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کا یطور تھا۔اِن کا مقام بھی عرب میں معلوم ہوتا ہے اور جدور کے نام سے مشہور ہے جو یطور کا بگڑا ہوا ہے۔یا عام طور پر ج سے بدل جاتی ہے اور ط اور ت ،د سے بدل جاتے ہیں یس جدور اصل میں یطور ہی ہے۔گیارہواں بیٹا نفیس تھا اور مسٹر فاسٹر کا بیان ہے جو زیفس اور تورات کی سند کے مطابق معلوم ہوتا ہے کہ یہ قوم بھی بیابانِ عرب میں رہتی تھی۔بارہواں بیٹا قدمہ تھا۔اِن کی جائے رہائش بھی یمن میں ثابت ہے۔مشہور جغرافیہ نویس مسعودی لکھتا ہے کہ مشہور قبیلہ اصحابُ الرس جس کا ذکر قرآن کریم میں بھی آتا ہے حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے تھا اور وہ دو قبیلے تھے ایک کا نام قدمان تھا

آج 10 میں سے 10 باقی