پانچویں پیشگوئی۔ یسعیاہ نبی نے بھی ایک عظیم الشان نبی کے ظہور کی خبر دی
دیباچہ تفسیر القرآن, حصہ 2
سال کے برابر ہوگی وہ خدا تعالیٰ کی طرف چڑھنا شروع ہو گا اور اس میں کمزوری اور اضمحلال کے آثار پیدا ہو جائیںگے۔اسلام کی ترقی کا زمانہ قرآن کریم سے بھی اور احادیث سے بھی تین سَوسال کا معلوم ہوتا ہے اِس میں ہزار سال شامل کیا جائے تو یہ زمانہ تیرہ سَو سال کا ہو جاتا ہے۔پس سورہ سجدہ کی آیت کو ملا کر اِس آیت کے یہ معنی بنتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ہمیشہ کیلئے بشیرو نذیر ہونا اور تمام دنیا کی طرف ہونا تیرہ سَو سال کے بعد کُلّی طور پر ثابت ہو گا۔اِن آیات میں اِس بات کی خبر دی گئی ہے کہ تیرہ سَو سال پر خدا تعالیٰ کی طرف سے مسیح موعود کا نزول ہو گا اور مسیح موعود آپ کی اُمت میں سے ہو گا اور چونکہ تمام انبیاء کا وہی آخری موعود ہے جب وہ آپ کی اُمت میں سے ہوگا تو اِس سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ قیامت تک آپ کی شریعت قائم رہنے والی ہے اور آپ کی شریعت کو منسوخ کرنے والا کوئی اور شخص نہیں آئے گا۔اور چونکہ اُس کے زمانہ میں تبلیغ اِسلام پر خاس طور پر زور دیا جائے گا اور اسلام دنیا میں پھیل جائے گا اِس لئے یہ امر اور بھی مستحکم ہو جائے گا کہ اسلام کو مٹانے والی کوئی طاقت دنیا میں نہیں اور ہر قوم اور ہر علاقہ کے لوگ اُس کے مخاطب ہیں جو آہستہ آہستہ اُس میں شامل ہو جائیں گے۔پس ’’ابدیت کا باپ‘‘ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سِوا اور کوئی نہیں۔پانچواں نام آپ کا ’’ سلامتی کا شہزادہ‘‘ رکھا گیا ہے۔چونکہ شہزادہ بمعنی بادشاہ بھی آتا ہے اِس لئے ہم اس کے یہ معنی کر سکتے ہیں کہ وہ سلامتی کابادشاہ ہو گا۔یہ پیشگوئی بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ہی چسپاں ہوتی ہے۔آپ جس مذہب کے بانی تھے اس کا نام خدا تعالیٰ نے اسلام رکھا تھا یعنی سلامتی۔پس سلامتی کے شہزادے کے معنی ہوں گے اسلام کا بادشاہ۔اور اس میں کیا شبہ ہے کہ اسلام کے بادشاہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں۔اسلام آپ ہی کی لائی ہوئی تعلیم کا نام ہے۔اِسلام کے تمام مسائل آپ ہی کی طرف لَوٹتے ہیںا ور آپ ہی کے فیصلہ کے مطابق تمام اِسلامی عالم میں عمل کیاجاتا ہے۔پس آپ تو سلامتی کے شہزادے ہیں لیکن مسیح سلامتی کا شہزادہ کیونکر کہلا سکتا ہے؟ پھر کسی شخص کو اگر کسی چیز کا شہزادہ کہا جائے تو اِس کے ایک یہ بھی معنی ہوتے ہیں کہ وہ چیز اُس میں کثرت سے پائی جاتی ہے۔اُس کو نہ حکومت ملی نہ اُس نے عفو اور رأفت سے کام لیا۔محض منہ سے کہہ دینا کہ اگر کوئی شخص تمہارے ایک گال پر تھپڑ مارے تو
تم اپنا دوسرا گال بھی اس کی طرف پھیر دو، اِس میں تو کوئی خاص فضیلت نہیں عمل اصل چیز ہے اور یہ عمل صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی ذات سے ظاہر ہوا۔کیسے کیسے مظالم تھے جو مکہ والوں نے آپ پر اور آپ کی جماعت پر کئے۔کتنے خون تھے جو آپ کے رشتہ داروں اور آپ کے اتباع کے اِن لوگوں نے بہائے۔شاید رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا جسم سر سے لے کر پیر تک گواہ تھا اُن مظالم کا جو آپ کے دشمنوں نے آپ کے خلاف روا رکھے کیونکہ کبھی آپ پر سنگباری کی گئی، کبھی آپ پر تیر اندازی کی گئی، کبھی آپ کے جسم کو اَور ذرائع سے تکلیف پہنچانے کی کوشش کی گئی، وطن سے آپ کو بے وطن ہونا پڑا اور آپ کے صحابہ کو بھی۔پھر مائوں نے بچوں کو چھوڑ دیا، خاوندوں نے بیویوں کو چھوڑ دیا، بھائیوں نے بھائیوں کو چھوڑ دیاا ور مسلمان ایک مقہور اور متروک جماعت ہو کر رہ گئے۔غریب اور کمزور مردو ں کو دو اُونٹوں سے باندھ کر اور متضاد جہتوں کی طرف چلا کر چیر دیا گیا۔عورتوں کی شرمگاہوں میں نیزے ما رکر اُنہیں مار دیا۔غلاموں کو ننگا کر کے سخت پتھروں پر سے گھسیٹا۔جلتی ہوئی ریت پر لٹا کر اُن کے سینوں پر ظالم کودے اور اصرار کیا کہ تم کہو خدا ایک نہیں بلکہ بت بھی خدا کے شریک ہیں۔جنگ میں مسلمان شہداء کی لاشیں چیر کر اُن کے جگر اور دل نکال کر باہر پھینک دئیے گئے۔اُن کے ناک اور کان کاٹ دئیے گئے۔غرض زندوں اورمُردوں، مردوں اور عورتوں، جوانوں اور بوڑھوں ہر ایک کو دُکھ دیا گیا۔ہر ایک کی تذلیل کی گئی، ہر ایک کے ساتھ خلافِ انسانیت مظالم کا ارتکاب کیا گیا۔یہ سب کچھ ہوا مگر جب خدا تعالیٰ کی نصرت نے آخر مسلمانوں کو فتح دی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک فاتح کی حیثیت سے مکہ میں داخل ہوئے تو آپ نے اپنے دشمنوں کے سامنے صرف یہ اعلان کیا کہ لاَ تَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ ۱۶۳؎ جب ہمیں خدا نے قوت اور طاقت دی ہے ہم اعلان کرتے ہیں کہ مکہ کے تمام لوگوں کو معاف کیا جاتا ہے اور اُن کے مظالم کی اُنہیں کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔یہی نہیں کہ اُن کو سزا نہیں دی گئی بلکہ اُن کے جذبات کا اتنا احترام کیا گیا کہ جب اسلامی لشکر مکہ میں داخل ہونے کے لئے بڑھ رہا تھا تو ایک اِسلامی جرنیل نے یہ کہہ دیا کہ آج ہم زور سے مکہ میں داخل ہوں گے اوراُن مظالم کا بدلہ لیں گے جو مکہ والوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے صحابہؓ پر کئے تھے۔اِس پر آپؐ نے اُس جرنیل کو معزول
کر دیا او رفرمایا اِن باتوں سے مکہ والوں کی دل شکنی ہوتی ہے۔کیا مسیح کی زندگی میں کوئی بھی ایسا واقعہ ہے؟ کیا مسیح کے حواریوں کی زندگی میں کوئی ایسا واقعہ ہے؟ کیا ساری مسیحی تاریخ میں کوئی ایسا واقعہ ہے؟ عیسائی بھی شروع میں مظلوم تھے۔عیسائی بھی شروع میں مغلوب تھے۔مگر جب اُنہیں حکومت ملی کیا اُنہوں نے اپنے دشمنوں اور اپنے مخالفوں کے ساتھ نرمی اور رحم کا برتائو کیا؟ روما کی تاریخ نکال کر دیکھو اُس کے اَوراق اُن مظالم کی یاد سے سرخ ہو رہے ہیں جو عیسائیوں نے فتح اور غلبہ کے وقت اپنے دشمنوں پر ڈھائے۔پھر مسیح سلامتی کا شہزادہ کس طرح ہوا؟ اُسے تو کسی کو سلامتی دینے کی توفیق ہی نہیں ملی۔جب اُس کے اتباع کو توفیق ملی تو اُنہوں نے سلامتی نہیں دی انہوں نے ہلاکت دی۔اُنہوں نے تباہی دی، اُنہوں نے بربادی دی مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خود اپنی زندگی میں خدا تعالیٰ نے فتح اور غلبہ بخشا اور آپ نے اُن وسیع مظالم کے باوجود جن کے مقابلہ میں وہ مظالم جو یہود نے مسیح پر کئے تھے بالکل زرد اور بے حقیقت ہو جاتے ہیں رحم و عفو اور چشم پوشی سے کام لیا۔پس آپ ہی سلامتی کے شہزادے تھے اور آپ ہی یسعیاہ کی پیشگوئی کے مصداق تھے۔ساتویں علامت اُس موعود کی یہ لکھی ہے کہ:۔’’ اُس کی سلطنت کے اقبال اور سلامتی کی کچھ انتہاء نہ ہوگی‘‘۔میں بتا چکا ہوں کہ مسیح کو تو حکومت ملی ہی نہیں۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی تھے جن کو حکومت ملی اور جن کے صحابہؓ کی زندگیوں میں ہی ساری دنیا پر اسلام قابض ہو گیا اور اس انصاف کے ساتھ انہوں نے حکومت کی کہ نہیں کہہ سکتے اُن کا اقبال بڑا تھا یا اُن کی سلامتی بڑی تھی۔آٹھویں علامت یہ لکھی ہے کہ: ’’ وہ دائود کے تخت پر اور اُس کی مملکت پر آج سے لے کر ابد تک بندوبست کر ے گا اور عدالت اور صداقت سے اُسے قیام بخشے گا‘‘۔مسیح، دائود کے تخت پر کب بیٹھے تھے؟ شاید کہا جائے کہ اُن کی بعثت کے تین سَو سال کے بعد جب رومن حکومت عیسائیت میں داخل ہو گئی تو مسیح کو دائود کے تخت پر حکومت مل گئی۔لیکن یہ معنی درست نہیں ہو سکتے کیونکہ وہاں تو لکھا ہے کہ اُسے وہ حکومت اَبد تک ملے گی لیکن مسیح کی
حکومت تو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ختم ہو گئی اور مسلمانوں کا قبضہ اُس ملک پر ہو گیا۔چنانچہ تیرہ سَو سال سے مسلمان اس ملک پر قابض ہیں۔کیا تین سَو سال کی حکومت اَبد کہلائے گی یا تیرہ سَو سال والی حکومت اَبد کہلائے گی؟ یہ صاف بات ہے کہ تیرہ سَو سال والی حکومت ہی اَبد کہلائے گی۔اِس میں کوئی شبہ نہیں کہ اِس وقت انگریزی حکومت جو عیسائی حکومت ہے اِس ملک پر قابض ہے۔لیکن خدا کی قدرت ہے کہ انگریزوں کو اس ملک پر بادشاہ ہونے کے لحاظ سے حکومت حاصل نہیں بلکہ مندیٹری پاور (MANDATORY POWER) ہونے کے لحاظ سے تصرف حاصل ہے اور عارضی طور پر تھوڑی مدت کے لئے کسی کا درمیان میں آجانا یہ پیشگوئی کے خلاف ہوتا بھی نہیں۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بادشاہت کیسی عدالت اور انصاف والی تھی ،اِس کا ثبوت اِس بات سے ملتا ہے کہ جب حضرت عمرؓ کے زمانہ میں عارضی طور پر اسلامی لشکر رومی لشکر کی کثرت اور اس کے دبائو کی وجہ سے پیچھے ہٹا اور مسلمانوں نے بیت المقدس اور اُس کے ار د گرد کے علاقوں والوں کو بُلا کر اُن کے ٹیکس یہ کہتے ہوئے واپس کئے کہ ٹیکس امن اور حفاظت کی غرض سے ہوتے ہیں چونکہ ہم لوگ اس ملک کو اب چھوڑ رہے ہیں اور ہم آپ کو نہ امن د ے سکتے ہیں نہ آپ کی حفاظت کر سکتے ہیں اِس لئے آپ کا روپیہ آپ کو واپس کیا جاتا ہے ہمارا اِس روپیہ پر کوئی حق نہیں تو تاریخیں بتاتی ہیں کہ اِس بات کو سن کر یروشلم کے باشندے ایسے متأثر ہوئے کہ باوجود اِس کے کہ اُن کے ہم مذہبوں کی فوجیں آگے بڑھ رہی تھیں اور اُن کے مذہب کے مخالف لوگ اُن کے ملک کو خالی کر رہے تھے یروشلم کے باشندے روتے ہوئے شہر سے باہر اسلامی لشکر کو چھوڑنے کے لئے آئے اور ساتھ دعائیں کرتے جا تے تھے کہ خدا تعالیٰ آپ لوگوں کو جلد واپس لائے کہ ہم نے آپ جیسا انصاف اِس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔اس سے بڑھ کر اور کیا ثبوت ہو گا اِس بات کا کہ’’ وہ دائود کے تخت پر اور اُس کی مملکت پر آج سے لے کر اَبد تک بندوبست کرے گا اور عدالت اور صداقت سے اُسے قیام بخشے گا‘‘۔(ھ) اِسی طرح لکھا ہے:۔’’ اور خد اوند اپنے تئیں مصریوں پر ظاہر کرے گاا ورا ُس دن مصری خدا وند کو
پہچانیں گے اور ذبیحے اور ہدیے گزاریں گے۔ہاں وے خدا وندکے لئے منتیں مانیں گے اور ادا کریں گے خدا وند تو مصریوں کوبہت دن تک مارا کرے گا، لیکن وہ انہیں چنگا بھی کرے گا اوروے خدا وند کی طر ف رجوع ہوں گے اور وہ اُن کی دعا سنے گا اور انہیں صحت بخشے گا۔اُس روز سے مصر سے اسور تک ایک شاہراہ ہوگی اور اسوری مصر میں آویں گے اور مصری اسور کو جائیں گے اورمصری اسوریوں کے ساتھ مل کر عبادت کریں گے اُس روز اسرائیل مصر اور اسور کا میراث ہو گا اور زمین کے درمیان برکت کا باعث ٹھہرے گا کہ رَبُّ الافواج اُسے برکت بخشے گا اور فرماوے گا۔مبارک ہو مصر میری اُمت۔اسور میرے ہاتھ کی صنعت اور اسرائیل میری میراث‘‘۔۱۶۴؎ اِس پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ خدا تعالیٰ اپنے آپ کو مصریوں پر ظاہر کرے گا اور مصری خدا تعالیٰ کو پہچانیں گے اور وہ ذبیحے اور ہدیے گزاریں گے اورمصر اور شام آپس میں ملا دیئے جائیں گے۔شامی مصر میں آجائیں گے اور مصری شام میں جائیں گے اورمصری شامیوں کے ساتھ مل کر عبادت کریں گے۔یہ پیشگوئی بھی بانی اسلام حضر ت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ سے پوری ہوئی۔اِس میں کوئی شبہ نہیں کہ کچھ عرصہ کے لئے مصری عیسائی ہو گئے تھے لیکن وہ نہایت ہی قلیل عرصہ تھا۔اِس کے بعد تیرہ سَو سال سے مصر مسلمان چلا آتا ہے۔یسعیاہ کی زبان سے خدا کہتا ہے ’’ مبارک ہو مصرمیری اُمت‘‘۔مصریوں سے پوچھو کہ وہ کس کی اُمت ہیں؟ آیا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یا مسیح کی؟ پھر لکھا ہے ’’ مبارک ہو اسور میرے ہاتھ کی صنعت‘‘۔اسوریوں سے بھی پوچھ کر دیکھ لو کہ وہ آیا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت ہیں یا مسیح کی اُ مت؟ پھر لکھا ہے ’’ مبارک ہوا سرائیل میری میراث‘‘۔اِن علاقوں میں جا کر دیکھ لو اسرائیل کا علاقہ فلسطین کس کی میراث ہے؟ اِس وقت زور دے کر وہاں یہود کو داخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر یہودی تو مسیح کی اُمت نہیں۔اِ س پیشگوئی کو تو مسیح پر چسپاں کیا جا رہا ہے اور مسیحی اب بھی وہاں قلیل ہیں اور مسلمان اب بھی زیادہ ہیں۔اگر یہودی اِس ملک پر قابض بھی ہو گئے تو یہ کہا جائے گا کہ عارضی طور پر مسلمانوں کے غلبہ میں اختلال
واقع ہو گیا، مسیح کو تو پھر بھی کچھ فائدہ نہیں ہونے کا۔خواہ مسلمان فلسطین پر حاکم رہیں خواہ یہودی، مسیح کا دامن تو خالی ہی رہتا ہے اور وہ اِس پیشگوئی کا مستحق کسی صورت میں بھی نہیں ٹھہرتا۔پھر اس پیشگوئی میں لکھا تھا کہ اسور اور مصر تک ایک شاہراہ ہو گی یعنی یہ ملک آپس میں مل جائیں گے۔اسوری مصر میں آئیں گے اور مصری اسور کو جائیں گے اور مصری اسوریوں کے ساتھ مل کر عبادت کریں گے۔کیا یہ مسیح کے ذریعہ سے ہوا؟ عیسائی بے شک مصر پر قابض ہوئے اور اسور پر بھی قابض ہوئے اور ان ملکوں کی کثرت ایک وقت میں عیسائی بھی ہو گئی۔لیکن کیا کبھی بھی وہ زمانہ آیا ہے جب مذکورہ بالا آیتوں کا مضمون مصر اور اسور کی حالت پر صادق آیا ہو؟ اِن آیتوں سے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ اِن دونوں ملکوں کی قومیت ایک ہو جائے گی اوراُن کی زبان ایک ہو جائے گی۔مل کر عبادت کرنے کے بھی یہی معنی ہیں اور ایک دوسرے کے ملک میں آنے جانے کا بھی یہی مطلب ہے۔ورنہ ہر ملک کے لوگ دوسرے ملک میں آیا جا یا ہی کرتے ہیں۔پیشگوئی کا مفہوم یہی ہے کہ وہ اتنے متحد ہو جائیں گے کہ اُن کی ایک قوم ہو جائے گی۔مگر دنیا جانتی ہے کہ عیسائی حکومت کے زمانہ میں کبھی بھی مصر اور اسور ایک نہیں ہوئے۔روم کے ماتحت بے شک یہ دونوں ملک تھے لیکن ہمیشہ مصر کا انتظام اَور رنگ کا رہا اور اسور کا انتظام اَور رنگ کا رہا۔مصر میں ایک نیم آزاد بادشاہ حکومت کرتا تھا اور اسور میں ایک گورنر رہتا تھا۔بلکہ مصر کا کلیسیا اسور کے کلیسیا سے بالکل مختلف تھا۔مصر میں عیسائیت نے اسکندریہ کے گرجا کے ماتحت ایک نئی شکل اختیار کر لی تھی اور وہ فلسطین اور شامی گرجا کی شکل سے بالکل مختلف تھی۔پھر مصریوں کی عبادت قبطی زبان میں ہوتی تھی اور شامیوں کی عبادت بگڑی ہوئی مخلوط عبرانی اوریونانی زبان میں۔ہاں اسلامی زمانہ میں یہ پیشگوئی حرف بحرف پوری ہوئی۔صدیوں تک شام اور مصر ایک حکومت رہے دونوں ملکوں کی زبان ایک ہو گئی اوراب تک ایک ہے۔جس کی وجہ سے دونوں کی عبادت اکٹھی ہوتی تھی اور اکٹھی ہوتی ہے۔دونوں ملکوں میں ایک قوم ہونے کا احساس پید اہو گیا۔شامی علماء مصر میں جاتے تھے اور وہ مصری علماء کی طرح ہی معزز گنے جاتے تھے اور مصری علماء شام میں آتے تھے اور وہ شامی علماء کی طرح ہی معزز گنے جاتے تھے۔اِس زمانہ میں بھی کہ یورپین سیاست نے اسلامی ممالک کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے عرب لیگ میں
مصر، شام اور فلسطین دوش بدوش مل کر کام کر رہے ہیں۔پس یہ پیشگوئی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ سے پوری ہوئی اور یہ پیشگوئی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور اُن کی قوم کے متعلق ہی تھی۔مسیح اور کلیسیا کی طرف اِس کو منسوب کرنا صریح ظلم ہے۔(و) پھر یسعیاہ میں لکھا ہے:۔’’ تُو ایک نئے نام سے کہلایا جائے گا جو خداوند کا منہ تجھے رکھ دے گا‘‘۔۱۶۵؎ اِسی طرح یسعیاہ باب ۶۵ میں لکھا ہے:۔’’ اور تم اپنا نام اپنے پیچھے چھوڑو گے جو میرے برگزیدوں پر لعنت کا باعث ہو گا کیونکہ خد اوند یہوواہ تم کو قتل کرے گا اور اپنے بندوں کو دوسرے نام سے بُلائے گا‘‘۔۱۶۶؎ اِس پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ ایک نیا سلسلہ ایک نئے نام سے جاری کیا جائے گا اور اُس نئے نام کو یہ خصوصیت حاصل ہو گی کہ وہ نیا نام اس سلسلہ کے لوگ خود نہیں رکھیں گے بلکہ خد اتعالیٰ اپنے منہ سے اُن کا وہ نام تجویز کرے گا۔اِس پیشگوئی کو بھی بائبل نویسوں نے کلیسیا پر لگایا ہے حالانکہ مسیحیوں کو کوئی نام خد اتعالیٰ کی طرف سے نہیں ملا۔ہاں اپنے طور پر مختلف مسیحی فرقوں نے اپنے اپنے نام رکھ لئے ہیں۔ساری دنیا میں صرف ایک ہی قوم ہے جس کو خد تعالیٰ کی طر ف سے نام ملا ہے اور وہ مسلمان ہیں چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔۱۶۷؎ خدا تعالیٰ نے ہی تم لوگوں کا نام رکھا ہے پہلے انبیاء کی پیشگوئیوں میں بھی اور اب اس قرآن کریم کے ذریعہ سے بھی۔دیکھو کس طرح یسعیاہ نبی کی پیشگوئی کی طرف صاف اشارہ کیا گیا ہے کہ ہم نے پہلے سے ہی بتا دیا تھا کہ ہم تمہارا نام خود رکھیں گے۔چنانچہ اب ہم نے خود سلامتی کے شہزادہ کی پیشگوئی کے مطابق تمہارا نام مسلم رکھا ہے۔یہ پیشگوئی نہایت ہی عجیب اور لطیف ہے۔تمام دنیا کی تاریخ اِس بات پر شاہد ہے کہ کسی نبی نے اِس بات کا دعویٰ نہیں کیا کہ اُس کی جماعت کا نام الہامی طور پر خدا تعالیٰ نے رکھا ہے۔لیکن یسعیاہ کہتا ہے کہ پہلے دستوروں کے خلاف ایک نبی آئے گا کہ اللہ تعالیٰ اس کی جماعت کا نام خاص الہام سے رکھے گا۔