قرآن شریف میں پیشگوئیاں

دیباچہ تفسیر القرآن

چھوٹی سے چھوٹی چیز اُن کو بتانی ضروری تھی تاکہ اِسلامی تعلیم پس پردہ اُن کے دماغوں میں قائم ہو جائے۔اس کے بعد پھر اسلامی شریعت کی تفصیلات بیان ہو سکتی تھیں۔پس پہلے چھوٹی چھوٹی سورتیں ایسے مضامین کے متعلق نازل کی گئیں جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے ابتدائی زمانہ کے ساتھ تعلق رکھتی تھیں جن میں اوّل تو چند اُصولی باتیں بیان کی گئی تھیں کہ خدا ایک ہے، غریبوں سے رحم کا سلوک کرنا چاہئے، خد اتعالیٰ کی عبادت میں اپنی زندگی بسر کرنی چاہئے، خدا تعالیٰ کا ذکر کرنا چاہئے اور ساتھ ہی یہ باتیں بھی بتائی گئی تھیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کس کس رنگ میں مخالفت ہوگی، مخالفوں کا کیا انجام ہو گا، مؤمنوں کے ساتھ کیا سلوک ہو گا اور کس طرح اِسلام ترقی کرے گا۔مگر جوں جوں اِسلام بڑھتا چلا گیا اور مسلمانوں کو ترقیات حاصل ہونی شروع ہوئیں تفصیلاتِ شریعت بھی نازل ہونے لگیں۔پس یہ نزول کی ترتیب اُس زمانہ کے لحاظ سے نہایت ضروری تھی۔مگر جب قرآن شریف سارا نازل ہوگیا۔لاکھوں آدمی دنیا میں مسلمان ہوگیا اور غیر قومیں بھی اِسلام کے پس پردہ سے ایک حد تک واقف ہوگئیں توا ب اُن کے سامنے مسائل کوا یک نئے رنگ اور نئے زاویہ سے پیش کرنا ضروری تھا۔پس اللہ تعالیٰ کے حکم سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک نئی ترتیب سے قرآن شریف کو آئندہ زمانہ کیلئے مرتب کر دیا۔یہ قرآن کریم کا عظیم الشان معجزہ ہے کہ نزول کے زمانہ کے لحاظ سے نزولِ قرآن والی ترتیب بالکل مناسب حال تھی اور اِسلام کے پھیل جانے او ر قرآن کریم کے مکمل ہوجانے کے بعد آئندہ زمانہ کیلئے اُس کی وہی ترتیب مناسب حال تھی جو اِس وقت پائی جاتی ہے۔ایک کتاب جو مختلف ٹکڑوں میں نازل ہوئی، مختلف زمانوں میں نازل ہوئی اِس کو دو ترتیبوں سے دنیا کے سامنے پیش کرنا اور ایسی صورت میں پیش کرنا کہ دونوں کی دونوں کامیاب اور اعلیٰ درجہ کی ہوں، یہ سوائے خد اتعالیٰ کے اور کسی کا کام نہیں ہو سکتا۔قرآن کریم کی سورتوں کی ترتیب اِس تفسیر کے پڑھنے والے ہر سورۃ کے ابتدائی نوٹوں سے خوب اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔قرآن شریف میں پیشگوئیاں میں دیباچہ کے شروع میں یہ بیان کر چکا ہوں کہ قرآن شریف کے متعلق پہلے انبیاء نے پیشگوئیاں کی ہیں۔اب میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ خود قرآن کریم میں بھی پیشگوئیاں موجود ہیں اور یورپین

کا یہ خیال کہ قرآن کریم میں پیشگوئیاں نہیں، بالکل غلط ہے۔قرآن کریم تو شروع ہی پیشگوئی سے ہوا ہے۔چنانچہ اس کی پہلی چند آیتوں ہی میں جو غارِ حراء میں نازل ہوئی تھیں یہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ قرآن کریم کے ذریعہ وہ علوم بیان کئے جائیں گے جو اِس سے پہلے انسان کو معلوم نہیں تھے۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ قرآن کریم نے وہ باتیں بیان کی ہیں جو پہلی کتابوں نے بیان نہیں کی تھیں۔اور اُن کی غلطیاں نکالی ہیں اور اِس زمانہ میں اُن کی تصدیق ہو رہی ہے مثلاً (۱)قرآن کریم نے یہ بتایا تھا کہ فرعون کی لاش اُس کے ڈوبنے کے وقت ہی بچا لی گئی اور محفوظ کر دی گئی تھی تاکہ وہ آئندہ زمانہ کے لوگوں کیلئے نشان کے طور پر کام آئے۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے۔۵۴۴؎ ترجمہ: ہم نے بنی اسرائیل کو سمندر سے پار سلامتی سے اُتاردیا اور اُن کے بعد فرعون اور اُس کا لشکر سرکشی اور دشمنی سے ان کے پیچھے آیا اور پیچھا کرتا چلا گیا۔یہاں تک کہ اِس کے غرق کرنے کے ہم نے سامان کر دئیے۔اُس وقت فرعون نے کہا میں ایمان لاتا ہوں کہ بنو اسرائیل جس خد اپر ایمان لائے ہیں اُس کے سوا اور کوئی خد انہیں۔تب ہم نے کہا تو اب ایمان لاتا ہے اور اِس سے پہلے تو نے خوب فساد مچا رکھا تھا۔پس اب تیرے اِس ناقص ایمان کے بدلہ میں تیرے جسم کو نجات دیں گے تا (تیرا جسم) ہمیشہ ہمیش کے بعد میں آنے والے لوگوں کے لئے عبرت کا موجب ثابت ہو اور لوگوں میں سے اکثر ہمارے نشانوں سے غافل رہتے ہیں۔یہ مضمون نہ بائبل میں مذکور ہے نہ یہودیوں کی تاریخ میں مذکور ہے نہ کسی اور معروف تاریخ میں مذکور ہے۔تیرہ سَو سال پہلے قرآن نے یہ خبر دی اور اِس خبر دینے کے تیرہ سَو سال کے بعد فرعونِ موسیٰ کی ممی مل گئی۔جس سے معلوم ہوا کہ ڈوبنے کے بعد اِس کی لاش ضائع نہیں ہو گئی تھی

بلکہ بچا لی گئی تھی اُسے حنوط کیا گیا تھا اور وہ محفوظ کر دی گئی تھی۔ہو سکتا تھا کہ حنوط کرنے کے باوجود اُن بہت سے تغیرات کی وجہ سے جو مصر میں ہوئے فرعونِ موسیٰ کی لاش ضائع ہو جاتی۔مگر اُس کی لاش محفوظ رہی اور اِس وقت دنیا کے سامنے عبرت کا نمونہ پیش کر رہی ہے اور قرآن کریم کی سچائی پر گواہی دے رہی ہے۔(۲) پھر قرآن کریم کے شروع نزول میں ہی اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا۵۴۵؎ ہم رات کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں جو ڈھانپ لے گی یعنی اِسلام پر نہایت ہی شدید مصائب نازل ہوں گے۔یہ پیشگوئی ایسے وقت میں کی گئی تھی جبکہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی یہ اُمید نہیں تھی کہ میری قوم مجھ سے دشمنی کرے گی کیو نکہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے آپ کی بیوی کے رشتہ دار ورقہ بن نوفل نے کہا کہ تم پر وہی فرشتہ الہام لے کر نازل ہوا ہے جو موسیٰ کی طرف نازل ہو ا تھا اور یہ کہ تمہاری قوم تمہیں دکھ دے گی اور تمہیں اپنے وطن سے نکال دے گی۔تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت حیرت سے اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ میری قوم مجھے کس طرح نکال دے گی۵۴۶؎ یعنی جو اچھے تعلقات میرے اپنی قوم سے ہیں اِن کے نتیجہ یں وہ میری مخالف نہیں ہوسکتی۔مگر اُس زمانہ میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو بتا دیا کہ اِسلام اور مسلمانوں کے لئے ایک سخت تاریک رات آنے والی ہے۔چنانچہ وہ رات آئی اور قریباً دس سال تک رہی۔اِن دس سالوں کی خبر بھی قرآن کریم نے دوسری جگہ بتا دی تھی۔(۳) اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۵۴۷؎ ہم صبح کے طلوع کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں اور اُن دس راتوں کوشہادت کے طورپر پیش کرتے ہیں جو اس طلوع فجر سے پہلے آئیں گی۔میوراور دوسرے یورپین مصنف تسلیم کرتے ہیں کہ یہ سورۃ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دعویٰ کے تیسرے سال کے قریباً آخر میں نازل ہوئی ہے اُس وقت تک ابھی مکہ کے لوگوں کی مخالفتیں تیز نہیں ہوئی تھیں اُس وقت قرآن کریم نے یہ خبر دے دی تھی کہ تم پر تاریکی کی دس راتیں آئیں گی اور جیسا کہ الہامی کلام کے محاورہ سے ثابت ہے دس راتوں سے مراد دس سال ہوتے ہیں اور بائبل میں یہ محاورہ بڑی کثرت سے استعمال ہوا ہے۔بائبل میں بِالعموم دن کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے لیکن قرآن کریم میں مصیبت کی گھڑیوں کو رات کے لفظ

سے تعبیر کیاجاتا ہے اِس لئے کہ تاریکی کے زمانہ پر رات ہی اچھی طرح دلالت کرتی ہے بہرحال اِس جگہ یہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ دس سال متواتر سخت ظلموں کے گزریں گے چنانچہ دیکھ لو اِس پیشگوئی کے بعد متواتر دس سال مسلمانوں پر ظلم ہوتے رہے۔مکہ والوں کی بدلی ہوئی نگاہوں سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ تو معلوم کر سکتے تھے کہ مکہ والے مجھ پر ظلم کریں گے مگر کیا کوئی عقلمند کہہ سکتا ہے کہ آپ اُن کی شکلوں سے یہ بھی معلوم کر سکتے تھے کہ ظلموں کا زمانہ دس سال تک لمبا چلا جائے گا؟ کیوں نہ آپ نے پانچ سال کہا، کیوں نہ آپ نے آٹھ سال کہا، کیو ںنہ آپ نے بارہ سال کہا، کیوں نہ آپ نے تیرہ سال کہا؟ آپ کے الہام میں دس سال کے الفاظ آئے اور اِس الہام کے بعد آپ دس سال ہی مکہ میں رہے اور تکلیفیں اُٹھاتے رہے۔دس سال کے بعد طلوعِ آفتاب ہوا اور اس مصیبت کے علاقہ سے آپ کو ہجرت کرنی پڑی اور مدینہ میں خد انے آپ کی ترقی کے سامان پیدا کر دیئے اور خد اکی مدد کا سورج چڑھ آیا۔کوئی کہہ سکتا ہے کہ دس سال کی میعاد بھی یونہی اپنے طور پر پیش کر دی گئی تھی۔مگر کیا یہ بھی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اختیار میں تھا کہ دس سال کے بعد ایک شہر کے لوگوں کو مسلمان بنا لیں اور پھر ہجرت کرکے اُس میں چلے جائیں؟ کیا مدینہ کے لوگوں کو مسلمان بنانا آپ کے اختیار میں تھا؟ پھر کیا یہ بات آپ کے اختیار میںتھی کہ آپ مکہ سے نکل کر سلامتی سے مدینہ پہنچ جائیں؟ مگر یہ سورۃ یہی نہیں بتاتی بلکہ اِس میںآگے چل کر یہ بھی بتایا گیا ہے ۵۴۸؎ دس سال کی تکلیف کے بعد ایک طلوعِ فجر ہو گا، مگر اِس کے بعد بھی ظلمت پوری طرح دور نہ ہوگی بلکہ اس کے بعد بھی ایک رات آئے گی۔مگر وہ ایک ہی رات آکر گزر جائے گی۔پھر اِس کے بعد کوئی رات نہیں آئے گی۔چنانچہ ایسا ہی ہوا۔ہجرت کے ایک سال بعد بدر کی جنگ ہوئی اور بدر کی جنگ نے جیسا کہ خود بائبل نے بھی تسلیم کیا ہے اور جیسا کہ میں اُوپر لکھ آیا ہوں قیدار کی ساری شوکت تباہ کر کے رکھ دی۔اگرچہ بعد میں بھی لڑائیاں ہوئیں اور بڑی بڑی ہوئیں مگر بدر کی جنگ نے مسلمانوں کی ایک آزاد اور با اختیار حکومت قائم کر دی اور دشمن کے چوٹی کے آدمی تباہی کے گڑھے میں دھکیل دئیے گئے۔(۴) پھر مکہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ خبر دی گئی تھی کہ

۵۴۹؎ یعنی وہ خدا جس نے تجھ پر قرآن نازل کیا اور اِس کی اطاعت فرض کی ہے وہ تجھے اپنی ذات ہی کی قسم کھا کر بتاتا ہے کہ وہ تجھ کو دوبارہ مکہ میں لَوٹا کر لائے گا۔اِس خبر میں نہ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مکہ سے ہجرت کرنی پڑے گی بلکہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ہجرت کے بعد آپ فاتح کی صورت میں مکہ میں داخل ہوں گے کیا اِن حالات میں جو محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پیش آرہے تھے آپ اپنے پاس سے ایسی خبر بنا سکتے تھے؟ (۵) اِس مفہوم کی قرآن کریم میں ایک اور پیشگوئی بھی ہے اور وہ بھی مکی سورتوں میں نازل ہوئی، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔۵۵۰؎ یعنی کہہ اے میرے ربّ! مجھے اِس شہر میں جہاں تو بھیج رہا ہے کامیابی کے ساتھ داخل کر اور پھر مجھے کچھ عرصہ کے بعد اِس شہر سے کامیابی کے ساتھ حملہ آور ہونے کا موقع عطا فرما اور اِس حملہ میں میرا مددگار اور ناصر بن۔اِس میں بتایا گیا ہے کہ آپ ہجرت کرکے مدینہ تشریف لے جائیں گے اور پھر مدینہ سے مکہ پر حملہ کریں گے اور خدا کی مدد سے مکہ فتح کریں گے۔(۶) اِسی طرح آپ مکہ میں ہی تھے کہ آپ کو الہام ہوا۔ ۵۵۱؎ اِسلام کی ترقی کا وقت آگیا ہے اور عرب کی حکومت تباہ کر دی گئی۔چاند عرب کا نشان تھا۔چنانچہ جب کوئی شخص خواب میں چاند دیکھے تو اِس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ اُسے عرب کی حکومت کے حالات بتائے گئے ہیں۔پس چاند کے پھٹنے کے یہ معنی تھے کہ عرب کی حکومت تباہ ہو جائے گی۔اُس وقت جب آپ کے صحابہؓ دنیا میں چاروں طرف جان بچائے بھاگے پھرتے تھے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا گلا گھونٹا جاتا تھا اور آپ کی گردن میں پٹکے ڈالے جاتے تھے۔جب خانہ کعبہ میں نماز پڑھنے کی بھی آپ کواجازت نہیں تھی اور جب سارا مکہ آپ کی مخالفت کی آوازوں سے گونج رہا تھا اُس وقت محمد رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ والوں کو یہ خبر دی کہ عرب کی حکومت کی تباہی کا خدا نے فیصلہ کر دیا ہے اور اسلام کے غلبہ کا وقت آگیا ہے۔پھر کس طرح چند سال کے بعد ہی یہ پیشگوئی پوری ہوئی۔قیدار کی ساری حشمت توڑ دی گئی۔اِسلام کا جھنڈا بلند کر دیا گیا۔چاند پھٹ گیا۔قیامت آگئی اور ایک نیا آسمان اورایک نئی زمین بنا دی گئی۔

(۷) آپ ابھی مکہ میں ہی تھے کہ عرب میں یہ خبر مشہور ہوئی کہ ایرانیوں نے رومیوں کو شکست دے دی ہے اِس پر مکہ والے بہت خوش ہوئے کہ ہم بھی مشرک ہیں اور ایرانی بھی مشرک۔ایرانیوں کا رومیوں کو شکست دے دینا ایک نیک شگون ہے اور اُس کے معنی یہ ہیں کہ مکہ والے بھی محمد رسول اللہ ﷺپر غالب آجائیں گے مگر محمد رسول اللہ ﷺ کو خدا نے بتایا کہ ۵۵۲؎ رومی حکومت کو شام کے علاقہ میں بے شک شکست ہوئی ہے لیکن اِس شکست کو تم قطعی نہ سمجھو مغلوب ہونے کے بعد رومی پھر ۹ سال کے اندر غالب آجائیں گے۔اِس پیشگوئی کے شائع ہونے پر مکہ والوں نے بڑے بڑے قہقہے لگائے یہاں تک کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے بعض کفار نے سَو سَو اُونٹ کی شرط باندھی کہ اگر اتنی شکست کھانے کے بعد بھی روم ترقی کر جائے تو ہم تمہیں سَو اُونٹ دیں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو تم ہمیں سَو اُونٹ دینا۔بظاہر اِس پیشگوئی کے پورا ہونے کا امکان دور سے دور تر ہوتا چلا جا رہا تھا۔شام کی شکست کے بعد رومی لشکر متواتر کئی شکستیں کھاکر پیچھے ہٹتا گیا یہاںتک کہ ایرانی فوجیں بحیرہ مار مورا (MARMARA SEA) کے کناروں تک پہنچ گئیں۔قسطنطنیہ اپنی ایشیائی حکومتوں سے بالکل منقطع ہو گیا اور روم کی زبردست حکومت ایک ریاست بن کر رہ گئی، مگر خد اکا کلام پورا ہونا تھا اور پورا ہوا۔انتہائی مایوسی کی حالت میں روم کے بادشاہ نے اپنے سپاہیوں سمیت آخری حملہ کے لئے قسطنطنیہ سے خروج کیا اور ایشیائی ساحل پر اُتر کر ایرانیوں سے ایک فیصلہ کن جنگ کی طرح ڈالی۔رومی سپاہی باوجود تعداد اور سامان میں کم ہونے کے قرآن کریم کی پیشگوئی کے مطابق ایرانیوں پر غالب آئے ایرانی لشکر ایسا بھاگا کہ ایران کی سرحدوں سے ورے اُس کا قدم کہیں بھی نہ ٹھہرا اور پھر دوبارہ رومی حکومت کے افریقی اور ایشیائی مفتوحہ ممالک اس کے قبضہ میں آگئے۔(۸) یہ تو پرانی باتیں ہیں۔اِسلام نے اس زمانہ کے متعلق بھی بہت سی خبریں دی ہیں۔چنانچہ قرآن کریم میں نہر سویز اور نہر ناپامہ کے متعلق خبر دی گئی ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی