معجزات
دیباچہ تفسیر القرآن
۵۵۳؎ اِن آیات میں یہ خبر دی گئی ہے کہ دنیا میں دو سمندر ہیں جوا یک دوسرے سے جدا جدا ہیں، لیکن ایک دن آئے گا جب وہ آپس میں ملا دئیے جائیں گے اِن میں بڑے بڑے اُونچے جہاز سفر کریں گے اور اِن سمندروں کی علامت یہ ہے کہ موتی اور مونگا اُن میں سے نکالا جاتا ہے۔یہ پیشگوئی بعینہٖ نہر سویز اور نہر پانامہ پر پوری ہوئی۔موتی اور مونگا بھی وہاں ہوتا ہے بڑے بڑے جہاز بھی اُن میں چلتے ہیں اور دو دو سمندر اِن نہروں کے ذریعہ سے ملا دئیے گئے ہیں۔اِسی طرح اور بیسیوں پیشگوئیاں ہیں جو قرآن کریم میں بیان کی گئی ہیں جو اِس زمانہ سے تعلق رکھتی ہیں جیسا کہ سورۃ کہف کے پڑھنے سے ناظرین کو معلوم ہو گا کہ قرآن کریم میں آخری زمانہ میں عیسائیوں کے غلبہ کی بھی خبر دی گئی ہے۔دنیا میں اُن کے پھیل جانے کی بھی خبر دی گئی ہے۔اُن کی سمندری طاقت کی بھی خبر دی گئی ہے۔اُن کی باہمی لڑائیوں کی بھی خبر دی گئی ہے اور آخر میں اِسلام کی فتح اور کامیابی کی بھی خبر دی گئی ہے۔اور سب پیشگوئیاں پوری ہو چکی ہیں اب اِسلا م کی فتح کی پیشگوئی پوری ہونی باقی ہے۔یورپ کا عیسائی یا یورپ کا دہریہ اگراِسلام کی کمزور حالت دیکھ کر ہنستا ہے تو ہنسا کرے مگر جس خدا نے وہ پیشگوئیاں پوری کی ہیں وہی خد ایہ آخری پیشگوئی بھی ضرور پوری کرے گا۔اِسلام کی فتح کے دن آرہے ہیں تمام تاریکیوں اور تمام ظلمتوں میں سے میں اِسلام کے سورج کو جھانکتے ہوئے دیکھتا ہوں۔خدا تعالیٰ کی فوجیں آسمان سے اُتر رہی ہیں۔بیشک شیطانی فوجوں کا اِس وقت دنیا پر غلبہ ہے لیکن وہ دن قریب سے قریب تر آرہے ہیں جب خد اکی فوجیں شیطان کی فوجوں کو شکست دے دیںگی۔جب خد اکی توحید دنیا میں پھر قائم ہوگی۔جب پھر دنیا یہ تسلیم کرلے گی کہ قرآن ہی ایک ایسی کتاب ہے جو خدا اور بندے میں صلح کراتی ہے اور خدا کی بادشاہت کو اِس دنیا میں قائم کرتی ہے اور بنی نوع انسان میں انصاف اور عدل کو قائم کرتی ہے۔معجزات عیسائی مؤرخ بِالعموم اِس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ قرآن کریم اپنی نسبت معجزات کا مدعی نہیں۔سوائے اِس کے کہ قرآن کریم کی نسبت یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ
وہ ایک بے مثل کلام ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ اِس سوال پر بھی تمہید میں روشنی ڈالنی ضروری ہے۔یاد رکھنا چاہئے کہ قرآن کریم دنیا کے سامنے دواصل پیش کرتا ہے۔ایک یہ کہ خد اتعالیٰ کی بعض سنتیں ایسی ہیں جن کو وہ کبھی تبدیل نہیں کرتا۔مثلاً قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ مردے زندہ ہو کر دوبارہ اِس دنیا میں نہیں آتے۔یا اللہ تعالیٰ یہ فرماتا ہے کہ کوئی انسان خدا تعالیٰ کے سوا حقیقی مخلوق پیدا کرنے پر قادر نہیں ہوتا۔دنیا میں صناع بھی ہو سکتے ہیں، موجد بھی ہو سکتے ہیں اور ہوتے ہیں لیکن حقیقی خالقیت صرف اللہ تعالیٰ ہی کے ذریعہ سے ہوتی ہے۔اِن دونوں دعوؤں میں سے دعویٰ اوّل یعنی مردوں کے زندہ نہ ہونے کا ذکر سورۃ مؤمنوں میں کیا گیا ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۵۵۴؎ یعنی اللہ تعالیٰ کے سامنے ہوتے وقت بعض روحیں یہ استدعا کریں گی کہ وہ واپس جائیں تاکہ وہ دوبارہ نیک اعمال کریں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے یہ دعا ایسی نہیں جس کو قبول کیا جائے کیونکہ قیامت تک روحوں اور اُس د نیا کے درمیان ایک حد فاصل مقرر کر دی گئی ہے اور کوئی روح اِس دنیاکی طرف واپس نہیں لَوٹ سکتی۔اِسی طرح سورۃ انبیاء میں آتا ہے کہ ۵۵۵؎ یعنی وہ تمام قومیں جو ہلاک ہو چکی ہیں، اُن کے متعلق ہم یہ قطعی طور پر فیصلہ کر چکے ہیں کہ وہ دوبارہ اِس دنیا میں واپس نہیں آئیں گی یہاں تک کہ یا جوج و ماجوج کیلئے دروازہ کھول دیا جائے گا اور وہ ہر پہاڑی اور ہر سمندری لہر پر سے دَوڑتے ہوئے دنیا میں پھیل جائیں گے۔اِس آیت سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ مردے دوبارہ دنیا میںزندہ نہیں ہوا کرتے۔یہ جو کہا گیا ہے کہ یاجوج و ماجو ج کے زمانہ تک ایسا نہیں ہوگا اِس کا یہ مطلب نہیں کہ بعد میں مردے زندہ ہونے لگ جائیں گے بلکہ اِس کا مطلب یہ ہے کہ یہ زمانہ قیامت کے قرب کا ز مانہ ہے اور اِس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ قیامت کے زمانہ تک ایسا کام نہیں ہوگا۔بعض نحویوں نے اِس کے یہ
بھی معنی کئے ہیں کہ یاجوج وماجوج کے زمانہ میں مردوں کو زندہ کرنے کی کوشش کی جائے گی (لیکن اِس زمانہ میں بھی باوجود سائنس کی پوری ترقی کے) اِس بات میں کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔بہرحال قرآن کریم اِس بات کا بھی منکر ہے کہ مردے دوبارہ اِسی دنیا میں زندہ ہو کر آئیں۔اِسی طرح وہ اِس بات کا بھی منکر ہے کہ کوئی ہستی خدا تعالیٰ کے سوا حقیقی مخلوق پیدا کر سکے۔چنانچہ اِس کے متعلق اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے ۵۵۶؎ یعنی وہ لوگ جنہیں اللہ تعالیٰ کے سوا لوگ امداد کے لئے پکارتے ہیں۔وہ ذرا سی چیز بھی پیدا نہیں کر سکتے بلکہ وہ خود پیدا کئے گئے ہیں، وہ مردے ہیں زندہ نہیں اور اُن کو تو یہ بھی علم نہیں تھا کہ وہ کب اُٹھا کر خد اتعالیٰ کے سامنے پیش کئے جائیںگے۔اِسی طرح قرآن کریم سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کوئی احمقانہ بات خد اتعالیٰ کی طرف منسوب نہیں کی جاسکتی کیونکہ خد اتعالیٰ حکیم ہے یعنی اُس کے سارے کام حکمت کے ساتھ ہوتے ہیں چنانچہ قرآن کریم میں علاوہ اِس کے کہ خد اتعالیٰ کا نام حکیم رکھا گیا ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۵۵۷؎ اے اِسلام کے دشمنو! تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اپنے متعلق تو یہ ثابت کرنا چاہتے ہو کہ تمہارے کام حکمت کے مطابق ہیں مگر خد اتعالیٰ کے متعلق یہ بات تسلیم نہیں کرتے اور اِس کی طرف ایسی باتیں منسوب کرتے ہو جو حکمت کے خلاف ہوتی ہیں۔یہ تین باتیں یا اِسی قسم کی اور باتیں اگر خدا تعالیٰ کی طرف منسوب کی جائیں تو خواہ اُن کا نام معجزہ رکھا جائے، خواہ اِن کا نام کرامت رکھا جائے خواہ اِن کا نام جادو رکھا جائے قرآن کریم اِس کا مخالف ہے اور اِس قسم کے معجزات نہ پہلے انبیاء کی طرف منسوب کرنا جائز سمجھتا ہے اور نہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ایسے معجزات منسوب کرتا ہے۔اِس سے زیادہ احمقانہ بات کیا ہو گی کہ خد اتعالیٰ ایک قانون دنیا میں جاری کرے اور پھر خود ہی اُس قانون کو توڑ بھی دے کوئی معقول انسان بھی تو ایسے افعال نہیں کرتا۔اِس قسم کی باتیں خدا تعالیٰ کے نبیوں کی طرف منسوب کرنا اُن کی عزت کو نہیں بڑھاتا بلکہ اُن کو نَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ ذٰلک بیوقوفوں کے زمرہ کی طرف منسوب کرتا ہے اور ہر عقلمند انسان کا کام ہے کہ اِس بات کا مقابلہ کرے اور اِس
چیز کو خوبی نہیں بلکہ الزام سمجھے اور اس کا ردّ کرے۔باقی رہا یہ کہ خدا تعالیٰ بعض ایسے افعال اپنے انبیاء کے ذریعہ سے صادر کرا دیتا ہے جو خدا تعالیٰ کے قانون قدرت میں کوئی رخنہ نہیں ڈالتے اور عقل کے خلاف نہیں ہوتے۔یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے اور قرآن کریم اِس بات کا مدعی ہے کیا غیب کا علم معجزہ نہیں۔کیا غیر معمولی حالات میں کسی کمزور انسان کو دنیا پر غالب کر دینا یہ معجزہ نہیں۔پھر جبکہ علاوہ قرآن کریم کے معجزہ کے قرآن کریم اِس بات کا بھی مدعی ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر علم غیب ظاہر کیا جاتا تھا اور اِس بات کا بھی مدعی ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے خد اتعالیٰ اپنی قدرتیں اور اپنی تائیدیں ظاہر کیا کرتا تھا تو کیونکر کہا جاسکتا ہے کہ قرآن کریم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت معجزات کا انکار کرتا ہے۔قرآن کریم تو بار بار محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف معجزات منسوب کرتا ہے۔کیا جب ایسے حالات میں مکہ والوں کی مخالفت کی خبر دی گئی تھی جبکہ اُن کی مخالفت کا کوئی امکان نہیں تھا، یا جب ہجرت کی خبر دی گئی اور اِس کا سن تک بتا دیا گیا یا جب قرآن کریم میں بدر کی جنگ کے واقعہ ہونے سے سالہا سال پہلے بدر کی جنگ کی خبر دی گئی اور اُس کے سال تک کی بھی خبر دی گئی اور اِس میں مسلمانوں کے جیتنے اور کفار کے ہارنے کی خبر دی گئی۔یا جب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت سے پہلے ہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہجرت کرنے کی خبر دی گئی اور پھر ایک غالب اور فاتح شخص کی حیثیت میں مکہ میں واپس لوٹنے کی خبر دی گئی یا جب قرآن کریم میں رومیوں کی خطرناک شکست کے بعد اُن کے دوبارہ کامیاب ہو جانے اور ایرانیوں کے شکست کھانے کی خبردی گئی یا جب قرآن کریم نے اِسلام کے تمام عرب میں پھیل جانے کی خبر دی اور پھر دنیا کے دوسرے تمام ادیان پر غالب آجانے کی خبر دی اور آئندہ واقعات نے اِن تمام باتوں کی تصدیق کر دی تو کیا یہ معجزہ نہ تھا؟ اور کیا اِن باتوں کے بیان کرنے کے بعد قرآن کریم یہ دعویٰ کر سکتا تھا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی معجزہ نہیں دکھایا؟ قرآن کریم کی جن آیتوں سے معترضین یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی معجزہ نہیں دکھایا درحقیقت اِس کا باعث اِن کی عربی سے ناواقفیت اور قرآن کریم کے
سلوب سے لاعلمی ہوتی ہے۔قرآن کریم میں جہاں یہ بیان فرمایا گیا ہے کہ ہمیں معجزہ کے بھیجنے سے کسی بات نے نہیں روکا سوائے اِس کے کہ پہلے لوگ معجزات کا انکار کرتے چلے آئے ہیں وہاں آیت کے یہ معنی نہیں جیسا کہ عیسائی مصنفین سمجھے ہیں کہ اِس وجہ سے ہم معجزہ دکھانے سے رُک گئے ہیں بلکہ اِس کا مطلب تو یہ ہے کہ معجزہ دکھانے میں روک ہی کونسی ہے۔صرف اتنی ہی روک ہو سکتی ہے کہ پہلے لوگوں نے معجزہ کا انکار کیا تو یہ کوئی روک نہیں، باوجود اس کے کہ ابتدائی انبیاء کے دشمنوں نے اِن کے معجزوں کو ردّ کیا، اِن کے بعد آنے والے انبیاء کو بھی معجزات ملتے رہے۔پھر کیا وجہ ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو معجزات نہ ملیں۔یا جب کفار کے مطالبہ پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے یہ کہا جاتا ہے کہ میں تو تمہاری طرح کا ایک بشر ہوں۔تو اِس میں یہ نہیں بتایا جاتا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر معجزات ظاہر نہیں ہوتے بلکہ اِس جگہ صرف یہ بتایا جاتا ہے کہ معجزہ دکھانا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کام نہیں خد اتعالیٰ کا کام ہے۔کیا اِس زبردست حقیقت کا اظہار قرآن کریم کی شان بڑھاتا ہے یا گھٹاتا ہے؟ وہ لوگ جو سمجھتے ہیں کہ خدا تعالیٰ نے خدائی کے اختیار بندوں کو دے دئیے ہیں وہ سچائی کے پیرو کہلا سکتے ہیں یا وہ جو اپنی بشریت کا اظہار کرتے ہوئے اِس حقیقت کو پیش کرتا ہے کہ خدا تعالیٰ ہمیشہ اپنے پیارے بندوں کے واسطہ سے معجزہ دکھاتا ہے۔علاوہ پیشگوئیوں کے قرآن کریم میں دوسری قسم کے معجزات کا بھی ذکر آتا ہے۔مثلاً قرآن کریم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اِس معجزہ کا ذکر آتا ہے کہ غارِ ثور میں جب آپ پناہ گزیں تھے، تو مکہ والے کھوجیوں کو لے کر آپ کا کھوج نکالتے ہوئے غار ثور تک پہنچ گئے۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اُس وقت حضرت ابوبکرؓ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خاطر گھبرائے مگر آپ نے فرمایا ۵۵۸؎ گھبرائو نہیں خدا ہمارے ساتھ ہے۔دشمن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔کیا یہ معجزہ نہیں جس کو قرآن کریم بیان کرتا ہے کیا دنیا اِس کی مثال پیش کر سکتی ہے!! دو آدمی بے سرو سامان ایک غار میں بیٹھے ہیں۔دشمن اُن کا تعاقب کرتا ہوا وہاں پہنچ گیا ہے اور یونہی رسمی طور پر نہیں بلکہ حقیقی طور پر وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھی کے بھاگنے کو اپنی شکست تصور کرتا ہے اور اسے اتنا اہم معاملہ سمجھتا
ہے کہ وہ آپ کے پکڑے جانے پر سَو اُونٹ کا انعام مقرر کرتا ہے، لیکن باوجود اس کے کہ کھوجی کہتا ہے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کھوج یہاں تک آتا ہے، آگے نہیں جاتا۔مکہ کے لوگوں کی آنکھوں اور اُن کے دلوں پر خد اتعالیٰ ایسا قبضہ کر لیتا ہے کہ تین میل کے تعاقب کرنے کے بعد اور اتنا انعام شائع کر دینے کے بعد اُن میں سے کسی شخص کو توفیق نہیں ملتی کہ وہ غار کے اندر جھانک سکے اور وہیں سے سب مکہ والے لوٹ جاتے ہیں۔اِس سے بڑا معجزہ دنیا میں اور کیا ہوگا۔پھر قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ جنگ بدر کے متعلق فرماتا ہے کہ اِس موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کنکریوں کی ایک مٹھی پھینکی اور اُس کے ساتھ دشمن تہہ وبالا ہو گیا۵۵۹؎ حدیثوں سے اِس واقعہ کی تفصیل یوں معلوم ہوتی ہے کہ جب بدر کی جنگ شدت اختیار کر رہی تھی اور کفار کا زور بڑھ رہا تھا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کنکروں کی ایک مٹھی اُٹھا کر دشمنوں کی طرف پھینکی اور فرمایا شَاہَتِ الْوُجُوْہُ دشمنوں کے منہ بگڑ جائیں۔تب خدا تعالیٰ نے آپ کے اس فعل کے ساتھ ہی ایک تیز آندھی چلادی جسکی وجہ سے اُس میدان سے جس میں مسلمان کھڑے تھے ریت کے تودے اُڑ اُڑ کر کفار کی آنکھوں میں پڑنے شروع ہوئے اور وہ دیکھنے سے معذور ہوگئے اور اُن کے تیر مخالف ہوا کی شدت کی وجہ سے آدھے راستے میں ہی گرنے لگ گئے اور مسلمانوں کو ایک غیر معمولی طاقت اور قوت حاصل ہوگئی۔کیا یہ معجزہ نہیں؟ اور کیا اس واقعہ کو بیان کرکے قرآن کریم نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف معجزہ منسوب نہیں کیا ہاں قرآن کریم اِس قسم کی جاہلانہ باتیں نہیں کہتا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حقیقی مردے زندہ کیا کرتے تھے۔یا سورج اور چاند کی رفتار کو ٹھہرا دیا کرتے تھے۔یا دریائوں کو کھڑا کر دیتے تھے یا پہاڑوں کو چلایا کرتے تھے۔یہ تو پنگھوڑے میں کھیلنے والے بچوں کی کہانیاں ہیں۔اِن باتوں کو قرآن کریم نہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرتا ہے نہ کسی اور نبی کی طرف منسوب کرتا ہے بلکہ اگر پہلی کتب میں اِس قسم کی باتیں بیان بھی ہوئی ہیں تو قرآن کریم اِن کی تشریح کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ یہ باتیں محض استعارۃً ہیں لوگوں نے اِن کو حقیقی رنگ دینے میں غلطی کی ہے۔