قرآنی تعلیم کے اصول
دیباچہ تفسیر القرآن
قرآنی تعلیم کے اُصول قرآن کریم کو دوسری تمام کتب پر یہ فضیلت حاصل ہے کہ وہ مذہب کے متعلق سب کے سب سوالات کو حل کرتا ہے اور مذہب کے اُصول کو نمایاں طور پر پیش کرکے لوگوں کی توجہ اِس طرف پھراتا ہے کہ مذہب کا کیا دائرہ ہے اور اِس کا کیافائدہ ہے۔تورات کو پڑھ جائو، انجیل کو پڑھ جائو، ویدوں کو پڑھ جائو، ژند اَوِستا کو پڑھ جائو یا اور کسی کتاب کو پڑھ جائو، یوں معلوم ہوتا ہے کہ ایک لمبے مظاہرۂ قدرت کے درمیان کسی وقت کوئی شخص آپہنچا ہے اور اُس نے اِس مظاہرہ کو اُس وقت سے بیان کرنا شروع کر دیا ہے جب سے اُس کی نظر اُس پر پڑی ہے، لیکن قرآن کریم مذہب کو اس رنگ میں پیش نہیں کرتا وہ خلق کی حکمت اور اِس کی پیدائش کے ساتھ تعلق رکھنے والے سب اُمور کو بیان کرتا ہے۔وہ بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے دنیا کو کیوں پیدا کیا ہے، انسان کے پیدا کرنے سے اس کی غرض کیا ہے، اِس غرض کے پورا کرنے کے لئے کونسے ذرائع اختیار کرنا ضروری ہیں خود اللہ تعالیٰ کا وجود کیا ہے اور کیسا ہے؟ اِس کی کیا کیا صفات ہیں اور وہ صفات کس طرح دنیا میں جاری ہوتی ہیں؟ بنی نوع انسان کی پیدائش کا مقصد بتاتے ہوئے اُس نے اِس نظام کی تشریح کی ہے جوا س دنیا کو چلانے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔وہ ایک طرف تو یہ بتاتا ہے کہ جسمِ انسانی کے ارتقاء اور نشوونما کے لئے خدا تعالیٰ نے دنیا میں ایک قانونِ قدرت جاری کیا ہے جو انسان کے جسم اور اِس کے دماغ کے ساتھ تعلق رکھتا ہے اور یہ تمام قانونِ قدرت خدا تعالیٰ کے ملائکہ میں سے ایک قسم کے ملائکہ کے سپرد ہے۔دوسری طرف انسانی روح کی ترقی اور اِس کی بصیرت کو جلا بخشنے کیلئے اُس نے قانونِ شریعت کو قائم کیا ہے۔یہ قانونِ شریعت ملائکہ کی ایک دوسری قسم کے ذریعہ سے دنیا میں نازل ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ کے انبیاء پر نازل ہوتا ہے۔کبھی تو یہ شریعت ایک مکمل قانون کی صورت میں نازل ہوتی ہے۔کبھی ایک جزوی اصلاح کی صورت میں نازل ہوتی ہے اور کبھی انسانی تشریحات سے بگاڑی ہوئی شکل کو دوبارہ بحال کرنے کی صورت میں نازل ہوتی ہے۔یعنی کبھی اللہ تعالیٰ کے نبی اِس لئے آتے ہیں کہ اُن کے ذریعہ سے ایک نئی شریعت قائم کی جائے۔کبھی اِس لئے آتے ہیں کہ پرانی شرائع کی بعض غلطیوں کی اصلاح کی جائے۔کبھی اِس لئے آتے ہیں کہ شریعت کے معنی کرنے میں جو لوگ غلطی
کرنے لگ جاتے ہیں اُن کی اصلاح کریں۔پھر وہ شریعت کی حکمتیں بیان کرتا ہے کہ کیوں خدا تعالیٰ کی طرف سے شریعت کا آناضروری ہے۔اِس کے فوائد کیا ہیں اور شریعت انسان کی ترقی میں کیا مدد دیتی ہے۔وہ صفات اور ذات کا فرق بیان کرتا ہے اور اِس سے ہمیں معلو م ہوتا ہے کہ جن لوگوں نے یہ کہا کہ : ’’ ابتداء میں کلام تھا اور کلام خدا کے ساتھ تھاا ور کلام خدا تھا‘‘۔۵۶۰؎ وہ سخت غلطی خوردہ ہیں۔صفت ذات کی قائم مقام نہیں ہوسکتی۔صفت صفت ہی ہے اور ذات ذات ہی ہے۔قرآن کریم انسان کے مختار اور مجبور ہونے کے متعلق بھی روشنی ڈالتا ہے اور بتاتا ہے کہ کس حد تک انسان مجبور ہے اور کس حد تک مختار ہے اور پھر وہ اس پرروشنی ڈالتا ہے کہ انسان اِس حد تک مجبور نہیں ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کے سامنے جواب دہی سے بری ہو جائے یا اس کی اصلاح نہ ہو سکے۔ہاں وہ اِس حد تک مجبور ضرور ہے کہ اس دائرہ عمل سے باہر نہیں جا سکتا جو خدا تعالیٰ نے اس کے لئے تجویز کیا ہے۔انسان اپنی ساری کوششوں کے بعد انسان ہی رہے گا نہ اُسے جمادات کی طرح بنایا جا سکتا ہے نہ وہفرشتوں کی طرح بنایا جا سکتا ہے لیکن اپنے دائرہ کے اندر اندر اُسے بہت کچھ طاقتیں حاصل ہیں اور بحیثیت انسان وہ کسی صورت میں بھی اصلاح اور نصیحت کے دائرہ سے باہر نہیں۔قرآن کریم ہمیں بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ پر ایمان کیسا لانا چاہئے۔اس کی ہستی کے ثبوت کیا ہیں۔اور وہ اس امر پر زور دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہی تاریکی کے وقتوں میں اپنا کلام نازل کر کے اور اپنی غیر معمولی قدرتوں کو ظاہر کر کے اپنی ہستی کو ثابت کرتا رہتا ہے اور یہی اُس کے وجود کا حقیقی ثبوت ہے۔پس انبیاء اور اُن کے کامل اتباع کا وجود خدا تعالیٰ کی ہستی کے ثابت کرنے کے لئے دنیا میں نہایت ضروری ہے۔اگر خدا تعالیٰ انبیاء اور اُن کے ابتاع کے آئینہ میں اپنی شکل نہ دکھاتا رہے تو دنیا شکوک و شبہاب کے گڑھے میںگر جائے اور خدا تعالیٰ کا وجود دنیا سے مٹ جائے۔پس جب تک دنیا قائم ہے خدا تعالیٰ سے کلام پانے والے اور اس کے مکالمہ مخاطبہ سے مشرف ہونے والے آدمی دنیا میں آتے رہیں گے اور یہ سلسلہ کبھی بھی ختم نہ ہوگا کیونکہ ایمان کا قیام اس ذریعہ سے ہے کہ خدا تعالیٰ ابتدائے عالم
سے لے کر مسیح تک اور مسیح سے لے کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک کلام کرتا چلا آیا ہے اُسی طرح جس طرح کہ وہ پیدا کرتا چلا آیا ہے، جس طرح وہ سنتا چلا آیا ہے، جس طرح وہ دیکھتا چلا آیا ہے وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بھی مخلوق کی انتہاء تک اپنے خاص خاص بندوں سے کلام کرتا چلا جائے گا اور اپنی ذات کو دنیا پر ظاہر کرتا رہے گا۔یہ نہیں ہو سکتا کہ مسیح یا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک تووہ گویا رہا ہو اور پھر وہ گونگا ہو گیا ہو۔جس طرح یہ نہیں ہو سکتا کہ مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک تو وہ بینا تھا مگر بعد کو اندھا ہو گیا۔یا مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک تو وہ خالق تھا مگر اس کے بعد اس سے صفت خلق جاتی رہی۔یا مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک تو وہ طاقتور تھا مگر اس کے بعد اُس کی طاقت سلب ہوگئی۔کون عقلمند اِس بات کو تسلیم کر سکتا ہے کہ خدا پہلے طاقتور تھا اب کمزور ہو گیا ہے یا خدا پہلے بینا تھا اب اندھا ہو گیا ہے۔یا مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک وہ خالق تھا اس کے بعد پیدائش کی طاقت اُس کے ہاتھوں سے نکل گئی۔یا مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک تو وہ علیم تھا اس کے بعد اس کا علم جاتا رہا۔تعجب کی بات ہے کہ باوجود اس کے کہ حقیقت اتنی واضح ہے پھر بھی زرتشتی، یہودی، عیسائی اور آجکل کے غلطی خوردہ مسلمان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کا کلام زرتشت، پرانے اسرائیلی نبیوں ، مسیح اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر آکر ختم ہو گیا ہے۔قرآن اِس کو ردّ کرتا ہے۔قرآن خدا تعالیٰ کے زندہ ہونے کا ثبوت ہی اس بات کو قرار دیتا ہے کہ خدا اپنے نیک بندوں سے ہمیشہ کلام کرتا رہے گا جس طرح وہ پہلے کلام کیا کرتا تھا اور اِس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ظہور نے ایک دفعہ پھر اس قرآنی صداقت پر مہر لگا دی ایک دفعہ پھر خدا تعالیٰ کا کلام آپ پر اور آپ کے سچے اتباع پر نازل ہو کر دنیا کے اُن لوگوں کو چیلنج دے رہا ہے جو لفظاً نہیں تو عقیدۃً ضرور خدا تعالیٰ کو گونگا بنارہے تھے۔قرآن اِس بحث کو بھی اُٹھاتا ہے کہ خدا تعالیٰ کا کلام کسی ایک قوم سے مخصوص نہیں بلکہ تمام اقوام میں خدا تعالیٰ کے نبی آتے رہے ہیں اور وہ اس سوال کو بھی اُٹھاتا ہے کہ یکے بعد دیگرے خدا تعالیٰ کے نبی کیوں آتے رہے اور کیوں نہ ایک کامل کتاب ابتدائی زمانہ میں ہی نازل ہو گئی۔پھر قرآن کریم توحید کے مسئلہ پر ایک سیر کن بحث کرتا ہے۔وہ بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ کے
ایک ہونے کے کیا ثبوت ہیں۔کیوں کہ ایک سے زیادہ خدا تسلیم کرنا عقل کے خلاف ہے اور واقعہ کے بھی خلاف ہے اور دنیا کو توحید کے عقیدہ سے کیا کچھ روحانی فائدہ پہنچتا ہے۔خدا تعالیٰ کی ذات کے بعد نبوت کا مقام ایک ایسا مقام ہے جو دنیا کے لئے ہمیشہ زیر بحث چلا آیا ہے۔نبی یا اس کے ہم معنی الفاظ کا استعمال تو تمام کتابوں میں پایا جاتا ہے، لیکن قرآن کے سوا کوئی ایک کتاب بھی نہیں جو یہ بتاتی ہو کہ اس لفظ کی تشریح کیا ہے؟ ہم کس شخص کو نبی کہہ سکتے ہیں اور کس شخص کو نبی نہیں کہہ سکتے اور نبوت کی کیا کیا اقسام ہیں، قرآن ہی ہے جو بتاتا ہے کہ نبی کی تعریف کیا ہے، نبیوں کی کتنی قسمیں ہیں،نبی اور غیر نبی میں کیا فرق ہے، نبی کے فرائض کیا ہیں، نبی اور خدا میں کیا فرق ہے، نبی کی بعثت کی غرض کیا ہے، نبی اور اس کی اُمت کے درمیان کیسا تعلق ہونا چاہیے، نبی کے حقوق کیا ہیں،نبی اور اس کے منکروں کے تعلقات کی بنیاد کیا ہونی چاہئے، کیا نبی خدا اور بندوں کے درمیان ایک دیوار حائل کی حیثیت رکھتا ہے یا وہ محض ایک ممد اور مدد گار کی حیثیت رکھتا ہے۔اسی طرح قرآن کریم ملائکہ کے متعلق تفصیلی بحث کرتاہے۔ملائکہ کے کیا کام ہیں، خدا تعالیٰ نے ملائکہ کو کیوں بنایا ہے، اسی طرح وہ یہ بھی بحث کرتا ہے کہ شیطان کیا ہے، اس کا وجود بنی نوع انسان کے لئے کیوں ضروری ہے، شیطان کے وساوس سے انسان کس طرح بچ سکتا ہے، شیطان اور انسان کا کیا تعلق ہے، کیا شیطان انسان کو مجبور کر سکتا ہے یا نہیں کر سکتا۔اور وہ بتاتا ہے کہ جس طرح ملائکہ انسان کے دل میں نیک تحریکیں پیدا کرتے ہیں اسی طرح شیاطین بدتحریکیں پیدا کرتے ہیں لیکن انسان کے اندر دونوں طاقتیں موجود ہیں۔وہ ملائکہ کی نیک تحریکوں کو قبول بھی کرسکتا ہے اور اُن کا مقابلہ بھی کر سکتا ہے۔وہ شیطان کی بد تحریکوں کو قبول بھی کر سکتا ہے اور اُن کا مقابلہ بھی کر سکتا ہے یہ دونوں وجود انسان کو کامل کرنے کے لئے پیدا کئے گئے ہیں اور اُس کے وجود کوا یک حقیقت عطا کرنے کا ذریعہ ہیں۔ملکی اور شیطانی تحریکوں کے بغیر انسان کسی انعام کا مستحق نہیں بن سکتا اور نہ وہ کسی سزا کا مستوجب بن سکتا ہے۔اگر شیطان انسان پر اثر ڈالنے والا نہ ہو توانسان کسی انعام کا بھی مستحق نہیں اور اگر ملکی تحریکیں دنیا میں موجود نہ ہوں تو انسان کسی سزا کا بھی مستوجب نہیں۔بدی ہی کا مقابلہ انسان کو انعام کا مستحق بناتا ہے
اور نیکی سے منہ موڑنا ہی انسان کو سزا کا مستوجببناتا ہے۔قرآن کریم اِس سوال پر بھی روشنی ڈالتا ہے کہ دعا کیا ہے، دعا کرنے کے طریق کیا ہیں، دعائیں کن حالات میں قبول ہوتی ہیں اور کن حالات میں قبول نہیں ہوتیں۔دعائوں کی قبولیت کا دائرہ کیا ہے۔وہ نیکی اور بدی پر بھی بحث کرتا ہے کہ نیکی کیا چیز ہے اور بدی کیا چیز ہے، ان کی حدیں کہاں ملتی ہیں ،حقیقی نیکیاں کیا ہیں اور حقیقی بدیاں کیا ہیں، نسبتی نیکیاں کیا ہیں اور نسبتی بدیاں کیا ہیں، وہ نیکی اور اخلاق فاضلہ پیدا کرنے کے طریق بتاتا ہے، وہ بدیوں سے بچنے کے طریق بتاتا ہے، وہ نیکیوں اور بدیوں کے منبع پرروشنی ڈالتا ہے اور بدیوں کے منبع کو بند کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔وہ توبہ پر بھی روشنی ڈالتا ہے، توبہ کی حقیقت بتاتاہے، توبہ کے فوائد بتاتا ہے، توبہ کے مواقع بتاتا ہے اور توبہ کی شرائط بیان کرتا ہے۔اسی طرح وہ جزاء سزا کے متعلق بھی پوری روشنی ڈالتا ہے جزاء کن حالات میں دی جاتی ہے، سزا کن حالات میں دی جاتی ہے جرم اور سزا کی نسبت کیا ہونی چاہئے۔پھر وہ اسی سلسلہ میں نجات کی تفاصیل بیان کرتا ہے۔نجات کیا ہے اور کس طرح حاصل ہوتی ہے اور کیا ہر ایک بدی انسان کو تباہی کی طرف لے جاتی ہے۔قرآن کریم ہمیں بتاتا ہے کہ نجات تین قسم کی ہے، کامل، ناقص اورملتوی۔کامل نجات انسان اسی دنیا سے حاصل کرتا ہے۔ناقص نجات والا انسان مرنے کے بعد تدریجی طور پر اپنی نجات کے سامانوں کو مکمل کرتا ہے اور ملتوی نجات وہ ہے جو سزائے جہنم لے لینے کے بعد حاصل ہوتی ہے۔اس آخری قسم کی نجات کے بارہ میں اسلام اور عیسائیت میں ایک رنگ میں تشابہہ بھی ہے اور ایک رنگ میں تخالف بھی ہے۔عیسائیت صرف کمزور عیسائیوں کو جو اپنے عقیدہ میں پکے ہوں اس دوزخ کا سزاوار قرار دیتی ہے کہ جس میں سے نکل کر انسان جنت میں پہنچ جاتا ہے لیکن اسلام اِس بات پر زور دیتا ہے کہ ہر انسان نجات ہی کے لئے پیدا کیا گیا ہے اور خواہ کوئی کیسا ہی کا فر ہو مختلف قسم کے علاجوں کے بعد جن میں سے ایک علاج جہنم بھی ہے وہ آخر جنت کو پالے گا۔قرآن نجات کے بارہ میں وزنِ اعمال پر زور دیتا ہے وہ کہتا ہے کہ نیک اعمال کا بڑھ جانا انسان کی نجات کے لئے اس کی سچی کوشش پر دلالت کرتا ہے اور جو شخص سچی کوشش کرتا ہوا مر جاتا ہے وہ اس سپاہی کی طرح ہے جو فتح سے پہلے مارا جاتا ہے۔موت جس طرح سپاہی کے اختیار میں نہیں اسی طرح نیکی کی راہ ا
ختیار کرنے والے کے بھی اختیار میں نہیں۔موت خدا تعالیٰ کی طرف سے آتی ہے اگر ایک شخص نیکی کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے مر جاتا ہے تو یقینا وہ خد اکے فضل کا مستحق ہے سزا کا مستوجب نہیں۔کوئی قوم اپنے سپاہیوں کو اِس بات پر ملامت نہیں کیا کرتی کہ وہ فتح پانے سے پہلے کیوں مارے گئے بلکہ فتح کے لئے بھی سچی کوشش کرنے والا سپاہی عزت پاتا ہے اِسی طرح وہ شخص جو شیطان کو زیر کرنے کے لئے پورا زور لگا رہا ہے کبھی شیطان اُس پر غالب آجاتا ہے اور کبھی وہ شیطان پر غالب آجاتا ہے مگر وہ دل نہیں ہارتا، وہ ہمت نہیں ہارتا، وہ ہتھیار نہیں ڈالتا، وہ خدا تعالیٰ کی بادشاہت کے قیام کے لئے شیطان سے لڑتا چلا جاتا ہے ایسا انسان قرآن کے نزدیک یقینا نجات کا مستحق ہے۔اُس کی کمزوری اُس کے لئے ایک زیور ہے کیونکہ وہ باوجود کمزور ہونے کے خدا کے سپاہیوں میں شامل ہونے سے ڈرا نہیں اور اپنی قربانی پیش کرنے سے ہچکچایا نہیں۔قرآن کریم روحانی ارتقاء کی منازل بیان کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ روحانی مدارج کیا ہیں، کتنے ہیں اور مختلف اخلاق کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ روحانی مدراج کی تفصیل بیان کرتا ہے۔وہ بتاتا ہے کہ عفت کتنی اقسام کی ہے، وہ بتاتا ہے کہ سخاوت کتنی اقسام کی ہے، وہ سچائی کی اقسام بیان کرتا ہے، وہ رحم اور حسن سلوک کے مدراج بیان کرتا ہے تاکہ ہر طاقت و قوت کا انسان اپنے لئے ایک قریب کی منزل مقرر کر سکے اور اس طرح جہاں اُس کی حوصلہ افزائی ہو وہاں چھوٹی ترقی پر خوش ہونے کی غلطی میں وہ مبتلا نہ ہو جائے۔وہ ہر شخص کے قریب کی منزل اُسے بتاتا ہے مگر ساتھ ہی یہ بھی بتاتا ہے کہ اس سے اُوپر ایک اور منزل بھی ہے۔جب تم پہلی منزل طے کر لو تو تمہیں اُوپر کی منزل کی طرف اپنا قدم بڑھانا چاہئے اس طرح وہ قدم بقدم اور درجہ بدرجہ انسان کو اُوپر لئے چلا جاتا ہے۔قرآن انسان کے دماغی ارتقاء پر بھی روشنی ڈالتا ہے وہ بتاتا ہے کہ انسان کا دماغی نشوونما کس طرح ہوتا ہے اور کس طرح خدا تعالیٰ کے نزدیک اُس کے دماغی نشوونما کا بھی اس کے متعلق فیصلہ کرنے کے وقت لحاظ رکھا جاتا ہے وہ شخص جو ایک اچھے ماحول میں پلا ہے اور جس کے لئے نیکی کا رستہ آسان ہو گیا ہے وہ محض اپنے اعمال کی وجہ سے دوسرے پر فضیلت نہیں پائے گا، بلکہ دوسرا شخص جس کا دماغی نشوونما اس پہلے شخص کے برابر نہیں اور جس کا