روحانی دنیا کا نقشہ
دیباچہ تفسیر القرآن
بیان ہوئے ہیں لیکن ظاہر ہے کہ ان تمام باتوں کو دیباچہ میں بیان نہیں کیا جا سکتا صرف اِن کی طرف اشارہ کیا جا سکتا ہے۔چنانچہ اُوپر میں نے ان اُمور کی طر ف اشارہ کر دیا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ قرآن کریم اس بات کا مدعی ہے کہ تمام وہ باتیں جن کی دین اور اخلاقی ترقی اور جسم اور روح کی پاکیزگی کے لئے ضرورت ہے وہ قرآن کریم میں بیان ہوئی ہیں اور اس دعویٰ کو ہم نے ہر زمانہ میں سچا پایا ہے۔اس بیسویں صدی میں بھی کہ اس زمانہ کے لوگ اپنے آپ کو علوم میں سب سے بڑھ کر سمجھتے ہیں ہم قرآن کریم کو انسان کی تمام سچی ضرورتوں کو پورا کرنے والا پاتے ہیں اور کوئی ایسی ضرورت جو دین یا اخلاق یا روحانی یا دماغی صفائی اور پاکیزگی کے متعلق ہو ہمیں ایسی نہیں ملتی جس کے متعلق قرآن کریم میں مکمل تعلیم نہ دی گئی ہو، لیکن ایک دیباچہ ان کی تفصیل کا متحمل نہیں ہو سکتا۔پس مختصر اشاروں پر ہی میں اس مضمون کو ختم کرتا ہوں۔ہاں تشریحی نوٹوں میں مختلف آیات کی تشریح میں ان اُمور پر مزید روشنی ڈالی جائے گی۔گو جس قسم کے مختصر نوٹ اِس قرآن کریم میں دئیے گئے ہیں اُن کو مدنظر رکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ پورا علم قرآن کے مطالب کا ان نوٹوں سے بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔اس کے لئے میری اُردو کی تفسیر ایک حد تک ممد ہو سکتی ہے وہ ان انگریزی تشریحی نوٹوں سے بہت زیادہ مفصل ہے۔روحانی دنیا کا نقشہ قرآن کریم کی تعلیم کے اُصول کا ایک مختصر خلاصہ بیان کرنے کے بعد میں روحانی دنیا کا وہ نقشہ پیش کرتا ہوں جو قرآن کریم نے کھینچا ہے مختصراً پیش کرتا ہوں۔جس طرح یہ مادی دنیا ہمیں ایک خاص نظام کے ماتحت چلتی ہوئی نظر آتی ہے ہم جس زمین پررہتے ہیں وہ ایک نظامِ شمسی کے تابع ہے، ایک سورج اپنے ماتحت کچھ ستارے رکھتا ہے۔اور وہ ستارے اس سورج کے گرد گھومتے ہیں اور سورج آگے ایک غیرمعلوم منزل کی طرف جاتا ہے جس کی نسبت آجکل کے حساب دان کہتے ہیں کہ وہ ایک بڑا مرکز ہے جو تمام نظام ہائے شمسی کو ایک بڑے نظام کے ماتحت جکڑ رہا ہے ان کی تفصیلات ٹھیک ہوں یا نہ ہوں بہر حال یہ تو ظاہر ہے کہ یہ ساری دنیا کسی ایک نظام کے ماتحت ہے ورنہ یہ اس طرح قائم نہیں رہ سکتی تھی۔پھر اس ظاہری نظام کے ماتحت کچھ قوانین قدرت ہیں جن کے مطابق مادہ دنیا میں کام کر رہا ہے اور مختلف قسم کے تغیرات میں سے گزرتے ہوئے مادی دنیا کو
انواع و اقسام کی اشیاء سے بھر رہا ہے جن اشیاء کے استعمال سے ہی اس دنیا کی ترقی اور اس کی کامیابی کا راز وابستہ ہے۔قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسا ہی ایک روحانی نظام بھی ہے اور جس طرح اس مادی عالم کے تمام نظام ہائے شمسی کا ایک مرکز فرض کیا جاتا ہے قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ اسی طرح روحانی دنیا کابھی درحقیقت ایک مرکز محیط ہے یعنی کوئی ایسی چیز نہیں جو اُس مرکز کے تصرف اور اس کے اختیار اور اس کے قبضہ سے باہر ہو۔وہ ہستی آپ ہی آپ موجود ہے کوئی اس کا پیدا کرنے والا نہیں وہ اپنے کاموں میں کسی اور کا محتاج نہیں نہ اس کا کوئی باپ ہے، نہ اُس کا کوئی بیٹا ہے نہ اُس کی طاقتوں میں کوئی اور شریک ہے چنانچہ قرآن کریم فرماتا ہے ۵۶۴؎ اے محمد رسول اللہ! تُو دنیا کو سناد ے کہ حقیقت یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی تمام طاقتوں میں منفرد ہے گو دوسری چیزوں کی صفات اور اُس کی بعض صفات میں ظاہری تشابہہ نظر آتا ہے لیکن وہ تشابہہ صرف لفظی اور ظاہری ہے حقیقتاً خد اتعالیٰ کے ساتھ کسی چیز کو مشابہت نہیں۔مثلاً ظاہر میں خدا تعالیٰ بھی موجود ہے اور انسان بھی موجود ہے مگر انسان اور حیوان اور دوسری چیزوں کا وجود باوجود اس کے کہ لفظاً خد اتعالیٰ کے وجود کے ساتھ اشتراک رکھتا ہے حقیقتاًدونوں ایک چیز نہیں۔خدا تعالیٰ کے متعلق جب ہم کہتے ہیں کہ وہ موجود ہے تو اس کے معنی یہ ہوا کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذات میں کامل وجود ہے اور جب ہم انسان یا حیوان یا دوسری چیزوں کے متعلق کہتے ہیں کہ وہ موجود ہیں تو ہمارا مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ جب تک وہ اسباب اور وہ علتیں موجود ہیں جن کے تغیرات کے نتیجہ میں انسان یا حیوان یادوسری اشیاء پیدا ہوئی ہیں اُس وقت تک اُس انسان یا حیوان یا موجودات کا وجودقائم رہے گا۔اگر وہ اسباب اور وہ علتیں پیچھے ہٹالی جائیں تو اس کا وجود بھی فنا ہوجائے یا وہ اسباب اور علل جتنے جتنے ہٹا لئے جائیں گے اتنا اتنا ہی وہ فنا ہوتا جائے گا۔مثلاً ایک زندہ انسان کی زندگی کا موجب اُس کی روح کا جسم سے تعلق ہے انسان کا زندہ ہونا ایک عارضی تعلق کی وجہ سے ہے جب وہ عارضی تعلق قطع ہوجاتا ہے تو انسان تو رہتا ہے مگر زندہ نہیں رہتا۔انسانی جسم موجود تو ہوتا ہے مگر انسانی جسم نام ہے چند عارضی اسباب کی وجہ سے چند ذرات کے ایک خاص شکل میں جمع
ہوجانے کا۔اُن ذرات کو جب الگ کردیا جائے تو انسانی جسم باقی نہیں رہتا۔جب انسان مرجاتا ہے اور اس کو مٹی میںدفن کرتے ہیں تو مٹی کی رطوبت اور دوسرے کیمیاوی اثرات اُس کے جسم کو خاک بناکر رکھ دیتے ہیںوہ ذرے جن سے انسانی جسم بنا تھا وہ تو اب بھی موجود ہوتے ہیں مگر علت کے بدل جانے کی وجہ سے انسانی جسم موجود نہیں رہتا۔جب اسی انسانی جسم کو آگ میں جلا دیا جاتا ہے یا پانی میں گلا دیا جاتا ہے یا بجلی سے راکھ کر دیا جاتا ہے تو جن چیزوں سے انسان بنا تھا وہ تو پھر بھی موجود رہتی ہیں مگر آگ یا بجلی یا پانی کے اثرات سے اُن کی شکل بدل جاتی ہے اور انسانی جسم کو اس کی موجودہ شکل میں قائم رکھنے کی جو علت تھی اُس کے مٹتے ہی انسانی جسم بھی مٹ جاتا ہے مگر خدا کیلئے یہ بات نہیں ،اُسے کوئی خارجی سبب وجود نہیں دے رہا ہے۔یا اُس کے وجود کو قائم نہیں رکھ رہا بلکہ وہ خود کامل ہستی ہونے کی وجہ سے موجود ہے اور وقت کی قید سے آزاد ہے گو انسانی دماغ نہیں سمجھ سکتا کہ وہ کیونکر وقت کی قید سے آزاد ہے جب کہ سب مادہ وقت کی قید میں مبتلا ہے۔اس کا جواب درحقیقت یہی ہے کہ خدا کا وجود اَور طرح کا ہے اور انسان کا وجود اَور طرح کا ہے انسان کے وجود یا مادی وجود پر خدا تعالیٰ کا قیاس نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ ہر چیزمیں منفرد ہے۔اسی مضمون کو قرآن کریم ایک دوسری جگہ اِن الفاظ میں بیان فرماتا ہے کہ۵۶۵؎ وہ آسمان اور زمین کو پیدا کرنے والا ہے اس نے ہر چیز کی جنس میں سے اُ س کا جوڑا بنایا ہے۔چار پایوں کی جنس میں سے بھی اُن کا جوڑا بنایا ہے اور وہ ان جوڑوں کے ذریعہ سے مادی دنیا کو ترقی دیتا چلا جاتا ہے یعنی تمام دنیا میں خواہ وہ حیوان ہوں یا نباتات یا جمادات جوڑوں کا سلسلہ چل رہا ہے خواہ اس کو نرو مادہ کہہ لو خواہ اسے مثبت و منفی کہہ لو۔خواہ اس کا کوئی اور نام رکھ لو۔بہرحال یہ ساری دنیا جوڑوں کے اصول پر چل رہی ہے۔ایک اور جگہ قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۵۶۶؎ اور ہم نے ہر چیز کو جوڑے جوڑے بنایا ہے تاکہ تم نصیحت حاصل کرو۔یعنی تا یہ تم سمجھ سکو کہ کوئی چیز اللہ تعالیٰ
کے سوا خدا نہیں ہوسکتی کیونکہ وہ ایک جوڑے کی محتاج ہے اور اس کا قیام اور اس کی زندگی دوسری چیزوں کے ساتھ وابستہ ہے۔غرض قرآن کریم ایک ایسی ہستی کو تمام موجودات کا مرکز قرار دیتا ہے جو اپنی ذات میں منفرد ہے اور جس کے ساتھ کسی اور چیز کو مشابہت نہیں دی جاسکتی۔اس کے سوا جتنی موجودات ہیں وہ سب اپنی ذات کے قیام کے لئے دوسروں کی محتاج ہیں مگر وہ ہستی جو تمام کائنات کا نقطۂ مرکزی ہے وہ اپنے کاموں کے لئے کسی کی محتاج نہیں۔پھر فرماتا ہے نہ اُس ہستی سے آگے کوئی اولاد پیدا ہوتی ہے اور نہ وہ کسی کی اولاد میں سے ہے۔اس آیت کے ذریعہ سے قرآن کریم نے اپنے عقیدہ کو عیسائیت سے بالکل مختلف ثابت کیا ہے عیسائیت اور بھی بہت سے دیگر آرین مذاہب بھی خدا تعالیٰ کی کسی نہ کسی شکل میں اولاد تسلیم کرتے ہیں۔قرآن کریم فرماتا ہے کہ اولاد کی ضرورت ایسی ہستیوں کو ہوتی ہے جو محتاج ہوتی ہیں یا جن پر فنا آنے والی ہوتی ہے مگر خدا میں یہ باتیں نہیں پائی جاتیں۔پس اُس کو کسی اولاد کی ضرروت نہیں اور جس طرح اُسے اولاد کی ضرورت نہیں اِ سی طرح وہ اس بات کا بھی محتاج نہیں کہ اس کا کوئی اور سبب اور پیدا کرنے والا ہو۔اور جس طرح وہ باپ اور بیٹے سے آزاد ہے اسی طرح وہ اس بات میں بھی منفرد ہے کہ کوئی اور ہستی اس جیسی طاقتوں والی موجود نہیں۔یعنی نہ تو خدا تعالیٰ کے پیدا کرنے کا کوئی سبب ہے نہ خد اتعالیٰ اولاد کا محتاج ہے اور نہ خدا تعالیٰ کی قسم کا کوئی اور وجود موجود ہے۔اس آخری اعلان کے ساتھ قرآن کریم نے اُن مذاہب کا ردّ کیا ہے جو تعددِ اُلوہیت کے قائل ہیں جیسے زرتشی مذہب ہے غرض ان مختصر الفاظ میں یہ عقیدہ پیش کیا گیا ہے کہ تمام عالم کا مرکز ایک خدا ہے جو منفرد حیثیت رکھتا ہے تمام دیگر ہستیوں سے۔اور وہ واحد منبع ہے تمام موجودات کا۔اور وہ اپنے کاموں کے کرنے میں کسی کی مدد کا محتاج نہیں نہ اس کا کوئی بیٹا ہے نہ اس کا کوئی باپ تھا اور نہ کوئی متوازی طاقت اُس کے ساتھ موجود ہے اور نہ اس کے بِالمقابل کوئی اور طاقت موجود ہے۔دیکھو! ان چند الفاظ میں سارے کے سارے مذاہب کو ردّ کر کے ایک خالص توحید کو قائم کر دیا گیا ہے۔دنیا کے جتنے مذاہب ہیں وہ سارے کے سارے مندرجہ ذیل غلطیوں میں مبتلا ہیں۔بعض لوگ عقیدہ رکھتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کسی خاص قوم کا خدا ہے یعنی خواہ اس نے پیدا تو ساری دنیا کو
کیا مگر وہ مخصوص ہو گیا ہے بنی اسرائیل سے یا مخصوص ہو گیا ہے ہنود سے یا مخصوص ہو گیا ہے ایرانیوں سے۔قرآن مجید اس عقیدہ کو ردّ کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نہ صرف اپنی ذات میں منفرد ہے بلکہ وہ منبع ہے تمام کائنات کا۔( اَحَد کا لفظ جو سورۃ اخلاص کی مندرجہ بالا آیت میں استعمال کیا گیا ہے اس کے معنی منفرد کے بھی ہوتے ہیں اور اکائی کے بھی ہوتے ہیں یعنی وہ منبع جو خود تعدد سے باہر ہوتا ہے لیکن تعدد اس کے اثر سے پیدا ہوتا ہے) اِس آیت کے ذریعہ سے قرآن کریم نے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ تمام بنی نوع انسان کا خدا ہی ہادی اور راہنما ہے اُسے کسی قوم کے ساتھ خاص لگائو نہیں تمام بنی نوع انسان جو اُس کے قرب کی راہیں تلاش کریں خدا اُن کے لئے اپنے قرب کی راہیں کھولتا ہے۔عرب، بنی اسرائیل، ایرانی، ہندی، چینی، یونانی، افریقی یہ سارے اس کی نظر میں ایک ہیں کیو نکہ وہ ان سب کو وجود دینے کا باعث ہے۔تمام دنیا کے تعدد کی وہ اکیلی اکائی ہے۔پھر یہ کہہ کر کہ وہ کسی کا بیٹا نہیں اس نے عیسائیت کے مرکزی عقیدہ کور دّ کیا ہے۔اسی طرح مختلف ہندو فرقوں کے مرکزی عقیدہ کو اُس نے ردّ کیا ہے۔اور یہ کہہ کر وہ کسی کا بیٹا نہیں اس نے اس عقیدہ کو ردّ کیا ہے کہ کوئی بیٹا خدا ہو سکتا ہو کیونکہ جو اپنے وجود کے لئے دوسرے کا محتاج ہو وہ خدا نہیں ہو سکتا۔اور یہ کہہ کر کہ اس کے بالمقابل کوئی اور طاقتیں نہیں، اس نے اُن مذاہب کے عقائد کو ردّ کر دیا ہے جو نور اور تاریکی کو علیحدہ علیحدہ وجود قرار دے کر دنیا کے دو متوازی خدا منوانا چاہتے ہیں۔پھر قرآن کریم یہ بتاتا ہے کہ خدا تمام اشیاء کی علت العلل بھی ہے یعنی تمام کی تمام مفردات اس سے نکلی ہیں اور سب کی سب مخلوق اُسی کی طرف لوٹتی ہے۔چنانچہ فرماتا ہے ۵۶۷؎ خدا ہی اوّل ہے اور خدا ہی آخر ہے۔اس کے یہی معنی ہیں کہ ہر چیز کاوجود خدا سے آتا ہے اور ہر چیز کی فنا بھی خدا کے قانون کے ماتحت چلتی ہے اگر خدا تعالیٰ دنیا کی موجودات کو وجود نہ بخشتا تو وہ کبھی وجود نہ پاسکتی تھیں اور اگر خدا تعالیٰ نے ہی اُن کی فنا کے سامان پیدا نہ کئے ہوتے تو وہ فنا نہیں ہو سکتی تھیں مطلب یہ ہے کہ ہر چیز کی پیدائش اور فنا خاص قوانین کے ماتحت چلتی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک بِالارادہ ہستی نے اس دنیا کے نظام کو قائم کیا ہے چنانچہ فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا جو کچھ
بھی ہے وہ سب اسی کا پید اکیا ہوا ہے فرماتا ہے۵۶۸؎ آسمان اور زمین کو پیدا کرنے والا خدا ہی ہے اس کے بیٹا ہو کس طرح سکتا ہے جبکہ اس کی کوئی بیوی نہیں اور اس نے ہر چیز کو پیدا کیا ہے اور وہ ہرچیز کو جانتا ہے۔۵۶۹؎ یہ ہے اللہ تمہیں ادنیٰ حالت سے اعلیٰ حالت کی طرف لے جانے والا۔اس کے سوا کوئی اور معبود نہیںوہ ہرچیز کو پیدا کرنے والا ہے پس اُس کی عبادت کرو اور ہر چیز کا انتظام اسی کے قبضہ میں ہے۔ان آیات میں بتایا گیا ہے کہ زمین اور آسمان کی پیدائش کا موجب اللہ تعالیٰ ہی ہے پھر اُسے کسی بیٹے کی ضرورت کیا تھی کیونکہ بیٹے کا وجود یا تو اتفاقی حادثہ کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے یا ضرورت کیلئے۔اتفاقی حادثہ اس طرح ہوتا ہے کہ نر مادہ سے ملتے ہیں اور طبعی طور پر اس کے نتیجہ میں اولاد پیدا ہو جاتی ہے اس کا جواب اللہ تعالیٰ یہ دیتا ہے کہ خدا تعالیٰ کی تو کوئی بیوی نہیں بیٹا کہاں سے آجائے گا اور اگر کہو کہ خدا تعالیٰ نے ایک نیا وجود بنایا اور اس کو بیٹے کا مقام دیا تو اس کا جواب یہ ہے کہ بیٹے کی غرض تو یہی ہوا کرتی ہے کہ انسان کے کاموں میں مدد دے اور اس کے بعد اس کے نام کو قائم رکھے مگر وہ خدا جو ہر چیز کو پیدا کرنے والا ہے کیا وہ بھی اسی قسم کی احتیاج رکھتا ہے پھر وہ بیٹا بناتا ہی کیوں۔پھر فرماتا ہے وہ ہر چیز کو جانتا ہے یعنی بعض دفعہ انسان احتیاطاً ایک سامان پیدا کر لیتا ہے کہ نہ معلوم آئندہ کیا ہو جائے لیکن خدا تعالیٰ کیلئے تو یہ خوف بھی نہیں کیونکہ خدا تعالیٰ کا علم ہر چیز پر محیط ہے۔وہ ان تمام باتوں کو جانتا ہے جو گزشتہ زمانہ میں ہو چکیں اور ان تمام باتوں کو جانتا ہے جو آئندہ زمانوں میںہونے والی ہیں اس لئے خدا تعالیٰ کو کسی احتیاط کی ضرورت نہیں۔پھر فرماتا ہے یہ وہ خدا ہے جس نے تم کو ادنیٰ حالت سے پیدا کرکے اعلیٰ درجہ کی ترقی تک پہنچایا اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں تمام موجودات کو پیدا کرنے والا وہی ہے۔ایرانی اور اسرائیلی اور عرب اور ہندو ہونا خدا تعالیٰ کی نظر میںکوئی امتیازی چیز نہیں اُس کے لیے یہ سب برابر ہیں۔اُسی نے ان سب کو پیدا کیا اور اُسی نے ان سب کو آہستہ آہستہ ترقی بخشی۔پس ان سب کیلئے ضروری ہے کہ اس واحد خدا کی پرستش کریں اور یاد رکھیںکہ
تمام کی تمام مخلوقات کی نگرانی اور ذمہ واری اللہ تعالیٰ کی ذات پر ہی ہے اُس کے ساتھ تعلق قائم رکھ کر ہی انسان تباہیوں اور بربادیوں سے بچ سکتا ہے اور اُس سے دور رہ کر اُسے کبھی امن حاصل نہیں ہو سکتا۔اس ہستی کے متعلق قرآن کریم فرماتا ہے کہ وہ تمام موجودات کا تفصیلی علم رکھتا ہے۔کوئی چیز ایسی نہیں جو اِس کے علم سے باہر ہو۔فرماتا ہے۵۷۰؎ اُس کا علم آسمان اور زمین سب پر حاوی ہے۔اسی طرح فرماتا ہے۵۷۱؎ یعنی تُو کسی حالت میں نہیں ہوتا اور تُو کچھ نہیں پڑھ رہا ہوتا کوئی عمل نہیں کر رہا ہوتا مگر ہم تمام حالتوں میں تجھ پر نگران ہوتے ہیں جبکہ تو اُن کاموں میں مشغول ہوتا ہے اور تیرے ربّ سے ایک چھوٹے سے چھوٹے ذرّہ کے برابر بھی کوئی چیز مخفی نہیں نہ زمین میں نہ آسمان میں اور نہ اس سے چھوٹی اور نہ اس سے بڑی۔مگر خدا تعالیٰ کی کتاب میں جو ان اعمال پر روشنی ڈالتی رہتی ہے لکھی ہوئی ہوتی ہے۔اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ دل کی حالتیں، زبان کی کہی ہوئی باتیں اور اعضاء کے کئے ہوئے عمل تمام کے تمام خدا تعالیٰ پر روشن ہیں اور بے جان چیزیں بھی خواہ وہ ایک ایٹم ہوں یا ایٹم کا بھی چھوٹا سا حصہ خدا تعالیٰ سے پوشیدہ نہیں اس کی نظر باریک سے باریک چیز پر پڑتی ہے اور بڑی سے بڑی چیز کا بھی احاطہ کر رہی ہے اور اس کو ان چیزوں کا صرف علم ہی نہیں بلکہ وہ ہر چیز کے اعمال کو ایسے طور پر محفوظ رکھ رہا ہے کہ بعد میں اس کا نتیجہ نکلے گا۔اِس کے لئے قرآن کریم نے کا لفظ استعمال کیا ہے یعنی دنیا کے ریکارڈ تو ایسے ہوتے ہیں کہ وہ لوگوں کی نگاہ سے مخفی رہتے ہیں اور بعض دفعہ خود ریکارڈ کیپرز کی آنکھوں سے بھی مخفی ہو جاتے ہیں مگر اللہ تعالیٰ نے ایسا طریق رکھا ہوا ہے کہ وہ ریکارڈ آپ ہی آپ بولتا چلا جاتا ہے یعنی ہر فعل کا نتیجہ خدا تعالیٰ کے قانون اور اس کے منشاء کے مطابق نکل آتا ہے پھر فرماتا ہے ۵۷۲؎ خدا تعالیٰ کی ذات ایسی وراء الوراء ہے کہ اس کی حقیقت کو کوئی پا نہیں سکتا۔یعنی وہ اپنی حقیقت کے لحاظ سے تمام دنیا کی اشیاء سے