انسان کی پیدائش اور اس کی دماغی ترقی تدریجی طور پر ہوئی

دیباچہ تفسیر القرآن

اللہ تعالیٰ کے لشکروں سے خدا ہی واقف ہے دوسرا کوئی واقف نہیں لیکن انسان کو ایک عزت اور رُتبہ کا مقام حاصل ہے اس لئے کہ انسان خدا تعالیٰ کے لئے بمنزلہ آئینہ ہے اسی لئے مسلمان صوفیاء اس کو عالَم صغیر کہتے ہیں یعنی تمام مخلوقات کی صفات انسان کے اندر جمع ہو گئی ہیں اور انسان کو ہم ساری دنیا کا قائمقام کہہ سکتے ہیں۔جس طرح ایک نقشہ چھوٹے سے کاغذ پر ہوتا ہے لیکن وہ ملک کی تمام کیفیات کو ظاہر کر دیتا ہے اسی طرح انسان گو ایک چھوٹا سا جسم رکھتا ہے مگر وہ تمام عالَم کی مختلف حقیقتیں اپنے اندر پنہاں رکھتا ہے۔پس خدا تعالیٰ کی پیدا کردہ دنیا کا محور اور مرکز انسان ہے۔قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے جو کچھ پیدا کیا ہے انسان کے فائدہ کے لئے پیدا کیا ہے اور ہم دیکھتے ہیں کہ انسان دنیا کی ہر مخلوق پر حکومت کر رہا ہے اور کوئی مخلوق اس پر حکومت نہیں کر رہی۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آب وہوا کی تبدیلیاں، ستاروں کی روشنیاں، بجلیاںاور بیماریاں اسی طرح طوفان اور بارشیں انسان پر ضرور اثر کرتی ہیں مگر اثر اور حکومت میں فرق ہوتا ہے۔حاکم بھی اپنے محکوم سے متأثر ہوتے ہیں۔دنیا میںکوئی ایسا حاکم ہمیں نظر نہیں آتا جو اپنے محکوم سے متأثر نہ ہو، مگر باوجود اس کے حاکم اور محکوم کے پہچاننے میںکوئی مشکل پیش نہیں آتی۔اسی طرح گو انسان دوسری چیزوں سے متأثر ہوتا ہے، لیکن ان چیزوں پر حکومت اور قبضہ انسان ہی کا ہوتا ہے۔دریائوں، سمندروں، پہاڑوں، ہوائوں، دوائوں، بارشوں اور بجلیوں وغیرہ پر حاکمانہ اقتدار انسان کا ہی ہے اور اس طرح وہ تمام مخلوق کا نقطہ مرکزی ہے ، یا یوں کہہ لو کہ اس تمام مخلوق کا جو ہماری دنیا کے ساتھ تعلق رکھتی ہے کیونکہ عالَم کی وسعت اتنی بڑی ہے کہ ہم اس کے متعلق کوئی عام فتویٰ لگانے کا حق نہیں رکھتے۔انسان کی پیدائش اور اس کی دماغی ترقی تدریجی طور پر ہوئی انسان کی پیدائش کے متعلق قرآن کریم سے ظاہر ہوتا ہے کہ تورات و انجیل کے دعوئوں کے برخلاف انسان کی پیدائش تدریجی طور پر ہوئی ہے۔ایک آیت تو میں پہلے’’ قرآنی تعلیم کے اصول‘‘ کے زیر عنوان لکھ چکا ہوں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن کریم انسا ن کی پیدائش کو تدریجی قرار دیتا ہے۔اس جگہ ایک اور آیت بیان کرتا ہوں جس سے پتہ لگتا ہے کہ انسان کی پیدائش اس طرح نہیں ہوئی کہ خدا تعالیٰ نے مٹی سے ایک

صورت بنائی اور پھر اس میں روح پھونک دی بلکہ جیساکہ خدا تعالیٰ کی اور سنتیں ظاہر ہوئی ہیں وہ بھی تدریجی تغیرات کے بعد ظاہر ہوا ہے۔چنانچہ سورۃ نوح میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۵۸۰؎ تمہیں خدا تعالیٰ نے ایک درجہ کے بعد دوسرے درجہ اور ایک کیفیت کے بعد دوسری کیفیت میں تبدیل کرتے ہوئے آہستہ آہستہ پیدا کیا ہے۔پس انسان کی پیدائش قرآنی تعلیم کے مطابق یکدم نہیں ہوئی بلکہ آہستہ آہستہ ہوئی ہے اور انسان کا دماغی ارتقاء بھی یکدم نہیں ہوا، بلکہ وہ بھی آہستہ آہستہ ہو اہے۔قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ آدم سے پہلے انسانی مخلوق موجود تھی، مگر ظاہری شکل میں ابھی وہ خدا تعالیٰ کی شریعت کی حامل نہ ہو سکتی تھی، وہ مخلوق غاروں اور پہاڑوں کی کھوہوں میں رہتی تھی۔اس لئے قرآن کریم نے ان کا نام جن رکھا ہے۔جن کے معنی عربی زبان میں پوشیدہ رہنے والے کے ہیں بعض لوگوں نے اس لفظ کو روایتی جن پر محمول کیا ہے، حالانکہ قرآن کریم کی تشریح ان روایتی جنوں پر صادق نہیں آتی۔قرآن کریم میں صاف لکھا ہے کہ بنو آدم کے جنت سے نکلنے پر (جنت بھی ارضی تھی وہ جنت نہ تھی جس میں مرنے کے بعد انسان جائے گا) اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ ابلیس ( جو جنوں میں سے تھا) اور اس کے ساتھیوں سے ہوشیار رہنا اور ان کے دھوکوں میں نہ آنا، کیونکہ تمہیں ان لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنا ہو گا۔اسی دنیا میں تم دونوں گروہ رہو گے اور اسی میں مرو گے۔پس ان سے ہوشیار رہنا ۵۸۱؎ اور پھر آدم کے ساتھیوں اور ابلیس کے ساتھیوں کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ جب تم میں نبی آئیں تو تم اُن پر ایمان لانا۔۵۸۲؎ ان حوالوں سے ظاہر ہے کہ آدم کے وقت جن اور ان کا سردار ابلیس درحقیقت بشری نسل میں سے تھے۔ورنہ جن نہ تو انسانوں کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں اور نہ بنی نوع انسان سے ان کا کوئی تعلق ہے۔پس قصوں والے جن اور ہیں اور ان کا ذمہ وار قصہ نویس ہے۔قرآن کریم نے جن کو جن کہا ہے، وہ بشری نسل سے ہی ہیں اور یہ ان لوگوں کا نام ہے جو شروع زمانہ میں اِس دنیا پر پائے جاتے تھے جن کے دماغ پورے طور پر نشوونما کو نہ پہنچے تھے۔جب دماغ کے پورے نشوونما کا وقت آیا تو سب سے کامل انسان آدم پر اللہ تعالیٰ کا الہام نازل ہوا اور بعض تمدنی قواعد مثلاً مل جل کر رہنے اورایک دوسرے کی غذا کی ذمہ داری لینے کی قسم کے موٹے موٹے احکام حضرت آدم ؑ پر نازل ہوئے۔

وہ لوگ جن کی تمدنی روح ابھی کامل نہ تھی انہوں نے ان قیود کا انکار کیا اور آدم کا مقابلہ کیا۔اِ س پر اللہ تعالیٰ نے اُنہیں سزا دی اور آدم کو غالب کر دیا اور آئندہ کیلئے حکم دیا کہ جب کوئی دوسرا نبی آئے تو نبوت کا سلسلہ اسی شکل میں ظاہر ہوتا رہے گا۔یعنی کچھ لوگ مؤمن ہوں گے اور کچھ کافر۔مؤمن انسانوں کے قائمقام ہوں گے اور کفار اُن جنوں کے قائمقام ہوں گے کیونکہ ہر نبی ارتقائے دماغی یا روحانی کے لئے آتا ہے اور جو لوگ اِس منزلِ ارتقاء کے مخالف ہوتے ہیں اور اس زمانہ کی قیود کی پابندی نہیں کر سکتے جو نبی کے ذریعہ سے سوسائٹی کی اصلاح کیلئے تجویز کی جاتی ہیں وہ اس کے منکر ہو جاتے ہیں۔غرض قرآنی تعلیم کی رو سے انسان کی پیدائش ارتقاء سے ہوئی ہے بلکہ اس کے دماغ کی ترقی بھی درجہ بدرجہ ارتقاء سے ہوئی ہے۔آدم پہلا بشر نہ تھا بلکہ وہ بشروں میں سے پہلا مکمل بشر تھا۔جس کا دماغ الٰہی کلام کا حامل ہونے کے قابل ہوا اس لئے قرآن کریم نے آدم کے ذکر میں کہیں یہ نہیں کہا کہ آئو ہم پہلا انسان پید اکریں بلکہ قرآن کریم میں جہاں آدم کا ذکر آتا ہے یوں آتا ہے کہ میں نے ارادہ کیا ہے کہ زمین میں اپنا خلیفہ مقرر کروں۔جس سے ظاہر ہے کہ بشر تو پہلے موجود تھے مگر وہ الہامِ الٰہی سے ابھی تک مشرف نہ ہوئے تھے کیونکہ ان کے دماغوں نے پوری نشوونما نہ کی تھی۔جب آہستہ آہستہ بشری دماغ نے نشوونما حاصل کی اور وہ ایک نظام اور تمدن کو قبول کرنے کے قابل ہو گیا تو اُس وقت کے سب سے مکمل دماغ والے بشر آدم پر اللہ تعالیٰ نے الہام نازل کیا اور وہ پہلا نبی ہوا۔پس وہ پہلا انسان نہ تھا پہلا نبی تھا اور اسے اس زمانہ کی دماغی ترقی کے مطابق ایک بسیط اور سادہ تعلیم دی گئی جو صرف چند موٹے موٹے قوانین تمدن پر مشتمل تھی اور اللہ تعالیٰ کی صفات کے متعلق بھی ایک سادہ سی تفصیل تھی۔اس امر کے متعلق قرآن کریم کی یہ آیت بھی شاہد ہے۔۵۸۳؎ یعنی ہم نے تم انسانوں کو پید اکیا پھر ہم نے تم کو ایک اچھی صورت بخشی پھرہم نے ملائکہ سے کہا کہ آدم کی اطاعت کرو۔اس آیت سے ظاہر ہے کہ آدم سے پہلے کئی انسان پید ا ہو چکے تھے اور سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک لمبی ارتقائی منزل میں سے بھی گزر چکے تھے کیونکہ

آج 10 میں سے 10 باقی