انسانی پیدائش کا مقصد
دیباچہ تفسیر القرآن
پیدائش کے بعد صورت دینے سے جسمانی صورت تو مراد نہیں ہو سکتی، اس سے مراد ذہنی ارتقاء ہی ہو سکتا ہے پس اس آیت کا مفہوم یہی ہے کہ پہلے انسان پیدا کیا گیا پھر آہستہ آہستہ ترقی دیتے ہوئے اس کے قویٰ کو ایک نئی شکل دے دی گئی اور وہ دوسرے حیوانوںسے ممتاز نظر آنے لگا یعنی اس کی سمجھ اور عقل مکمل ہو گئی تب آدم پیدا کیا گیا اور خد اتعالیٰ نے اس پر الہام نازل کیا۔انسانی پیدائش کا مقصد انسانی پیدائش کے متعلق قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان اس لئے پیدا کیا گیا ہے تا وہ خدا تعالیٰ کی صفات کو ظاہر کرے اور اس کا نمونہ بنے۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۵۸۴؎ میں نے جن واِنس کو صرف اس لئے پیدا کیا ہے تا وہ خدا تعالیٰ کی صفات کا نقش اپنے دل پر پیدا کریں ( جن سے اس جگہ انسان ہی کی بعض اقسام مراد ہیں نہ کہ غیر مرئی جن) اسی طرح قرآن کریم میں ایک دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۵۸۵؎ اے انسانو! اللہ ہی ہے جس نے تم کو اس دنیا میں اپنا نمائندہ بنا کر کھڑا کیا ہے۔پس اگر کوئی شخص تم میں سے اِس مقام کا انکار کرتا ہے تواس کے انکار کا نتیجہ اُسی کو پہنچے گا یعنی اس عزت کے مقام کو چھوڑ کر انسان خود اپنا ہی نقصان کرے گا۔خدا تعالیٰ کو اس سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ان آیات سے ظاہر ہے کہ انسان خدا تعالیٰ کی صفاتِ حسنہ کو دنیا میں ظاہر کرنے کے لئے پید اہوا ہے اور وہ اس دنیا میں خدا تعالیٰ کا قائمقام ہے۔پس انسان نقطہ مرکزی ہے تمام عالمِ مادی کے لئے۔اور چونکہ انبیاء انسانوں کی اصلاح کے لئے اور اُن کو اپنا فرض یاد دلانے کے لئے اور اسی میں کامیابی کیلئے صحیح طریق کار بتانے کیلئے آتے ہیں اس لئے وہ نقطہ مرکزی ہیں تمام انسانوں کیلئے یا یوں کہو کہ انسان ایک سورج کی طرح ہے جس کے گرد تمام مادی دنیا گھومتی ہے اور پھر اپنے اپنے دائرہ میں انبیاء ایک سورج ہیں جن کے گرد اُن کے حلقہ کے انسان گھومتے ہیں۔قانونِ قدرت اور قانونِ شریعت قرآن شریف سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کو اس کے فرائض کی طرف توجہ دلانے اور ترقی کے راستہ پر اسے گامزن کر نے کے لئے خدا تعالیٰ نے دو قسم کے قانون جاری کئے
ہیں۔ایک قانونِ قدرت۔اس کا تعلق انسان کی مادی ترقی کے ساتھ ہے چونکہ اس کا تعلق روح کے ساتھ براہِ راست نہیں اِس لئے اس قانون کے توڑنے پر اس کا ــطبعی نتیجہ نقصان کی صورت میں تو نکلتا ہے لیکن خدا تعالیٰ کی ناراضگی اور خفگی اس پر نہیں ہوتی۔یہ قانون خدا تعالیٰ نے خود مادہ کے اندر ودیعت کر دیا ہے اس لئے کوئی بیرونی علم اس بارہ میں خدا تعالیٰ کی طر ف سے نہیں آتا۔دوسرا قانون ، قانونِ شریعت ہے اس کا تعلق روحانی اصلاح کے ساتھ ہے اس قانون کے توڑنے پر خدا تعالیٰ کی ناراضگی ہوتی ہے کیونکہ اس قانون کے پورا کرنے سے ہی انسان اُس مقصد کو پورا کر سکتا ہے جس کے لئے وہ پیدا کیا گیا ہے اور اس قانون کو توڑنے کی وجہ سے وہ اس مقصد سے محروم رہ جاتا ہے جس کے لئے خدا نے اُسے پیدا کیا ہے۔پس جب کوئی شخص اس قانون کو توڑتا ہے تو وہ خدا تعالیٰ کو ناراض کر دیتا ہے لیکن ہر قانونِ شریعت کے توڑنے کا یہ نتیجہ نہیں ہوتا کہ انسان کُلّی طور پرا پنے مقصد میں ناکام ہو جائے بلکہ اسلام ہمیں بتاتا ہے کہ یہ تمام قانون مجموعی طور پر انسان کی روح کی پاکیزگی اور بلندی کے لئے بھیجا جاتا ہے۔لیکن جس طرح قانونِ قدرت کے توڑنے سے ضروری نہیں کہ ہر قانون شکنی کی وجہ سے تباہی اور بربادی آجائے یا ہر بد پرہیزی کی وجہ سے ضرور بیماری پیدا ہو اسی طرح ضروری نہیں کہ قانون شریعت کا ہر حکم ٹوٹ جانے کی وجہ سے انسان اپنے مقصد سے بالکل محروم رہ جائے یا خدا تعالیٰ کا غضب اس پر نازل ہو جائے کیونکہ شریعت کے تمام احکام اصولی طور پر انسان کی درستی کے لئے مقرر کئے جاتے ہیں اور شریعت کا تمام نظام اسی مقصد کے لئے ہے۔ایک وسیع نظام جو مختلف طریقوں سے ایک ہی غرض کے لئے اپنا اثر ڈال رہا ہے اگر اُس کا کوئی حصہ اپنا کام کرنے سے عاری رہ جائے تو ضروری نہیں ہوتا کہ نتیجہ مطلوبہ پیدا نہ ہو کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جس حصہ نے اپنے کام میں کوتاہی کی ہے دوسرے حصوں کا اثر اس کی کمزوری پر غالب آجائے اور نتیجہ مطلوبہ پھر بھی پیدا ہو جائے۔انسان کا وجود ہی ایک مرکب وجود ہے۔انسان کی زندگی ہوا، پانی، غذا اور مختلف چیزوں پر انحصار رکھتی ہے بعض دفعہ ان ذرائع میں سے کسی میں کچھ نقص بھی ہو جاتا ہے۔مگر دوسری چیزوں کے اثر کی وجہ سے وہ بیمار نہیں ہوتا۔اسی طرح شریعت ہے کہ وہ ان احکام پر مشتمل ہے جو انسانی روح کی ترقی کے لئے ضروری ہیں اور ان کا مجموعی اثر انسان کی روحانی ترقی
پر پڑتا ہے۔پس جب تک خدا تعالیٰ کی حکومت یا اُس کے انبیاء کی حکومت کے انکار کی روح نہ پیدا ہو جائے صرف غلطی یا کمزوری کی وجہ سے انسانی عمل میں اگر کوئی خامی رہ جائے تو ضروری نہیں کہ ایسی خامی انسان کو اپنے مقصد کے حاصل کرنے میں ناکام کر دے۔اگر خامی بہت زیادہ بھی ہو تو سچی توبہ اور دعا بھی اس کا ازالہ کر سکتے ہیں۔اُوپر کے دو قانونوں کے علاوہ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ دو اَور قانون بھی ہیں ایک قانونِ تمدن اور دوسرا قانونِ اخلاق یہ دونوں قانون درحقیقت قانونِ قدرت اورقانونِ شریعت کی سرحدیں ہیں۔قانونِ اخلاق قانونِ شریعت کی طرف کی سرحد ہے اور قانونِ تمدن قانونِ قدرت کی طرف کی سرحد ہے اِس لئے یہ دونوں قانون بہت کچھ آپس میں ملتے جلتے ہیں۔بہت سے تمدنی قانونوں کی بنیاد قانونِ اخلاق پر ہوتی ہے اور بہت سے اخلاقی قانونوں کی بنیاد قانونِ تمدن پر ہوتی ہے۔انسان چونکہ مدنی الطبع پیدا ہوا ہے، اِس لئے وہ اِن دو قانونوں کا محتاج تھا۔چونکہ قانونِ تمدن قانونِ قدرت سے ملتا ہے اس لئے خدا تعالیٰ نے اس کا اختیار زیادہ تر بنی نوع انسان کو دیا ہے اور چونکہ قانون اخلاقِ قانونِ شریعت سے ملتا ہے اس لئے قانونِ اخلاق کو قانونِ شریعت کے اندر داخل کیا گیا ہے گوا س کی بعض شقوں کو بنی نوع انسان کے سپرد بھی کر دیا گیا ہے۔تمام دنیا کا نظام اِن چاروں قانونوں سے چل رہا ہے۔قانونِ قدرت میں بھی کسی کا دخل نہیں وہ خدا تعالیٰ ہی کی طرف سے آتا ہے اور قانونِ شریعت میں بھی کسی انسان کا دخل نہیں وہ بھی خدا تعالیٰ ہی کی طرف سے آتا ہے لیکن قانونِ تمدن اور قانونِ اخلاق میں خد اتعالیٰ اور انسانی نظام شریک ہو جاتے ہیں کچھ راہنمائی خدا تعالیٰ کی طرف سے آتی ہے اور کچھ اختیار انسان کو دیا جاتا ہے اور اس طرح خدا اور بندے کے تعاون سے اِس دنیا کا نظام بہتر سے بہتر بنایا جاتا ہے۔جب تک یہ دو دریا متوازی چلتے رہتے ہیں اُس وقت تک دنیا میں امن قائم رہتا ہے اور خدا تعالیٰ کی بادشاہت کے ساتھ مل کر انسان بھی دنیا میں ایک مفید اور بابرکت حکومت قائم کر لیتا ہے اور جب یہ دو دریا مختلف جہات میں بہنا شروع کر دیتے ہیں یا دوسرے لفظو ں میں یہ کہو کہ انسانی عقل کی ندی اپنی کمزوری کی وجہ سے اپنا رستہ بدل دیتی ہے اور خدائی راہنمائی کی ندی کے ساتھ ساتھ چلنے کی برکت سے محروم ہو جاتی ہے تو دنیا میں فساد اور جھگڑا اور لڑائی پید اہو جاتی ہے اور
دنیا پر نہ خدا کی بادشاہت رہتی ہے نہ انسان کی بلکہ شیطان کی بادشاہت قائم ہو جاتی ہے کیونکہ انسان خدا تعالیٰ کی ہدایت کے ساتھ ہی انسان بنتا ہے ورنہ وہ وحشی جانوروں میں سے ایک جانور کی طرح ہوتا ہے۔انسان کو خدا تعالیٰ کا مقرب بنانے کے لئے ضروری تھا کہ وہ صاحبِ اختیار بنایا جاتا۔اِس وجہ سے قرآن کریم بتاتا ہے کہ انسان اِس دنیا کے ایک حصہ میں مختار ہے اور ایک حصہ میں مقید ہے۔وہ مقید ہے قانونِ قدرت کے معاملہ میں اور مختار ہے قانونِ شریعت کے معاملہ میں۔قانونِ قدرت کے معاملہ میں وہ مقید ہے اس لئے کہ قانونِ قدرت پر عمل کرنے کی وجہ سے وہ کوئی روحانی ترقی حاصل نہیں کرتا اور قانونِ شریعت میں اُسے عمل کی آزادی دی گئی ہے اس لئے کہ قانونِ شریعت پر عمل کرنے سے وہ انعام کا مستحق ہوتا ہے اور انعام اسی صورت میں ملا کرتا ہے جبکہ آزادیٔ عمل حاصل ہو، جبری طور پر کرائے ہوئے کام کے بدلہ میں انعام نہیں ملا کرتا۔قرآن شریف اِس بات کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ انسان کی روحانی ترقی بھی اس کے جسمانی حالات سے متأثر ہوتی ہے اور جس حد تک وہ اِس سے متأثر ہوتی ہے اُس کے اعمال یقینا محدود ہو جاتے ہیں۔قرآن کریم اس کا جواب یہ بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ انسانی اعمال کی قیمت اُس کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائے گا۔مثلاً اگر ایک شخص لاکھوں روپے کا مالک ہو کر دنیا کی بہتری اور بھلائی کے لئے سَو روپیہ خرچ کرتا ہے اور ایک دوسرا شخص صرف چند روپوں کا مالک ہو کر دنیا کی بھلائی کے لئے اپنا سارا مال خرچ کر دیتا ہے تو خدا تعالیٰ کی طرف سے دونوں کو ایک سا ثواب نہیں ملے گا۔جس نے چند روپے خرچ کئے تھے گو اس کے روپے تھوڑے تھے مگر اُسے ثواب زیادہ ملے گا کیونکہ اس کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہا جائے گا کہ اس نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔لیکن جس نے لاکھوں اور کروڑوں روپیہ کے ہوتے ہوئے ایک سَو روپیہ کی مدد کی اس کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ اُس نے اپنی طاقت کا ہزارواں یا لاکھواں حصہ خدا تعالیٰ کی راہ میں خرچ کیا۔پس خد ا تعالیٰ عمل کی مقدار کو نہیں دیکھتا بلکہ اُس ماحول کو دیکھ کر عمل کی قیمت لگاتا ہے جس ماحول میں کوئی انسان کام کرتا ہے اور وہ اُن مجبوریوں