سوالات اور ان کے جوابات

ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت)

سوالات اور ان کے جوابات ماسٹر احمد حسین صاحب نے امرتسر سے چند سوال بھیجے جن کے جواب حضرت مولوی صاحب نے تحریر فرمائے ہیں۔مکرمی و معظمی حضرت حکیم الامت ادام اللہ برکاتہ۔السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔ذیل کے چند سوالات دریافت طلب ہیں۔ان کے جواب اگر مناسب تصور فرمائیں تو بذریعہ الحکم یا بدر شائع فرما دیں۔ورنہ بذریعہ پرائیویٹ چٹھی ہی مرحمت ہوں۔عین کرم بزرگانہ ہوگا۔سوال۔حالت جنب، حالت مباشرت اور جائے ضرور میں اگر کسی امر پر اللہ تعالیٰ کا شکر دل میں پیدا ہوتو آیا زبان سے اس کا اظہار بالفاظ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وغیرہ (جو اکثر بے ساختہ ہو جاتا ہے)جائز ہے یا نہیں؟ جواب۔جنبی حالت جنابت میں اور جماع کنندہ حالت جماع میں الحمد للہ کہے۔حدیث میں ہے کَانَ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَ سَلَّمْ یَذْکُرُ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ اَحْیَانِہٖ (صحیح البخاری کتاب الاذان باب ھل یتبع المؤذن۔۔۔۔)۔البتہ بول و براز میں تصریح سے ثابت نہیں کہ حضور علیہ السلام نے منہ سے فرمایا ہو۔مگر پہلی حدیث سے پتہ لگ سکتاہے۔سوال۔ظہر کے وقت فرض سے بعد کی دو رکعت سنت غیر مؤکدہ کہلاتی ہیں۔تو آیا بوقت عجلت و عدم فرصت ان کے ترک سے معصیت لازمی آتی ہے یا نہیں۔جواب۔سنتیں تکمیل فرائض کرتی ہیں ضرورت پر عفو ہوسکتی ہے واِلَّا فرائض ناقص رہیں گے۔سوال۔غیر احمدی لوگ جو اپنی جگہ پر عقیدۃ میں ہم سے صریح سخت مخالفت رکھتے ہیں۔اگروہ بڑے اخلاق سے سلام میں پیش قدمی کریں تو ان کے جواب میں وعلیکم السلام کہنے کے علاوہ ہمیں بھی ان پر سلام کہنے میں پیش قدمی کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب۔میں نے تو ایسے اخلاق والے نہیں دیکھے کہ ہمارے امام سے ان کو بغض ہو اور ہم سے محبت۔یا ہم میں عیب یا ان میں۔بہرحال اخلاق والے سے اخلاقی معاملہ کرو۔سوال۔اگر کسی عذر شرعی سے غسل جنابت کی بجائے تیمم کر کے نماز پڑھ لی جائے تو پھر اس کے بعد کی نمازوں سے پہلے غسل کرنا ضروری ہے۔یا وہ تیمم بالاستقلال غسل کا کام دے گیا ہو۔جواب۔عذر شرعی کے باعث تیمم عذرشرعی تک محدود ہے۔جب وہ عذر جاتا رہا تو تیمم باطل ہوگیا پھر غسل کرے۔سوال۔ایک احمدی کتب فروش کے لئے کیا ان کتب کی خرید و فروخت جائز ہے جن کے مضامین کے حسن و قبح کا کچھ علم نہیں۔مثلاً بعض ناول اخلاقی یا سراغ رسانی کے کہلاتے ہیں۔اور نہیں معلوم کہ ان کے بیچ میں حسن و عشق یا فسق کا، مخرب الاخلاق کا دکھڑا بھی رقوم ہے یا نہیں۔یا عامیانہ قصے فسانے یا مذہبی رنگ کے رطب و یابس قصے وغیرہ یا کتب نحو۔جفر و عملیات۔جواب۔صریح بری کتاب اور خلاف قانون کتاب کا بیچنا جائز نہیںواِلَّا علی العموم جائز ہے۔سوال۔ایک احمدی نے ایک ہندو دوکاندار کا کچھ دینا تھا (اندازًا … روپے) وہ دوکاندار مرگیا اور اس کے ورثاء کا کچھ پتہ نہیں ملا تو اس قرض کے بوجھ سے کیسے سبکدوشی ہوسکتی ہے؟ جواب۔جس کا دینا ہو اور وہ مر جاوے یا اس کا وارث نہ ہو تو وہ مال صدقہ کر دے۔سوال۔تلاوت قرآن بنا فہم معانی بھی کسی حد تک موجب ثواب ہوتی ہے یا نہیں۔یہ ظاہر ہے کہ ہر شخص کو تمام و کمال کلام مجید کا علم معانی نہیں ہوتا۔پس یہ کیونکر ہو سکتا ہے کہ جہاں سے اس کی سمجھ میں نہ آئے وہ مقامات بیچ میں چھوڑتا جاوے۔جواب۔صرف تلاوت قرآن کریم کا بھی حکم فرمایا ہے۔  (العنکبوت: ۴۶)ہے۔اس میں حفاظت قرآن کریم ہے اور حفاظت کا ثواب۔نور الدین (البدر جلد۲ نمبر ۶ مورخہ۹؍فروری ۱۹۰۶ء صفحہ۰ ۱)

آج 10 میں سے 10 باقی