معصوم نبی اور بشپ صاحب

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

ایڈیٹر۔آج کل کے یسوعی صاحبان قرآن شریف کی اس آیت سے استدلال کرتے ہوئے حضرت محمد مصطفیٰ سرور انبیاء سید المعصومین کو نعوذ باللہ گنہگار اور اس طرح فضیلت یسوع ثابت کرنے کی کوشش کیا کرتے ہیں۔اس مضمون پر ہمارا ایک مباحثہ بشپ لیفرائے سے ہوا تھا جس کا بیان اس جگہ فائدہ سے خالی نہ ہوگا اور وہ اس طرح ہے۔معصوم نبی اور بشپ صاحب ماہ مئی ۱۹۰۰ء میں جبکہ دفتر اکونٹنٹ جنرل میں ملازمت کے سبب لاہور میں قیام پذیر تھا اور مخدومی مکرمی حضرت شیخ رحمت اللہ صاحب کے ساتھ ایک مکان بیرون شہر میں رہا تھا تو ایک دن ہم نے اچانک سنا کہ پادری لیفرائے صاحب نے تمام مسلمانوںکو دعوت کرکے ایک لیکچر دینے کا اشتہار دیا ہے جو کہ انارکلی میں فورمن چیپل میں ہوگا۲؎ اور جس کا مضمون ہوگا ’’ معصوم نبی ‘‘۔لیفرائے صاحب اب تک بھی لاہور کے بشپ اور پنجاب کے تمام پادریوں کے افسر یعنی لارڈ پادری ہیں۔اس جلسہ کی خبر سن کر شام کے وقت میں مقام جلسہ پر گیا۔وہاں لوگ نہایت کثرت کے ساتھ پہلے ہی سے جمع تھے کیونکہ لیکچر دینے والے صاحب بہت مشہور اور عیسائیوں میں ایک مانے ہوئے جید عالم اور مناظرہ و مباحثہ میں بہت مشق رکھنے والے لارڈ پادری صاحب تھے اور بالمقابل تمام مولوی صاحبان کو بلایا گیا تھا۔ہماری جماعت احمدیہ کے چند آدمی بھی موجود تھے مگر ہم میں سے کوئی اس امر کے واسطے تیار ہوکر نہ آیا تھا کہ پادری صاحب کے بالمقابل کھڑا ہو۔اور یہ بھی خیال تھا کہ لاہور کئی ایک اسلامی انجمنوں کا مرکز ہے جنہوں نے مخالفین اسلام کا مقابلہ کرنا اپنا فرض قرار دیا ہوا ہے اور بہت سے مولوی جمع تھے وہ صاحبان خود جواب دے دیں گے۔ہماری جماعت بھی قلیل تھی لیکن اثنائے گفتگو میں مخدومی جناب مولوی عبیداللہ صاحب نے عصمت انبیاء پر چند کلمات فرمائے اور عصمت کے لفظ کو قرآن شریف میں  (المائدۃ :۶۸) کی طرف اشارہ کیا۔خیر یہ باتیں سرسری طور پر ہوگئیں اور لیکچر کا وقت قریب ہونے کے سبب ہم لوگ چیپل ہال کے

اندر چلے گئے۔تھوڑی دیر میں لارڈ پادری صاحب بمع چند اور عیسائی انگریز اور دیسیوں کے تشریف لائے۔لوگ بہت کثرت سے جمع ہوچکے تھے۔کئی ہزار آدمی موجود تھا۔بنچوں اور گیلری کے سوائے بہت سے لوگ زمین پر اور چبوترے پر بیٹھے تھے پا نیچے کھڑے تھے۔اس قدر آدمی کثرت سے جمع ہوگئے تھے کہ بالآخر باہر کا دروازہ بند کردیا گیا تھا۔بشپ صاحب نے اپنا لیکچر شروع کیا۔قرآن شریف کی آیات اور احادیث پڑھ پڑھ کر یہ ثابت کرنا شروع کیا کہ تمام انبیاء گنہگار تھے۔ان کا دعویٰ تھا کہ میں ہر ایک بات قرآن شریف سے ثابت کروں گا۔چنانچہ آدم کا ذکر کیا کہ قرآن مجید لکھا ہے کہ  (طٰہٰ : ۱۲۲) اورآدم نے گناہ کیا۔ایسا ہی حضرت موسیٰ کا ذکر کیا اور دوسرے انبیاء کا ذکر کیا اور بالآخر حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کیا۔ایک تو قرآن شریف کی یہی آیت پڑھی جو اوپر لکھی ہے اور ایک یہ آیت پڑھی (محمد :۲۰) اور ایک حدیث پڑھی کہ مریم اور اس کے بیٹے کے سوائے باقی سب کی ولادت میں شیطان کا حصہ ہے اور پھر کہا کہ دیکھو تمام انبیاء کے متعلق یہ بیان ہے کہ انہوں نے گناہ کیا تھا خواہ وہ گناہ بعد میں معاف ہی ہوگیا ہو۔تاہم کیا تو تھا لیکن ہمارے عیسیٰ کے متعلق کہیں یہ لفظ نہیں کہ اس نے کوئی گناہ کیا۔اور انجیل میں بھی لکھا ہے کہ وہ نور تھا۔پس ثابت ہوا کہ دنیا میں اگر کوئی معصوم ہے تو صرف یسوع مسیح ہے باقی سب گنہگار ہیں۔پس بھائیو ! ہم کس کو اپنا شفیع بنائیں۔کیا اس کو جو گنہگار ہے یا اس کو جو بے گناہ ہے۔بشپ صاحب نے اس تقریر پر دو گھنٹے خرچ کئے۔درمیان میں حدیث کے موقع پر بعض مسلمان بولے کہ یہ حدیث صحیح نہیں ہے یا صحیح الفاظ اس طرح سے نہیں ہیں مگر بشپ صاحب نے درمیان میں بولنے سے لوگوں کو منع کیا اور کہا کہ بعد میں پندرہ منٹ اس بات کے واسطے رکھے گئے ہیں۔چونکہ عاجز کو پادریوں کے ساتھ ملنے اور گفتگو کرنے اور ان کی کتابوں کے مطالعہ کرنے کا بہت موقع ملتا رہا ہے۔اس واسطے میں بشپ صاحب کے ابتدائے تقریر ہی سے سمجھ گیا تھا کہ یہ

دجل کا جال کہاں سے پھیلنا شروع ہوا ہے اور کہاں تک اس کا اثر جائے گا۔تھوڑے ہی الفاظ سے میں جان گیا کہ بشپ صاحب کہاں سے شروع ہوئے اور کہاں پہنچیں گے۔میں نے محسوس کیا کہ یہ حملہ نادان لوگوں کے ایمان پر بہت سخت ہے لیکن دوسری طرف جب میں نے نظر کی تو مولوی ملّانوں اور انجمن کے بزرگوں میں سے کسی کو میں نے نہ پایا کہ وہ اس وقت کافی جواب دے سکیں گے۔اس خیال نے میرے دل پر ایک بڑا بھاری بوجھ رکھ دیا اور دین محمدی کی حمایت نے میرے خون کو جوش دیا۔میرے پاس اس وقت کوئی کتاب نہ تھی اور نہ ہی کتاب دیکھنے کا وقت تھا اور نہ میں اپنے بزرگ مولویوں کو اور اپنے مرشد و ہادی جو کسر صلیب کے واسطے مبعوث ہوکرآیا ہے اس وقت اطلاع کرسکتا تھا کہ وہ آوے اور دیکھے کہ نبیوں کے سردار ، پاکوں کے پاک، راستبازوں کے راستباز کو گناہ گار اور خطا کار ثابت کرنے کے واسطے کس قدر کوشش کی جارہی ہے۔سب طرف میں نے اسلام کو گونگا ہوا پایا اور اس کا کوئی شہسوار میدان کے اندر نہ دیکھتا تھا۔تب میں نے سوچا کہ اس وقت سوائے دعا کے اور کوئی ہتھیار میرے پاس نہیں کیونکہ سب دور ہیں پر خدا بہت نزدیک ہے۔تب میں نے اپنے سردار محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عزت کے نام کے واسطے دردناک ہوکر اپنے خدا سے دعا مانگنے لگا اور دو گھنٹہ تک کہ پادری صاحب نے لیکچر دیا میں دعا کرنے اور درود شریف کو پڑھنے میں جوش اور درد کے ساتھ مصروف رہا۔یہاں تک کہ خدا تعالیٰ نے اپنی رحمت کا نزول مجھ پر کیا اور آیت  (المائدۃ :۶۸) کے معنے میرے دل پر نازل فرمائے اور میرے سینے کو ایک انشراح عطا فرمایا اور سارے بوجھ کو میرے اوپر سے اتار دیا اور مجھے ایک ہمت اور شجاعت عطا کی کہ میں خود اس میدان میں نکلوں۔تب فریق مخالف کے دلائل مجھے بہت ہی حقیر نظر آئے اور کسی کا رعب تو پہلے ہی میرے دل پر نہ تھا۔پس میں تیار ہوگیا کہ بشپ صاحب کے بیٹھتے ہی میں کھڑا ہو کر اپنی تقریر شروع کروں اور اسلام کی حمایت کروں اور خدا کے حبیب کی عزت کو اس میدان میں قائم رکھوں۔چنانچہ جیسے ہی بشپ صاحب بیٹھ گئے تو میں کھڑا ہوگیا سب سے پہلے میں نے لارڈ

پادری کو اس طرح توجہ دلائی کہ جیسا کہ انہوںنے خود مسلمانوں کو اپنی طرف کرکے اپنی تقریر سنائی ہے ایسا ہی میں میں امید کرتا ہوں کہ پادری صاحب مسلمانوں کو بھی موقع دیں گے کہ ان کی تقریریں سنیں۔(اس سے میرا منشاء یہ تھا کہ آئندہ کوئی عظیم الشان جلسہ کیا جاوے جس میں مسلمانوں کو بھی دو چار گھنٹہ تقریر کرنے کا موقع ہو۔چنانچہ بعد میں بشپ صاحب کو ایسے جلسہ کے واسطے حضرت مسیح موعود کی طرف سے مدعو کیا گیا تھا مگر آپ نے نہ مانا۔اس کا مفصل ذکر اپنے موقع پر آئے ہوگا۔) پھر میں نے کہا کہ لارڈ پادری صاحب نے دو گھنٹے تک تقریر فرمائی ہے اور ہمارے واسطے صرف پندرہ منٹ ہیں اتنی لمبی تقریر کا جواب ایسے تھوڑے وقت میں مفصل ہو نہیں سکتا۔پس میں ایک مختصر بات کرتا ہوں جس سے بہت جلد فیصلہ ہوجائے۔لارڈ پادری صاحب نے بہت سے انبیاء کا ذکر کیا ہے اور دلائل میں قرآن اور احادیث کو لیا ہے۔حدیث کے متعلق ابھی ایک مسلمان نے اعتراض کیا تھا کہ یہ صحیح نہیں۔پس یہ بھی ایک بحث طلب امر ہوگیا۔اس واسطے دلائل میں سے سردست قرآن شریف ہی کو میں رکھتا ہوں جو سب مسائل کا اصل ہے۔پھر انبیاء میں سے لارڈ پادری صاحب نے آدم، موسیٰ ، دائود علیہم السلام بہت کا ذکر کیا ہے اور بالآخر حضرت نبی کریم محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ذکر کیا ہے۔چونکہ پہلے تمام انبیاء آپ کے اور ہمارے مشترک ہیں سب کو آپ بھی نبی مانتے ہیں اور ہم بھی نبی مانتے ہیں۔معصوم تھے یا غیر معصوم تھے آپ کے بزرگ بھی تھے اور ہمارے بھی۔اور وقت تنگ ہے اس واسطے ان کے ذکر کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔باقی رہے حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جن کو آپ نبی نہیں مانتے اور ہم ان کو تمام نبیوں کا سردار مانتے ہیں اور عیسائی لوگ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے منکر ہیں۔اصل جھگڑا آپ کے اور ہمارے درمیان آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کا ہے۔پس چونکہ وقت بھی تنگ ہے اور اصل مطلب مباحثہ کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی معصومیت ہی ہے اس واسطے میں باقی تمام باتوں کو چھوڑ کر اصل مرکز پر گفتگو کرتا ہوں اور اسی قرآن شریف کو لیتا

ہوں جسے بشپ صاحب نے دلائل کے واسطے پیش کیا ہے۔سو واضح ہو کہ قرآن شریف کی آیات کو پیش کرنے کے وقت بشپ صاحب کو ایک غلطی لگی ہے جس کی وجہ ہے یہ بشپ صاحب زبان عربی سے نا آشنا ہیں۔(گو بشپ صاحب کا یہ دعویٰ تھا کہ میں عربی جانتا ہوں لیکن ان کی عربی دانی ایسی ہی تھی جیسے کہ عموماً انگریزوں کی ہوا کرتی ہے۔یہاں تک کہ بشپ صاحب مجلس میں قرآن شریف کی سادہ عبارت بھی پڑھنے کی جرأت نہ کرسکے تھے صرف ترجمہ ہی پڑھ دیا تھا۔اس واسطے میں نے مناسب سمجھا کہ بشپ صاحب کی عربی دانی کا جو رعب حاضرین پر ہو اس کو بھی دور کردیا جائے)۔قرآن شریف کی ان آیات میں دو الفاظ قابل غور ہیں۔ذَنْب اور غَفَر۔ان لفظوں کے اگر صحیح معنے کردئیے جاویں تو سب معاملہ طے ہو جاتا ہے۔سب سے پہلی غلطی جو بشپ صاحب نے کی وہ لفظ ذَنْب کے ترجمہ کرنے میں ہے۔عربی ایک وسیع زبان ہے اور جیسا کہ انگریزی میں (Synonyms) ہوتے ہیں یعنی مترادف الفاظ جو بظاہر ہم معنی ہوتے ہیں لیکن دراصل ان کے معانی میں بہت فرق ہوتا ہے ایسا ہی عربی میں بھی الفاظ ہوتے ہیں۔عربی میں اس مفہوم کے واسطے بہت سے الفاظ ہیں۔مثلاً جُرم۔جَنَاحٌ۔اِثْمٌ۔خَطَأٌ۔ذَنْبٌ وغیرہ وغیرہ۔چونکہ اردو ایک محدود زبان ہے اس واسطے اس زبان میں ہر مفہوم کے واسطے جدا جدا الفاظ نہیں ہیں۔گناہ کا ٹھیک ترجمہ عربی زبان میں جَنَاح ہے اور غالباً یہی جَنَاح کا لفظ بگڑ کر رفتہ رفتہ فارسی زبان میں گناہ بن گیا ہے۔ایسا ہی جُرم کا لفظ ہے جس کے معنے خدا سے قطع تعلق کرنے کے ہیں۔یہ الفاظ جُرم اور جَنَاحکے کبھی قرآن شریف میں یا حدیث میں ہمارے نبی کیا کسی نبی کے متعلق بھی نہیں آئے۔کبھی کسی نبی سے جُرم یا جَنَاح (یعنی گناہ) کا ارتکاب نہیں ہوا۔ہاں ذَنْب کا لفظ آیا ہے۔سو ذَنْب کے معنے اس جگہ گناہ کے نہیں ہیں بلکہ ذَنْب صرف ایک کمزوری کو کہتے ہیں جو بشری تقاضا ہے کہ بشر کمزور ہوتا ہے وہ آخر انسان ہے۔ممکن ہے کہ ایسے امور جو انسانی کمزوری کا نتیجہ ہوںکبھی نبی سے بھی صادر ہوں لیکن یہ باتیں الٰہی نارضامندی کا موجب نہیں ہیں اور اس واسطے گناہ کے ذیل میں ان کو شامل نہیں رکھا جاسکتا۔

یہ تو ذَنْب کا لفظ ہے جس کے مفہوم اور معنی میں بشپ صاحب نے دھوکا کھایا۔اب میں دوسرا لفظ غَفَر کا لیتا ہوں۔غَفَر کے معنے ہیں ڈھانکنا، روکنا، بچانا۔جیسے کہ مِغْفَرٌ سپاہی کے سر کے خود کو کہتے ہیں کیونکہ مِغْفَر سپاہی کے سر کو تلوار کی زد سے بچاتا ہے۔پس اللہ تعالیٰ کا آنحضرتؐ کو یہ کہنا کہ تیرے ذَنْب کو میں نے غَفَر کیا۔اس کا یہ مطلب ہے کہ تو تمام نبیوں اور مرسلوں کا سردار اور تمام دنیا کے واسطے میرا رسول اور زمین پر میرا خلیفہ ہے تیرے واسطے لفظ جَنَاح اور جُرم وغیرہ کا تو ذکر ہی کیا۔بہ سبب بشر ہونے کے ممکن ہے کہ تیرے نزدیک ذَنْب آوے اور اس کا اثر تجھ پر پڑے لیکن میں نے ذَنْب کے درمیان اور تیرے درمیان غَفَر کردیا یعنی ذَنْب بھی نہ تیرے نزدیک آیا اور نہ آئے گا۔پس اسی آیت سے جو بشپ صاحب نے پیش کی تھی یہ ثابت ہوگیا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم معصوم تھے۔اور چونکہ اس قسم کی کوئی آیت حضرت عیسیٰ کے متعلق نہیں آئی اس واسطے ان کی معصومیت کا مسئلہ زیر بحث ہوجائے گا۔یہ تو بشپ صاحب کے دلائل کا جواب ہوا لیکن جو پہلو بشپ صاحب نے دلائل کا آج اس جلسہ میں اختیار کیا ہے وہ ناک کو الٹا ہاتھ لگانے کا پہلو ہے۔آپ نے دعویٰ تو یہ کیا تھا کہ معصوم نبی کون ہے؟ پس سیدھا طریق گفتگو کا یوں تھا کہ بشپ صاحب قرآن شریف میں سے لفظ معصوم کا نکالتے اور پھر دکھاتے کہ یہ لفظ حضرت عیسیٰ کے متعلق آیا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے متعلق نہیں آیا لیکن چونکہ یہ طریق بشپ صاحب نے نہیں اختیا رکیا اس واسطے میں چاہتا ہوں کہ اس آسان راہ سے بھی دکھائوں کہ معصوم کون ہے۔پس اگر سارے قرآن شریف کو اوّل سے آخر تک دیکھا جاوے تو لفظ عصمت کا صرف ایک جگہ ایک ہی نبی کے حق میں بولا گیا ہے۔جہاںخدا اپنے ایک پیارے کو خطاب کرکے کہتا ہے۔ (المائدۃ :۶۸) اور خدا تجھے تمام جہان کے لوگوں میں سے معصوم قرار دیتا ہوں۔یہ خطاب کس کو ہوا؟ اس پیارے نبیؐ کو جو ہمارا سردار بلکہ تمام جہان کا سردار اور سب کا ہادی ہے۔اس کا پیارا نام محمدؐ ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی