انٹروڈکشن
ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)
اصل نوٹوں کے شروع کرنے سے پیشتر میں نے اس وقت ہی ایک مقدمہ بھی لکھا تھا۔اگرچہ اب اس میں بہت سی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں مگر میں اس خیال سے کہ وہ حضرت خلیفۃ اوّل رضی اللہ عنہ کی نظر سے گزر چکا ہے۔اسے ہی دے دیتا ہوں۔اس طرح پر ایک ہفتہ قرآن مجید کے حقائق و معارف اور ایک ہفتہ بخاری شریف پر نوٹ درج ہوتے رہیں گے۔وَ بِاللّٰہِ التَّوْفِیْق۔(عرفانی) بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم بخاری شریف پر نوٹ انٹروڈکشن اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی خُلَفَآئِ مُحَمَّدٍ وَّ بَارِکْ وَ سَلِّمْ قرآن مجید میں ایک عجیب اور عظیم الشان دعویٰ کیا گیا ہے جو اس سے پہلے کسی قوم کے ہادی یا نذیر و مامور نے نہیں کیا اور وہ یہ ہے(الاعراف :۱۵۹) یعنی اے نبی کریم ! کہہ دو کہ اے لوگو ! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہو کر آیا ہوں۔اس دعویٰ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اولوالعزمی، آپ کی دعوت کی بے نظیری اور عالمگیری عیاں ہے۔آپ کی نبوت و دعوت کا دائرہ نوع انسان پر کھینچا گیا ہے۔جہاں کہیں بھی کوئی انسان آباد ہے وہاں کوئی نبوت کوئی شریعت کوئی تمدن اگر حکومت و ہدایت کا موجب ہوسکتا ہے تو وہ وہی ہے جس کو اسلام کہتے ہیں۔اس لیے اسلام ایک عالمگیر مذہب کہلاتا ہے اور یہی وہ سر ہے کہ اسلام دوسرے مذاہب کی طرح نیشنلٹے کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ اس نے ہمیشہ ہیومینٹی کی تعلیم دی ہے۔جبکہ اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے اور نوع انسان کے لئے بہترین رہنما اور ہادی ہے تو یہ ضروری امر تھا کہ اس کے لانے والا اپنی زندگی میں ان تمام مراحل و شعبہ ہائے زندگی کا نمونہ رکھتا جن میں سے انسان کو گزرنا پڑتا ہے۔اسی لئے دوسرا دعویٰ قرآن کریم نے یہ کیا (الاحزاب :۲۲)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی تمہارے لئے ایک نمونہ ہے۔اب اسی سے اسلامی تمدن کی بنیاد شروع ہوتی ہے۔اسلامی تمدن پر مغربی محققوں نے بڑی بڑی دلچسپ بحثیں اور عجیب عجیب موشگافیاں کی ہیں اور فی الحقیقت یہ ایک ایسا مضمون ہے کہ دنیا کے محقق اس پر غور کریں اور اسے اپنے لئے خضر راہ بنائیں۔اسلامی تمدن نے اپنا حیرت انگیز اثر دنیا پر ڈالا ہے۔دنیا کی تمام ترقی یافتہ قوموں کی تہذیب و شائستگی کو اپنی روشنی کے آگے ماند کردیا۔یہ تاریخ نہایت دلچسپ اورحیرت انگیز ہے مگر افسوس ہے کہ میں اس انٹروڈکشن میں اس کے مختلف پہلوؤں پر بحث کرنے کا موقع نہیں پاتا اگر چہ میرے دل میں جوش ہے۔تمدن اسلام کی پہلی اینٹ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود باجود سے دنیا میں رکھی گئی اور آپ کی زندگی میں اس کا دائرہ عرب سے باہر پورے طور پر نہیں کھینچا گیا مگر خلافت راشدہ اور زمانہ ما بعد میں وہ ریگزار عربستان سے نکل کر اکناف عالم میں پھیل گیا اور اپنے اثر سے ان تمام قطعات عالم کو مؤثر کردیا۔یہ ایک حیرت افزا امر ہے کہ وہ قومیں جو اس وقت دنیا میں تہذیب و شائستگی کی ٹھیکیدار اور وہ ملک جو تمدن کے سر چشمہ بنے بیٹھے تھے اس تمدن کے سامنے سجدہ کرنے سے نہ رک سکے۔اس راز کا پتہ اور اس موج کا چشمہ جو مکہ سے اٹھی اور گنگا اور … تک پہنچی آپ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال اور صحابہ کرام کے آثار میں ملے گا اور ان کلمات طیبات کے پڑھنے سے معلوم ہوگا کہ آپ کی زندگی کا ہر لمحہ اور آپ کا ہر فعل و قول اپنے اندر ایک صداقت اور ہدایت پر رکھتا تھا اور فی الحقیقت ایسا ہی ہونا چاہیے تھا کیونکہ جو وجود دنیا میں بطور نمونہ اور آئیڈیل کے بھیجا گیا ہو جو سچی تہذیب اور حقیقی تمدن کی بنیاد رکھنے والا ہو۔اس کے افعال و اقوال میں کبھی کوئی بات ایسی نہیں ہوسکتی جو نوع انسان کی بہتری، بھلائی اور تربیت پر مشتمل نہ ہو۔ہم بڑی جرأت کے ساتھ یہ تسلیم کرنے کو تیار ہیں کہ ہر چند ایک خاص وقت تک آپ کے حالات آپ کے کلمات طیبات کے انضباط کا اہتمام نہیں کیا گیا یعنی زمانہ بعثت سے پہلے کے حالات کا لیکن یہ بھی ہم اس سے زیادہ دلیری کے ساتھ کہتے ہیں کہ آپؐ کی آئندہ زندگی جبکہ
آپ بحیثیت ایک مامور ، مرسل ، ہادی اور مزکی کے ظاہر ہوئے اسی پہلی زندگی کا ایک ارتقائی نقشہ تھا اور وہ بیج جو آپ کی سرشت اور فطرت میں پہلے سے بویا گیا تھا وہی بارآور ہوا تھا۔اس لئے آپ کے تمام حالات کو ہم محفوظ اور منضبط لکھنے کا ناقابل شکست دعویٰ کرتے ہیں۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ایک لا نظیر فخر حاصل ہے کہ دیگر ہادیان مذاہب کے مقابلہ میں آپ کی زندگی کے ادنیٰ سے ادنیٰ واقعات اور حالات محفوظ ملتے ہیں اور آپ کی پرائیویٹ (اندرون خانہ) اور پبلک لائف کا کوئی واقعہ نہیں جو محفوظ موجود نہ ہو یہ کیوں ہوا؟ اس کا جواب صاف اور لاجواب الفاظ میں یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو نوع انسان کے لئے بطور ایک نمونہ و آئیڈیل کے بھیجا تھا۔آپ کی زندگی ایک اسوہ حسنہ تھی اس لئے یہ لازمی اور ضروری امر تھا کہ آپ کے وقائع زندگی محفوظ اور مصئون ہوتے۔قبل نبوت کے حالات زندگی کی حفاظت اور عصمت پر ایک اور بھی دلیل قاطع ہمارے ہاتھ میں ہے جوخود قرآن مجید نے بیان کی ہے اور وہ یہ ہے (یونس :۱۷) میں نے تمہارے اندر چالیس سال کا ایک لمبا زمانہ گزارا ہے۔میری عفت و دیانت و امانت وصداقت پر تم سب کے سب گواہ ہو اور ایک بھی نہیں جو میری پاکیزہ اور معصوم زندگی پر حرف رکھ سکے۔یہ دعویٰ عرب جیسی اکھڑ ، دلیر اور معائب کو علیٰ رؤس الاشہاد بیان کردینے میں نہ جھجکنے والی قوم کے سامنے اس حالت میں کیا گیا جبکہ ان کی مالوف ترین چیز مذہب کو ان کے دل سے چھیننے کا اعلان کیا تھا لیکن اس تحدی اور علی الاعلان چیلنج کی تردید کے لئے کسی زبان ، ہاتھ اور قلم کو جنبش نہیں ہوتی اور آج تیرہ صدیاں گزرنے کے بعد بھی عرب جاہلیت کی پرانی تاریخوں، ان کے واقعات اور اشعار میں ایک بھی جملہ نہیں ملتا جو اس عدیم النظیر تحدی کو توڑ سکے۔آپ کی خطرناک مخالفت کے حالات ہمارے سامنے ہیں اور وہ تاریخ دنیا سے نابود نہیں ہوگئی مگر ان تاریخوں کو پڑھ جائو تمہیں ایک بھی جملہ اور ایک بھی کلمہ نہیں ملے گا جس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائف پر
نکتہ چینی کا موقع مل سکے۔یہ فخر اور بجا فخر بے نظیر فخر صرف سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم ہی کو حاصل ہے کہ آپؐ کی زندگی کے تمام واقعات محفوظ ہیں۔آپ کے کیریکٹر کی قوت اور شوکت کا اس سے پتہ لگتا ہے کہ آپ نے اپنی پرائیویٹ زندگی کے واقعات کو بھی پبلک کرنے میں کبھی مضائقہ نہیں فرمایا۔حدیث دلآویز اور ذکر محبوب درازی سخن کی طرف لے جانا چاہتا ہے لیکن اس انٹروڈکشن کی حالت اس طوالت کی متحمل نہیں ہوسکتی۔اللہ تعالیٰ نے چاہا اور توفیق دی تو ارادہ ہے کہ سیرت نبوی میں ان پہلوؤں پر بحث کروں اور اگر زندگی نے وفا نہ کی اور قدرت نے اس کو کسی دوسرے کے لئے رکھا تو بھی میں اس پاک خواہش کے لئے خدا کے فضل سے ثواب سے محروم نہ ہوں گا۔الغرض وہ تمدن اسلامی جو اپنی خوبی اور خوشنمائی کے لحاظ سے ہر زمانہ میں دلچسپی کا موجب رہا ہے۔اس کا حقیقی چشمہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہے اور آپ کا ایک ایک فعل ایک ایک لفظ انسانی زندگی کے لئے زبردست قانون اور ناقابل خطا رہنما ہے۔اسی قانون اور ہدایت نامہ کی اس کتاب کی ایک معمولی شرح کا یہ مقدمہ ہے۔اس اسلامی تمدن اور اسلامی ضابطہ کا پورا حال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلمات طیبات یا احادیث میں ملتا ہے۔کیوں کر ایک انسان حیوان سے انسان اور انسان سے بااخلاق انسان اور پھر باخدا انسان بن سکتا ہے اور کس طرح پر قوم بنتی اور بگڑتی ہے۔ان اسباب اور ذرائع کا پتہ تمہیں اسی پاک دفتر میں ملے گا۔بقائے نفس اور حفظ نوع انسان کے لئے کن امور کی ضرورت ہے۔اس کے لئے تمہیں احادیث ہی کے پڑھنے کی حاجت ہے۔اخلاقی اور روحانی قوتیں کیونکر نشو و نما پاتی ہیں؟ ان اسباب کی حقیقت کا راز بھی اسی دفتر میں مدفون ہے۔غرض انسان کے پیدا ہونے سے لے کر اس دنیا سے رخصت ہونے تک کے لئے جن امور کی ضرورت اسے ہے اور ما بعد دنیا کے لئے جو اسے مطلوب ہے ان تمام امور کو اس صحیفہ میں رکھ دیا ہے اور مختصر اور جامع الفاظ میں یہ کہہ دینا درست ہے کہ اسلامی تمدن و تہذیب کی تاریخ احادیث میں مرکوز ہے۔