نومبر ۱۸۹۹ء

خطابات نور, حصہ 2

کیا تم قرآن کے بعض حصوں پر ایمان لاتے ہو اور بعض کا انکار کرتے ہو۔یہ انکارِ کتاب اللہ نہیں تو کیا ہے؟ جب کہ(التوبۃ :۱۱۹)کی ہدایت کی گئی ہے۔پھر اس حکم کی ضرورت نہ سمجھنا اور عملی طور پر اس کو بیکار ٹھہرانا اس سے بڑھ کر کس قدر ظلم اور حماقت ہوگی؟  جو لوگ ایسا کرتے ہیں کہ قرآن شریف کے بعض حصص کا انکار کرتے ہیں خواہ علمی طور پر خواہ عملی وہ یاد رکھیں ان کی پاداش اور سزا بہت خطرناک ہے۔(البقرۃ :۸۶) اسی دنیا میں وہ ذلیل ہوجائیں گے اور اب دنیا کی تاریخ کو پڑھ لو اور انبیا ء علیہم السلام کے معاملات پر غور کرو کہ جن لوگوں نے ان کا ساتھ نہیں دیا بلکہ انکار کیا ان کا انجام کیا ہوا؟ کیا وہ اسی دنیا میں ذلیل اور خوار ہوئے ہیں یا نہیں؟ جہاں تک تاریخ پتا دے سکتی ہے یا آثار الصنادید سے پتا مل سکتا ہے وہاں تک صاف نظر آئے گا کہ خدا تعالیٰ کا یہ ارشاد صاف اور ثابت شدہ امر ہے۔میں اس معیت صادق کو حصول نیکی اور حصول تقویٰ کے لئے ایک ضروری چیز سمجھتا ہوں بغیر اس کے حقیقی نیکی کو انسان سمجھ سکتا ہی نہیں اور رضاء الٰہی کے طریق اس کو معلوم ہی نہیں ہوسکتے۔ایک انسان اپنے جیسے انسان کی خواہ اس کی صحبت میں بھی رہے رضامندی کے طریق کو بدون اس کی اطلاع اور تفہیم کے جب معلوم نہیں کرسکتا تو پھر اللہ تعالیٰ کی رضا کا علم اس کو کس طرح ہوسکتا ہے۔جب تک خود الہام الٰہی نہ ہو اور ہر شخص چونکہ ایسی استعداد اور قابلیت نہیں رکھتا۔اس لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ سے یہ قانون مقرر کیا ہے کہ وہ انبیاء علیہم السلام کو بھیجتا ہے۔جو براہ راست مکالمہ الٰہی کا شرف حاصل کرتے ہیں اور پھر وہ نوع انسان کو ان امور سے اطلاع دیتے ہیں جو خدا تعالیٰ کی رضا کا ذریعہ ہوتے ہیں اور پھر ان آثار اور نتائج کو جو رضاء الٰہی کا ثمرہ کہلاتے ہیں وہ اپنے وجود میں دکھاتے ہیں جس سے واقعی طور پر پتہ لگتا اور یقین بڑھتا ہے کہ ہاں یہی بات ہے جس سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے اور یہی حقیقی نیکی ہے اسی لئے میں نے بتایا ہے کہ نیکی کامل نیکی اس وقت ہوتی ہے جب وہ اللہ تعالیٰ کے فرمودہ کے موافق ہو اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق ہو۔صادق کی صحبت اور راست باز کے ساتھ ہونے کی ضرورت کا مضمون بڑا وسیع مضمون ہے اور اس کے بہت سے پہلووں پر بحث کی جاسکتی ہے لیکن میں مختصر طور پر اس کے متعلق کہوں گا۔

قانون قدرت میں اس کے نظائر موجود ہیں خود انسانی جسم کی ساخت اور بناوٹ میں اس کے نمونے نظر آتے ہیں۔قوموں کی عظمت و جبروت پر نظر کرو اور ان اسباب کی تحقیق کرو جو اس کی عظمت کا اصل باعث ہوتے ہیں۔انجام کار تم کو اس نتیجہ پر پہنچنا پڑے گا کہ وہ کسی راستباز کی معیت اور صحبت کا نتیجہ ہیں یہ امر الگ ہے کہ بعد میں اور اسباب بھی اس کے ساتھ مل گئے ہوں۔میں ایک موٹی تمثیل کے ساتھ اس مضمون کو ذہن نشین کرتا ہوں پہاڑوں کی طرف نگاہ کرو۔پہاڑ کا لفظ ہی انسان کے اندر ایک عظمت اور شوکت اس کے نام کی پیدا کرتا ہے۔مگر اصل کیا ہے ذرّات کا مجموعہ ہے۔اب اگر یہ ذرّات پراگندہ اور منتشر حالت میں ہوتے تو کیا ہم ان کا نام پہاڑ رکھ سکتے؟ ہرگز نہیں۔یہی ذرّات منتشر حالت میں بے شمار تعداد میں تھلوں میں موجود ہوتے ہیں کیا کوئی کہتا ہے کہ یہ پہاڑ ہیں؟ کبھی نہیں۔پس اگر یہ ذرات حالت منتشر میں ہوتے تو تھلوں سے زیادہ ان کی شوکت اور وقعت نہ ہوتی اور وہ مفاد اور منافع جو اس ہئیت مجموعی میں جو پہاڑ کی ہے دنیا کو پہنچتے ہیںنہ پہنچ سکتے۔حالت اجتماعی میں پہاڑوں سے چشمے نکلتے ہیں دریا بہتے ہیں ندیوں نالوں کا سلسلہ جاری ہوسکتا ہے۔عجیب عجیب قسم کے میوے قسم قسم کی لکڑیاں اور دوائیوں کے سامان پہاڑوں سے حاصل ہوتے ہیں۔یہاں تک کہ بعض بعض مقامات پر بڑی بڑی گرانقدر کا نیں بھی نکلتی ہیں۔غرض ہر قسم کی راحت اور آسائش اور تموّل کا سامان ایک طرح پر پہاڑوں سے حاصل ہوتا ہے اور بالمقابل انفرادی حالت تھلوں کی دیکھ لو کہ ریت اڑتی ہے نہ پیداوار ہوسکتی ہے نہ کوئی درخت ہی پیدا ہوتا ہے نہ کچھ اور غرض ہر طرح سے بربادی بخش اور مہیب نظارہ ہے اس زمانہ میں (جو علوم کا زمانہ کہلاتا ہے اور ہر قسم کی ایجادیں اور ترقیاں ہورہی ہیں) ان علوم مروجہ سے معلوم ہوا ہے کہ اجزا کے تفرق سے علیحدگی، کمزوری اور توافق سے تقویت پیدا ہوتی ہے۔یہ تو جمادات کا نظار ہ ہے جو میں نے دکھایا ہے۔اب نباتات کو لو۔اس درخت کو لو جو اس مسجد میں سامنے کھڑا ہے اس کی شاخیں جو اس کے ساتھ لگی ہوئی ہیں یہ کیسی سرسبز اور خوش نما ہیں۔ان کی ہر حالت اور ہر صورت خوبصورت معلوم ہوتی ہے

اس وقت جو غذا ان کو اس درخت کی جڑ کے ذریعہ اور پھر اس کے بڑے تنے کے ذریعہ جن کے ساتھ ان کا پیوند ہے پہنچتی ہے وہ بہر حال حصہ رسدی سے پہنچتی ہے لیکن باوجود اس کے بھی وہ شاداب اور سرسبز ہیں۔اب ان میں سے ایک شاخ کو کاٹ لو اور اس کو عین بہار کے موسم میں کاٹ لو جبکہ خشک درخت بھی کوئی نہ کوئی پتا نکال لیتے ہیں اور ایک بڑے تالاب میں اس شاخ کو رکھ دو اور نتیجہ کا انتظار کرو کیا ہوگا؟ وہ شاخ مرجھا جائے گی۔خشک ہوجائے گی آخر سڑ جائے گی اور تھوڑی دیر پہلے درخت کے ساتھ رہ کر انسانی زندگی کے لئے ایک نفع رساں اور راحت بخش ہوا کا ذریعہ تھی۔وہی شاخ اس سے الگ ہوکر مضر صحت مواد اور اسباب پیدا کرنے کا ذریعہ ہوگئی۔باوجود یکہ اسے پہلے سے زیادہ پانی میں رکھا گیا مگر وہ اس کے لئے آب حیات کی بجائے زہر کا کام دے رہا ہے۔اب اس کے ہرے بھرے رہنے اور مثمر ثمرات اور نفع رساں ہونے کی کیا توقع ہوسکتی ہے؟ کوئی نہیں لیکن وہی شاخ جب درخت کے ساتھ اس کا پیوند ہوتا ہے کیسے ثمرات لاتی اور پھل پھول لاکر انسان کے لئے حیوانات کے لئے مفید اور نافع ہوتی ہے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی بزرگ اور عظیم تنا کے ساتھ کا پیوند ہی اس کے لئے مفید اور مثمر ثمرات ہونے کا باعث تھا اور وہ الگ ہوکر کبھی کوئی مفید شے نہیں ہوسکتی۔۵؎ ضرورت امام : امام کی ضرورت ایک ایسی ضرورت ہے کہ اس سے کوئی سلیم الفطرت تو انکار نہیں کرسکتا ہاں جو انکار کرتا ہے وہ اپنے آپ کو کیسا ہی دانش مند تجربہ کار نیک سمجھتا ہو لیکن میں اس کو سب سے بڑھ کر بے وقوف ناواقف اور خطاکار قرار دوں گا کیونکہ وہ بدیہی باتوں سے انکار کرتا ہے۔درخت کی مثال سے میں بتاچکا ہوں کہ کس طرح پر ٹہنیوں کو سرسبز و شاداب رہنے اور بار ور ہونے کے لئے درخت کے ساتھ حقیقی پیوند ضروری ہے۔اپنی نظر کو ذرا اور وسیع کرو اور ریل گاڑی کی طرف دیکھو۔ایک ٹرین جس میں سٹیم انجن نہ لگا ہوا ہو اور اس میں خواہ کیسی ہی مصفا اور شاندار گاڑیاں لگی ہوئی ہوں لیکن سٹیم انجن کے نہ ہونے کے سبب ان میں کوئی حس و حرکت پیدا نہیں ہوگی اور وہ منزل مقصود تک نہیں پہنچیں گی۔حیوانات پر غور کرو۔مرغی کے بچے اگر متفرق کردئیے جاویں تو خواہ ان کو کیسی ہی غذا دو لیکن

اگر وہ مرغی کے پروں کے نیچے آکر اس کی حرارت سے حصہ نہیں لیتے تو وہ زندہ نہیں رہ سکتے۔ان کو چیلیں اور دوسرے جانور ہی کھا جائیں گے۔غرض یہ تو سچ ہے کہ مادہ نشوونما پاتا ہے لیکن تعلق کے ساتھ۔اسی طرح پر جب دنیا دار قومیں جب کوئی انجمن یا سوسائٹی بناتی ہیں اور مل کر کوئی کام کرتے ہیں اس وقت باوجود یکہ کثرت رائے پر فیصلہ ہوتا ہے لیکن اس پر بھی ان کو اپنا ایک میر مجلس یا پریذیڈنٹ منتخب کرنا پڑتا ہے اور اس کا فیصلہ قطعی اور آخری فیصلہ ہوتا ہے۔جمہوری سلطنتوں کو بھی پریذیڈنٹ کی ماتحتی ضروری ہوتی ہے باوجودیکہ وہ بڑے آزاد رائے اور آزادی پسند ہوتے ہیں پھر جب عام نظارۂ قدرت اور موجودات میں وحدت ارادی کے پیداکرنے کی ضرورت ایک عام ضرورت سمجھی جاتی ہے اور انسان کی مادی ترقیات کی جڑ میں بھی وحدت ارادی کی روح کام کررہی ہے پھر کیسا نادان اور بے وقوف ہے وہ انسان جو علوی اور روحانی امور میں اس کی ضرورت نہیں سمجھتا۔نظارہ وحدت کا معراج : میں نے اس مسئلہ پر گھنٹوں اور منٹوں سے لے کر دنوں اور ہفتوں بلکہ مہینوں اور سالوں تک غور کی ہے اور میں سچ کہتا ہوں کہ جس قدر میں اس مضمون پر سوچتا گیا ہوں خالص ذوق اور سرور کے ساتھ اس کی باریک باتیں مجھ پر کھلتی گئی ہیں۔یہاں تک کہ اس وحدت کے نظارہ میں میں اوپر چڑھتا گیا اور میں نے دیکھا کہ واحد لاشریک خدا کے لئے وحدت کا نظارہ ضروری ہے۔خدا جو اسماء حسنیٰ کا مرکز ہے اگر اس کی صفات پراگندہ ہوتیں تو خدائی ہی نہ چلتی۔اسی طرح پر وہ جامع جمیع صفات کاملہ ہستی چاہتی ہے کہ اجزاء متفرقہ کا جو مجموعی طور پر ہیں اتحاد ہو۔کشش: یہی وجہ ہے کہ کشش اتصال کا وجود اس نے رکھا ہے جو ذرات متفرقہ کو باہم ملاتی ہے۔انفرادی حالت میں فیوض و برکات کا نزول نہیںہوتا بلکہ اس میں بھی توسط کی حاجت ہوتی ہے۔یہ کشش قابل جوہروں کو اپنی طرف کھینچتی ہے اور ان کو ان منافع اور برکات کا وارث ٹھہرا رہی ہے جو اتحاد سے پیدا ہوتی ہیں۔جس طرح پر امور مادی میں میں نے یہ ضرورت دکھائی ہے۔آسمانی اور روحانی معاملات میں بھی ایک صاحب کشش امام کی ضرورت ہوتی ہے۔وہ

اپنی کشش سے پاک فطرت اور سعیدوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور پھر اس تعلق سے جو ان میں پیدا ہوتا ہے اس قوت اور طاقت کو نشوونما ہوتا ہے۔فیوض الٰہی کا نزول: جو فیوض الٰہی کے جذب کرنے کا ذریعہ ٹھہرتی ہے۔یہاںتک کہ اللہ تعالیٰ کے فیوض و برکات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور یہ وہ سلسلہ ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں ان الفاظ میں فرمایا ہے۔(حٰم السّجدۃ :۳۱) کی کیفیت کیسے پیدا ہو: کی حالت اور کیفیت مجرد زبان سے کہہ دینے سے پیدا نہیں ہوسکتی بلکہ یہ ایک کیفیت ہے کہ اس کا ظہور اور بروز نہیں ہوتا جب تک خدا تعالیٰ کے برگزیدہ بندہ کی صحبت میں رہنے کا موقع حاصل نہ ہو اور اس کے ساتھ ہی سچا پیوند اور رشتہ قائم نہ ہو۔یہ مسئلہ چونکہ ایک باریک مسئلہ ہے۔اس لئے میں نے پہلے عام نظارہ قدرت کی مثالوں سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ وحدت ارادی فیوض کا وارث بناتی ہے لیکن یہ بیان کرنا کہ وہ برکات اور فیوض جو خدا تعالیٰ کے ماموروں اور صادقوں کے ساتھ تعلق پیدا کرنے سے ملتے ہیں وہ کس طرح پر نازل ہوتے ہیں یہ ایک کیفیت ہے جس کو بیان کرنا مشکل ہے۔اسی لئے میں نے بتایا ہے کہ جس طرح مرغی اپنے انڈوں کو پروں کے نیچے لے کر بیٹھتی ہے اور اپنی گرمی پہنچاتی ہے اور اس گرمی سے اس مادہ میں جو انڈوں کے اندر نشوونما پانے کی قابلیت رکھتا ہے ایک خاص قسم کی حرارت جو زندگی کی روح رکھتی ہے پیدا ہونے لگتی ہے اور معلوم نہیں ہوسکتا کہ وہ روح کدھر سے آئی اور کس وقت۔اسی طرح پر جب انسان ایک مامور کے ساتھ سچا تعلق پیدا کرتا ہے تو اندر ہی اندر اس کی پاک تاثیریں عقد ہمت دعائیں اس تعلق پیدا کرنے والے انسان میں ایک نیا نفخ روح کرتی جاتی ہیں اور اس میں نئی زندگی کے آثار پیدا ہوتے ہیں۔اس کی صحبت میں رہ کر اللہ تعالیٰ کی ہستی پر ایک نیا ایمان پیدا ہونے لگتا ہے جو اس ایمان پر اسے اپنا جان و مال تک نثار کردینے کی قوت بخش دیتا ہے۔وہ ایمان اس کو استقامت کی قوت دیتاہے اور وہ اس آیت کا مصداق بنتا ہے اور اس طرح پر خدا تعالیٰ کے برکات

اور فیوض کا چشمہ اس کی طرف جاری ہوتا ہے اور ملائکہ کا نزول اس پر ہونے لگ جاتا ہے۔غرض میں اس کیفیت کی گواہی تجربۃً دے سکتا ہوں جو انسان کو خدا تعالیٰ کے ماموروں کے ساتھ تعلق پیدا کرکے ہاں سچا تعلق پیدا کرکے حاصل ہوسکتی ہے۔حضرت امام علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس کیفیت کا ایک مرتبہ اس طرح پر اظہار کیا تھا کہ جیسے پانی کی ایک بڑی نالی ہوتی ہے۔مامورمن اللہ اس نالی کی مانند ہوتا ہے اور سچے ارادتمندوں کا اس نالی کے ساتھ اس طرح پر تعلق ہوتا ہے جیسے چھوٹی چھوٹی نالیاں ایک بڑے لوہے کے نل کے ساتھ ملی ہوئی ہوتی ہیں اور جب پانی کے چشمہ سے اس بڑے نل میں پانی آتا ہے تو ان چھوٹی نالیوں میں بھی ان کی ظرف کے موافق اور استعداد کے مطابق وہ پانی گرتا جاتا ہے۔پس چونکہ امام خدا تعالیٰ کے فیوض و برکات کو براہ راست حاصل کرتا ہے اس لئے اس سے سچے تعلق رکھنے والے ان برکات کو اس میں ہوکر حاصل کرتے ہیں۔میں اس سلسلہ میں دور چلا گیا۔میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اسماء حسنیٰ کا مرکز اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور وہ تقاضا کرتی ہے کہ اجزا متفرقہ کو مجتمع کرے اس لئے اجتماع لازمی ہے۔ساری گاڑیاں اگرچہ اپنے پہیوں سے چلتی ہیں مگر سٹیم انجن کے بدون وہ پہیے بیکار محض اور نکمے ہیں اسی طرح پر ہمارے اندر بھی جو قرب کی فطری قوتیں اور طاقتیں ہیں وہ سب کی سب بیکاراور نکمی ہیں اگر کسی سٹیم انجن کے ساتھ ہمارا تعلق نہ ہو کوئی شاخ مثمر ثمرات نہیں ہوسکتی جب تک اصل درخت کے ساتھ اس کا تعلق نہ ہو، کوئی بچہ نشوونما نہیں پاسکتا جب تک ماں کی گود میں نہ ہو۔اسی اصل اوربنا پر اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے۔(التوبۃ :۱۱۹) یعنی ایمان باللہ والو! تقویٰ اختیار کرو اور تقویٰ اختیار کرنے کی راہ یہ ہے کہ صادقوں کی صحبت میں رہو۔مجھے اپنے طالب علمی کے زمانہ کا ایک واقعہ یاد ہے۔جب میں ہندوستان میں تعلیم پاتا تھا تو میرے ایک مہربان تھے جو بڑے ہی پرہیزگار اور صالح آدمی تھے۔ان کا نام شاہ عبدالرزاق تھا۔رام پور روہیلکھنڈ میں رہتے تھے اور یہ سیداحمد بریلوی کے معتقد تھے۔میں عموماً ان کی ملاقات کے واسطے جایا کرتا تھا اور ان کے پاس بیٹھا کرتا تھا۔ایک مرتبہ ایسا اتفاق ہوا کہ کئی دن تک مجھے ان کی خدمت میں حاضر ہونے کا موقع نہ ملا۔اس غیر حاضری کے بعد جب میں ان کی خدمت میں حاضر

ہوا تو آپ نے پوچھا کہ تم اتنے دنوں تک کیوں نہیں آئے۔میں نے عرض کی کہ یونہی آنا نہیں ہوسکا۔اس پر مجھے فرمایا کہ کیا تم کبھی قصاب کی دکان پر بھی نہیں گئے ہو؟ دو تین مرتبہ اس فقرہ کو دہرایا مگر میری سمجھ میں کچھ نہ آیا کہ اس سے آپ کا کیا مطلب ہے اور میری غیر حاضری اور حاضری کو اس سے کیا تعلق؟ پھر آپ نے ہاتھ کے اشارہ کے ساتھ سمجھایا کہ دیکھو قصاب تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد اپنی دونوں چھریوں کو کس طرح باہم رگڑ لیتا ہے حالانکہ بظاہر اس کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔اس سے عارف کو سبق لینا چاہئے کہ دنیا کے دھندوں اور تعلقات میں انسان کے قلب پر ایک قسم کا زنگ چڑھ جاتا ہے اور معرفت کی تیزی جلد کند ہونے لگتی ہے جس کے واسطے ضروری ہے کہ انسان وقتاً فوقتاً صادقوں کی صحبت میں رہ کر اس زنگ کو دور کرتا رہے اور ان کی نیک صحبت سے اس تیزی اور جلا کو قائم رکھے۔قرآن کریم میں اسی کی طرف اشارہ کرکے فرمایا ہے۔(التوبۃ :۱۱۹) میں سچ کہتا ہوں اور اپنے تجربہ کی بنا پر کہتا ہوںبیشمار کتابوں کے پڑھنے نے مجھے اتنا فائدہ نہیں دیا جس قدر خدا تعالیٰ کے صادق بندوں کی صحبت نے مجھے فائدہ پہنچایا ہے اور اب میں سالہا سال سے تجربہ کررہا ہوں کہ قادیان میں بیٹھ کر جس قدر فائدہ میں نے اٹھایا ہے اپنی ساری عمر میں نہیں اٹھایا جو قادیان سے باہر بسر کی ہے اور چونکہ انسان کی فطرت میں یہ امر اللہ تعالیٰ نے رکھا ہوا ہے کہ وہ نفع رساں اشیاء کو لینا چاہتا ہے اور مضر اور نقصان رساں سے بھاگتا ہے۔اسی لئے میں قادیان سے باہر ایک دم گزارنا بھی موت کے برابر سمجھتا ہوں۔یہی وجہ ہے کہ میں قادیان سے باہر ہزاروں روپیہ پیش کرنے کی صورت میں بھی جانا نہیں چاہتا۔ہاں اگر کبھی نکلتا ہوں تو محض اس لئے کہ اس پاک وجود کا حکم ہوتا ہے جس کے حضور حاضر رہ کر یہ عظیم الشان فائدہ اٹھا رہا ہوں۔جس نے ہزاروں نہیں لاکھوں بلکہ دنیا کے سارے مال و متاع سے مجھے مستغنی کردیا ہے۔میں نے یہ باتیں اس لئے نہیں کی ہیں کہ میں تمہیں یہ بتائوں کہ امام کے ساتھ میرا کیسا تعلق ہے؟ اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ (بخاری کتاب بدء الوحی باب کیف کان بدء الوحی)۔میری غرض فقط یہ ہے کہ میں تم لوگوں کو خصوصاً ان دوستوں کو جو مجھ پر حسن ظن رکھتے ہیں ان فوائد سے

اطلاع دوں جو مجھے یہاں رہ کر حاصل ہوئے ہیں اور جنہوں نے دنیا کی ساری دولت کو میرے سامنے ہیچ کردیا ہے تاکہ وہ بھی یہاں رہ کر وہ بات حاصل کریں جو حضرت امام کے آنے کی اصل غرض ہے۔اس امر کے اظہار سے میری یہ بھی ایک غرض ہے کہ ان لوگوں کو ابتلا سے بچائوں جو کبھی کبھی بدظنی کربیٹھتے ہیںکہ میں دوسروں کو حقیر سمجھ کر بلانے پر قادیان سے باہر نہیں جاتا۔تم جو یہاں موجود ہو یاد رکھو خدا تعالیٰ نے محض اپنے فضل و کرم سے ہاں اپنے ہی فضل سے مجھے اس راہ کی ہدایت فرمائی ہے کہ الٰہی فیوض و برکات کے حصول کا اصل ذریعہ ایمان باللہ اور تقویٰ ہے۔مگر ایمان باللہ اور تقویٰ اللہ کی حقیقت اور کیفیت پیدا نہیں ہوسکتی جب تک کہ صادق کی صحبت میں نہ ر ہے اور مجھے اپنی ذات پر تجربہ کرنے سے اس کی قدر معلوم ہوئی ہے۔اس لئے میں کھول کر کہتا ہوں کہ اگر چاہتے ہو کہ وہ انوار سماوی اور روحانی برکات حاصل کرو جو روح کے تقاضوں کی انتہا ہیں تو سنو! یہاں آئو اور صادق کی صحبت میں رہو اور اس سے وہ فیض لو جو وہ لے کر آیا ہے۔غرض مامور من اللہ اور صادق کی صحبت اور معیّت ضروری ہے۔یہ بات بھی یاد رکھنی چاہئے کہ کوئی انسان اس قابل نہیں ہوتا کہ وہ اپنی ہی ذات پر بھروسہ کرے اور اپنی تجویزوں اور تدبیروں سے اعلیٰ کامیابیوں تک پہنچے اور اس امر کی پروا نہ کرے کہ مامورمن اللہ اور صادق کی صحبت میں رہنے سے اسے کوئی فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔اگر کوئی ایسا خیال کرے تو وہ بیوقوف ہے اپنا دشمن ہے۔دیکھو اس خیر القرون میں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا قرن تھا۔خدا تعالیٰ کی برکات اور فیوض کی بارش کا وقت تھا لیکن کل عرب و عجم نہیں ساری دنیا میں سے مکّہ کو جوامّ القریٰ ہے منتخب فرمایا اور سارے مکّہ میں سے قریش کو اور قریش میں سے بنی ہاشم کو اور پھر عبداللہ اور آمنہ کے بیٹے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو جو دنیا کو ان انوار و برکات سے بہرہ ور کرے پھر خیرالقرون میں صحابہ نے اور تابعین اور تبع تابعین نے کیسی ترقی کی؟ انہوں نے اپنے سلوک کے منازل کو طے کرنے کے واسطے کیا راہ اختیار کی؟ کیا یہ کہ آپ کا اقرار کر لیا آپ کو صادق تسلیم کرلیا اور پھر آپ کے پاس آکر نہ بیٹھے۔اپنے گھروں میں جاکر اپنے کاروبار میں مصروف ہوکر روپیہ کمانے کی فکر میں ہوگئے اور پاس نہ رہنے کے لئے دنیا اور اس کے مخمصوں کا عذر کردیا؟ سوچو!

اور پھر سوچ کر بتائو۔میں خود ہی اس سوال کا جواب دے دیتا ہوں۔صحابہ نے جس قدر ترقیاں کیں جو جو مدارج عالیہ انہوں نے حاصل کئے ان سب کا اصل سبب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پاک صحبت اور معیّت ہی تھی جس نے ان کے اندر خدا تعالیٰ کی محبت اور عظمت اس درجہ تک کوٹ کوٹ کر بھردی تھی کہ جس کے مقابلہ میں انہوں نے وطن، آبرو، عزت، راحت، دولت، آسائش،عزیزواقرباء غرض دنیا کی کسی چیز اور کسی تعلق کی پروا نہیں کی۔اور تو اور انہوں نے اپنی جانوں تک کی پروا نہیں کی اپنے خون پانی کی طرح بہا دئیے وہ بات جس نے ان میں یہ قوت یہ شجاعت و استقامت اور ایثار نفس پیدا کردیا تھا یہی تھی کہ وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت میں رہتے اور آپ کے ساتھ تعلق کو اتنا شدید کیا اور ایسے وابستہ ہوئے کہ وہ سکینت اور اطمینان جو خدا کی طرف سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوتی تھی جس نے آپ کا شرح صدر فرمایا۔اس تعلق اور محبت کی نالی کے ذریعہ صحابہ کے دل پر بھی اترتی تھی اور ان کے شرح صدر کرکے نور یقین سے بھرتے جاتے تھے۔۶؎ وہ محبت اور اخلاص جو صحابہ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے تھا۔اس کے مقابلہ میں انہوں نے نہ وطن کی پروا کی اور نہ عزت و آبرو و راحت و آرام کو مدنظر رکھا۔بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور فنا فی الرسول کے مقام کو حاصل کرنے کی کوشش کی اور خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس میں پورے کامیاب ہوئے۔عرب جیسے اکھڑ اور آزاد، خودرائے قوم تھی لیکن جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی فیض صحبت سے مستفیض ہوئے تو ان کی یہ حالت تھی کہ اگر کوئی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاک مجلس میں ان کو دیکھتا تو اسے صرف بت نظر آتے ہر ایک اپنی اپنی جگہ خاموش بیٹھا ہے اور اتنا حوصلہ جرأت نہیں کرتا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان پر پیش دستی کرے اور بولنے لگے۔کیوں؟ اس لئے آداب الرسول: کہ انہیں حکم ہوچکا تھا  (الحجرات :۳) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کوئی بات بڑھ کر نہ کرو۔یہ چھوٹی سی بات نہیں اتنی بڑی جماعت کو یہ حکم ہوتا ہے کہ تم کچھ نہیں بول سکتے ہمارے بھیجے ہوئے رسول کی اتباع کرو۔

 (الحجرات :۳) یعنی یاد رکھو تم حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی آواز پر اپنی آواز بلند نہ کرو بلکہ تم اس کے ماتحت رہو۔اصل بات یہ ہے کہ ہر مجلس اور محفل کے کچھ آداب ہوتے ہیں اگر ان آداب اور مجلس سے قطع نظر کی جاوے اور پرواہ نہ ہو تو انسان بجائے اس کے کہ اس مجلس سے فائدہ اٹھاوے اور اس میں کوئی عزت حاصل کرے وہ اس سے نکالا جاتا ہے اور یا ان فوائد اور منافع سے محروم رہ جاتا ہے جو اس مجلس میں بیٹھنے والوں کو ہوتے ہیں۔دنیا کے حاکموں اور عہدہ داروں کے درباروں میں جائو تو تمہیں آگاہ کیا جاوے گا کہ وہاں کس طرح پر بیٹھنا ہے اور کس طرح ہونا ہے۔مکارم اخلاق کی کتابوں میں آداب مجلس اور آداب گفتگو وغیرہ وغیرہ جداجدا باب مقرر کئے ہیں۔اس لئے کہ اخلاق فاضلہ کے حصول کے واسطے آداب و قواعد کی پابندی ضروری ہے۔پر صاحب خلق عظیم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی پاک مجلس سے سعادت اندوزی کے لئے کیا پابندیٔ آداب کی ضرورت نہیں ہے؟ ہے اور ضرور ہے۔صحابہ کی کامیابیوں اور روحانی مدارج کی ترقیوں اور منازل سلوک کے طے کرنے کا اصل راز یہی تھا کہ انہوں نے فنا فی الرسول ہونے کی حقیقت کو سمجھ لیا تھا اور وہ ایک دم کے واسطے بھی آپ کی اطاعت سے قدم باہر نکالنا نہیں چاہتے تھے اور انہوں نے قدم باہر نہیں رکھا۔اخلاص اور صواب: اعمال صالحہ کی حقیقت اسی لئے یہ بتائی گئی ہے کہ کوئی عمل عملِ صالح نہیں کہلاتا جب تک کہ اس میں دو شرطیں نہ پائی جائیں۔اوّل: یہ کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حکم اور فرمان کے موافق اور ماتحت ہو۔دوم : وہ اس طریق پر ہو جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طرز عمل ہے۔پہلی شرط کا نام اخلاص ہے اور دوسری کو صواب کہتے ہیں۔صحابہ نے اس راز کا پتہ لگالیا تھااس واسطے وہ وہی کرتے تھے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کامل اطاعت اور اتباع کا رنگ رکھتا ہو کیونکہ انہوں نے یہ آداب الرسول کی آیتیں سنی ہوئی تھیں وہاں انہوں نے کلام الٰہی کو اس طرح پر بھی سنا تھا۔

(اٰل عمران :۳۲) یعنی اے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ان کو کہہ دو کہ اگر تم چاہتے ہو کہ محبوب الٰہی بن جائو تو میری اطاعت کرو اللہ تعالیٰ تم کو دوست رکھے گا۔پس چونکہ وہ جانتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب بننے کی ایک ہی راہ ہے اور ایک ہی کلید اور وہ ہے اتباع بنی کریم صلی اللہ علیہ وسلم۔صحابہ کرام کو جو یہ حکم دیا گیا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز پر اپنی آواز بلند نہ کرو اور محبوب الٰہی بننے کا جو یہ گُر ان کو بتایا گیا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کامل اتباع کرو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ علیحدہ علیحدہ ترقی نہیں کرسکتے اور نہ ترقی کرنے کا یہ اصول ہے کہ انفرادی طور پر ترقی کریں بلکہ انبیاء و رسل کے ماتحت ترقی کرنے کا اصل الاصول یہی ہے کہ سب کے سب اکٹھے ہوکر اس کی اطاعت اور نقش قدم پر چلنے میں ایسے فنا ہوں کہ اسی کا عکس اور نمونہ بننا چاہیں اور اس کے سایہ میں اس طرح پر جمع ہوجائیں جیسے مرغی کے پروں کے نیچے بچے جمع ہوجاتے ہیں۔انبیاء سے فیض کس طرح ملتا ہے: جو لوگ انبیاء و رسل علیہم الصلوٰۃ والسلام کی سیرت اور پاک لائف کو پڑھتے ہیں جو قرآن کریم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرز زندگی پر نظر کرنے سے ملتی ہے۔کیونکہ آپ مجموعی طور پر کل نبیوں کی صفات اور کمالات کو لے کر آئے تھے اور جہاں ایک طرف آپ نوع انسان کے اکمل افراد میں سب سے اعلیٰ تھے اور سب کی خوبیوں اور کمالات کے جامع تھے وہاں کل دنیا کی اصلاح اور ہمیشہ تک کے لئے مصلح اور ریفارمر ہوکر آئے تھے۔اس واسطے جس قدر نبی دنیا میں گزرے ہیں یا جس قدر خوبیاں اور کمالات انسان میں انتہائی درجہ تک ہوسکتے ہیں وہ سب آپ میں موجود تھیں۔اس لئے آپ ہی کی لائف پر غور کرنا، کل نبیوں کی سیرت کو پڑھ لینا ہے مگر مجھے اس مقام پر پہنچ کر دل پر ایک ٹھوکر لگی ہے اور سخت درد محسوس ہوا ہے کہ آج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور لائف پڑھنے والے اور اس کو اسوہ بنانے والے بہت ہی کم ہیں۔مسلمانوں کا فرض تھا کہ آپ کی سیرت کو تدبر سے پڑھتے مگر انہوں نے نہیں پڑھا۔

حضرت عائشہ صدیقہؓ نے فرمایا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خلق قرآن کریم ہے اور قرآن کی طرف جو کچھ توجہ مسلمانوں کو ہے اس کے لئے یہ آیت بالکل صحیح ہے۔ (الفرقان :۳۱) قرآن شریف ہی آپ کی پاک سیرت ہے اور اسی کی طرف مسلمانوں کو توجہ نہیں باوجود یکہ وہ بہت ہی ذلیل حالت تک پہنچ گئے ہیں لیکن ابھی تک بھی وہ بیدار نہیں ہوئے اور اصل باعث جو ان کی تباہی اور ذلت کا ہے ان کو نظر انداز کرکے یورپ کی اتباع سے اور مغربی فلسفہ کو اسوہ بناکر مسلمان کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے اور ہرگز نہیں کرسکتے؟ ترقی کی ایک ہی راہ ہے اور وہ وہی ہے جو صحابہ کرام رضی اللہ علیہم اجمعین نے اختیار کی تھی اور وہ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اسوہ بنانا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے آپ ہی کو اسوۂ حسنہ ٹھہرایا ہے۔(الاحزاب :۲۲) بات کچھ اور تھی اور میں اس سلسلہ میں ادھر چلا گیا۔میں نے ایسا عمدًا اور ارادۃً نہیں کیا یہ میرے دل میں ایک درد تھا اور ہے کہ مسلمان بلندی سے گرے ہیں اور پھر ابھرنے اور گڑھے سے نکلنے کے لئے گھاس پھوس کو ہاتھ مارتے ہیں اور اس مضبوط رسی کو جس کی بابت کہا گیا تھا۔(اٰل عمران :۱۰۴) چھوڑ بیٹھے ہیں اور اس کی طرف توجہ بھی نہیں کرتے۔غرض انبیاء علیہم السلام سے فیض ملنے کی ایک ہی راہ ہوتی ہے اور وہ وہی راہ ہے جس کو قرآن شریف میں  (التوبۃ :۱۱۹) کے الفاظ میں ادا کیا گیا ہے۔جب خدا تعالیٰ کا کوئی مامور دنیا میں آتا ہے تو وہ ایک مشین یا َکل کی طرح ہوتا ہے۔جس قدر لوگ اس کے ساتھ تعلق پیدا کرتے ہیں وہ انفرادی طور پر ترقی نہیں کرتے بلکہ ان کا فرض ہونا چاہئے کہ اس سے ملے رہیں اگر وہ اس سے ملے نہیں رہتے تو وہ ترقی نہیں کرسکتے اور اس فیض کو جو اس سے ملتا ہے نہیں پاسکتے۔جس قدر لوگ محبوب الٰہی بننا چاہتے ہیں ان کو چاہئے کہ اس کا ساتھ دیں اور اس کی سچی اتباع کریں۔ازالۂ وہم : بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو پوچھتے ہیں کہ مامور کے ساتھ تعلق پیدا کرنے کی ہم کو کیا ضرورت ہے؟ ہم عقائد حقہ سے واقف ہیں اور اعمال صالحہ کی حقیقت سے آگاہ ہیں اور ان کے پابند ہیں۔مگر یہ ان کا دعویٰ ہی دعویٰ ہوتا ہے اگر وہ اس سے واقف اور

·

آج 10 میں سے 10 باقی