۲۷ دسمبر ۱۹۰۰ء

خطابات نور, حصہ 2

ہے جس سے معلوم ہوسکتا ہے کہ کوئی عجیب سپر ان کے پاس ہے۔جس کی اوٹ میں یہ مامون اور مصئون ہیں۔پس اب یہ بخوبی سمجھ میں آسکتا ہے کہ کیا ہے؟ (النجم :۴) یعنی وہ اللہ ہی کے بلائے سے بولتا ہے یہی وجہ ہوتی ہے کہ ان کی اطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہوتی ہے۔اب میں تمہارے سامنے پھر وہی پاک نمونہ پیش کرتا ہوں۔جس کا میں نے ابھی ذکر کیا ہے اور جو اس وقت تم میں موجود بیٹھا ہے۔یعنی حضرت امام علیہ السلام کا پاک وجود۔دیکھو ایک مولوی اور ملا اپنی اپنی جگہ شور مچاتا ہے کہ میں نے جیت لیا ہے اور کہتے ہیں۔یہ کون ہے مرزا جو کرے چوں مرے آگے مگر میں ایمان سے کہتا ہوں اور دنیا دیکھتی ہے۔خود ان کے دل ان کو شرمندہ کرتے ہیں کہ یہ نری شیخیاں اور دعویٰ ہی دعویٰ ہیں۔وہ ایک بال کے برابر بھی اس کو ضرر نہیں پہنچاسکے۔بلکہ ان کی مخالفت اس کی کامیابی کو زور کے ساتھ ثابت کررہی ہے۔پس میں نے بتایا ہے کہ اول اخلاق فاضلہ میں ترقی کرے۔پھر تعلیم کی طرف نگاہ کرے اور پھر مامور کے اپنے وجود کو دیکھے کہ اس میں ایک زبردست ثبوت اس کی سچائی کا ہوتا ہے کہ مخالفوں کی مخالفت اس کو ضرر نہیں پہنچاسکتی۔میری رائے میں اگر کوئی شخص الہام کا دعویٰ کرے اور اس کی مخالفت زور و شور سے نہ ہو وہ بھی من جانب اللہ نہیں ہوتا کیونکہ اس میں اللہ تعالیٰ کی سپر کا رنگ موجود نہیں ہوتا۔یاد رکھو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہر دکھ کا موجب ہوتی ہے اور فرمانبرداری ہر سکھ کا موجب ہوتی ہے۔پس اگر ہم اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کی راہ اختیار کریں تو اللہ تعالیٰ ضرور سپر ہوگا۔پھر میں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سپر ہوجانے کا ثبوت اس نصرت سے ہوتا ہے جس کا وعدہ اس آیت میں ہے۔ تمام مرسلوں کی مخالفت ہوتی ہے اور پھر اس سے اللہ تعالیٰ کی نصرت کا پتا لگتا ہے۔اگر مشکلات اور مصائب نہ آئیں اور مخالفت نہ ہوتو پھر نصرت الٰہی کا ثبوت ہو تو کیونکر ہو۔پس یہ ضروری بات ہے کہ ماموروں اور خدا کے بھیجے ہوئے پاک بندوں کی مخالفت کی جاتی ہے اور بڑے بڑے مشکلات آتے ہیں مگر اس کا ہر میدان اور مقابلہ میں کامیاب ہونا بتادیتا ہے کہ اس نے اللہ کو سپر بنایا ہوا ہے اور پھر میں ابھی تم کو دکھا چکا ہوں کہ حضرت اقدس امام الزمان علیہ الصلوٰۃ والسلام

کی بہت بڑی مخالفت کی گئی اور کی جاتی ہے مگر کوئی اس کا کچھ بھی تو نہیں بگاڑ سکتا۔میں تو اس کی ایک ایک ادا اور نکتہ پر قربان ہوجاتا ہوں۔ایک دن کا ذکر ہے کہ ایک دوست… کو ترغیب دی کہ شادی کرو اور یہ بھی کہا کہ کنواری سے کرو کیونکہ اس نے کچھ بھی نہیں دیکھا ہوا ہوتا ہے۔اس لئے کوئی مشکل پیش نہ آئے۔معاً میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا کہ کس قدر عظیم الشان انسان ہے کہ کس قدر بیوہ عورتوں سے شادی کرکے دکھادیا اور پھر بڑھاپے میں۔الغرض میرے نزدیک تو یہ پکی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ کو سپر بنایا جاوے تو کوئی مشکل مشکل رہتی ہی نہیں۔مرزا کے پاس بیٹھنے والے دیکھتے ہیں کہ یہ کیسی ہر بات سے ایک امیدوار اپنے لئے ایک بات نکال لیتا ہے۔اب ایک ضروری بات میں بیان کرنا چاہتا ہوں کہ اگر صرف  ہی ہوتا تو امید ٹوٹ جاتی مگر نہیں اللہ تعالیٰ نے اس کے ساتھ بھی کہا ہے ہر مومن کا معین اور ناصر بھی اللہ تعالیٰ ہی ہوتا ہے اور پھر یہ بھی ساتھ ہی فرما دیا ہے  ؎۳۔پس کس قدر خوشی اور امید کا مقام ہے کہ اللہ تعالی کی نصرت اور تائید اسی دنیا میں بھی ملتی ہے اور اس دنیا میں نصرت اور تائید الٰہی کا ملنا آخرت کی نصرت پر ایک قوی دلیل ہے۔اور پھر یہ بھی کہ یہ نصرت اور تائید ہر مومن مخلص کو ملتی ہے اگر صرف انبیاء علیہم السلام کے ساتھ ہی مخصوص ہوتی تو البتہ عام مومنوں کے لئے کس قدر دل شکن بات ہوسکتی تھی مگر خدا کا کس قدر احسان ہے کہ فرما دیا ہے (المؤمن :۵۲) اللہ تعالیٰ کے مامور اورمرسل اور مومن اسی دنیا میں اللہ تعالی کی تائیدات سے حصہ لیتے ہیں اور یہ نصرت عجیب عجیب طور پر اپنا ظہور کرتی ہے کیونکہ اس نصرت سے اللہ کی ہستی کا ثبوت مامور من اللہ کی صداقت اور اللہ کے دوسرے وعدوں کی تصدیق کی ایک دلیل ہوتی ہے اور ایک عظیم الشان ّحجت ہوتی ہے جو خدا کی طرف سے قائم کی جاتی ہے کیا خوب فرمایا ہے۔خدا کے پاک لوگوں کو خدا سے نصرت آتی ہے جب آتی ہے تو پھر عا َلم کو ایک عا َلم دکھاتی ہے وہ بنتی ہے ہوا اور ہر خسِ راہ کو اڑاتی ہے وہ ہو جاتی ہے آگ اور ہر مخالف کو جلاتی ہے

کبھی وہ خاک ہو کر دشمنوں کے سر پہ پڑتی ہے کبھی ہو کر وہ پانی ان پہ اک طوفان لاتی ہے غرض رکتے نہیں ہرگز خدا کے کام بندوں سے بھلا خالق کے آگے َخلق کی کچھ پیش جاتی ہے (درثمین صفحہ۳) پس میں تمہیں کہتا ہوں کہ اگر تم اللہ کی نصرت چاہتے ہو۔اسے سِپر بنانا چاہتے ہو تو جس نے سپر بنانے کا نمونہ اپنی عملی زندگی سے دکھایا ہے اس کے نیچے آئو اور اس کے رنگ میں رنگین ہوجائو۔پھر فرمایا  (اٰل عمران :۱۰۴)سب کے سب مل کر حبل اللہ کو پکڑ لو۔مجھے نہایت رنج اور قلق سے کہنا پڑتا ہے کہ اس حکم پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔حبل اللہ یعنی قرآن کریم کو مضبوط پکڑنا چاہئے تھا مگر اس کی پروا نہیں کی جاتی۔تمہاری کوئی حرکت اور سکون کوئی رسم اور پابندی اس رسن سے الگ نہ ہو۔اللہ تعالی کو سپر بنانے کے واسطے اس کی رضامندی کی راہوں کو معلوم کرنا ازبس ضروری تھا اور وہ بیان ہوئی ہیں قرآن کریم میں اس لئے اس کو مضبوط پکڑنے کا ارشاد ہوا مگر بدقسمتی سے ہزاروں بدقسمت تو ایسے ہیں جو یہ کہہ دیتے ہیں کہ ایک بار پڑھ لیا ہے اور بہت سے بدنصیب ایسے ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ قرآن شریف کا عطر فلاں مثنوی یا کتاب میں ہے پڑھ لیا کرتے ہیں اور اکثر ایسے بھی ہیں جو صرف الفاظ تک محدود ہیں ان کے نزدیک قرآن کریم کے مطالب عالیہ پر اطلاع ضروری شیء نہیں چہ جائیکہ اس پر عمل۔میں ایک شخص کو قرآن پڑھاتا تھا اس نے پڑھنا چھوڑ دیا۔میں نے پوچھا کہ ایسا کیوں کیا؟ تو یہی جواب دیا کہ عمل تو ہوتا نہیں ہے پڑھ کر ملزم کیوں ہوں۔وہ قرآن جس کے لئے دنیا میں ہزاروں آدمیوں کے خون بہائے گئے جس کی تعلیم کی اشاعت اور تبلیغ میں ہادی کامل صلی اللہ علیہ وسلم کو خطرناک مصائب اور مشکلات کا مقابلہ کرنا پڑا۔وطن، احباب اور عزیزوں سے الگ ہونا پڑا۔اس قرآن کی طرف اب توجہ نہیں رہی۔ہاں پھر وہ قرآن جس نے دنیا میں ایک متروک اور الگ پڑی ہوئی قوم کو دنیا کا فاتح اور حکمران بنا دیا اب اس کو غیرضروری شیء سمجھا جاتا ہے۔میں سچ کہتا ہوں کہ اگر تمام دکھوں اور مصیبتوں کو جو قرآن کے پہنچانے میں نبی کریمؐ اور آپ کے جاں نثار صحابہ کو

برداشت کرنی پڑی تھیں بیان کیا جاوے تو دل ہل جائیں بدن پر لرزہ پڑ جا وے۔مگر اپنے دلوں میں ٹٹول کر دیکھو کہ تم نے اس کی کیا قدر کی؟ کس قدر محنت اور اس کے پڑھنے پھر سمجھنے اور دستورالعمل بنانے کے واسطے کی۔جس قدر روپیہ انگریزی تعلیم کے حاصل کرنے کے واسطے خرچ کرتے ہو اس کا سوواں حصہ بھی تو قرآن پر خرچ نہیں کیا۔یاد رکھو جب تک قرآن پر عمل نہ ہو گا یہ ادبار اور تنزل جو مسلمانوں کے شامل حال ہے ہرگز دور نہ ہو گا مگر قرآن پر عمل کرنے کے واسطے قرآن کا فہم ضروری ہے اور فہم بدوں تقویٰ کے آ نہیں سکتا اور تقویٰ ہو نہیں سکتا جب تک مجاہدہ نہ ہو۔مجاہدہ ممکن نہیں جب تک اخلاق فاضلہ نہ ہوں اور اخلاق فاضلہ کے حاصل کرنے کے واسطے امام کے حضور رہنا ضروری ہے۔پس یہاں آئو اور امام کے حضور رہ کر اس بات کے حاصل کرنے کی فکر کرو جس کے لئے اللہ تعالی نے اس کو مبعوث فرمایا ہے۔میں نے سارا قرآن شریف ماں کی گود میں پڑھا ہے۔ایک سبق کی بابت تو مجھے یاد ہے کہ والد صاحب نے مسجد کی چھت پر دیا تھا اس کے بعد کسی اور سبق کی خبر نہیں ہے۔اس وقت کا پڑھا ہوا اب دن میں کئی بار اور کئی رنگوں میں پڑھتا ہوں۔قرآن ہی میری غذا اور میری روح کی فرحت کا ذریعہ ہے باوجود اس کے کہ دن میں کئی بار پڑھتا ہوں لیکن میری روح کبھی سیر نہیں ہوتی۔غرض قرآن کریم کو اپنا دستورالعمل بنائو کہ یہ شفا ہے، رحمت ہے، نور ہے ،ہدایت ہے۔اور پھر خدا فرماتا ہے  (اٰل عمران :۱۰۴)میری رضا کا طریق مجھے سِپر بنانے کا ذریعہ یہی ہے کہ قرآن کریم کو اپنا دستوالعمل بنائو اور اس کا نمونہ اس وجود میں دیکھو جو میری سپر کے نیچے ہے۔اُس کے خلاف چال نہ چلو اور قرآن کریم کی خلاف ورزی نہ کرو اور اس کی ایک ہی راہ ہے کہ قرآن کریم کا علم پیدا کرو اور علم سعی اور مجاہدہ پر منحصر ہے اللہ تعالی فرماتا ہے (العنکبوت :۷۰)جو لوگ ہم میں ہو کر مجاہدہ کرتے ہیں ہم ان کو اپنی راہوں کی طرف ہدایت کر دیتے ہیں۔ایک بار وزیرآباد کے ریلوے سٹیشن پر ایک شخص نے مجھ سے پوچھا کہ قرآن کیونکر پڑھیں صرف و نحو تو آتی نہیں۔میں نے کہا صرف و نحو کی ضرورت نہیں ہے۔قرآن شریف میں قال پہلے

سے موجود ہے بنانا نہیں پڑتا۔پھر صرف کی کیا ضرورت ہے۔رہی نحو قرآن شریف میں زیریں زبریں پہلے سے موجود ہیں۔پھر اس نے گھبرا کر کہا کہ اچھا معانی بدیع کی ضرورت ہے۔میں نے کہا کہ وہ امر زائد ہے۔جب وہ اس سے بھی رکا تو کہنے لگا کم از کم لغت کی تو ضرورت ہے۔میں نے کہا کہ اگر تم اپنی ہی بولی پر ذرا غور کر کے قرآن شریف پڑھو تو لغت کی بھی بڑی ضرورت نہیں ہے۔تم کوئی آیت قرآن شریف کی پڑھو میں تمہیں ترجمہ کر کے دکھا دیتا ہوں۔خدا کی قدرت ہے اس نے یہ آیت پڑھی  (الاحزاب :۷۱) میںنے کہا کیسی صاف بات ہے گلائو گل سدھی۔خیر یہ تو اس وقت کی بات تھی پھر میں نے غور کیا ہے کہ قرآن شریف کے الفاظ دو اور تین ہزار کے درمیان ہیں۔اگر ہم مسلمانی زبان مثلاً ان شاء اللّٰہ۔لاحول ولا قوۃ الّا باللّٰہ وغیرہ اور ان کا ترجمہ سیکھ لیں تو قرآن شریف کے دستور العمل بنانے کا سارا حصہ حل ہو جاتا ہے۔پھر میں نے دیکھا ہے کہ دعا مانگ کر تقوی اللہ کے لئے قرآن شریف کھولے اور نیک صحبت اختیار کر لے اور پھر ایک دور قرآن شریف کا ختم کرے۔جو مشکلات رہ جائیں ان کو نوٹ کر لے۔پھر دوسری مرتبہ بیوی کو سنائے۔اس مرتبہ میں وہ مقامات جو حل طلب باقی تھے ان میں سے کئی ایک حل ہو جاویں گے پھر تیسری مرتبہ اور عزیزوں کو بھی شریک کر لے چوتھی مرتبہ کا ذمہ وار خدا ہے۔اس مرتبہ قرآن شریف بالکل آجاوے گا۔یہ میرا تجربہ کردہ نسخہ ہے۔پھر اسی سلسلہ میں اللہ تعالی فرماتا ہے (اٰل عمران :۱۰۴) اس انعام الٰہی کو یاد کرو جو تم پر ہوا ہے تم باہم دشمن تھے تمہارے دلوں میں ایسی الفت ڈالی کہ تم باہم بھائی بھائی ہو گئے۔رات کو دشمن سوئے تھے صبح کو اخوان بن کر اٹھے کیسا فضل ہے۔یاد رکھو جب کوئی مامور من اللہ آتا ہے اس وقت ایک نئی برادری پیدا ہوتی ہے نئی اولاد پیدا ہوتی ہے اور نئے تعلقات پیدا ہوتے ہیں۔اللہ تعالی اس برادری کا نام اخوان رکھتا ہے سارے عرب میں قریش ایک معزز اور سربرآوردہ قوم تھی اور قریش میں بنوہاشم کا خاندان اور بنوہاشم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا گھرانا ممتاز اور معزز تھا۔پھر دنیا میں حقارت سے دیکھی ہوئی قوم غلاموں کی ہے۔مگر دیکھو کہ اسلامی اخوت نے کیا کرشمہ دکھایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی زاد بہن زینب کا نکاح زید بن حارث

سے کر دیا گیا تاکہ دنیا کو بتایا جاوے کہ اخوت اس کا نام ہے جو اسلام نے قائم کی ہے۔بلال کا رشتہ قریش میں کرا دیا گیا۔حسّان کا رشتہ ماریہ کی بہن سے کرا دیا۔غرض یہ ایک نمونہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دکھایا جو اللہ تعالی کے انعام میں سے تھا۔یہ سچی بات ہے کہ جب تک اخوت کا رنگ پیدا نہ ہو سپر بنانے کے ایک حصہ سے محروم رہتا ہے۔پس یاد رکھو کہ جماعت پر اللہ تعالی کا فضل اسی وقت ہوتا ہے جب اخوت کا مرتبہ پیدا کریں وہ اپنے چھوٹوں کی جو غربا ہیں خبرگیری کریں اور کسی کو حقیر نہ سمجھیں۔اب اس وقت اللہ تعالی نے یہ نمونہ اللہ کو سپر بنانے کا حضرت مرزا صاحب کے وجود میں دکھایا ہے اب وہ وقت پھر آیا ہے کہ تم تقویٰ اختیار کرو اور اس کے لئے ضروری ہے کہ حبل اللّٰہ یعنی قرآن شریف کو مضبوط پکڑو۔تمہارا ہر فعل ہر حرکت و سکون قرآن شریف کے احکام کے نیچے ہو۔تم باہم ایک برادری پیدا کرو وہ جو دولتمند اور متمول ہیں وہ اللہ تعالی کے اس فضل و کرم کا شکر یوں کریں کہ اپنے محتاج اور غریب بھائیوں کو حقیر نہ سمجھیں ان کی مدد کریں کوئی قومی تفاخر تم میں ایسا نہ ہو جو دوسروں کو ذلیل سمجھنے کا محرک ہو۔اللہ تعالی کے حضور مکرم و معظّم متقی ہی ہیں۔(الحجرات :۱۴)حضرت مرزا صاحب کی شرائط بیعت میں یہ بات موجود ہے کہ تمام مخلوقات سے عموماً اور اپنے سب بھائیوں سے خصوصاً پیار کرنا چاہئے۔اب ہم سب مرزا صاحب میں ہو کر معزز و مکرم ہیں اور ہوں گے۔ان شاء اللّٰہ۔پھر اللہ تعالیٰ اپنے اس احسان اور انعام کا ذکریوں فرماتا ہے (اٰل عمران :۱۰۴) تم ایک آگ کے گڑھے پر پہنچ چکے تھے ہم نے تم کو بچا لیا۔اللہ تعالیٰ ان آیات کو اس لئے بیان فرماتا ہے کہ تم بھی اس راہ کو اختیار کرو۔جب قرآن دنیا میں نازل ہوا اس وقت عظیم الشان اختلاف موجود تھا۔قرآن نے آکر وحدت کی روح پھونکی۔اب اس وقت بھی بہت بڑا اختلاف پھیل رہا ہے۔یہ اختلاف بھی قرآن ہی سے دور ہو گا۔پس اس اختلاف کو مٹانے کے لئے علوم القرآن کی ضرورت ہے جو احمد کے غلام پر نازل ہو رہے ہیں اور اس کا خدا کی طرف سے ہونا تم دیکھ چکے ہو کہ وہ کیونکر مخالفوں کے حملہ سے محفوظ رہتا ہے جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی سپر میں ہے۔پس خلاصہ کلام یہ ہے کہ تم قرآن کو اپنا دستورالعمل بنائو اور اس کا نمونہ احمد

کے غلام کے وجود میں دیکھو جو خدا کی طرف سے مامور ہو کر آیا ہے اس کے عملدرآمد اور قرآن شریف کی ساری تعلیم کا مقصد یہ ہے کہ اسلام کو دو نکتوں پر حل کر دیا ہے تعظیم لامراللّٰہ اور شفقت علٰی خلق اللّٰہ۔اللہ تعالیٰ کی تعظیم کرو گے تو تم بھی معظّم ہو جائو گے۔مخلوق الٰہی پر شفقت کرو گے تم پر بھی رحم کیا جائے گا۔پس ہر کاروبار میں وہی راہ اختیار کرو جس کا وجود سپر ہو کر دکھائی دے۔اللہ تعالیٰ مجھ کو اور تم کو توفیق دے۔قرآن شریف ہمارا دستورالعمل ہو اور ہم اللہ تعالیٰ کو سپر بنائیں۔ہم سچی اخوت اور برادری کو قائم کریں اور ہر قسم کی امداد اپنے غریب بھائیوں کی کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ ان پر بھی اپنا فضل کرے اور ہم کو توفیق دے کہ اس کی رضامندی حاصل کریں۔آمین ؎۴ ٭…٭…٭ ۱؎ الحکم ۱۰؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ۱۴، ۱۵ ۲؎ الحکم ۱۷؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ۵،۶ ۳؎ الحکم ۲۴؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ۶،۷ ۴؎ الحکم ۳۱؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ۶، ۷

آج 10 میں سے 10 باقی