۲۸ دسمبر۱۹۰۸ء
خطابات نور
فلسفۂ ُحبّ {تقریر فرمودہ۲۸؍دسمبر ۱۹۰۸ء بعد نماز ظہر و عصر} اشھد ان لا الٰہ الا اللّٰہ وحدہٗ لا شریک لہٗ واشھد انّ محمدًا عبدہٗ ورسولہٗ (الجمعۃ :۱۱) اللہ جل شانہ‘ کے عجائبات میں قرآن مجید کو دیکھتے ہیں تو حیرت ہوتی ہے۔میں نے پرسوں وعدہ کیا تھا کہ جو کچھ میں نے آج کہا ہے اس سے بڑھ کر کوئی بات کہنے کا ارادہ رکھتا ہوں اگر توفیق اور وقت اور فرصت ملے۔چونکہ اللہ تعالیٰ نے سبھی کچھ دے دیا ہے۔اس لئے میں اس فضل کے شکر میں آج اپنا وعدہ کو پورا کرتا ہوں۔اب تمہیں تعجب ہوگا کہ کیا کہا گیا تھا۔بہتوں کو تحریر پہنچ جاوے گی اور انہیں یاد آجاوے گا جو کچھ کہا گیا تھا۔بہتوں کو اب بھی یاد ہوگا۔تاہم پھر میں آج یاد دلاتا ہوں۔میں نے اپنی پچھلی تقریر کو لا الٰہ الا اللّٰہ سے شروع کیا تھا۔(حضرت خلیفۃ ا لمسیح نے ابھی تقریر شروع ہی کی تھی کہ سامنے سے ایک سکھ پیش ہوا۔اسے دیکھ کر حضرت نے فرمایا کہ اس کا ایک بھائی تھا۔جس نے مہدی ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔وہ فوت ہوگیا ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس اپنے بھائی کو مرتے وقت کہہ گیا کہ نام دھاری سکھ ہوکر مسلمانوں سے نکل جائیو۔اب یہ اسی دھن میں پھرتا ہے۔یہ عجائبات قدرت ہیں۔) خلاصہ تقریر اوّل: میں نے بتایا تھا کہ اوّل اوّل اللہ تعالیٰ کی توحید اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت پر ایمان لانے کی ضرورت ہے۔پھر بتایا کہ اگر ماں باپ اچھے ہوں اور صلحاء کا کنبہ ہو تو تربیت میں فائدہ پہنچتا ہے اور آئندہ زندگی پر اس کا بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔اسلام کی تعلیم کا خلاصہ ہی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو اپنا ربّ سمجھ کر اس پر استقامت اختیار کی جاوے
اور ہر وقت اس کی عظمت و جلال کا اظہار کرتے رہیں۔چنانچہ سب سے پہلی وحی جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی وہ یہی تھی۔ (العلق :۲) یعنی تو اپنے ربّ کے نام سے پڑھ جس نے انسان کو ادنیٰ چیز سے پیدا کیا اور جو اکرم ہے۔اب دیکھو کہ انسان کو ایک ادنیٰ چیز سے پیدا کرکے کس اعلیٰ مقام پر پہنچایا۔پس تو گویا اسی کا نام لئے جا۔وہ قلم کے ذریعہ بھی انسان کو علم سکھاتا ہے۔پھر دوسری وحی جو ہوئی وہ یہ تھی (المدثر :۲ تا۴) اس میں بھی یہی ہدایت ہوئی کہ تو اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر۔ایسی عجیب اور کامل طور پر اس حکم کی تعمیل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کی کہ اب تک روئے زمین پر پانچوں وقت اللہ اکبر پکارا جاتا ہے۔اس کے بعد یہ بتایا کہ ایمان کیا چیز ہے؟ اس کے بعد جنت‘ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر۔پھر حدود اللہ کا بیان کیا۔اب عامی رنگ کا مسلمان کہہ سکتا ہے کہ اس کے سوا بڑھ کر کیا چیز ہے۔مگر میں وہ اب پیش کرتا ہوں۔اس لئے میں بہت ہی پسند کروں گا کہ چند منٹ تم اس کے سننے میں لگائو۔کیا اس لئے کہ مضمون کیسا عجیب ہے؟ اور کیا اس لئے کہ کہنے والا کون ہے؟ کیا اس لئے کہ سننے والے کون ہیں۔مضمون کیا ہے؟ اَلْحُبّ: اَلْحُبّ کیا چیز ہے؟ اس کی بڑی ضرورت ہے۔اگرحُبّ ہوگی تو لا الٰہ الّااللّٰہ کی ضرورت ہوگی۔اگر حُبّ ہوگی تو انبیاء، اولیاء اور پاک کتاب کی بھی اتباع کریں گے۔اگر یہحُبّ نہ ہوگی تو پھر یہ اور رنگ کی ہوگی اور کفار کا اتباع کریں گے۔میں یقینا کہتا ہوں کہحُبّبڑی نعمت ہے۔حُبّ کی تعریف اور اس کے کرشمے: یہ ایک قوت ہے جو دل میں توجہ کی صورت میں پیدا ہوتی ہے اور جس کے دل میں پیدا ہوتی ہے وہ اس توجہ کے ذریعہ لذت حاصل کرنا چاہتا ہے۔محب وہ ہے جو توجہ کرتا ہے اور محبوب وہ ہوتا ہے جس کی طرف توجہ کرتے ہیں۔اب حب، محب اور محبوب کے معنے سمجھ لو۔جب تک یہ
کشش ہے جو دل سے اٹھتی ہے اور پھر اس کے ذریعہ شوق، توجہ، مال و زر اور دوسرے اسبابِ لذت کو اپنی طرف کھینچ لاتی ہے محبوب جیسا کہ میں نے بتایا ہے ملذّذ چیز کا نام ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے لذت پیدا ہوگی اور محب وہ ہوتا ہے جس کے اندر یہ بات پیدا ہو اور یہ کشش کی لہر اٹھے۔اب ہم لا الٰہ الا اللّٰہ بھی کسی محبت کے جوش اور جذبہ سے کہتے ہیں۔اگر یہ کوشش روح میں نہ ہوتی تو ہم کو لا الٰہ الا اللّٰہ کی نہ تو توفیق ملتی اور نہ وہ ہمارے لئے باعث لذت ہوتا۔حُبّ ہی ہوتی ہے جو انبیاء علیہم السلام کو انتھک کوششوں کے لئے تیار کرتی ہے اور پھر اُسی حُبّ کا جوش ہوتا ہے جو ہم ان کی اطاعت کے لئے تیار ہوجاتے ہیں۔حُبّ ہی ہے جو انسان کو مومن پھر صدیق بناتی ہے اور ایسے صدیقوں کو انبیاء سے جاملاتی ہے۔حُبّ ہی ہے جو شہداء کو سربکف کرکے خدا تعالیٰ کی راہ میں لئے پھرتی ہے۔ایک صحابی کا واقعہ لکھا ہے کہ اس نے ایک جنگ میں پوچھا کہ جنت کتنی دور ہے۔وہ ایک کھجور کھا رہا تھا۔جب اسے کہا گیا کہ ایک قدم تو وہ فوراً کھجور ہاتھ سے پھینک کر آگے بڑھا کہ اس کے کھانے میں دیر لگتی ہے۔یہ جوش اور یہ کشش اسی حبّ کا ایک کرشمہ تھا۔اب جبکہ یہ معلوم ہوگیا کہحُبّ کیا چیز ہے تو سوال ہوتا ہے کہ حُبّ پیدا کس طرح ہوتی ہے؟ حُبّ پیدا کس طرح ہوتی ہے؟ حُبّ کے پیدا ہونے کی عجیب در عجیب راہیں ہیں مگر پانچ ایسی راہیں ہیں جو دوسرے علوم کے لئے بھی ہیں۔اوّل، ایک حسین کو دیکھ کر دل میں ایک کشش اور توجہ پیدا ہوتی ہے۔پھر یہ محبت بڑھتی ہے اور اس میں کچھ ایسا کیمیاوی اثر ہوتا ہے کہ پھر اس کے مقابلہ میں مال و دولت، عزت و آبرو، جان و جسم کی کچھ بھی پرواہ نہیں کی جاتی ہے اور اس سے ایک عاشق دوسرا معشوق کہلاتا ہے اور عاشق اپنے معشوق پر سب کچھ قربان کردیتا ہے۔یہ واقعہ ہے اور قرآن کریم نے بھی اس قسم کی حُبّ کا ذکر کیا ہے۔چنانچہ حضرت یوسف اور ایک بیوی کی حُبّ کا ذکر یا یوسف اور اس کی محبت کا واقعہ۔ہر ملک اور ہر قوم میں اس کے نظائر موجود ہیں۔یہ حُبّ آنکھ کے ذریعہ پیدا ہوئی۔ہمارے ملک میں سوہنی مہینوال، ہیر رانجھا، مرزا صاحباں کے قصے عام طور پر مشہور ہیں۔یہ تمام کرشمیحُبّ کے ہیں اور وہ آنکھ کے
ذریعہ متاثر ہوئی۔پھر کچھ حُبّ اپنا اثر کان کے ذریعہ کرتی ہے۔اس کے کرشمے یوں تو میں نے بہت دیکھے ہیں۔مگر ایک کا ذکر کرتا ہوں۔میں پنڈ دادنخان میں مدرس تھا۔ایک ہندو مدرس میرے ماتحت تھا۔اس کو راگ کے ساتھ خطرناک حُبّ تھی۔میں نے اس کو دیکھا کہ جہاں راگ کی آواز اس کے کان میں آئی۔وہ سب کام چھوڑ کر اس کی طرف متوجہ ہوجاتا تھا۔یہاں تک کہ بعض خطرناک موقعوں پر جب کہ افسر سامنے موجود ہو۔وہ آواز سنتے ہی سو کام چھوڑ کر بھی بھاگ جاتا اور کچھ پرواہ نہ کرتا۔پھر میں نے دیکھا ہے کہ کھانے پینے یعنی ذائقہ کے متعلق ایک حبّ ہے ایسے لوگ میں نے دیکھے ہیں جو ہزاروں روپیہ کھانے پینے میں خرچ کردیتے ہیں۔پھر کپڑے پہننے کی حبّ ہے۔پھر ایک اور حبّ ہے جس کا نام شہوت ہے۔اس حبّ میں تو غل کا نتیجہ ہر شہر میں دیکھا گیا ہے کہ بہت سے خاندانوں کا قطع نسل ہوگیا ہے۔صرف ایک لذت کی حبّ نے ہر ملک اور ہر شہر میں لا ولدقومیں بنادیں۔میں چونکہ طبیب ہوں اور اس لذت کے انتہا کا علم رکھتا ہوں زیادہ سے زیادہ اوسط پچیس منٹ ہے۔صرف اس پچیس منٹ کی خاطر میں نے دیکھا ہے کہ قطع نسل ہوئی ہے اور کئی خاندانوں کا نام و نشان مٹ گیا۔بہت سے اموال اور جائیدادیں تباہ ہوگئی ہیں جن پر لاکھوں آدمیوں کا گزارہ ہوسکتا تھا۔یہحُبّ عجیب عجیب راہوں سے آتی ہے۔ہمارے شہر میں ایک لڑکے کو خود بدکاری کرانے کی حُبّ تھی اور وہ اس حد تک اس لذت کا غلام ہو چکا تھا کہ خواہ کوئی اس کی بیوی بھی لے جاوے۔مگر اس کی اس حرص کو پورا کرے۔کان، آنکھ، زبان اور شہوت کا ذکر تو ہولیا۔مگر ان کے علاوہ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیںجو ناک کے ذریعہ برباد ہوتے ہیں۔ناک کے ساتھ دو امور وابستہ ہیں۔ایک تو فطرتی ہے یعنی خوشبو، پچاس روپیہ تولہ والا عطر گلاب استعمال کرنے والے بھی میں نے دیکھے ہیں۔پھر یہی نہیں کہ صرف ان کو لگایا جاتا ہو بلکہ لگانے والے پہلے تو خود لگالیتے اور پھر تمام متعلقین کو لگا دیتے۔میں نے منع بھی کیا۔مگر اس نے کہا کہ وہ چکنائی کی برداشت نہیں کرسکتے۔اس لئے پہلے اوروں کو لگا دیا جاتا ہے تاکہ چکنائی کی تیز ُبو دور ہوجاوے۔
پھر ایک اور امر ناک کے متعلق ہے جس کو کہتے ہیں کہ اگر فلاں کام نہ کیا جائے تو ناک کٹتی ہے اور یہ رسوم اور رواج ہیں۔اب تم نے دیکھ لیا کہ انسان اس حُبّ کے اندر کیا کچھ کرتا ہے اور آنکھ ، کان، زبان، ناک اور شہوت کی حُبّ کے لئے کیا کرتا ہے۔یہ تم نے سمجھ لیا کہحُبّ کیا چیز ہے۔وہ خواہش ہے لذت کی۔محب مُتَلَذِّذ ہے اور محبوب مُتَلَذَّذ ہے۔ٹٹولنے کے متعلق بھی حُبّ ہے۔اس کے لئے قسم قسم کے لباس بنا ہے اور پھر قسم قسم کی عورتوں کو چاہا گیا ہے۔کیا تم دیکھتے نہیں کہ غریب سے غریب آدمی بھی شادیوں پر کس قدر خرچ کردیتا ہے۔پھر مہروں کو دیکھ لو کہ لاکھ لاکھ کروڑکروڑ مہر باندھتے ہیں۔غرض یہ حُبّ ان پانچ حواسوں کے ذریعہ ظاہر ہوتی ہے۔میں نے کبھی اس پر وعظ نہیں کیا۔گویا اس مضمون پر کچھ کہنے کی یہ پہلی تاریخ ہے اور تمہارے لئے بھی یہ پہلا ہی دن ہوگا کہ حُبّ پر مضمون سنو۔اس حُبّ پر بڑی بڑی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ان پانچ حواسوں کے سوا ایک اور سلسلہ بھی حواس کا ہے۔چنانچہ ایک اور حس ہے جو ان پانچوں کے اختلاط اور کیمیاوی اثر کا ایک نتیجہ سمجھنی چاہئے۔اس کا نام حس مشترک ہے۔جن لوگوں نے حواس کے فلسفہ پر بحث کی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ جہاں پانچوں حواس جمع ہوں اور پھر ان سے الگ ہوکر جو چیز محفوظ رکھتی ہے اس کا نام خیال ہے اور اس سے پرے ایک اور باریک چیز ہے جس کو معانی کہتے ہیں۔جیسے چوہا جب بلی کو دیکھتا ہے تو وہ فوراً دہل جاتا ہے۔گویا اندر ہی اندر اسے ایک علم ہوجاتا ہے کہ یہ مجھے نہیں چھوڑے گی اور وہ گھبرا جاتا ہے۔دوسری طرف بلی کو وہ شعور ہوتا ہے کہ اب یہ بھاگ نہیں سکتا۔وہ ایک جست کرکے اسے فوراً پکڑ لیتی ہے۔۔۔۔جب اپنے بچوں کو چوہے کا پکڑنا سکھاتی ہے تو عجیب عجیب تماشے کرتی ہے۔وہ چوہے کو پکڑ کر بچے کے سامنے رکھ دیتی ہے پھر وہ پکڑتا ہے۔پھر چھوڑ کر پکڑتا ہے۔یہی حال شیروں اور بارہ سنگھوں کا ہے۔میں نے دیکھا ہے کہ بارہ سنگھ شیر کی آواز سنتے ہی ڈر جاتا ہے اور اندر ہی اندر اس کی طاقت زائل ہوجاتی ہے۔یہ کیاسِرّ ہے۔یہ ایک طاقت ہے جو اندر معنوں کو محفوظ رکھتی ہے۔اسے حافظہ کہتے ہیں۔پھر ایک اور قوت پیدا ہوتی ہے جو متفکرہ کہلاتی ہے۔پھر دماغ میں ہزاروں قسم کی ایسی سلوٹیں اورپیچ در پیچ مقامات اور اعصاب کا
اتنا بڑا کارخانہ ہے کہ عقل حیران رہ جاتی ہے۔آنکھ کی بناوٹ پر غور کریں تو یہ ایک اور ہی دنیا ہے۔سبز دیکھنے کے لئے اور ہی ڈورے ہیں۔سرخ دیکھنے کے لئے الگ۔غرض مختلف رنگوں کے دیکھنے کے لئے مختلف اعصاب ہیں اور وہ سب کے سب ایک ہی وقت میں اپنا جدا جدا کام کررہے ہیں۔بہت سے لوگ ہمارے پاس علاج کے لئے آئے ہیں جو کوئی ایک رنگ نہیں دیکھ سکتے تھے۔غرض یہ بھی ایک بڑا سلسلہ ہے پھر دیکھو کہ ایک شخص تیز دوڑتا ہوا جارہا ہے۔راستہ میں کوئی ٹھوکر کا پتھر آتا ہے تو اس تیزی کے ساتھ پائوں کے پٹھے کو حکم ہوتا ہے اور وہ فوراً اپنا پہلو بدل کر اس سے بچ کر نکل جاتا ہے۔یہ محسوسات کا تماشا ہے۔ربّانی فیض کا منبع: مگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو فیضان آتے ہیں۔ڈاکٹروں کی آنکھ اس کو دیکھ نہیں سکتی اور وہ نہیں جانتے کہ اس کا منبع کیا ہے؟ اس لئے کہ ان کی نگاہ محسوسات سے آگے نہیں جاسکتی۔ان علوم کے وارث اور عالم وہ لوگ ہوجاتے ہیں جو انبیاء کہلاتے ہیں۔پھر ان کے اتباع اور تعلیم سے تیار شدہ لوگ جو اولیاء اور متقی ہوتے ہیں۔انہیں ان فیضانوں کا علم دیا جاتا ہے۔جناب الٰہی کی طرف سے جو خبریں آتی ہیں۔اس کے علوم بالکل الگ ہیں۔انسان کے اندر دو قسم کے مرکز ہیں۔ایک دماغ دوسرا دل۔دماغ دنیوی علوم اور مادی محسوسات کا منبع کہنا چاہئے اور قلب آسمانی علوم کا مرکز ہے۔قرآن شریف کی غرض اور مقصود اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا ہے اور انسان کو آسمانی علوم کا وارث کرنا ہے۔اس لئے وہ کہتا ہے۔ (الشعراء:۹۰) اب اس آیت میں دماغ کا ذکر بالکل گم کرتا ہے۔اس سے یہ مراد نہیں کہ دماغی نشوونما کی ضرورت اور دماغی عجائبات پر غور کرنے کی ضرورت بتاتا نہیں۔بلکہ قرآن مجید دوسرے مقامات پر (الذّٰریٰت :۲۲) اور اسی قسم کے دوسرے الفاظ بھی استعمال کرتا ہے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ دماغی ترقی سے روکتا نہیں اس کی طرف توجہ دلاتا ہے۔مگر انسانی خلق کی غایت اور مقصد مادی ترقیات نہیں۔اس لئے ذہنی ترقیوں کے ساتھ اس کا پہلا فرض یہ ہونا چاہئے کہ وہ قلب سلیم کے عجائبات کو مشاہدہ کرنے کی کوشش کرے جو تقویٰ اللہ سے حاصل ہوتے ہیں اور تمام سروروں کا باعث ہوتے ہیں۔پاک
مطاع نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔حُبِّبَ اِلَیَّ مِنْ دُنْـیَاکُمْ ثَلٰثٌ اَلنِّسَآئُ وَالطِّیْبُ وَ قُرَّۃُ عَیْنِیْ فِی الصَّلٰوۃِ۔(مسند احمد بن حنبلحدیث نمبر جلد۳ صفحہ ۱۲۸ مطبوعہ بیروت) اس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا ہے کہ جناب الٰہی نے محبت ڈال دی ہے۔یہ نہیں فرمایا کہ میں محبت کرتا ہوں۔کل یا پرسوں میاں منظور محمد نے مجھ سے پوچھا کہ مدارج ترقی کی انتہا بھی ہے۔اس وقت خیال آیا کہ صوفیوں نے اس پر بحثیں کی ہیں۔تمام ترقی یافتوں میں اولیاء ہوتے ہیں۔اس میں غایت درجہ جناب الٰہی کا دیدار ہے۔پس یہ لوگ تو وہاں تک تڑپتے ہیں کہ اس مقام لقاء تک پہنچ جاویں۔حضرت معروف کرخی کو کسی نے رؤیا میں دیکھا کہ وہ یوں کھڑے تھے (اس موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح نے آسمان کی طرف منہ کرکے ٹکٹکی لگاکر بتایا) یعنی آسمان کی طرف ٹکٹکی باندھے کھڑے ہیں۔کسی نے پوچھا کہ کیوں کھڑے ہیں؟ تو جواب دیا کہ جناب الٰہی کو دیکھتے ہیں اور کوئی خواہش اب باقی نہیں رہی۔جو لوگ صوفیاء کی صحبت میں بیٹھتے ہیں وہ (یونس :۲۷) کے یہ معنے لیتے ہیں۔اَلنَّظْرُ اِلٰی وَجْہِ اللّٰہ۔ان لوگوں میں یہ کہانی لقاء اللہ تک ختم ہوجاتی ہے۔مگر انبیاء علیہم السلام میں عبودیت کی حُبّ رکھی ہے۔اس حُبّ کا محبوب بھی اللہ ہے۔جب تک اللہ ہے عبودیت بھی ہے۔چونکہ حکم دینے والے کے مدارج کا انتہا نہیں۔اس لئے ترقیات کا بھی انتہا نہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے فرشتہ کے ذریعہ پوچھا گیا کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں۔فرمایا۔عبد۔پھر پوچھا تو یہی فرمایا کہ عبد۔پھر پوچھا فرمایا کہ عبد۔غرض حُبّ کے بہت عجائبات ہیں۔پہلا مرتبہ حواس خمسہ سے شروع ہوتا ہے۔پھر حواس خمسہ باطنی پھر قلب کے عجائبات ہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میرے قلب میں محبت ڈالی گئی۔ایک بیویوں کی۔یہ کیوں؟ یہ بھی محبت کی جامع ہوتی ہیں۔آنکھ بھی حظ اٹھاتی ہے کان بھی۔مسّ سے بھی لذت حاصل ہوتی ہے۔اس سے مراد آپؐ کی مراد یہ تھی کہ حواس کے ذریعہ سے جو انسانی کمالات ہیں۔خدائے تعالیٰ نے مجھے ان سے بھی متمتع کیا ہے اور یہ حواس سب عجیب دئیے ہیں۔پھر ان میں ایک چیز ناک کے متعلق عارضی ہے۔اس لئے فرمایا کہ مشک کی بھی محبت دی
ہے۔یہ عجائبات دماغ کے متعلق تھے۔اس لئے ان کے ذکر کے بعد فرمایا کہ قلب کے کمالات بھی عطا فرمائے ہیں اور وہ یہ ہیں۔قُرَّۃُ عَیْنِیْ فِی الصَّلٰوۃِ (المستدرک۔کتاب النکاح)پہلے فرمایا تھا حبب الی یعنی مجھ میں محبت ڈال دی گئی ہے اور یہاں فرمایا کہ قُرَّۃُ عَیْنِی۔میری آنکھوں کا سرور اور ٹھنڈک تو نماز میں ہے۔ساری خوشیوں کا منتہا اور ساری لذتوں کی جڑ آپ کے لئے نماز ہے۔اگرچہ یہ بھی کہا کہ مراد عائشہ و بتول ہے۔ایک علمی نکتہ: عربی زبان میں جب مونث مذکر کو جمع کرتے ہیں تو غلبہ مذکر کو دیتے ہیں۔جیسے کہتے ہیں۔امراء ۃ ورجال جاء وا یعنی عورتیں اور مرد آئے۔اس لئے یہاں ثلث کہا۔ثلثہ نہیں کہا؟ پھر یہ سوال ہے کہ نساء کو مقدم کیوں کیا؟ صوفیا نہ ذوق کی بات ہے۔اس کا سِرّ صوفیا نے یہ لکھا ہے کہ سارا کارخانہ جناب الٰہی کا موقوف ہے اثر ڈالنے پر اور اثر لینے پر۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جو کچھ ملا وہ اثر کرنے پر موقوف تھا۔بیوی بھی ایک اثر کو قبول کرتی ہے اور اس اثر کا نتیجہ ہے جوبچہ پیدا ہوتا ہے۔آسمان بھی نطفہ کی طرح زمین پر پانی ڈالتا ہے اور پھر اس کی تاثیرات کے نتائج مختلف ہیں۔اسی طرح پر تاثیرات کا ایک وسیع سلسلہ ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جامع کمالات ظاہر کیا ہے اور بھی کچھ چیزیں آپ کو پسند تھیں۔ان میں سے ایک دودھ بھی ہے۔جب آپ دودھ لے کر پیتے تو فرماتے الٰہی اس سے بڑھ کر دے اور کوئی چیز لے کر کھاتے تو فرماتے۔اس میں برکت دے۔دودھ کے بھی بڑے عجائبات ہیں۔ہمارے ایک دوست ہیں۔ان کو ایک مرتبہ خواب آیا کہ میرے پاس دودھ کا نصف پیالہ ہے۔مجھ سے انہوں نے لے کر پیا۔میں نے اس کی تعبیر کی کہ علم ہے۔غالباً آپ ہم سے پڑھیں۔ان دنوں مولوی عبدالکریم مرحوم مجھ سے بخاری پڑھتے تھے۔نصف ہوچکی تھی کہ وہ آئے بعض باتیں جو پسند آئیں تو بے اختیار کہہ اٹھے کہ اب میں بھی پڑھوں گا۔چنانچہ باقی نصف بخاری انہوں نے مجھ سے پڑھی اور اس طرح پر یہ رؤیا پورا ہوگیا۔قصہ معراج میں بھی آیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے شراب اور دودھ پیش کیا گیا۔آپ نے دودھ ہی پسند کیا اور پیا۔اس پر جبرائیل نے کہا کہ اگر آپ شراب پیتے تو امت غاوی ہوجاتی۔
غرض محبت ایک چیز ہے جو آنکھ، کان، زبان ، لمس اور شہوت سے پیدا ہوتی ہے۔اب اس سے آگے چلیں تو یہ بات کھلتی ہے کہ اگر یہ چیزیں دنیا میں موجود نہ ہوتیں تو یہ محب اور محبوب کہاں ہوتے؟ اس سے معلوم ہوا کہ وجود جڑ ہے تمام محبتوں کی۔جس قدر اس میں ترقی ہوگی اسی قدر محبت میں ترقی ہوگی مثلاً دیکھا کہ ایک عورت ہے اس کی شکل چڑیل کی سی ہو انسان اس سے محبت نہیں کرسکتا۔بدشکل انسان ہے تو موجود مگر وہ محبوب نہیں، پاخانہ موجود ہو تو وہ مطلوب نہیں ہوسکتا۔اس سے معلوم ہوا کہ وجود کے ساتھ کمالات ہوں تو وہ محبوب ہوسکتا ہے۔پس حُبّ کا وجود موجود سے ہوتا ہے بشرطیکہ اس وجود کے ساتھ کمال ہو۔جس قدر کمالات میں ترقی ہوگی اسی قدر محبت زیادہ ہوگی۔جہاں کمال پیدا ہوتا ہے محبت بھی جلوہ گر ہوجاتی ہے۔لیکن اگر اس کمال میں بقا نہ ہو توکچھ بھی نہیں۔مثلاً آنکھ کے سامنے ایک خوبصورت شیٔ جلدی سے گزر جاوے تو وہ اتنی پسندیدہ نہیں ہوسکتی بہ نسبت اس کے کہ وہ زیادہ دیر تک رہے۔پس ضرور موجود ہو۔اس کے ساتھ کمال ہو اور کمال کے ساتھ بقاء ہو۔پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ لوگ خود کشی کیوں کرلیتے ہیں۔اس کی جڑ یہی ہے کہ اگر وہ کمال کا بقاء دیکھ لیتے تو ہرگز ایسا نہ کرتے۔یہ جو ہم کہتے ہیں کہ آنکھ، ناک اچھی ہو تو یہ اس قسم کی محبت ہے۔لوگ مال و دولت اور دوستوں کو پسند کرتے ہیں۔یہ بھی دراصل محبوب کے لئے ہے۔غرض جو کچھ ہے حسن و جمال کی خاطر ہے۔جس کے سبب ان چیزوں کو پسند کرتے ہیں اس کے آگے ایک اور چیز ہے اور وہ احسان ہے۔آنکھ، ناک، کان کا کوئی مزہ نہ ہو تو احسان کی وجہ سے بھی محبت ہوجاتی ہے۔ڈاکٹر کے سامنے ایک خطرناک مریض ہو۔زخموں میں پیپ پڑچکی ہو۔بدبو آتی ہو۔ڈاکٹر اس کا علاج کرتا ہے۔ڈاکٹر کی کوئی چیز اسے پسند نہ ہو۔مگر مریض ہے کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے۔کیوں؟ جُبِلَتِ الْقُلُوْبُ عَلٰی حُبِّ مَنْ اَحْسَنَ اِلَیْھَا (کنزالعمال فی سنن الاحوال زیر حرف میم الباب الثالث فی الحکم والجوامع الکلم) انسانی فطرت میں یہ امر ہے کہ وہ اس شخص سے جو اس کے ساتھ احسان کرتا ہے محبت کرتا ہے۔پس ایک ذریعہ حُبّ کا احسان بھی ہے۔احسان ایک ایسی چیز ہے کہ بعض وقت فاسقوں،
فاجروں کو بھی پسند آنے لگتا ہے۔روٹی، کپڑا، مکان وغیرہ چیزیں جو انسان کو اچھی معلوم ہوتی ہیں اور ان سے محبت کرتا ہے تو اس کی جڑ بھی احسان ہی ہے۔دوائی جو آنکھ میں ڈالتے ہیں اگرچہ وہ لگتی ہے اور تکلیف ہوتی ہے تاہم اچھی معلوم ہوتی ہے۔ایسا ہی لباس وغیرہ کا حال ہے۔بعض چیزوں کے حسن کو بیان بھی نہیں کرسکتے۔(اس موقع پر حضرت نے ایک نابینا کی مثال بیان کی جس کو کبوتر بازی کا شوق تھا اور جب کبوتر اڑاتا تو منہ اٹھائے ہاتھ پر ہاتھ ہاتھ مار کر مزہ لیتا) یہ بھی ایک حُبّ ہے کہ انسان اسے بیان نہیں کرسکتا۔میں طالب علم تھا میرے ایک محسن مکرم عنایت فرما عبدالرشید مراد آبادی تھے۔انہوں نے کہا کہ میرے ایک آشنا نے مجھ سے کہا کہ میں بنارس کے ایک لڑکے پر عاشق ہوں۔ہم دس بارہ آدمی اس کو دیکھنے گئے کہ وہ کون بنارسی لڑکا ہے جس پر یہ عاشق ہیں۔اس نے سوچا کہ ان کی آنکھیں تو اس طرح سے نہیں دیکھتی ہیں جس طرح پر میں دیکھتا ہوں۔ممکن ہے کہ جن وجوہات سے میں اسے پیار کرتا ہوں ان کے نزدیک وہ کچھ بھی نہ ہوں۔اس لئے اس نے ان سے کہا کہ ٹھہرو، میں دیکھ آئوں کہ وہ مکان پر بھی ہے یا نہیں۔وہ ایک چکر لگا کر آگیا اور کہا کہ وہ آج مکان پر نہیں ہے۔میں نے کہا کہ یہ بھی ایک نکتہ ہے کہ حُبّ ہوتی ہے مگر سمجھ ہی نہیں آسکتا۔اس کو حب لا مرما کہتے ہیں۔بعض لوگ سورۃ یوسف پڑھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یوسفؑ بڑے ہی خوبصورت تھے۔مگر انہیں آپ کا عشق نہیں آتا۔اور بھی بہت سی چیزیں ہیں جن کا بیان نہیں کرسکتے۔میرے ایک دوست یہاں آئے تھے۔وہ کانگڑہ میں رہتے ہیں۔انہوں نے مجھے کہا کہ آپ وہاں آئیں۔عجیب عجیب دلربا سینریاں ہیں۔میں نے کہا کہ کیا کیا سینری ہے بیان تو کرو۔اس پر کہنے لگے کہ میں بیان نہیں کرسکتا۔مگر آہ یہ سب محبوب جو میں نے بیان کئے زوال پذیر ہیں۔ایک شخص ایک عورت کو بھگا لے جاتا ہے صرف آنکھ کی خوشی کے لئے۔چند روز کے بعد جب معلوم ہوا کہ اسے آتشک تھا یا عورت کی ناک کٹ گئی تو اسے چھوڑنا چاہتا ہے اور سمجھتا ہے کہ کسی طرح سے اس بلا سے رہائی ملے۔اس محبوب کو پھر بلا سمجھتا ہے۔میں نے ایسے گویّے دیکھے ہیں کہ وہ عقل فکر حیران کردیتے ہیں۔مگر ذرا آواز بگڑی تو پھر گلستان کا یہ مصرعہ
پنبہ ام درگوش کن لوگ پڑھ اٹھتے ہیں۔غرض فانی چیزوں کی محبت کا یہی حال ہے کہ وہ فانی اور زوال پذیر ہیں۔تماشا کی گڑیا کیسی حسین ہوتی ہے مگر کوئی اسے محبت نہیں کرتا۔جانتے ہیں کہ ابھی تباہ ہوجائے گی۔ان واقعات سے ایک اصل ہمارے ہاتھ آگیا کہ حسن یا احسان ہو۔اس کے ساتھ کمال ہو۔اس میں دوام ہو تو وہ محبوب ہوجاتا ہے۔اس سے آگے بڑھو ایک اور باریک چیز ہے جو محبوبیت کی شان رکھتی ہے۔وہ علم ہے۔اگر علم کا ذوق ہو تو حسین جمیل بیوی کتنا ہی کہے کہ یہاں ٹھہرو تو وہ یہی کہے گا کہ فلاں عالم کا آج لیکچر ہے میں تو اسے سنوں گا۔تمہارا آنا قادیان آنا بھی اسی ذوق کے ماتحت ہے جو سارے آرام چھوڑ کر چلے آئے۔ایک واعظ ہو‘ سخت بد شکل ہو‘ منہ کے دانت نکلے ہوئے ہوں۔لیکن اپنے کمالات علم کی وجہ سے وہ محبوب ہوجائے گا۔اس سے یہ مسئلہ حل ہوا کہ ایک محبوب پر دوسرا محبوب قربان کیا جاتا ہے۔کبھی علم سے محبت ہوتی ہے۔کبھی دین سے، انبیاء و رسل سے محبت کی جڑ یہی ہے۔مکہ میں عناق نام ایک کنچنی زمانہ جاہلیت میں تھی۔ایک صحابی کا زمانہ جاہلیت میں اس سے تعلق تھا۔جب وہ مسلمان ہوا تو وہ تعلق بھی جاتا رہا۔وہ ہمیشہ مدینہ سے مکہ آتے اور مسلمان قیدیوں کو چھڑاکر لے جاتے۔یہ بدکار قوم ایسی ہے کہ جب کوئی نہ ملے تو دیر تک چراغ جلا کر بیٹھی رہتی ہیں۔ایک رات جو وہ آیا تو اس کا گزر اس کے گھر کے پاس سے ہوا۔تو اس نے کہا او جابر! میں جانتی ہوں تو کس غرض کے لئے آیا ہے۔میں تیری غرض میں مدد دوں گی تھوڑی دیر کے لئے یہاں آجائو۔جابر نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کردیا ہے۔اس نے کہا۔محمدؐ فی المدینۃ این ینظر۔یعنی محمد صلی اللہ علیہ وسلم تو مدینہ میں ہے وہ کہاں دیکھتا ہے۔جابر نے کیا اچھا جواب دیا ربّ محمد ینظر اس پراس کنچنی نے کہا کہ پرانا زمانہ یاد کرو۔مگر اس پر بھی جب اس کا مطلب پورا نہ ہوا تو کہا تمہیں مشکلات میں ڈلوادوں گی۔اس نے اس پر کہا کہ کچھ بھی پرواہ نہیں۔کیونکہ وہ تو اپنے تمام محبوبات کو اسلام کے لئے جواب دے چکا تھا۔یہ سن کر وہ چلائی کہ مکہ والو! تمہارے قیدیوں کو چھڑالے جانے والا موجود ہے۔اس پر
سب ٹوٹ پڑے۔اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ محبوبوں میں بھی فرق ہوتے ہیں۔وطن بھی محبوب ہے۔اولاد بھی محبوب ہے۔بیویاں بھی محبوب ہیں۔مگر پھر بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خاطر صحابہ نے سب کو قربان کردیا اور ایک حُبّ دوسری پر غالب آگئی۔اس محبت کے ذریعہ بڑے بڑے سرچشمہ پھوٹتے ہیں۔دیکھوتم کو حضرت صاحب سے محبت ہے پھر میاں محمود سے محبت ہے پھر ان کی دوسری اولاد سے محبت ہے اور پھر مجھ سے بھی محبت ہے لیکن اگر کوئی امر مجھ سے خلاف شریعت سرزد ہو تو پھر تم کہہ دو گے کہ ہم تو اللہ کے لئے محبت کرتے ہیں۔اب اس سے آگے چلو اور غور کرو کہ تقویٰ اور علم کے ہزاروں لاکھوں مراتب ہیں اور پھر ان محبتوں کے نتیجے میں کس طرح کی قربانی ہوتی ہے۔اب کفار ہی میں دیکھو۔میں نے ایک عربی اخبار میں پڑھا کہ دیکھو۔پنجاب میں لاجپت رائے۔مرہٹوں میں تلک، بنگال میں سریندر و بابو اور بپن پال محباّن قوم کہلاتے ہیں اور خاص خیال کے لوگ ان کے مداح ہیں۔ان کی خاطر بعض ناعاقبت اندیش لوگوں نے اپنے آپ کو خطرہ میں ڈال دیا ہے اور مال و جان کی بھی کچھ بھی پرواہ نہیں کی۔مجھے معلوم ہوا کہ اٹھارہ سے پچیس برس تک کے نوجوان لڑکے ہیںجنہوں نے اپنے آپ کو خطرہ میں ڈالا ہے۔اس لئے کہ وہ محباّن ملک ہیں۔تمام محبتوں سے بڑھ کر جب خیال آیا تو بیوی، بچوں، مال و دولت اور سب سے بڑھ کر جان تک کی بھی پرواہ نہیں کی۔ایک دفعہ کسی نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کو مصلحین سے محبت ہے۔میں نے کہا ہاں ہے تو سہی۔مگر میرا عجیب تماشا ہے۔ایک کو دوسرے پر قربان کرتا رہتا ہوں۔اس نے کہا کہ کیشب بابو اور دیانند سے بھی محبت ہے؟ میں نے کہا کیوں نہیں۔انہوں نے لاکھوں بت توڑ ڈالے۔اس لئے اس حد تک میں نے ان سے محبت کی۔پھر کہا کہ سرسید سے بھی ہے؟ میں نے کہا کہ ہاں۔پھر اس نے کہا کہ آپ علی گڑھ نہ گئے اور نہ دیانند اور کیشب بابو کے پاس جاکر رہے۔مگر مرزا کے پاس تو ایسے گئے کہ گھر بار ہی چھوڑ دیا؟ میں نے کہا تم جانتے ہو کہ میں ایک مذہبی آدمی ہوں اور مجھے قرآن مجید سے محبت ہے۔اس میں لکھا ہے کہ (الانعام :۱۲۴)