۲۳ ا پریل ۱۹۱۰ء
خطابات نور
قبولیت دعا {تقریر فرمودہ ۲۳ ؍ اپریل ۱۹۱۰ء } ناظرین الحکم کو معلوم ہے کہ مسجد النور کی بنیادی اینٹ حضرت خلیفۃ المسیح نے رکھی تھی۔اب اسی مسجد کا خدا کے فضل سے بہت بڑا حصہ تیار ہو چکا ہے۔۲۳؍ اپریل ۱۹۱۰ء کی نماز عصر حضرت خلیفۃ المسیح نے اسی مسجد میں پڑھی اور بعد نماز عصر آپ نے روزانہ درس القرآن بھی وہیں دیا۔ساری احمدی جماعت وہاں موجود تھی۔حضرت نے درس کے وقت جو تقریر فرمائی وہ بجائے خود وہاں تشریف لے جانے اور نماز پڑھنے کے اغراض کو کھلے طور پر بیان کرتی ہے اس لئے میں نے مناسب سمجھا ہے کہ اس تقریر کو شائع کردوں۔آج حضرت نے اپنی جماعت کے لئے خصوصاً حاضرین کے لئے بہت دعائیں کیں اور فرمایا کہ آج اللہ تعالیٰ نے دعا کے لئے ایسے ایسے الفاظ اور طریق بتائے ہیں کہ میں حیران تھا اور ایسی دعائیں جو میرے وہم میں بھی نہ تھیں۔یہ امر قبولیت دعا کا نشان ہے کیونکہ تمام راستبازوں کا وسیلہ ہے کہ جب دعا کے لئے الفاظ اور طریق بتائے جاویں تو وہ قبولیت دعا کا ایک زور ہوتا ہے اس لئے میں اپنی جماعت کو یہ خوشخبری سناتا ہوں کہ خصوصیت کے ساتھ ان کے امام کی دعائوں کو اللہ تعالیٰ نے اس کے حق میں سنا۔بہرحال آپ نے نماز عصر کے بعد حسب معمول قرآن مجید کا رکوع پڑھ کر (جو سورۃ الانبیاء کا ۶رکوع تھا) ترجمہ کرنے سے پہلے فرمایا: آج یہاں ہم نے درس کیوںکیا؟ باوجودیکہ ہوا مجھے تکلیف دیتی ہے اور روشنی میں دیکھنے سے تکلیف ہوتی ہے پھر بھی یہاں آنا اور اس کے لئے اس مسجد میں کھڑا ہونا اس کے کیا اغراض ہیں؟ اس کے ظاہری محرک مولوی محمد علی صاحب ہیں۔ان کی نیت ان کے ساتھ وابستہ ہے۔مجھے ان کے دل کے حال سے آگاہی نہیں۔اسے اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔انہوں نے اپنے حوصلہ اور
وسعت کے موافق مجھے یہاں بلانے میں کوئی مقصد رکھا ہوگا مگر میں نے اپنی نیت کو ٹٹولا کہ وہ خدا کے لئے ہے تو میں نے ان کی درخواست کو منظور کرلیا۔میرے دل میں جو بات ہے وہ یہ ہے۔اللہ تعالیٰ کا ایک بندہ جس کو میں یقینا راستباز مانتا ہوں اور تم بھی راستباز یقین کرتے ہو اس شہر میں آیا اور اس نے بڑا دعویٰ کیا جس کو سن کر بڑی مخلوق چونک اٹھی۔بظاہر یہ معلوم ہوتا تھا کہ اتنا بڑا دعویٰ ایک انہونی بات ہے کس نے ماننا ہے اور کس نے پسند کرنا ہے ہاں اگر اس کی ذاتی وجاہت کی وجہ سے کوئی مان لے تو وہ اگر’’ ماند شبے ماند شبے دیگر نماند‘‘ کا مصداق ہوگا۔ایسے خیالات ان لوگوں کے ہوتے ہیں جو سنت اللہ سے ناواقف اور راستبازوں کے خیالات سے بے خبر ہوتے ہیں۔ایسے لوگ جو خدا کی طرف سے آتے ہیں۔ایک آیت ہوتے ہیں اور اس رکوع میں بھی جو میں نے ابھی پڑھا ہے آیت کہا ہے۔میں نے بناوٹ سے ترجمہ نہیں کرنا۔یہی لفظ آیا ہے۔(یہ حضرت کا اشارہ اس آیت کی طرف ہے : (الانبیاء :۹۲)۔ایڈیٹر) اللہ تعالیٰ اپنی قدرت کا ہاتھ اپنا فضل ، اپنا کرم، اپنا رحم دکھاتا ہے۔وہ انہیں ایک آیت بتاتا ہے۔وہ ایک نشان ہوتے ہیں اور پھر ان کی صداقت کے نشان عام طور پر دکھائے جاتے ہیں۔اسی طرح پر وہ راستباز جو اس بستی میں آیا ایک آیت اللہ تھا۔اس کو اللہ تعالیٰ نے نشان بنایا اور پھر اس کی سچائی کے لئے اس قدر نشان دکھائے کہ میں اب کہتا ہوں کہ تم سب جو یہاں ہو اس کی سچائی کا نشان ہو۔ہر ایک شخص تم میں سے اس کی سچائی کا نشان ہے۔تم نے اس بات کو نہیں سنا جب خدا تعالیٰ نے اسے تمہارے آنے کے متعلق کہا۔وہ آواز ایسی کان میں پہنچی اور پھر اس نے تمہارے یہاں آنے سے بہت پہلے اس کو سنایا۔(حضرت خلیفۃ المسیح کا اس امر سے یأتون من کل فج عمیق (تذکرۃصفحہ:۳۹)کی پیشگوئی کی طرف توجہ دلانا مقصود تھا۔ایڈیٹر)
ہاں میرے کان میں بھی خدا کی آواز اسی کے ذریعہ پہنچی اور پھر اسی طرح ہوکر رہا۔اس کی صداقت کے اللہ تعالیٰ نے مجھے بہت سے نشان دکھائے تھے جنہوں نے مجھے کامل یقین دلایا کہ وہ خدا کی طرف سے آیا ہے۔میں ان نشانات میں جو مجھ پر اس کی سچائی کے ظاہر ہوئے۔ایک تمہیں سناتا ہوں۔میں ان دنوں جموں میں ملازم تھا۔میرا ایک داماد عبدالواحد غزنوی ہے میں مولوی عبداللہ غزنوی کا مرید نہیں مگر مجھے ان سے بہت محبت تھی اسی محبت کی وجہ سے میں نے ان کے ایک لڑکے کو اپنی ایک لڑکی بیاہ دی۔وہ ہمارے پاس رہتا تھا اور پڑھتا تھا۔ایک اور شخص تھا جس نے فلسفہ پڑھ لیا تھا اور طب پڑھتا تھا وہ شخص اب بھی زندہ ہے۔قدرت الٰہی کا عجیب نقشہ ہوتا ہے۔ایک دن اس نے پوچھا کہ عبدالحق غزنوی کیسا ہے؟ میں نے کہا کہ نیک آدمی ہے۔پھر اس نے پوچھا کہ کیا وہ مفتری ہے؟ میں نے کہا میں اسے مفتری نہیں سمجھتا۔(یہ حسن ظن کا نتیجہ ہے جو حضرت کی فطرت میں ہے۔ایڈیٹر) تب اس نے کہا کہ عبدالرحمن لکھوکے کے متعلق کیا خیال ہے؟ میں نے کہا کہ وہ بھی مفتری نہیں۔اس پر اس نے کہا کہ مرزا، عبدالحق، عبدالرحمن جب مفتری نہیں تو پھر یہ کیا بات ہے کہ خدا تعالیٰ کسی کے کان میں کچھ کہتا ہے اور کسی کے کان میں کچھ؟ میں تو ایسے خدا کا قائل نہیں ہوسکتا۔اس کی یہ بات سن کر میرے دل کو بہت دکھ ہوا کہ اس نے ہمارے ڈیرے میں رہ کر اور ہمارا شاگرد ہوکر ایسا بے ادبی کا کلمہ بولا۔میرا دل گھبرایا اور میں اٹھ کر اند رچلا گیا اور اسی حالت میں معاً مجھے غیر طبعی نیند آئی اور اس میں مجھے بتلایا گیا کہ مرزا صاحب پر اعتراض کیا ہے؟ یہ کہ انہوں نے قادیان کو دمشق کہا ہے۔اس وقت اس امر پر اعتراض تھا۔اس کے جواب میں مجھے اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ آج ہم نے سب کو مجاز بولنے پر مجبور کردیا ہے۔اس کے بعد میں بیدار ہوگیا۔طبیعت کی کوفت جاتی رہی اور میں باہر چلاآیا اور آکر کہا کہ آج مجھے یہ الہام ہوا ہے اور ان لوگوں سے کہا کہ اعتراض تو مجاز کا ہے افترا کا نہیں۔اللہ تعالیٰ نے مجھے خبر دی ہے کہ آج ان سب کو ہم نے استعارہ پر مجبور کردیا ہے۔میرے ساتھ ان لوگوں کی خط و کتابت نہیں۔اللہ تعالیٰ جس طرح پرچاہے گا اس حقیقت کو کھولے گا۔کچھ دن گزرے عبدالحق غزنوی کا خط میرے نام آیا۔اس سے پہلے کبھی اس کا کوئی خط میرے
نام نہیں آیا تھا۔میں نے اسے دیکھ کر عبدالواحد اور اس فلسفی کو کہا کہ آج یہ پہلا خط ہے اور یہ میرے الہام کی تصدیق کرتا ہے، اسے تم آپ کھولو۔انہوں نے کھولا اور پڑھا تو اس میں لکھا تھا خربت خیبر ای قادیان۔یہ اس نے اپنا الہام لکھا جس میں قادیان کا نام خیبر رکھا گیا ہے۔میں نے کہا۔جب یہ قادیان کو خیبر کہتا ہے تو دمشق کہنے میںکیا حرج ہے۔عبدالواحد نے فوراً لکھ دیا کہ یہ خر دماغ ہے۔میں نے کہا کہ نہیں۔تم اس کا ادب کرو۔وہ جانتا تھا کہ عبدالرحمن لکھو کے والے محتاط ہیں وہ اگر خط لکھیں گے تو سوچ کر لکھیں گے۔مگر اللہ تعالیٰ بڑی طاقت ہے۔اس کا بھی دوسری تیسری ڈاک میں خط آگیا۔انہوں نے مجھے لکھا کہ ہم تمہیں اچھا سنتے تھے مرزا صاحب کے ساتھ تمہارے تعلق سے رنج ہوا۔ہم نے اللہ سے توجہ کی کہ اس معاملہ کو صاف کردے۔اس پر جو الہام ہمیں ہوئے ہیں وہ بلاکم و کاست نیچے لکھ دئیے ہیں۔پھر نیچے وہ الہامات لکھے تھے ان میں سے ایک یہ تھا۔ما سمعنا ھٰذا فی ملۃ الآخرۃ۔یہ کفار کا قول ہے جو انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلہ میں آپ کی تعلیم کے متعلق کہا اور اعتراض کیا۔پھر خود ہی ان کو دبدھا پڑی کہ یہ تو ہمیں ابوجہل بتاتا ہے۔ہو نہ ہو اس میں استعارہ ہے اس لئے اس کے معنے بتائے۔ای الملۃ المحمدیۃ۔میں نے عبدالواحد سے کہا۔اب بتائو تیرہ سو برس میں یہ معنے کسی نے نہیں کئے۔اس پر اس نے کہا کہ آپ تو معذور ہیں۔اس واقعہ سے وہ شخص جس نے کہا تھا کہ میں ایسے خدا کا قائل نہیں بول اٹھا کہ میں تو خد اتعالیٰ کا قائل ہوگیا۔مجھے اس سے بڑی خوشی ہے۔وہ شخص اب بھی ہماری جماعت میں ہے اور ایک مخلص دوست ہے۔غرض خدا تعالیٰ نے مجھے بہت سے نشانات دکھائے ہیں اور تم سب اس راستباز کی صداقت کا نشان ہوئے۔پس مولوی صاحب نے تحریک کی کہ میں یہاں نماز پڑھوں۔میں اپنے اخلاص کو دیکھتا تھا کہ مخلصانہ وقت میسر آجاوے تو میں آئوں گا۔پس خدا تعالیٰ نے مجھے وہ اس وقت دیا اور میں یہاں آیا ہوں۔میں نے اس مسجد کی اینٹ رکھی تھی۔اس وقت بھی میرے دل میں اسس بنیانہ سے التقویٰ ہی
مدنظر تھا اور یہی میری دعا تھی اور قرآن مجید کی یہ آیتیں میرے سامنے تھیں۔(التوبۃ:۱۰۷تا۱۰۹)۔حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک عیسائی ابو عامر تھا اس نے ایک مسجد بنائی تھی۔عیسائی قومیں بڑی ہوشیار ہوتی ہیں۔اس نے دل میں دیکھ لیا کہ ایک مسجد بنائو اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کرو کہ بعض اوقات ندی نالے چڑھ جاتے ہیں اور غرباء و ضعفاء آپ کی مسجد میں نہیں آسکتے اس لئے ان کے لئے ایک مسجد بناتے ہیں۔حضور بطور تبرک ایک وقت کی نماز اس میں پڑھ لیں۔جب آپ نماز پڑھ لیں گے تو یہ مسجد متبرک ہوجائے گی اور مسلمانوں کی نگاہ میں معزز ہوگی۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے وعدہ بھی کرلیا مگر اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنی وحی کے ذریعہ آگاہ کردیا کہ ان کی غرض و غایت کیا ہے اور آپ پر وحی ہوئی یعنی اس مسجد کے بنانے والوں کا منشاء دکھ دینے اور کفر کا ہے اور مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنا مقصود ہے اور یہ غرض ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جن لوگوں نے جنگ کی ہے ان کے لئے کمین گاہ بنادیں اور یہ قسمیں کھا کھا کر کہتے ہیں کہ ہمارا مقصود نیکی ہے اور ہم حسنیٰ چاہتے ہیں مگر یاد رکھو۔میں نے بھی اس مسجد کی اینٹ رکھی ہے اور میرے وہی پیارے نے بھی رکھی ہے۔میرے دل میں تقویٰ تھا۔میں نے ضرر کے لئے نہیں رکھی اور کسی شریر کے آئندہ جانشین ہونے کے لئے نہیں رکھی یہ پتا پیچھے ملے گا۔میری غرض تقویٰ ہے۔اگراس غرض کے لئے نہ ہوتی تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ً اس مسجد ضرار میںکبھی کبھی بھی کھڑا نہ ہو
مگر تم دیکھتے ہو کہ میں اس مقام پر کھڑا ہوں۔اس لئے کہ میں نے کسی کپٹ اور لحاظ کے لئے اینٹ نہیں رکھی۔اگر ایسا ہوتا تو میں نہ اینٹ رکھتا اور نہ یہاں کھڑا ہوتا۔میں نے پہلے دن تقویٰ پر اس کی اینٹ رکھی ہے اور اب اسی سنت کو پورا کرنے کے لئے یہاں آیا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اس مسجدمیں کون ہوں گے؟وہ مرد ہوں گے جن کو ضرورت ہے اور جو پسند کرتے ہیں کہ وہ مقدس ہوں اور خدا تعالیٰ مقدسین ہی کی جماعت کو پسند کرتا ہے۔تم میں سے جو سچے دل سے چاہے گا کہ وہ مطہر اور پاکیزہ بن جاوے اللہ تعالیٰ اسے ضرور پاکیزہ بنادے گا۔یاد رکھو جس مسجد کی بنا تقویٰ پر رکھی گئی ہے ، اللہ تعالیٰ کی رضا مندی پر رکھی ہے وہ بڑی پکی مسجد ہے مگر جس کی بنا کھائی کے کنارے ہو وہ گرے گی اور بنانے والے کو ہی ساتھ لے جائے گی۔پس میں اللہ تعالیٰ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے اس کی بناء اللہ کی رضا کے لئے رکھی ہے اور تقویٰ پر رکھی ہے۔وہ غریب نواز ہے۔مجھ پر اس کے بڑے بڑے کرم ہیں۔وہ مجھے ایسی جگہ کھڑا نہیں کرے گا جو اس کی رضا کا مقام نہ ہو۔میری دعا ہے کہ اس مسجد کی بنا تقویٰ پر ہو۔تیرے محبوب ، پیارے تیرے دین کے خادم عمل کرنے والے قرآن کے خادم ہوں۔آمد ورفت کرنے والو ں میں تقویٰ کوٹ کوٹ کر بھری ہو اور جانشینوں میں بھی تقوی اللہ ہو۔میں اب بھی کرب سے دعا کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں کرب سے دعا کرنے والوں کی سنتا ہوں۔میں یہ اللہ تعالیٰ کا فضل سمجھتا ہوں ہاں اسی کا فضل ہے کہ اس نے مجھے جو کرب دیا جو دعا کی قبولیت کا ذریعہ ہوتا ہے اور میں اپنے آپ کو اور تمہیں خوش وقت سمجھتا ہوں۔یاد رکھو ہماری نسبت اور ہمارے کاموں کی نسبت لوگ کیا کیا منصوبے کرتے ہیں کرنے دو۔میں خدا کے فضل سے یقین رکھتا ہوں کہ میری چٹان سے جو سر مارے گا اس کا سر ٹوٹ جاوے گا۔اب میں خدا تعالیٰ کے پاک لوگوں کا نام تبرکاً سناتا ہوں۔ان میں سے ایک نوح تھے۔اللہ تعالیٰ نے نوح اور اس کے ساتھ والوں کی دعا کو سنا اور انہیں کرب عظیم سے نجات دی اور ان کے مکذبین پر انہیں نصرت دی اور بالآخر ان کے مخالفوں کو غرق کردیا۔یہ ایک راستباز اور اس کے ساتھ والوں اور
ان کے مخالفین کے انجام کی نظیرہے۔اس طرح پر حسب معمول حضرت نے قرآن مجید کے اس رکوع کا درس دیا۔حضرت سلیمان اور دائود علیہما السلام کا واقعہ بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے ایک کھب کے معاملہ میں فیصلہ کیا۔حضرت سلیمان کو اس کے متعلق سمجھ آگئی۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض اوقات اللہ تعالیٰ چھوٹوں کو ایک بات سمجھا دیتا ہے۔دائود علیہ السلام کی زرہ کے ذکر پر فرمایا۔دیکھو میں تمہیں اس زرہ کا پتا دیتا ہوں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنائی ہے جو ہر مصیبت کے وقت اور ہر دکھ کے وقت ہمیں محفوظ رکھتی ہے۔وہ زرہ اسلام ہے۔ہاں وہ میرے ہاتھ میں ہے۔وہ یہ قرآن کریم ہے۔میرا یقین ہے مجھے کامل تسلی ہے کوئی کتاب اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔کوئی باطل پرست اس کتاب کے فہم والے کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔خدا تعالیٰ نے مجھ سے وعدہ کیاہے کہ اگر قرآن کریم کا منکر تجھ پر اعتراض کرے گا تو ہم اسی وقت اس کا جواب سمجھا دیں گے۔میں نے اپنی زندگی میں بارہا اس کا تجربہ کیا ہے۔اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ تقویٰ کے مقام پر کھڑا ہوکر میں نے افترا نہیں کیا۔رکوع ختم کرنے کے بعد آپ نے فرمایا: پھر میں تمہیں کہتا ہوں کہ خدا سے میرے لئے بھی دعا کرو اس مسجد کو متقیوں کی مسجد بنادے۔اس میں نماز پڑھنے والوں کو مطہر بنادے۔جو لوگ اس کے مہتمم ہیں ان کی غلطیوں کی اصلاح کرے اور ان کی صحیح باتوں کو ترقی دے اور صدموں سے محفوظ رکھے۔آمین اس کے بعد آپ نے بہت لمبی دعا کی۔اللہ تعالیٰ اس دعا کو ہمارے حق میں قبول فرماوے۔آمین (الحکم۔۱۴، ۲۱، ۲۸ ؍ اپریل ۱۹۱۰۔صفحہ ۱۳ تا ۱۶) ٭ … ٭ … ٭